Category: میگزین

میگزین یعنی انٹرٹینمنٹ- بالی وڈ، ہالی وڈ، لالی وڈ، نیٹ فلکس، پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی خبریں

دلچسپ خبریں اور مضامین

Magazine- Entertainment, Bollywood, Hollywood, Lollywood, Pakistani Drama Industry News in Urdu

میگزین انٹرٹینمنٹ

  • اینی ہتھاوے شوٹنگ کے دوران سیڑھیوں سے گر گئیں

    اینی ہتھاوے شوٹنگ کے دوران سیڑھیوں سے گر گئیں

    ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ اینی ہتھاوے فلم ’دی ڈیول ویئرز پرادا ٹو‘ کی شوٹنگ کے دوران سیڑھیوں سے گر گئیں۔

    ’دی ڈیول ویرز پرادا کی کاسٹ نیویارک سٹی میں سیکوئل کی شوٹنگ میں مصروف ہے اس دوران اداکارہ اینی ہتھاوے سیڑھیوں سے گر گئیں۔

    اداکارہ کی سیڑھیوں سے گرنے کی تصاویر بھی منظرعام پر آگئی ہیں۔

    تاہم گرنے کے فوری بعد اداکارہ فوراً اٹھ گئیں اور کہا کہ ’میں ٹھیک ہوں!‘ تاہم مداحوں کے لیے یہ سمجھنا مشکل ہوگیا ہے کہ آیا یہ حادثہ تھا یا پھر گرنا اسکرپٹ کا حصہ تھا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Page Six (@pagesix)

    واضح رہے کہ اینی ہتھاوے ساتھی اداکار میریل اسٹریپ، ایملی بلنٹ اور اسٹینلے ٹوکی کے ساتھ پہلی فلم کے 19 سال بعد سیکوئل کے لیے واپس اکٹھے ہوئے ہیں۔

    دی ڈٰول ویرز پرادا 2 مئی 2026 کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

    واضح رہے کہ اداکارہ اینی ہتھاوے کو ہالی ووڈ واک آف فیم اسٹار کا اعزاز حاصل ہے۔

    ہالی ووڈ واک آف فیم لاس اینجلس میں منعقد کی جانے والی تقریب میں 36سالہ اداکارہ نے اپنے نام کے ستارے کی نقاب کشائی کی تھی۔

    تقریب میں ہتھاوے کے شوہر اور قریبی دوستوں نے خصوصی طورپر شرکت کی تھی جبکہ سینکڑوں کی تعداد میں مداح بھی اپنے پسندیدہ ستارے کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے وہاں موجود تھے۔

  • جس دن ڈالر سستا ہوگیا شادی کرلوں گی، مایا علی

    جس دن ڈالر سستا ہوگیا شادی کرلوں گی، مایا علی

    شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مایا علی کا کہنا ہے کہ محبت آسان نہیں اسے نبھانا بہت مشکل ہے۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’پہلی سی محبت‘ میں ’رخشی‘ کا کردار نبھانے والی اداکارہ مایا علی نے دل ٹوٹنے اور شادی سے متعلق اظہار خیال کیا۔

    انہوں نے کہا کہ محبت ہوئی ہے کیوں نہیں ہوسکتی، اب یہ انحصار کرتا ہے کہ صحیح انسان سے ہوئی ہے یا پھر غلط انسان سے ہوگئی، آپ کا آپس میں کنکشن نہیں مل رہا، ہوسکتا ہے کبھی میں غلط ہوں یا پھر وہ غلط ہو یہی نہیں کہ ہمیشہ میں ہی ٹھیک ہوں۔

    اداکارہ نے کہا کہ محبت آسان نہیں اسے نبھانا بہت مشکل ہے، میں نے ہمیشہ نبھانے کی کوشش کی ہے۔

    شادی کے سوال پر مایا علی نے کہا کہ میں نے شادی اس لیے نہیں کی کہ میں یہ صرف لوگوں کے سوالوں سے بچنے کے لیے نہیں کرنا چاہتی یا اس لیے کہ ایک خاص عمر گزرچکی ہے یا کسی نے میرے لیے اچھا آپشن تلاش کرلیا ہے، نہیں! شادی زندگی کا سب سے بڑا فیصلہ ہے جس میں صرف دو افراد نہیں بلکہ ان کے اہلخانہ بھی شامل ہیں۔

