Category: عالمی خبریں

International News عالمی خبریں

دنیا بھر سے اہم خبریں اردو زبان میں پڑھنے کے لئے یہاں کلک کریں

  • امریکی دباؤ کے سامنے نہیں جھکیں گے، بھارت

    امریکی دباؤ کے سامنے نہیں جھکیں گے، بھارت

    نئی دہلی(30 اگست 2025): بھارت کے وزیر تجارت پیوش گوئل نے کہا ہے کہ بھارت امریکی دباؤ کے سامنے نہیں جھکے گا اس کے بجائے مارکیٹ کو اپنی طرف متوجہ کرنے پر توجہ دے گا۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بھارتی اشیا پر 50 فیصد کے سخت محصولات عائد کیے جانے کے بعد پہلی بار بیان جاری کیا ہے جس میں بھارتی وزیر نے کہا ہے کہ بھارت امریکی دباؤ کے سامنے نہیں جھکے گا۔

    جمعہ کو نئی دہلی میں ایک تعمیراتی صنعت کے ایونٹ سے خطاب کرتے ہوئے پیوش گوئل نے کہا کہ اگر کوئی ہمارے ساتھ آزادانہ تجارت کا معاہدہ کرنا چاہتا ہے تو بھارت اس کیلئے ہمیشہ تیار ہے لیکن انہوں نے مزید کہا کہ بھارت "نہ تو کبھی جھکے گا اور نہ ہی کبھی کمزور نظر آئے گا، ہم ساتھ مل کر آگے بڑھیں گے اور نئی مارکیٹیں حاصل کریں گے۔”

    اس سال امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں واپسی کے بعد سے محصولات کو ایک وسیع پیمانے پر پالیسی ٹول کے طور پر استعمال کیا ہے، جس سے عالمی تجارت متاثر ہوئی ہے۔

    ٹرمپ کے تازہ ترین محصولات نے امریکا اور بھارت کے تعلقات کو کشیدہ کر دیا ہے، جبکہ نئی دہلی نے پہلے ہی ان محصولات کو "غیر منصفانہ، ناجائز اور غیر معقول” قرار دیا تھا۔

    2024 میں امریکا بھارت کا سب سے بڑا برآمدی مقام تھا، جس کی برآمدات کی مالیت 87.3 بلین ڈالر تھی، ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ 50 فیصد ڈیوٹی ایک تجارتی پابندی کے مترادف ہے اور اس سے چھوٹی فرموں کو نقصان پہنچنے کا امکان ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/us-begins-50-tariff-on-india/

  • ایران میں اعلیٰ فوجی قیادت کی تفصیلات اسرائیل بھیجنے والے 8 موساد ایجنٹ گرفتار

    ایران میں اعلیٰ فوجی قیادت کی تفصیلات اسرائیل بھیجنے والے 8 موساد ایجنٹ گرفتار

    تہران (30 اگست 2025): ایران میں حساس مقامات اور اعلیٰ فوجی قیادت کی تفصیلات اسرائیل بھیجنے کی کوشش میں خفیہ ایجنسی موساد کے 8 اریجٹ گرفتار کر لیے گئے۔

    خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب نے بتایا کہ اس نے 8 ایسے ایجنٹ پکڑے ہیں جن پر شبہ ہے کہ وہ حساس مقامات اور اعلیٰ فوجی قیادت کے بارے میں تفصیلات اسرائیل کو منتقل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

    ان پر یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے جون میں ایران اسرائیل جنگ کے دوران موساد کو حساس معلومات فراہم کیں۔ جنگ میں ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے اور اعلیٰ فوجی کمانڈروں و سائنسدانوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: ایران کے جوہری پروگرام سے نظریں نہیں ہٹیں گی، موساد چیف

    ایران نے جوابی کارروائی میں اسرائیل کے فوجی مقامات، انفراسٹرکچر اور شہروں پر میزائلوں کے داغے تھے۔ امریکا 22 جون کو جنگ میں شامل ہوا اور ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کیے۔

    ایرانی پاسداران انقلاب کے مطابق گرفتار مشتبہ افراد نے آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے موساد سے خصوصی تربیت حاصل کی، انہیں شمال مشرقی ایران میں منصوبوں کو انجام دینے سے پہلے گرفتار کیا گیا، ان کے قبضے سے لانچرز، بم، دھماکا خیز مواد اور بوبی ٹریپس بنانے کا مواد برآمد ہوا۔

