Category: میگزین

میگزین یعنی انٹرٹینمنٹ- بالی وڈ، ہالی وڈ، لالی وڈ، نیٹ فلکس، پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی خبریں

دلچسپ خبریں اور مضامین

Magazine- Entertainment, Bollywood, Hollywood, Lollywood, Pakistani Drama Industry News in Urdu

میگزین انٹرٹینمنٹ

  • کاجول نے ہندی میں بات کرنے سے انکار کیوں کیا؟

    کاجول نے ہندی میں بات کرنے سے انکار کیوں کیا؟

    بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ کاجول نے ہندی میں بات کرنے سے انکار کردیا، جس پر اداکارہ کو بھارتیوں نے آڑے ہاتھوں لے لیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کاجول ایک بار پھر خبروں کی زینت بنی ہوئی ہیں، اداکارہ ہندی زبان سے متعلق اپنے رویے پر تنقید کی زد میں ہیں۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ 5 اگست کو ممبئی میں ہونے والے ”مہاراشٹرا اسٹیٹ فلم ایوارڈز 2025” کے دوران رونما ہوا، جہاں کاجول نے میڈیا سے گفتگو کے دوران ہندی زبان میں بات کرنے سے انکار کردیا۔

    ایوارڈ تقریب میں اپنی والدہ، سینئر اداکارہ تنوجا کے ہمراہ شرکت کرنے والی کاجول میڈیا کے سوالات کا جواب بنیادی طور پر میراٹھی اور انگریزی زبان میں دے رہی تھیں۔

    اسی دوران ایک رپورٹر نے ان سے درخواست کی کہ وہ اپنا بیان ہندی میں بھی دہرائیں تو کاجول برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بولیں ”ابھی میں ہندی میں بولوں؟ جس کو سمجھنا ہے وہ سمجھ لیں گے۔”

    اداکارہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی اور متعدد صارفین نے کاجول کے رویے کو ”تکبر” اور ”دوغلا پن” قرار دیتے ہوئے شدید تنقید کی۔

    کاجول نے بیٹی نیسا کے بالی وڈ ڈیبیو کی خبروں پر خاموشی توڑ دی

    ایک صارف نے سوشل میڈیا پر ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ ”ہندی سے اداکارہ بنی، اب میراٹھی بول کر نیتا بن رہی ہیں۔ شرمناک!” ایک اور صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ”اگر ہندی بولنے میں شرم آتی ہے تو پھر ہندی فلموں میں کام کرنا بند کر دیں۔”

    کئی صارفین نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ اگر وہ ہندی زبان کا احترام نہیں کرتیں تو پھر وہ مراٹھی یا دیگر زبانوں کی فلموں تک محدود کیوں نہیں رہتیں۔

  • الیکشن میں کامیابی کیلیے فحاشی پھیلانے کا الزام، اداکارہ کیخلاف مقدمہ درج

    الیکشن میں کامیابی کیلیے فحاشی پھیلانے کا الزام، اداکارہ کیخلاف مقدمہ درج

    (7 اگست 2025) بھارت میں فحاشی پھیلانے کے جرم میں ملیالم اداکارہ شویتا مینن کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔

    انڈین میڈیا کے مطابق ایرناکولم سنٹرل پولیس نے شویتا مینن کے خلاف ایک شکایت کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا جس میں الزام لگایا گیا کہ وہ فلموں اور اشتہارات کے ذریعے فحاشی پھیلاتی ہیں۔

    واضح رہے کہ معروف اداکارہ کے خلاف مقدمہ عدالتی حکم پر غیر اخلاقی ٹریفک (روک تھام) ایکٹ 1956، سیکشن 5، 3 اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ 2000، سیکشن 67 (A) کے تحت درج کیا گیا۔

    مقدمے کا اندراج ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب وہ 15 اگست کو ایسوسی ایشن آف ملیالم مووی آرٹسٹس (AMMA) کے صدر کے عہدے کیلیے ہونے والے الیکشن میں حصہ لینے والی ہیں۔