    یہ پڑھیں: مایا علی نے زندگی کی سب سے بڑی خواہش ظاہر کردی

    انہوں نے کہا کہ شادی کے لیے ایک ٹھوس وجہ ہونی چاہیے جیسے کہ آپ کے ساتھی کے ساتھ حقیقی تعلق ہو۔

    اداکارہ نے پھر مسکراتے ہوئے کہا کہ شادی اس دن کروں گی جس دن ڈالر سستا ہوجائے گا کیونکہ بہت مہنگائی ہوگئی ہے۔۔

    ریپڈ فائر میں مایا علی نے کہا کہ مجھے رات میں شوٹنگ کرنا پسند ہے، کافی کے مقابلے میں انہیں چائے پسند ہے، لاہور کے مقابلے میں کراچی کا کھانا بہت اچھا ہوتا ہے۔

    اداکارہ نے کہا کہ بلال اشرف اور وہاج علی میرے پسندیدہ اداکار ہیں۔ ایک جنونی مداح نے میری ہزارہ تصاویر بنائی تھیں جو مجھے سمجھ نہیں آیا کہ کس طرح بنائی گئیں۔

  • ’موسمیاتی تبدیلی کا حل نکالیں ورنہ پاکستان، بھارت نہیں بچیں گے صرف میمز رہ جائیں گی‘

    ’موسمیاتی تبدیلی کا حل نکالیں ورنہ پاکستان، بھارت نہیں بچیں گے صرف میمز رہ جائیں گی‘

    شوبز انڈسٹری کے نوجوان اداکار خاقان شاہنواز نے موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے ویڈیو پیغام شیئر کردیا۔

    فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکار خاقان شاہنواز نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پاکستان، بھارت کی جنگ ہورہی تھی تو دونوں ممالک میمز بنارہے تھے بھارت والے کہہ رہے تھے کہ تمہارا پانی روک لیں گے تو تم لوگ نہاؤ گے کیسے؟

    اداکار کے مطابق پاکستانی کہہ رہے تھے کہ بھائی مون سون آنے دو، بھارت والے پانی کے ساتھ ساتھ اور بھی بہت کچھ دیں گے۔

    خاقان شاہنواز نے کہا کہ پھر وہی ہوا، مون سون آیا اور اتنا پانی آیا اور تباہی ہوئی کہ دونوں ملکوں کو لینے کے دینے پڑ گئے۔

    انہوں نے کہا کہ سمجھنے والی بات یہ ہے کہ پاکستان اور بھارت کی جنگ آپس میں اتنی نہیں ہے جتنی غربت کے ساتھ ہے اور اب آنے والے دنوں میں موسمیاتی تبدیلی کے ساتھ ہوگی۔

    اداکار کا کہنا تھا کہ بجائے اس کے کہ میمز بنائیں ایک دوسرے کو گالیاں دیں، ایک دوسرے کے ملک اور مذہب کو چھوٹا بولیں، سر جوڑ کر بیٹھیں اور موسمیاتی تبدیلی کا حل نکالیں نہیں تو دس سال بعد بھارت اور پاکستان نہیں بچیں گے بس انٹرنیٹ پر میمز ہی رہ جائیں گی۔

  • اذان سمیع خان نے ایک قسط میں تین تھپڑ کھانے کو اعزاز قرار دے دیا

    اذان سمیع خان نے ایک قسط میں تین تھپڑ کھانے کو اعزاز قرار دے دیا

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’میں منٹوں نہیں ہوں‘ کی ایک قسط میں تین تھپڑ کھانے کو اذان سمیع خان نے اپنے لیے اعزاز قرار دے دیا۔

     ڈرامہ سیریل ’میں منٹو نہیں ہوں‘ میں اذان سمیع خان، بابر علی کے بیٹے ’فرہاد بن یامین‘ کا کردار نبھا رہے ہیں۔

    گزشتہ قسط میں انہیں پہلے سجل علی نے تھپڑ مارا اس کے بعد جب وہ گھر گئے تو والد نے بھی تھپڑ رسید کیے اور انہیں مجموعی طور پر تین تھپڑ پڑے۔