    ایران کے سرکاری میڈیا نے اس ماہ کے شروع میں بتایا تھا کہ ایرانی پولیس نے اسرائیل کے ساتھ 12 روزہ جنگ کے دوران 21000 کے قریب مشتبہ افراد کو گرفتار کیا۔

    تہران نے حالیہ مہینوں میں کم از کم 8 افراد کو پھانسی دی جن میں ایٹمی سائنسدان بھی شامل تھے جنہیں اسرائیل کے فضائی حملوں میں ہلاک ہونے والے ایک اور سائنسدان کے بارے میں اسرائیل کو معلومات فراہم کرنے کا الزام تھا۔

  • سعودی عرب: مکہ اور مدینہ سے منشیات فروش غیر ملکی و شہری گرفتار

    سعودی عرب: مکہ اور مدینہ سے منشیات فروش غیر ملکی و شہری گرفتار

    سعودی عرب میں سیکیورٹی اداروں نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں دو الگ کارروائیوں میں منشیات فروشوں کو حراست میں لے کر نشہ آور مواد ضبط کرلیا۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میں روڈ سیکیورٹی فورس کی سپیشل ٹیم نے دو افراد کو گرفتار کیا ہے جن کے قبضے سے 7905 نشہ آور گولیاں ضبط کرلی گئی ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق روڈ سیکیورٹی فورس کا کہنا ہے کہ ’گرفتار شدگان ایتھوپین تارکین تھے جن میں سے ایک کے پاس اقامہ تھا جبکہ دوسرا درانداز تھا‘۔

    مذکورہ افراد ابھی تفتیش کے مراحل سے گزر رہے ہیں، جبکہ ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد انہیں متعلقہ ادارے کے حوالے کردیا جائے گا۔

    محکمہ انسداد منشیات نے مدینہ منورہ میں تین افراد کو گرفتار کیا ہے جن کے قبضے سے نشہ آور مادہ کرسٹل ضبط کرلیا گیا ہے۔ گرفتار شدگان میں دو پاکستانی تارکین وطن اور ایک سعودی شہری ہے۔

    مذکورہ افراد کے قبضے سے ایک کلو کرسٹل ضبط ہوا ہے اور یہ لوگ شہر میں منشیات فروخت کر رہے تھے، تفتیش مکمل کرنے کے بعد انہیں پبلک پراسیکیوشن کے سپرد کرگیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں منشیات کی نقل و حمل یا ان کی تجارت کرنا ایک سنگین جرم سمجھا جاتا ہے، اور اس کے لیے انتہائی سخت سزائیں رکھی گئی ہیں۔ سعودی قوانین کے مطابق، منشیات کے ساتھ پکڑے جانے کی صورت میں درج ذیل سزائیں ہو سکتی ہیں:

    موت کی سزا:

    مملکت میں منشیات کی اسمگلنگ یا بڑی مقدار میں منشیات رکھنے پر موت کی سزا دی جا سکتی ہے۔ یہ سزا زیادہ تر اس وقت دی جاتی ہے جب کسی شخص کو 50 گرام سے زیادہ ہیروئن، کوکین، یا دیگر منشیات کے ساتھ پکڑا جائے۔

    طویل قید:

    اگر کسی شخص کو منشیات کے ساتھ پکڑا جائے لیکن مقدار کم ہو، تو اس کے بدلے میں کئی سالوں کی قید ہو سکتی ہے۔ یہ قید کئی سالوں سے لے کر کئی دہائیوں تک ہو سکتی ہے، اور جیل کی حالت سخت ہوتی ہے۔

    جرمانہ: کچھ صورتوں میں مجرم سے بھاری جرمانہ بھی وصول کیا جا سکتا ہے، خاص طور پر اگر منشیات کی مقدار کم ہو یا یہ پہلی دفعہ ہو۔

    سزاؤں کا نفاذ:

    مملکت میں ان سزاؤں کو بہت سختی سے نافذ کیا جاتا ہے اور وہاں کے قوانین کے مطابق منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کو بہت کم موقع ملتا ہے۔ ان قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو فوری طور پر گرفتار کر لیا جاتا ہے، اور ان پر تیز رفتار ٹرائل کیا جاتا ہے۔ یہ ٹرائل عموماً عدالت میں ایک سے دو ہفتوں میں مکمل ہو جاتے ہیں، اور اس کے بعد سزا دی جاتی ہے۔

