Category: عالمی خبریں

International News عالمی خبریں

دنیا بھر سے اہم خبریں اردو زبان میں پڑھنے کے لئے یہاں کلک کریں

  • سعودی عرب: سگریٹ نوشی کرنے والے خبردار! کیا سزا ملے گی ؟

    سعودی عرب: سگریٹ نوشی کرنے والے خبردار! کیا سزا ملے گی ؟

    دبئی: سعودی عرب کی وزارت بلدیات اور ہاؤسنگ نے کھانے کے شعبے میں صحت اور حفاظت کے معیار کو سخت کرنے کے مقصد کے تحت نئے جرمانوں کا اعلان کیا ہے، جس میں فوڈ آؤٹ لیٹس میں سگریٹ نوشی پر 5,000 ریال کا جرمانہ بھی شامل ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق غیر صحت بخش طریقوں، دھوکہ دہی پر مبنی فروخت، اور فوڈ سیفٹی کے قوانین کی عدم تعمیل پر سخت اقدامات حفظان صحت اور صارفین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے اُٹھائے گئے ہیں۔

    کھانے کی تیاری کے جگہوں میں کارکنوں کو چہرے کے ماسک نہ پہننے پر 1,000 SR اور سر نہ ڈھانپنے پر 1,000 SR جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا، غیر مجاز علاقوں میں سگریٹ نوشی پر 5000 ریال کا سب سے زیادہ جرمانہ ہوگا۔

    فوڈ ڈیلیوری ورکرز جو سرکاری کمپنی کی وردی نہیں پہنیں گے ان ان پر 500 ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

    وہ کاروبار جو صارفین کو فروزن فروٹ جوس پیش کرتے ہیں اور یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ تازہ تیار کیے گئے ہیں انہیں 1000 ریال کے جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    کھانے کے اداروں میں کام کرنے والے ورکرز، جو ناک اور منہ کو چھوتے ہوئے یا تھوکتے ہوئے پکڑے گئے، انہیں 2000 ریال تک جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    سعودی عرب: مکہ اور مدینہ سے منشیات فروش غیر ملکی و شہری گرفتار

    وزارت نے زور دیا کہ ان اقدامات کا مقصد صحت عامہ کی حفاظت، صارفین کی حفاظت اور خوراک کی فراہمی کے سلسلے میں شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔ فوڈ اداروں اور ڈیلیوری کمپنیوں سے کہا گیا کہ وہ جرمانے سے بچنے کے لیے ضوابط کی مکمل تعمیل کریں۔

  • ایران اور چین عالمی نظام بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ایرانی سپریم لیڈر

    ایران اور چین عالمی نظام بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ایرانی سپریم لیڈر

    تہران(یکم ستمبر 2025): ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایران اور چین عالمی نظام بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے دورہ چین کے موقع پر ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے چینی زبان میں سوشل میڈیا پر ایک پیغام جاری کیا ہے۔

    ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ ایران اور چین، دونوں قدیم تہذیبی پس منظر رکھنے والے ممالک ہیں جو ایشیا کے دو سروں پر واقع ہیں، انہوں نے ایران اور چین کے درمیان اسٹریٹجک معاہدے کو عملی شکل دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

    ایران کے رہبر انقلاب نے اپنے بیان میں کہا کہ دونوں ملک خطے اور دنیا میں تبدیلی لانے کی طاقت رکھتے ہیں، ایران۔چین اسٹریٹجک معاہدے کے تمام پہلوؤں کو عملی جامہ پہنانا اس راستے کو ہموار کرے گا۔

    ایرانی وزارت امور خارجہ کا چینی میڈیا کو انٹرویو

    اس سے قبل ایرانی وزارت امور خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے چینی خبر رساں ایجنسی شینہوا کے ساتھ گفتگو میں ایران و چین تعلقات، بیجنگ میں منعقدہ شنگھائی اجلاس اور اس بین الاقوامی تقریب میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان کی شرکت پر روشنی ڈالی تھی۔