    حالیہ انٹرویو میں میزبان نے اذان سمیع سے کہا کہ سنا ہے کہ آپ کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں جارہا ہے اس کردار کے لیے جس میں آپ نے ایک قسط میں تین تھپڑ کھائے ہیں، لڑکیاں تو بہت تھپڑ کھاتی ہیں لیکن آپ پر ہمیں فخر ہے۔

    جواب میں اداکار نے کہا کہ شکریہ، میں اپنی والدہ کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جن کی وجہ سے میں اتنا قابل بنا ہوں۔

    اذان سمیع خان نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ بیگ صاحب کو یقین تھا کہ ان کے ساتھ پہلے ڈرامے میں، میں اتنے تھپڑ کھاؤں، میرے خیال میں یہ میری زندگی کا بڑا اعزاز ہے، مجھے لگتا ہے کہ جتنے بھی لڑکے ہیں وہ اپنی جدوجہد اسی کے لیے کریں کہ وہ اور زیادہ تھپڑ کھا سکیں۔

    انہوں نے کہا کہ اب جو چار تھپڑ کھائے گا وہ مجھ سے مقابلہ کرے گا، اب میں یہی تنہائی میں سوچتا رہتا ہوں کہ اور کون مجھے تھپڑ مار سکتا ہے، آپ لوگ بتائیے کون تھپڑ مار سکتا ہے۔

  • سچا پیار ابھی تک ہوا ہی نہیں، سلمان خان

    سچا پیار ابھی تک ہوا ہی نہیں، سلمان خان

    بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان کا کہنا ہے کہ انہیں سچا پیار ابھی تک ہوا ہی نہیں ہے۔

    بھارت کے رئیلٹی شو ’بگ باس‘ کا آغاز ہوگیا جس میں سپر اسٹار سلمان خان میزبانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

    بگ باس کے متعارف کرائے گئے امیدواروں میں تانیا متل بھی شامل ہیں، سلمان خان کے ساتھ بات چیت کے دوران اداکار نے گینگز آف واسے پور کے مصنف ذیشان قادری کو بھی متعارف کروایا۔

    تانیا کے ساتھ بات چیت کے دوران سلمان نے پوچھا کہ کیا اس نے کلٹ فلم دیکھی ہے جواب میں انہوں نے کہا کہ نہیں دیکھی، اس کے بجائے تانیا نے انکشاف کیا کہ اس نے سلمان کی اپنی فلموں میں سے ایک پریم رتن دھن پایو دیکھی ہے۔

    تانیا نے پھر سلمان سے پوچھا کہ ’سر، سچا پیار ہمیشہ ادھورا رہتا ہے کیا؟’

    جواب میں سلمان خان نے کہا کہ سچا پیار، مجھے نہیں معلوم، کیونکہ ابھی تک ہوا ہی نہیں، نہ سچا پیار ہوا نہ کچھ ادھورا رہا ہے۔

    یہ پڑھیں: سلمان خان کا اسٹارڈم ’سکندر‘ کی ناکامی کی وجہ بنا؟

    سلمان خان کی محبت کی زندگی طویل عرصے سے شائقین اور میڈیا کے لیے تجسس کا موضوع رہی ہے۔ برسوں کے دوران، وہ کئی ہائی پروفائل ناموں سے جڑے ہوئے ہیں۔

    1990 کی دہائی میں، سلمان نے سابق اداکار سومی علی کو ڈیٹ کیا، مبینہ طور پر یہ رشتہ 1991 سے 1999 تک جاری رہا۔

    وہ سنگیتا بجلانی کے ساتھ بھی طویل مدتی تعلقات میں تھے۔ جوڑے نے تقریباً ایک دہائی تک ڈیٹنگ کی، یہاں تک کہ اس مرحلے تک پہنچ گئے جہاں تقریب کو ختم کرنے سے پہلے شادی کے کارڈز چھاپے جا چکے تھے۔ سنگیتا نے حال ہی میں انڈین آئیڈل 15 کے ایک ایپی سوڈ میں اس کی تصدیق کی۔

    ایشوریا رائے کے ساتھ ان کے مبینہ تعلقات کا آغاز 1999 میں ہم دل دے چکے صنم کے سیٹ پر ہوا۔

