Category: خیبر پختونخواہ

  • ملک بھرمیں دہشت گردوں کیخلاف گھیرا تنگ، 40 ہلاک

    ملک بھرمیں دہشت گردوں کیخلاف گھیرا تنگ، 40 ہلاک

    کراچی / خیبر ایجنسی / پشاور : سانحہ سہون شریف کے بعد کراچی سے فاٹا تک قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ا دہشت گردوں کیخلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے چند گھنٹوں میں چالیس سے زائد دہشت گرد ہلاک کردیئے، کارروائیوں میں اسلحہ، گولہ بارود،افغانی اور عراقی کرنسی برآمد کی گئی۔

    تفصییلات کے مطابق سانحہ سہون شریف کے بعد فاٹا سے کراچی تک فورسز ایکشن میں آگئیں، اہلکاروں نے چند گھنٹوں میں درجنوں دہشت گردوں کو ان کے عبرت ناک انجام تک پہنچا دیا۔ خیبرایجنسی میں ایف سی جوانوں نے افغانستان سے حملہ کرنے والے کئی دہشت گردوں کومارڈالا۔

    آئی ایس پی آرکا کہنا ہے کہ حملے میں چیک پوسٹ پر تعینات دواہلکار بھی زخمی ہوئے، ہنگو میں سرحد پار سے چیک پوسٹ پرحملہ کرنے والےچار دہشت گرد فورسز کی کارروائی میں مارے گئے، لوئر دیرمیں بھی فورسز نے چیک پوسٹ پر دھاوا بولنے والےدو شدت پسندوں کو مارگرایا۔

    کرم ایجنسی میں ایک سڑک پربم نصب کرتے ہوئے دو دہشت گرد فورسز کےہاتھوں انجام کو پہنچے، بنوں بکاخیل میں سیکورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے چار دہشت گردمارڈالے۔

    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے افغانی اور عراقی کرنسی برآمد ہوئی ہے، پشاور کےعلاقے ریگی میں پولیس اور فورسزکی مشترکہ کارروائی میں تین دہشت گردوں کو ٹھکانے لگایا گیا، ڈی آئی خان میں پولیس وین پرحملہ کرکے فرارہونے والےدو دہشت گرد مارے گئے۔

    پولیس وین پر فائرنگ سےچار اہلکاروں سمیت پانچ افرادجاں بحق ہوئے، دوسری جانب سی ٹی ڈی نے سرگودھا میں فیصل آباد روڈ پردو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

    ہلاک دہشت گردوں سے بارودی مواد اوراسلحہ برآمد ہوا ہے، کوئٹہ کےعلاقے درخشاں میں ایف سی کارروائی میں کالعدم تنظیم کے دودہشت گردہلاک ہوئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں دو ایف سی اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔

  • فاٹا کو جلد از جلد خیبر پختونخواہ میں ضم کیا جائے، عمران خان

    فاٹا کو جلد از جلد خیبر پختونخواہ میں ضم کیا جائے، عمران خان

    پشاور : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ فاٹا کا خیبر پختونخواہ میں انضمام دہشت گردی کے خاتمے کے لیے نہایت ضروری امر ہے۔

    سربراہ تحریک انصاف پشاور میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک کے ہمراہ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پشاور اور لاہو ر میں ہونے والے دہشتگردانہ حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل درآمد کرنے کی ضرورت پر ذور دیا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ فاٹا دہشت گردوں کی آماج گاہ بن چکا ہے جہاں سے دہشت گرد آ کر ملک کے دورے حصوں میں کارروائیاں کرتے ہیں اس لیے ضروری ہو گیا ہے کہ جتنا جلد ممکن ہوسکے فاٹا کو خیبر پختونخواہ میں ضم کردیا جائے تاکہ اس علاقے کے مسائل کو حل کر کے دیگر شہروں کے مقابلے میں کھڑا کیا جا سکے۔

    انہوں نے کہا کہ فاٹا میں سیکیورٹی صورتِ حال انتہائی خراب ہے جس کے باعث دہشت گردی کی ایک نئی لہر آ رہی ہے اس لیے ہماری ایجنسیوں سمیت سب لوگوں کو آپس میں تعاون اور ربط کو بڑھانا پڑے گا۔

