Category: خیبر پختونخواہ

  • پشاور: ناردرن بائی پاس پر ون وہیلنگ جاری

    پشاور: ناردرن بائی پاس پر ون وہیلنگ جاری

    پشاور:ناردرن بائی پاس پر موت کا کھیل جاری ہے،موٹر سائیکل سوار سرعام ون ویلنگ میں مصروف ہیں لیکن انہیں روکنے والا کوئی نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق موٹر سائیکل پر کرتب دکھاتے ہوئے ایڈونچر کے شوقین نوجوانوں نے خطرناک کھیل کو شغل بنالیا۔

    پشاور میں سرعام موت کا رقص دکھاتے ان نوجوانوں کو زندگی کی پروا نہیں،ناردرن بائی پاس پر موٹر سائیکل ہوا میں اڑاتے ہوئے تیز رفتاری دکھاتے ون ویلنگ کرتے ہیں

    خطرناک کھیل میں مگن نوجوانوں کو دیکھنے والے لوگوں کا کہنا ہے کہ منع کرنے کے باوجود یہ نوجوان باز نہیں آتے، پولیس نے بھی پیسے لے کر انھیں کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔

  • کرسمس ٹرین پشاور سے راولپنڈی روانہ

    کرسمس ٹرین پشاور سے راولپنڈی روانہ

    پشاور: پاکستان ریلویز کی جانب سے تیار کردہ خصوصی کرسمس ٹرین پشاور میں ایک روز قیام کے بعد امن کا پیغام دیتے ہوئے راولپنڈی روانہ ہوگئی ۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے کی جانب سے مسیحی برادری کو ایسا تحفہ دیا گیا ہے جسے دیکھ کرمسیحی برادری خوش ہوگئی،ریلوے نے کرسمس کے موقع پر خوبصورت اور رنگوں سے سجی ٹرین چلائی ہے جسے مسیحی برادری کی جانب سے بہت پسند کیا جارہا ہے۔

    سرخ رنگ سے سجی ٹرین،ڈیئر کارٹ کھینچتے، ڈھیروں تحائف لیے سانتا کلاز، برقی قمقموں سےجگمگ کرتے کرسمس ٹری اور بڑا سا کیک لیے کرسمس ٹرین پشاور سےراولپنڈی روانہ ہوئی۔

    ٹرین میں تین گیلریز سجائی گئی ہیں، اوپن گیلری میں رقص کرتی مسیحی برادری خوشی سے نہال نظر آئی۔

    ٹرین دیکھنے کے لیے لوگ شہر بھر سےآتے رہے،ٹرین کی سکیورٹی کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ پاکستان ریلوے کی تاریخ کی پہلی کرسمس ٹرین پشاور سے راولپنڈی 24 دسمبر و صبح نو بجے پہنچے گی جس کے بعدٹرین کا سفر پنڈی سے جہلم اور گوجرانوالہ سے ہوتے ہوئے لاہور، حیدرآباد اور کراچی آکر ختم ہوگا۔

  • عمران خان کا 25 دسمبر کوصوابی میں بڑے جلسے کا اعلان

    عمران خان کا 25 دسمبر کوصوابی میں بڑے جلسے کا اعلان

    اسلام آباد: عمران خان نے عوامی رابطہ مہم کے تحت بڑے جلسے کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ اس بار پاناما لیکس کے ساتھ ساتھ سی پیک کا معاملہ بھی اٹھایا جائے گا۔

    انہوں نے بنی گالہ میں قانونی ٹیم کے اہم رکن بابر اعوان سے پاناما لیکس کے معاملے پر تفصیلی ملاقات کی اور آئندہ سماعت کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ ملاقات کے دوران حکومت مخالف عوامی رابطہ مہم ،پانام لیکس ،کوئٹہ کمیشن رپورٹ اور سی پیک منصوبے پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