    حالیہ برسوں میں سلمان کا کترینہ کیف اور لولیا ونتور جیسی اداکاراؤں کے ساتھ رومانوی تعلق رہا ہے، حالانکہ انہوں نے عوامی طور پر ان تعلقات کی کبھی تصدیق نہیں کی۔ اداکار، اس وقت 59 سال کے ہیں، غیر شادی شدہ ہیں۔

  • جان ہسٹن کا تذکرہ جن کی فلمیں‌ شاہ کار کا درجہ رکھتی ہیں

    جان ہسٹن کا تذکرہ جن کی فلمیں‌ شاہ کار کا درجہ رکھتی ہیں

    جان ہسٹن کو فلمی دنیا میں بحیثیت ڈائریکٹر جو امتیاز اور بے مثال شہرت ملی، وہ بہت کم لوگوں کا مقدر بنتی ہے۔ وہ غیرمعمولی شخصیت کے مالک تھے جن کی بطور امریکی فلم ڈائریکٹر متعدد فلمیں شاہکار کا درجہ رکھتی ہیں۔ جان ہسٹن نے اسکرین رائٹر کے طور پر بھی شان دار کام یابیاں سمیٹیں اور اداکاری بھی کی۔

    جان ہسٹن نے ایک ہنگامہ خیز زندگی بسر کی۔ وہ بگڑے ہوئے نوجوان کی طرح مئے نوشی، رقص و سرود کی محفلوں کے عادی اور جوئے کا شوق پورا کرتے تھے۔ مگر یہ ان کی زندگی کا ایک رخ ہے۔ ہسٹن اپنے کام سے بہت مخلص رہے جب کہ ان کا حال یہ تھا کہ نشے کے عالم میں ان کی اکثر شامیں شور شرابا اور ہلڑ بازی کرتے گزر جاتیں۔ وہ نصف شب کو اپنے آوارہ دوستوں کا ساتھ چھوڑ کر اپنے گھر کی راہ لیتے اور اگلے روز دن ڈھلنے تک سوتے رہتے۔ ظاہر ہے ایسے نوجوان سے کیا توقع کی جاسکتی تھی۔ مگر حیرت انگیز طور پر یہی جان ہسٹن گُھڑ سواری کے ماہر، باکسنگ کے کھلاڑی اور فائن آرٹ کے شوقین بھی تھے۔ فنون لطیفہ میں دل چسپی رکھنے والے جان ہسٹن انگریزی اور فرانسیسی ادب کا مطالعہ بھی کرتے تھے جس نے ان کی فکر کو پختگی اور خیال کو وسعت دی اور تب جان ہسٹن لکھنے کی طرف مائل ہوئے۔ فیچر رائٹنگ اور کہانیوں سے قلمی سفر کا آغاز کیا اور بعد کے برسوں میں ایک باکمال فلم ڈائریکٹر اور اسکرپٹ رائٹر مشہور ہوئے۔

    جان ہسٹن نے فلمی دنیا میں 46 برس کے دوران متعدد بڑے اور نہایت معتبر اعزازات اپنے نام کیے، اور آج اس شعبہ میں آنے والوں کو ان کے نام اور کام کی مثال دی جاتی ہے۔ جان ہسٹن 28 اگست 1987 کو چل بسے تھے۔

    فلم ڈائریکٹر جان ہسٹن کا بچپن اور نوعمری کا دور تنہائی اور کرب کے عالم میں‌ گزرا۔ ان کے والدین میں علیحدگی ہوگئی تھی۔ انھیں بورڈنگ ہاؤس میں رہنا پڑا۔ انہی دنوں دل اور گردے کی مختلف پیچیدگیوں اور امراض نے جان ہسٹن کو گھیر لیا اور بغرضِ علاج انھیں مختلف شہروں میں قیام کرنا پڑا۔ اس دوران انھیں زندگی کے مختلف روپ دیکھنے اور سمجھنے کا موقع بھی ملا اور یہی سب فلمی دنیا میں ان کے بہت کام آیا۔

