Category: خیبر پختونخواہ

  • ملک کا روشن مستقبل جماعت اسلامی سے وابستہ ہے، سراج الحق

    ملک کا روشن مستقبل جماعت اسلامی سے وابستہ ہے، سراج الحق

    پشاور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں نے عوام کو سبز باغ دکھاکر گمراہ کیا ہے لیکن اب یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ ملک کا مستقبل جماعت اسلامی ہے۔

    وہ پشاور میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے کرپشن فری مہم شروع کی ہے جس میں ہمارا نعرہ یہی ہے کہ سب کا احتساب ہونا چاہیئے اور یہ احتساب بلا امتیاز، غیر سیاسی اور سخت ہونا چاہیے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے پاناما لیکس پر تین بار قوم کے سامنے تقریر کی اور ہر بار خود کو احتساب کے لیے پیش کرنے کا اعلان کیا اس لیے اب وزیراعظم نواز شریف کی اخلاقی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے اوپر لگے ہر الزامات کا جواب دیں اور قوم سے کیا گیا وعدہ پورا کریں۔

    امیر جماعت اسلامی نے وزیراعظم نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ملک تو ترقی نہیں کر رہا لیکن آپ کی پراپرٹی اور بینک اکاؤنٹس میں روز بہ روز اضافہ کیسے ہورہا ہے؟ یہ ایسا سوال ہے جس کا جواب آپ کو دینا ہوگا اور عدالت کا سامنا کرنا ہوگا۔

    سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم کی جانب سے عدالت میں جواب جمع کروایا گیا ہے کہ اہل خانہ نے ایک دوسرے کو 52 کروڑ کے تحائف دیئے میں حیران ہوں کہ حلال کمائی سے کوئی باپ اپنے بیٹے کو یا بیٹا اپنے باپ کو اتنے مہنگے تحائف بھی دے سکتے ہیں۔

  • چترال، برفباری سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کا امدادی آپریشن

    چترال، برفباری سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کا امدادی آپریشن

    راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت پر چترال میں برفباری سے متاثرہ علاقے میں امدادی کام کمانڈنٹ چترال اسکاؤٹس کرنل نظام کی نگرانی میں جاری ہے۔

    پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ چترال میں برف باری سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے پاک فوج کی جانب سے ریسکیو آپریشن جاری ہے اور ہیلی کاپٹر کی مدد سے ڈاکٹرز کی ٹیم ، ادویات اور ضروری سامان ارسال پہنچادیا گیا ہے۔


    *چترال میں برفانی تودہ گرگیا ‘9افراد جاں بحق


    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق چترال میں برفانی طوفان سے جاں بحق ہونے والے چار افراد کے ورثاء کو ہیلی کاپٹرسےچترال پہنچادیا گیا ہے جب کہ جاں بحق خاتون کی لاش کو آبائی علاقےمنتقل کردیا گیا ہے۔

    chitral-real

    واضح رہے دو روز قبل چترال میں برفانی طوفان اور گزشتہ روز برفانی تودہ گرنے کے باعث متعدد افراد بے گھر اور جاں بحق ہوگئے تھے جب کہ اس علاقے سے زمینی رابطہ بھی منقطع ہو گیا ہے جس کے باعث امدادی کاموں میں رکاوٹوں اور مشکلات کا سامنا تھا تاہم پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے امدادی کاموں سے علاقہ مکینوں کو ریلیف میئسر آیا ہے۔

  • حکومت الیکٹرانک ووٹنگ کے نفاذ میں تاخیر کررہی ہے، پی ٹی آئی

    حکومت الیکٹرانک ووٹنگ کے نفاذ میں تاخیر کررہی ہے، پی ٹی آئی

    اسلام آباد : تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ شفاف انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کو حکومتی اثرات سے مکمل پاک کرنا ہوگا جس کے اصلاحات لا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین کی زیر صدارت پارٹی کے اہم اجلاس میں انتخابی اصلاحات کے ایجنڈے پر غور کیا گیا اور اس حوالے سے اہم تجاویز مرتب کی گئیں، اس اہم اجلاس میں اسد عمر، شیریں مزاری، عارف علوی، شفقت محمود، فواد چوہدری ،اعظم سواتی، شبلی فراز، غلام سرورخان اورعلیم خان نے شرکت کی۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انتخابی اصلاحات کےمختلف پہلووٴں پرتحقیق کے لیے 3رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی جس میں عارف علوی، غلام سرورخان اور شفقت محمود شامل ہوں گے۔

    اجلاس کے شرکاء نے الیکٹرانک ووٹنگ کےنفاذ میں حکومت کی جانب سے تاخیری حربوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ ممکن ہے لیکن حکومت سنجیدہ نہیں۔

