Category: عالمی خبریں

International News عالمی خبریں

دنیا بھر سے اہم خبریں اردو زبان میں پڑھنے کے لئے یہاں کلک کریں

  • امریکہ:شدید برفباری اور دھند، نظام زندگی منجمد، پروازیں منسوخ

    امریکہ:شدید برفباری اور دھند، نظام زندگی منجمد، پروازیں منسوخ

    امریکہ کے مختلف شہروں میں شدید برفباری اور دھند سے نظام زندگی منجمد ہوکر رہ گئی، طوفان کے باعث مختلف امریکی ریاستوں میں تیرہ سو سے زائد پروازیں منسوخ یا معطل ہو گئیں، نیویارک میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

    امریکہ کے شمال مشرق اور وسط مغربی ریاستیں ان دنوں شدید برفباری، دھند اور طوفان باد و باراں کی لپیٹ میں ہیں، جسکی وجہ سے نظام زندگی منجمد ہوگئی جبکہ لوگ گھروں محصور ہوکررہ گئے۔

    مختلف ریاستوں میں طوفانی ہواؤں، برفباری کے باعث شکاگو، انڈیانا پولس، ڈیٹرائٹ اور کلیو لینڈ کی تیرہ سو سے زائد پروازیں منسوخ اور معطل ہوگئیں، پروازیں منسوخ اور معطل ہونے کی وجہ سے لاکھوں مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    نیویارک میں برفانی طوفان کے پیش نظر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، محکمہ موسمیات کے مطابق چار گھنٹے کے دوران امریکی ریاست میسا چوسٹس دس اعشاریہ دو، راک پورٹ میں نو،جارج ٹاؤن میں سات اعشاریہ پانچ ،بوسٹن میں چھ اعشاریہ سات، اور فاکس برو میں دو انچ برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔
       

  • اسنوڈن کے خلاف امریکہ نے کمر کس لی،جدید کمپیوٹر کی تیاری

    اسنوڈن کے خلاف امریکہ نے کمر کس لی،جدید کمپیوٹر کی تیاری

    امریکی سامراج کے کالے کرتوتوں کو دنیا کے سامنے لانے والے ایڈورڈ اسنوڈن سے نپٹنے کے لئے این ایس اے نے کمر کس لی، جدید ترین کمپیوٹر تیار کرکے دنیا کے کسی بھی کمپیوٹر میں موجود امریکی خفیہ رازوں کو کرپٹ کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا۔

    امریکی اخبار کا ایڈورڈ اسنوڈن کے حوالے سے کہنا ہے کہ اناسی عشاریہ سات ملین ڈالر کی خطیر رقم سے جاری پینیٹریٹنگ ہارڈ ٹارگیٹس نامی منصوبے کے تحت این ایس اے کوانٹم کمپیوٹر بنارہا ہے۔

    جس کے ذریعے امریکہ دنیا بھر کے کمپیوٹرز تک رسائی حاصل کر کے خفیہ رازوں کو کرپٹ کرسکے گا اور ساتھ ہی کوانٹم کمپیوٹر میڈیکل، بینک، تجارت اورحکومتی ریکارڈ کو محفوظ کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

    تاہم منصوبے کی تفصیلات منظر عام پر تاحال نہیں آسکیں ہیں، اطلاعات کے مطابق این ایس اے ابھی تک کامیابی سے کوسوں دور ہے۔
        
       

  • کابل: امریکی سینٹرز کی افغان صدر حامد کرزئی سے ملاقات

    کابل: امریکی سینٹرز کی افغان صدر حامد کرزئی سے ملاقات

    امریکی سینٹرز کے ایک وفد نے افغان صدرحامد کرزئی سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران سیکیورٹی معاہدے میں تاخیراور بگرام بیس میں قید خطرناک اٹھاسی قیدیوں کی رہائی پر تشویش کا اظہار کیا۔

    امریکی ریپبلکن سینڑز جان مکین اور لنڈسے گراہم نے کابل میں افغان صدر حامد کرزئی ملاقات کی، ملاقات میں افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا، سیکیورٹی معاہدے سمیت بگرام بیس کا کنٹرول افغان فورسز کے حوالے کرنے سمیت اٹھاسی خطرناک قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

    قیدیوں کی رہائی کے حوالے امریکی سینٹرز نے اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغان انتظامیہ جن قیدیوں رہائی کا مطالبہ کررہی ہے، ان کے حوالے سے ایسے شواہد موجود ہیں کہ وہ ساٹھ سے زائد اتحادی اور ستاون افغان فوج کے اہلکاروں کے قتل میں ملوث ہیں اور ان کی رہائی اتحادی اور افغان فوج کے لیے کسی خطرے کم نہ ہوگی۔