    وہ امریکا میں 5 اگست 1906 کو پیدا ہوئے تھے۔ نوعمری ہی میں انھیں باکسنگ کا شوق پیدا ہوگیا اور وہ باقاعدہ رِنگ میں اترے اور متعدد مقابلوں میں فاتح بھی رہے۔ البتہ ایک مقابلے میں اپنے حریف کے ہاتھوں ناک تڑوانے کے بعد انھوں نے میدان چھوڑ دیا۔ فائن آرٹ میں دل چسپی اتنی بڑھی کہ باقاعدہ مصوری کرنے لگے۔ پیرس میں کچھ عرصہ قیام کے دوران ہسٹن نے وہاں بطور پورٹریٹ آرٹسٹ بھی کام کیا۔ جان ہسٹن کی مہارت کا شعبہ فلم ڈائریکشن ہے۔ ان کو دو مرتبہ آسکر دیا گیا اور پندرہ مرتبہ اس ایوارڈ کے لیے نام زد ہوئے۔ ہالی وڈ کی فلموں میں ہسٹن نے بطور اداکار بھی کام کیا۔

    ہالی وڈ میں جان ہسٹن کی آمد اسکرپٹ رائٹر کے طور پر ہوئی تھی۔ بعد میں ”وارنرز” کے بینر تلے فلم ڈائریکشن شروع کی۔ جان ہسٹن نے Frankie and Johnny کے عنوان سے اسٹیج پلے لکھا تو اس کا معقول معاوضہ ملا۔ تب اسی کام کو ذریعۂ معاش بنانے کا سوچا۔ اور مزید دو شارٹ اسٹوریز Fool اور Figures of Fighting Men کے نام سے لکھیں جو ایک امریکی میگزین کی زینت بنیں۔ یہ 1929 کی بات ہے۔ اس کے بعد جان ہسٹن فیچر رائٹر کے طور پر دی نیویارک ٹائمز کے صفحات پر جگہ پانے لگے۔

    جان ہسٹن کو مہم جوئی، جنگ و جدل، اجنبی راستوں اور نئی منزلوں کا سفر ہمیشہ متوجہ کرتا رہا اور انہی واقعات کی عکاسی انھوں نے فلموں میں کی۔ ان کی زیادہ تر فلمیں مشہور ناولوں سے ماخوذ ہیں۔ ان کی شان دار فلموں میں The Maltese Falcon، Wise Blood ، The Misfits، The African Queen شامل ہیں۔

    ہسٹن کی ان کام یابیوں کے دوران ایک تکلیف دہ واقعہ یہ پیش آیا کہ ان کی کار سے ٹکرا کر ایک راہ گیر عورت ہلاک ہوگئی۔ مقدمہ چلا تو جان ہسٹن بے قصور قرار پائے، مگر ذہن اور دل پر ایسا بوجھ تھا جس نے برسوں ان کی جان نہ چھوڑی۔ وہ ہمیشہ اس کے لیے ملول رہے۔

  • کلیم عثمانی: مقبول ترین ملّی نغمات اور فلمی گیتوں کا خالق

    کلیم عثمانی: مقبول ترین ملّی نغمات اور فلمی گیتوں کا خالق

    کلیم عثمانی مقبول ملّی نغمات کے خالق ہی نہیں ان کے فلمی گیت بھی بہت مشہور ہوئے، مگر بحیثیت غزل گو شاعر بھی انھوں نے اپنی پہچان بنائی۔ بلاشبہ وہ ان شعرا میں سے ہیں جن کا بطور فلمی نغمہ نگار ہی برصغیر میں چرچا نہیں ہوا بلکہ غزل جیسی معتبر صنف سخن میں بھی وہ قتیل شفائی، مجروح سلطان پوری، شکیل بدایونی، سیف الدین سیف، تنویر نقوی اور دوسرے شعرا کی طرح مشہور تھے۔

    28 اگست 2000ء کو کلیم عثمانی انتقال کرگئے تھے۔ آج ان کی برسی منائی جارہی ہے۔ کلیم عثمانی کا اصل نام احتشام الٰہی تھا۔ وہ ضلع سہارن پور، دیو بند میں 28 فروری 1928 کو پیدا ہوئے۔ والد فضل الٰہی بیگل بھی شاعر تھے اور اس علمی و ادبی ماحول میں پروان چڑھنے والے احتشام الٰہی نے بھی یہی مشغلہ اپنایا۔ وہ شاعری کے میدان میں کلیم عثمانی کے نام سے پہچانے گئے۔ قیامِ پاکستان کے بعد ان کا خاندان ہجرت کر کے لاہور آگیا تھا جہاں بطور شاعر انھوں نے شہرت پائی۔