    سعودی عرب، مسجد سے چوری کرنے والا غیر ملکی گرفتار

    مثال: اگر کوئی شخص مملکت میں منشیات کے ساتھ پکڑا جائے، تو اس پر تیزی سے مقدمہ چلایا جاتا ہے اور فیصلہ جلدی کیا جاتا ہے۔ اکثر ملزمان کو عدالت سے موت کی سزا یا طویل قید کی سزا ملتی ہے۔

  • آپریشن سندور میں شکست کا اعتراف ، بھارت کی ایک نئے فالس فلیگ آپریشن کی تیاری

    آپریشن سندور میں شکست کا اعتراف ، بھارت کی ایک نئے فالس فلیگ آپریشن کی تیاری

    نئی دہلی: جنگی جنون میں مبتلا مودی سرکار نے آپریشن سندور میں شکست کے اعتراف کے بعد اور ایک نئے فالس فلیگ آپریشن کی تیاری کررہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت جنگی جنون میں مبتلا ہو کر نئی "بھیروو کمانڈو بٹالینز” بنانے میں مصروف ہے۔

    بھارتی اخبار دی پرنٹ نے بتایا کہ یہ بٹالینز پاکستان اور چین کے خلاف سرحدی علاقوں میں تعینات کی جائیں گی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوج رواں ماہ پانچ نئی بھیروو کمانڈو بٹالینز کو سرحدی مقامات پر تعینات کرنے کی تیاری کر رہی ہے، ان یونٹس کو کراس بارڈر انٹرڈکشن، دشمن کی پوزیشنز تباہ کرنے اور خفیہ سراغ رسانی جیسے فرائض سونپے جائیں گے۔

    ذرائع کے مطابق ان میں سے تین کمانڈو یونٹس پاکستان اور چین کے ساتھ شمالی سرحد پر، ایک شمال مشرق اور ایک مغربی محاذ پر تعینات کی جائے گی۔

    رپورٹ میں کہنا تھا کہ یہ فیصلہ "آپریشن سندور” کے دوران بھارت کو ہونے والی ناکامی کے بعد کیا گیا، جب چین نے پاکستان کو بھارتی فوجی نقل و حرکت اور ہتھیاروں کی تعیناتی پر ریئل ٹائم انٹیلی جنس فراہم کی تھی۔

    دی پرنٹ نے اپنی رپورٹ میں یہ بھی لکھا کہ نئی بٹالینز کی تیاری دراصل بھارت کی تاریخ میں موجود فالس فلیگ آپریشنز کی پالیسی کو آگے بڑھانے کا حصہ ہے اور مودی سرکار کے یہ جارحانہ اقدامات نہ صرف اندرونی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش ہیں۔

    بھارت کی فالس فلیگ آپریشنز سے بھری تاریخ میں نئی یونٹس اسی پالیسی کو آگے بڑھانے کا ذریعہ ہیں۔

  • جنوبی کوریا کی ہولوگرافک پولیس کا حیران کن کارنامہ

    جنوبی کوریا کی ہولوگرافک پولیس کا حیران کن کارنامہ

    سیئول (30 اگست 2025): جنوبی کوریا میں ہولوگرافک پولیس کی تعیناتی کے تجربے کا مثبت نتیجہ برآمد ہوا ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے جرائم کی شرح میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی کوریا میں جرائم کی روک تھام کے لیے دل چسپ تکنیکی اقدام کا مثبت نتیجہ نکلا ہے، جس کے تحت بے جان پولیس افسران تعینات کیے گئے۔

    سیئول کے پارک میں ایک لائف سائز تھری ڈی ہولوگرام پولیس اہلکار نصب کیا گیا ہے جو شام 7 بجے سے رات 10 بجے تک فعال رہتا ہے، یہ اہلکار سیاحوں کو پیغام دیتا ہے کہ تشدد یا ہنگامی صورت میں پولیس فوری کارروائی کرے گی اور یہاں ہر جگہ سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں۔

    یہ ایک تھری ڈی ہولوگرام ہے جو شہریوں کو ذہنی اطمینان فراہم کرنے اور بدنظمی کی روک تھام کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، یہ ہولوگرافک پولیس نظام دراصل ’’اسمارٹ پولیسنگ‘‘ کی جدید مثال ہے۔ اس میں ٹیکنالوجی کے ذریعے پولیس کی بغیر حقیقی موجودگی کے بھی عوام میں تحفظ کا احساس پیدا کیا گیا ہے۔

