Category: عالمی خبریں

International News عالمی خبریں

دنیا بھر سے اہم خبریں اردو زبان میں پڑھنے کے لئے یہاں کلک کریں

  • پیوٹن بھارت کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، مشیر روسی صدر

    پیوٹن بھارت کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، مشیر روسی صدر

    ماسکو (30 اگست 2025): روسی صدر ولادیمیر پیوٹن رواں سال دسمبر میں بھارت کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جہاں وہ وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے۔

    خبر رساں ایجنسی اے پی کی رپورٹ کے مطابق روسی صدر کے خارجہ امور کے مشیر یوری یوشاکوف نے صحافیوں کو بتایا کہ پیوٹن پیر کو چین میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ اپنے آئندہ دسمبر کے دورے پر بات کریں گے۔

    واضح رہے کہ پیوٹن اور نریندر مودی چین میں شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے سالانہ سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات کریں گے۔

    روسی صدر سربراہی اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں اور 31 اگست سے 3 ستمبر تک چین کے چار روزہ دورے کے ایک حصے کے طور پر سائیڈ لائنز پر متعدد دو طرفہ ملاقاتیں کر رہے ہیں۔

    وہ چینی ہم منصب شی جن پنگ کے ساتھ بھی اہم ملاقات کریں گے جبکہ دوسری عالمی جنگ کے خاتمے کی 80ویں سالگرہ کی یاد میں ایک بڑی فوجی پریڈ میں شرکت کریں گے۔

    بھارتی وزیر اعظم کے ساتھ ملاقات کے علاوہ وہ ترک صدر رجب طیب اردوان اور ایرانی صدر مسعود پیزشکیان کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتوں کے علاوہ دیگر رابطے بھی طے کرنے والے ہیں۔

    روسی حکام پیوٹن اور شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کے درمیان بیجنگ میں دو طرفہ ملاقات کے امکان پر بھی کام کر رہے ہیں۔

    پیوٹن کی مودی کے ساتھ اس سال پہلی ملاقات ہوگی لیکن دونوں نے بارہا ٹیلی فون پر رابطہ برقرار رکھا ہے۔

  • سوشل میڈیا پر بلاک کیوں کیا؟ نوجوان نے گرل فرینڈ کا گلا کاٹ دیا

    سوشل میڈیا پر بلاک کیوں کیا؟ نوجوان نے گرل فرینڈ کا گلا کاٹ دیا

    بھارت کے گجرات میں نوجوان نے سوشل میڈیا پر بلاک کرنے پر اپنی گرل فرینڈ کو موت کے گھاٹ اُتار دیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نوجوان اور لڑکی کے درمیان پہلے بھی محبت کا رشتہ قائم تھا۔ تاہم لڑکی نے حال ہی میں اس سے دوری اختیار کرکے اس کا نمبر بلاک کر دیا تھا۔ اس بات سے ناراض ہو کر نوجوان نے اس پر حملہ کر دیا۔

    رپورٹس کے مطابق لڑکی مزید تعلیم حاصل کرنا چاہتی تھی۔ تاہم نوجوان نہیں چاہتا تھا کہ لڑکی بھج میں رہ کر مزید تعلیم حاصل کرے، لڑکے کی خواہش تھی کہ لڑکی گاندھی دھام واپس آجائے۔

    قتل کی اندوہناک واردات شام کے وقت انجام دی گئی، لڑکی کالج سے فارغ ہوکر مزید اسٹڈی کے لیے ہاسٹل جا رہی تھی۔ ایسے میں نوجوان نے اسے فون کیا اور ملنے کے لیے بلایا۔

    رپورٹس کے مطابق لڑکی نے گاندھی دھام کا علاقہ چھوڑ دیا تھا اور مزید تعلیم حاصل کرنے کے لیے بھج چلی گئی۔ نوجوان کو یہ بات پسند نہیں آئی۔ وہ لڑکی کو بار بار فون کرتا رہا اور اسے گاندھی دھام واپس آنے پر اصرار کرتا رہا، جب بات نہ بنی تو اس نے لڑکی کو ملاقات کے لیے بلایا اور چاقو کے وار سے اسے قتل کردیا۔

    بھارت میں افغان خاتون زیادتی کا نشانہ بن گئی

    پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان اپنے ایک دوست کے ساتھ گرل فرینڈ سے ملنے آیا تھا۔ اس دوران دونوں کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی۔ جھگڑا اتنا بڑھ گیا کہ ملزم نوجوان نے اس پر چاقو سے حملہ کر دیا۔