    کلیم عثمانی نے اپنے وقت کے مشہور شاعر احسان دانش سے اصلاح لی۔ ان کا ترنم بہت مشہور تھا اور لاہور اور پاکستان بھر میں وہ مشاعروں میں‌ ترنم سے اپنا کلام پیش کرکے داد پاتے تھے۔ کلیم عثمانی نے غزل گوئی سے اپنے شعری سفر کا آغاز کیا اور بعد میں‌ فلموں کے لیے گیت لکھنے شروع کیے۔ فلم بڑا آدمی، راز، دھوپ چھاؤں کے لیے ان کے تحریر کردہ گیت بہت مقبول ہوئے اور کلیم عثمانی کو ان کے بعد فلم انڈسٹری میں بہت اہمیت دی جانے لگی۔

    1966ء میں کلیم عثمانی نے فلم ہم دونوں اور جلوہ کے گیت تخلیق کیے جس سے ان کی شہرت کو گویا پَر لگ گئے۔ جلوہ وہ فلم تھی جس کے یہ دو گیت انتہائی اعلیٰ درجے کے تھے، کوئی جا کے ان سے کہہ دے ہمیں یوں نہ آزمائیں… اور لاگی رے لاگی لگن یہی دل میں…۔ ایک فلم راز کا مقبول ترین گیت تھا، میٹھی میٹھی بتیوں سے جیا نہ جلا….. کلیم عثمانی نے لکھا تھا۔ 1974ء میں فلم شرافت ریلیز ہوئی جس کے ایک گیت کو لازوال شہرت نصیب ہوئی۔ اس گیت کی موسیقی روبن گھوش نے ترتیب دی تھی اور اس کے بول تھے ’’تیرے بھیگے بدن کی خوشبو سے…. لہریں بھی ہوئیں مستانی سی۔‘‘ اس گیت کی مثال آج بھی دی جاتی ہے اور بلاشبہ یہ وہ گیت ہے جو کلیم عثمانی کو بطور نغمہ نگار ہمیشہ زندہ رکھے گا۔

    جوشِ انتقام، ایک مسافر ایک حسینہ، عندلیب اور نازنین جیسی کام یاب فلموں کے نغمات بھی کلیم عثمانی نے لکھے تھے جو بہت مقبول ہوئے۔ ایک زمانہ تھا جب ریڈیو پر فلمی گیت سامعین کی فرمائش پر نشر کیے جاتے تھے۔ ان میں دوسرے شعرا کی طرح کلیم عثمانی کے لکھے ہوئے نغمات بھی شامل ہوتے تھے۔

    1973 میں کلیم عثمانی کو فلم گھرانا کے اس مقبولِ عام گیت "تیرا سایہ جہاں بھی ہو سجنا پلکیں بچھا دوں….” پر نگار ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ یہ گیت آج بھی ہماری سماعتوں میں محفوظ ہے اور جب بھی سنا جائے ایک عجیب لطف دیتا ہے۔ اگر ملّی نغمات کی بات کریں تو پاکستانی قوم کی امنگوں اور وطن کے لیے جذبات کی ترجمانی کرنے والے ان نغمات میں "اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں” اور "یہ وطن تمہارا ہے، تم ہو پاسباں اس کے….” سرفہرست ہیں۔ کلیم عثمانی کے یہ ملّی نغمات تاقیامت پاکستان کی فضاؤں میں گونجتے رہیں گے۔

    غزل گو شاعر، اور فلمی گیت نگار کلیم عثمانی لاہور کے ایک قبرستان میں آسودۂ خاک ہیں۔ ان کی ایک غزل بہت مشہور ہوئی جس کے چند اشعار ہم یہاں نقل کررہے ہیں۔

    غزل
    رات پھیلی ہے تیرے سرمئی آنچل کی طرح
    چاند نکلا ہے تجھے ڈھونڈنے پاگل کی طرح

