Category: عالمی خبریں

International News عالمی خبریں

دنیا بھر سے اہم خبریں اردو زبان میں پڑھنے کے لئے یہاں کلک کریں

  • یروشلم: اسرائیلی عوام کا فلسطینی قیدیوں کی رہائی پر شدیداحتجاج

    یروشلم: اسرائیلی عوام کا فلسطینی قیدیوں کی رہائی پر شدیداحتجاج

    اسرائیلی دارالحکومت یروشلم میں سینکڑوں اسرائیلیوں نےپچیس فلسطینی قیدیوں کی رہائی کےخلاف احتجاج کیا، امریکا کی جانب سے جاری امن مذاکرات اور دونوں پڑوسی ممالک میں اعتماد سازی کی فضا قائم کرنے کے لئے پچیس فلسطینی قیدیوں کوتیس دسمبر تک رہا کیا جانا ہے۔

    تاہم امریکا کے اس فیصلے کے خلاف سینکڑوں اسرائیلیوں نےدارالحکومت یروشلم میں وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو کی رہائش گا ہ کے باہر احتجاج کیا۔

    احتجاجی مظاہرین امریکا اور یورپ کی دوغلی پالیسیوں کے خلاف نعرے لگا رہےتھے ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے بعد اسرائیل کی داخلی سیکیورٹی کو شدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں لہٰذا فلسطینی قیدیوں کی رہائی کا فیصلہ واپس لیا جائے۔

  • بنگلہ دیش میں اپوزیشن کے حامیوں کی پکڑ دھکڑجاری

    بنگلہ دیش میں اپوزیشن کے حامیوں کی پکڑ دھکڑجاری

    بنگلہ دیش میں عام انتخابات سے قبل اپوزیشن کے حامیوں کی بڑی تعداد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش میں سیاسی کشیدگی تاحال برقرار ہے، فورسز نے بڑے پیمانے پرحکومت مخالف مارچ کو روکنے کے لئے اپوزیشن کے حامیوں کے خلاف کریک ڈائون شروع کردیا ہے۔

    گزشتہ دودنوں میں حزب اختلاف کے سات سو سے زائد افراد کو ملک بھر سے کارروائیوں کے دوران گرفتار کیا گیا۔ یاد رہے کہ حزب اختلاف کی رہنما خالدہ ضیاء اور ان کے اتحادیوں نے پانچ جنوری کو منعقد ہونے والے انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔
     

  • قاہرہ: جامعہ الازہر کی دوعمارتوں کو آگ لگا دی

    قاہرہ: جامعہ الازہر کی دوعمارتوں کو آگ لگا دی

    مصرمیں حکومت کی جانب سے عائدکردہ پابندی کے باوجود قاہرہ میں مظاہرین اور فورسز کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں،گزشتہ روزسے اب تک سات افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روزمظاہرین کی جانب سےجامعہ الازہر کی دوعمارتوں کو آگ لگا دی گئی ،جبکہ دوسری جانب پولیس کے ساتھ تازہ جھڑپ میں دو طالب علم جاں بحق ہوگئے ہیں۔،

    پولیس نے اس موقع پر مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کا بھر پور استعمال کیا،احتجاج اور دھرنوں کے دوران پولیس نے ساٹھ طالبعلموں کو گرفتاربھی کیا ہے،اس سے قبل گزشتہ روز جھڑپ میں پانچ افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

    یونیورسٹی کے طلبہ نے رواں ہفتے کے شروع سے مظاہروں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے ،جنہیں سیکورٹی فورسز کی سخت مزاحمت کا سامناکرنا پڑرہا ہے، مصر میں سابق صدر مرسی کی معزولی کے بعد سے خونی جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔
       

  • ٹورونٹو : برف کے طوفان کے بعد ہزاروں شہری تاحال بجلی سے محروم

    ٹورونٹو : برف کے طوفان کے بعد ہزاروں شہری تاحال بجلی سے محروم

    کینیڈا کے شہر ٹورونٹو میں گزشتہ ہفتے آنے والے برفانی طوفان کی وجہ سے بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے ۔