    حملے میں لڑکی شدید زخمی ہو گئی۔ اسے فوری طور پر اسپتال میں منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران چل بسی، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے مزید کارروائی شروع کردی، واضح رہے کہ بھارت میں اس قسم کے واقعات اب عام ہوچکے ہیں۔

  • اسرائیلی فوج کی غزہ میں بربریت جاری، مزید 67 فلسطینی شہید

    اسرائیلی فوج کی غزہ میں بربریت جاری، مزید 67 فلسطینی شہید

    غزہ میں اسرائیلی فوج کی بربریت کا سلسلہ جاری ہے، تازہ حملوں میں مزید 60 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق غزہ بھر میں اسرائیلی فوج کے حملوں میں کم از کم 67 فلسطینی شہید ہوگئے، شہید ہونے والوں میں امداد کے متلاشی 6 افراد بھی شامل تھے۔

    فلسطینی طبی کارکنوں کے مطابق امداد کے 3 متلاشی افراد کو وسطی غزہ میں اسرائیلی فوج نے گولیاں مار کر شہید کر دیا۔

    اس کے علاوہ اسرائیلی فضائی حملوں میں خان یونس کے مغربی علاقے کو نشانہ بنایا گیا، جس میں کم از کم 5 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

    دوسری جانب اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ کی پٹی سے اسیر ایلان ویس کی لاش برآمد کر لی ہے۔ یہ آپریشن فوج کی سدرن کمانڈ نے ”انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ، شن بیٹ اور اسپیشل فورسز کے تعاون سے کیا۔

    فوج نے کہا کہ نیشنل سینٹر فار فارنزک میڈیسن میں شناختی عمل کے بعد مین پاور ڈائریکٹوریٹ میں یرغمالیوں کی ٹیم نے [ویس’] خاندان اور بیری کمیونٹی کو اطلاع دی۔

    فوج نے بتایا کہ ویس کبٹز بیری کا رکن تھا اور اسے 7 اکتوبر 2023 کو اس کے گھر سے مار کر لے جایا گیا تھا۔

    موت کے وقت ویس کی عمر 55 سال تھی۔ ان کی اہلیہ شیری اور بیٹی نوگا کو بھی یرغمال بنا لیا گیا لیکن بعد میں نومبر 2023 میں عارضی جنگ بندی کے تحت رہا کر دیا گیا۔

    اسرائیل کے یرغمالیوں اور لاپتہ خاندانوں کے فورم، جس نے غزہ میں اسیروں کی واپسی کے لیے جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کیے ہیں، ایلان ویس کے نقصان پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔

    سعودی عرب: 60 واں طیارہ غزہ کے لیے امدادی سامان لے کر روانہ

    ایکس پر بیان میں انہوں نے کہا کہ ہمارے دل آج خاندان کے ساتھ ہیں،ان کی واپسی سے خاندان کو 692 دنوں تک بے یقینی کے ڈراؤنے خواب میں انتظار کرنے کے بعد کچھ سکون ملے گا۔

  • روس یوکرین تنازع کے حل کی پرامن کوششوں کی حمایت کرتے ہیں، پاکستانی مندوب

    روس یوکرین تنازع کے حل کی پرامن کوششوں کی حمایت کرتے ہیں، پاکستانی مندوب

    (30 اگست 2025): اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ روس یوکرین تنازع کے حل کی پرامن کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستانی مسقل مندوب سفیر عاصم افتخار نے یوکرین میں انسانی جانوں کے ضیاع اور سفارتی وثقافتی اداروں کو پہنچنے والے حالیہ نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

    اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے خطاب میں کہا کہ عالمی قوانین واضح ہیں اور اس پر عمل درآمد لازم ہے، تمام ارکان کو ویانا کنونشن کا احترام کرنا چاہیے۔

    انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے تنازع کے حل کے لیے کردار کو سراہتے ہیں، امریکا اور روس کے درمیان اعلیٰ سطح رابطے خوش آئند ہیں، امید ہے روس یوکرین کے رابطوں کا مثبت نتیجہ  آئے گا۔

    پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ روس یوکرین میں امن کی کوششیں رکنی نہیں چاہیے، تنازعات کے حل کے لیے طاقت کا استعمال مناسب نہیں ہے طاقت کے استعمال سے انسانوں کی تکالیف بڑھتی ہیں، روس یوکرین تنازع کے حل کی پرامن کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/russia-ukraine-stop-war-trump-says/