    انہوں نے فاٹا کے خیبرپختونخواہ کے ساتھ ضم کرنے کی ضرورت پر ذور دیتے ہوئے کہا کہ اگر ضربِ عضب اور نیشنل ایکشن پلان سے فائدہ اٹھانا ہے تو جتنی جلدی ممکن ہو سکے فاٹا کو خیبر پختونخواہ میں شامل کریں اور اس کام میں تاخیر کی گئی تو اس کا فائدہ دہشت گردوں کو ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ فاٹا کے پاس وسائل نہیں ہیں اور قبائلی علاقوں کا سارا نظام تباہ ہوچکا ہے اس لیے اگر وہاں بلدیاتی حکومتیں قائم کردی جائیں تو اس طریقے سے قبائلی عوام کو فائدہ پہنچ سکتا ہے اور وہاں بھی ترقی ہو سکتی ہے۔

    اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے اپنی جماعت کے سربراہ عمران خان کے مطالبے کی پوری حمایت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ فاٹا کو فی الحال 50 ارب روپے مل رہے ہیں لیکن پختونخوا میں ضم ہونے کے بعد فاٹا کو سالانہ 80 سے 100 ارب روپے ملیں گے۔

    اس موقع پر پرویز خٹک نے اسپتال میں موجود میڈیا نمائندگان اور لواحقین سے اپیل کی کہ وہ مریضوں کی سہولت کے لیے اسپتال سے باہر چلے جائیں تاکہ مریضوں کو تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    علاوہ ازیں وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ نے اسپتال کا دورہ کرنے والے سیاسی رہنماﺅں نے سے اپیل کی کہ وہ میڈیا سے گفتگواسپتال کے باہر کریں تاکہ ڈاکٹرز کو مریضوں کی دیکھ بھال میں پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

  • مہمند ایجنسی، ایف سی کی کارروائی، پانچ دہشت گرد ہلاک

    مہمند ایجنسی، ایف سی کی کارروائی، پانچ دہشت گرد ہلاک

    پشاور : قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مہمند ایجنسی اور پشاور میں دھماکے کے بعد غلنئی کے علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مہمند ایجنسی میں آج صبح ہونے والے دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے مختلف علاقوں کا محاصرہ کر کے سرچ آپریشن کیا جس کے دوران غلنئی کے علاقے میں دہشت گردوں سے مڈبھیڑ میں پانچ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

    ترجمان فرنٹیئر کانسٹبلری نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سرچ آپریشن کے دوران شیخ بانڈہ میں غلنئی کے علاقے کے قریب دہشت گردوں سے مقابلے میں پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے کمین گاہوں کے قریب پہنچ گئے تھے جسے بھانپتے ہوئے دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورس پر فائرنگ کردی تاہم سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں پانچوں دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

    و اضح رہے کہ آج مہمند ایجنسی کے علاقے غلنئی میں پالیٹکل انتظامیہ کے ہیڈ کوارٹر کے گیٹ پر خود کش دھماکے میں 3 خاصہ دار اہلکار سمیت 6 افراد شہید ہو گئے تھے جب کہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں دہشت گرد کا ساتھی بھی ہلاک ہوا تھا۔

    بعد ازاں پشاور کے علاقے حیات آباد میں بھی دہشت گردوں نے جج کی گاڑی کو نشانہ بناکر دھماکے سے اُڑادیا کیا جس کے نتیجے میں دو افراد شہید جب کہ 18افراد زخمی ہوگئے جن میں 3 خواتین بھی شامل ہیں۔

  • فاٹا کے مستقبل کا فیصلہ عوامی رائے سے کیا جائےگا، مولانا فضل الرحمان

    فاٹا کے مستقبل کا فیصلہ عوامی رائے سے کیا جائےگا، مولانا فضل الرحمان

    اسلام آباد : جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ قبائلی علاقوں کےمستقبل پرفاٹا اصلاحاتی رپورٹ مکمل ہوچکی ہے جس کے بعد فاٹا اصلاحاتی رپورٹ پرمخالفت کا باب بند ہوچکا ہے۔

    جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی علاقوں کے مستقبل پر فاٹا اصلاحاتی رپورٹ مکمل ہو چکی ہے اور کمیٹی کی رپورٹ سے انضمام کا لفظ ہمارے مطالبے پر خارج کیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کہ کمیٹی کی رپورٹ کےمطابق فاٹا کو قومی دائرے میں لایاجائےگا اور حکومت فاٹا کے عوام کے ساتھ وسیع ترمشاورت کے بعد ان کے مستقبل کا فیصلہ کرے گی۔

    مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جو لوگ فاٹا کو خیبر پختونخواہ میں شامل کرنا چاہتے ہیں انہیں چاہیے کہ پہلے فاٹا کے عوام سے ان کی رائے معلوم کر لیں اس کے بعد کوئی فیصلہ لاگو کریں۔

    انہوں نے کے پی کے حکومت کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو احتجاجی دھرنوں اور الزامات کی سیاست سے کچھ وقت ملے تو خیبر پختونخواہ پر بھی تھوڑا توجہ دیں۔

    مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ الزامات کی سیاست کر کے عدلیہ کا قیمتی وقت برباد کیا جا رہا ہے جب کہ قوم کو پہلے ہی لاحاصل بحث کے پیچھے لگا دیا گیا ہے جس سے ملک میں غیر یقینی صورتِ حال پیدا ہو گئی ہے۔

  • کرپشن کی باتیں کرنے والے خیبربینک لوٹ کرکھا گئے، سعد رفیق

    کرپشن کی باتیں کرنے والے خیبربینک لوٹ کرکھا گئے، سعد رفیق

    صوابی : وزیر ریلو ے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کرپشن کی باتیں کرنے والے خیبربینک لوٹ کرکھا گئے، چین نے وزیراعظم پراعتماد کرتے ہوئے سی پیک کا تحفہ دیا، سیاست غیر سنجیدہ لوگوں کا کام نہیں، کوئی دباؤ ڈال کر جمہوریت کو کمزور کرنے کی کوشش نہ کرے، عمران نیازی جمہوریت کے لیے بوجھ بن چکے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہارانہوں نے صوابی میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نوازکی حکومت نے ملک میں امن قائم کیا، نوازشریف نےحکومت سنبھالی تو چین نے بھی ان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے قوم کو سی پیک کا تحفہ دیا۔

    انہوں نے کہا کہ سی پیک کسی ایک شہر کے لیے نہیں پورے ملک کی ترقی کا منصوبہ ہے، سعد رفیق نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں تبدیلی آناشروع ہوئی تو کچھ لوگوں کے پیٹ میں درد شروع ہوا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم نے خان صاحب کو ملک بنانے کا موقع دیا لیکن انہوں نے اس موقع کا غلط فائدہ اٹھایا اور دھرنے دینا شروع کردئیے جن میں ہر روز ایک نیا جھوٹ سننے کو ملتا تھا، جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ ان کا جھوٹ بڑھتے بڑھتے پاناما لیکس تک پہنچ گیا جبکہ ان کے پانامہ کا پاجامہ بن جائے گا۔

    وزیر ریلو ے نے کہا کہ کرپشن کی باتیں کرنے والے خیبربینک لوٹ کرکھا گئے، تلاشی لینے والوں کی تلاشی ہوئی تو ان کی چیخیں نکل گئیں، انہوں نے جلسے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے پوچھا کہ صوابی والوں بتاؤ، کیاجلسوں میں ناچ گانا کرنا ہمارا کلچر ہے، ایک غلطی آپ سے ہوئی، لگتا ہے ایک ہم سے بھی ہوگئی، وہ یہ کہ ہم اگر مولانا فضل الرحمان کی بات مان لیتے تو آج کے پی کے کا یہ حال نہ ہوتا، کیا اب عوام پی ٹی آئی کو دوبارہ ووٹ دینے کی غلطی کریں گے؟

    سعد رفیق کا کہنا تھا کہ سیاست دان عوام سے محبت کرتا ہے، ہم سیاسی کارکن ہیں، پیرا شوٹ سے سیاست میں نہیں آئے،کے پی کے میں ن لیگ کی حکومت ہوتی تو اب تک تین 4 میٹرو بن چکی ہوتیں عمران صاحب آپ نے کے پی میں کیا کیا؟َ میگا پراجیکٹ کہاں ہے؟

