Category: ضرور پڑھیں

دن بھر کی وہ خبریں جو آپ کو ضرور پڑھنی چاہئے VIRAL NEWS- ضرور پڑھیں

  • محکمہ موسمیات کی آج رات سے کل تک موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی

    محکمہ موسمیات کی آج رات سے کل تک موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی

    محکمہ موسمیات نے آج رات سے کل تک موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، پنجاب میں بارشیں متوقع ہیں۔

    ملک کو اس وقت سیلابی صورتحال اور شدید بارشیں درپیش ہیں، ایسے میں محکمہ موسمیات نے بارشوں کے ایک اور اسپیل کی پیشگوئی کی ہے، محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اسلام آباد اور گردونواح میں گرج چمک کےساتھ موسلادھار بارش ہونے کا امکان ہے۔

    اس کے علاوہ گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، پنجاب کے مختلف حصوں میں بارش کا امکان ہے جبکہ لاہور، قصور، اوکاڑہ، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال اور گوجرانوالہ میں بھی بارش متوقع ہے۔

    مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، خوشاب اور نورپور تھل میں برسات ہونے کی پیشگوئی ہے جبکہ سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، بھکر، میانوالی، بہاولنگر اور رحیم یارخان میں بھی بارشو کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: اگلے 2 سے 3 روز تک مزید بارشیں متوقع، پنجاب کے دریاؤں میں اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری

    راجن پور، بہاولپور، ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں موسلادھار بارش کا امکان ہے، پشاور، چارسدہ، سوات، کوہستان، شانگلہ اور بٹگرام میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔

    نوشہرہ، مردان، صوابی، بونیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، خیبر، مہمند، کرم، باجوڑ، اورکزئی، ٹانک، لکی مروت، ہنگو میں بادل برسنے کی پیشگوئی ہے جبکہ کرک، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تیز ہواؤں کےساتھ بارش کا امکان ہے۔

    اس کے علاوہ سانگھڑ، گھوٹکی، میرپور خاص، تھرپارکر، عمرکوٹ میں بارش کا امکان ہے جبکہ ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/karachi-weather-today-31-august-2025/

  • کراچی: ملزمان گھر میں گھس کر صرف 10 سیکنڈ میں واردات کرکے فرار

    کراچی: ملزمان گھر میں گھس کر صرف 10 سیکنڈ میں واردات کرکے فرار

    کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں ملزمان نے دیدہ دلیری کی انتہا کردی، گھر میں گھس کر صرف 10 سیکنڈ میں واردات کرکے فرار ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں ملزمان گھر میں گھسے دو شہریوں سے موبائل چھینے اور فرار ہوگئے، ملزمان کی جانب سے اس طرح واردات کرنے کی فوٹیج بھی منظرعام پر آگئی ہے۔

    گھر کا دروازہ کھلا ہوا تھا اسی دوران بائیک سے اگر کر ایک ملزم نے پستول نکالی اور کھلے ہوئے گیٹ سے اندر داخل ہوگیا۔

    دونوں شہریوں سے یوں لوٹ مار کے بعد ملزمان باآسانی فرار ہوگئے، اس تیز ترین واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    ضلع ملیر میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں تھم نہیں سکی ہیں، موٹرسائیکل سوار ملزمان گلی سے گزر رہے تھے، انھوں نے گھر کا دروازہ کھلا دیکھا تو فوری واردات انجام دے ڈالی۔

  • پاکستان اور آرمینیا کے درمیان سفارتی تعلقات میں بڑی پیشرفت

    پاکستان اور آرمینیا کے درمیان سفارتی تعلقات میں بڑی پیشرفت

    پاکستان اور آرمینیا کے درمیان سفارتی تعلقات میں بڑی پیشرفت ہوئی ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور آرمینیا کے درمیان سفارتی تعلقات قائم ہو گئے ہیں۔ یہ پیش رفت نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی آرمینیائی وزیر خارجہ سے ملاقات میں ہوئی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ چین کے شہر تیانجن میں دونوں رہنماؤں کی تاریخی ملاقات ہوئی جس میں سفارتی تعلقات قائم کیے گئے۔

    تعلقات کی بنیاد اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کےمطابق  رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

    ترجمان کے مطابق معیشت، تعلیم، ثقافت، سیاحت میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے اور دوطرفہ و کثیرالجہتی فورمز پر قریبی تعاون کا فیصلہ ہوا ہے۔ دونوں ممالک نے عوامی خوشحالی اور ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کا بھی عزم کیا ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ پاکستان اور آرمینیا کے درمیان کسی بھی سطح پر ہونے والی پہلی ملاقات ہے۔

