Category: خیبر پختونخواہ

  • تاجر برادری مارکیٹس کھولنے سے متعلق حکم پر چیف جسٹس کے شکر گزار

    کراچی : تاجربرادری نے مارکیٹس کھولنے سے متعلق حکم پر چیف جسٹس پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا آج اللہ تعالیٰ نے تاجروں کی مدد سپریم کورٹ کے ذریعے کرائی۔

    تفصیلات کے مطابق تاجربرادری کی جانب سے چیف جسٹس سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا مارکیٹس سےمتعلق حکم پرچیف جسٹس کے شکر گزار ہیں ہیں۔

    تاجر رہنما شرجیل گوپلانی نے کہا کہ چیف جسٹس نے دکانیں کھولنے کی اجازت دےکرقانونی اقدام اٹھایا، تاجر آئین وقانون کے دائرے میں اجازت مانگ رہے تھے، آج تاجروں کی مدد اللہ تعالیٰ نےسپریم کورٹ کے ذریعےکرائی، چاندرات تک سپریم کورٹ کے فیصلے پر من وعن عمل کریں گے۔

    یاد رہے سپریم کورٹ کاکراچی کی تمام مارکیٹس کھولنےکاحکم دیتے ہوئے ہفتہ،اتوارکوکاروبار بند کرانے کا حکومتی حکم کالعدم قرار دے دیا ، عدالت نے کہا کہ ہفتہ اور اتوار کو کاروبار بند کرانے کا حکومتی حکم غیر آئینی ہے، 2دن کاروبار بند رکھنے کاحکم آئین کے آرٹیکل 18،4اور 25کی خلاف ورزی ہے۔

    عدالت نے کہا کہ پنجاب میں شاپنگ مال فوری طور پر آج ہی سےکھلیں گے اور سندھ شاپنگ مال کھولنے کیلئےوزارت صحت سے منظوری لے گا، دالت توقع کرتی ہے وزارت صحت غیرضروری رکاوٹ پیدانہیں کرےگی۔

    تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ تمام مارکیٹوں،شاپنگ مالز میں ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے متعلقہ حکومتیں ذمہ دارہوں گی۔

  • امیرغریب میں فرق ختم کرنا ہمارا مشن ہے، پرویز خٹک

    امیرغریب میں فرق ختم کرنا ہمارا مشن ہے، پرویز خٹک

    ہنگو: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ امیر غریب میں فرق ختم کرنا ہمارا مشن ہے، ہماری حکومت نے تعلیم میں امیر اور غریب کا فرق ختم کیا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہنگو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، پرویز خٹک نے کہا کہ اے این پی، جے یو آئی حکومتوں نے صوبے کے لیے کچھ نہیں کیا، صوبے کے عوام سے جرم کرنے والے سیاست دان معافی کے قابل نہیں۔

    وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ ہماری حکومت سے قبل دہشت گردی، اغوا کی وارداتیں عام تھیں، پولیس میں کرپشن تھی، تعلیم، صحت اور تمام انفرا اسٹرکچر تباہ تھا، ہم نے اقتدار میں آکر نظام ٹھیک کرنے کی کوشش کی۔

    انہوں نے کہا کہ ماضی میں وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ٹینڈرز، تبادلے فروخت ہوتے تھے، پختونوں کے نام پر سیاست دانوں نے پیٹ بھرے ہیں، اماموں کے اعزازیہ کے خلاف جے یو آئی پروپیگنڈا کررہی ہے، سیاسی مولویوں کی سیاست ختم کرنے کے لیے اعزازیہ مقرر کیے۔

    پرویز خٹک نے کہا کہ ملک کو مصیبت سے بچانے اور نظام کی درستگی کے لیے عمران خان ضروری ہے، پی ٹی آئی کا کوئی مقابلہ نہیں، آئندہ وزیر اعظم عمران خان ہی ہوں گے۔