    انہوں نے کہا کہ کوئی اداروں پر دباؤ ڈال کر جمہوریت کو کمزور کرنے کی کوشش نہ کرے، عمران نیازی جمہوریت کیلئے بوجھ بن چکے ہیں، قبائلی علاقوں میں اصلاحات ہوں گی، دھرنوں کے ڈرامے بند کرو، موقع ملا تو آپ کے شہروں اور صوبے کو بدل ڈالیں گے۔

    سعد رفیق نے بتایا کہ صوابی والوں نواز شریف آپ کے پاس صوابی ضرور آئیں گے، اب جلاؤ گھیراؤ سے نہیں فیصلہ ووٹر کرے گا، ملک کی ترقی پر عمران خان صاحب کو خوشی کیوں نہیں ہوتی، فیصلہ عوام کا چلے گا، دھرنے کا نہیں۔

  • نواز شریف آج بھی چوہدری شوگر مل سے تنخواہ لے رہے ہیں، جہانگیر ترین

    نواز شریف آج بھی چوہدری شوگر مل سے تنخواہ لے رہے ہیں، جہانگیر ترین

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ چوہدری شوگر ملز میں شہباز شریف کے شیئرز ہیں، نواز شریف آج بھی چوہدری شوگر مل سے تنخواہ وصول کررہے ہیں، چوہدری شوگر مل کا پرانا حساب کتاب دیکھا جائے تو نام سامنے آجائے گا۔


    یہ پڑھیں: سپریم کورٹ کا شریف خاندان کی 3شوگر ملزکو بند کرنے کا حکم


    اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنے مفاد کے لیے شوگر ملز جنوبی پنجاب منتقل کی جارہی ہیں اور لاہور ہائی کورٹ کے فیصلوں کو کوئی اہمیت نہیں دی گئی بالکل اسی طرح جس طرح شریف برادران نے ہائی کورٹ کے کئی اسٹے آرڈرز کواہمیت نہیں دی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ فیصلہ شریف برادران کی ملز کے خلاف نہیں قانون کے مطابق آنا چاہیے،شریف برادران اپنی ملز منتقل کررہے ہیں اور لوگوں کو روکتے ہیں۔

    تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود شریف برادران کی شوگر ملز چل رہی ہیں،شوگر ملز کے معاملے پر شہباز شریف نے حلف کی خلاف ورزی کی، اس خلاف ورزی پر اسپیکر پنجاب اسمبلی کو درخواست دی ہے کیوں کہ ہماری نظر میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نااہل ہوچکے ہیں۔

    جہانگیر ترین نے کہا کہ عدالت کی سماعت کے دوران شریف برادران نے جھوٹ بولے، عدالت کو کہا گیا کہ شوگر مل منتقل نہیں کی جارہی بلکہ پاور پلانٹ لگایا ہے، چوہدری شوگر مل نے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں جب نیب کام کررہی تھی تو انہیں تحقیقات سے روک دیا گیا، ایک وقت آئے گا جب دبائی گئی چیزیں سامنے آئیں گی۔

  • کیمرے کے پیچھے فاروق ستار ہمارامؤقف مانتےہیں، مصطفیٰ کمال

    کیمرے کے پیچھے فاروق ستار ہمارامؤقف مانتےہیں، مصطفیٰ کمال

    پشاور : پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ بانی ایم کیوایم کو بھارت نے بچایا، کیمرے کے پیچھے فاروق ستار ہماراموقف مانتےہیں، حماد صدیقی نے ابھی تک ہم سے رابطہ نہیں کیا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں دھواں دار پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، مصطفیٰ کمال نے دعویٰ کیا کہ لندن میں قائم مقدمات میں بانی ایم کیوایم کو بھارتی وزیر اعظم نے بچایا۔

    مصطفی کمال نے کہا کہ سابقہ بانی سے علیحدگی کے بعد اپنی ذات کو لفظ ایم کیوایم سے بھی الگ کرلیا، ایم کیو ایم کے کسی دھڑے کے ساتھ میرا کوئی تعلق نہیں ہے، ایم کیو ایم کی دھڑے بندی پر مصطفیٰ کمال نے شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم اقتدار کیلئے نہیں، عوام کی خدمت کیلئے سیاست میں آئے ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فاروق ستار کیلئے دعاگو ہوں، ڈاکٹر فاروق ستار کیمرے کے پیچھے ہمارے مؤقف کو تسلیم کرتے ہیں کیمرے سامنے نہیں۔