    شویتا مینن کو مقبولیت حاصل ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ وہ ایسوسی ایشن کی پہلی خاتون صدر بننے والی ہیں۔

    ہیما کمیٹی کی رپورٹ کے بعد اداکار صدیق اور بابوراج سمیت کچھ عہدیداروں کے خلاف الزامات سامنے آنے کے بعد اس وقت کے صدر موہن لال کی قیادت والی AMMA کی پوری کمیٹی نے استعفیٰ دے دیا تھا۔

    شویتا مینن کے خلاف ایف آئی آر ایک سماجی کارکن مارٹن میناچری کی شکایت کی بنیاد پر درج کی گئی۔ شکایت کنندہ نے الزام لگایا کہ یہ مواد مقبولیت حاصل کرنے کیلیے سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلایا گیا اور مالی فائدہ حاصل کرنے کیلیے اس کا غلط استعمال کیا گیا۔

    پولیس کے مطابق معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں، عدالتی حکم کے مطابق مقدمہ درج کیا۔

    واضح رہے کہ معروف اداکارہ دو بار کیرالہ اسٹیٹ فلم ایوارڈز میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ جیت چکی ہیں اور انہوں نے زیادہ تر ملیالم اور ہندی فلموں میں اداکاری کی ہے۔

  • ثانیہ مرزا کی ’کہیں آگ لگے‘ پر پرفارم کرنے کی ویڈیو وائرل

    ثانیہ مرزا کی ’کہیں آگ لگے‘ پر پرفارم کرنے کی ویڈیو وائرل

    سابق بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کی گانے پر پرفارم کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ثانیہ مرزا نے ویڈیو شیئر کی جس میں ان کے ساتھ اور لڑکیاں بھی موجود ہیں۔

    ویڈیو میں انہیں گانے ’کہیں آگ لگے لگ جاوے‘ پر پرفارم کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    انہوں نے چند گھنٹوں قبل یہ ویڈیو شیئر کی جسے ہزاروں کی تعداد میں مداح دیکھ چکے ہیں اور اس پر تعریفی کمنٹس بھی کررہے ہیں۔

    واضح رہے کہ ثانیہ مرزا سوشل میڈیا پر کافی متحرک رہتی ہیں اور اکثر اپنی دلچسپ ویڈیو شیئر کرتی رہتی ہیں جسے ان کے مداحوں کی جانب سے بھی سراہا جاتا ہے۔

    بھارت کی ٹینس لیجنڈ ثانیہ مرزا 2024 میں شوہر شعیب ملک سے طلاق کے بعد اب ایک سال سے زیادہ عرصے سے بیٹے اذہان مرزا ملک کے ساتھ زندگی گزار رہی ہیں۔

    ثانیہ مرزا کی سابق کرکٹر شعیب ملک کے ساتھ 14 سالہ شادی 2024 میں ختم ہوئی۔

    شعیب ملک نے ثانیہ مرزا سے علیحدگی کے بعد ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ ثنا جاوید سے شادی کرلی۔

  • ’پرورش‘ میں ’باس‘ کی موت نے ناظرین کو رُلا دیا

    ’پرورش‘ میں ’باس‘ کی موت نے ناظرین کو رُلا دیا

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’پرورش‘ میں ’باس‘ کی موت نے ناظرین کو رُلا دیا۔

    ڈرامہ سیریل ’پرورش‘ میں عینا آصف اور ثمر جعفری مرکزی کردار ادا کررہے ہیں جبکہ ابو الحسن (سمیر) اور ریحام رفیق (امل) کے کردار میں موجود ہیں گزشتہ قسط میں فہد مصطفیٰ کی بھی سرپرائز انٹری ہوئی تھی۔