    لاس اینجلس میں پولیس کی فائرنگ سے سکھ ہلاک (ویڈیو)

    دل چسپ امر یہ ہے کہ یہ ’حقیقی پولیس اہلکار‘ نہ ہونے کے باوجود جرائم روکنے میں کردار ادا کر رہا ہے، اور اسے آبادی والے علاقوں کے قریب کھڑا کیا گیا ہے تاکہ شہریوں میں تحفظ کا احساس اجاگر کیا جا سکے۔

    اس ہولوگرام میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) سے چلنے والا کیمرا لگا ہوا ہے جو لوگوں کو شناخت کرتا ہے، اور اس سے وقتاً فوقتاً آواز نکلتی رہتی ہے، اور حقیقی افسران اس ہولوگرام کے سیٹ اپ کو مانیٹر کرتے ہیں، اس سے پولیس کے لیے ایک کامیاب منصوبہ ثابت ہوا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ اس سے معاشرے میں بہت زیادہ نگرانی اور کنٹرول کا احساس ابھرتا ہے (جو اصطلاح میں ڈسٹوپین سسٹم کہلاتا ہے) تاہم، اس کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں۔ سیئول کے ایک پولیس افسر کم ہیون ڈان نے میڈیا سے گفتگو میں دعویٰ کیا کہ شہر کے اُن علاقوں میں جہاں ہولوگرام نصب کیا گیا ہے، جرائم میں 22 فی صد تک کمی آئی ہے، اور یہ نظام فوری نوعیت کے جرائم کو روکنے میں اثرانداز ہو رہا ہے۔

  • برطانیہ، جرمنی اور فرانس کی ایران کو مشروط پیشکش

    برطانیہ، جرمنی اور فرانس کی ایران کو مشروط پیشکش

    اقوام متحدہ میں برطانیہ، جرمنی اورفر انس نے پیشکش کی ہے کہ ایران عالمی جوہری ایجنسی کو رسائی اور یورینیم افزودگی پر خدشات دور کرے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے ایران پر اقوام متحدہ کی پابندیوں کو دوبارہ نافذ کرنے کی کوشش شروع کر دی ہے، تینوں ملکوں کے مطابق وہ "اسنیپ بیک میکنزم” کو فعال کر رہے ہیں، جس کے تحت ایران پر اقوام متحدہ کی پابندیاں آئندہ 30 روز میں دوبارہ نافذ ہو سکتی ہیں۔

    تاہم برطانیہ، جرمنی اور فر انس نے ایران کو تین شرائط پوری کرنے پر پابندیوں میں تاخیر کی پیشکش کی ہے، یہ بھی مطالبہ کیا کہ ایران امریکا کے ساتھ دوبارہ جوہری مذاکرات میں شریک ہو۔

    دوسری جانب اقوام متحدہ میں ایرانی سفیر امیر سعید نے کہا کہ یورپی ممالک کی پیشکش غیر حقیقی اور پیشگی شرائط سے بھرپور ہے، یورپی ممالک ایسا مطالبہ کر رہے ہیں، جو مذاکرات کا نتیجہ ہونا چاہیے آغاز نہیں، یورپی ممالک جانتے ہیں کہ ان مطالبات کو پورا نہیں کیا جاسکتا۔

    یورپی یونین کے پالیسی چیف کو لکھے گئے خط میں ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ تینوں ممالک کے پاس پابندیوں کو دوبارہ فعال کرنے کا "کوئی قانونی اختیار” نہیں ہے اور روس اور چین ایران کے موقف کی حمایت کرتے ہیں۔

    ایران جوہری پروگرام پر سفارتی مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر آمادہ

    اس سے ایک روز قبل ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے عندیہ دیا تھا کہ اگر مغربی ممالک سنجیدگی اور خیرسگالی کا مظاہرہ کریں تو ایران اپنے جوہری پروگرام پر دوبارہ مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

    اس کے علاوہ چین نے جمعہ کے روز کہا ہے کہ یورپی ممالک کا شروع کردہ یہ طریقہ کار "مثبت نہیں” ہے جس کے تحت 30 دنوں میں ایران پر اقوامِ متحدہ کی پابندیاں دوبارہ عائد ہو سکتی ہیں۔