    اجلاس کے شرکاء نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن کوحکومتی اثرسےمکمل طور سے پاک کر کے الیکشن کمیشن کومکمل قانونی، مالیاتی اور انتظامی اختیارات دینا ہوں گے جب کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی ووٹ کا حق دیا جائے۔

    بعد ازاں تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین نےکہا کہ پی ٹی آئی نےانتخابی نظام کی شفافیت کے لیے تاریخی جدوجہد کی ہے چنانچہ انتخابی نظام کےذریعے پاناما کےثمرات کو ضائع نہیں ہونےدیں گے جس کے لیے ناقص انتخابی نظام کےبل بوتے پر مینڈیٹ چرانےکی روایت ختم کرنا ہوگی۔

    انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تحریک انصاف نوازحکومت کی عدم دلچسپی کے باوجود انتخابی نظام کی اصلاح کریں گے اور آئندہ انتخابات میں حکومت کو بال ٹیمپرنگ اور امپائرز کو ساتھ ملا کر دھاندلی نہیں کرنےدیں گے۔

  • چترال میں برفانی تودہ گرگیا ‘9افراد جاں بحق

    چترال میں برفانی تودہ گرگیا ‘9افراد جاں بحق

    چترال : صوبہ خیبرپختونخواہ کےشہرچترال کےعلاقے شیرشال میں برفانی تودہ گرگیاجس کےنتیجے میں تودے کےنیچے متعدد افراد دب گئے ہیں،جبکہ 9افراد کی لاشوں کو نکال لیاگیاہے۔

    تفصیلات کےمطابق چترال میں کریم آباد کے علاقے شیرشال میں برفانی تودہ گرنے سے متعدد افراد اس کے نیچے دب گئے ہیں،جس میں جاں بحق 9افراد کی لاشوں کو نکال لیاگیا ہے،ابھی بھی متعدد افراد تودے کے نیچے دبے ہوئے ہیں۔

    برفانی تودہ گرنے سے 20سے زائد مکانات تودت کی زدمیں آگئے ہیں،جبکہ مقامی افراد اپنی مدد آپ کے تحت برفانی تودے کے نیچے دبے افراد کو نکالنےکی کوشش کررہے ہیں۔

    چترال میں شدید برفباری سے راستےبند ہوگئے ہیں جس کی وجی سے ریسکیو اداروں کو حادثے کے مقام پر پہنچنے میں مشکلات کا سامناہے،جبکہ برفباری کے باعث چترال کے مضافاتی علاقوں میں دو روز سے مواصلاتی نظام بھی متاثر ہے۔

    ضلعی ناظم چترال کا کہناہےکہ شدیدبرفباری سےبجلی کانظام درہم برہم ہوگیا،جبکہ مختلف علاقوں میں پہلی مرتبہ شدیدبرفباری ہوئی ہے۔

    چترال : برفانی تودہ میں دبے آٹھ میں سے دو طلباء کی لاش نکال لی گئی

    واضح رہےکہ گزشتہ سال چترال میں برفانی تودہ گرنے کے نتیجےمیں آٹھ طلبا تودے کے نیچےدب گئے تھے جن میں سے دو کی لاشوں کو نکال لیاگیاتھا۔

  • چارسدہ میں تباہی کا منصوبہ ناکام، چاردہشتگرد گرفتار

    چارسدہ میں تباہی کا منصوبہ ناکام، چاردہشتگرد گرفتار

    چارسدہ : پولیس نے بروقت کاررروائی میں چارسدہ میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا۔ پولیس وردی میں ملبوس چار دہشت گردوں کو گرفتار کرکے قبرستان سے خود کش جیکٹس اوراسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ مزید گرفتاریوں کیلیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چارسدہ تباہ ہونے سے بال بال بچ گیا، سٹی پولیس اور پڑانگ پولیس نے خفیہ اطلاع ملنے پر مشترکہ کارروائی کرکے پولیس وردی میں ملبوس چاردہشت گرد گرفتار کر لئے۔

    ڈی پی او چارسدہ کے مطابق پڑانگ قبرستان سے تین خودکش جیکٹس، پانچ دستی بم، راکٹ لانچر برآمد کیے گئے ہیں۔ گرفتارملزمان کے قبضے سے پولیس کی جعلی وردیاں اور بیجز بھی برآمد ہوئے ہیں۔

    کارروائی کے بعد چارسد ہ کے مختلف علاقوں میں ایلیٹ فورس کا سرچ آپریشن جاری ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور مزید انکشافات متوقع ہیں۔