  • سعودی عرب: 60 واں طیارہ غزہ کے لیے امدادی سامان لے کر روانہ

    سعودی عرب: 60 واں طیارہ غزہ کے لیے امدادی سامان لے کر روانہ

    سعودی عرب کی جانب سے فلسطینی عوام کے لیے امدادی کارروائیوں کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری ہے، شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے تحت 60 ویں خصوصی پرواز مصر کے العریش کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ گئی۔

    سعودی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امدادی سامان سعودی وزارت دفاع اور مصر میں سعودی سفارتخانے کے اشتراک سے شاہ سلمان مرکز کی جانب سے روانہ کی گئی۔

    رپورٹس کے مطابق امدادی سامان میں فوڈ باسٹکس ہیں جنہیں غزہ میں متاثرہ فلسطینیوں تک جلد پہنچایا جائے گا۔

    سعودی عرب کا یہ اقدام غزہ کی پٹی کے فلسطینی شہریوں کو شاہ سلمان مرکز کے ذریعے فراہم کی جانے والی سعودی امداد کا حصہ ہے تاکہ قحط کی سنگین صورتحال اور غزہ کے رہائشیوں کے مصائب کو دور کیا جاسکے۔

    شاہ سلمان مرکز کا کہنا ہے کہ امداد کا یہ سلسلہ جاری رہے گا تاکہ جنگ اور محاصرے کے شکار فلسطینی بھائیوں کی زیادہ سے زیادہ مدد کی جاسکے۔

    دوسری جانب حماس القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کا غزہ کی پٹی پر قبضے کا منصوبہ ”اس کی سیاسی اور عسکری قیادت کے لیے تباہ کن ثابت ہو گا”۔

    ابو عبیدہ نے ٹیلی گرام پر حماس کی طرف سے شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں کہا کہ اور دشمن کی فوج اپنے سپاہیوں کے خون سے قیمت ادا کرے گی۔

    غزہ سٹی پر قبضے کا آغاز، اسرائیلی کارروائی پر یورپی وزرائے خارجہ کا سخت ردعمل

    ترجمان نے یہ بھی متنبہ کیا کہ اگرچہ حماس اسرائیلی اسیران کی زندگیوں کو ”اپنی بہترین صلاحیت کے مطابق”محفوظ رکھے گی لیکن انہیں غزہ میں فلسطینی گروپ کے جنگجوؤں کی طرح ہی خطرات لاحق ہیں۔

    ابو عبیدہ نے کہا کہ اسرائیلی فوج اور حکومت کسی بھی قیدی کی موت کی ”مکمل ذمہ داری اٹھائے گی“۔

  • فلسطینی حکام کے ویزے منسوخ، محمود عباس کا شدید رد عمل

    فلسطینی حکام کے ویزے منسوخ، محمود عباس کا شدید رد عمل

    واشنگٹن (30 اگست 2025): امریکا نے محمود عباس سمیت 80 فلسطینی حکام کے ویزے منسوخ کر دیے ہیں جس پر فلسطینی اتھارٹی کے صدر نے سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے محمود عباس سمیت 80 فلسطینی نمائندوں کو ویزا جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان ٹومی پیگوٹ نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ آج ٹرمپ انتظامیہ اعلان کر رہی ہے کہ فلسطین لبریشن آرگنائزیشن اور فلسطین اتھارٹی کے اراکین کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے قانون کے مطابق ویزے نہیں دیے جائیں گے۔

    ترجمان نے کہا کہ امن میں سنجیدہ شراکت دار تصور کرنے سے پہلے فلسطین لبریشن آرگنائزیشن اور فلسطین اتھارٹی کو مکمل طور پر دہشت گردی کو مسترد کرنا ہوگا اور یک طرفہ طور پر ریاست تسلیم کرنے کے لیے کوششیں ترک کرنی ہوں گی۔

    ترکیہ کا اسرائیل سے تجارتی تعلقات منقطع کرنے اور فضائی حدود بند کرنے کا فیصلہ

    فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس نے امریکی فیصلے کی شدید مذمت کی، اور کہا کہ امریکی محکمہ خارجہ کا فیصلہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

    روئٹرز کے مطابق امریکا فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس کو اگلے ماہ اقوام متحدہ کے عالمی رہنماؤں کے اجتماع کے لیے نیویارک جانے کی اجازت نہیں دے گا، جہاں کئی امریکی اتحادی فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کے لیے تیار ہیں۔ محمود عباس مین ہٹن میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں سالانہ اعلیٰ سطحی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے لیے نیویارک جانے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ وہ وہاں ایک سربراہی اجلاس میں بھی شرکت کرنے والے تھے جس کی میزبانی فرانس اور سعودی عرب کریں گے، جہاں برطانیہ، فرانس، آسٹریلیا اور کینیڈا نے فلسطینی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے کا عہد کیا ہے۔