    یہ پڑھیں: پاناما کیس، پی ٹی آئی کا ملک گیر جلسے کرنے کا فیصلہ

    اس موقع پربابر اعوان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاناما کیس میں وزیر اعظم کی صفائی میں سننے یا کہنے کو کچھ نہیں،، عمران خان نے بھی پاناما کیس کو ہر صورت منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ قومی دولت لوٹنے والوں کا احتساب ضروری ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ 25دسمبر کو دوپہر دو بجے صوابی میں بڑا جلسہ کروں گا،اس جلسے میں دو باتیں کی جائیں گی، اول سی پیک کے اوپر کہ ہم کیسے ایک منصفانہ طریقے سے سی پیک کا فائدہ تمام صوبوں کو ملے۔

    انہوں نے بتایا کہ جلسے میں دوسری بات پاناما لیکس پر کی جائے گی پاناما لیکس کا ایشو کیا ہے؟ کیوں یہ پاکستان میں فیصلہ کن وقت ہے اور ہمیں کس طرح کا پاکستان درکار ہے کیوں کہ قومی دولت لوٹنے والوں کا احتساب ضروری ہے۔

    ملاقات کے دوران عمران خان نے کہا کہ حکومت سانحہ کوئٹہ کمیشن کی رپورٹ پر ہرزہ سرائی کر رہی ہے،پاناما لیکس اور کوئٹہ کمیشن کی رپورٹ کے بعد وزیر اعظم حکومت کرنے کا آئینی اور اخلاقی جوز کھو چکے۔

    خیال رہے کہ آج کل سیاسی جماعتوں کی جانب سے جلسے جلسوں کا ایشو زروں پر ہے،23 دسمبر کو کراچی اولڈ ٹرمینل پر پاکستان پیپلز پارٹی، حیدرآباد میں 23 دسمبر کو پاک سرزمین پارٹی اور 25 دسمبر کو متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے کراچی میں مزار قائد پر جلسے کا اعلان کیا ہوا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: 

    پیپلز پارٹی کا کراچی ایئرپورٹ پر جلسے کا اعلان

    کراچی میں 25 دسمبر کو جلسہ کریں گے، فاروق ستار

    حیدرآباد کے جلسے میں اگلاروڈ میپ دیں گے، مصطفیٰ کمال

  • بونیر میں‌ خواجہ سراؤں‌ کے ناچ گانوں پر پابندی عائد

    بونیر میں‌ خواجہ سراؤں‌ کے ناچ گانوں پر پابندی عائد

    بونیر: صوبہ خیبر پختون خوا کے ضلع بونیر میں خواجہ سرائوں کے ناچ گانے پر پابندی عائد کردی گئی۔

    اطلاعات کے مطابق کے پی کے میں واقع مالا کنڈ ڈویژن کے ضلع بونیر میں خواجہ سراؤں کے ناچ گانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے، ضلع بونیر چار سب ڈویژنز پر مشتمل ہے تاہم پابندی صرف خدوخیل میں لگائی گئی۔

    خواجہ سرائوں پر پابندی کا اعلامیہ اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلیا جس کے مطابق پابندی کا اعلامیہ اسسٹنٹ کمشنر خدوخیل نے جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ضلع بونیر کے علاقے خدوخیل میں خواجہ سرائوں کے ناچ گانوں کے پروگرامز اب ممنوع قرار دے دیے گئے ہیں۔

    وجہ بتاتے ہوئے کہاگیا ہے کہ ان پروگرامز سے علاقے کا امن متاثر ہورہا ہے، اکثر اوقات نوجوانوں کے دوران اس معاملے پر لڑائیاں بھی ہوجاتی ہیں، ایسے پروگرامز میں شراب نوشی کے ساتھ ساتھ اسلحہ کی بھی نمائش کی جاتی ہے۔

    نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ پابندی علاقے کے منتخب نمائندوں اور عمائدین کی درخواست پر لگائی جارہی ہے، آئندہ ایسے پروگرامز منعقد ہونے پر متعلقہ تھانے کارروائی کرسکیں گے۔