    خشک پتوں کی طرح لوگ اڑے جاتے ہیں
    شہر بھی اب تو نظر آتا ہے جنگل کی طرح

    پھر خیالوں میں ترے قرب کی خوشبو جاگی
    پھر برسنے لگی آنکھیں مری بادل کی طرح

    بے وفاؤں سے وفا کر کے گزاری ہے حیات
    میں برستا رہا ویرانوں میں بادل کی طرح

  • حریم فاروق کی تصاویر پر ارسلان نصیر کا حیران کُن کمنٹ وائرل

    حریم فاروق کی تصاویر پر ارسلان نصیر کا حیران کُن کمنٹ وائرل

    پاکستان شوبز انڈسری کی معرود اداکارہ حریم فاروق کی نئی تصاویر پر اداکارہ ارسلان نصیر کا حیران کُن کمنٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔

    معروف پاکستانی اداکارہ، پروڈیوسر اور ٹی وی ہوسٹ حریم فاروق اپنی جاندار اداکاری، نفیس شخصیت اور معیاری ڈراموں کی بدولت لاکھوں دلوں پر راج کرتی ہیں۔

    ان کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد 30 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، انہوں نے کئی مشہور ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں، فلمی دنیا میں بھی انہوں نے ‘پرچی’ اور ‘ہیر مان جا’ جیسی فلموں میں نہ صرف شاندار اداکاری کی بلکہ انہیں پروڈیوس بھی کیا۔

    تاہم گزشتہ روز حریم فاروق نے فوٹو اینڈ شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر فوٹو شوٹ کی چند تصاویر سیئر کی ہیں جس میں وہ بے حد خوبصورت نظر آرہی ہیں۔

    تصاویر میں اداکارہ کو دیکھا جاسکتا ہے کہ انہوں نے خوبصورت سیاہ فراک کے ساتھ سرخ اجرک زیب تن کر رکھی ہے، ان تصاویر پر مداح ان کی خوبصورتی کی تعریف کرتے نظر آئے۔

    اداکارہ حریم کی تصاویر پر مداحوں سمیت ایک ایسی شخصیت کا کمنٹ تھا جس نے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کروا لی، پوسٹ پر ارسلان نصیر نے ’نکاح پلیز‘ کا کمنٹ کیا ہے۔

    ارسلان نصیر کا کمنٹ کسی پروپوزل جیسا لگ رہا تھا جسے دیکھ کر اداکارؤں کے مداح حیران رہ گئے، اس کمنٹ کے بعد مداحوں کی جانب سے تبصرے کا ایک اور سلسلہ شروع ہوا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Hareem Farooq (@hareemfarooq)

  • سائرہ یوسف کی شہروز سبزواری کے ہمراہ بیٹی کی پرورش، اداکارہ نے حقیقت سے پردہ اٹھادیا

    سائرہ یوسف کی شہروز سبزواری کے ہمراہ بیٹی کی پرورش، اداکارہ نے حقیقت سے پردہ اٹھادیا

    (28 اگست 2025): اداکارہ سائرہ یوسف نے انکشاف کیا ہے کہ سابق شوہر شہروز سبزواری کے ہمراہ بیٹی کی پرورش سے متعلق اہم بیان سامنے آگیا۔

    سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری مقبول پاکستانی اداکار ہیں، 21 اکتوبر 2012 کو دونوں شادی کے بندھن میں بندھے تھے تاہم دسمبر 2019 میں ان کی علیحدگی ہوئی اس کے بعد فروری 2020 میں طلاق ہوئی۔ جوڑے کی ایک بیٹی ہے، نورے ہے جو 2014 میں پیدا ہوئی۔

    طلاق کے کچھ عرصے بعد ہی شہروز سبزواری نے ماڈل صدف کنول سے دوسری شادی کرلی تھی اور ان سے بھی ان کی ایک بیٹی زہرہ ہے، طلاق کے بعد بھی سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری کے درمیان اچھے تعلقات ہیں اور وہ علیحدگی کے باوجود بھی بیٹی کی پرورش مل کر کر رہے ہیں۔

    حال ہی میں سائرہ یوسف نے نجی ٹی وی چینل پر انٹرویو دیا، انٹرویو میں سائرہ یوسف نے نورے کے اپنی سوتیلی بہن کے ساتھ تعلقات اور شہروز سبزواری کے ساتھ اپنی بیٹی کی پرورش سے متعلق کھل کر گفتگو کی ہے۔

