Category: خیبر پختونخواہ

  • کے پی کے حکومت نے ایوب میڈ یکل کالج میں غیرقانونی ترقیوں کا نوٹس لے لیا

    کے پی کے حکومت نے ایوب میڈ یکل کالج میں غیرقانونی ترقیوں کا نوٹس لے لیا

    خیبر پختو نخواہ حکومت نے صوبہ کے دوسرے بڑے ایوب میڈ یکل کالج ایبٹ آباد میں ہونے والی مالی بے ضا بطگیوں، اورضا بطہ سے ہٹ کر ہونے والی غیرقانونی ترقیوں کا نوٹس لے لیا، حکومت نے صوبائی ہیلتھ سروسز اکیڈمی اور انٹی کرپشن کو پندرہ روز کے اندر تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا

    آج سے تحقیقات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ ایوب میڈ یکل کالج میں گزشتہ کہیں سالوں سے پرو فیسرزکو غیر قانو نی طور پر گریڈ اٹھارہ سے بیس میں ترقی دی گئی جبکہ وہ اس کی اہلیت ہی نہیں رکھتے تھےاور ان پرو فیسرز کی جانب سے بیسک سائنس الاؤنس بھی و صول کیا جا تا رہا جس کی مالیت کروڑوں روپے بنتی ہے.

    خیبر پختو نخواہ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے دو رکنی کمیٹی ڈاکٹر زمان آفریدی اور ڈاکٹر محمود عالم کی جانب سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، جبکہ انٹی کرپشن نے بھی اپنی تحقیقات شروع کردی ہیں

    ایوب میڈیکل کالج کے سابق پرنسپل پر وفیسر ڈاکٹرعبدالرشید، وائس پرنسپل ڈینٹل ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر عبدالواحد،پروفیسرڈاکٹرارم عباس، پروفیسرڈاکٹرمعراج اللہ، پر وفیسر ڈاکٹردلاور خان، پرو فیسرڈاکٹرشمشیرعلی خان و دیگر کیخلاف مالی بے ضا بطگیوں اور غیر قانونی پروموشنز کا الزام ہے-

    جس سے سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا ہے اور تاحال ان تمام افراد نے حاصل کردہ غیر قانونی الاؤنس سرکاری خزانے میں جمع نہیں کروایا۔

     

  • چارسدہ:تھانہ پڑانک کی حدود میں فائرنگ3 افراد جاں بحق

    چارسدہ:تھانہ پڑانک کی حدود میں فائرنگ3 افراد جاں بحق

    چارسدہ میں تھانہ پڑانک کی حدود میں فائرنگ سے تین افراد جان کی بازی ہار گئے، جنوبی وزیرستان میں پولیس وین کے قریب دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور تین افراد زخمی ہوگئے۔

    چارسدہ میں تھانہ پڑانک کی حدود میں پولیس چوکی کے سامنے نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تین افراد جان کی بازی ہار گئے، تین افراد کی ہلاکت کے بعد اہل علاقہ مشتعل اور علاقے میں کشیدگی پھیل گئی، مقتول افراد کے لواحقین نے لاشوں کو چوک پر رکھ کے احتجاج کیا اور ٹریفک معطل کردی۔

    دوسری طرف جنوبی وزیرستان میں پولیس وین دہشت گردوں کا نشانہ بنی، وین کے قریب دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور تین زخمی ہوئے، پولیس کے مطابق دھماکا ریمورٹ کنٹرول بم کا تھا۔

  • پشاور:سینٹرل جیل پرممکنہ حملے سے نمٹنے کیلئے سیکورٹی سخت

    پشاور:سینٹرل جیل پرممکنہ حملے سے نمٹنے کیلئے سیکورٹی سخت

    سینٹرل جیل پشاور پر طالبان کے حملے سے نمٹنے کیلئے جیل کی سیکورٹی بڑھا دی گئی، پاک فوج اور پولیس اہلکاروں نے ریہرسل بھی کی۔

    دہشت گردوں کی دھمکیوں کی زد میں رہنے والی سینٹرل جیل پشاور میں طالبان حملے سے نمٹنے کیلئے پاک فوج اور پولیس اہلکاروں نے جیل میں ریہرسل بھی کی اور جیل کے اطراف میں پولیس کے اہلکاروں کی تعداد بھی بڑھا دی گئی۔

    سینٹرل جیل پشاور میں صوفی محمد کے علاوہ اسامہ کیس کے مشہور پولیو کمپئن کے سربراہ شکیل آفریدی بھی قید ہیں، اس کے علاہ طالبان کے کئی اہم رہنما قید ہیں۔

    سینٹرل جیل پشاورمیں اس سے قبل بھی کئی بار پاک فوج اور پولیس کی جانب سے سرچ آپریشن کیا جا چکا ہے اور قیدیوں سے موبائل فونز اور منشیات بھی برآمد کئے گئے۔
           