  • وفاقی وزیر کے والد کے نام سے منسوب سڑک بھی تباہ، گڑھے پڑ گئے

    وفاقی وزیر کے والد کے نام سے منسوب سڑک بھی تباہ، گڑھے پڑ گئے

    سیالکوٹ (31 اگست 2025): وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کے والد کے نام سے منسوب سڑک بھی سیلاب میں برباد ہو گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سیالکوٹ میں جہاں طوفانی بارش اور سیلابی ریلوں نے ہر چیز تہس نہس کی۔ وہیں اس علاقے سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر اور ن لیگ کے مرکزی رہنما خواجہ آصف کے والد کے نام سے منسوب خواجہ صفدر روڈ بھی برباد ہو گیا اور اس میں گڑھے پڑ گئے ہیں۔

    مذکورہ شاہراہ 2019 میں بنائی گئی تھی جب کہ پانی کی نکاسی کے لیے شہر میں کروڑوں ڈالر (پاکستانی ارب سے زائد) کے پائپ ڈالے گئے تھے۔

    خواجہ آصف اپنے والد کے نام سے منسوب یہ سڑک دیکھ کر برہم ہوئے اور کہا کہ کروڑوں ڈالر کے پائپ یہاں ڈالے گئے تھے، جو ایک بارش کا بوجھ بھی برداشت نہ کر سکے۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ جو بھی اس کا ذمہ دار ہے، اسے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور پنجاب حکومت ان مجرموں کا احتساب ضرور کرے گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سیالکوٹ میں طوفانی بارش سے بیشتر سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ سب کا تخمینہ لگا رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ خواجہ آصف نے اس سے قبل بھی سیالکوٹ کے طوفانی بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔

    وفاقی وزیر دفاع نے ضلعی انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ کرپشن کی حد ہے کہ تمام سڑکیں بارش میں بہہ گئیں۔ ایس ڈی او، ایکسین یا ٹھیکیدار سے کوئی سوال نہیں کرتا۔ کرپشن کی صورتحال یہ ہے کہ ذاتی طور پر کام کراؤ تو 50 ہزار لگتے ہیں، جب کہ سرکاری فنڈز سے وہی کام 5 کروڑ کا ہوتا ہے۔

    خواجہ آصف نے تباہی کی بڑی وجہ نالوں پر تجاوزات اور کرپشن کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ پانی کے بہاؤ کی جگہ پر تجاوزات ہیں، جو سٹی گورنمنٹ اور بلدیاتی اداروں کی ناکامی ہے۔ سرکاری اہلکار بھی تجاوزات میں ملوث ہوتے ہیں۔ شہر کا اسٹرکچر تباہ ہو گیا۔

     

  • دولہا سمیت بارات سیلاب میں پھنس گئی!

    دولہا سمیت بارات سیلاب میں پھنس گئی!

    عارف والا (31 اگست 2025) پنجاب میں اس وقت سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں ایک گاؤں میں دولہا سمیت بارات سیلابی پانی میں پھنس گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے عارف والا میں نمائندے محمد اسلم چوہدری نے علاقے میں سیلاب کی صورتحال کے حوالے سے خبر دیتے ہوئے بتایا کہ گاؤں بلاڑا میں ایک بارات دلہن کے گھر جا رہی تھی کہ سیلابی پانی میں پھنس گئی۔

    اس موقع پر باراتی پریشان ہو گئے۔ تاہم دولہا کے بھائی نے ریسکیو 1122 رابطہ کر کے صورتحال سے آگاہ کیا۔

    ریسکیو 1122 فوری طور پر کشتیوں ساتھ لے کر مدد کے لیے پہنچی اور دولہا سمیت بارات کو کشتیوں کے ذریعہ منزل مقصود تک پہنچایا۔

    اس موقع پر کشتیوں میں سوار باراتیوں نے ڈھول بجا کر رقص کر کے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ریسکیو 1122 اور حکومت کے حق میں نعرے بھی لگائے۔

    اس موقع پر دولہا کے بھائی نے بتایا کہ آج ان کے بھائی کی شادی تھی۔ ہم بارات لے کر جا رہے تھے، کہ سیلابی پانی میں پھنس گئے۔ رابطہ کرنے پر ریسکیو 1122 والے فوری مدد کو پہنچے اور ہمیں کشتیوں کے ذریعہ ہمیں وہاں تک پہنچایا۔