  • عابد شیر علی کے حملے کا خدشہ ہے، شاہ محمود کا اسپیکر کو خط

    عابد شیر علی کے حملے کا خدشہ ہے، شاہ محمود کا اسپیکر کو خط

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق کو خط لکھ دیا جس میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں عابد شیر علی کی جانب سے مجھ پر اور عمران خان پر حملے کا خدشہ ہے، عابد شیر کی دھمکیوں کا نوٹس لیا جائے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندہ اسلام آباد عبدالقادر نے بتایا کہ کچھ دن قبل ن لیگ کے رہنما عابد شیر علی نے ٹوئٹر پر یہ پیغام پوسٹ کیا تھا کہ شاہ محمود قریشی اور عمران خان قومی اسمبلی کے اجلاس میرے ریڈار پر ہوں گے۔

    رپورٹر کے مطابق اس جملے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے تحریک انصاف کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی نے اسپیکر کو خط لکھا ہے اور اس میں اسی ٹوئٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ عابد شیر علی کی جانب سے مجھ پر اور پارٹی لیڈر عمران خان پر جسمانی حملے کا خدشہ ہے۔


    خط میں شاہ محمود قریشی نے مزید کہا ہے کہ پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں متفقہ طور پر ضابطہ اخلاق طے کیا گیا تھا تاہم عابد شیر علی اس پر عمل درآمد کرتے نظر نہیں آرہے اس لیے اسپیکر اس معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے عابد شیر علی سے پوچھ گچھ کریں۔

     

  • امید ہے پانامہ کیس کا فیصلہ عوام کے حق میں ہوگا، سراج الحق

    امید ہے پانامہ کیس کا فیصلہ عوام کے حق میں ہوگا، سراج الحق

    کرک : امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ امید ہے کہ پانامہ کیس کا فیصلہ عوام کے حق میں ہوگا اگر کرپش کے خاتمے کیلئے پانچ چھ ہزار لوگوں جیل بھیج دیا گیا تو یہ بڑی بات نہیں ہوگی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرک میں جماعت اسلامی کے تحت جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سراج الحق نے کہا کہ میرا ایک ہی مطالبہ ہے کہ چوراورلٹیرا چاہے اپوزیشن میں ہو یا حکومت میں سب کا احتساب ہو، اسی لئے میرے خلاف تقاریر ہورہی ہیں۔

    میں ایسی جمہوریت سے پناہ مانگتا ہوں جس میں غریب کے بچے کیلئے اسکول اور ہسپتال کا ایک بیڈ میسر نہ ہو، ایوان میں کرپشن کے خاتمے کیلئے کوئی نظام نہیں بنا اورحکمرانوں نے بھی کوئی روڈ میپ نہیں دیا اس لئے ہم نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے اورامید ہے کہ پانا مہ کیس کا فیصلہ عوام کے حق میں ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگر کرپش کے خاتمے کیلئے پانچ چھ ہزار لوگوں جیل بھیج دیا گیا تو یہ بڑی بات نہیں ہوگی، 20 کروڑ لوگوں کیلئے اگر پانچ چھ ہزار لوگوں کی قربانی دینی پڑی تو یہ بڑی قربانی نہیں ہوگی اب پاکستان اور کرپشن ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔

    سینیٹرسراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہی میرا جرم ہے کہ میں احتساب چاہتا ہوں تو میں اپنے جرم کا اعتراف کرتا ہوں اور ہرسزا سہنے کیلئے تیارہوں اورجب تک ان لوگوں کو جیلوں تک نہیں پہناچایا جائے اپنے مہم کو جاری رکھوں گا۔

    انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے سے پہلے بہت کوشش کی کہ کرپشن کے خاتمے کیلئے کوئی نظام وضع ہو حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے ٹی او آرز بھی آئے لیکن نہ ایوان میں کوئی نظام آسکا اور نہ حکومت نے کوئی لائحہ عمل بنایا اورجب پانامہ کا اسکینڈل آیا تب بھی حکومت ٹس سے مس نہیں ہوئی تو صرف ایک ہی راستہ بچا کہ قانونی چارہ جوئی کی جائے۔

    سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ امریکی صدر کی پالیسیوں سے معلوم ہورہا ہے کہ روس کی طرح بہت جلد امریکہ کے بھی ٹکڑے ٹکڑے ہونے والے ہیں کیونکہ امریکی نومنتخب صدر روز عالم اسلام کے خلاف ایک اعلان جنگ کرتے نظر آتے ہیں۔

  • نیب کی کارروائی، زرعی بینک منیجر سمیت 4 اہلکار گرفتار

    نیب کی کارروائی، زرعی بینک منیجر سمیت 4 اہلکار گرفتار

    پشاور: نیب خیبر پختونخوا نے زرعی ترقیاتی بینک کی برانچ سرائے نورنگ میں کارروائی کرتے ہوئے غبن کے الزام میں برانچ منیجر سمیت 5 اہلکاروں کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیب خیبر پختونخوا نے 202 ملین روپے کے غبن کے الزام میں زرعی ترقیاتی بنک کے اہلکاروں کو گرفتار کر لیا، حکام کے مطابق کارروائی کر کے منیجر خوشدل خان سمیت 4 دیگر اہلکاروں کو لکی مروت سرائے نورنگ برانچ سے گرفتار کیا گیا ہے۔

