Category: عالمی خبریں

International News عالمی خبریں

دنیا بھر سے اہم خبریں اردو زبان میں پڑھنے کے لئے یہاں کلک کریں

  • نئے سال کی آمد ،نیویارک ٹائمز اسکوائر پر نئے سال2014 کا استقبال

    نئے سال کی آمد ،نیویارک ٹائمز اسکوائر پر نئے سال2014 کا استقبال

    نئے سال کو خوش آمدید کہنے کے لئے دنیا بھر میں جشن منایا گیا، نیویارک کے ٹائمز اسکوائر میں لاکھوں افراد نے جمع ہوکر نئے دوہزار چودہ کا استقبال کیا، پوری دنیا میں شاندار آتشبازی نے رات میں بھی دن کا سماں باندھ دیا۔

    مختلف ملکوں میں گھڑی کی سوئیوں نے جیسے ہی بارہ کے ہندسے کو چھوا، سال دوہزار چودہ کا آغاز ہوگیا، لوگوں کے چہرے خوشی سے جگمگا اٹھے اور رنگ و نورکا سیلاب امڈ آیا، نیو یارک میں نئے سال کا استقبال روایتی طور پر ٹائمزاسکوائر میں الٹی گنتی سے شروع کیا گیا، جس کے بعد آتشبازی کا شاندار مظاہرہ ہوا، جسے دیکھنے کے لئے لاکھوں افراد جمع تھے۔

    دبئی میں آتش بازی کا نیا ریکارڈ بنا، جہاں برج خلیفہ سمیت پام جمیرا میں چھ منٹ کے دوران چار سو مقامات پر چار لاکھ فائر ورکس استعمال کئے گئے، سال نو کی تقریبات کا سب سے پہلے آغاز نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ کے اسکائے ٹاور پر شاندارآتشبازی سے شروع ہوا۔

    آسٹریلیا کے سڈنی ہاربر اور جرمنی کے شہربرلن میں دو ہزار چودہ کا استقبال اس اندازسے کیا گیا کہ آسمان پر رنگوں کی بہاریں تھیں، رنگارنگ تقریب اور آتش بازی کا دلکش مظاہرے نے دیکھنے والوں کو مسحور کردیا، جاپان میں نئے سال کی آمد پرگھنٹیاں بجائی گئیں اور دعائیہ تقریبات منقعد کی گئیں۔

    چین میں بھی لوگوں نے نئے سال کو نئی امنگوں کے ساتھ خوش آمدید کہا، ہانگ کانگ ، شنگھائی اور دیگر شہروں میں سال نو کی آمد پر آتش بازی کے خوبصورت مظاہرے کیے گئے، سال 2014 کا استقبال برطانیہ میں شاندار انداز میں کیا گیا، لندن کے بیگ بین نے جیسے ہی 12 بجائے، آسمان پر رنگ اور روشنیوں کا سیلاب امڈ آیا۔

    روس کے دارالحکومت ماسکو کے ریڈ اسکوائر پر بھی ہزاروں لوگ نئے سال کا جشن منانے اکٹھا ہوئے، یونان میں بھی شدید سردی کے باوجود شہریوں سال نو کا جشن بھرپور انداز میں منایا، ہانگ کانگ کے وکٹوریہ ہاربر پر ہونے والی آتش بازی کو دیکھنے کے لیے ہزاروں افراد جمع ہوئے جبکہ برازیل میں ریو ڈی جنیرو کے کوپا کبانا کے مشہور بیچ پر بیس لاکھ افراد نے نئے سال کو خوش آمدید کہا۔

  • اقوام متحدہ کے امن مشن سے وابستہ اہلکار جنوبی سوڈان پہنچ گئے

    اقوام متحدہ کے امن مشن سے وابستہ اہلکار جنوبی سوڈان پہنچ گئے

    قیام امن میں مدد دینے کیلئے اقوام متحدہ کے امن مشن سے وابستہ مزید اہلکار جنوبی سوڈان پہنچ گئے ہیں۔

    جنوبی سوڈان میں امن دستوں کی تعداد میں اضافہ کا فیصلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ملک میں جاری خونریزی تنازعے کے باعث کیا تھا، اس وقت جنوبی سوڈان میں موجود عالمی ادارے کے امن فوجیوں کی تعداد قریب سات ہزار ہے، جن کی تعداد بڑھا کر بارہ ہزار تک لائی جائیگی۔

    اس کے علاوہ ڈیڑھ ہزار ایسے سویلین پولیس اہلکار بھی تعینات کیے جائیں گے، جو امن دستوں کی معاونت کا کام کریں گے، جوبا میں اقوام متحدہ کے مرکز کے حکام کے مطابق پندرہ دسمبر سے جاری لڑائی کے دوران ایک لاکھ سے زائد شہری نقل مکانی پر مجبور ہوچکے ہیں جبکہ تقریبا دو ہفتوں کے دوران مارے گئے افراد کی تعداد ایک ہزار سے زائد ہوچکی ہیں۔