    مزید پڑھیں: اسلام کے نام پر ووٹ لے کر عوام کو ورغلایا گیا، پرویز خٹک

    واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ چور لٹیروں کی وجہ سے دنیا میں پاکستان بدنام ہوا، ملک میں افرا تفری کا عالم ہے، بیوروکریسی بھی حکومت کے احکامات نہیں مان رہی، ایسی صورتحال میں ملک نہیں چل سکتا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • ڈاکٹرکی غفلت، انتظار گاہ میں پیدا ہونے والا بچہ سرد موسم کے باعث  جاں بحق

    ڈاکٹرکی غفلت، انتظار گاہ میں پیدا ہونے والا بچہ سرد موسم کے باعث جاں بحق

    مردان : لیڈی ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی غفلت کے باعث ماں نے ویٹننگ روم میں ہی بچے کو جنم دے دیا جب کہ نوزائیدہ بچہ سخت ٹھنڈ موسم اور فوری توجہ نہ ملنے کے باعث انتقال کرگیا۔

    تفصیلات کے مطابق مذکورہ افسوسناک واقعہ مردان میڈیکل کمپلیکس میں اس وقت پیش آیا جب خان کلے کا رہائشی اپنی اہلیہ کو زچگی کی حالت میں لے کر اسپتال پہنچا تھا۔

    درد زہ میں مبتلا خاتون کو گائنی وارڈ میں موجود لیڈی ڈاکٹر نے اہل خانہ کو یہ کہہ کر واپس کردیا کہ بچے کے جنم میں تین دن باقی ہیں اس لیے خاتون کو لے کر تین دن بعد آیا جائے۔

    گائناکولوجسٹ کی ہدایت پر اہل خانہ خاتون کو واپس گھر لے آئے تاہم ددر میں مزید اضافہ ہوگیا جس کے بعد خاتون کو دوبارہ اسپتال لایا گیا لیکن لیڈی داکٹر اور اسٹاف نے کوئی دلچسپی نہیں لی جس کے باعث خاتون نے ویٹنگ روم میں ہی بچے کو جنم دے دیا۔

    تاہم بد قسمتی سے سخت موسم اور فوری طبی امداد اور سہولیات نہ ملنے کے باعث نوزائیدہ بچہ دم توڑ گیا جس کے بعد اہل خانہ نے شدید احتجاج کرتے ہوئے میت لے جانے سے منع کردیا تاہم کمشنر مردان نے لیڈی ڈاکٹر اور اسٹاف کو معطل کردیا۔

  • دہشت گردی اور خون بہانا اسلام نہیں بلکہ فساد ہے، مولانا فضل الرحمان

    دہشت گردی اور خون بہانا اسلام نہیں بلکہ فساد ہے، مولانا فضل الرحمان

    بنوں : سربراہ جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اسلام امن و سلامتی کا پیغام ہے، دہشت گردی اور معصوم لوگوں کا خون بہانا اسلام نہیں فساد ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنوں میں سیرت النبی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ نبی آخری الزماں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا کردار رہتی دنیا کے انسانوں کے لیے نمونہ عمل ہے جنہوں نے اللہ کے پیغام کے ذریعے شرک و کفر میں ڈوبے اور قبائل میں بٹے انسانوں کو امن، محبت اور اخوت کے بندھن میں باندھ دیا۔

    مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ ہادی برحق نے ریاست کو عوام کے تابع کرکے فلاحی و اصلاحی حکومت کا عملی نظریہ پیش کیا جہاں اقلیتوں اور دیگر مذاہب کے ماننے والوں کے حقوق کا بھی تحفظ کیا جاتا تھا جس کی نظیر انسانی تاریخ میں نہیں ملتی چنانچہ انتشار پھیلانے والے کسی طور اسلام کے خیر خواہ نہیں کہ حقوق چھیننا اور معاشرے کو جنگ میں دھکیلنا شریعت نہیں بلکہ فساد ہے۔

