Category: ضرور پڑھیں

دن بھر کی وہ خبریں جو آپ کو ضرور پڑھنی چاہئے VIRAL NEWS- ضرور پڑھیں

  • ٹرمپ نے شی جن پنگ پر امریکا کے خلاف سازش کرنے کا الزام لگا دیا

    ٹرمپ نے شی جن پنگ پر امریکا کے خلاف سازش کرنے کا الزام لگا دیا

    واشنگٹن (03 ستمبر 2025): صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدر شی جن پنگ پر امریکا کے خلاف سازش کرنے کا الزام لگا دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کے صدر ڈونلڈ نے چین پر روس اور شمالی کوریا سے مل کر سازش کا الزام لگا دیا ہے، اور دوسری طرف جاپان کے ماضی کا ذکر کر کے اسے ایک پریشان کن صورت حال میں ڈال دیا۔

    روئٹرز کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے بیجنگ میں چین کی سب سے بڑی فوجی پریڈ شروع ہوتے ہی، ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں، چین کو جاپان سے آزادی حاصل کرنے میں مدد کرنے میں امریکی کردار پر روشنی ڈالی۔

    ٹرمپ نے چینی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’’براہ کرم ولادیمیر پیوٹن اور کم جونگ اُن کو میری نیک تمنائیں پہنچا دیں جب آپ لوگ امریکا کے خلاف سازش کر رہے ہوں۔‘‘

    چین کے صدر شی جن پنگ نے دنیا کو امن کا پیغام دے دیا

    ٹرمپ نے اس سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ چین کے فوجی پریڈ کو امریکا کے لیے کسی چیلنج کے طور پر نہیں دیکھتے، اور انھوں نے چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ اپنے ’’نہایت اچھے تعلقات‘‘ برقرار رکھنے کا اعادہ کیا۔ دوسری طرف بدھ کے روز جاپان کے اعلیٰ ترین سرکاری ترجمان نے پریڈ پر تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ایشیا کی دو بڑی معیشتیں تعمیری تعلقات قائم کر رہی ہیں۔

    واضح رہے کہ بیجنگ میں فوجی پریڈ سے خطاب میں چین کے صدر شی جن پنگ نے دنیا کو امن کا پیغام دے دیا ہے، انھوں نے کہا کہ انسانیت کو جنگ یا امن میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔ شی جن پنگ نے اپنے خطاب میں اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ’’ہم جتنے بھی مضبوط ہو جائیں کبھی توسیع پسندی کا راستہ اختیار نہیں کریں گے، ہم کبھی اپنے ماضی کی مصیبت کو کسی دوسرے ملک پر عائد نہیں کریں گے۔‘‘

  • باکسنگ کی تاریخ کا طویل ترین اور حیرت انگیز مقابلہ، ایک کی ہڈیاں ٹوٹ گئیں دوسرا ہوش کھو بیٹھا

    باکسنگ کی تاریخ کا طویل ترین اور حیرت انگیز مقابلہ، ایک کی ہڈیاں ٹوٹ گئیں دوسرا ہوش کھو بیٹھا

    باکسنگ ایک ایسا کھیل ہے جس کا شمار انسانی فطرت کے قریب ترین کھیلوں میں کیا جاتا ہے وہ اس لیے کہ لوگ اکثر لڑائی کے دوران مکے بازی ہی کرتے ہیں۔

    یہ کھیل اولمپکس گیمز کا اہم ایونٹ اور دنیا کے مقبول ترین کھیلوں میں سے ایک ہے، اس میں تکنیک، توانائی، ذہانت اور قوت برداشت کا بھرپور استعمال ہوتا ہے۔

    ویسے تو دنیا میں نامور باکسرز کے درمیان بڑے سنسنی خیز مقابلے ہوئے لیکن آج سے تقریباً 130 سال پہلے دو باکسرز کے درمیان ہونے والی لڑائی یادگار بن گئی، مقابلے کی خاص بات یہ تھی کہ انہوں نے ایک دوسرے پر مسلسل 7 گھنٹے تک مکوں کی بارش جاری رکھی۔

    اس لڑائی کے دوران ان کی حالت قابل دید بلکہ قابل رحم تھی لیکن زخموں سے چُور باکسرز  کے عزم اور حوصلے کی بات کی جائے تو وہ کم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہا تھا۔

    6اپریل 1893 کو نیو اورلینز میں باکسنگ کے شائقین نے ایک ایسا تاریخی اور تھکا دینے والا مقابلہ دیکھا جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ یہ مقابلہ جیک برک اور اینڈی بووین کے درمیان ہوا جو تاریخ کا سب سے طویل گلوز باکسنگ میچ قرار پایا۔

