Category: میگزین

میگزین یعنی انٹرٹینمنٹ- بالی وڈ، ہالی وڈ، لالی وڈ، نیٹ فلکس، پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی خبریں

دلچسپ خبریں اور مضامین

Magazine- Entertainment, Bollywood, Hollywood, Lollywood, Pakistani Drama Industry News in Urdu

میگزین انٹرٹینمنٹ

  • شادی کے 12 سال مکمل ہونے پر شنیرا کا وسیم اکرم کیلئے محبت بھرا پیغام

    شادی کے 12 سال مکمل ہونے پر شنیرا کا وسیم اکرم کیلئے محبت بھرا پیغام

    (13 اگست 2025): قومی کرکٹ ٹیم کے سابق لیجنڈری کرکٹر وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا نے شادی کے 12 سال مکمل ہونے پر محبت بھرا پیغام جاری کیا ہے۔

    پاکستان کے سابق کپتان لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم اور شنیرا اکرم اپنی شادی کی 12 ویں سالگرہ منا رہے ہیں، اس موقع پر شنیرا نے پیغام جاری کیا ہے۔

    شنیرا نے اپنی شادی کے سالگرہ پر سوشل میڈیا پر پیغامات جاری کیے جس میں مبارک باد دینے کے ساتھ ایک دوسرے سے محبت بھرے جذبات کا اظہار بھی کیا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Shaniera Akram (@iamshaniera)

    شنیرا نے ایک خوبصورت تصویر شیئر کی اور لکھا کہ دل کی سننا خوابوں کی پیروی جتنا ہی ضروری ہے، جب قسمت ساتھ دے تو دونوں چیزیں ایک ساتھ مل جاتی ہیں اور زندگی ایک "فیری ٹیل” بن جاتی ہے۔

    شنیرا نے اس سفر میں ساتھ دینے اور یقین رکھنے والے تمام چاہنے والوں کا بھی شکریہ ادا کیا، انہوں نے لکھا کہ آج آپ سے پہلے سے بھی زیادہ محبت کرتی ہوں۔

    واضح رہے کہ وسیم اکرم کی یہ دوسری شادی ہے۔ ان کی پہلی شادی ہما سے ہوئی تھی جن کا بیماری کے باعث 2010 میں انتقال ہو گیا تھا جب کہ انہوں نے دوسری شادی آسٹریلوی شہری شنیرا سے 2012 میں کی تھی۔

    شادی کی مبارکباد کے محبت بھرے دلچسپ پیغامات پر سوشل میڈیا کے صارفین بھی منفرد تبصروں کے ساتھ مبارک باد پیش کر رہے ہیں۔

  • سشمیتا سین کے ڈونلڈ ٹرمپ سے متعلق دعوے نے سب کو حیران کر دیا

    سشمیتا سین کے ڈونلڈ ٹرمپ سے متعلق دعوے نے سب کو حیران کر دیا

    ممبئی (13 اگست 2025): بھارت کی پہلی مس یونیورس کا اعزاز رکھنے والی نامور اداکارہ سشمیتا سین کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے متعلق دعوے نے سب کو حیران کر دیا۔

    سشمیتا سین نے 2010 سے 2012 تک مس انڈیا یونیورس فرنچائز کا انتظام سنبھالنے کے اپنے تجربے کے بارے میں بتایا جب موجودہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس کے مالک تھے۔

    انڈین میڈیا کے مطابق حال میں دیے گئے انٹرویو میں سشمیتا سین نے فرنچائز کا انتظام سنبھالنے کی آفر ملنے اور اس میں ڈونلڈ ٹرمپ کی شمولیت کے ساتھ آنے والے چیلنجز پر خیالات کا اظہار کیا۔