    انہوں نے کہا کہ فاٹا انضمام کے حوالے سے قبائلیوں کو رنگین باتیں بتائی جاتی ہیں اور سبز باغ دکھائے جا رہے ہیں جو کہ جھوٹے اور لغو ہیں، فاٹا کا خیبرپختونخواہ سے انضمام کا فیصلہ فاٹا کے عوام کو کرنا ہے ناکہ گنتی کے چند لوگ اُن کی تقدیر کا فیصلہ کریں گے چنانچہ ہم فاٹا کی ملکیت پر کسی کو ڈاکا نہیں ڈالنے دیں گے اور فاٹا کے عوام کے حق کے لیے جو بن سکا کریں گے۔

    مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہماری کسی کے ساتھ ذاتی لڑائی نہیں ہے لیکن پاکستان اسلام کے نام پر بڑی قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا ہے جس کے لیے لاکھوں افراد نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور جس کا اپنا کلچر اور تشخص ہے جسے ختم کرنے کے لیے عالمی سازشیں کی جا رہی ہیں چنانچہ جمعیت علمائے اسلام کا ایک ایک کارکن مغربی تہذیب لانے والوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنے گا۔

  • پشاور: اسکولوں کی فیس تین فیصد سے زیادہ بڑھانے پر پابندی عائد

    پشاور: اسکولوں کی فیس تین فیصد سے زیادہ بڑھانے پر پابندی عائد

    پشاور : عدالت نے اسکولوں کی ماہانہ فیسیں تین فیصد سے زیادہ بڑھانے پر پابندی عائد کردی اس کے علاوہ چھٹیوں کے دوران طلبہ سے ٹرانسپورٹ فیس بھی نہیں لی جا سکے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ نے والدین کی فریاد سن لی، نجی تعلیمی ادارے طلباو طالبات کی ماہانہ فیسیں تین فیصد سے زیادہ نہیں بڑھاسکتے۔

    چھٹیوں کے دوران طلبہ سے ٹرانسپورٹ فیس لینے پر بھی پابندی ہوگی، فیسوں میں اضافے سے متعلق تفصیلی فیصلہ سنا دیا گیا۔ پشاور ہائیکورٹ نے مہنگے نجی اسکولوں کو لگام ڈال دی۔

    عدالت عالیہ نے حکم جاری کیا ہے کہ نجی تعلیمی ادارے فیسوں میں تین فیصد سے زیادہ اضافہ نہیں کر سکتے۔ اضافی فیس لینے والے اسکول کے خلاف علاقے کا تھانیدار کارروائی کر سکے گا۔

    اس کے علاوہ چھٹیوں کے دوران طلبہ سے ٹرانسپورٹ فیس لینے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ اسکولوں کے سمر کیمپ بھی بند کردیئے گئے۔

    عدالت نے تفصیلی فیصلے میں ریگولیٹری اتھارٹی کی منظوری کے بغیر نئے نجی تعلیمی ادارے کھولنے پرپابندی لگا دی ہے۔


    مزید پڑھیں: اسکول فیسوں میں5 فیصد سے زائد اضافہ غیرقانونی قرار


    اسکول وینوں کے المناک حادثے روکنے کیلئے عدالت کا کہنا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ سے لٹک کر جانے پر اسکول مالکان کا چالان ہوگا، ٹریفک اہلکار اساتذہ اور پرنسپل کو بھی چالان دینے کےمجاز ہوں گے۔

  • ڈاکٹرعاصم حسین کا نام ای سی ایل سے نکال دیا گیا

    ڈاکٹرعاصم حسین کا نام ای سی ایل سے نکال دیا گیا

    کراچی : پیپلزپارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم حسین کا نام ای سی ایل سے نکال دیا گیا، وزارت داخلہ نے سپریم کورٹ کےحکم پر ان کا نام نکالا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے پیپلز پارٹی کراچی کے رہنما ڈاکٹر عاصم حسین کا نام ایگزٹ کنٹرول کسٹ سے نکال دیا ہے، وزارت داخلہ نے یہ اقدام سپریم کورٹ کے حکم پر کیا، پی پی رہنما کا نام ایک ماہ کیلئے ای سی ایل سے نکالا گیا ہے۔