    دونوں باکسرز کے درمیان یہ مقابلہ رات 9 بجے شروع ہوا اور اگلی صبح تقریباً 4 بجے تک جاری رہا، حیران کن طور پر یہ مقابلہ 110 راؤنڈز تک گیا جو 7 گھنٹے 19 منٹ پر محیط تھا۔ دونوں باکسرز نے ہمت نہ ہاری اور لگا تار ایک دوسرے پر تابڑ توڑ حملے کرتے رہے۔

    مقابلہ اس قدر سخت اور جان لیوا تھا کہ 110 راؤنڈز تک ایک دوسرے پر مکوں کی بارش کرنے کے بعد دونوں باکسر اتنے تھک گئے کہ کرسی سے اٹھنے کی بھی سکت نہ رہی۔

    مقابلے کے اختتام پر جیک برک کے دونوں ہاتھوں کی ہڈیاں ٹوٹ چکی تھیں جبکہ اینڈی بووین اتنے نڈھال ہوگئے کہ رنگ میں گر پڑے۔

    دونوں باکسرز کے مزید لڑنے کے قابل نہ رہنے پر ریفری نے مقابلے کو "نو کانٹیسٹ” قرار دے دیا، کیونکہ دونوں میں سے کوئی بھی ناک آؤٹ نہیں ہوا تھا لیکن بعد میں اسے ڈرا میں تبدیل کر دیا گیا اور انعامی رقم دونوں میں برابر تقسیم کی گئی۔

  • ادارے بنانے میں وقت لگتا ہے تباہ کرنے میں نہیں، جسٹس بابر ستار کا خط

    ادارے بنانے میں وقت لگتا ہے تباہ کرنے میں نہیں، جسٹس بابر ستار کا خط

    اسلام آباد ہائی کورٹ کے فل کورٹ بینچ کی میٹنگ سے پہلے ججوں کے اختلافات کھل کر سامنے آگئے، جسٹس بابر ستار نے چیف جسٹس کو خط لکھ دیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کی فل کورٹ میٹنگ سے پہلے جسٹس بابر ستار نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے نام خط لکھ دیا۔

    چار صفحات پر مشتمل خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ کیا آج اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز یہ سمجھتے ہیں کہ وہ اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کررہے ہیں؟

    کیا ججز اس بات کا یقین کرتے ہیں کہ شہری اپنے بنیادی حقوق کا انہیں محافظ سمجھتے ہیں؟ کیا کبھی اسلام آباد ہائی کورٹ نے ضلعی عدلیہ کو آزاد ادارہ بنانے کی کوشش کی؟

    جسٹس بابر ستار کا اپنے خط میں کہنا ہے کہ روسٹر کی تیاری اور کیسز فکس کرنے میں شفافیت کی کمی ہے، روزانہ اپنے فیصلوں میں افسران کو کہتے ہیں کہ بادشاہ نہیں اور نہ ہی اختیارات بغیر حدود و قیود ہیں۔

    کیسز فکس کرتے ہوئے سینئر ججز کو نظر انداز کرکے ٹرانسفر اور ایڈیشنل ججز کو کیسز بھیجے جا رہے ہیں، انتظامی اختیارات میں کیا ججز و چیف جسٹس کو یاد نہیں رکھنا چاہیے وہ بادشاہ نہیں پبلک آفیشلز ہیں۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ آپ کا آفس کچھ کیسز میں کاز لسٹ بھی جاری کرنے سے انکاری ہے، ایسے اقدامات سے عدلیہ کی آزادی متاثر ہورہی ہے۔

    جسٹس بابرستار نے لکھا کہ روسٹر جاری کرکے مجھ سمیت سنگل بنچز سے محروم کرنا بھی ہم نے دیکھا ہے، سینئر ججز کو انتظامی کمیٹی سے رولز کی خلاف ورزی کرکے الگ کیا گیا۔ انتظامی کمیٹی میں ایڈیشنل اور ٹرانسفر ججز کو شامل کیا گیا،۔

    متن میں لکھا گیا ہے کہ آپ نے ججز کے بیرون ملک جانے کیلئے این اوسی لینا لازمی قرار دیا ہے گویا ججز کو ای سی ایل پر ڈالا گیا۔

    خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ادارے بنانے میں کئی دہائیاں لگتی ہیں لیکن انہیں تباہ کرنے میں کچھ وقت بھی نہیں لگتاْ۔

    واضح رہے کہ جسٹس بابر ستار کی جانب سے چیف جسٹس کو لکھے گئے خط کی کاپیاں تمام ججز اور رجسٹرار کو بھی بھجوادی گئی ہیں۔