  • خیبر پختون خوا کے بیشتر حصے سخت سردی کی لپیٹ میں

    خیبر پختون خوا کے بیشتر حصے سخت سردی کی لپیٹ میں

    خیبرپختونخواہ کے بیشترعلاقے شدیدسردی کی لپیٹ میں ہیں جبکہ آئندہ چوبیس گھنٹوں میں بالائی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافے کاامکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق پشاورمیں درجہ حرارت صفرڈگری سینٹی گریڈ، تیمرگرہ میں صفر، سید وشریف میں منفی ایک ہےدیرمیں منفی تین،کالام میں منفی نو،میرکنی میں منفی ایک سینٹی گریڈ جبکہ دروش میں منفی چھ، کاکول میں منفی تین سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔

    پہاڑوںپر برف باری کے بعد لوگ خیبرپختونخواہ کے سیاحتی مقامات کارخ کررہے ہیں، دوسری جانب سردی کی شدت میں اضافے سے گیس کا پریشر کم ہونے سے گھریلوصارفین پریشانی کاشکارہیں۔

  • پشاور: رکشے میں بم دھماکہ، 3افراد جاں بحق 2زخمی

    پشاور: رکشے میں بم دھماکہ، 3افراد جاں بحق 2زخمی

    پشاور کے نواحی علاقے پھندو میں رکشے میں بم دھماکے کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق دھماکا رکشے میں بم کی تنصیب کے دوران ہوا، بم دھماکے میں زخمی ہونے والے 7 افراد کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا، اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں میں تین بچے دو خواتین اور دو مرد شامل ہیں، ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہے جبکہ جاں بحق افراد کی لاشیں بھی لیڈی ریڈنگ اسپتال لائی گئی ہیں جن میں سے ایک کی شناخت ہوگئی ہے۔

    دھماکے میں ایک گھر کو بھی نقصان پہنچا ہے، دھماکے کے بعد پولیس نے علاقوں کو گھیرے میں لے لیا، دھماکے کے بعد علاقے کی بجلی منقطع ہوگئی، بم ڈسپوزل یونٹ کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد آٹھ کلو وزنی بم پشاور کے کسی علاقے میں تخریب کاری کے لیے لے جانا چاہتے تھے، پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں کا تعلق افغانستان سے ہے، تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

  • خیبرپختونخوا:بائیو میٹرک سسٹم متعارف کرانے کے عمل کو حتمی شکل نہیں دی جاسکی

    خیبرپختونخوا:بائیو میٹرک سسٹم متعارف کرانے کے عمل کو حتمی شکل نہیں دی جاسکی

    خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں بائیو میٹرک سسٹم متعارف کرانے کےعمل کو حتمی شکل نہیں دی جاسکی، جس کے بعد متعلقہ محکموں کی ایک کمیٹی قائم کردی گئی جوایک ہفتہ میں رپورٹ پیش کرے گی۔

    الیکشن کمیشن کے اجلاس کے بعد ڈی جی الیکشن کمیشن شیرافگن نے میڈیا کو بتایا کہ سندھ اور پنجاب میں انتخابی عمل شیڈول کے مطابق جاری رہے گا۔ سندھ حکومت سپریم کورٹ سے رجوع کرتی ہے تو آئندہ کی صورتحال کے مطابق پیش رفت ہوگی۔

    شیرافگن کا کہنا تھا کہ بیلٹ پیپرزکی چھپائی کیلئے مہلت کا معاملہ غور وخوض کیلئے کمیشن کے سامنے رکھ دیا گیا ہے تاہم تیرہ جنوری کو بیلٹ پیپرکی چھپائی شروع کردی جائے گی، شیرافگن نے بتایا کہ خیبرپختونخوا لوکل گورنمنٹ ایکٹ کو قبائلی علاقوں تک توسیع دیدی ہے۔

    دوہفتوں تک رولز اور حلقہ بندیاں مکمل کرکے تفصیلات پیش کردی جائیں گی، چھاؤنیوں میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق لوازمات مکمل کرنے کیلئے کمیشن سے ایک ہفتے کی مہلت طلب کرلی گئی ہے، جب کہ وزارت داخلہ کواسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے قانون سازی اور دیگر تفصیلات ایک ہفتے میں فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • پشاور:اے این پی، پی پی پی اورجےیو آئی ف کا بلدیاتی الیکشن میں اتحاد

    پشاور:اے این پی، پی پی پی اورجےیو آئی ف کا بلدیاتی الیکشن میں اتحاد

    اے این پی ، پیپلزپارٹی اور جے یو آئی ف نے بلدیاتی انتخابات میں صوبائی سطح پر باضابطہ اتحاد کا اعلان کر دیا۔

