Category: عالمی خبریں

International News عالمی خبریں

دنیا بھر سے اہم خبریں اردو زبان میں پڑھنے کے لئے یہاں کلک کریں

  • قاہرہ: محمدمرسی کودہشت گردی میں ملوث ہونےکےالزامات سامنا

    قاہرہ: محمدمرسی کودہشت گردی میں ملوث ہونےکےالزامات سامنا

    مصر کے برطرف صدر محمد مرسی عدالت میں غیر ملکی عناصر سے مل کر دہشت گردی میں ملوث ہونے کے الزامات کا سامنا کریں گے۔

    مصر کے سابق صدر محمد مرسی پر وکیل استغاثہ کی جانب سے نئے الزامات عائد کیے گئے ہیں، مرسی پر اپنے اقتدار میں غیر ملکیوں کے ساتھ مل کر ملک میں دہشت گردی میں ملوث ہونے، دہشت گرد تنظیموں کو ملک کی حساس معلومات اورامداد فراہم کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

    محمد مرسی کے ساتھ دیگر چونتیس افراد بھی ان الزامات کا سامنا کریں گے۔ وکیل استغاثہ کے مطابق ان کاروائیوں کا مقصد ملک میں اخوان المسمین کی بالا دستی قائم کرنا تھا، مصر میں محمد مرسی حکومت کی برطرفی کے بعد اخوان المسلمین کے خلاف فوجی حکومت کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔
       

  • کیف: معاہدے سے یوکرائن دیوالیہ ہونے سے بچ گیا، وزیراعظم

    کیف: معاہدے سے یوکرائن دیوالیہ ہونے سے بچ گیا، وزیراعظم

    یوکرائن کے وزیراعظم مائیکولا ازاروف نےکہا ہے کہ ماسکو کے ساتھ اہم تاریخی معاہدہ ہو جانے کے بعد یوکرائن دیوالیہ ہونے سے بچ گیا۔

    وزیراعظم مائیکولا ازاروف نے پارلیمنٹ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ماسکو کے ساتھ پندرہ بلین ڈالرز کے تاریخی تجارتی معاہدے کی وجہ سےیوکرائن دیوالیہ ہونےسےبچ گیا، انکا کہنا تھا کہ یوکرائن میں صنعت، توانائی اور ہاؤسنگ کے شعبے میں ترقی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔

    وزیراعظم نے معاہدے کو سراہتے ہوئے خبردار کیا کہ حکومت ملک میں جاری صورتحال کو مزید عدم استحکام کا شکار ہونیکی اجازت نہیں دے گی۔
       

  • کیف: حکومت ختم کر کے ہی دم لیں گے، یوکرائن میں مظاہرین ڈٹ گئے

    کیف: حکومت ختم کر کے ہی دم لیں گے، یوکرائن میں مظاہرین ڈٹ گئے

    یوکرائن میں مظاہرین نے حکومت کے خاتمے تک احتجاج، دھرنے اور مظاہرے جاری رکھنے کی ٹھان لی۔

    یوکرائن میں سخت سردی کے باوجودحکومت مخالف جماعت کے رہنما اور عوام کی کثیر تعداد نے دارالحکومت کیف میں حکومت کے خلاف احتجاج اورمظاہروں کےسلسلے کو جاری رکھا ہوا ہے۔

    اپوزیشن رہنماؤں اور مظاہرین کا کہنا ہے کہ حکومت کے خاتمے تک احتجاج اور دھرنوں کا سلسلہ جاری رہے گا، مظاہرین نے یوکرائن اور ماسکو کے درمیان ہونے والے تجارتی معاہدے کیخلاف بھی شدید نعرے بازی کی۔

    اس قبل یوکرائن کے وزیراعظم مائیکولا عازاروف کا کہنا تھا کہ ماسکو کےساتھ ہونیوالے تجارتی معاہدے سے یوکرائن دیوالیہ ہونے سے بچ گیا، دوسری طرف روس کا کہنا ہے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی معاہدے سے یوکرائن میں سیاسی اور اقتصادی بحران کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔
       

  • سکرے: بولیویا میں بچے اپنے حقوق کے لیے سڑکوں پر نکل آئے

    سکرے: بولیویا میں بچے اپنے حقوق کے لیے سڑکوں پر نکل آئے

    بولیویا میں چائلد لیبر کی حد مقرر کرنے پر سینکڑوں بچوں نے مظاہرہ کیا، نئی اصلاحات کی مخالفت کرتے ہوئے بچے سراپا احتجاج بن گئے۔