    مزید پڑھیں : ہماری جماعت میں سیلم شہزاد کی کوئی گنجائش نہیں‘ مصطفی کمال

    سانحہ بلدیہ کیس میں نامزد حماد صدیقئی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ حماد صدیقی نے ہم سے ابھی تک کوئی رابطہ نہیں کیا۔

  • بنوں کےپولیس اسٹیشن پردہشتگردوں کاحملہ‘2پولیس اہلکار زخمی

    بنوں کےپولیس اسٹیشن پردہشتگردوں کاحملہ‘2پولیس اہلکار زخمی

    بنوں: صوبہ خیبرپختونخواہ کے شہربنوں میں پولیس اسٹیشن پر حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی تھانے کے گیٹ سے ٹکرادی جس کے نتیجےمیں 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کےمطابق خیبرپختونخواہ کےشہربنوں میں حملہ آورنےبارودسےبھری گاڑی منڈان پولیس اسٹیشن تھانےکےمرکزی گیٹ سے ٹکرادی،دھماکے سے تھانے کی عمارت کا کچھ حصہ منہدم ہوگیا۔

    دھماکہ اس قدر شدید تھاکہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے،اوربجلی کے تار ٹوٹنے سے علاقے کی بجلی منقطع ہوگئی۔دھماکے کےبعد علاقے میں فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔

    منڈان پولیس اسٹیشن کی عمارت کے ملبے تلے تبےدوپولیس اہلکاروں کو نکال کر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا،جبکہ دھماکہ کے بعد ایمرجنسی نافذکر دی گئی۔

    اے آر وائی نیوزسے بات کرتےہوئے زخمی پولیس اہلکارنے بتایا کہ تھانے پر سرخ مہران کار سے حملہ کیا گیا۔گاڑی نےتیز رفتاری سےرکاوٹ عبور کی تو احساس ہوا کہ یہ خطرناک ہے،ٹارچ جلائی تو حملہ آور نےگاڑی کو دھماکےسے اڑا دیا۔

    مزید پڑھیں: پاراچناردھماکا، جاں‌ بحق افراد کی تعداد 24 ہوگئی

    واضح رہےکہ گزشتہ ماہ پاراچنارسبزی منڈی میں دھماکے کے نتیجے میں 24افراد جاں بحق جبکہ 40 سےزائدافراد زخمی ہوگئے تھے۔

  • کے پی کے، تعلیم کے شعبے میں تین تاریخی فیصلے کیے ہیں، عمران خان

    کے پی کے، تعلیم کے شعبے میں تین تاریخی فیصلے کیے ہیں، عمران خان

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخواہ نے تعلیم کے شعبے میں تین اہم تاریخی فیصلے کیے ہیں جس سے تعلیمی معیار بلند اور شرح خواندگی میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔

    یہ بات تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں بتائی انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ نے آج تین اہم اور تاریخی فیصلے کیے ہیں

    جس میں قرآن مجید کی ترجمہ سمیت تعلیم، پرائمری اسکولوں میں صرف خواتین اساتذہ کی تعیناتی اور 5 سے 16 سال تک کی عمر بچوں کی تعلیم کو مفت اور لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔

    واضح رہے خیبر پختونخواہ میں تعلیم کے شعبے میں کیے گئے تاریخی فیصلے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی خصوصی ہدایت اور حکم پر کیے گئے ہیں جس سے خیبر پختونخواہ میں تعلیم معیار میں بہتر ہونے کی امید ہے۔

  • کے پی کے مردم شماری : پرویز خٹک کی زیرصدارت اہم اجلاس

    کے پی کے مردم شماری : پرویز خٹک کی زیرصدارت اہم اجلاس

    پشاور: خیبر پختونخوا کابینہ کا ایک اجلاس وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی زیر صدارت کیبنٹ روم سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا، اجلاس میں15مارچ 2017ء سے شروع ہونے والی مردم شماری کے بارے میں صوبائی کابینہ کو بریفنگ دی گئی۔