    ترجمان وزارت امور خارجہ نے اس انٹرویو میں شنگھائی تعاون تنظیم کو ایک ابھرتا ہوا بین الاقوامی گروہ قرار دیا اور کہا تھا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے رہنماؤں کے اہداف عالمی سطح پر قانون کی حاکمیت اور مشترکہ اقدار پر استوار ہیں۔

    ترجمان اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ ایران اور چین کے رہنماؤں کا عزم ہے کہ دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت دی جائے۔ دونوں ملکوں کا 25 سالہ معاہدہ نافذالعمل ہے اور ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے۔

    انہوں نے دہشت گردی کو شنگھائی تعاون تنظیم کے تمام اراکین کے لیے ایک مشترکہ خطرہ قرار دیا اور کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم جنوبی ممالک کے درمیان تعاون کے لیے ایک نہایت مؤثر فریم ورک ثابت ہوسکتی ہے۔

    بقائی نے صدر مسعود پزشکیان کے بیجنگ کے دورے کو دوطرفہ تعلقات کی ترقی اور شنگھائی تعاون تنظیم میں ایران کے مقام و مؤقف کو مستحکم کرنے میں ایک سنگ میل قرار دیا تھا۔

  • غزہ میں اسرائیلی بمباری، صحافی اسلام موحارب عابد شہید

    غزہ میں اسرائیلی بمباری، صحافی اسلام موحارب عابد شہید

    غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے قتل و غارت گری کا سلسلہ جاری ہے، اسرائیلی وحشی پن کے نتیجے میں ایک اور فلسطینی صحافی اسلام موحارب عابد شہید ہوگئیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز القدس الیوم سیٹلائٹ چینل سے وابستہ خاتون صحافی اسلام موحارب عابد اسرائیلی بمباری میں جام شہادت نوش کرگئیں۔

    میڈیا آفس نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل منظم انداز میں صحافیوں کو نشانہ بنا رہا ہے تاکہ اسرائیلی بربریت کی داستان دنیا کے سامنے بے نقاب نہ ہوسکے۔

    بیان میں عالمی صحافتی تنظیموں اور فیڈریشنز سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ غزہ میں صحافیوں پر ہونے والے جرائم کے خلاف آواز بلند کریں۔

    دوسری جانب اسپین کے شہر بارسلونا کی بندرگاہ سے غزہ متاثرین کی امداد کے لیے کشتیوں پر مشتمل فلوٹیلا روانہ ہوگیا۔

    ان امدادی کشتیوں کا ہدف 7 سے 8 دنوں میں غزہ تک امداد پہنچانا ہے، سمندری راستے سے غزہ تک امدادی سامان پہنچانے کی یہ سب سے بڑی اور تیسری کوشش ہے۔

    غزہ کی طرف روانہ ہونے والے فلوٹیلا میں درجنوں کشتیوں پر مشتمل ہے اور اس میں دنیا کے مختلف ممالک سے انسانی حقوق کے کارکنان شامل ہیں۔

    مسجد اقصیٰ میں اسرائیل کی خفیہ کھدائی کی ویڈیو لیک

    جس میں سوئیڈن سے تعلق رکھنے والی مشہور ماحولیاتی کارکن گریتا تھنبرگ ایک مرتبہ پھر غزہ جانے والے جہاز میں دیگر انسانی حقوق کے رہنماؤں کے ساتھ شامل ہوگئی ہیں۔

    بارسلونا کی بندرگاہ پر غزہ جانے والی کشتیوں کو روانہ کرنے کے لیے ہزاروں افراد جمع ہوئے، جن میں سے اکثر کے ہاتھوں میں فلسطینی پرچم تھا اور وہ‘فری فلسطین’اور‘یہ جنگ نہیں بلکہ نسل کشی ہے’کے نعرے لگا دیے۔

  • صدر شی جن پنگ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے ترقیاتی بینک کے قیام کی تجویز دے دی

    صدر شی جن پنگ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے ترقیاتی بینک کے قیام کی تجویز دے دی

