Category: خیبر پختونخواہ

  • عائشہ گلالئی کی قومی اسمبلی کےاجلاس میں قبائلی پگڑی پہن کرانٹری

    عائشہ گلالئی کی قومی اسمبلی کےاجلاس میں قبائلی پگڑی پہن کرانٹری

    اسلام آباد: رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی قومی اسمبلی کے اجلاس میں قبائلی پگڑی پہن کر پہنچ گئیں، گارڈز نے روکا تو عائشہ گلالئی نے تعارف کرایا۔

    قومی اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عائشہ گلالئی نے کہا کہ روایتی لباس میں آئی ہوں کوئی مرد ساتھ نہیں ہے، پگڑی پہننے کا مقصد پاکستانی خواتین کو مضبوط رہنے کا پیغام دینا ہے، میں اور میرا خاندان ایک مافیا کے خلاف لڑ رہا ہے۔

    ویڈیو دیکھیں:

    انہوں نے کہا کہ مجھ میں جرأت ہے تو چار سال بعد بول رہی ہوں، عمران خان نوجوانوں کے ٹیلنٹ سے جلتے ہیں، ایک پارٹی نوجوانوں کے نام پر غلط کام کررہی ہے۔

    عائشہ گلالئی نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے دونوں بیٹے بیرون ملک میں ہیں، قوم کے بچوں کو اسکول بند کراکر دھرنوں میں بٹھا دیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں: عائشہ گلالئی کے خلاف نیب خیبرپختونخوا میں ریفرنس کیلئے درخواست دائر

    انہوں نے کہا کہ سینئرز کو ایڈوائزری بورڈ میں ہونا چاہیے نوجوان پارٹی چلائیں، نوجوان نسل سے اپیل ہے وہ سیاست میں آکر اپنا کردار ادا کرے، پاکستانی نوجوانوں کے ساتھ کھڑی ہوں۔ ملک میں خواتین کو مردوں کے برابر حقوق نہیں دئیے جارہے۔

    عائشہ گلالئی نے کہا کہ پاک فوج جانوں کی قربانی دے کر ہمارا دفاع کرتی ہے۔

  • عمران خان کااحتساب جعلی اورمتنازع ہے، ضیااللہ آفریدی

    عمران خان کااحتساب جعلی اورمتنازع ہے، ضیااللہ آفریدی

    پشاور : تحریک انصاف کے منحرف رہنما ضیاء اللہ آفریدی نے کہا ہے کہ عمران خان کا احتساب جعلی ہے اور خود عمران خان اور سراج الحق احتساب کی بات تو کرتے ہیں لیکن احتساب کرتے نہیں ہیں۔

    پی ٹی آئی سے منحرف ہونے والے سابق صوبائی وزیر برائے معدنیات ضیاء اللہ آفریدی پشاور میں‌ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ بینک آف خیبر کے میں ہونے والی بد انتظامی اور کرپشن کے ایشوز پر مناظرے کے لیے تیار ہوں۔

    ضیاء اللہ آفریدی نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق جب وزیر خزانہ تھے اس وقت غیر قانونی بھرتیاں ہوئیں اور دیگر معاملات ہوئے اگر سراج الحق کے خلاف کیس کھلا تو نوازشریف سے زیادہ برا حال ہوگا۔

    پی ٹی آئی سے منحرف ہونے والے رہنما نے کہا کہ احتساب کمیشن تو بنادیا گیا ہے لیکن عمل درآمد کچھ نہیں اور اگر یہ کمیشن عین اصولوں کے مطابق کام کررہا ہے تو وزیراعلیٰ اوروزیرخزانہ بار بار بلائے جانے کے باوجود احتساب کمیشن میں کیوں پیش نہیں ہوئے۔

    انہوں نے کہا کہ نامعلوم شخص نے میرے گھر پر ثبوتوں کی 2 جلدیں پہنچائی ہیں جن کے حوالے سے جلد انتہائی اہم انکشافات کروں گا اور اگر غیر جانبدرانہ عمل ختم نہیں کیا گیا تو احتساب کمیشن کے دفتر کے سامنے بہت جلد دھرنا دوں گا۔

