Category: خیبر پختونخواہ

  • عائشہ گلا لئی کے خلاف نیب جانے والے نور زمان کو قتل کردیا گیا

    عائشہ گلا لئی کے خلاف نیب جانے والے نور زمان کو قتل کردیا گیا

    لکی مروت : تحریک انصاف کی منحرف رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی کے خلاف کرپشن کے ثبوت لے کر نیب جانے والے نور زمان کو قتل کردیا گیا.

    تفصیلات کے مطابق نور زمان کو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے اس وقت قتل کردیا جب وہ گھر سے باہر کسی کام کے لیے گئے ہوئے تھے کہ انہیں راستے میں نشانہ بنادیا گیا.

    واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے مقتول نور زمان کی لاش قریبی اسپتال منتقل کی جہاں ان کی موت کی وجہ زیادہ خون بہہ جانا اور حرکت قلب بند ہونا بتایا گیا.

    پولیس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نور زمان کو قتل کرنے کے بعد ملزمان فرار ہوگئے جنہیں عینی شاہدین کی مدد سے جلد گرفتار کیا جائے گا جس کے لیے عینی شاہدین کے بیانات قلم بند کیے جا رہے ہیں.

    اسی سے متعلق : عائشہ گلالئی کے خلاف نیب خیبرپختونخوا میں ریفرنس کیلئے درخواست دائر

    خیال رہے نور زمان نے تحریک انصاف کی منحرف رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی پر کرپشن کے الزامات لگاتے ہوئے شواہد کے ہمراہ نیب میں درخواست بھی جمع کرائی تھی جس میں مخلتف ترقیاتی پروجیکٹس کی مد میں لی گئی رشوت کو بھی بے نقاب کیا گیا تھا.

    یاد رہے نورزمان جو رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی کے ذاتی معاون کے طور پر بھی کام کرتے رہے ہیں نے عائشہ گلا لئی کے تحریک انصاف چھوڑنے کے بعد ایک پریس کانفرنس میں کرپشن کے الزامات لگاتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ عائشہ گلالئی کونسلرکو ٹکٹ دلوانے کےلئے دس لاکھ روپے میں ڈیل کرتی تھیں اور یہ معاملات عائشہ گلالئی کے والد کروایا کرتے تھے.


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • مردان، فٹ بال کھلاڑی نے میچ کے دوران ریفری کو قتل کردیا

    مردان، فٹ بال کھلاڑی نے میچ کے دوران ریفری کو قتل کردیا

    مردان : مقامی ٹیموں کے درمیان ہونے والے فٹبال میچ میں کھلاڑی نے ریفری پر چاقو کے وار کر کے قتل کردیا۔

    تفصیلاے کے مطابق قتل کی یہ واردات صوبہ خیبر پختونخواہ کے علاقے مردان میں پیش آئی جہاں دو مقامی فٹبال ٹیموں کے درمیان مقابلہ جاری تھا کہ کسی معاملے میں کھلاڑیوں اور ریفری کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔

    جھگڑے کے دوران ایک کھلاری آپے سے باہر ہوگیا اور ریفری پر چاقو کے پے در پے وار کرتے ہوئے شدید زخمی کردیا اور موقع سے فرار ہوگیا جب کہ ریفری زیادہ خون بہہ جانے اور فوری طبی امداد نہ ملنے کے باعث جاں بحق ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق اسپورٹس کمپلیکس میں فٹبال میچ کے دوران پیش آنے والے اس افسوسناک واقعہ کی ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے اور تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے دیگر کھلاڑیوں کے بیان قلم بند کر لیے ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ کھلاڑی ریفری کو قتل کرنے کے بعد فرار ہوگیا ہے جس کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں اور جلد ملزم کو حراست میں لے کر قانون کے کٹہرے میں لا کھڑا کریں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • پشاورکے نوجوان نے اینٹی بلیو وہیل گیم بنا کرتوڑ نکال لیا