    ریسکیو ورکرز دن رات بجلی کی فراہمی بحال کرنے میں مصروف ہیں اور گھر گھر جاکر طوفان کے باعث ٹوٹ جانے والے تاروں کی مرمت کر رہے ہیں۔

    ریسکیو اہلکاروں کی مدد کے لئے دارالحکومت اونٹاریو سے بھی مزید نفری طلب کرلی گئی ہے، کینیڈین حکام کا کہنا ہے کہ جلد از جلد بجلی کی فراہمی بحال کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔
       

  • ٹوکیو: اوکینوا جزیرے میں امریکی بیس منتقل کرنے پر احتجاج

    ٹوکیو: اوکینوا جزیرے میں امریکی بیس منتقل کرنے پر احتجاج

    جاپان کے جزیرے میں قائم امریکی فوجی بیس کو متبادل جگہ فراہم کرنے کے فیصلے پر عوامی احتجاج، مخالفین نے مطالبہ کیا ہےکہ فوجی بیس کو مکمل طور پربند کردیا جائے۔

    جاپان میں امریکی فوجی بیس کے خلاف مظاہرہ کرتے ہوئے مظاہرین کا کہنا ہے کہ فوجی بیس کو مکمل طور پربند کردیا جائے، اگر مطالبے پر عملدآمد نہیں کیا گیا تو عدالت میں امریکی بیس کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا ۔

    گورنر کی جانب سےموجودہ امریکی فوجی بیس آبادی میں اضافے کے باعث ناگو سٹی منتقل کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ جاپان میں اس وقت سینتالیس ہزار امریکی فوجی موجود ہیں، ان میں سے بیس ہزار سے زائد اوکینوا جزیرے میں تعینات ہیں جن میں سے پانچ ہزار آٹھ سو مختلف جرائم میں ملوث بھی پائے گئےہیں۔

  • جارجیا: مقناطیسی انسان نے سب کو حیران کردیا

    جارجیا: مقناطیسی انسان نے سب کو حیران کردیا

    شعلے فلم میں ٹاکور کاڈائیلاگ کہ ہتھوڑا ماردو مگر مقناطیسی صلاحیت کا اس پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔۔ کی عملی تفسیر جارجیا کا وہ کوچ ہے جس کے عشق میں لوہا خود گرفتار ہو گیا ہے،یقین نہ آئے تو خود دیکھ لیجئے۔

    جارجیا میں سوویت کک باکسنگ کے کوچ اکتالیس سالہ ایتبر ایلچیوکو قدرت نے ایسی مقناطیسی طاقت سے نوازا ہے کہ جسے دیکھتے ہی اچھے اچھوں کی نظریں دنگ رہ جائیں ۔ایلچیوکے جسم میں ایسی مقناطیسی کشش ہے کہ لوہا چپکے تو اترنے کا نام نہیں لیتا۔

    یہ ثابت کرنے کیلئے ایلچیوکے سینے اور پیٹھ پر تریپن لوہے کے چمچے چپکائے گئے اورانہوں نے عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔یہی نہیں انہوں نے ایک لوہے کی شیٹ سینے پر رکھ کر اس پر ایک نوجوان کو بٹھادیا اور شیٹ سے منسلک رسی کی مدد سے بغیر ہاتھ لگائے ایک مرسڈیز گاڑی کو بھی کھینچا۔

    جبکہ ایک اور جگہ لوہے کی شیٹ سینے پر چپکاکر اس پر پتھر کے اینٹ رکھ دئیے اور اینٹوں پر خوب ہتھوڑے بھی برسائے گئے مگر سینے سے شیٹ نہ ہٹ سکی ۔ایلچیو کے مطابق قدرت کے اس انمول تحفے پر وہ بہت خوش ہیں اور مستقبل میں وہ ہوائی جہاز اور ریل گاڑی کھینچنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
       