    خیال رہے کہ خیبر پختون خوا میں کچھ عرصے سے خواجہ سرائوں پر تشدد کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے جب کہ کئی خواجہ سرا ہلاک بھی ہوچکے ہیں، علاقے کے عمائدین گزشتہ کئی برس سے ایسے پروگرامز پر پابندی کا مطالبہ کررہے تھے۔

  • عمران خان سے کمیونسٹ پارٹی کی ملاقات، دورہ چین کی دعوت قبول

    عمران خان سے کمیونسٹ پارٹی کی ملاقات، دورہ چین کی دعوت قبول

    اسلام آباد:چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے چینی کمیونسٹ پارٹی کے وفد نے ملاقات کی جس میں عمران خان نے وفد کی دعوت قبول کرتے ہوئے چین کے دورے کا اعلان کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندہ اسلام آباد عبدالقادر کے مطابق چینی کمیونسٹ پارٹی کے سات رکنی وفد نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ان کی رہائش گاہ بنی گالہ میں ملاقات کی اور انہیں چین کا دورہ کرنے کی دعوت دی جسے عمران خان نے قبول کرتے ہوئے چین جانے کا اعلان کردیا۔

    ملاقات میں خطے کی اور پاکستان کی سیاسی صورتحال بالخصوص سی پیک کے حوالے سے بات کی گئی جس میں عمران خان نے اپنا پارٹی موقف کمیونسٹ پارٹی کے سامنے رکھا۔

    وفد سے ملاقات میں پی ٹی آئی کی جانب سے پارٹی ترجمان نعیم الحق اور رہنما شہزاد وسیم بھی موجود تھے۔

    پی ٹی آئی کے ترجمان نعیم الحق نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ عمران خان نے دورہ چین کی دعوت قبول کرلی اور بتایا کہ وفد نے انہیں چین کے دورے کی دعوت دی تھی۔

    ترجمان نے مزید بتایا کہ ملاقات میں شہری ترقی میں چین کے تجربات پر بھی خصوصی گفتگو کی گئی، غربت کے خاتمے کے لیے چینی حکومت کے اقدامات زیر بحث آئے۔

    ملاقات میں عمران خان نے سی پیک پر اپنے موقف سے چینی وفد کو آگاہ کر دیا،چینی وفد نے عمران خان کو شیلڈ اور اپنا پارٹی پرچم تحفے میں دیا۔

  • پشاورمیں سی ٹی ڈی کی کارروائی‘3ملزمان گرفتار

    پشاورمیں سی ٹی ڈی کی کارروائی‘3ملزمان گرفتار

    پشاور: صوبہ خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے مغوی لڑکی کو بازیاب کروا کے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کےمطابق خیبرپختونخواہ کے شہر پشاور میں انسداد دہشت گردی ڈپارٹمنٹ نے کارروائی کرکےاغوا کی گئی لڑکی کو بازیاب کروالیا۔

    سی ٹی ڈی حکام کے مطابق اغوا کاروں نے لڑکی کی بازیابی کےلیے چار کروڑ روپے تاوان طلب کیا تھا۔

    انسداد دہشت گردی ڈپارٹمنٹ نے پشاور میں کارروائی کرکے تینوں ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے استعال شدہ موبائل سمز برآمد کرلیں۔

    سی ٹی ڈی حکام کےمطابق ملزم متعدد مقدمات میں مطلوب تھے،جبکہ گرفتار اغوا کاروں کا تعلق درہ آدم خیل سے ہے۔

    مزید پڑھیں:صوابی میں پولیس کی کارروائی،2دہشتگرہلاک اور1اہلکارجاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع صوابی میں پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ کے دوران 2دہشت گرد ہلاک جبکہ 1اہلکار جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیاتھا۔