    پشاورکے نوجوان نے اینٹی بلیو وہیل گیم بنا کرتوڑ نکال لیا

    پشاور : بلیو وہیل گیم کی تباہ کن انٹری سے نوجوانوں کو بچانے کیلئے پشاور کا نوجوان میدان میں آگیا، اینٹی بلیو وہیل گیم بنا کرتوڑ نکال لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کے ایک ہونہار نوجوان وسیم گل نے دنیا بھر میں دہشت پھیلانے والے گیم بلیو وہیل کا توڑ نکال کر سب کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا ہے، یہ کھیل لوگوں کو خود کشی کی طرف مائل کرنے کے حوالے سے مشہور ہے جبکہ نیا کھیل اینٹی بلیو وہیل لوگوں میں جینے کی نئی امنگ پیدا کرتا ہے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوزعثمان علی سے گفتگو کرتے ہوئے اٹھارہسالہ طالب علم  وسیم گل کا کہنا تھا کہ بیلو وہیل ایک کلر گیم ہے جو لوگوں کو موت کی جانب دھکیلتا ہے۔

    تو میں نے سوچا کیوں نہ ایک ایسا گیم بناؤ ں جو زندگی کی اہمیت کو اجاگر کرے، تو اسی لئے میں ایک ایپ بنائی ہے، جس کا نام اینٹی بلیو وہیل ہے۔


    مزید پڑھیں: بلیو وہیل گیم پاکستان میں، خیبرپختونخواہ کے دو نوجوان متاثر


    جس میں کہا گیا ہے کہ آپ کی زندگی بہت اہم ہے اس کو ضائع مت کریں، اور اس طرح کے دیگر ٹاسک میں نے اس ایپ میں ڈالے ہیں۔


    مزید پڑھیں: بلیو وہیل گیم کے نام پر لڑکیوں کو ہراساں کرنے کا انکشاف


    پشاور کے نوجوانوں کو بلیو وہیل گیم سے متاثر ہوتا دیکھ کر وسیم نے اس کا حل نکالنے کا فیصلہ کیا، اس کے علاوہ نوجوان وسیم ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے بھی ایپلیکیشن بنانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

  • ڈاکٹر کے گھر دستی بم پھینکنے والا بھتہ خور گرفتار

    ڈاکٹر کے گھر دستی بم پھینکنے والا بھتہ خور گرفتار

    پشاور: ڈاکٹر سے دو کروڑ روپے بھتہ طلب کرنے اور دوبار دستی بم پھینکنے والے بھتہ خور کو گرفتار کرلیا گیا۔
    اے آر وائی نیوز کے نمائندہ پشاور عدنان طارق کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر پشاور کے علاقے جمرود روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے مبینہ بھتہ خور کو گرفتار کرلیا ہے۔
    ملزم کے بارے میں بتایا جارہا ہے کہ اس نے ایک مقامی ڈاکٹر سے ایک سے دو کروڑ روپے تک بھتے کی ڈیمانڈ کی تھی جس کے لیے اس نے پرچی بھی دی تھی۔

    سیکیورٹی ادارے نے ملزم کے بارے میں مزید بتایا کہ وہ کالعدم تنظیم کے نام پر دھمکیاں دیتا تھا اور فون بھی کرتا تھا اور اس نے ڈاکٹر کے گھر پر دو بار دستی بموں سے حملہ بھی کیا تھا۔

  • پشاور: نکہت اورکزئی کلاشنکوف لے کر پولنگ اسٹیشن پہنچ گئیں

    پشاور: نکہت اورکزئی کلاشنکوف لے کر پولنگ اسٹیشن پہنچ گئیں

    پشاور: خیبر پختون خوا کی رکن اسمبلی نکہت اورکزئی کلاشنکوف لے کر پولنگ اسٹیشن پہنچ گئیں، تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    اے آر وائی نیوز کےنمائندے ظفر اقبال نے بتایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والی رکن کے پی کے اسمبلی نکہت اورکزئی نے خواتین کے ساتھ ساتھ مردوں کے پولنگ اسٹیشن کا بھی دورہ کیا اور اس دوران وہ کندھے پر کلاشنکوف لٹکائے گھومتی رہیں۔