    وزارتِ خارجہ کے ترجمان گو جیاکون نے باقاعدہ پریس بریفنگ میں کہا "ایرانی جوہری مسئلہ ایک نازک موڑ پر ہے، سلامتی کونسل کا پابندیوں کے طریقہ کار کا آغاز تعمیری نہیں ہے اور اس سے ایرانی جوہری مسئلے کے سیاسی اور سفارتی حل کے عمل کو نقصان پہنچے گا”۔

  • لاس اینجلس میں پولیس کی فائرنگ سے سکھ ہلاک (ویڈیو)

    لاس اینجلس میں پولیس کی فائرنگ سے سکھ ہلاک (ویڈیو)

    امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس میں پولیس نے فائرنگ کرکے ایک 36 سالہ سکھ کو موت کے گھاٹ اتار دیا، فائرنگ کے واقعے میں ہلاک سکھ کی شناخت گرپریت سنگھ کے نام سے ہوئی ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ 13 جولائی کو لاس اینجلس کے مصروف ترین علاقے کرپٹو ڈاٹ کام ایرینا کے قریب رونما ہوا، جہاں سکھ شخص اپنا روایتی سِکھ مارشل آرٹ ’گَٹکا‘ کے انداز میں سڑک پر تلوار لہرارہا تھا۔

    رپورٹس کے مطابق لاس اینجلس پولیس ڈیپارٹمنٹ (ایل اے پی ڈی) کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص گُرپریت سنگھ نے اپنی گاڑی سڑک کے بیچ میں کھڑی کرکے دو دھاری تلوار سے لوگوں کو ڈرایا۔

    پولیس نے گرپریت سنگھ کو بار بار تلوار پھینکنے کے احکامات دیے مگر اس نے پولیس کے ساتھ تعاون نہیں کیا اور تلوار لہرانے میں مصروف رہا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرپریت سنگھ نے پہلے پولیس افسران کی جانب بوتل پھینکی اور پھر موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی، تعاقب کرنے پر اپنی گاڑی کو پولیس کی گاڑی سے ٹکرایا، جب پولیس اس کے قریب پہنچی تو اس نے تلوار سے حملہ کرنے کی کوشش کی جس پر افسران نے فائرنگ کی۔

    سوشل میڈیا پر بلاک کیوں کیا؟ نوجوان نے گرل فرینڈ کا گلا کاٹ دیا

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق گرپریت سنگھ کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا مگر اسپتال پہنچنے سے قبل ہی وہ جان کی بازی ہار گیا۔

    پولیس کے مطابق پولیس نے جائے وقوعہ سے دو فٹ لمبا ’کھنڈا‘ (دو دھاری تلوار) برآمد کر کے ثبوت کے طور پر محفوظ کر لیا ہے، اس واقعے میں کوئی پولیس اہلکار یا عام شہری زخمی ہونے کی اطلاعات نہیں ملیں۔

  • کیا اسرائیل لندن آرمز فیئر میں شرکت کرے گا؟ برطانوی فیصلے نے حیران کر دیا

    کیا اسرائیل لندن آرمز فیئر میں شرکت کرے گا؟ برطانوی فیصلے نے حیران کر دیا

    لندن (30 اگست 2025): برطانیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ اسرائیلی حکام کو اسلحوں کی نمائش (لندن آرمز فیئر) میں مدعو نہیں کیا جائے گا۔

    برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ غزہ تنازع پر برطانیہ اور اسرائیل کے درمیان بگڑتے ہوئے سفارتی تعلقات کے تناظر میں اسرائیلی سرکاری نمائندوں کو عالمی دفاعی نمائش ’لندن آرمز فیئر‘ میں مدعو نہیں کر رہے ہیں۔

    برطانوی حکومت کے ترجمان نے کہا ’’اسرائیلی حکومت کا غزہ میں اپنے فوجی آپریشن کو مزید وسعت دینا ایک غلط فیصلہ ہے، اسی لیے ہم تصدیق کرتے ہیں کہ DSEI UK 2025 (ڈیفنس اینڈ سیکیورٹی ایکوپمنٹ انٹرنیشنل) میں اسرائیلی سرکاری وفد کو مدعو نہیں کیا جائے گا۔‘‘

    لندن میں آئندہ ماہ 9 ستمبر سے شروع ہونے والا آرمز فیئر 12 ستمبر تک جاری رہے گا۔ تاہم انفرادی سطح پر اسرائیلی دفاعی کمپنیوں کو اس نمائش میں شرکت کی اجازت حاصل ہے۔