  • کوئٹہ، نامعلوم افراد کی فائرنگ، دو سیکیورٹی اہلکار شہید

    کوئٹہ، نامعلوم افراد کی فائرنگ، دو سیکیورٹی اہلکار شہید

    کوئٹہ : دالبندین آرسی ڈی شاہراہ پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے 2 سیکیورٹی اہلکارشہید ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں دالبندین آر سی ڈی شاہراہ پر پولیس اہلکار معمول کی گشت پر تھے کہ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے براہ راست فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دونوں اہلکارموقع پر ہی شہید ہو گئے۔

    شہید ہونے والے سیکیورٹیاہلکاروں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے خون زیادہ بہہ جانے کو موت کی وجہ قرار دیتے ہوئے دونوں اہلکاروں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی۔

    واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اعلیٰ پولیس حکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور دہرے قتل کی واردات سے متعلق ابتدائی شوہد جمع کر کے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم کے بعد دونوں اہلکاروں کی میتوں کو اہل خانہ کے حوالے کردیا جائے گا جب کہ پولیس لائن میں شہداء کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی جہاں اعلیٰ پولیس حکام شرکت کریں گے جب کہ شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا جائے گا۔

    خیال رہے رواں ماہ کلی دیبہ کے قریب مسلح افراد نے پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کر کے ایس پی قائد آباد مبارک شاہ اور 3 پولیس اہلکاروں کو شہید کردیا تھا۔

  • سوات اور مالاکنڈ میں زلزلے کے جھٹکے

    سوات اور مالاکنڈ میں زلزلے کے جھٹکے

    سوات: خیبرپختون خوا کے شہروں مالا کنڈ اور سوات میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس پر لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج صوبہ خیبر پختون خوا کے اضلاع سوات اور مالاکنڈ میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

    زلزلہ پیما مرکز نے زلزلے کے جھٹکوں کی تصدیق کرتے ہوئے ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.4 ریکارڈ کی ہے۔

    زلزلہ پیما کے مطابق زلزلے کا مرکز ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔

  • ڈی آئی خان میں تجاوزات کیخلاف آپریشن، متاثرین سراپا احتجاج

    ڈی آئی خان میں تجاوزات کیخلاف آپریشن، متاثرین سراپا احتجاج

    ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ : محمد عرفان مغل) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان میاں عادل جاوید کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ زبیر نیازی کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ کا تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے۔

    اس سلسلے میں آج دریائے سندھ کی جانب جانے والے قاسم روڈ پر واقع ان مکانوں کو مسمار کر دیا گیا جو انتظامیہ کے مطابق اپنی حدود سے متجاوز قرار دئیے گئے تھے۔

    اس موقع پرعلاقہ مکینوں اور متاثرہ مکانات کے رہائشیوں کی جانب سے بھرپور احتجاج بھی دیکھنے میں آیا، تاہم پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی کی وجہ سے کسی قسم کی رکاوٹ یا تصادم کی صورتحال سامنے نہ آسکی۔

    اے آر وائی نیوزسے گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ زبیرنیازی کا کہنا تھا کہ سرکاری اراضی جو کہ دراصل سڑک کا حصہ ہے اس پر مقامی آبادی کے کچھ مکانات اپنی حدود سے تجاوز کرتے ہوئے اس سڑک تک پھیل چکے تھے۔

    ان مکانات کو متعدد بار نوٹسز جاری کئے گئے لیکن ان کا کوئی اثر دیکھنے میں نہیں آیا جس پر آخری نوٹس کے بعد آج ان کے خلاف آپریشن کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب متاثرین کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی جانب سے دئیے جانے والے نوٹس میں نہ تو کسی قسم کی نشاندہی کی گئی تھی اورنہ ہی نوٹس میں درج مدت کے پورا ہونے کا انتظار کیا گیا۔

    متاثرین کا یہ بھی دعویٰ تھا کہ مسمار کئے جانے والے مکانات میں سے اکثرگزشتہ بیسیوں سالوں سے ان کی ملکیت چلے آرہے ہیں جس کے دستاویزی ثبوت ان کے پاس موجود ہیں۔