    تیانجن (01 ستمبر 2025): چین کے صدر شی جن پنگ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے ترقیاتی بینک کے قیام کی تجویز دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کا 25 واں سربراہان مملکت کا اجلاس چین کے شہر تیانجن میں جاری ہے، وزیر اعظم شہباز شریف بھی اجلاس میں شریک ہیں۔

    چین کے صدر شی جن پنگ نے ایس سی او سربراہان مملکت کونسل اجلاس سے خطاب میں کہا یہ تنظیم باہمی اعتماد اور باہمی مفاد کے اصولوں کے تحت آگے بڑھ رہی ہے، وقت گزرنے کے ساتھ یہ تنظیم تناور درخت بن چکی ہے، ایس سی او ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی بہت گنجائش موجود ہے۔

    شی جن پنگ نے کہا رکن ملکوں کو تجارت اور معیشت کے شعبوں دستیاب مواقع سے استفادہ کرنا ہوگا، وسائل میں اضافے کے لیے استعداد کار میں اضافہ ضروری ہے، ایس سی او ملکوں کے درمیان سائنس اور ٹیکنالوجی میں تعاون وقت کی ضرورت ہے۔

    صدر شی جن پنگ نے ایس سی او ترقیاتی بینک کے قیام کی تجویز بھی دی، اور کہا ترقیاتی بینک قائم کرنے کی اشد ضرورت ہے، ایس سی او کے اہداف حاصل کرنے کے لیے فوری فیصلہ سازی اور انفراسٹرکچر کے قیام کی ضرورت ہے۔

    چینی صدر کا کہنا تھا کہ مشترکہ خوش حال مستقبل کے لیے تجارتی اور مواصلاتی روابط بڑھانا ہوں گے، چین رکن ملکوں کی سماجی اور معاشی ترقی میں کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے، اپنے عوام کی خوش حالی اور ترقی کے لیے ایس سی او ملکوں کو عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔

    انھوں نے کہا ایس سی او ممالک کے درمیان بارڈر ٹریڈنگ کے پرانے تجارتی نظام کو فروغ دینے کی کوشش کریں گے، اقوام متحدہ منشور کی ہدایات میں دنیا بھر میں قائم کثیر الجہتی تجارتی نظام کے فروغ کی ضرورت ہے، اور برابری کی بنیاد پر کثیرالجہتی کاروباری اور سماجی نظام کو تقویت دینے کی ضرورت ہے، دنیا میں ایسا کثیر الجہتی نظام ہو جہاں تمام اقوام برابری کی بنیاد پر فائدہ حاصل کر سکے، اس لیے عالمی حکومتی نظام کو انصاف کی بنیاد پر بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

  • افغانستان میں زلزلہ، 800 افراد جاں بحق

    افغانستان میں زلزلہ، 800 افراد جاں بحق

    کابل (01 ستمبر 2025): افغانستان میں زلزلے سے 800 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب شمالی افغانستان میں 6 شدت کا خوف ناک زلزلہ آیا ہے، جس کے نتیجے میں آٹھ سو افراد جاں بحق اور ترجمان افغان وزارت داخلہ کے مطابق 2500 سے زائد شہری زخمی ہیں۔

    امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز صوبہ ننگرہار کے شہر جلال آباد کے قریب تھا اور اس کی گہرائی 8 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے 20 منٹ بعد ہی 4.5 شدت کا ایک اور جھٹکا محسوس کیا گیا، جس کی گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔

    ترجمان افغان طالبان ذبیح اللّٰہ مجاہد نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ آج رات آنے والے زلزلے کے باعث جانی و مالی نقصان ہوا ہے، مقامی حکام اور امدادی ٹیمیں اور علاقہ مکین متاثرہ افراد کے ساتھ امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، جو متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور بحالی کے کاموں میں حصہ لے رہی ہیں۔

    پنجاب اور خیبرپختونخوا میں زلزلے کے شدید جھٹکے

    زلزلے کے بعد افغان طالبان نے بین الاقوامی امدادی تنظیموں سے امدادی کارروائیوں میں مدد کی اپیل کی ہے۔ بی بی سی کے مطابق زلزلے سے متاثرہ صوبہ کنڑ میں سینکڑوں افراد کے جاں بحق ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ہیلی کاپٹروں کے ذریعے لاشوں کو منتقل کرنے کے ذمہ دار ایک طالبان عہدیدار کا کہنا تھا کہ ایک گاؤں میں 21 افراد جاں بحق اور 35 زخمی ہوئے۔