  • سعودی عرب، مسجد سے چوری کرنے والا غیر ملکی گرفتار

    سعودی عرب، مسجد سے چوری کرنے والا غیر ملکی گرفتار

    سعودی عرب میں وزارتِ اسلامی امور، دعوت و ارشاد کی فیلڈ ٹیم نے جازان ریجن کی صبیا کمشنری میں واقع ایک مسجد سے بجلی چوری میں ملوث ایک غیر ملکی کو گرفتار کرلیا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایک غیر ملکی نے مسجد کے میٹر سے تار نکال کر اپنے گھر تک پہنچائی اورپورے گھر کو مسجد کی بجلی سے منسلک کردیا۔

    وزارت کے متعلقہ ادارے نے کارروائی کرتے ہوئے بجلی چوری کے اس غیر قانونی کنکشن کو ختم کیا اور معاملہ متعلقہ حکام کو بھیج دیا تاکہ مقیم شخص کے خلاف قانونی کارروائی ہو، اسے جواب دہ بنایا جائے اور اس پر مسجد کی سابقہ کھپت کی مکمل بجلی کا بل ادا کرنا لازم قرار دیا جائے۔

    وزارت نے واضح کیا کہ وہ مساجد کی سہولتوں میں کسی بھی قسم کی چوری یا چھیڑ چھاڑ پر ہرگز نرمی نہیں برتے گی بلکہ سختی اور سنجیدگی سے نمٹے گی۔

    دوسری جانب سعودی عرب میں قطیف کمشنری کی عدالت میں اوقاف کے جج کو اغوا کرکے قتل کرنے والے شخص پر سزائے موت کا فیصلہ نافذ کردیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سعودی شہری جلال بن حسن بن عبد الکریم لباد نے دہشت گرد تنظیم سے وابستگی اختیار کی، ملک میں تخریب کاری کا ارتکاب کیا اور متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں شامل رہا۔

    سعودی عرب کا غیر ملکی ملازمین کے لیے بڑا فیصلہ

    رپورٹس کے مطابق مذکورہ شخص نے دیگر مطلوب افراد کے ساتھ ملک کر سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ اور بمباری کر کے انہیں قتل کرنے کی کوشش بھی کی ہے۔

    وزارت کے مطابق تمام ثبوت اور دلائل کے ساتھ مذکورہ شخص کوعدالت میں پیش کیا گیا جہاں الزام ثابت ہونے اور زمین میں فساد پھیلانے پر سزائے موت کا فیصلہ سنا دیا گیا۔

  • ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن اسرائیل اور امریکا ایران کو تباہ اور تقسیم کرنا چاہتے ہیں، ایرانی صدر

    ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن اسرائیل اور امریکا ایران کو تباہ اور تقسیم کرنا چاہتے ہیں، ایرانی صدر

    تہران(30 اگست 2025): ایرانی صدر نے مسعود پزشکیان نے کہا کہ ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن اسرائیل اور امریکا ایران کو تباہ اور تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔

    ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ایران جنگ نہیں چاہتا لیکن اسرائیل اور امریکا ایران کو تباہ کرنا چاہتے ہیں، کہ اسرائیل اور امریکا نے ایران پر حملہ کیا تو ایران بھر پور جواب دے گا۔

    ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے امریکا اور ایران دونوں ممالک ایران کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں لیکن کوئی بھی ایرانی شہری یہ نہیں چاہے گا کہ ایران تقسیم ہو۔

    دوسری جانب اقوام متحدہ میں برطانیہ، جرمنی اورفر انس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران عالمی جوہری ایجنسی کو رسائی اور یورینیم افزودگی پر خدشات دور کرے۔

    تینوں ممالک نے مطالبہ کیا کہ ایران امریکا کے ساتھ دوبارہ جوہری مذاکرات میں شریک ہو، انہو ں نے ایران کو 3 شرائط پوری کرنے پر پابندیوں میں تاخیرکی پیشکش بھی کی۔

  • امریکی عدالت نے ٹرمپ کے زیادہ تر ٹیرف کو غیرقانونی قرار دے دیا

    امریکی عدالت نے ٹرمپ کے زیادہ تر ٹیرف کو غیرقانونی قرار دے دیا

    واشنگٹن (29 اگست 2025) عدالت نے امریکی صدر کے عائد کردہ زیادہ تر ٹیرف غیر قانونی قرار دے دیے جبکہ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ عدالتی فیصلہ امریکا کو تباہ کردے گا۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکی اپیل کورٹ نے صدر ٹرمپ کے زیادہ تر ٹیرف کو غیر قانونی قرار دے دیا۔ اس فیصلے سے صدر کی معاشی پالیسی کو بڑا دھچکہ لگا ہے۔