  • پاناما کیس کا مقصد کیا صرف نوازشریف کو سزا دینا ہے؟ فضل الرحمان

    پاناما کیس کا مقصد کیا صرف نوازشریف کو سزا دینا ہے؟ فضل الرحمان

    پشاور : جمعیت علمائے اسلام (ف) کے چیئرمین مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی آج سی پیک منصوبے کے خلاف قریب نظر آرہے ہیں، پاناما کیس کا مقصد کرپشن کا خاتمہ ہے یا صرف نوازشریف کو سزا دینا یا پھر پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ پاناماکیس پر زیادہ تبصرےنہیں کرتا، عدالت کی جانب سے ایک بارفضول قراردی گئی درخواست آج کیا بلابن گئی ہے، ڈرتاہوں کہ میرے بیان سے کہیں کوئی پہلو نہ نکال لیا جائے کہ توہین عدالت کردی۔

    انہوں نے کہا کہ یہ کرپشن کا خاتمہ ہے یا صرف نوازشریف کو سزا دینا ہے یا پھر پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنا ہے، کہیں سارے معاملے کا مقصد سی پیک منصوبے کو ختم کرنا تو نہیں؟ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے حوالے سے پاکستان کا روشن مستقبل بھارت کو قبول نہیں۔ عالمی اقتصادیات پر چین کا قبضہ امریکہ کے لئے نا قابل قبول ہے۔

    مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ نوازشریف کی دولت آج نظرآئی ہے کیا وہ پہلےدولت مند نہیں تھے؟ جوچیزنظرآرہی ہےوہ کس پر اثر ڈال رہی ہے اس کودیکھنا چاہیئے، ہمیں پاکستان کوعدم استحکام کی طرف نہیں لے جاناچاہیے۔

    اپنے خطاب میں انہوں نے مزید کہا کہ کبھی پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی میں کتنی دوریاں ہوتی تھیں، لیکن اب پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی سی پیک منصوبے کےخلاف قریب نظرآرہےہیں، یہ وہ سارے معاملات ہیں جو سوالات کھڑے کررہے ہیں۔

    فضل الرحمان نے بتایا کہ سابق چیف جسٹس افتخارچوہدری کے مسئلے پر نوازشریف نے اے پی سی بلائی تھی، میرے ایک جملے نے اس اے پی سی کے ایجنڈے کو سبوتاژ کردیا تھا، میں نے اے پی سی میں کہا تھا کہ یہ عدلیہ آزادی تحریک ہے یاججز بحالی تحریک ہے؟

    فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ دیکھنا ہوگا کہ ملکی معیشت بہتر بنانے کی کوششوں کو کون ناکام بنانا چاہتا ہے، ہم ان معاملات میں فریق نہیں بنتے لیکن ایک رائے ضرور رکھتےہیں۔

    انہوں نے کہا کہ عدالت کے سامنےجو بات رکھی جاتی ہے وہ اسی پربات کرتی ہے، کوئی ناگزیرنہیں، نوازشریف کا حکومت میں ہونا نہ ہونا اہم نہیں، ہمیں صرف پاکستان کو عدم استحکام سے بچانے کی کوشش کرنی چاہیئے۔

  • نواز شریف بچ گئے تو صوبے میں‌ کرپشن کی اجازت دے دوں‌ گا، پرویز خٹک

    نواز شریف بچ گئے تو صوبے میں‌ کرپشن کی اجازت دے دوں‌ گا، پرویز خٹک

    پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ نواز شرف بچ گئے تو صوبے میں کرپشن کی اجازت دے دوں گا۔

    اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ صاف نظر آرہا ہے کہ جے آٹی کا نتیجہ کیا ہوگا۔


    ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف کے پاس اپنے بیانات کے حق میں نہ تو کوئی ثبوت ہے اور نہ کئی ریکارڈ، نواز شریف کو عدالت میں بلا کر پارٹی چیئرمین عمران خان نے بڑا کارنامہ انجام دیا ہے۔

  • پارا چنارمیں خود کش حملہ آورکی ویڈیو اے آروائی کوموصول

    پارا چنارمیں خود کش حملہ آورکی ویڈیو اے آروائی کوموصول

    پارا چنار : گزشتہ دنوں پارا چنار میں ہونے والے خود کش دھماکے میں ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گرد کی دوسرے دھماکے سے قبل کی ویڈیو اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاراچنار میں دو خود کش دھماکے ہوئے تھے جس میں 70سے زائد افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے تھے.