    ڈرامے کی کاسٹ میں سویرا ندیم، نعمان اعجاز، سعد ضمیر، شمیم ہلالی، بختاور مظہر، نورے ذیشان، حلیمہ علی، ثمن انصاری، ارشد محمود ودیگر شامل ہیں۔

    پرورش کی ہدایت کاری کے فرائض میثم نقوی نے انجام دیے ہیں جبکہ اس کی کہانی کرن صدیقی نے لکھی ہے۔

    گزشتہ قسط میں دکھایا گیا جب ولی اور سمیر ’باس‘ کے میوزک روم میں داخل ہوتے ہیں تو وہ کرسی پر بیٹھے بیٹھے انتقال کرجاتے ہیں جسے ناظرین کو رلا دیا ہے۔

    ولی اپنے باس کی وہ بات یاد کرتے ہوئے افسردہ ہوجاتا ہے جب وہ کہتے ہیں میں اپنے میوزک اسٹوڈیو میں ماسٹر پیس بناتے ہوئے مرنا چاہتا ہوں۔

    پرورش کی آخری قسط میں کیا ولی گھر واپس آجائے گا؟ یہ دیکھنے کے لیے آپ کو پیر کی رات 8 بجے تک انتظار کرنا ہوگا۔

  • علی رضا نے انمول بلوچ سے شادی کی خبروں پر خاموشی توڑ دی

    علی رضا نے انمول بلوچ سے شادی کی خبروں پر خاموشی توڑ دی

    اداکار علی رضا نے اداکارہ انمول بلوچ سے شادی کی خبروں پر خاموشی توڑ دی۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’دستک‘ میں مرکزی کردار نبھانے والے اداکار علی رضا نے حالیہ انٹرویو میں اپنے اور انمول بلوچ سے متعلق وضاحت پیش کردی۔

    انہوں نے کہا کہ میں اور انمول بلوچ اچھے دوست ہیں اور اس طرح کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

    علی رضا نے مداحوں پر بھی زور دیا کہ وہ ساتھی اداکاروں کے ساتھ شادی کے بارے میں ڈی ایم بھیجنے سے گریز کریں یہ شرمناک ہیں۔

    اس سے قبل انسٹاگرام اسٹوری میں انمول بلوچ نے واضح کیا تھا کہ ابھی ان کی شادی نہیں ہوئی ہے۔ اداکارہ نے لکھا تھا کہ ’میری ابھی شادی نہیں ہوئی اور جب وقت آئے گا تو میں خود اس خبر کو اپنے مداحوں اور انڈسٹری کے لوگوں کے ساتھ شیئر کروں گی، پیار کیلئے بہت شکریہ‘۔

    انمول بلوچ کے اس بیان کی بعد ان کی شادی سے متعلق تمام افواہیں دم توڑ گئی ہیں۔ رپورٹس میں بتایا جارہا تھا کہ انمول بلوچ جلد ہی ایک معروف سیاستدان کے بیٹے سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی ہیں۔

  • انوشے اشرف نے شادی کی دلچسپ کہانی سنا دی

    انوشے اشرف نے شادی کی دلچسپ کہانی سنا دی

    اداکارہ  و میزبان انوشے اشرف نے ’گڈ مارننگ پاکستان‘ میں شادی کی دلچسپ کہانی سنا دی۔

    اداکارہ انوشے اشرف کی شادی کی تقریبات کا آغاز اپریل میں ترکیہ میں ہوا تھا جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں تھیں۔

    گزشتہ سال 30جون کو اداکارہ نے اپنے دوست شہاب نامی شخص کے ساتھ اپنے خاندان والوں کی موجودگی میں نکاح کیا تھا۔

    یہ پڑھیں: انوشے اشرف استنبول میں رشتہ ازدواج میں منسلک

    اب اداکارہ نے پروگرام ’گڈ مارننگ پاکستان‘ میں شادی کی کہانی بیان کی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ شوہر انگلینڈ میں رہتے تھے یہ بچپن میں پاکستان آئے تھے ہماری ساتھ تصویر ہے اب وہ کہتے ہیں کہ تم مسکرا رہی ہو  اور کہہ رہی ہو کہ اسی سے شادی کروں گی۔