  • جنوبی سوڈان:جاری نسل کشی تھمنے کے امکان پیدا ہوگئے

    جنوبی سوڈان:جاری نسل کشی تھمنے کے امکان پیدا ہوگئے

    جنوبی سوڈان میں جاری نسل کشی تھمنے کے امکان پیدا ہوگئے، حکومت اور باغیوں کے درمیان امن مذاکرات کل ایتھوپیا میں ہوں گے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افریقن ملکی ایتھوپیا کی جانب سے کی جانے والی ثالثی کی پیشکش کو دونوں متحارب گروہوں نے قبول کر لیا ہے۔ جنوبی سوڈان کے باغی رہنما اور سابق نائب صدر ریک مچار نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک اعلیٰ سطحی وفد کو ایتھوپیا بھیج رہے ہیں، جو امن بات چیت کرے گا۔

    اس سے پہلے ایتھوپیا کی حکومت کی جانب سے کہا گیا تھا کہ سلواکیر اور ریک مچار امن مذاکرات کے سلسلے میں ادیس ابابا میں ملاقات کے لیے پہنچ رہے ہیں، خیال رہے کہ جنوبی سوڈان میں گزشتہ دو ہفتوں سے سرکاری فورسز اور باغیوں کے درمیان جاری جھڑپوں میں ہزار سے افراد بھینٹ چڑ چکے ہیں۔
       

  • گوانتاناموبے میں قید 3ایغور قیدی رہا،سلواکیہ منتقل

    گوانتاناموبے میں قید 3ایغور قیدی رہا،سلواکیہ منتقل

    گوانتاناموبے کے امریکی ہراستی مرکز سے چین سے تعلق رکھنے والے تین ایغور نسل قیدیوں کو سلواکیہ منتقل کر دیا گیا ہے۔

    امریکی حکام کے مطابق یہ تین قیدی اس حراستی مرکز میں قید تقریبا دو درجن ایغور نسل قیدیوں میں سے آخری تھے، ان قیدیوں کو طالبان کے ساتھ روابط کے شبے میں گرفتار کیا گیا تھا۔

    سن دو ہزار آٹھ میں ان قیدیوں کے بارے میں معلوم ہوا تھا کہ یہ دہشت گردی کی کسی کاروائی میں ملوث نہیں تھے، تاہم امریکا نے انہیں چین واپس نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا۔

    کیوں کہ وہاں انہیں مقدمات اور سزاؤں کا سامنا ہوسکتا تھا، پینٹاگون کا کہنا ہے کہ ان قیدیوں کی منتقلی کے بعد اب گوانتاناموبے میں موجود قیدیوں کی تعداد ایک سو پچپن رہ گئی ہے۔

  • بغداد: بم دھماکوں میں 15افراد جاں بحق ،متعدد زخمی

    بغداد: بم دھماکوں میں 15افراد جاں بحق ،متعدد زخمی

    عراق میں جاری پر تشدد اوردہشت گرد حملوں کی لہرجاری ہے، عراقی دارالحکومت بغداد میں مختلف حملوں میں کم از کم پندرہ افراد جاں بحق اورمتعدد زخمی ہوگئے۔

    عراقی سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ عراقی دارالحکومت بغداد میں ایک مذہبی اجتماع کے قریب ہونے والے دہشتگرد حملے میں سات افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

    اس سے قبل آٹھ افراد دارالحکومت میں تشدد کے دیگر واقعات میں ہلاک ہو گئے تھے، دھماکے کے بعد امدادی کاروائیاں شروع کردی گئیں، اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں بعض کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

    دارالحکومت ہونے والے دھماکوں کی کسی گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے، اقوام متحدہ اورعراقی حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق سینکڑوں افراد گزشتہ ماہ جاں بحق ہوچکے ہیں۔
       

  • ڈھاکہ:حکمران جماعت اور حزب اختلاف کا ایک دوسرے کیخلاف احتجاج

    ڈھاکہ:حکمران جماعت اور حزب اختلاف کا ایک دوسرے کیخلاف احتجاج

    بنگلہ دیش کی حکمران جماعت عوامی لیگ پارٹی کی خواتین حامیوں نے حزب اختلاف کی رہنما خالدہ ضیاء کے خلاف احتجاج کیا۔

