Category: خیبر پختونخواہ
-
خیبرپختونخوا میں بائیومیٹرک سسٹم کا معاملہ تعطل کا شکار
خیبرپختونخوا میں بائیومیٹرک سسٹم کا استعمال سرخ فیتے کی نذر ہوگیا، نادرا نے الیکشن کمیشن کو جھنڈی کرادی، نادرا کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن مشینیں خود خریدے۔
خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا معاملہ تو تعطل کا شکار ہے لیکن بائیومیٹرک سسٹم جس کا ڈھنڈورا ایک عرصے سے پیٹا جارہا ہے، اسکا استعمال بھی سرد خانے کی نذر ہوتا دکھائی دے رہاہے۔
نادرا نے بائیومیٹرک مشینیں خریدنے سے انکار کردیا ہے، نادرا نے الیکشن کمیشن کو صاف کہہ دیا ہے کہ وہ مشینیں خریدے، نادرا سافٹ ویئرکی انسٹالیشن کے لیے تیار ہے، ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق چین سے خریدی گئی مشین میں سافٹ ویئرانسٹال کرکے الیکشن کمیشن کو پریزینٹیشن دی گئی تھی۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ بائیو میٹرک مشینوں کی خریداری اور ان کے استعمال تک کی تمام ذمہ داری نادرا کو ملنی چاہئے۔
-
پشاور:تین ملزمان گرفتار،ہزار سے زائد مردہ مرغیاں برآمد
پشاورمیں ضلع انتظامیہ نے کارروائی کے دوران ایک ہزار سے زائد مردہ مرغیاں ضبط کرلی گئی ہیں .
جبکہ تین ملزمان کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر ظہیراسلام کے مطابق چارسدہ روڈپرضلع انتظامیہ اور پولیس نے مشترکہ کے دوران تخت بھائی سے پشاورلائی جانے والی ایک ہزار سے زائد مردہ مر غیاں پکڑی گئیں ۔جبکہ تین ملزمان کو گرفتارکرلیا گیا ۔ ڈی سی پشاور کے مطابق مردہ مرغیوں سے بھری گاڑی پشاورکی مقامی مارکیٹ میں میں فروخت کرنے کے غرض سے لائی گئی تھیں
-
پشاور سمیت صوبے کے تین اضلاع میں پولیو مہم مؤخر
پشاور سمیت صوبے کے تین اضلاع میں موسم کی خراب صورت حال اور ٹنل بند ہونے کے باعث پولیو مہم مؤخر کر دی گئی۔
کو آرڈینیٹر محکمہ صحت کے مطابق پشاور سمیت صوبے کے تین اضلاع میں پولیو مہم مؤخر کر دی گئی ہے، تین اضلاع میں چترال ،ہری پور اور ڈی آئی خان شامل ہیں، چترال میں پولیو مہم برف باری اور ٹنل بند ہونے کے باعث پولیو مہم مؤخر کی گئی جبکہ ہری پور میں ضمنی انتخابات کے باعث پولیو مہم مؤخر کی گئی۔
پشاور میں پولیو مہم چھبیس جنوری سے شروع ہوگی، کو آرڈینیٹر محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ڈی آئی خان کی صرف ایک تحصیل گولاچی میں مہم چلائی گئی، دوسری جانب صوابی میں پولیو مہم جاری ہے۔
-
بنوں دھماکا، سی ایم ایچ میں مزید 3زخمی دم توڑ گئے،تعداد23 ہوگئی
بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے میں زخمی ہونیوالے تین اہلکار سی ایم ایچ پشاور میں دم توڑ گئے، جس کے بعد شہید اہلکاروں کی تعداد تئیس ہوگئی ہے۔
دہشتگردوں نے گزشتہ روز بنوں چھاؤنی میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے کو نشانہ بنایا، جس میں بیس اہلکار شہید جبکہ تیس زخمی ہوگئے تھے، دھماکے میں شدید زخمیوں کو سی ایم ایچ پشاور منتقل کیا گیا تھا۔
جن میں سے کئی کی حالت اب بھی تشویشناک بتائی جاتی ہے، دھماکے کے بعد بنوں میں سیکیورٹی انتطامات انتہائی سخت ہیں، دوسرے روز بھی بنوں میران شاہ روڈ پر کرفیو نافذ ہے جبکہ شہر کے تمام داخلی اور خارجی راستے سیل کئے گئے ہیں۔
-
بنوں چھاونی دھماکہ، دوسرے روز بنوں میران شاہ روڈ پر کرفیو نافذ
بنوں چھاونی میں دھماکے کے دوسرے روز بنوں میران شاہ روڈ پر کرفیو نافذ ہے، ہر طرف سناٹا ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا گشت جاری ہے۔
خیبر پختون خوا میں سیکیورٹی اہلکاروں اور سیاسی رہنماؤں پر پے در پے حملوں کے بعد سیکیورٹی انتظامات انتہائی سخت کردیئے گئے ہیں، بنوں چھاونی میں دھماکے کے دوسرے روز بھی بنوں میران شاہ روڈ پر کرفیو نافذ ہے۔
شہر کے تمام داخلی اور خارجی راستے سیل کئے گئے ہیں، بنوں کینٹ جانے والے تمام راستے بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، بنوں دھماکے کے زخمیوں کو سی ایم ایچ پشاورمیں منتقل کیا گیا تھا، جن میں کئی ایک کی حالت اب بھی تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