    نمائندے کے مطابق آج این اے فور میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کے درمیان سخت مقابلے کی توقع تھی اسی لیے مخالفین کو دباؤ میں لینے کے لیے کہ وہ کہیں جھگڑا نہ کریں، نکہت اورکزئی کلاشنکوف لیے گھومتی رہیں۔

    یہ پڑھیں: پشاورضمنی الیکشن، دوپٹہ اتار کر کلاشنکوف چلا سکتی ہوں نکہت اورکزئی

     خیال رہے کہ چند ماہ قبلخیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقہ 8 میں جاری ضمنی الیکشن میں خواتین کے ووٹ کاسٹ کرنے کے معاملے پر تنازع پیدا ہوگیا تھا تو نکہت اورکزئی نے دھواں دھار انٹری دیتے ہوئے پولنگ اسٹیشن سے تمام مردوں کو نکال کر خواتین سے ووٹ کاسٹ کروائے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں: جیتو پاکستان کے نام پر نکہت اورکزئی کو نوسر بازوں کا جھوٹا میسج

    اس موقع پر اُن کا کہنا تھا کہ طالبان سے نہیں ڈری تو یہ سیاسی لوگ کیا چیز ہیں؟دوپٹہ اتار کر کلاشنکوف چلا سکتی ہوں،مجبو نہ کیا جائے۔

  • پی ٹی آئی کا مزار قائد پر جلسے کا اعلان

    پی ٹی آئی کا مزار قائد پر جلسے کا اعلان

    کراچی: پاکستان تحریک انصاف نے 25 دسمبر کو مزار قائد پر جلسہ کرنے کا اعلان کردیا، عمران خان کا کہنا ہے کہ زرداری اور فضل الرحمن کا تعاقب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سندھ میں قدم جمانے کے لیے کوششیں جاری ہیں، عمران خان مسلسل سندھ کے دورے کررے ہیں اور اب انہوں نے کراچی میں جلسے کا بھی اعلان کردیا ہے۔

    اس بات کا اعلان خود پارٹی چیئرمین عمران خان نے کراچی کے دورے کے دوران خیبرچوک بلدیہ ٹاؤن کے علاقے میں ارکان کی مہم سازی کے دوران شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    زرداری اور فضل الرحمان کا تعاقب کریں گے، عمران خان

    عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی میں جلسہ کریں گے، آج سے کراچی میں انتخابی مہم شروع کردی،سندھ میں کرپشن کے خلاف کام شروع کردیا ہے، آصف علی زرداری اور فضل الرحمان کا تعاقب کریں گے۔

    چیئرمین تحریک انصاف نے مزید کہا کہ شہری جلد از جلد تحریک انصاف کی رکنیت حاصل کریں، قومی شناختی کارڈ کے تمام مسائل حل کریں گے۔

    تحریک انصاف کے مطابق 25 دسمبر کو مزار قائد پر جلسہ کیا جائے گا جس سے پارٹی قائد عمران خان اور دیگر رہنما خطاب کریں گے۔

    خیال رہے کہ عمران خان اپنی تقاریر میں متعدد بار اعلان کرچکے ہیں کہ نواز شریف کو گھر بھیج دیا اب آصف زرداری کا احتساب کریں گے۔

    اس اعلان کے ساتھ ہی انہوں نے سندھ کی سیاست میں عملی طور پر حصہ لینا شروع کردیا ہے، وہ حیدرآباد اور سکھر میں جلسے کرچکے ہیں، شاہ محمود قریشی بھی کندھ کوٹ میں جلسہ کرچکے۔

    یہ بھی پڑھیں: بکتر بند میں بیٹھ کرکاروبار نہیں ہوسکتا: عمران خان

    دریں اثنا آج عمران خان کراچی میں موجود ہیں انہوں نےسائٹ ایسوسی ایشن کی دعوت پر ان کے دفتر کا بھی دورہ کیا۔

  • ڈی آئی خان بڑی تباہی سے بچ گیا،7دہشتگرد دھماکہ خیزمواد سمیت گرفتار

    ڈی آئی خان بڑی تباہی سے بچ گیا،7دہشتگرد دھماکہ خیزمواد سمیت گرفتار

    ڈیرہ اسماعیل خان : سی ٹی ڈی پولیس نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا، کالعدم تنظیم کے سات دہشت گرد بھاری اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد سمیت گرفتار کرلیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پولیس نے بروقت کارروائی کرکے ڈیرہ اسماعیل خان کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔

    سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع ملنے پر علاقہ غلام فرید جھوک ندو والی سے سات دہشت گردوں حسنین معاویہ ولد قاری امان اللہ سکنہ ملانہ، ابوبکر ولد ثناء اللہ سکنہ ملانہ، محمد طاہر ولد محمد حسن سکنہ ملانہ، محمد جنید ولد عصمت اللہ سکنہ ملانہ، محمد شعیب ولد اللہ وسایہ سکنہ ملانہ، محمد کلیم ولد اسماعیل سکنہ ملانہ اور محمد اجمل ولد قاری محمد یاسین سکنہ بستی دریا والی ملانہ کو گرفتارکرلیا۔

    ملزمان کے قبضے سے بارود بمعہ بالٹی5کلو گرام، نٹ بولٹ اور چھرے ایک کلو گرام، موٹرسائیکل بیٹری ایک عدد، سیفٹی فیوز دوفٹ ایک عدد، پرائما کارڈ وائر تین فٹ، ڈیٹونیٹر ایک عدد اور تیس بور پسٹل بمعہ میگزین دو برآمد کر لیں۔


    مزید پڑھیں: ڈی آئی خان میں چیک پوسٹ پرحملہ ناکام ‘ 3 دہشتگرد ہلاک


    سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق ابتدائی تفتیش سے پتہ چلا کہ ہے کہ دہشت گردوں کا تعلق ایک کالعدم تنظیم سے ہے، ملزمان ڈی آئی خان میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ بنا رہے تھے کہ دھر لیے گئے۔

    گرفتار دہشت گردوں سے تفتیش جاری ہے جس میں مزید انکشافات متوقع ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

     

  • ترقی کے نام پر بے تحاشا قرضے لیے لیکن کام کچھ نہیں ہوا، صدر پاکستان

    ترقی کے نام پر بے تحاشا قرضے لیے لیکن کام کچھ نہیں ہوا، صدر پاکستان

    بنوں : صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ عوامی پروجیکٹس کے نام پر قرضے لیے گئے لیکن نہ تو ڈیم بنے، نہ اسپتال تعمیر ہوئے اور نہ ہی تعلیمی شعبے میں کچھ کام ہوا.

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف سائنس و ٹیکنالوجی بنوں کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، صدر پاکستان نے کہا کہ گزشتہ چار سال میں 14 ہزار 8 سو ارب روپے قرض لیا گیا لیکن وہ کہاں استعمال ہوا؟ کوئی نہیں جانتا.

    انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام حکمرانوں سے پوچھیں کہ اتنے قرضے لیے تو اب تک ڈیم کیوں نہ بن سکے؟ اور اسپتال، ڈیم، روزگار اور تعلیم کے نام پر لیا گیا قرضہ آخر کہاں گیا ؟ عوام یہ سوالات پوچھنے کا پورا اختیار ہے.

    انہوں نے سی پیک کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کے بہتر مستقبل کی ضمانت ہے اور اس اہم معاشی منصوبے سے صرف چین اور پاکستان ہی نہیں بلکہ دنیا کے دیگر ترقی یافتہ ممالک نے بھی امیدیں وابستہ کر لی ہیں.

    صدر پاکستان نے کہا کہ پاکستان وسائل اور معدنیات سے مالا مال ہے لیکن کرپشن نے ملک کا بیڑہ غرق کردیا ہے جس کی وجہ سے ملک بدحالی کی جانب راغب ہے چنانچہ اس وقت ملک کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن بن چکا ہے جس کے لیے ہم سب نے مل کر کام کرنا ہے.

    قدرت نے ہمیں ترقی کے لئے راہداری کی شکل میں اس صدی کا عجیب و غریب منصوبہ دیا ہے مگر اس سے فائدے کے لئے ہمیں جدید سائنس و ٹیکنالوجی کی تعلیم کو اہمیت دینا ہوگی.