    معروف بھارتی اداکارہ نے کہا کہ مس یونیورس آرگنائزیشن نے مجھے بلایا اور کہا کہ کیا آپ فرنچائز لینا چاہیں گی؟ میں کافی حیران ہوئی اور اسے ایک خواب سمجھا، جب ذمہ داری سنبھالی تو ایک معاہدے پر دستخط کیے، اس کے مالک ڈونلڈ ٹرمپ تھے۔

    انٹرویو میں انہوں نے واضح کیا کہ امریکی صدر ان کے براہ راست باس نہیں تھے۔

    اگرچہ فرنچائز کنکشن کی وجہ سے ان کی ملاقات ڈونلڈ ٹرمپ سے ہوئی لیکن سشمیتا سین نے ان سے مزید بات کرنے سے انکار کر دیا۔

    وہ کہتی ہیں کہ کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں جو ملاقات پر مثبت تاثر چھوڑ جاتے ہیں۔

    ڈونلڈ ٹرمپ 1996 سے 2015 تک مس یونیورس آرگنائزیشن کے مالک رہے، وہ سیاست میں آنے سے پہلے ایک معروف بزنس مین بھی تھے۔

    سشمیتا سین نے 1994 میں تاریخ رقم کی جب وہ مس یونیورس کا ٹائٹل جیتنے والی پہلی بھارتی خاتون بن گئیں۔ ان کی جیت ایک قابل فخر لمحہ تھا اور اس نے اداکاری اور ماڈلنگ میں ان کیلیے بہت سے دروازے کھولے۔

  • شادی کی 11ویں سالگرہ پر شیفالی جری والا کے شوہر کا محبت بھرا پیغام وائرل

    شادی کی 11ویں سالگرہ پر شیفالی جری والا کے شوہر کا محبت بھرا پیغام وائرل

    ممبئی (13 اگست 2025): آنجہانی اداکارہ و ماڈل شیفالی جری والا کے شوہر پیراگ تیاگی کا شادی کی 11ویں سالگرہ پر پیغام وائرل ہوگیا۔

    انڈین میڈیا کے مطابق شفیالی جری والا کے شوہر پیراگ تیاگی (جو خود بھی اداکار ہیں) اب تک اہلیہ کی موت کے صدمے سے دوار ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے اپنی شادی کی سالگرہ پر ایک خصوصی پوسٹ شیئر کی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: شیفالی جریوالا کا مرنے سے قبل دیا گیا انٹرویو وائرل

    پیراگ تیاگی نے ایک ویڈیو شیئر کی اور شادی کی 11ویں سالگرہ پر شیفالی جری والا کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

    واضح رہے کہ جوڑے کی پہلی ملاقات 12 اگست 2010 کو ہوئی تھی اور انہوں نے 2014 میں اسی تاریخ کو شادی کی تھی۔

    اداکار نے اہلیہ کیلیے پیغام میں لکھا کہ میری محبت! جب میں نے آپ کو 15 سال پہلے پہلی بار دیکھا تھا تو اس وقت میں جانتا تھا کہ آپ واحد ہیں اور 11 سال پہلے آپ نے مجھ سے اسی تاریخ پر شادی کرنے کا انتخاب کیا تھا جس دن ہم ملے تھے۔

    ’میری زندگی میں آنے کیلیے آپ کا شکریہ ادا نہیں کر سکتا۔ آپ نے مجھے غیر مشروط طور پر بے پناہ محبت دی جس کا میں شاید مستحق بھی نہیں تھا۔‘

    ’آپ نے میری زندگی کو بہت خوبصورت اور رنگین بنا دیا، آپ نے مجھے مستی میں زندگی گزارنے کا طریقہ سکھایا اور اب جینا اور ہماری تمام مستی والی شاندار یادوں کو یاد رکھنا۔‘

    واضح رہے کہ شیفالی جری والا بھارتی اداکارہ و ماڈل تھیں جنہیں مشہور زمانہ گانے ’کانٹا لگا‘ سے شہرت ملی۔ ان کی حال ہی میں دل کا دورہ پڑے سے موت ہوئی۔