    فلسطینی حکام کے ویزے منسوخ، محمود عباس کا شدید رد عمل

    دوسری جانب اسرائیل کی وزارتِ دفاع نے اس فیصلے کو ’’امتیازی سلوک پر مبنی اور افسوس ناک عمل‘‘ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اسرائیل اپنا قومی پویلین نمائش میں نہیں لگائے گا اور مکمل طور پر شرکت سے دست بردار ہو رہا ہے۔

    واضح رہے کہ برطانیہ میں اسرائیل کے غزہ میں جاری بربریت پر تنقید میں حالیہ مہینوں میں اضافہ ہوا ہے، خصوصاً اسرائیلی فوج کی جانب سے جنگ کو توسیع دینے اور غزہ شہر پر قبضے کے منصوبوں پر۔

    برطانوی حکومت کے ترجمان نے جمعہ کو اپنے بیان میں کہا ’’اس جنگ کا فوری خاتمہ سفارتی حل سے ہونا چاہیے، جنگ بندی فوراً نافذ کی جائے، یرغمالیوں کی رہائی ہو، اور غزہ کے عوام تک انسانی امداد میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے۔‘‘

    DSEI برطانیہ کا سب سے بڑا دفاعی تجارتی شو ہے، جو ہر دو سال بعد لندن کے ڈاک لینڈز میں منعقد ہوتا ہے، جس میں دنیا بھر سے سیکڑوں دفاعی کمپنیاں اپنی عسکری ٹیکنالوجی اور ساز و سامان کی نمائش کرتی ہیں۔ برطانوی حکومت اس نمائش کی پشت پناہی کرتی ہے اور غیر ملکی حکام کو بھی مدعو کرتی ہے۔

    اسرائیل کی وزارت دفاع نے برطانوی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ ایک پیشہ ور دفاعی صنعت کی نمائش میں غیر متعلقہ سیاسی عوامل کو شامل کرنے کے مترادف ہے۔ تاہم برطانوی وزارت نے واضح کیا ہے کہ اگر اسرائیلی کمپنیاں انفرادی طور پر شرکت کرنا چاہیں تو انھیں مکمل سرکاری حمایت حاصل ہوگی۔

    ادھر لبرل ڈیموکریٹس کی دفاعی امور کی ترجمان ہیلن میگویئر نے حکومت پر تنقید کی ہے کہ حکومت اسرائیل کو اسلحہ برآمد کرتی ہے اور یہ اقدام اسلحے کی برآمدات پر پابندی کے متبادل ہرگز نہیں ہے، حکومت حقیقت سے منہ موڑ رہی ہے، اسلحے پر پابندی نہ لگانا انسانی المیے پر حکومت کی ذمہ داری سے انحراف ہوگا۔

  • حماس کا اسرائیلی فوج پر بڑا حملہ، 2 ہلاک، 4 کو یرغمال بنا لیا

    حماس کا اسرائیلی فوج پر بڑا حملہ، 2 ہلاک، 4 کو یرغمال بنا لیا

    غزہ میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم اور اسرائیلی فوج کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی ہیں جس میں 2 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 10 سے زائد زخمی ہوگئے۔

    فلسطینی رہنما اور القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ کے ایک مختصر پیغام کے فوراً بعد غزہ کے علاقے میں الزيتون میں القسام بریگیڈ نے مزاحمتی کارروائیاں کی، جس کے نتیجے میں 2 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 4 لاپتہ ہوگئے۔

    ابو عبیدہ نے خبردار کیا تھا کہ اسرائیل کا غزہ پر قبضے کا منصوبہ تل ابیب کی سیاسی اور عسکری قیادت کے لیے تباہ کن ثابت ہوگا، انہوں نے کہا تھا کہ جنگی حالات سے فوجیوں کو پکڑنے کے امکانات بڑھ جائیں گے۔

    اسرائیلی میڈیا کے مطابق غزہ شہر کے زیتون محلے میں فلسطینی مزاحمتی گروپ اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپ میں کم از کم 2 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 11 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

    اسرائیلی میڈیا نے یہ بھی رپورٹ کیا ہے غزہ میں حماس کے جنگجوؤں کے ساتھ جھڑپوں کے دوران چار اسرائیلی فوجی لاپتا ہوئے ہیں، حماس کے جنگجوؤں نے اسرائیلی فوجیوں کو نائٹ وژن آلات کے ذریعے ٹریس کیا، جس کے نتیجے میں شدید جھڑپیں شروع ہوئیں۔