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک مشکوک شخص سفید رنگ کی گاڑی سے اتر رہا ہے، بعد میں وہ گاڑی واپس چلی گئی، جائے حادثہ پر بھی مبینہ خود کش حملہ آور کو دیکھا جا سکتا ہے۔


    مزید پڑھیں: پاراچناردھماکا، جاں‌ بحق افراد کی تعداد 24 ہوگئی


    فوٹیج میں سرخ دائرے میں موجود شخص حملہ آور ہوسکتا ہے۔ حملہ آور دوڑتا ہوا آگے بڑھا لیکن نظر بندی چوک پر لیویز اہلکار کھڑے ملے تو واپس پلٹا، اور بعد ازاں خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

  • خاتون کے گاڑی چلانے پر ایس ایچ او برہم، میاں بیوی پرتشدد

    خاتون کے گاڑی چلانے پر ایس ایچ او برہم، میاں بیوی پرتشدد

    پشاور: خیبر پختونخواہ میں خواتین کا گاڑی چلانا جرم بن گیا، ایس ایچ او نے گاڑی چلانے پر خاتون کے ساتھ بیٹھے شوہر کو مغلظات بکیں اور تشدد کا نشانہ بنایا، وزیر اعلیٰ نے ایس ایچ او کو معطل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کے تھانہ مٹہ سوات کے ایس ایچ او امان خان نے ایک خاتون کو گاڑی چلاتے ہوئے دیکھا تو اسے سخت ناگوار گزرا۔

     ایس ایچ او نے غصے میں آکر فرنٹ سیٹ پر بیٹھے اس خاتون کے شوہر کومغلظات بکیں اور گاڑی سے باہر نکال کر تشدد شروع کردیا اور اس پر ہی بس نہ کیا اور دونوں میاں بیوی کو لے جا کر تھانے میں بند کردیا۔

    اطلاع ملنے پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک نے واقعے کا سختی سے نوٹس لے لیا، ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس کے مطابق وزیر اعلیٰٰ نے مذکورہ ایس ایچ اوکومعطل کردیا ہے۔

  • ناران، چار سیاح گلیشیئر تلے دب گئے، ایک جاں بحق

    ناران، چار سیاح گلیشیئر تلے دب گئے، ایک جاں بحق

    مانسہرہ : ناران میں 4 سیاح گلیشیئر تلے دب گئے تین کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا جب کہ ایک سیاح کی لاش نکالی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ناران میں 4 سیاح تصویریں بنانے میں مشغول تھے کہ گلیشیئر کا ایک ٹکڑا ٹوٹ کر سیاحوں پر گرگیا اور چاروں سیاح گلیشیئر تلے دب گئے۔

    اسسٹنٹ کمشنربالاکوٹ کے مطابق مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت گلیشیئر کے ملبے تلے دبے تین سیاحوں کو زخمی حالت میں نکالنے میں کامیاب رہے جب کہ ایک سیاح کو نہیں بچایا جا سکا ان کی لاش بھی نکلا لی گئی ہے۔

    اسسٹنٹ کمشنربالاکوٹ کا کہنا ہے کہ 4 سیاحوں کا تعلق جیکب آباد سے ہے اور ناران میں سیر و سیاحت کے لیے آئے تھے تاہم ایک افسوسناک حادثے کا شکار ہوگئے اور ایک سیاح اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

    اسسٹنٹ کمشنربالاکوٹ نے بتایا کہ زخمی سیاحوں کو مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں فوری طبی امداد دی جا رہی ہے جب کہ جاں بحق سیاح کے لواحقین کو اطلاع دے دی گئی ہے جسے ضروری کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کردیا جائے گا۔

    اسسٹنٹ کمشنربالاکوٹ نے کہا ہے کہ سیاحوں کو چاہیئے کہ احتیاط کا دامن نہ چھوڑیں اور دوران سیاحت تمام ضروری ہدایات پر عمل کریں کیوں کہ کسی بھی قسم کی لاپرواہی جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