  • کنگنا رناوت نے جیا بچن کو ’بگڑی ہوئی عورت‘ قرار دے دیا

    کنگنا رناوت نے جیا بچن کو ’بگڑی ہوئی عورت‘ قرار دے دیا

    بھارتی اداکارہ اور رکنِ پارلیمان کنگنا رناوت نے تجربہ کار اداکارہ اور سماج وادی پارٹی کی رکن پارلیمنٹ جیا بچن کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

    بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت نے سیلفی لینے والے شخص کو دھکا دینے پر بھارتی سماج وادی پارٹی کی رکنِ پارلیمان، اداکارہ اور بالی ووڈ اسٹار امیتابھ بچن کو بگڑی ہوئی عورت قرار دیدیا ہے۔

    ہوا کچھ یوں کہ نئی دہلی میں کونسٹیٹیوشن کلب کے باہر ایک شخص اداکارہ جیا بچن کے ساتھ سیلفی لینے کی کوشش کی تو اداکارہ نے اس شخص کو دھکا دینے کے بعد ناراضی کا اظہار کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مذکورہ شخص جیا بچن کے دھکا دینے کے بعد پیچھے ہٹا اور پھر ان سے معذرت بھی کی، ان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر لوگ اس پر تبصرے بھی کررہے ہیں۔

    تاہم اب کنگنا رناوت نے جیا بچن کے عمل کی مذمت کی ہے اور انہیں سب سے زیادہ بگڑی ہوئی، شرمندگی و شرم کی علامت اور مراعات یافتہ خاتون قرار دیا ہے۔

    کنگنا نے لکھا ہے کہ لوگ ان کے نخرے اور بکواس صرف اس لیے برداشت کرتے ہیں کہ وہ امیتابھ بچن جی کی بیوی ہیں، سماج وادی ٹوپی مرغے کی کلغی جیسی لگتی ہے، جبکہ جیا بچن خود ایک لڑاکا مرغی کی طرح دکھائی دیتی ہیں، کتنی رسوائی اور شرم کی بات ہے۔

  • شکیل صدیقی اور میری جوڑی لوگوں کو آج بھی یاد ہے، بھارتی اداکارہ شروتی سیٹھ

    شکیل صدیقی اور میری جوڑی لوگوں کو آج بھی یاد ہے، بھارتی اداکارہ شروتی سیٹھ

    بھارتی ٹی وی اداکارہ شروتی سیٹھ نے پاکستانی کامیڈین شکیل صدیقی کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ اور دونوں ممالک کے تعلقات پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ فنکاروں کی دنیا میں سرحدیں نہیں ہوتیں۔

    بھارتی اداکارہ شروتی سیٹھ جو مشہور ٹی وی شوز "شرارت”، "کامیڈی سرکس” اور "بال ویر” میں یادگار کرداروں سے پہچانی جاتی ہیں۔

    انہوں نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ انٹرویو میں پاکستانی لیجنڈری کامیڈین شکیل صدیقی کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کی یادوں کو ناظرین کے ساتھ شیئر کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ میں دنیا میں جہاں بھی جاؤں لوگ آج بھی یہی کہتے ہیں کہ ہمیں آپ کی اور شکیل صدیقی کی جوڑی بہت پسند تھی شو کے دوران آپ کے چہرے کے تاثرات بھی اچھے لگتے تھے۔

    Shakeel Siddiqui ,Shruti Seth

    پاکستانی اور بھارتی یہ دونوں فنکار مشہور بھارتی ٹی وی شو "کامیڈی سرکس” کے سیٹ پر ایک ساتھ نظر آتے تھے، جہاں شکیل صدیقی کی حاضر جوابی اور مزاحیہ انداز نے نہ صرف بھارتی ناظرین کو بلکہ ساتھی فنکاروں کو بھی متاثر کیا۔