    اسرائیلی میڈیا کے مطابق فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے جنگجوؤں نے غزہ کے علاقے الزیتون میں اسرائیلی فوجی دستے کے خلاف آپریشن کیا اور گھات لگا کر حملے کیے۔

    اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کی 162 ویں ڈویژن اور 401 ویں بریگیڈ کے دستے الزيتون میں حملے کا شکار ہوئے جبکہ اسرائیلی فوج کے ہیلی کاپٹر پر بھی فائرنگ کی گئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق مزاحمتی حملوں کے جواب میں اسرائیلی جنگی طیارے کم بلندی پر پرواز کر رہے ہیں اور زیتون اور صبرا محلے کے ساتھ ساتھ جبالیہ میں بھی گولہ باری کی جا رہی ہے۔

  • جہیز کا لالچ ایک اور معصوم کی جان لے گیا، ملزم گرفتار

    جہیز کا لالچ ایک اور معصوم کی جان لے گیا، ملزم گرفتار

    بھارت کے امروہہ میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ رونما ہوا، جہیز کے لالچ نے ایک اور معصوم بیٹی کی جان لے لی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حسن پور کے علاقے کی رہائشی 23 سالہ گلفشا کی شادی ایک سال قبل بڑے دھوم دھام سے ہوئی تھی، شادی کے بعد سسرال والوں نے اس پر دباؤ ڈالنا شروع کر دیا کہ وہ اپنے والدین کے گھر سے 10 لاکھ روپے نقد اور ایک کار لے کر آئے۔

    رپورٹس کے مطابق لڑکی کے گھر والوں نے الزام عائد کیا کہ مانگ پوری نہ ہوئی تو شوہر پرویز اور اس کے گھر والوں نے ظلم و زیادتی کی انتہا کر دی۔ چند روز قبل گلفشا کو زبردستی تیزاب پلا دیا گیا جس کے بعد اس کی حالت نازک ہو گئی۔ اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ 17 دن تک زندگی اور موت کے درمیان جدوجہد کرتی رہی۔

    گزشتہ رات علاج کے دوران گلفشا جان کی بازی ہار گئی، افسوسناک واقعہ کے بعد پولیس حرکت میں آئی اور ملزم شوہر پرویز کو گرفتار کرلیا، پولیس کے مطابق دیگر سسرالی رشتہ داروں کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے اور تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

    اس سے قبل بھارت کے گجرات میں نوجوان نے سوشل میڈیا پر بلاک کرنے پر اپنی گرل فرینڈ کو موت کے گھاٹ اُتار دیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نوجوان اور لڑکی کے درمیان پہلے بھی محبت کا رشتہ قائم تھا۔ تاہم لڑکی نے حال ہی میں اس سے دوری اختیار کرکے اس کا نمبر بلاک کر دیا تھا۔ اس بات سے ناراض ہو کر نوجوان نے اس پر حملہ کر دیا۔

    رپورٹس کے مطابق لڑکی مزید تعلیم حاصل کرنا چاہتی تھی۔ تاہم نوجوان نہیں چاہتا تھا کہ لڑکی بھج میں رہ کر مزید تعلیم حاصل کرے، لڑکے کی خواہش تھی کہ لڑکی گاندھی دھام واپس آجائے۔

    قتل کی اندوہناک واردات شام کے وقت انجام دی گئی، لڑکی کالج سے فارغ ہوکر مزید اسٹڈی کے لیے ہاسٹل جا رہی تھی۔ ایسے میں نوجوان نے اسے فون کیا اور ملنے کے لیے بلایا۔

    دادا نے کالا جادو کے دوران اپنے پوتے کو مار ڈالا

    رپورٹس کے مطابق لڑکی نے گاندھی دھام کا علاقہ چھوڑ دیا تھا اور مزید تعلیم حاصل کرنے کے لیے بھج چلی گئی۔ نوجوان کو یہ بات پسند نہیں آئی۔ وہ لڑکی کو بار بار فون کرتا رہا اور اسے گاندھی دھام واپس آنے پر اصرار کرتا رہا، جب بات نہ بنی تو اس نے لڑکی کو ملاقات کے لیے بلایا اور چاقو کے وار سے اسے قتل کردیا۔