    پوڈکاسٹ میں نورے اور زہرہ کے تعلق کے بارے میں بات کرتے ہوئے سائرہ یوسف نے کہا کہ زہرہ میرے اور نورے کے ساتھ اس لیے نظر آتی ہے کیونکہ وہ نورے کی بہن ہے۔

    سائرہ یوسف نے کہا کہ میں اپنی بیٹی نورے کے معاملے میں اپنے بارے میں نہیں سوچتی ہی نہیں ہوں اور نہ ہی میں اس طرح کے معاملات میں اسے شامل کرتی ہوں۔

    کو پیرنٹنگ سے متعلق سائرہ یوسف نے کہا کہ مشترکہ پرورش کرنے والے والدین کے لیے یہ بہت ضروری ہے کہ وہ ذہنی، جذباتی اور جسمانی طور پر صحت مند اور مضبوط ہوں۔

    سابق شوہر شہروز سبزواری کے ہمراہ بیٹی کی پرورش کے دوران مجھے اپنی انا کو قربان کرنا پڑا، مجھے کو پیرنٹنگ نے سکھایا کہ اپنی انا کو کیسے کم کرنا ہے۔

  • ہمیں ساتھ دیکھ کر کیا میڈیا کے منہ پر طمانچہ نہیں پڑا؟ سنیتا آہوجا نے کھری کھری سنادی

    ہمیں ساتھ دیکھ کر کیا میڈیا کے منہ پر طمانچہ نہیں پڑا؟ سنیتا آہوجا نے کھری کھری سنادی

    ممبئی : بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے نامور اداکار گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا کی طلاق سے متعلق خبروں کا ڈراپ سین ہوگیا، سونیتا آہوجا نے صحافیوں کو کھری کھری سنادی۔

    ایک مذہبی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سنیتا آہوجا نے دوٹوک الفاظ میں گووندا کے ساتھ تعلقات کے بارے میں زیر گردش خبریں سختی سے مسترد کردیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایسی باتوں پر یقین نہ کیا جائے جب تک وہ خود کوئی اعلان نہ کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ گووندا صرف میرے ہیں۔

    این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سنیتا آہوجا نے مزید کہا کہ کوئی بھی طاقت مجھے اور گووندا کو ایک دوسرے سے جدا نہیں کر سکتی۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by ShowbizShowsha (@showbizshowsha)

    گووندا کی اہلیہ نے صحافیوں کے سامنے بھارتی میڈیا کی ساکھ کے پرخچے اڑا دیے انہوں نے کہا کہ ہم دونوں میاں بیوی کو ایک ساتھ اور اتنے قریب دیکھ کر کیا میڈیا کے منہ پر طمانچہ نہیں پڑا؟

    سنیتا کا کہنا تھا کہ اگر کوئی مسئلہ ہوتا تو کیا ہم اتنے نزدیک ہوتے؟ دوری ہوتی، کوئی ہمیں الگ نہیں کر سکتا، چاہے اوپر سے کوئی بھی آ جائے، میرا گووندا صرف میرا ہے اور کسی کا نہیں۔

    انہوں نے مسکراتے ہوئے صحافیوں سے مزید کہا کہ جب تک ہم خود کچھ نہ کہیں، براہ کرم آپ بھی کچھ نہ بولا کریں۔

    سنیتا

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ اداکار گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا نے گزشتہ روز ممبئی میں اپنی رہائش گاہ پر مذہبی تہوار کی تقریب کا انعقاد کیا تھا۔ جس کے بعد جوڑے کی علیحدگی کی خبروں کی بھی تردید ہوگئی ہے۔

    تقریب کے موقع پر اداکار گووندا نے میرون رنگ کا کُرتا زیب تن کر رکھا تھا جبکہ ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا نے بھی اسی رنگ کی ساڑھی پہن رکھی تھی۔

    مزید پڑھیں : سنیتا آہوجا کا گووندا سے طلاق کیلیے عدالت سے رجوع

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دونوں کو عقیدت کے ساتھ مذہبی رسومات ادا کرتے اور میڈیا کے نمائندوں میں مٹھائی تقسیم کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