    شروتی سیٹھ نے بتایا کہ شکیل صدیقی کے ساتھ کام کرنا ایک شاندار تجربہ تھا کیونکہ وہ نہ صرف زبردست اداکار ہیں بلکہ بہت اچھے انسان بھی ہیں، سینئر اداکار ہونے کے باوجود انہوں نے کبھی میرے مذاق کا برا نہیں منایا وہ سیٹ پر خوشگوار ماحول پیدا کرنے میں بھی ماہر ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فنکاروں کی دنیا میں سرحدوں کا کوئی مطلب نہیں ہوتا، کیونکہ اصل پہچان فن اور کارکردگی سے ہوتی ہے۔

    موجودہ سیاسی صورتحال اور بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستانی فنکاروں پر پابندی کے حوالے سے شروتی سیٹھ نے کہا کہ یہ افسوسناک ہے کہ سیاست کی وجہ سے فنکار اور ناظرین دونوں متاثر ہو رہے ہیں۔ ان کے مطابق فن اور ثقافت کو ہمیشہ تعلقات بہتر بنانے کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے، نہ کہ تقسیم پیدا کرنے کے لیے۔

    بہت سے ناظرین کے علم میں شاید یہ بات نہ ہو کہ شروتی سیٹھ نے ماضی میں دو پاکستانی ڈراموں میں بھی اہم کردار ادا کیے تھے۔ "#ChalteChalte” اور "#RangBarangi” جو اے آر وائی ڈیجیٹل پر 2007-2008 میں نشر ہوئے تھے۔ ان ڈراموں نے انہیں پاکستانی ناظرین میں بھی خاصی مقبولیت دی۔

    شروتی سیٹھ نے "کامیڈی نائٹس بچاؤ” میں پہلی بار بطور پرفارمر حصہ لیا جس میں شکیل صدیقی کے ساتھ ایک ٹیم بنائی گئی تھی۔

    ایک انٹرویو میں انہوں نے شکیل صدیقی کو اپنا بہترین ساتھی قرار دیتے ہوئے بتایا تھا کہ پرفارمنس کے دوران مجھ سے اگر کہیں کوئی ٹیکنیکل غلطی ہوجاتی تھی تو شکیل اسے بخوبی سنبھال لیتے تھے۔

     

  • ’دھواں‘ میں نبیل کی موت کا سین دیکھ کر بہت روئی تھی، نازلی نصر

    ’دھواں‘ میں نبیل کی موت کا سین دیکھ کر بہت روئی تھی، نازلی نصر

    اداکارہ نازلی نصر نے انکشاف کیا ہے کہ وہ پی ٹی وی کے مقبول ڈرامے ’دھواں‘ میں نبیل کی موت کا منظر دیکھ کر بہت روئی تھیں۔

    نازلی نصر ایک ورسٹائل اور باصلاحیت پاکستانی ٹیلی ویژن اداکارہ ہیں جنہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز پی ٹی وی سے کیا۔ انہیں پی ٹی وی کے مقبول ترین ڈراموں میں سے ایک دھواں سے شہرت ملی۔

    ڈرامے میں نازلی نصر نے ایک جاسوس افسر کا کردار ادا کیا تھا جو کہ دوسرے اہم کردار سے منشیات اور دوسرے غیر قانونی کاموں کے خلاف آپریشن پر مامور افسر سے خفیہ معلومات حاصل کرکے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد بھجواتی تھیں۔

    اداکارہ نے ٹیلی ویژن کے ڈائریکٹر محسن مرزا سے دوسری شادی کی ہے۔ ان کی شادی پہلے حسن سومرو سے ہوئی تھی، جن سے ان کے دو بچے ہیں۔

    یہ پڑھیں: شوہر سے نہیں بن رہی تو زبردستی وقت نہ گزاریں، نازلی نصر

    حالیہ انٹرویو میں انہوں نے پی ٹی وی کے کامیاب ڈرامے دھواں کے بارے میں دلچسپ تفصیلات بتائیں۔

