پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کےشہر پشاور میں رنگا رنگ ہفتہ فرنٹیئرکورکا کورکمانڈر پشاور نے افتتاح کیا۔جس میں جوانوں نے دہشت گردوں سےنمٹنےکی بہترین عملی مشقوں کا مظاہرہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان نے ہفتہ فرنٹئیر کور کا فیتہ کاٹ کر افتتاح کیا۔افتتاح کے بعدفضا میں رنگ برنگی غبارے چھوڑے گئے۔
پشاور میں ہفتہ فرنٹیئر کور کے پہلے روز دہشت گردوں سے نمٹنے کےلیے جوانوں نے اپنی بہترین صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا۔
کور کمانڈر پشاور نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے فرنٹیئر کور کو جوانوں کو تمغے دیے۔تقریب میں اعلی سول اور فوجی حکام سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ پندرہ سال بعد منعقد ہونےوالے فرنٹیئر کور کی تقریبات ایک ہفتے جاری رہیں گی جس میں مختلف ایونٹس پیش کیے جائیں گے۔
اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینیئر ماہر قانون حامد خان ایڈووکیٹ نے پاناما کیس کی مزید پیروی سے معذرت کرلی، انہوں نے اپنے فیصلے سے عمران خان کو آگاہ کردیا ہے، پی ٹی آئی نے اعتزاز احسن اور بابر اعوان سے رابطہ کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاناما لیکس کیس میں تحریک انصاف کو ایک اور جھٹکا لگ گیا، پاناما کیس میں ثبوتوں کی عدم دستیابی اور پی ٹی آئی رہنماؤں کی شدید تنقید کے بعد حامد خان میڈیا مہم پرناراض ہوگئے۔
انہوں نے پاناما کیس سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کرنے کے بعد عمران خان کو فون کرکے اپنے فیصلے سے کردیا، انہوں نے عمران خان کو بتادیا کہ میڈیا پر جاری مہم کے باعث ان کیلئے سپریم کورٹ کی معاونت ممکن نہیں رہی۔
ذرائع کے مطابق عمران خان نے حامد خان کی خدمات کو سراہا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ حامد خان قانونی ٹیم کی معاونت جاری رکھیں، عمران خان کا کہنا تھا کہ حامد خان کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور تحریک انصاف سے ان کی کمٹمنٹ کسی قسم کے شک و شبے سے بالا تر ہیں۔
حامد خان کا کہنا تھا کہ خدمات کے اعتراف پر چیئرمین صاحب کا مشکور ہوں مگر مقدمے سے الگ ہونے کی اجازت دی جائے۔
بعد ازاں اپنے فیصلے کے حوالے سے حامد خان ایڈووکیٹ نے میڈیا کو بتایا کہ پاناما کیس کی گزشتہ سماعت کے بعد دو محاذوں پر لڑنا پڑ رہا تھا ، میں قانون کی جنگ تو لڑسکتا ہوں میڈیا کی جنگ نہیں لڑ سکتا اسی لیے قیادت سے کیس لڑنے سے معذرت کی ہے۔ میرے خیال میں نعیم بخاری کو کیس کا پتا ہے اس لیے انہیں ہی کیس لڑنا چاہیئے۔
ذرائع کے مطابق حامد خان کی جانب سے کیس کی پیروی سے معذرت کے بعد پی ٹی آئی نے سینیٹر اعتزازاحسن اور بابر اعوان سے رابطہ کرلیا ہے۔
اعتزاز احسن نے پی ٹی آئی کو پاناما کیس کے حوالے سے اہم ترین تجاویز بھی دی ہیں۔ حامد خان کی معذرت کے بعد پی ٹی آئی کا کیس کون پیش کرے گا اس بات کا حتمی فیصلہ اتوار کے روز عمران خان کی لندن سے واپسی کے بعد کیا جائے گا۔
اسلام آباد : وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کا کہناہے جمہوریت کے استحکام کےلیے حاجی عدیل کی خدمات قابل تحسین ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
تفصیلات کےمطابق وزیراعظم نوازشریف نے عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنمااور سینیئر نائب صدرحاجی محمد عدیل کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ حاجی عدیل جمہوری اصولوں کے فروغ پر یقین رکھتے تھے۔
وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نےغم زدہ خاندان کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کے بلند درجات اور مغفرت کی دعا بھی کی۔
چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کے لیے حاجی عدیل کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔
رضا ربانی کا کہناہے کہ انہوں نے پوری زندگی جمہوریت کے لیے جدوجہد کی اور ہمیشہ آئین وقانون کی بالا دستی کے اپنی آواز بلند کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما حاجی محمد عدیل کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئےمرحوم کی مغفرت کے لیے دعا کی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ پرویز خٹک نے حابی محمد عدیل کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک متحرک سیاستدان تھے۔انہوں نے کہا کہ سیاست کے میدان میں حاجی عدیل کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائی گی۔
عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی نے پارٹی کے سینیئر رہنما حاجی محمد عدیل کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی باصلاحیت سیاستدان محروم ہوگئی۔
اسفند یار ولی کا کہناتھا کہ حاجی محمد عدیل پارٹی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے تھے اور ان کی کمی شدت سے محسوس کی جائے گی۔
پشاور : عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما حاجی محمد عدیل انتقال کرگئے ان کی عمر 72سال تھی۔
تفصیلات کےمطابق عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور سینئر نائب صدرحاجی محمد عدیل طویل عرصے سے گردوں کے عارضےمیں مبتلا تھے۔ان کا انتقال رات 3 بجے سی ایم ایچ پشاور میں ہوا۔
اے این پی کےمرکزی رہنما اور سینیئر نائب صدر حاجی محمد عدیل کی نماز جنازہ آج شام 4 بجے جناح پارک میں اداکی جائے گی۔ان کی تدفین جنید بابا مزار سے ملحق قبرستان میں کی جائے گی۔
حاجی محمد عدیل 25اکتوبر 1944 کو پیدا ہوئے پچپن پشاور کی گلیوں میں گزرا۔ انہوں نے بی اے تک تعلیم حاصل کی اور جوانی سے بڑھاپے تک جمہوریت کی بحالی وبقا کے لیے جدوجہد کی۔
عوامی نیشنل پارٹی کےمرکزی رہنما حاجی محمد عدیل 1990 سے لے کر 1999تک تین مرتبہ پشاور سے رکن صوبائی اسسمبلی منتخب ہوئے۔انہوں نے 1993 میں صوبائی وزیرخزانہ کا منصب سنبھالا۔
اے این پی کے رہنما حاجی محمد عدیل 1997سے لے کر1999 تک خیبرپختونخواہ اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر بھی رہے اور 2009 سے 2015 تک انہوں نے بطور سینیٹر خدمات انجام دیں۔
حاجی محمد عدیل سینیٹ میں اے این پی کے پارلیمانی لیڈر کے علاوہ اے این پی کے الیکشن کمیشن کے چیئرمین اور مرکزی و صوبائی ایگزیکٹو کمیٹیوں کے رکن بھی رہے۔
چکوال: مانسہرہ سے کراچی آنے والی مسافر بس میاں والی کے قریب کھائی میں گرنے سے 2 خواتین سمیت 7 افراد ہلاک جبکہ 28 زخمی ہوگئے، تمام افراد کو گورنمنٹ سٹی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مانسہرہ سے کراچی آنے والی بس میاں والی کے قریب تیز رفتاری کے باعث کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں 2 خواتین اور 5 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 28 افراد زخمی ہوئے۔
حادثے کے بعد ریسکیو رضاکاروں نے جائے وقوعہ پہنچ کر تمام افراد کو اسپتال منتقل کیا تاہم تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیے جانے والے افراد میں سے 5 مرد اور دو خواتین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوئے۔
ڈاکٹرز کے مطابق اسپتال منتقل کیے جانے والے تمام افراد کو طبی امداد دی جارہی ہے جبکہ حادثے کے نتیجے میں شدید زخمی ہونے والے افراد کو بچانے کی کوشش کی گئی مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جانبر نہ ہوسکے۔
اسلام آباد : تحریک انصاف کی لیگل کمیٹی کے اجلاس میں عمران خان نے پاناما کیس میں وکلاء کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کردیا جس کے بعد وکلا کی ٹیم میں تبدیلی کا امکان ہے.