    خیال رہے کہ زلزلے سے متاثرہ علاقے دور دراز ہیں اور ان تک پہنچنا مشکل ہے، کچھ علاقوں میں موبائل نیٹ ورک کام نہیں کر رہے جب کہ دیگر علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے باعث رابطہ سڑکیں منقطع ہیں۔

    یاد رہے کہ 2022 میں مشرقی افغانستان میں 5.9 شدت کے زلزلے سے کم از کم ایک ہزار افراد جاں بحق اور 3 ہزار زخمی ہوئے تھے، یہ دو دہائیوں کے دوران ملک میں آنے والا سب سے بدترین زلزلہ تھا۔

  • غزہ متاثرین کی امداد کے لیے امدادی قافلہ اسپین سے روانہ

    غزہ متاثرین کی امداد کے لیے امدادی قافلہ اسپین سے روانہ

    بارسلونا : اسپین کے شہر بارسلونا کی بندرگاہ سے غزہ متاثرین کی امداد کے لیے کشتیوں پر مشتمل فلوٹیلا روانہ ہوگیا۔

    ان امدادی کشتیوں کا ہدف 7 سے 8 دنوں میں غزہ تک امداد پہنچانا ہے، سمندری راستے سے غزہ تک امدادی سامان پہنچانے کی یہ سب سے بڑی اور تیسری کوشش ہے۔

    غزہ کی طرف روانہ ہونے والے فلوٹیلا میں درجنوں کشتیوں پر مشتمل ہے اور اس میں دنیا کے مختلف ممالک سے انسانی حقوق کے کارکنان شامل ہیں۔

    gaza

    جس میں سوئیڈن سے تعلق رکھنے والی مشہور ماحولیاتی کارکن گریتا تھنبرگ ایک مرتبہ پھر غزہ جانے والے جہاز میں دیگر انسانی حقوق کے رہنماؤں کے ساتھ شامل ہوگئی ہیں۔

    بارسلونا کی بندرگاہ پر غزہ جانے والی کشتیوں کو روانہ کرنے کے لیے ہزاروں افراد جمع ہوئے، جن میں سے اکثر کے ہاتھوں میں فلسطینی پرچم تھا اور وہ ‘فری فلسطین’ اور ‘یہ جنگ نہیں بلکہ نسل کشی ہے’ کے نعرے لگا دیے۔

    الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق برازیل سے تعلق رکھنے والے انسانی حقوق کے کارکن اور فلوٹیلا کی انتظامیہ کے رکن تھیاگو ایویلا نے بتایا کہ ہم ہیروز نہیں ہیں، ہم کہانی نہیں ہیں بلکہ غزہ کے لوگ اسٹوری ہیں۔

    spain

    اس مہم میں ارجنٹینا، برازیل، جرمنی، ملائیشیا، میکسیکو، پولینڈ اور امریکا سمیت دنیا کے مختلف ممالک کے افراد شامل ہیں۔

    یاد رہے کہ سویڈش کارکن گریتا تھنبرگ اس سے قبل جون میں غزہ جانے کی کوشش کے دوران اپنے درجنوں ساتھیوں سمیت گرفتار ہوئی تھیں اور غزہ پہنچنے میں کامیاب نہیں ہو پائی تھیں، اسرائیل فوج نے ان کے امدادی جہاز کو قبضے میں لیا تھا۔

  • کبوتر کیمرہ : پیغام رسانی سے خفیہ جاسوسی کی حیران کن داستان

    کبوتر کیمرہ : پیغام رسانی سے خفیہ جاسوسی کی حیران کن داستان

    ماضی میں اپنے پیغامات، خطوط بھیجنے اور جاسوسی کے لیے کبوتر کو باقاعدہ خصوصی تربیت دے کر استعمال کیا جاتا تھا جو کافی حد تک کامیاب طریقہ کار بھی تھا۔