    نیب اعلامیے کے مطابق اہلکاروں کو ابتدائی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد گرفتار کیا گیا ہے، گرفتار ملزمان نے جعلی چیک بک کے ذریعے 202 ملین روپے کا غبن کیا، تمام ملزمان سے تحقیقات میں اہم پیش رفت ہے۔

    پڑھیں: ’’ خیبرپختونخوا، عوام سے 23 کروڑ لوٹنے والا اہلکار گرفتار ‘‘

    یاد رہے رواں ہفتے نیب خیبرپختونخوا نے راولپنڈی میں کارروائی کرتے ہوئے سی ٹی اہلکار کو گرفتار کیا تھا، ملزم نے دورانِ ملازمت اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے جعلی کاغذات بنا کر زمینی فروخت کی تھیں۔

  • نوشہرہ میں فائرنگ‘ماں اپنے2بچوں سمیت جاں بحق

    نوشہرہ میں فائرنگ‘ماں اپنے2بچوں سمیت جاں بحق

    نوشہرہ: صوبہ خیبرپختونخواہ کے ضلع نوشہرہ میں دوفریقین کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں 3افراد جان کی بازی ہارگئے۔

    تفصیلات کےمطابق خیرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ کےعلاقے ڈاگ بیسودمیں کرکٹ کھیلنے کے دوران بچوں کی لڑائی میں بڑے بھی کود پڑے اور ایک دوسرے پر فائرنگ کردی،جس سے ماں اپنے2 بچوں سمیت جاں بحق ہوگئی۔

    نوشہرہ پولیس کےمطابق یونین کونسل ڈاگ بیسود میں کرکٹ میچ کے دوران بچے اپس میں الجھ پڑے۔جس میں ان کے بڑے بھی کود پڑے اور آپس میں ایک دوسرے پر فائرنگ شروع کی جس سے موقع پر ماں سمیت دوبیٹے فیاض خان اور اظہار اللہ جاں بحق ہوگئے۔

    پولیس حکام کےمطابق فائرنگ میں دوسرے فریق کے2 افراد زحمی ہوگئے،پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیاہے۔

    واضح رہے کہ خیبرپختونخوا سمیت ملک کے دیگر صوبوں میں بھی معمولی جھگڑوں پر فائرنگ کے واقعات پیش آتے رہے ہیں،جن میں کئی قیمتی انسانی جانیں بھی ضائع ہوتی ہیں۔

  • لواری ٹنل کا راستہ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا

    لواری ٹنل کا راستہ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا

    چترال: چترال کو ملک کے دیگر حصوں سے ملانے والا لواری ٹنل کا راستہ آج دوپہر ڈیڑھ بجے ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔

    نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے پراجیکٹ ڈائریکٹر انجینیئر محمد ابراہیم مہمند نے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شدید برف باری کی وجہ سے لواری سرنگ کا راستہ شیڈول کے مطابق جمعہ کے روز نہیں کھل سکا تاہم اس راستے کو ہفتے کے روز کھول دیا گیا۔

    ٹنل بند ہنے کی وجہ سے 5 ہزار مسافروں کو دیر بالا میں 2 دن تک ٹہرنا پڑا۔

    اس راستے سے سفر کرنے والے بعض مسافروں نے شکایت کی تھی کہ راستے کو صحیح طور پر صاف نہیں کیا گیا اور صرف ایک گاڑی اس سے گزر سکتی ہے۔ اگر غلطی سے گاڑی پھسل کر سڑک کے بیچ میں آجائے تو دوسری گاڑی کا یہاں سے گزرنا مشکل ہوگا۔

    واضح رہے کہ اس وقت چترال اور مضافاتی علاقے میں بارش جبکہ بالائی علاقوں اور پہاڑوں کی چوٹیوں پر برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔

    یاد رہے کہ لواری ٹنل کے راستے پر ٹریفک پولیس کی ڈیوٹی نہ ہونے کے باعث عام دنوں میں بھی اکثر ٹریفک جام ہو جاتا ہے اور مسافروں کو کئی گھنٹوں تک انتظار کرنا پڑتا ہے۔

    مقامی لوگوں کا مطالبہ ہے کہ لواری سرنگ کے دونوں جانب ٹریفک پولیس کو تعینات کیا جائے تاکہ وہ ٹریفک کو کنٹرول کریں۔

    ٹریفک جام کی وجہ سے مسافروں کو 48 گھنٹوں تک بھی شدید سردی میں انتظار کرنا پڑتا ہے جبکہ یہاں قریب میں خواتین اور بچوں کے لیے بشری تقاضے پورے کرنے کی بھی کوئی سہولت میسر نہیں۔