    انوشے اشرف کا کہنا تھا کہ 2020 میں لاک ڈاؤن سے قبل مجھے برطانیہ جانا تھا، والدہ کو بھی ساتھ لے گئی تھی جب وہاں پہنچے تو شاہاب کی والدہ نے کھانے کی دعوت دی، وہ والدین کے ساتھ نہیں رہتے لیکن اس دن وہ وہاں موجود تھے۔

    اداکارہ کے مطابق جب شہاب نے دیکھا تو وہ حیران رہ گئے اور پوچھا کہ شادی نہیں ہوئی میں نے بتایا کہ نہیں ہوئی پھر ہم نے واٹس ایپ نمبرز کا تبادلہ کیا، اس کے بعد رابطے میں رہے، میں دوبارہ گئی تو ہم ملے پھر شادی طے ہوگئی۔

    انہوں نے کہا کہ وہ رئیل اسٹیٹ کے شعبے سے وابستہ ہیں اور کیمسٹری میں تعلیم حاصل کی ہے، ان کے والد ریاض میں کام کرتے تھے پھر برطانیہ منتقل ہوگئے۔

  • ناقد (حکایت)

    ناقد (حکایت)

    ایک رات کا ذکر ہے کہ ایک آدمی گھوڑے پر سوار سمندر کی طرف سفر کرتا ہوا سڑک کے کنارے ایک سرائے میں پہنچا۔ وہ اترا اور سمندر کی جانب سفر کرنے والے سواروں کی طرح رات اور انسانیت پر اعتماد رکھتے ہوئے اپنے گھوڑے کو سرائے کے دروازے کے قریب درخت سے باندھا اور سرائے میں چلا گیا۔

    مشہور حکایات اور سبق آموز کہانیاں پڑھنے کے لیے کلک کریں

    رات کے وقت جب تمام لوگ سو رہے تھے ایک چور آیا اور مسافر کا گھوڑا چرا لے گیا۔

    صبح وہ آدمی اٹھا تو دیکھا اس کا گھوڑا چوری ہو گیا ہے۔ وہ گھوڑا چرائے جانے پر بیحد غمگین ہوا۔ نیز اس بات پر اسے بے حد افسوس ہوا کہ ایک انسان نے اپنے دل کو گھوڑا چرانے کے خیال سے ملوث کیا۔

    تب سرائے کے دوسرے مسافر آئے اور اس کے گرد کھڑے ہو کر باتیں کرنے لگے۔

    پہلے آدمی نے کہا کہ "کیا یہ تمہاری حماقت نہیں کہ تم نے گھوڑے کو اصطبل سے باہر باندھا۔”

    دوسرے نے کہا، "اور یہ اس سے بڑھ کر حماقت ہے کہ گھوڑے کو چھنال نہیں لگائی۔”

    تیسرے نے کہا، "اور یہ حماقت کی انتہا ہے کہ سمندر کی طرف گھوڑے پر سفر کیا جائے۔”

    چوتھے نے کہا، "صرف سست اور کاہل لوگ ہی گھوڑے رکھتے ہیں۔”

    تب مسافر بے حد حیران ہوا اور پھر وہ چلّا کر بولا: "میرے دوستو! کیا تم اس لئے میری غلطیوں اور کوتاہیوں کو گنوا رہے ہو کہ میرا گھوڑا چوری ہو گیا ہے، لیکن کیا یہ عجب نہیں ہے کہ تم نے ایک لفظ بھی اس شخص کہ متعلق نہیں کہا جس نے میرا گھوڑا چرایا۔

    (عالمی شہرت یافتہ شاعر، نثر نگار اور دانش ور خلیل جبران ہیں)