    علاوہ ازیں سینٹرز نے سیکیورٹی معاہدے پر بھی افغان صدر حامد کرزئی سے تفصیلی بات چیت کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ معاہدہ جلد طے پا جائے گا، یاد رہے کہ رواں سال مارچ میں امریکہ بگرام بیس کا کنٹرول افغان فورسز کے حوالے کردے گا۔
        
        
        
        

       

  • یروشلم: نیتن یاہو کی فسطینی قیدیوں کو ہیرو کا لقب دینے پر تنقید

    یروشلم: نیتن یاہو کی فسطینی قیدیوں کو ہیرو کا لقب دینے پر تنقید

    اسرائیلی وزیراعظم نے فلسطینی صدر پر فلسطینی قیدیوں کو ہیرو لقب کا دینے پر تنقید کی، امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا کہنا ہے کہ فلسطین میں قیام امن کے لیے پر امید ہیں۔

    اسرائیل کے وزیراعظم بنجمن نتین یاہو نے جان کیری سے ملاقات کے دوران رہا کئے جانے والے فلسطینی قیدیوں کو ہیرو لقب کا دینے پر صدر محمود عباس پر شدید تنقید کی۔

    فلسطین میں قیام امن کے لئے امریکی وزیر خارجہ اسرائیل کے دورے پر ہیں، جان کیری کا کہنا ہے کہ امن مذاکرات میں دشواری کا سامنا ہے تاہم ناممکن صورتحال نہیں قیام امن کے لئے پرامید ہیں

    جان کیری نیتن یاہو سے ملاقات کے بعد آج فلسطین میں صدرمحمود عباس سے ملاقات کریں گے، دونوں ممالک میں امن مذاکرات کے لئے جان کیری نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
       

  • سترہ ممالک کے پانچ کروڑ جنگ زدہ افراد امداد کے منتظر

    سترہ ممالک کے پانچ کروڑ جنگ زدہ افراد امداد کے منتظر

    اقوام متحدہ کے مطابق دنیا کے سترہ ممالک میں خانہ جنگی کے باعث پانچ کروڑ سے زائد افراد فوری ہنگامی امداد کے منتظر ہیں۔

    دنیا بھر میں انسانیت بحران کا شکار ہے، اقوام متحدہ کی ایمرجنسی ریلیف کوآرڈینیٹر ویلری اموس نے میڈیا پریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پچاس کروڑ سے زائد افراد کی فوری امداد کے بارہ ارب ڈالر سے زائد امداد درکار ہے۔

    آٹھ لاکھ افراد متاثرہ علاقوں سے نقل مکانی کرچکے ہیں، پانچ لاکھ سے زائد افراد فاقہ کشی پر مجبور ہیں، رواں سال شام ، جنوبی سوڈان اور وسط افریقی ممالک میں عوام سنگین صورتحال سے دوچار رہے۔

  • بیروت: لبنان میں کار بم دھماکا ، 7 افراد ہلاک ،66زخمی

    بیروت: لبنان میں کار بم دھماکا ، 7 افراد ہلاک ،66زخمی

    لبنان کے دارالحکومت بیروت میں کار بم دھماکے کے نتیجے میں سات افراد ہلاک اور چھیاسٹھ  زخمی ہوگئے ہیں، دھماکا حزب اللہ بیروت کے جنوبی علاقے میں ہوا، جو حزب اللہ ملیشیا کا مضبوط گڑھ سمجھا جاتا ہے۔

    دھماکے کے بعد علاقے میں دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دیے اور امدادی کارکنوں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو اسپتالوں میں منتقل کیا، ایک ہفتے کے دوران یہ بیروت میں دوسرا کار بم دھماکا ہے ، ستائیس دسمبر کو بیروت کے مرکزی علاقے میں ہونے والے کار بم دھماکے میں لبنان کے سابق وزیر محمد شاطع جاں بحق ہوگئے تھے۔

     

  • امریکی ریاست کیلی فورنیا میں سالانہ روز پریڈ روایتی جوش وخروش سے منائی گئی

    امریکی ریاست کیلی فورنیا میں سالانہ روز پریڈ روایتی جوش وخروش سے منائی گئی

    امریکی ریاست کیلی فورنیا میں سالانہ روز پریڈ روایتی جوش وخروش سے منائی گئی، نئے سال کی رنگینیوں میں اضافہ کرنے والی پریڈ میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کر کے چار چاند لگا دئیے۔

    امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ایک سو پچسیویں سالانہ روز پریڈ کا رنگا رنگ انعقاد کیاگیا جسمیں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔ نئے سال کی رخوشیوں میں اضافہ کرنے والی سالانہ روز پریڈ میں ہزاروں ٹن رنگا رنگ پھولوں اور پتیوں کا استعمال کیاگیا، پریڈ میں نایاب پھولوں سے مختلف اشکال کی چیزیں بناکر دیوہیکل فلوٹس تیار کئے گئے۔

    فلوٹس میں بیٹھی حسیناوں نے سب کے دل موہ لئے، پھولوں سے بنے دل فریب مجسمے اور جانور بھی پریڈ کا حصہ بنے اس پریڈ کا مقصد سال نو کا استقبال اور صحت مند سرگرمیوں میں شہریوں کو شامل کرنا ہے، اس سالانہ پریڈ کاانعقاد اٹھارہ سو نوے سے کیاجارہا ہے۔
       

  • قاہرہ:عبوری حکومت کیخلاف مظاہروں میں شدت،2 جاں بحق، متعدد زخمی

    قاہرہ:عبوری حکومت کیخلاف مظاہروں میں شدت،2 جاں بحق، متعدد زخمی

    مصر میں فوجی بغاوت کے بعد بننے والی عبوری حکومت کے خلاف کئی ماہ سے جاری مظاہرے شدت اختیارکرگئے، پولیس فائرنگ اور شیلنگ سے دو افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

    عبوری حکومت کیجانب سے اخوان المسلمون کو دہشت گرد قرار دینے کے جابرانہ اقدام کے بعد سے احتجاج میں تیزی آتی جارہی ہے، قاہرہ میں احتجاجی مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے فائرنگ اور شیلنگ کی۔

    جس پر پولیس اورمظاہرین میں جھڑپیں شروع ہوگئیں، جھڑپوں میں دو مزید افراد جان کی بازی ہار گئے، مصر میں نئے قوانین کے تحت کالعدم جماعت کے حق میں تحریری یازبانی تشہیری مہم چلانیوالے افراد کو قید وبند کی سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    منتخب حکومت کی بحالی کے لئے جولائی سے جاری مظاہروں میں اب تک ہزاروں افراد اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرچکے ہیں۔
        
       

  • سوڈان میں فوری امن قائم کرنے کے اقدامات شروع کئے جائیں

    سوڈان میں فوری امن قائم کرنے کے اقدامات شروع کئے جائیں

    سوڈان میں جاری بحران کے فوری مکمل حل کے لئے اقوام متحدہ نے دونوں دھڑوں پر زور دیا ہے کہ ملک میں فوری امن کے لئے اقدامات کریں.

    اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندے ایف جانسن نے کہا کہ ہم نے گزشتہ دو ہفتوں میں سوڈان میں تشدد کی خوفناک کاروائیوں میں قتل وغارت، ظلم اورانسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہورہی ہیں، اس جاری صورت کو ختم کرنے کے لئے دونوں دھڑوں پر منحصر ہے کہ وہ کس طرح بحران کوحل کرنے کے اقدامات کرتے ہیں۔

    اقوام متحدہ کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق سوڈان میں جاری تشدد کی لہر کی وجہ سے سترہزار سے زائد افراد اپنے گھروں کو چھوڑ کر ترک وطن ہو چکے ہیں جبکہ لاکھوں افراد اس بحران سے بے گھر ہوئے ہیں۔
       

  • موغادیشو: جزیرہ ہوٹل دہشت گردی کا نشانہ بنا ،11 ہلاک

    موغادیشو: جزیرہ ہوٹل دہشت گردی کا نشانہ بنا ،11 ہلاک

    صومالیہ کے جزیرہ ہوٹل کے باہر کار بم دھماکے اور فائرنگ میں گیارہ افراد مارے گئے متعدد زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق دارالحکومت موغا دیشو میں جزیرہ ہوٹل کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا، ہوٹل کے باہر ہونے والے یکے بعد دیگرے دو کار بم دھماکوں میں گیارہ افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ سترہ زخمی ہوئے۔

    زخمی ہونے والوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، حکام نے علاقے کو گھیرے میں لے کر امدادی کاروائیاں شروع کردی ہیں، کسی گروپ نے فوری طور پر دھماکے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