تفصیلات کے مطابق پاناما کیس میں آج سپریم کورٹ میں ہونے والی سماعت میں تحریک انصاف کے وکلاء کی کارکردگی کے حوالے سے انصاف لیگل کمیٹی کا اہم اجلاس بنی گالہ میں منعقد ہوا جس میں تحریک انصاف کے وکلاء کے دلائل اور کارکردگی پر نگاہ ڈالی گئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران پارٹی رہنماؤں نے وکیل نعیم بخاری اور حامد خان کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حامد خان جارحانہ انداز میں کیس لڑ نے میں ناکام رہے ہیں۔ رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ حامد خان کی جگہ بابر اعوان کو پاناما کیس میں وکیل مقرر کیا جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خود سربراہ تحریکِ انصاف عمران خان بھی اپنے وکلاء کی مایوس کن کارکردگی پر نالاں ہیں اور نعیم بخاری سے بالکل مطمئن نہیں ہیں۔
واضح رہے کی عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور تحریک انصاف کے اہم حلیف شیخ رشید پہلے ہی وکلاء کی تبدیلی کا مشورہ دے چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کی لندن کے دورے سے واپسی کے بعد پاناما کیس میں تحریک انصاف کے وکیل کی تبدیلی کے لیے درخواست جمع کرانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے ترجمان نے اس بات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی کوئی بات نہیں، وکلا کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جارہی، عمران خان اپنے وکلا کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے ایک پروگرام میں شریک پی ٹی آئی رہنما علی زیدی نے کہا کہ حامد خان وکیل ہیں ان کی مرضی ہے کیس کو کیسے لے کر چلتے ہیں، ہر شخص کو معلوم ہے کہ نواز شریف پھنس چکے ہیں اس لیے قطرے شہزادے کو بھی اس میں شامل کرلیا گیا۔
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے پاناما لیکس کے بعد نیوز گیٹ اسکینڈل پر بھی سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا، دائر کی جانے والی پٹیشن میں نواز شریف اور مریم نواز کو فریق بنایا جائے گا۔
اے آر وائی نیوز اسلام آباد کے رپورٹر عبدالقادر نے بتایا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا جس کے مطابق پی ٹی آئی نیوز لیکس کے معاملے کو سپریم کورٹ تک لے کر جائے گی اور نیوز گیٹ اسکینڈل کو بھی بھرپو طریقے سے اٹھایا جائے گا۔
باخبر ذرائع نے بتایا کہ پارٹی ترجمان نعیم الحق سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کریں گے، اس حوالے سے وکلا کی خدمات بھی حاصل کرلی گئی ہیں۔
اطلاعات ملی ہیں کہ پٹیشن میں وزیراعظم نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا جائے گا قومی سلامتی سے متعلق حساس معلومات جان بوجھ کر لیک کی گئیں سپریم کورٹ اس ضمن میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے وزیراعظم کو نااہل قرار دینے لیے الیکشن کمیشن سمیت سپریم کورٹ میں پہلے ہی درخواستیں دائر کی ہوئی ہیں، مقدمے کی سماعتیں جاری ہیں تاہم اب نیوز گیٹ اسکینڈل کے معاملے پر بھی پی ٹی آئی عدالت سے رجوع کرے گی۔
پشاور: وفاقی حکومت کی جانب سے پاک ترک اسکولوں میں پڑھانے والے اساتذہ کو 3 دن کے اندر ملک سے چلے جانے کے حکم کے خلاف پشاور میں اساتذہ اور طلبا اور طالبات نے حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق مظاہرے میں اساتذہ، بچوں کے والدین سمیت ترک اساتذہ کے خاندان کے افراد نے بھی حصہ لیا اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی۔
اساتذہ کا مطالبہ تھا کہ ترک اسکول میں پڑھانے والے ترکش اساتذہ نہ تو دہشت گرد ہیں اور نہ ہی علم دشمن، نواز شریف بچوں کا مستقبل تاریک کرنے کے بجائے ان اساتذہ کی واپسی کا فیصلہ واپس لیں۔