    مزید پڑھیں:سیکورٹی فورسزپرحملوں میں ملوث دہشتگردگرفتار

    واضح رہے کہ رواں سال اکتوبر میں سی ٹی ڈی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں کارروائی کرکے سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث دہشت گرد گرفتار کرلیاتھا۔دہشت گرد کی گرفتاری پر صوبائی حکومت نےدس لاکھ انعام مقررکیاتھا۔

  • خیبرپختونخواہ کی سرکاری ویب سائٹ ہیک

    خیبرپختونخواہ کی سرکاری ویب سائٹ ہیک

    پشاور : خیبرپختونخوا حکومت کی سرکاری ویب سائٹ ’پشتون سائبر آرمی‘نامی ہیکرز نے ہیک کرلی گئی۔

    تفصیلات کےمطابق ہیکرز نے خیبرپختونخوا کی حکمران جماعت تحریک انصاف کے ‘تبدیلی’ کے نعرے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ویب سائٹ پر پیغام چھوڑا، ‘تبدیلی آ نہیں رہی، تبدیلی آگئی ہے۔

    ہیکرز نے ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں لکھا کہ عمران خان کی حکومت صوبے میں مذاق ہے،یہ حکومت بنی گالہ سے چلائی جا رہی ہے۔

    ہیکرزنے ان کی ذاتی زندگی کو تنقیدکا نشانہ بناتےہوئے کہا کہ جو ایک سال تک شادی نہیں چلا سکتا وہ حکومت کیا چلائے گا۔

    خیال رہے کہ ماضی میں بھی ہیکرز کی جانب سے پاکستان کے مختلف محکموں اور سیاسی جماعتوں کی ویب سائٹ ہیک کی جاتی رہی ہیں۔

    مزید پڑھیں:پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی ویب سائٹ کو ہیک کرلیا گیا

    یادرہےکہ اس سے قبل 2014 میں پی پی پی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے کشمیر کو پاکستان کا حصہ بنانے کے بیان پربھارتی ہیکرز نےپیپلزپارٹی کی ویب سائٹ کو ہیک کرلیا تھا۔

    مزید پڑھیں:پیپلزپارٹی اورنواز لیگ کی آفیشل ویب سائٹس ہیک کرلی گئیں

    واضح رہے کہ رواں سال پیپلزپارٹی اور نواز لیگ کی آفیشل ویب سائٹ ہیک کرلی گئی تھیں۔ ویب سائٹس ہیک کرنے کے بعد ہیکرز نے نواز شریف اور آصف زرداری کے نام پیغامات بھی دئیے تھے۔

  • خیبر پختونخوا میں خواجہ سراؤں کی رجسٹریشن کا فیصلہ

    خیبر پختونخوا میں خواجہ سراؤں کی رجسٹریشن کا فیصلہ

    پشاور: خیبر پختون خوا حکومت نے تاریخی اقدام اٹھاتے ہوئے خواجہ سراؤں کی رجسٹریشن کا فیصلہ کرلیا جس کے بعد انہیں ہیلتھ گرانٹ اور ٹیکنکل ایجوکیشن فراہم کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم مشتاق غنی کی سربراہی میں ایک خصوصی کمیٹی کا اجلاس وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سیکریٹریٹ میں ہوا جس میں تیسری صنف خواجہ سراؤں کے حوالے سے اہم امور زیرِ بحث آئے اور کئی اہم فیصلے بھی کیے گئے۔ یہ کمیٹی خصوصی طور پر وزیر اعلیٰ  پرویز خٹک کی ہدایت پر تشکیل دی گئی ہے۔

    اجلاس میں سیکریٹری صنعت اور ٹیکنیکل ایجوکیشن فرح حامد خان، سیکریٹری صحت عابد مجید، سیکریٹری اطلاعات طاہر حسین، اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل ملک اختر اعوان سمیت دیگر اہم اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