    بلدیاتی انتخابات میں عوامی نیشنل پارٹی ، پاکستان پیلزپارٹی اور جمعیت علمائے اسلام ف نے خیبرپختونخوا کی سطح پر باضابطہ اتحاد کا اعلان کر دیا ہے۔

    اے این پی کے رہنما میاں افتخار حسین کہتے ہیں نچلی سطح پر ہونے والے غیر جماعتی انتخابات میں بھی اتحاد کو بر قرار رکھا جائے گا۔

    پیپلزپارٹی کے رہنما لیاقت شباب کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی بھی صوبائی سطح پر اتحاد کے حق میں ہے ، جے یو آئی ف کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات عبدالجلیل جان کہتے ہیں کہ بلدیاتی انتخابت میں ہر حال میں متحد ہو کر حصہ لیں گے۔

  • چارسدہ:صوفی بزرگ حضرت بابا صاحب کے مزارمیں دھماکا

    چارسدہ:صوفی بزرگ حضرت بابا صاحب کے مزارمیں دھماکا

    چارسدہ میں حضرت بابا صاحب کے مزار پر دھماکے کے نتیجے میں مزار کو جزوی نقصان پہنچا، واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

    چارسدہ میں نامعلوم تخریب کاروں نے صوفی بزرگ حضرت بابا صاحب کے مزار کے عقبی دروازے کے ساتھ ٹائم بم سے زور دار دھماکہ کیا، جس کی آواز کئی میل دور تک سنی گئی۔

    دھماکے کے نتیجے میں مزار کو جزوی نقصان پہنچا، واقعے کے بعد حضرت بابا صاحب کے سینکڑوں عقیدت مند جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، پولیس نے علاقے کا محاصرہ کرکے  بم ڈسپوزل سکواڈ کو طلب کرلیا۔

    بی ڈی ایس کے مطابق واقعے میں دو کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا جسے گھی کے ڈبے میں نصب کیا گیا تھا، جائے وقوعہ سے ڈیٹونیٹر اور دیگر شواہد اکٹھے کر لئے گئے ہیں۔

  • پشاور ریگی:پولیس کی مبینہ فائرنگ،ایک شخص ہلاک

    پشاور ریگی:پولیس کی مبینہ فائرنگ،ایک شخص ہلاک

    پشاور ریگی میں پولیس کی مبینہ فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا، اہل علاقہ نے پولیس کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جبکہ مشتعل افراد نے پولیس کی دو چوکیاں نذر آتش کردیں۔

    پشاور کے مضافاتی علاقے ریگی میں پولیس کی مبینہ فائرنگ سے گل داد نامی شخص کی ہلاکت کے بعد اہل علاقہ نے ریگی روڈ پر لاش رکھ کر شدید مظاہرہ کیا۔

    ہزاروں مشتعل مظاہرین نے واقعے کے خلاف علاقے میں قائم پولیس کی دو چوکیوں کو آگ لگا دی، مقامی لوگوں سمیت جاں بحق شخص کے بھانجے کا کہنا ہے کہ پولیس کا رویہ دہشتگردوں سے کم نہیں۔

    ایلیٹ فورس نے الزام لگایا ہے کہ گل داد خان نے گھر میں دہشت گردوں کو گھر میں پناہ دی گئی، اہل علاقہ کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے لگائے الزام میں صداقت نہیں، جب تک ان کو انصاف نہیں ملے گا، ان کے احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔
           

  • این اے 19ایبٹ آباد،7پولنگ اسٹیشنز پر ری پول کا حکم

    این اے 19ایبٹ آباد،7پولنگ اسٹیشنز پر ری پول کا حکم

    الیکشن ٹریبونل نے این اے انیس میں کامیاب پی ٹی آئی امیدوار راجہ عامر کی کامیابی کا نوٹیفکشن معطل کرتے ہوئے سات پولنگ اسٹیشن پر دوبارہ پولنگ کا حکم دے دیا۔

    پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار عمر ایوب خان کی جانب سے الیکشن ٹربیونل ایبٹ آباد میں درخواست دائر کی گئی تھی، کہ ہری پور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے انیس کے سات بولنگ اسٹیشن پر دھاندلی ہوئی ہے۔

    جس پر الیکشن ٹربیونل کے جج زیاؤ دین خٹک نے فیصلہ سناتے ہوئے اس حلقے کے سات پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا حکم دے دیاْ جبکہ الیکشن کمیشن کو حکم جاری کیا، اس حلقے سے کامیاب پی ٹی آئی امیدوار راجہ عامر زمان کی کامیابی کا نوٹیفکشن معطل کیا جائے۔