    ایسے کبوتر دور دراز علاقوں تک اڑان بھر کر پیغام پہنچانے کا کام کرتے تھے، انہیں صرف گھروں میں پیغام پہنچانے کے لیے ہی نہیں بلکہ میدان جنگ میں پیغام رسانی کے لیے بھی استعمال کیا جاتا تھا۔

    عام پرندوں کو گھر کا پتہ سمجھ میں نہیں آتا لیکن کبوتروں میں ایک قدرتی صلاحیت ہوتی ہے جسے گھر واپسی کی جبلت اور انگریزی میں ہومنگ انسٹنکٹ کہا جاتا ہے۔

    جس کے ذریعے وہ اپنی آبائی جگہ کو پہچاننے اور وہاں واپس پہنچنے میں مہارت رکھتے ہیں، چاہے انہیں کتنی ہی دور کیوں نہ لے جایا جائے۔

    اس صلاحیت کا تعلق ان کے اندر موجود مخصوص مقناطیسی حس سے ہے، جس کی بدولت وہ زمین کے مقناطیسی میدان کو محسوس کرکے سمت کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔

    واشنگٹن ڈی سی کے انٹرنیشنل اسپائی میوزیم میں دنیا بھر کے جاسوسی آلات کا سب سے بڑا عوامی ذخیرہ موجود ہے۔

    اس میوزیم میں قلم کی شکل کے خفیہ آلات سے لے کر خصوصی گاڑیاں تک شامل ہیں، جو کئی ممالک اور دہائیوں پر محیط ہیں۔ مگر بالکل فلمی طرز پر، جیسا کہ ایم آئی سکس کی "کیو” لیبارٹری میں نظر آتا ہے، ان میں سے بعض چیزیں حیران کن اور کسی حد تک خوف پیدا کرنے والی بھی ہیں۔ ان ہی میں ایک کبوتر کیمرہ بھی ہے۔

    کبوتر سے پیغام رسانی کا آغاز تقریباَ تین ہزار سال قبل فراعین مصر کے دور میں ہوا، جس میں سلیمان بادشاہ نے 1010 قبل مسیح میں اس کا استعمال کیا۔

    مسلمانوں نے 567 ہجری میں نور الدین زنگی کے دور میں شام اور مصر میں کبوتروں کو تربیت دے کر پیغام رسانی کا باقاعدہ نظام بنایا اور 1150ء میں بغداد میں سلطان نے اس نظام کو مزید منظم کیا۔ یہ طریقہ کار ایشیا اور یورپ میں چنگیز خان کے ذریعے پھیلایا گیا اور فرانسیسی انقلاب میں بھی اس کا استعمال جاری رہا۔

    انسان نے جنگوں میں اکثر جانوروں کو اپنے مقصد کے لیے استعمال کیا۔ مثال کے طور پر ڈولفن اور سی لائینز کو بارودی سرنگیں ڈھونڈنے پر لگایا گیا، چمگادڑوں پر چھوٹے بم باندھے گئے اور ہاتھیوں کو ایک طرح کے "زندہ ٹینک” کے طور پر استعمال کیا گیا لیکن جاسوسی اور پیغام رسانی کے لیے پرندے سب سے زیادہ موزوں ثابت ہوئے، جن میں سب سے نمایاں نام کبوتر کا ہے جس کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

    کبوتر اپنی "ہومنگ انسٹنکٹ” یعنی گھر واپسی کی جبلّت کی وجہ سے قیمتی سمجھے جاتے ہیں۔ اسی لیے پہلی اور دوسری جنگِ عظیم میں ان کا استعمال پیغام رسانی کے لیے عام تھا، اور ان خدمات کے بدلے کئی کبوتروں کو میڈلز بھی دیے گئے (یقیناً یہ کہانیاں انہوں نے اپنے بچوں اور پوتوں کو سنائی ہوں گی)۔ اس جبلّت کی بدولت کبوتروں کو اس طرح چھوڑا جا سکتا تھا کہ وہ واپسی پر کسی اہم علاقے کے اوپر سے گزریں اور مطلوبہ معلومات حاصل ہوسکے۔