    بولیوین حکومت کی جانب سے چائلڈ لیبر کے لیے کئے گئے اصلاحات کےمطابق چائلڈ لیبرکی حد چودہ سال مقررکی گئی ہے، جسکی مخالفت کرتے ہوئے بچوں نے قومی اسمبلی کا گھیراؤ کرنے کی کوشش کی، پولیس کی جانب سے بچوں پر آنسو گیس کی بوچھاڑ کردی۔

    بچوں کا کہنا تھا کہ اپنے والدین کی معاونت کرکے وہ بمشکل اپنے گھر کے اخراجات پورے کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں، نئے فیصلے سے وہ اپنے گھر اور تعلیم کے اخراجات پورے نہیں کرسکیں گے اس لیے بچوں کا مطالبہ تھا اصلاحات میں تبدیلی کی جائے۔
       

  • لندن: بیروزگاری کی شرح میں غیر معمولی اضافہ، 7.4فیصد ہوگئی

    لندن: بیروزگاری کی شرح میں غیر معمولی اضافہ، 7.4فیصد ہوگئی


        برطانیہ میں بے روزگاری کی شرح میں غیر معمولی اضافہ ساڑھے چار سال کی نچلی ترین سطح پر آگئی۔

    برطانیہ جو دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے افراد کو روزگار مہیا کرنے والے ممالک میں پہلے نمبر پر تھا، اب اپنے ہی ملک کے شہریوں کو روزگار فراہم کرنے میں ناکام نظر آرہا ہے۔

    پچھلے دنوں برطانیہ میں بے روزگاری کی شرح سات اعشاریہ چار فیصد کی نچلی سطح پرپہنچ گئی، جو گذشتہ ساڑھے چار سال کی سب سے کم ترین سطح ہے۔

    ماہرین کے مطابق اگر برطانوی حکومت نے اقتصادی حالات کی بہتری پر غیر معمولی توجہ نہ دی تو یہ شرح خوفناک حد تک گرسکتی ہے۔

  • یروشلم: چین اسرائیل، فلسطین میں امن کا خواہاں ہے، چینی وزیر خارجہ

    یروشلم: چین اسرائیل، فلسطین میں امن کا خواہاں ہے، چینی وزیر خارجہ


      چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ چین اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن کا خواہاں ہے۔

    چینی وزیر خارجہ ان دنوں اسرائیل کے دورے پر ہیں، اپنے دورے کے دوران ینگ یی نے یروشلم میں اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو سے ملاقات کی۔

    ملاقات کے دوران چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے امید ظاہر کی کہ دونوں فریق تنازعے کو حل کرنے کے لیے مذاکرات میں پیشرفت جاری رکھیں گے۔

    چینی وزیر خارجہ کے دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات استوار کرنا ہے، وانگ یی نے اس سے قبل رام اللہ کےدورے کے دوران فلسطینی صدر محمود عباس سے بھی ملاقات کی۔

  • بینگوئی:2دن میں1ہزار افراد کو قتل کیا گیا، ایمنسٹی انٹرنیشنل

    بینگوئی:2دن میں1ہزار افراد کو قتل کیا گیا، ایمنسٹی انٹرنیشنل


        وسط افریقی جمہوریہ کے دارالحکومت بینگوئی میں جاری مسلم کش فسادات کے باعث صورتحال انتہائی کشیدہ ہوگئی، ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ دو دن میں ایک ہزار افراد کو قتل کیا گیا۔

    ایمنسٹی انٹرنیشنل نےاپنی رپورٹ میں انکشاف کیاہےکہ وسط افریقی جمہوریہ میں مسل کش فسادات کے دوراں دو دن میں بڑے پیمانے پر قتل عام کیا گیا، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چند ہفتے قبل ہونے والے فسادات میں سابق صدر فینکس بوزیز کی عیسائی ملیشیا ملوث ہے۔

    بوزیز کی ملیشیا نے مسلمانوں کےگھروں کو بھی قتل عام کےدوران نذر آتش کیا جس سے مسلمان آبادی میں شدید خوف وہراس پھیل گیا ہے، فسادات کے باعث تاحال دولاکھ سے بھی زائد افراد بے گھرہوگئے ہیں، بےگھر خاندان مختلف خیمہ بستیوں میں بدترین حالات میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق ان فسادات میں سابق صدر فینکس بوزیز اور ان کے حامی ملوث ہیں، سابق صدر نے مسلم حکمراں جماعت سے مذہبی اختلاف کے باعث بغاوت کا اعلان کیا ہوا ہے۔