  • آئمہ بیگ کی شادی کی خوبصورت تصاویر وائرل

    آئمہ بیگ کی شادی کی خوبصورت تصاویر وائرل

    گلوکارہ آئمہ بیگ کی شادی کی خوبصورت تصاویر وائرل ہوگئیں۔

    سوشل میڈی پوسٹ میں گلوکارہ آئمہ بیگ نے زین احمد کے ساتھ شادی کی تصدیق کی اور لکھا کہ کل رات اپنے سب سے قریبی دوست سے شادی کرلی، الحمدللہ، ابھی تک خواب سا لگ رہا ہے، یہ واقعی ہوگیا۔

    آئمہ بیگ نے مزید لکھا کہ ہمارے لیے دعا کیجئے، ہم ایک نیا سفر شروع کر رہے ہیں۔

    گلوکارہ کی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں اور مداح ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کررہے ہیں۔

    گلوکارہ بتایا کہ فی الحال وہ کافی جذباتی اور مصروف ہیں، لیکن جلد اپنی مکمل تصاویر بھی شیئر کریں گی۔

    شوبز ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق آئمہ بیگ اور زین احمد نے کینیڈا میں ایک سادہ مگر خوبصورت نجی تقریب میں نکاح کیا۔

    آئمہ بیگ نے سوشل میڈیا پر اس تقریب کی چند تصاویر بھی شیئر کی ہیں جن میں دونوں خوشگوار انداز میں نظر آ رہے ہیں۔

    اس سے قبل آئمہ بیگ کی منگنی اداکار شہباز شگری سے ہوئی تھی تاہم کچھ عرصہ بعد دونوں نے علیحدگی کا اعلان کر دیا تھا۔

  • ’’مقدونیہ تمہارے لیے بہت چھوٹا ہے!‘‘

    ’’مقدونیہ تمہارے لیے بہت چھوٹا ہے!‘‘

    پلوٹارک یونانی سوانح نگار و مؤرخ تھا جس نے یونان و رومہ کے سپوتوں کے حالاتِ زندگی اور کارناموں کو نہایت دل آویز اور مؤثر انداز سے لکھا ہے۔ اس کی کتاب پیرلل لائیوز کا ترجمہ ہندوستان کے نہایت قابل و باصلاحیت ادیبوں نے کیا ہے۔ یہ تراجم اپنے دور میں بہت مقبول ہوئے تھے۔

    پلوٹارک کی کتاب سکندرِ اعظم کے تذکرے سے کیسے خالی ہوسکتی تھی کہ جس کی شہرت زمین کے ایک کونے سے دوسرے کونے تک تھی۔ وہ تو فاتحِ عالم تھا اور اس کے حالاتِ زیست بیان کرنے کے ساتھ ساتھ پلوٹارک نے اس کی ذہانت، جرأت اور بہادری کے مختلف واقعات بھی رقم کیے ہیں۔ یہ ایسا ہی ایک قصّہ ہے جو پلوٹارک کی اس کتاب میں شامل ہے۔ اس کے مترجم خرم علی شفیق ہیں۔

    سکندر کی تربیت کے لیے کئی عورتیں اور مرد مقرر کیے گئے۔ ان سب کا سردار لیونی دس نامی ایک شخص تھا۔ یہ نظم و ضبط وغیرہ کے معاملے میں بہت سخت تھا اور سکندر کی ماں کا رشتہ دار بھی تھا۔ لائیکی میکس جو جاہل اور اجڈ تھا ان غلاموں میں سے ایک تھا جن کے ذمے یہ کام تھا کہ صبح کی دوڑ کے وقت اور اس قسم کے دوسرے تربیتی مواقع پر سکندر کے ساتھ رہیں اور اس کا خیال رکھیں۔ یہ شخص سکندر کو ایکیلیز کہتا تھا۔