    سرد جنگ کے دوران سی آئی اے نے اس قدرتی صلاحیت کو مزید آگے بڑھانے کی کوشش کی۔ کبوتروں کے ساتھ ننھے کیمرے باندھے گئے تاکہ وہ قریبی فاصلے سے خفیہ تصاویر کھینچ سکیں۔

    چونکہ جہاز یا سیٹلائٹ زیادہ بلندی سے تصویریں لیتے تھے، اس لیے کبوتروں کے نیچے نصب کیمرے کی تصاویر زیادہ واضح اور کارآمد ہو سکتی تھیں۔ ان کیمروں میں یہ سہولت بھی تھی کہ یا تو فوری طور پر تصویر کشی شروع کر دیں یا یہ کام کسی طے شدہ وقت کے بعد کریں۔

    اسپائی میوزیم میں موجود کبوتر کیمرہ اصل نہیں بلکہ اس کی نقل ہے۔ اصل نمونہ سی آئی اے کے نجی میوزیم ورجینیا میں رکھا ہوا ہے۔ یہ کیمرہ پانچ سینٹی میٹر سے بھی کم چوڑا اور تقریباً 35 گرام وزنی تھا، جو اس دور کی ٹیکنالوجی کے لحاظ سے نہایت جدید سمجھا جاتا تھا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق سی آئی اے کا منصوبہ یہ تھا کہ ایسے کبوتروں کو ماسکو بھیجا جائے اور خفیہ طریقے سے انہیں چھوڑا جائے مثلاً کسی گاڑی کے فرش میں بنے سوراخ سے۔ تاہم، یہ بات آج تک معلوم نہیں ہو سکی کہ کبوتروں کو حقیقت میں کتنی بار اور کہاں کہاں استعمال کیا گیا۔

  • ٹرمپ کے بچپن جوانی اور بڑھاپے کی ویڈیو وائرل : دیکھنے والوں کو خوشگوار حیرت

    ٹرمپ کے بچپن جوانی اور بڑھاپے کی ویڈیو وائرل : دیکھنے والوں کو خوشگوار حیرت

    امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ان کی زندگی کے 78 سال پر محیط ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جسے دیکھ کر لوگ خوشگوار حیرت کا اظہار کر رہے ہیں۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے وہ اپنے بچپن اور جوانی کے ایام میں کیسے دکھتے تھے۔ اس اے آئی ویڈیو کو دیکھ کر خود امریکی صدر نے بھی پسندیدگی کا اظہار کیا۔

    donald

    صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اے آئی سے تیار کردہ یہ ویڈیو دوبارہ پوسٹ کی ہے جس میں وہ بچپن سے لے کر آج تک اپنی زندگی کے مختلف مراحل میں دکھائے گئے ہیں۔

    یہ ویڈیو جو پہلی بار "ٹرمپ کا ارتقاء” کے عنوان سے ایکس پر پوسٹ کی گئی تھی، اسے آرٹیفشل انٹیلی جینس (اے آئی) کی مدد سے تیار کیا گیا ہے۔

    مذکورہ ویڈیو صدر ٹرمپ کی ایک سے 78 سال کی عمر تک کی زندگی کے مختلف مراحل کی دلچسپ منظر کشی کرتی ہے۔ یہ ویڈیو 1946 سے 2025 تک کی ان کی زندگی کے مختلف مراحل پیش کر رہی ہے۔

    Trump VDO

    امریکی صدر کی پسندیدگی کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے کہ انہوں نے اس ویڈیو کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹروتھ سوشل پر دوبارہ پوسٹ کیا اور اس کے کیپشن میں لکھا کہ "یہ ناقابل یقین ہے۔ یہ کس نے کیا؟ صدر DJT

  • مسجد اقصیٰ میں اسرائیل کی خفیہ کھدائی کی ویڈیو لیک

    مسجد اقصیٰ میں اسرائیل کی خفیہ کھدائی کی ویڈیو لیک

    قبلہ اول مسجد اقصیٰ میں اسلامی نوادرات کو نقصان پہنچانے کی اسرائیلی خفیہ کارروائیوں کا انکشاف ہوا ہے۔