  • بھارت: ٹرین میں آتشزدگی، 23 افراد ہلاک

    بھارت: ٹرین میں آتشزدگی، 23 افراد ہلاک

    بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں ٹرین کی بوگی میں آگ لگنے سے دو بچوں سمیت تئیس افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے, ٹرین بنگلور سے پتا پرجارہی تھی۔

    بھارتی حکام کے مطابق حادثہ ہفتے کی صبح ریاست آندھرا پردیش کے ضلع اننت پور میں پیش آیا، ٹرین میں بہترافراد سوار تھے، آگ انجن سے چار بوگی پیچھے موجود ایئركنڈيشڈ کوچ میں لگی اور بہت تیزی سے پھیل گئی۔

    ڈبے کے کوچ اٹنڈينٹ نے آگ بجھانے کی کوشش کی لیکن وہ آگ پر قابو پانے میں ناکام رہے، زخمیوں اور لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جائے حادثہ پر امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔

    ٹرین میں آگ لگنے کے بعد متاثرہ ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی، آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لئے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

  • امریکہ چین کی ترقی سے خائف، یورپی یونین سے تجارتی معاہدہ

    امریکہ چین کی ترقی سے خائف، یورپی یونین سے تجارتی معاہدہ

    امریکہ چین کی بڑھتی ہوئی اقتصادی ترقی سے خائف ہیں، امریکہ اقتصادی رکاوٹ پیدا کرنے کے لیے جلد یورپی ممالک سے اہم تجارتی معاہدے کرے گا۔

    امریکی خبر رساں ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق چین کی اقتصادی ترقی کے تدارک کے لیے امریکہ اور یورپی یونین میں تجارتی معاملات پر مشاورت کی گئی۔

    ملاقات میں مقامی صنعتوں کو مستحکم کرنے اور عالمی تجارتی نظام میں خدشات کو دور کرنے کے لیے منصوبہ بندی کی گئی، وائٹ ہاؤس کی جانب سے یورپی ممالک سے مزاکرات کا لائحہ عمل جاری کیا جاچکا ہے۔

    چین کا کہنا ہے کہ امریکہ کی جانب سے اقتصادی ترقی میں رکاوٹ اور چین کے ملکی قوانین کو تبدیل کرنے پر زور دینے کے لیے معاہدے کیے جائیں گے۔

  • کابل:اتحادی افواج کے قافلے پرخودکش حملہ، 3فوجی ہلاک

    کابل:اتحادی افواج کے قافلے پرخودکش حملہ، 3فوجی ہلاک

    افغانستان کے دارالحکومت کابل میں نیٹو کے قافلے پر خودکش حملے میں تین فوجی ہلاک ہوگئے، افغان طالبان نے نیٹو کے قافلے پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔

    غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری کار کابل کےعلاقے پل چرخی کے مقام پر نیٹو کے قافلے سے ٹکرادی، بم دھماکے کے نتیجے میں تین فوجی مارے گئے اور متعدد زخمی ہوگئے۔

    دھماکے کے فوری بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا، تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی، افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے میڈیا کو فون کرکے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی اور دعوی کیا کہ مجاہدین نے نیٹو کو بڑے پیمانے پر جانی ومالی نقصان پہنچایا ہے۔

  • بیروت:کار بم دھماکہ،سابق وزیر سمیت 6افراد ہلاک

    بیروت:کار بم دھماکہ،سابق وزیر سمیت 6افراد ہلاک

    لبنان کے دارالحکومت بیروت میں کار بم دھماکے سے سابق وزیر سمیت چھ افراد مارے گئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بم حملے میں سابق وزیر خزانہ محمد شطح کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا، ہلاک ہونے والے سابق وزیر حزب اختلاف کے رہنما اور سابق لبنانی وزیراعظم سعد الحریری کے مشیر تھے۔

    بم دھماکہ سے ارد گرد کھڑی گاڑیوں کی ایک بڑی تعداد میں آگ بھڑک اٹھی، فوری طور پر کسی نے بھی دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