    اجلاس میں ایڈیشنل سیکریٹری سوشل ویلفیئر نے اجلاس کے شرکاٗ کو بتایا کہ مردم شماری کے فارم میں خواجہ سراؤں کے اندراج کے لیے علیحدہ خانے کا اضافہ فی الحال ممکن نہیں تاہم محکمہ سوشل ویلفیئر ضلعی سطح پر اپنے افسران کے ذریعے خواجہ سراؤں کی رجسٹریشن کا کام کرسکتا ہے۔

    بعد ازاں اجلاس میں سیکریٹری اطلاعات سے مشاورت کے بعد اشتہارات کے ذریعے خواجہ سراؤں کی رجسٹریشن کے لیے آگاہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس میں اشتہارات کے ذریعے خواجہ سراؤں کو خود رجسٹرڈ کروانے سے متعلق معلومات دی جائیں گی۔

    اجلاس میں خواجہ سراؤں کو صحت کی سہولتیں فراہم کرنے کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ ڈپٹی سیکریٹری صحت، ڈپٹی سیکریٹری سوشل ویلفیئر اور سینیئر پلاننگ آفیسر سمیت سوشل ویلفیئر کے افسران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے کر ایڈز، ہیپا ٹائٹس سمیت دیگر مہلک بیماریوں میں مبتلا خواجہ سراؤں کو انصاف صحت کارڈ اور سوشل ویلفیئر کے فنڈز کے تحت علاج و معالجے کو فراہمی ممکن بنائیں گے۔

    خواجہ سراؤں کو فنی تربیت مہیا کرنے کے حوالے سے ایڈیشنل سیکریٹری نے اجلاس میں بتایا کہ پی سی ون میں خواجہ سراؤں کو مختلف تکنیکی شعبہ جات میں فنی تربیت فراہم کرنے کے لیے فنڈز مختص کردیئے گئے ہیں جب کہ سیکریٹری فنی تربیت نے بتایا کہ خواجہ سراؤں کے لیے ہرفنی تربیت کا ہر شعبہ موزوں نہیں رہے گا اس لیے ان کی جسمانی ساخت کو مد نظر رکھتے ہوئے فنی تربیت کے ان شعبہ جات کا انتخاب کیا گیا ہے جو خواجہ سراؤں کے لیے مناسب ہو۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ مخصوص فنی تربیت کے کورسز کے لیے ہر ضلع سے 20 سے 25 خواجہ سراؤں کوتیار کیا جائے گا جن کی فہرست خواجہ سراؤں کی تنظیمیں فراہم کریں گی۔

    اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پروگرام کوآرڈی نیٹر اور خواجہ سراؤں کی تنظیم کی صدر خواجہ سراؤں کی صحت اور فنی تربیت کے حوالے سے تجاویزت مرتب کریں گے جس کا سیکریٹری صحت اور سیکریٹری تیکنیکی تعلیم سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے اہم اعلیٰ حکام پرمشتمل کمیٹی جائزہ لے کر تجاویزات کو پالیسی کی شکل دیں گے۔

  • سوات اوراس کے گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے

    سوات اوراس کے گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے

    پشاور: سوات اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4.2 اور زمین میں اس کی گہرائی 279 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔

    زلزلے کے جھٹکے محسوس ہونے پر لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے اپنے گھروں اور عمارتوں سے باہر کھلے مقامات پرنکل آئے اور لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، اس زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش تھا، تاہم اس سے کسی قسم کے جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

    زلزلے سے متعلق احتیاطی تدابیر

    زلزلے کے حوالے سے حفاظتی ماہرین کے مطابق بعض تدابیر اختیار کرکے قیمتی جانوں کو بچایا جاسکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ زلزلوں کی صورت میں درج ذیل اقدامات سے جانی نقصان کم کیا جاسکتا ہے