    ایک دن ایسا ہوا کہ تھسلی سے گھوڑوں کا ایک سوداگر مقدونیہ آیا۔ اس کا نام بھی فیلقوس تھا اور یہ بادشاہ کے لیے ایک گھوڑا لایا تھا۔ بیوسیفالس نامی اس گھوڑے کی قیمت اس نے تیرہ ٹیلنٹ بتائی۔ فیلقوس اپنے ساتھیوں کے ساتھ ایک میدان میں پہنچا تاکہ گھوڑے کی آزمائش دیکھ سکے۔ آزمائش دیکھ کر وہ سب اس فیصلے پر پہنچے کہ گھوڑا بالکل وحشی ہے کیونکہ کوئی بھی اس پر سوار نہ ہو سکا تھا اور وہ کسی کو اپنے قریب نہ پھٹکنے دیتا تھا۔ بادشاہ کو سخت غصہ آیا کہ ایسا گھوڑا اس کے سامنے کیوں پیش کیا گیا۔ اس کے حکم پر گھوڑے کو لے جایا ہی جانے والا تھا کہ قریب کھڑے سکندر نے کہا۔

    ’’ایک شاندار گھوڑے سے محض اس لیے ہاتھ دھوئے جا رہے ہیں کہ کوئی اسے سدھانا نہیں جانتا یا ایسا کرنے کی ہمت نہیں رکھتا۔‘‘

    فیلقوس خاموش رہا لیکن جب سکندر نے کئی دفعہ یہ الفاظ دہرائے تو وہ بول اٹھا۔

    ’’کیا تم اپنے سے زیادہ جہاندیدہ لوگوں کو اس لیے بیوقوف سمجھ رہے ہو کہ تمہارا خیال ہے تم ان سے زیادہ جانتے ہو یا گھوڑے کو رام کرنے میں ان سے زیادہ مہارت رکھتے ہو؟‘‘

    ’’کم از کم اس گھوڑے کو قابو میں کرنے کی صلاحیت رکھتا ہوں۔‘‘ سکندر نے جواب دیا۔

    ’’اور اگر تم ایسا نہ کر سکے؟‘‘ فیلقوس نے پوچھا۔

    ’’تو میں اس گھوڑے کی قیمت ادا کر دوں گا!‘‘

    یہ سن کر حاضرین ہنس پڑے مگر باپ اور بیٹے میں شرط لگ گئی۔ سکندر گھوڑے کی طرف بڑھا، اس کی لگام ہاتھ میں لی اور اس کا منہ سورج کی طرف کر دیا۔ سکندر نے یہ بات محسوس کی تھی کہ گھوڑا دراصل اپنے سائے سے ڈر رہا تھا۔ کچھ دیر وہ گھوڑے کے ساتھ دوڑتا رہا اور اس پر ہاتھ پھیر کر اسے رام کرنے کی کوشش کرتا رہا۔ پھر اس نے اپنی چادر کندھوں سے پھینکتے ہوئے ایک ہلکی سی جست لگائی اور گھوڑے پر سوار ہو گیا۔ کچھ دیر تک اس نے گھوڑے کی لگام ڈھیلی چھوڑے رکھی تاکہ گھوڑا کسی قسم کی تکلیف محسوس نہ کرے اور جب اس نے دیکھا کہ گھوڑا خوف سے آزاد ہو چکا ہے اور اپنی تیز رفتاری کا مظاہرہ کرنے کو بیتاب ہے تو اس نے اسے تیز دوڑانا شروع کر دیا۔

    فیلقوس اور اس کے رفیق یہ تماشا دم سادھے دیکھ رہے تھے۔ وہ منتظر تھے کہ اب کیا ہوتا ہے جب انہوں نے دیکھا کہ سکندر دوڑ کی حد عبور کر چکا ہے۔ اس نے سرکش گھوڑے کو واپس موڑا جو اب پوری طرح اس کے قابو میں تھا۔ سب لوگوں نے آفرین کے نعرے لگائے اور، کہتے ہیں، فیلقوس کی آنکھوں میں خوشی سے آنسو آ گئے۔ سکندر نیچے اترا تو فیلقوس نے اسے گلے سے لگا لیا، چوما اور کہا۔