    بنگلہ دیش میں سیاسی بحران جاری ہے، حکمران جماعت کی خواتین نے ڈھاکہ میں حزب اختلاف کی رہمنا خالدہ ضیاء کے خلاف نعرے بازی کی اور ان کا پتلا جلایا، حکمران جماعت پارلیمنٹ کے ایک رکن کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی جانب سے جاری دھرنوں اور احتجاج کے باعث بنگلہ دیش میں سیاسی بحران جاری ہے، جس کی ہم سخت مذمت کرتے ہیں۔

    حزب اختلاف کی جانب سے بھی حکمران جماعت کے خلاف نعرے بازی کی گئی، حزب اختلاف جماعت کی خواتین کا کہنا تھا کہ حکمران جماعت کی پالیسوں کی وجہ سے تشدد نے بنگلہ دیش کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے، بنگلہ دیش الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے بعد سے بنگلہ دیش میں تشدد کے واقعات میں اب تک دو سو سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے۔
       

  • یمن: پولیس کے ہیڈکوارٹر پر حملہ,7زخمی

    یمن: پولیس کے ہیڈکوارٹر پر حملہ,7زخمی

    جنوبی یمن کے اہم شہر میں پولیس کے ہیڈکوارٹر پر ایک خود کش بمبار سمیت مسلح افراد نے دھاوا بول دیا، جس کے باعث سات افراد زخمی ہوگئے۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل پولیس کے مطابق جنوبی یمن میں ایک پولیس کمپاونڈ کی عمارت میں حملہ آوروں نے داخل ہونے کی کوشش کی، جسے وہاں موجود اہلکاروں نے ناکام بنا دیا، جس کے بعد فانرنگ کا تبادلہ ہوا، خود کش حملے سے سات افراد زخمی ہوگئے۔

  • شام ایران سیمت تمام دوستانہ ممالک کے ساتھ تعلقات کو وسعت دے گا،وائل الحلقی

    شام ایران سیمت تمام دوستانہ ممالک کے ساتھ تعلقات کو وسعت دے گا،وائل الحلقی

    شام کے وزیراعظم وائل الحلقی کا کہنا ہے کہ شام ایران سیمت تمام دوستانہ ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دے گا۔

    شامی وزیراعظم وائل الحلقی کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ چین، روس، بھارت ،برازیل اور دیگر ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں۔

    شام کے وزیراعظم نے مغربی ممالک کی جانب سے شام پر کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے خلاف مغربی ممالک کی جانب دباو ڈالنے کی کوششوں ختم کرکے شام کے مسئلے کو سفارتی طریقے سے حل کرنے میں ماسکو اور بیجنگ کے کردارکی تعریف کی۔
        
       

  • دنیا بھر میں نئے سال دوہزار چودہ کا استقبال آتشبازی ، اور رنگا رنگ تقاریب سے کیا گیا

    دنیا بھر میں نئے سال دوہزار چودہ کا استقبال آتشبازی ، اور رنگا رنگ تقاریب سے کیا گیا

    دوہزار تیرہ کی رخصت اور دوہزار چودہ کی آمد، نیا سال شروع ہوتے ہی دنیا کے مختلف ممالک میں نئے سال کا استقبال نہایت پر جوش انداز سے کیا گیا،

    دوہزار تیرہ کا سورج سب سے پہلے نیوزی لینڈ میں غروب ہوا، نیوزی لینڈ میں آک لینڈ کے اسکائی ٹاور کے ذریعے زبردست آتشبازی کرکے دوہزار چودہ کا استقبال کیا ۔

    سڈنی میں تو دوہزار چودہ کے استقبال ایسے کیا گیا کہ آسمان پر رنگوں کی بہاریں تھی، عوام میں جوش وخروش تھا سڈنی کے ساحل پر حد نظر تک رنگ ہی رنگ بکھیرے نظر آرہے تھے رنگا رنگ تقریب اور آتشبازی کا ایسا شاندار مظاہرہ کیا گیا کہ جس کو دیکھکر آنکھیں دنگ رہے گئی۔

    جاپان میں نئے کی آمد پر گھنٹے بجائے گئے جبکہ دئبی میں نئے سال کی آمد کی تیاریوں شروع ہوگئی ہے اور آتشبازی سے آسمان پر دلفریب رنگوں کی چادر اوڑھا دی گئی۔

  • سعودی عرب میں ٹریفک حادثہ،3پاکستانی جاں بحق

    سعودی عرب میں ٹریفک حادثہ،3پاکستانی جاں بحق

    سعودی عرب میں ٹریفک حادثے میں تین پاکستانی جاں بحق اور بیس زخمی ہوگئے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی بس پاکستانی مسافروں کو لے کر جدہ سے مکہ جا رہی تھی، حادثے کے حوالے تفصیلات حاصل کرنے کے لئے سعودی عرب میں قونصل خانے سے رابطے میں ہیں، زخمیوں کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