    نازلی نصر نے کہا کہ دھوان پرجوش اور مہم جوئی سے بھرپور ڈرامہ تھا، ہم نے زیادہ تر آؤٹ ڈور شوٹ کیے، اور کوئٹہ میں شدید سردی تھی، درجہ حرارت صفر سے نیچے تھا۔ میں نے سادہ شلوار قمیض پہنی ہوئی تھی اور اغوا کے منظر کے دوران کئی بار گر پڑی تھی، لیکن شوٹنگ کا مزہ آیا، ہم نے بہت لطف اٹھایا۔

    اداکارہ نے کہا کہ میں عید کرنے کے لیے گھر آگئی تھی تو مجھے اختتام کا اتنا آئیڈیا نہیں تھا، میں ٹی وی پر نبیل کی موت کا منظر دیکھ کر بہت روئی تھی۔

    نازلی نصر نے بتایا کہ ڈرامے کے زیادہ تر اداکاروں کو اختتام تک نبیل ظفر کے قتل سے متعلق علم نہیں تھا لیکن جو اداکار اختتام تک شوٹنگ کرواتے رہے، انہیں معلوم ہوچکا تھا کہ نبیل کے کردار کا قتل کیا جائے گا۔

  • پروین اکبر کا بیٹی رابعہ کلثوم کو منفی کردار نہ کرنے کا مشورہ

    پروین اکبر کا بیٹی رابعہ کلثوم کو منفی کردار نہ کرنے کا مشورہ

    شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ پروین اکبر نے بیٹی رابعہ کلثوم کو منفی کردار نہ کرنے کا مشورہ دے دیا۔

    اداکارہ پروین اکبر نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی جہاں میزبان نے انہیں اداکاروں کو مشورہ دینے کا کہا۔

    بیٹی کی تصویر پر اداکارہ نے کہا کہ میں مشورہ دوں گی کہ کم کام کرے اور ٹی وی پر ایک کے بعد دوسرے ڈرامے میں نظر نہ آئے اور اب منفی کردار نہ کرے۔

    انہوں نے کہا کہ اداکاروں کو اسکرپٹ دیکھنا چاہیے پیسے کے پیچھے نہ بھاگیں، یہ دیکھیں کہ آپ سے کام کیا لیا جارہا ہے۔

    یہ پڑھیں: رابعہ کلثوم کے شوبز میں آنے کے خلاف کیوں تھیں؟ پروین اکبر نے بتا دیا

    ایک سوال کے جواب میں پروین اکبر نے کہا کہ الزام لگانے والوں کو کہوں گی کہ خوش رہیں اس کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔

    ہارون شاہد کو مشورہ دیتے ہوئے پروین اکبر نے کہا کہ اچھا اداکار ہے لیکن کھل کر نہیں بولتا، بعض ڈائیلاگ سمجھ نہیں آتے کیا بول رہے ہیں۔

    کومل میر سے متعلق اداکارہ نے کہا کہ اچھی ہے لیکن ابھی بڑا اداکار بننے میں انہیں وقت لگے گا۔سجل علی کو انہوں نے اپنی پسندیدہ اداکارہ قرار دیا اور کہا کہ بہت ڈاؤن ٹو ارتھ ہے۔

  • ہارر ایڈونچر فلم ’ویپنز‘  نے باکس آفس پر تہلکہ مچا دیا

    ہارر ایڈونچر فلم ’ویپنز‘  نے باکس آفس پر تہلکہ مچا دیا

    ہالی ووڈ کی سنسنی خیز ہارر ایڈونچر فلم ’ویپنز‘ نے باکس آفس پر تہلکہ مچا دیا۔

    زک کریگر کی نئی فلم ’ویپنز ایک ایسی سنسنی خیز ہارر تھرلر ہے جو ناصرف آپ کے دل کی دھڑکنیں تیز کر دے گی بلکہ باکس آفس پر بھی ریکارڈ توڑ رہی ہے۔