    مردم شماری کا فیصلہ16 دسمبر2016ء کے منعقدہ مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں کیا گیا تھا پہلے مرحلے میں 3 دن خانہ شماری ہوگی اگلے 10دنوں میں مردم شماری ہوگی، پہلے مرحلے کا بلاک ۔I چودہ روز میں جبکہ فیز۔I کا دوسرا بلاک بھی 14 دنوں پر مشتمل ہوگا۔

    اسی طرح 30 ایام میں یعنی 14 اپریل تک فیز۔I مکمل ہو جائے گا جس کے بعد فیز۔II شروع ہو جائے گا ، صوبے کو مجموعی طور پر 22 ہزار بلاکس میں تقسیم کیا گیا ہے جبکہ پورے ملک میں1 لاکھ 68 ہزار120 بلاکس بنائے گئے ہیں جس میں فاٹا، آزاد جموں وکشمیربھی شامل ہیں۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوزکے مطابق 60 دنوں میں ابتدائی نتائج تیار ہو جائیں گے، ضلعی، صوبائی اور قومی سطح پر باقاعدہ رپورٹس بھی فراہم کردی جائیں گی۔

    واضح رہے کہ 1998ء کے بعد یہ مردم شماری ہو رہی ہے علاوہ ازیں محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے سال 2015ء تا 2020ء کے 5 سالہ ایجوکیشن سیکٹر پلان کے تحت پرائمری و ثانوی تعلیم کے فروغ کے لیے ایک قابل عمل حکمت عملی وضع کی گئی جس کے تحت مفت و معیاری پرائمری و ثانوی تعلیم کو صوبے میں فروغ دیا جائے گا۔

    خیبر پختونخوا حکومت صوبے میں نئے پرائمری اسکول تعمیر کر رہی ہے جس میں 70 فیصد اسکول لڑکیوں اور 30 فیصد لڑکوں کے لیے ہوں گے، آج کابینہ کے بعد اجلاس میں محکمہ تعلیم کی جانب سے پیش کردہ ایگزیکٹو سمری کو غورو خوض اور منظوری کے لیے پیش کیا گیا۔

    وزیراعلیٰ نے محکمہ تعلیم کو ہدایت کی کہ کچی کلاس کا نام تبدیل کیا جائے انہوں نے مزید کہا کہ غریب امیر کا فرق مٹانے کے لیے نصاب کو بہتر بنایا جائے نجی اور سرکاری اسکولوں میں تعلیمی معیار کے فرق کو کم سے کم سطح پر لایا جائے خیبرپختونخوا میں مفت اور لازمی ابتدائی و ثانوی تعلیم کے حوالے سے ڈارفٹ بل تیار کیا ہے جس پر لا ڈپارٹمنٹ سے نظر ثانی کی ہے۔

    وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے بل کو صوبائی کابینہ میں پیش کرنے کی منظوری بھی دی ہے صوبے کے تمام طلباء جن کی عمریں 5 سال سے 16 سال تک ہوں حکومت خیبر پختونخوا ان کو مفت تعلیم فراہم کرے گی، جو والدین بچوں کو اسکول نہیں بھیجتے انہیں ایکٹ کے تحت ایک ماہ کی قید یا ہر ایک روز کے عوض 100 روپے جرمانہ عائد ہوگا۔

    محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبر پختونخوا نے صوبے کی سرکاری ونجی تعلیمی اداروں میں مسلمان طلبہ کوکلاس فرسٹ سے پانچویں جماعت تک ناظرہ قرآن لازمی مضمون کے طور پر پڑھایا جائے گا جبکہ چھٹی جماعت تا 12ویں جماعت لازمی ترجمہ قرآن پڑھایا جائے گا۔

    علاوہ ازیں میٹنگ میں 10 فروری تا 16 فروری ہفتہ شجر کاری بھرپور طریقے سے صوبے بھر میں منایا جائے گا جس کے تحت کروڑوں کی تعداد میں مزید درخت لگائے جائیں گے۔

    محکمہ صنعت کی جانب سے صوبے کے مالی وسائل میں اضافے کے لیے پشاور انڈسٹریل اسٹیٹ کے ذریعے کمرشلائزیشن سے متعلق مسودہ قانون کابینہ کے غوروخوض کے لیے پیش کیا گیا جس کے لیے کابینہ نے ایک کمیٹی تشکیل دی جو اس سلسلے میں رپورٹ تیار کرے گی۔