    بعد ازاں ڈاکٹرعاصم حسین نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے عدالت نے احکامات دیئے، ذاتی کام کیلئے نہیں علاج کیلئے بیرون ملک جانا چاہتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ صرف ایک ماہ کیلئے میرانام ای سی ایل سے نکالنا وزارت داخلہ کی بدنیتی ہے، حکومت کے اس اقدام کی سختی سے مذمت کرتا ہوں، ڈاکٹرعاصم نے کہا کہ مختلف ہتھکنڈوں سے پارٹی اورمجھ پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل سپریم کورٹ میں ڈاکٹر عاصم کی ای سی ایل سے نام نکالنے کی درخواست کی سماعت کے موقع پر موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ڈاکٹر عاصم علاج کیلئے بیرون ملک جانا ہے لہٰذا نام ای سی ایل سے نکالا جائے۔


    مزید پڑھیں: ڈاکٹرعاصم کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا عدالتی حکم 


    سندھ ہائی کورٹ کے حکم کے بعد ڈاکٹر عاصم حسین کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل) سے نکال دیا گیا تھا جس کے بعد وہ علاج کے سلسلے میں بیرون ملک روانہ ہوگئے تھے اوراکتوبر کی چھ تاریخ کو وطن لوٹ آئے تھے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ایم ایم اے کو بحالی سے قبل دھچکا، سمیع الحق، عمران خان سے جا ملے

    ایم ایم اے کو بحالی سے قبل دھچکا، سمیع الحق، عمران خان سے جا ملے

    پشاور : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور سربراہ جمعیت علمائے اسلام مولانا سمیع الحق کے درمیان ہونے والی ملاقات میں آئندہ انتخابات کے لیے مشترکہ لائحہ عمل پر اتفاق کرلیا گیا ہے جب کہ لائحہ عمل کو ترتیب دینے کے لیے مزید ملاقاتوں کی ضرورت پر زور دیا گیا.

    جیسے جیسے الیکشن کا وقت قریب آرہا ہے ویسے ویسے سیاسی صفت بندیاں سامنے آرہی ہے اور سیاسی جوڑ توڑ عروج پر ہے کہیں پُرانے حریف ہیں جو دوست بننے کو تیار ہے اور کبھی کے حلیف دشمن کی صفوں میں نظر آرہے ہیں.

    نوے کی دہائی کی مقبول مذہبی اتحاد متحدہ مجلس عمل کو بحال کرنے کے حوالے سے جمعیت علمائے اسلام کے مولانا فضل الرحمان اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے درمیان ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے.

    تاہم جے یو آئی کے سمیع الحق اور چیئرمین پی ٹی آئی درمیان ہونے والی ملاقات نے ایم ایم اے کی بحالی کو دھچکا لگ گیا ہے اور ان دو جماعتوں کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں کے بعد ایم ایم اے کی بحالی کھٹائی میں پڑ گئی ہے.

    اس موقع پرعمران خان نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے کرپٹ عناصرکا خاتمہ ضروری ہے اور کے پی کے میں اسلامی اقدامات کی حمایت پرآپ کے مشکور ہیں.

    انہوں نے کہا کہ مولانا سمیع الحق سے قومی ایشو اور مسائل پرنظریاتی و ذہنی ہم آہنگی ہے اور پی ٹی آئی دینی علوم کے مراکز کو پیروں پر کھڑا کرنا چاہتی ہے اس لیے ایک ساتھ ایشوز کو لے کر چلیں گے.

    مولانا سمیع الحق نے پی ٹی آئی کی اسلامی اقداما ت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور مشترکہ طور پر آنے والے طوفانوں کے سامنے بند باندھنا ہوگا جس کے لیے پی ٹی آئی اور جے یو آئی مل کر کام کریں گی.