    یہ فلم 2025ء کی سب سے بڑی ہارر فلموں میں سے ایک بن چکی ہے، جس نے اپنے افتتاحی ہفتے میں ہی دنیا بھر میں 70 ملین ڈالرز کا بزنس کیا۔

    اگر آپ ایسی فلم ڈھونڈ رہے ہیں جو روایتی ہارر فلموں سے ہٹ کر ہو، تو ویپنز آپ کے لیے بہترین انتخاب ہے۔ اس کی غیر متوقع کہانی، شاندار اداکاری، اور زک کریگر کی ہدایت کاری اسے 2025ء کی بہترین فلموں میں سے ایک بناتی ہے

    کہانی جو آپ کو جکڑ  لے گی

    ویپنز کی کہانی ایک پراسرار اور دلچسپ واقعے سے شروع ہوتی ہے جہاں ایک صبح ایک کلاس کے سارے بچے غائب ہوتے ہیں اور سب والدین کا شک ٹیچر پر جاتا ہے پراسراریت سے بھرپور کہانی، گہرے جذباتی لمحات، اور غیر متوقع موڑ اس فلم کو ایک منفرد تجربہ بناتے ہیں۔

    Weapons 2025: Movie Review- Julia Garner, Josh Brolin

    باکس آفس پر دھوم

    فلم ویپنز نے اپنے افتتاحی ہفتے میں عالمی باکس آفس پر 70 ملین ڈالرز کمائے، جس میں سے 42 ملین ڈالرز صرف امریکا سے اور 27.5 ملین ڈالرز بین الاقوامی مارکیٹ سے حاصل ہوئے۔ یہ ناصرف زک کریگر کی پچھلی فلم باربیرین کے مقابلے میں بہت بڑی کامیابی ہے، بلکہ اس نے 63.5 ملین ڈالرز کمانے والی فلم سنرز کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

    38 ملین ڈالرز کے پروڈکشن بجٹ کے مقابلے میں یہ فلم زبردست منافع کما رہی ہے اور ناظرین کے مثبت ردعمل سے لگتا ہے کہ یہ آنے والے ہفتوں میں بھی باکس آفس پر راج کرے گی۔

  • گلوکار حسن رحیم رشتہ ازدواج میں منسلک

    گلوکار حسن رحیم رشتہ ازدواج میں منسلک

    معروف گلوکار حسن رحیم رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

    حسن رحیم کا شمار موجودہ نسل کے مقبول ترین گلوکاروں اور موسیقاروں میں ہوتا ہے۔ وہ اپنے انوکھے گانوں کی وجہ سے مقبول ہیں۔ وہ کبھی کسی بڑے تنازع میں نہیں رہے اور انہوں نے اپنے وقت کے بہت سے باصلاحیت فنکاروں کے ساتھ کام کیا ہے۔

    حسن رحیم نے حال ہی میں ایک گانا ریلیز کیا اور ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ بظاہر شادی کر رہے تھے۔ مداحوں کا خیال تھا کہ وہ واقعی شادی شدہ ہیں اور یہ خبر وائرل ہوگئی۔

     آخر میں یہ کوئی حقیقی شادی نہیں تھی بلکہ ان کے آنے والے گانے کا ٹیزر تھا اس طرح ان کے بہت سے مداحوں کو مایوسی ہوئی۔

    تاہم شوبز ویب سائٹس کی رپورٹ کے مطابق اب گلوکار نے واقعی میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں۔ ان کا تعلق چترال سے ہے اور وہ روایتی لباس میں خوبصورت لگ رہے تھے۔ ان کی دلہن نے نیلے رنگ کے لہنگا زیب تن کیا۔ جوڑے خوش نظر آرہے تھے جب وہ اپنے پیاروں سے گھرے ہوئے شادی کے بندھن میں بندھے ہوئے تھے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by (@kapturezzz)