  • ملک میں تسلسل کا فیصلہ ہوگیا، رانا ثناءاللہ

    ملک میں تسلسل کا فیصلہ ہوگیا، رانا ثناءاللہ

    اسلام آباد : وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثناءاللہ  نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک میں تسلسل کا فیصلہ ہوگیا ہے جو مزید پانچ یا دس سال کے لیے ہوگا۔

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام خبر میں ایک سوال کے جواب میں کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں تو اس بات پر پہلے بھی کوئی شک و شبہ نہیں تھا۔

    انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں مری میں بڑوں کے درمیان اہم بیٹھک ہوئی ہے جس میں یہ فیصلہ کیا گیا، بہرحال جو بھی ہوگا آئین کے مطابق ہوگا، کچھ لوگوں کو اس پر شک تھا لیکن ہمیں اس کا پہلے سے ہی علم تھا۔

    نئے ڈیموں کی تعمیر سے متعلق ایک سوال کے جواب میں رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ ڈیمز سے متعلق بھی اتفاق رائے سے آگے بڑھنا چاہیے۔

    انہوں نے کہا کہ ناممکن کچھ بھی نہیں، تمام سیاسی جماعتیں بیٹھ کربات کریں اتفاق رائے پیدا کریں، اس حوالے سے قرارداد پاس ہوئی ہے تو موسمیاتی تبدیلی کے بعد دوبارہ بھی قراردادیں آسکتی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات بالکل ہونی چاہیے، گنڈا پور بانی کو سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کیلئے قائل کرسکتے ہیں تو اچھی بات ہے۔

    کینالز معاملے کے بعد سی سی آئی میٹنگ میں گنڈاپور نے کالاباغ ڈیم کی بات کی تھی، پانی کے ایشوز پر علی امین گنڈا پور نے کالاباغ ڈیم سے متعلق گفتگو کی تھی، آج کی صورتحال کا اُس وقت کسی کو اندازہ نہیں تھا اب بخوبی ہوگیا ہے۔

    رانا ثناءاللہ  نے بتایا کہ ماہرین کہتے ہیں کہ آئندہ سال مزید سیلاب اور بارشیں ہوں گی، ہمیں فوری طور پر چھوٹے ڈیمز اور دیگر پروجیکٹس کی طرف جانا ہوگا۔

    وزیر اعظم کے مشیر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی شدید خواہش تھی کہ ملک میں صدارتی نظام آجائے، ہوسکتا ہے کہ علی امین گنڈاپور نے اپنے بانی کی خواہش پر بیان دیا ہو۔

    میراذاتی خیال ہے کہ ملک میں صدارتی نظام کی گنجائش نہیں ہے، موجودہ صورتحال میں صدارتی نظام کےایشو پر بات نہیں کرنا چاہتے، اتفاق رائے سے کچھ بھی ہو تو اچھی بات ہے لیکن یکطرفہ کچھ نہیں ہونا چاہیے۔

    رانا ثناءاللہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے پارلیمانی جمہوری نظام ہی بہتر ہے جو سسٹم موجود ہے، چار اکائیاں ہیں اسی طرح آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان بھی موجود ہیں، صدارتی نظام کیلئے صوبوں کو وہ آزادی بھی ہونی چاہیے جو امریکا میں ہے۔

  • ’جرمن سفیر آیا ہے تو کیا ہوا؟ تمہاری وہی ذہنی غلام والی سوچ ہے‘

    ’جرمن سفیر آیا ہے تو کیا ہوا؟ تمہاری وہی ذہنی غلام والی سوچ ہے‘

    وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور  پریس کانفرنس کے دوران جرمنی کے سفیر کی آمد کی اطلاع دینے والے ترجمان پر برس پڑے۔

    وزیر اعلیٰ کے پی نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مینڈیٹ چوری ہونے کا ذکر کررہے تھے اس دوران ترجمان نے کہا کہ سر آپ کی میٹنگ کا وقت ہوچکا ہے اور جرمن سفیر بھی آگئے ہیں۔

    یہ سننا تھا کہ علی امین گنڈا پور غصے میں آگئے۔

    یہ پڑھیں: وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے نئے صوبوں کی بھی حمایت کردی

    انہوں نے ترجمان سے کہا کہ تمہارا کیا کام ہے؟ یہاں بیٹھو، جرمن سفیر آیا ہے تو کیا ہوگیا، تم بس وہی ذہنی غلاموں والی سوچ رکھنا۔

    علی امین گنڈا پور نے کہا کہ جرمن سفیر آگیا ہے تو پتا نہیں کیا سوچتے ہو کہ فوری اٹھو اور بھاگو۔