    عدالت نے کہا ہے کہ امریکی حکومت فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں اپیل کرسکتی ہے، سپریم کورٹ میں اپیل کا موقع دینے کے لیے فیصلے کے نفاذ میں تاخیر کا کہا گیا ہے۔

    عدالتی فیصلے کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کو اپیل دائر کرنے تک مذکورہ ٹیرف 14 اکتوبر تک برقرار رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔

    دوسری جانب صدر ٹرمپ نے اس فیصلے کی شدید مخالفت اور تنقید کرتے ہوئے اسے ایک انتہائی جانبدار عدالت کا فیصلہ قرار دیا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹروتھ سوشل پر اپنے پیغام میں لکھا کہ اگر یہ ٹیرف ختم ہوگئے تو یہ ملک کے لیے ایک مکمل تباہی کے مترادف ہوگا، تمام ٹیرف اب بھی نافذ ہیں۔

    صدرٹرمپ نے کہا کہ ٹیرف پر فیصلہ سنانے والی اپیل کورٹ غلط اور جانبدار ہے، سپریم کورٹ کی مدد سے ٹیرف کو قوم کے فائدے کیلئےاستعمال کریں گے۔

    تاہم انہوں نے ایک بار پھر امید ظاہر کی کہ سپریم کورٹ کی مدد سے یہ ٹیرف ملک کے مفاد میں بحال کر دیے جائیں گے۔

    مذکورہ فیصلہ واشنگٹن ڈی سی میں واقع یو ایس کورٹ آف اپیلز فار دی فیڈرل سرکٹ نے 7-4 کی اکثریت سے سنایا۔

  • بھارتی روپیہ ریکارڈ گراوٹ کا شکار، کم ترین سطح پر آگیا

    بھارتی روپیہ ریکارڈ گراوٹ کا شکار، کم ترین سطح پر آگیا

    نئی دہلی : امریکہ کی جانب سے نافذ 50 فیصد ٹیرف کے بعد بھارتی روپیہ ریکارڈ گراوٹ کا شکار ہے، امریکی ڈالر کے مقابلے میں بھارتی کرنسی کی قدر میں کمی کا سلسلہ چار ماہ سے جاری ہے۔

    بھارت پر 50 فیصد امریکی ٹیرف کے نفاذ سے معاشی نمو متاثر ہونے اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں مزید کمی کا خدشہ مزید بڑھ گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق بھارت پر پچاس فیصد امریکی ٹیرف کے نفاذ سے امریکی ڈالر کے مقابلے میں بھارتی روپے کی قدر میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی۔

    روئٹرز کا کہنا ہے بھارتی روپیہ 88 پیسے اضافے کے ساتھ انٹر بینک میں 88 روپے 29 پیسے کا ہوگیا۔ ٹیرف کی وجہ سے بھارت کی امریکا میں برآمدات پچپن فیصد تک کم ہونے کی توقع ہے، جس سے بھارت کا تجارت خسارہ بڑھے گا اور بیرونی ادائیگیاں بری طرح مثاثر ہوں گی۔

    ٹیرف عائد کیے جانے کے بعد بھارت کے معاشی دباؤ میں مزید اضافہ ہوا ہے، اس فیصلے کے نتیجے میں بھارت کو اب اپنی برآمدات پر مجموعی طور پر 50 فیصد محصولات کا سامنا ہے۔

    اعداد و شمار کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کار اس سال اب تک بھارتی حصص اور بانڈز سے9.7 ارب ڈالرز نکال چکے ہیں، جبکہ نئے ٹیرف کے اعلان کے بعد صرف دو روز میں ایک ارب ڈالر سے زائد سرمایہ کاری واپس لی گئی ہے۔

    رواں سال اگست میں روپیہ مجموعی طور پر 0.68 فیصد کمزور ہوا، اور یوں یہ مسلسل چوتھا مہینہ ہے جب روپے کی قدر میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

    ماہرینِ معیشت کے مطابق اگر یہ امریکی ٹیرف ایک سال تک برقرار رہتے ہیں، تو بھارت کی جی ڈی پی میں 60 سے 80 بیسس پوائنٹس کی کمی ہو سکتی ہے، جو پہلے سے سست معیشت پر مزید دباؤ ڈالے گی۔