پاک ترک اسکول پشاور میں 9 ترکش اساتذہ خدمات سر انجام رے رہے ہیں جو کہ اپنے اہلِ خانہ سمیت پشاور میں رہائش پزیر ہیں مظاہرے میں شریک طلبا نے گو نواز گو اور طیب اردگان مردہ باد کے نعرے بھی بلند کیے۔
واضح رہے 15 جولائی کو ترک میں ناکام فوجی بغاوت کے بعد اپوزیشن رہنما گولن کو مشکوک نگاہ سے دیکھا جا رہا تھا جس کے بعد گولن کے زیر انتظام چلنے والے تعلیمی اداروں پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
ترک انتظامیہ کی درخواست پر حکومتِ پاکستان نے گولن کے زیرِ انتظام چلنے والے پاک رتک اسکولوں کو بند کرنے اور ترک اساتذہ کو واپس اپنے ملک بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا تھا قبل ازیں ترک حکومت نے ان اسکولوں کے ترک سربراہان کو فارغ کر کے پاکستانی اساتذہ کو چانسلر مقرر کردیا تھا۔
اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا ہے کہ لیڈر وہ ہوتا ہے جو سچ بولے اور بہادری سے موقف پر ڈٹا رہے ،جھوٹ بولنے والے اور بزدل رہنما کی دنیا بھر میں کہیں عزت نہیں ہو تی۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اسلام آباد میں طلبہ ونگ انصاف اسٹوڈینٹ فیڈریشن کے کنونشن سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے کہا صداقت، شجاعت، لیاقت اور دیانت کے ذریعے ملک کو بہتر طریقے سے چلایا جا سکتا ہے طلباء کردار سازی میں ان چار چیزوں کو لازمی شامل کریں۔
انہوں نے کہا جو شخص اپنی انا ختم نہیں کرسکتا وہ کبھی بڑا لیڈر نہیں بن سکتا ہے اور جو اپنی انا ختم نہیں کرتے وہ بزدل ہوتے ہیں اوردنیا بھر میں بزدلوں کی کوئی عزت نہیں ہوتی ہے،دنیا میں ہم سچ اور حق کے ساتھ کامیاب ہو سکتے ہیں بزدلی کے ساتھ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ انصاف اسٹوڈینٹ فیڈریشن کی تنظیم نو کے لیے الیکشن کرائے جائیں گے اور پھر دنیا دیکھے گی گی کہ اس طلبہ تنظیم سے پاکستان کو اعلیٰ پایہ کے سیاست دان ملیں گے اور یہ تنظیم سیاست کی نرسری ثابت ہو گی۔
چیئرمین تحریک انصاف نے طلبہ کو کردار سازی ، سچائی پر ڈٹے رہنے اور ذاتی انا کو ختم کرنے کہ ہدایت کرتے ہوئے بتایا کہ اسلام میں سب سے زیادہ اہمیت سچ بولنے کی ہے اور سچ و حق پر ڈٹ جانے کا درس ہمیں نبی آخر الزاماں کی سیرت سے بھی ملتا ہے اس لیے طلباء ان سنہری تعلیمات کو اپنی زندگی کا لازمی حصہ بنائیں۔
اسلام آباد : پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں، لوگوں میں خوف ہراس پھیل گیا۔ زلزلے کی شدت پانچ اعشاریہ چار ریکارڈ کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اور خیبر پختونخوا کے کئی شہر زلزلے سے لرز اٹھے۔ جس کے باعث عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا، لوگ کلمہ طیبہ کا رود کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔ تاہم خوش قسمتی سے زلزلے کی وجہ سے کسی قسم کی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
جن شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ان میں راولپنڈی ،سرگودھا،چنیوٹ ،پھالیہ،پنڈی بھٹیاں ،بھلوال اور کالا باغ شامل ہیں۔
خیبر پختونخوا میں پشاور ،مردان،،سوات ،مالاکنڈ، لوئردئیر ،مہمند ایجنسی ،شانگلہ ،چلاس کوہستان ،مانسہرہ ،بالاکوٹ اور بٹگرام میں بھی زلزلے کے جھٹکوں نے شہریوں کو پریشان کیا۔
زلزلے کی شدت پانچ اعشاریہ چار ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی ایک سو ستاون کلومیٹر اور اس کا مرکز کوہ ہندو کش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