    وزیر اعلیٰ کی بات سن کر ترجمان شرمندہ ہوگیا اور پیچھے رکھی کرسی پر جاکر بیٹھ گیا۔

  • سہ ملکی سیریز: افغانستان نے پاکستان کو 18 رنز سے ہرا دیا

    سہ ملکی سیریز: افغانستان نے پاکستان کو 18 رنز سے ہرا دیا

    سہ ملکی سیریز کے چوتھے میچ میں افغانستان نے پاکستان کو 18 رنز سے شکست دے دی۔

    شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان کی جانب سے دیے گئے 170 رنز کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بناسکی۔

    حارث رؤف 34 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، فخر زمان 25، کپتان سلمان علی آغا 20 اور صاحبزادہ فرحان 18 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

    افغانستان کی جانب سے نور احمد، محمد نبی اور راشد خان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

    قبل ازیں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 170 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    ابراہیم زدران 65 اور صدیق اللہ اتل 64 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

    فہیم اشرف نے کیریئر بیسٹ بولنگ کرتے ہوئے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، صائم ایوب نے 18 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل راشد خان نے ٹاس جیت کر سلمان علی آغا الیون کو پہلے بولنگ کی دعوت دی تھی۔

    Image

    گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے یو اے ای کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی۔

    پاکستان نے سیریز میں اپنے دونوں میچز جیتے ہیں، گرین شرٹس نے پہلے میچ میں افغانستان اور دوسرے میچ میں یو اے ای کو شکست دی تھی۔

  • کوئٹہ میں اختر مینگل کی گاڑی کے قریب دھماکا

    کوئٹہ میں اختر مینگل کی گاڑی کے قریب دھماکا

    کوئٹہ میں سریاب روڈ کے علاقے میں شاہوانی اسٹیڈیم کے قریب دھماکا ہوا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس کے مطابق دھماکا سابق وزیر اعلیٰ اور بی این پی سربراہ اختر مینگل کی گاڑی کے قریب ہوا جس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہوگئے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سردار اختر مینگل دھماکے میں محفوظ رہے، دھماکا جلسہ گاہ کے باہر پارکنگ کی جگہ پر ہوا ہے۔

    حکومت بلوچستان نے شاہوانی اسٹیڈیم میں دھماکے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔

    محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ امدادی ٹیمیں دھماکے کے زخمیوں کو اسپتال منتقل کررہی ہیں، سیکیورٹی فورسز علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کررہی ہیں۔

    بلوچستان حکام کا کہنا ہے کہ عوام افواہوں پر کام نہ دھریں، اداروں سے تعاون کریں۔

  • بھارت کی جانب سے ایک اور فلڈ وارننگ جاری

    بھارت کی جانب سے ایک اور فلڈ وارننگ جاری

    بھارت کی جانب سے ایک اور فلڈ وارننگ جاری کردی گئی، بھارتی ہائی کمیشن نے جموں میں توی کے مقام پر ہائی فلڈ الرٹ جاری کیا۔

    پاکستان کو اس وقت شدید سیلابی صورتحال اور متواتر بارشوں کا سامانا ہے، ایسے میں بھارت نے ایک بار پھر سے فلڈ کا انتباہ جاری کیا، بھارت کی طرف سے ایک اور سیلابی ریلہ جلد پاکستان میں داخل ہونے کی توقع ہے۔

    اس بار بھارتی ہائی کمیشن کی جانب سے جموں میں توی کے مقام پر ہائی فلڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے، وزارت آبی وسائل نے اعلامیہ میں بتایا کہ بھارتی ہائی کمیشن کی جانب سے 6 بجے آگاہ کیا گیا۔

    پانی کی بڑی مقدار میں آمد کے بعد دریائے چناب میں پانی کی سطح بڑھنے لگی ہے، دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 29 ہزار کیوسک ہوگیا ہے۔

    فلڈ فورکاسٹنگ نے بتایا کہ دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جبکہ این ڈی ایم اے کی جانب سے بھی دریاؤں میں سیلابی ریلوں اور بہاؤ کی رپورٹ پیش کی گئی ہے۔
    خیال رہے کہ اس سے قبل ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے اگلے 24 سے 48 گھنٹے ہمارے لئے بہت اہم قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ آج شام تک ہیڈ محمد والا پر سیلاب آنے کا خدشہ ہے۔