  • یورپی یونین کا سگریٹ نوشی کے خلاف نئی قانون سازی کرنے کا فیصلہ

    یورپی یونین کا سگریٹ نوشی کے خلاف نئی قانون سازی کرنے کا فیصلہ


      یورپی ممالک کی نمائندہ تنظیم یورپی یونین نے سگریٹ نوشی کے خلاف نئی قانون سازی کرنے کا فیصلہ کرلیاہے۔

    یورپی یونین نے ممبر ممالک کے لئے سگریٹ کی خرید و فروخت پر نئی قانون سازی کرتے ہوئے اس کی خرید و فروخت پر مزید پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ نئی پابندیوں کے مطابق ممبر ممالک سگریٹ کے کور کے پینسٹھ فیصد حصے پر ایسے جملے تحریر کرینگے، جس سے سگریٹ نوشی کی حوصلہ شکنی ہو۔

    جملوں کے بجائے مذمتی تصاویر بھی پرنٹ کی جاسکتی ہیں تاہم یہ لازمی نہیں۔ ممبر ممالک دو ہزار سولہ تک تمام قسم کےپھلوں کے فلیورز والے سگریٹ کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کر دیں گے جبکہ دو ہزار بیس تک مینتھول فلیور سگریٹ پربھی مکمل پابندی عائد کی جائےگی۔

    یونین کی جانب سے کی گئی نئی قانون سازی کے مطابق تمام ممبر ممالک کو پابند کیا گیا ہے کہ سگریٹ نوشی کے مقابلے میں ای سگریٹ کے فروغ کے لئے کوششیں کی جائیں۔

  • لندن: کرسمس کے موقع پر چڑیا گھر میں جانوروں کی دعوت

    لندن: کرسمس کے موقع پر چڑیا گھر میں جانوروں کی دعوت


        لندن کے چڑیا گھر میں بولیویا کے سیاہ سر والے گلہری نما بندروں کی کرسمس ٹری سے تواضع کی گئی اس دوران بارہ سنگھا میڈیا کو پوز دیتے رہے۔

       جب چڑیا گھر میں گلہری بندروں کی خاطر تواضع کیلئے کرسمس ٹری لگائی گئی اور ان کی تواضع بھی کی جائے تو بھلا گلہری بندر کیوں نہ لطف اندوز ہونگے، یہ سیاحوں کیلئے ایسی دلچسپ تفریح ہے، جس میں سیاہ سر والے گلہری بندر درخت پر دھاوا بول کر چڑیا گھر میں جنگل کا منگل کر دیتے ہیں۔

    اسی کھیل کود کے درمیان کرسمس ٹری کو اپنے ارد گرد پاکر جہاں بندر اچھل کود میں مصروف تھے تو وہیں بندروں کی کوریج پر آنے والی میڈیا ٹیم کی موجودگی پرقطبی بارہ سنگھا بھی حیرت میں نظر آئے اور وقتا فوقتا کیمرے کے سامنے پوز دیتے رہے، ایک بارہ سنگھا تو کیمرے کو چارہ سمجھ بیٹھا اور اس پر ناک رکھ کر منہ مارتا رہا۔
        
         

  • اوطاوا:مرحوم بیوی کی یاد میں4کروڑڈالر کی لوٹری عطیہ کردی

    اوطاوا:مرحوم بیوی کی یاد میں4کروڑڈالر کی لوٹری عطیہ کردی

    کینیڈین باشندے کی دریا دلی نے لوگوں کو حیرت زدہ کردیا، لوٹری میں نکلنے والی چار کروڑ ڈالر کی خطیر رقم مرحوم بیوی کی یاد میں کینسراسپتال کوعطیہ کردی۔

    کینیڈین باشندے ٹوم کرسٹ کو ایک فون کال کے زریعے معلوم ہوا کہ انہوں نے جس لوٹری میں حصہ لیا تھا، اس میں وہ چار کروڑ ڈالر کی رقم جیت چکے ہیں۔

    ٹوم نے اس خوش خبری کو خفیہ رکھا اور کینسر سے وفات پانے والی بیوی کی خاطر لوٹری کی رقم کو اسپتال میں عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا، اپنے بچوں کی رضا مندی ظاہر ہونے پر ٹوم نے چار کروڑ کی رقم کینسر اسپتال کو عطیہ کردی، جہاں ان کی بیوی زیرعلاج تھیں۔