    زلزلے سے پہلے

    گھر میں فرسٹ ایڈ باکس رکھیں اور فرسٹ ایڈ کی تربیت بھی حاصل کریں۔ جن علاقوں میں زلزلوں کا خدشہ ہو وہاں الماریوں پر بھاری اور شیشے سے بنی اشیا رکھنے سے گریز کریں۔ گھر میں بجلی ، گیس، اور پانی کی لائنیں فوراً بند کردیں کیونکہ زلزلے کی قوت سے یہ گیس اور پانی کی لائنیں باآسانی پھٹ جاتی ہیں جو شدید نقصان کی وجہ بنتی ہے۔

    زلزلے کے دوران

    زلزلے کے دوران کسی بھی حالت میں حواس اور سکون کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور مشکل وقت میں بھی پرسکون رہنے کی کوشش کیجیے۔ اگر آپ گھر کے اندر ہیں تو فوری طور پر دیوار سے چپک کر کھڑے ہوجائیں یا پھر کسی بھاری بھرکم فرنیچر ( میز یا پلنگ) کے نیچے رینگ کر پہنچ جائیں اور زلزلہ تھمنے تک وہیں موجود رہیں۔ اس عمل سے پنکھا، روشنیاں اور گھر کی چھت کے گرنے والے ٹکڑوں سے آپ محفوظ رہیں گے۔ زلزلے کے دوران ماچس اور کسی قسم کا شعلہ نہ جلائیں۔ اگر آپ گاڑی میں ہیں تو گاڑی روک دیں اور زلزلہ تھمنے تک اسی میں بیٹھے رہیں۔ سیڑھیوں اور پتھریلے زینوں سے دور رہیں اور بجلی کی ایلیویٹر اور لفٹ میں سفر نہ کریں کیونکہ زلزلے سے وہ جامد ہوکر رک سکتی ہیں۔

    زلزلے کے بعد

    ٹوٹی پھوٹی اور خستہ عمارتوں سے دور رہیں کیونکہ آفٹر شاکس سے بھی ان کے ڈھے جانے کا خدشہ موجود رہتا ہے۔
    بھاری جوتے پہنیں تاکہ شیشوں اور ملبے میں موجود دیگر ٹھوس اشیا سے اپنے پیر کو زخمی ہونے سے بچایا جاسکے۔
    زلزلے کے بعد فوری طور پر کھلے میدان میں پہنچیں کیونکہ آفٹر شاک پہلے سے کمزور عمارتوں کی ٹوٹ پھوٹ اور مزید نقصان کی وجہ بنتے ہیں۔

  • لواری ٹاپ برفباری کےسبب بند‘چترال کا زمینی راستہ منقطع

    لواری ٹاپ برفباری کےسبب بند‘چترال کا زمینی راستہ منقطع

    چترال : صوبہ خیبرپختونخواہ کے شہرچترال میں شدیدبرفباری کے باعث چترال کا زمینی راستہ لوار ی ٹاپ ٹریفک کےلیے بند ہوگیاہے۔

    تفصیلات کےمطابق خیبر پختونخواہ کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری ہورہی ہے جبکہ صوبے کے بالائی اضلاع میں چترال بھی شامل ہے جہاں برفباری کے باعث لواری ٹاپ کو ٹریفک کے لیے بندکردیاگیاہے۔

    لواری ٹاپ بند ہونے کی وجہ سے دونوں اطراف 30 کے قریب گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں جبکہ شدید برفباری کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہےجن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔

    صوبائی حکومت کے ادارے پی ڈی ایم اے کی جانب سے ٹنل انتظامیہ سے درخواست کی گئی ہے فوری طور پرصرف ان 30 گاڑیوں کو نقل وحرکت کی اجازت دی جائے۔

    واضح رہے کہ خیبر پختونخواہ کے بالائی علاقوں میں شدیدبرفباری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ چترال کو ملک کے دیگر حصوں سے ملانے والا واحد زمینی راستہ لواری ٹاپ کوشدید برف باری کی وجہ سے ہر قسم کے ٹریفک کیلئے بند کردیاگیاہے۔