    انہوں نے کہا کہ ملک کو سب سے زیادہ نقصان جھوٹ، مکر، فریب اور مداری کی سیاست نے پہنچایا ہے لیکن کرپشن کرنے والے اور جھوٹ کا سہارا لینے والے جان لیں کہ سب سے بڑا منصف اللہ ہے جو پاکستان کو نقصان پہنچانے والوں سے حساب لے گا.


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • پاک افغان سرحد پرباڑ لگانے کا کام تیزی سے جاری

    پاک افغان سرحد پرباڑ لگانے کا کام تیزی سے جاری

    چمن : پاک افغان بارڈر پر سرحد پار دہشت گردی کو روکنے کے لئے پاکستان نے اہم قدم اٹھا لیا، بارڈر لائن پر خاردار تاریں لگانے کا کام تیزی سے جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان کی جانب سے آنے والے دہشت گردوں کی روک تھام کیلئے پاک فوج نے اہم ترین قدم اٹھا لیا، شمالی وزیرستان میں پاک افغان بارڈر پر خاردار تاریں لگانے کا کام تیزی سے جاری ہے۔

    تیئس سو چوالیس کلو میٹر طویل باڑ لگائی جائے گی جبکہ سات سو پچاس قلعے تعمیر کئے جائیں گے، خاردار تار لگنے سے افغانستان سے ہونے والی سرحد پار دہشت گردی کا سدباب کیا جاسکے گا تاہم افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی کو روکنے کے لئے افغان حکومت سے سنجیدہ اقدامات کی توقع ہے۔

    ذرائع کے مطابق پاک افغان بارڈر پر750 قلعے تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، 95 قلعے مکمل ہو چکے ہیں، 82 زیرتعمیر ہیں۔ 2344 کلو میٹر طویل سرحد میں سے 43 کلو میٹر پر باڑ لگانے کا کام مکمل ہو چکا ہے۔


    مزید پڑھیں: پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کا پہلا مرحلہ مکمل


    یاد رہے کہ جون2017میں پاک افغٓن سرحد پرباڑلگانے کا پہلا مرحلہ مکمل کرلیا گیا تھا، پہلے مرحلے میں باجوڑ، مہمند اورخیبرایجنسی میں باڑ لگائی گئیں تاکہ پاک افغان بارڈرپرسیکیورٹی صورت حال کو بہتربنایا جا سکے اور سخت نگرانی کا سلسلہ جاری رہے۔

  • نوازشریف ختم نبوت میں تبدیلی کےذمہ داروں کوپارٹی سےنکالیں، سراج الحق

    نوازشریف ختم نبوت میں تبدیلی کےذمہ داروں کوپارٹی سےنکالیں، سراج الحق

    پشاور : امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ووٹ مانگنے والوں سے پوچھا جائے کہ بار بار حکومت ملی تو آپ نے کیا کیا مایوسی کے سوا کوئی جواب نہیں ملے گا اور اگر یہ لوگ دوبارہ منتخب ہوتے ہیں تو پھر بھی کچھ نہیں کرسکتے.

    وہ پشاورمیں جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے، امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ مسلم لیگی حکومت نے ختم نبوت کے قانون پرشب خون مارا ہے اور عوام کو دھوکا دینے کی کوشش کی ہے.

    انہوں نے کہا کہ ختم نبوت پرکتاب لکھنے پرنہ صرف یہ کہ سید مودودی کو جیل میں ڈالا گیا بلکہ جناب مودودی کو ختم نبوت پرموت کی سزا بھی سنائی گئی تھی، جماعت اسلامی ختم نبوت کی وارث جماعت ہے.

    سراج الحق نے کہا کہ مطالبہ کرتا ہوں کہ ختم نبوت پر ڈاکہ ڈالنے والوں کو سزا دی جائے اور نواز شریف یہ پارٹی فیصلہ نہیں تھا تو انہیں جماعت سے نکالا جائے گا.

    امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ختم نبوت کے حلف نامے میں تبدیلی کوشش کر نے والے اور 20 کروڑعوام کے جذبات کو مجروح کرنے والوں کو پارٹی سے نکالا جائے اور پردوں میں چھپے ڈاکوؤں کو سزا دلائیں گے.


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