  • چترال : بے قصورطالبہ کو اسکول سے نکالنے پرخاتون ٹیچر معطل

    چترال : بے قصورطالبہ کو اسکول سے نکالنے پرخاتون ٹیچر معطل

    چترال : پرائمری جماعت کی طالبہ کو تشدد کا نشانہ بنانے اور بے جا اسکول سے بے دخل کرنے پر خاتون ٹیچر کو ملازمت سے معطل کردیا گیا، مذکورہ ٹیچر کیخلاف محکمہ جاتی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سرکاری اسکول کے اساتذہ طلباء سے ذاتی کام کرانے لگے، طلباء و طالبات کے ساتھ نوکروں جیسا سلوک کیا جاتا ہے، جس کی مثال چترال کے ایک اسکول میں دیکھی گئی۔

    گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول شغور لوٹکوہ کی خاتون ٹیچر رضیہ بی بی نے تیسری کلاس کی طالبہ کو ذاتی کام ٹھیک سے نہ کرنے پر اسکول سے نکال دیا۔

    معصوم طالبہ کا قصور محض اتنا تھا کہ اس نے ٹیچر کی چند ماہ کی بچی کی صحیح دیکھ بھال نہیں کی اور وہ جھولے سے گر گئی، جس پر ٹیچر نے طالبہ کو تشدد کا نشانہ بنا کراسکول سے بھی بے دخل کردیا۔

    سوشل میڈیا پر خبر وائرل ہونے کے بعد ڈپٹی کمشنر چترال نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ای ڈی او فیمیل کو خاص ہدایات جاری کیں۔


     مزید پڑھیں: چترال میں پہلی بار محافظ دارالا طفال یتیم خانے کا آغاز


    ڈی سی کی ہدایت پر ای ڈی او فیمیل بی بی حلیمہ نذیر نے خاتون ٹیچر رضیہ بی بی کو معطل کرنے کے احکامات جاری کردیئے اور اس کیخلاف انکوائری شروع کرنے کے احکامات بھی جاری کردیئے گئے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

     

  • نیب کوکمزورکیا گیا تو سڑکوں پر نکلیں گے، عمران خان

    نیب کوکمزورکیا گیا تو سڑکوں پر نکلیں گے، عمران خان

    اٹک : چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ نیب کو کمزور کرنےکی کوشش کی گئی تو عوام میرے ساتھ سڑکوں پر ہوگی، ہم نے پاکستان کو اپنے پیروں پرکھڑا کرنا ہے، جوآپ کو قرضےدیتا ہے وہ آپ کی آزادی چھین لیتاہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اٹک میں پی ٹی آئی کے زیر اہتمام ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا،
    عمران خان نے کہا کہ ہرملک میں دو قسم کی سیاست ہوتی ہے، کچھ لوگ سیاست میں صرف اپنی ذات کیلئےخود کو فائدہ پہنچانےآتےہیں، دوسرےایسے لوگ آتے ہیں جو انسانیت کیلئے کھڑے ہوتے ہیں۔

    جن لوگوں نےانسانیت کیلئےکام کیا دنیا انہیں آج بھی یادکرتی ہے جبکہ مفاد پرست لوگ جب جاتے ہیں تو لوگ خوشیاں مناتےہیں، پاکستان میں جس سیاستدان نے عوام کیلئے کچھ کیا انہیں آج بھی یاد کیا جاتا ہے، قائداعظمؒ نے اپنی ذات نہیں بلکہ پوری قوم کیلئے جدوجہد کی۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ جو ملک آپ کو قرضےدیتا ہے وہ آپ کی آزادی چھین لیتا ہے، مقروض ملک پھر آزادانہ فیصلے نہیں کرسکتا، ایران سے گیس ہمیں سستی پڑرہی ہے لیکن قطرسے مہنگی گیس کا معاہدہ کیاگیا، ایران نے گیس لائن بنائی اگرہم لے لیتے توایل این جی سے سستی پڑتی، قرضےدینے والوں نے ہمیں ایران سے گیس کا معاہدہ نہیں کرنےدیا۔

    چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ قبل از وقت انتخابات جمہوریت کا حصہ ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ عام انتخابات جلد از جلد کرائے جائیں۔

    عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو اقتدارملا تو وزیر وہ لوگ بنیں گے جوصرف عوام کی بھلائی کےبارے میں سوچیں گے، تحریک انصاف میں صرف وہ لوگ اوپرآئیں گےجوپاکستان کیلئےسیاست کرینگے،

    ان کا کہنا تھا کہ جولوگ صرف اپنےلیے سیاست کرینگےانہیں کوئی عہدہ نہیں ملےگا، ہم نےعوام کیلئے پالیسی بنائی تو پاکستان ایک عظیم ملک بنے گا، کیونکہ ہم نے پاکستان کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جوکھلاڑی اپنے لیےکھیلتے ہیں وہ ٹیم کبھی نہیں جیت پاتی، نوازشریف اورآصف زرداری کپتان بننے کے بعد اپنے لیے کھیلتے رہے، اقتدارمیں آنے کے بعد آپ ان لوگوں کے اثاثے دیکھیں، آصف زرداری کے پاس اتنا پیسہ کہاں سےآیا؟ یہ عوام کا پیسہ ہے، لوگوں کوسمجھ آگیا ہے کہ کرپشن اورغربت کا کیا تعلق ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ تبدیلی آنہیں رہی تبدیلی آگئی ہے، لوگوں میں شعور بیدار ہوگیا ہے، اسپتالوں کاحال پورا پاکستان جانتاہے، اسکول ٹیچرزنہیں ہیں، لوگ سمجھ گئے کہ ملک کےمسائل کرپشن کی وجہ سےہیں۔

    عمران خان نے کہا کہ نوازشریف کہتےہیں کہ کرپٹ لوگوں کے پیچھےچلے گئے تو ترقی کیسے ہوگی، اسحاق ڈار بھی معصوم شکل بنا کرجھوٹ بولتےہیں، اسحاق ڈار کہتےہیں کہ پاکستان تو کیا پوری دنیا میں ہی کرپشن ہوتی ہے۔

    خواجہ آصف نے اسمبلی میں کہا تھا کہ میاں صاحب فکرنہ کریں لوگ پاناما کو بھول جائیں گے، اس کامطلب عوام کاپیسہ چوری ہوئی اورانہیں کوئی فکرہی نہیں ہے۔

    نوازشریف اوران کا ٹولہ کہتا ہے کہ ہمارا احتساب عوام کریں گے، دنیا میں جج احتساب کرتےہیں،عوام صرف منتخب کرتےہیں۔

  • چارسدہ : پولیس موبائل پرفائرنگ، ایس ایچ او شہید دو سپاہی زخمی

    چارسدہ : پولیس موبائل پرفائرنگ، ایس ایچ او شہید دو سپاہی زخمی

    چارسدہ : نامعلوم دہشت گردوں کی پولیس موبائل پر اندھا دھند فائرنگ سے ایس ایچ او شہید اور دو سپاہی زخمی ہوگئے، جوابی فائرنگ سے ایک حملہ آور بھی مارا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چارسدہ کے علاقے ماجوکی میں گھات لگائے بیٹھے نامعلوم موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے پولیس وین پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں وین میں موجود ایس ایچ او ایوب خان شہید جب کہ دو اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔

    پولیس کی جوابی کارروائی میں حملہ آوربھی ماراگیا، شہید اور زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کیلئے فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخمیوں کی حالت بہتر بتائی جارہی ہے۔

    واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری طلب کرلی گئی، پولیس نے حملے کے فوری بعد ملزمان کا تعاقب کیا اور مقابلے کے بعد مبینہ حملہ آور ظاہر شاہ کو ہلاک کر دیا۔


    مزید پڑھیں: چارسدہ :تحریک طالبان شیخ خالد گروپ کے2دہشت گرد گرفتار


    پولیس نے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر پہرہ لگا کر دیگر ملزم تلاش شروع کردی ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