    ’’میرے بیٹے!تمہیں اپنی امنگوں کی تکمیل کے لیے ایک بہت بڑی سلطنت چاہیے۔ مقدونیہ تمہارے لیے بہت چھوٹا ہے!‘‘

  • آئمہ بیگ نے اپنے قریبی دوست سے شادی کر لی، تصاویر وائرل

    آئمہ بیگ نے اپنے قریبی دوست سے شادی کر لی، تصاویر وائرل

    کراچی (6 اگست 2025): نامور پاکستانی گلوکارہ آئمہ بیگ نے کینیڈا میں اپنے قریبی دوست زین احمد سے شادی کرتے ہوئے اس کا باضابطہ اعلان کر دیا۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر آئمہ بیگ کی کینیڈا میں زین احمد سے خفیہ شادی کی خبریں گردش کر رہی تھیں جبکہ مداح اپنی پسندیدہ گلوکارہ کی طرف سے اس کی تردید یا تصدیق کے منتظر تھے۔

    گردش کرتی خبروں میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ گلوکارہ نے برانڈ ’راستہ‘ کے کریٹو ڈائریکٹر زین احمد سے کینیڈا میں ایک نجی تقریب کے دوران نکاح کر لیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: آئمہ بیگ نے مداحوں کو خوشخبری سنا دی

    تاہم اب آئمہ بیگ نے شادی ہونے کا باضابطہ کرتے ہوئے انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کی جس میں جوڑے کو ایک دوسرے کے ساتھ شادی کے خوبصورت لباس میں دیکھا جا سکتا ہے۔

    گلوکارہ نے اسٹوری شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میں نے گزشتہ شب (5 اگست 2025) اپنے دوست سے شادی کر لی، الحمد اللہ۔

    انہوں نے لکھا کہ مجھے اب بھی ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ یہ خواب ہے لیکن یہ حقیقت ہی ہے۔

    واضح رہے کہ آئمہ بیگ کی اس سے قبل اداکار شہباز شگری سے منگنی ہوئی تھی تاہم کچھ ہی عرصے بعد دونوں نے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    بعدازاں گلوکارہ نے ایک پوڈکاسٹ میں منگنی ٹوٹنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا تھا کہ میرے اور شہباز شگری کے درمیان پہلے سے ہی بہت سے مسائل چل رہے تھے جو لوگ نہیں جانتے اور میں بھی اس کی تفصیلات میں نہیں جانا چاہتی کیونکہ ان میں کچھ لوگ شامل تھے اور میں اب ان لوگوں کو بے نقاب نہیں کرنا چاہتی۔

    انہوں نے کہا تھا کہ شادی صرف دو لوگوں کے درمیان نہیں بلکہ دو خاندانوں کے درمیان ہوتی ہے اور ہم دونوں کے خاندان بہت اچھے تھے، ان کے درمیان مسائل نہیں تھے لیکن میرے اور شہباز کے درمیان بہت سی چیزیں چل رہی تھیں۔

    آئمہ بیگ کا کہنا تھا کہ منگنی توڑنے کا ہمارا باہمی فیصلہ تھا لیکن یہ بنیادی طور پر میرا فیصلہ تھا، ہمارے درمیان چیزیں ٹھیک ہی نہیں ہورہی تھیں، اسی لیے میں نے رشتہ ختم کرنا بہتر سمجھا۔

    ’جب میں نے سوشل میڈیا پر اس کا اعلان کیا تو لوگوں نے مجھے غلط سمجھا، اس رشتے کے دوسرے شخص (شہباز شگری) کو کسی نے کچھ نہیں کہا اور صرف مجھے بُرا بھلا کہا۔ جب میری زندگی میں یہ سب کچھ ہو رہا تھا تو اسے وقت خودکشی کے خیالات آرہے تھے۔‘