    فلسطینی اتھارٹی کی یروشلم گورنریٹ نے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیل خفیہ طور پر مسجد اقصیٰ میں اسلامی نوادرات کو تباہ کر رہا ہے۔

    لیک ہونے والی ویڈیوز میں اسرائیلی حکام کی جانب سے مسجد اقصیٰ کے احاطے میں غیر مجاز کھدائی اور مسماری کی کارروائیوں کا انکشاف ہوا ہے۔

    فلسطینی حکام نے کہا کہ یہ کارروائیاں جان بوجھ کر اموی دور سے تعلق رکھنے والے اسلامی نوادرات کو نشانہ بنانے کے لیے کی جارہی ہیں جو اس مقام پر مسلمانوں کے جائز دعوے کے زندہ گواہ اور ناقابل تردید ثبوت کے طور پر کھڑے ہیں۔

    انہوں نے اسلامی خلافت کی حکمرانی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جو 661 میں شروع ہوئی اور 750 میں ختم ہوئیں۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل مسجد اقصیٰ کی تاریخی شناخت کو ختم کرنے کے مقصد سے اسلامی آثار قدیمہ کو تباہ کر رہا ہے تاکہ اس جگہ پر مستقبل میں یہودی مندر کی تعمیر کے حق میں ہوں، یہ کھدائی کسی بھی بین الاقوامی نگرانی سے ہٹ کر کی جارہی ہے۔

    تنظیم نے اسے ایک "جرم اور بین الاقوامی قوانین اور نوادرات کے تحفظ کے معاہدوں کی کھلی خلاف ورزی” قرار دیا ہے۔

  • اسرائیلی آرمی چیف کی بیرونِ ملک حماس کی قیادت کو نشانہ بنانے کی دھمکی

    اسرائیلی آرمی چیف کی بیرونِ ملک حماس کی قیادت کو نشانہ بنانے کی دھمکی

    حوثیوں کے وزیراعظم اور القسام بریگیڈ کے ترجمان ابوعبیدہ کو نشانہ بنانے کے بعد اسرائیلی آرمی چیف نے بیرون ملک موجود حماس کی قیادت کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں دے دیں۔

    اسرائیلی فوج کے سربراہ ایال ضمیر نے اپنے اعلیٰ کمانڈروں کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لینے والی میٹنگ کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ فوج کو کسی بھی جگہ اپنے اہداف کو حیران کرنے اور ان تک پہنچنے کے لیے مزید حملے کرنے چاہئیں۔

    فوج کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ "غزہ شہر میں حماس کے خلاف لڑائی میں مسلسل شدت لانے کی تیاری کے لیے” اس ہفتے مزید بہت سے ریزرو فوجی جمع ہوں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ حماس کی زیادہ تر قیادت بیرون ملک ہے ہم ان تک بھی پہنچیں گے۔

    حماس کے ترجمان ابو عبیدہ، یمن، لبنان، شام اور دیگر علاقوں میں حملوں کو جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ یہ حملے ختم نہیں ہوں گے۔

    اسرائیل نے جولائی 2024 میں حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کو تہران میں شہید کیا تھا کہ جب کہ بیرون میں حماس کے مرکزی رہنماؤں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

    https://urdu.arynews.tv/hamas-spokesperson-abu-obeida-killed/

    العربیہ کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی ذرائع نے اتوار کو کہا ہے کہ حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ اسرائیلی حملے میں مارے گئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق اسرائیل نے ایک فلیٹ کو نشانہ بنایا جس میں ابو عبیدہ موجود تھے، اور اس فضائی حملے میں اپارٹمنٹ میں موجود تمام افراد شہید ہو گئے، فلسطینی ذریعے نے مزید کہا کہ ابو عبیدہ کے اہلِ خانہ اور القسام قیادت نے لاش کی شناخت کے بعد ان کی شہادت کی تصدیق کر دی ہے۔