    عرفان علی کاٹھیا نے بتایا تھا کہ انڈیا کی طرف سے آنیوالے پانی کے ریلے کی اطلاع دی گئی ہے، ستلج میں مزید پانی چھوڑا گیا ہے،پانی کا فلو مسلسل بڑھ رہا ہے اور بارشوں کے باعث ریسکیو کام متاثر ہوا ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ پنجاب کے مختلف ہیڈ ورکس پر پانی کی سطح تیزی سے بلند ہو رہی ہے اور کئی مقامات پر اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/kpk-nocs-hotels-along-river/

  • سعودی عرب اور عراق نے بھارت کو خام تیل کی فروخت بند کر دی

    سعودی عرب اور عراق نے بھارت کو خام تیل کی فروخت بند کر دی

    سفارتی تنہائی اور معاشی مشکلات میں مبتلا بھارت کو ایک اور بڑا دھچکا لگ گیا۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب اور عراق نے بھارتی آئل ریفائنری کو خام تیل کی فروخت بند کر دی۔

    سعودی آرامکو نے بھارت کی نیارا انرجی کو تیل کی فراہمی روک دی ہے جب کہ عراقی کمپنی سومو نے بھی بھارت کی نیارا انرجی کو تیل دینا بند کر دیا ہے۔

    یورپ کی روسی حمایتی کمپنیوں پر پابندی کے بعد بھارت کو تیل فراہمی بند کی گئی ہے۔ بھارتی کمپنی نیارا اب صرف روس سے تیل خریداری پر انحصار کر رہی ہے۔

    روس سے تیل خریدنے پر امریکا نے سزا کے طور پر بھارت پر 50 فیصد ٹیرف عائد کیا ہے۔ امریکا کی جانب سے اضافی ٹیرف روس یوکرین جنگ میں بھارت کی جانب سے روس کی حمایت کے جواب میں لگایا گیا ہے۔

    امریکا کی جانب سے ٹیرف کے اطلاق کے بعد بھارتی اسٹاک مارکیٹوں میں بھونچال آگیا ہے اور بھارت کی کرنسی بھی گرگئی۔

    امریکی ہوم لینڈ سیکیورٹی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق بھارت سے درآمد ہونے والی یا کسٹم ویئر ہاؤس سے نکلنے والی تمام مصنوعات پر نیا ٹیرف لاگو ہوگیا ہے۔

    جون 2025 میں بھارت کی روسی تیل درآمدات میں 17.4 فیصد ماہانہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس میں بھارت نے روس سے 20 لاکھ بیرل یومیہ تیل درآمد کیا۔

    2025کی پہلی ششماہی میں بھارت کی نجی ریفائنریز نے 60 فیصد روسی تیل خریدا ہے۔ بعض بھارتی نجی ریفائنریز نے روس کے ساتھ سالانہ معاہدے کر رکھے ہیں۔

    بھارت نے 3 سال میں روس سے 102 ارب ڈالر کا خام تیل خریدا اور پھر سستا تیل خرید کر 12 سے 15 ارب ڈالر کی بچت کی۔

    بھارت نے درآمدی روسی تیل سے عالمی منڈی میں مصنوعات برآمد کیں۔ بھارت نے روسی تیل کی مصنوعات سے 144 ارب ڈالر کا ریونیو حاصل کیا۔

    بھارت نے سستے روسی تیل اور ایکسپورٹ سے 52 ارب ڈالر کا خالص منافع حاصل کیا۔

  • آسان کاروبار بل منظور، کاروباری افراد کے لیے بڑی خوشخبری

    آسان کاروبار بل منظور، کاروباری افراد کے لیے بڑی خوشخبری

    پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی نے آسان کاروبار بل 2025 منظور کرلیا ہے۔

    بل کے متن کے مطابق صوبے میں کاروباری افراد کے لیے ون ونڈو آپریشن کی سہولت ملے گی، رجسٹریشن، لائسنس اور پرمٹس کے لیے آسان کاروبار پورٹل قائم ہوگا۔

    تمام چھوٹے بڑے کاروبار پورٹل پر رجسٹرڈ ہوں گے، کاروباری افراد کو ڈیجیٹل آئی ڈی جاری کی جائے گی، رجسٹریشن، لائسنس اور پرمٹس ای پیمنٹ کے ذریعے ہوں گے۔

    یہ پڑھیں: آسان کاروبار اسکیم سے بلاسود قرض حاصل کرنے کا آسان طریقہ

    بل کے مطابق ایز آف ڈوئنگ بزنس ڈائریکٹوریٹ قائم ہوگا، خیبرپختونخوا ریگولیٹری رجسٹری کا قیام بھی ڈائریکٹوریٹ کی ذمہ داری ہوگی۔

    وزیر اعلیٰ اسٹیرنگ کمیٹی ایز آف ڈوئنگ بزنس کے چیئرمین ہوں گے۔