  • منجو قمر: فن و ادب کی دنیا کا ایک باکمال

    منجو قمر: فن و ادب کی دنیا کا ایک باکمال

    منجو قمر ایک شاعر، ڈراما نگار، مصنّف، ہدایت کار اور موسیقار کی حیثیت سے مشہور تھے جنھوں نے موسیقی میں نت نئی دھنیں بھی ایجاد کی تھیں۔ وہ حیدرآباد دکن کی ایک ہمہ جہت شخصیت تھے جن کو بچپن ہی سے فنونِ لطیفہ میں دل چسپی رہی اور کم عمری میں‌ انھوں نے اپنی خداداد صلاحیتوں کا اظہار شروع کردیا تھا۔

    منجو قمر کا اصل نام سید نجی اللہ یداللہی تھا جو 7 نومبر 1908 کو میسور میں‌ پیدا ہوئے۔ انھوں نے دکن میں‌ 8 اگست 1983 کو وفات پائی۔ منجو قمر کے نام سے فن و ادب کی دنیا میں نام و مقام بنانے والے اس باکمال نے اردو ادب میں ایک نئی صنف "عکسانہ” کو بھی متعارف کروایا تھا۔ اس صنف میں ان کی تصنیف کردہ سات کتابوں‌ میں سے آخری کتاب "امیر علی ٹھگ” بہت مقبول ہوئی تھی۔

    منجو قمر کو بحیثیت ادیب سامنے لانے والے نواب بہادر یار جنگ تھے جو اپنے وقت کے شعلہ بیاں‌ خطیب اور تحریکِ آزادی کے عظیم قائدین میں سے تھے۔ واقعہ یہ ہے کہ محمد علی جناح نے نواب بہادر یار جنگ سے کہا کہ مجھے ایک اچھا پرسنل اسسٹنٹ (پی۔اے) چاہیے، تو نواب صاحب نے منجو قمر کو محمد علی جناح کے سامنے یہ کہہ کر پیش کیا کہ یہ ‘حیدر آباد کا کوہِ نور’ ہے۔

    ڈاکٹر حبیب نثار منجو قمر کے بارے میں‌ لکھتے ہیں کہ انھوں نے اپنی زندگی کا پہلا مشاعرہ 1932 میں پڑھا جس کی صدارت علامہ نظم طباطبائی نے کی تھی۔ یہ مشاعرہ نظام کالج کے سالانہ جلسہ کا ایک جزو تھا۔ غزل کا مطلع پڑھا اور منجو قمر نے سارا مشاعرہ لوٹ لیا۔

    کعبہ جانا نہ تیرے گھر کو کلیسا جانا
    پھر ترے جاننے والے نے تجھے کیا جانا

    منجو قمر کے طبع شدہ سبھی ڈرامے، تجلیات قمر اور "رنگ و رباب” کا شعری مجموعہ اس بات کے غماز ہیں کہ منجو قمر کی شاعری میں شاعرانہ کمال بہت ہی نکھار کے ساتھ ملتا ہے۔ شاعر نے ہر صنف سخن میں طبع آزمائی کی ہے۔ حمد نعت، منقبت، غزل، گیت، مخمس، ٹھمری، بھجن یا رقص کے بول (Notation) سبھی اصناف سخن آپ کے کلام میں موجود ہیں۔ روانی، سلاست آپ کے کلام کا خاصہ ہے۔

    منجو قمر نے سات عکسانے تحریر کیے جن میں نیل کی ناگن، جلتی جوانی، ڈھلتا سورج، بڑھتا سایہ، کچی کلی تیز کرن، ایک دھماکہ دھیمی آگ، سستا جوبن مہنگا ساز اور امیر علی ٹھگ شامل ہیں۔

    حیدرآباد دکن کے آخری نظام میر عثمان علی خان ان کے ڈرامے میں ایک مہمان کے طور پر شریک ہوئے تھے اور ان کی کاوش کو سراہا تھا۔ منجو قمر کے ڈرامے عوام میں بھی کافی مقبول ہوئے اور اس وقت ریڈیو پر بھی پیش کیے گئے تھے۔