     

  • ’وزیراعظم کا یوٹیلٹی اسٹورز ملازمین کیلیے بڑے پیکیج کا اعلان‘

    ’وزیراعظم کا یوٹیلٹی اسٹورز ملازمین کیلیے بڑے پیکیج کا اعلان‘

    اسلام آباد (31 اگست 2025): وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں بند جانے والے یوٹیلٹی اسٹورز کے ہزاروں ملازمین کیلیے بڑے پیکیج کا اعلان کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ آج سے یوٹیلٹی اسٹورز کی تمام سروسز کو ملک بھر میں بند کر دیا جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے یوٹیلٹی اسٹورز کے ملازمین کے لیے بڑے پیکیج کا اعلان کیا ہے۔

    وفاقی وزیر نے بتایا کہ ملک بھر میں یوٹیلٹی اسٹورز کے ملازمین کی تعداد 11 ہزار سے زائد ہے، ان کے لیے وزیراعظم کی جانب سے 19.5 ارب روپے کی مجموعی گرانٹ کی منظوری دی گئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ یوٹیلٹی اسٹورز 1971 میں قائم کیے گئے تھے اور 2009 میں انہیں یونین کونسل کی سطح پر پورے ملک میں پھیلایا گیا۔ یوٹیلٹی اسٹورز پاکستانی معیشت میں اہم کردار ادا کرتے رہے۔

    وفاقی حکومت نے گزشتہ برس ملک بھر میں یوٹیلٹی اسٹورز بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس فیصلے کے خلاف اسٹورز کے ملازمین نے وفاقی دارالحکومت میں کئی روز تک احتجاج بھی کیا، مگر ان کا مطالبہ پورا نہ ہوا۔

    گزشتہ دنوں وفاقی کابینہ اور کل اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بھی اس کی منظوری دے دی جس کے بعد آج سے یہ یوٹیلٹی اسٹورز کی تمام سروسز مکمل طور پر بند کی جا رہی ہیں۔

    واضح رہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن 1971 میں قائم کی گئی تھی۔ جس کا مقصد کم آمدنی والے طبقے کو اشیا خورو نوش کی قیمتوں میں ریلیف دینا تھا۔

    ابتدا میں ملک میں صرف 20 اسٹور کھولے گئے تھے، جو اسٹاف ویلفیئر آرگنائزیشن نامی تنظیم سے حاصل کیے گئے تھے۔ تاہم نصف صدی کے دوران ان کی تعداد میں اضافہ ہوتا گیا اور یہ ملک کے گوشے گوشے میں پھیل گئے۔

    ایک رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں چار ہزار سے زائد یوٹیلٹی اسٹورز قائم تھے اور مجموعی طور پر 17 ہزار ملازمین کام کر رہے تھے۔

    https://urdu.arynews.tv/utility-stores-employees-laid-off-imf/

  • پاکستان نے 2600 ارب کا قرض وقت سے پہلے واپس کر دیا

    پاکستان نے 2600 ارب کا قرض وقت سے پہلے واپس کر دیا

    مشیرخزانہ خرم شہزاد کا کہنا ہے کہ پاکستان نے 2600 ارب کا قرض وقت سے پہلے واپس کر دیا۔

    مشیر خزانہ نے حکومتی معاشی پالیسیوں کے مثبت اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ وزارت خزانہ نے صرف 59روز میں اسٹیٹ بینک کو 1633 ارب روپے واپس کئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ 30 جون کو 500 ارب اور 29 اگست کو 1133 ارب روپے واپس کئے گئے، کمرشل مارکیٹ کا ایک ہزارارب روپےکاقرض بھی قبل ازوقت واپس کیا۔

    https://urdu.arynews.tv/external-funding-foreign-loans-pakistan/

    خرم شہزاد کے مطابق وزارت خزانہ نے وقت سے پہلے قرض واپس کر کے تاریخ رقم کر دی۔

    عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 20 ارب ڈالر کا رعایتی قرض منظور کرلیا ہے۔

    ورلڈ بینک پاکستان کو 20 ارب ڈالر کا رعایتی قرض فراہم کرے گا، قرضے پر 2 فیصد سود ہوگا اور مدت 10 سال کی ہوگی۔

    نجی شعبے کے لیے مزید 20 ارب ڈالر بھی متوقع ہیں جبکہ فنڈنگ آئی ایف سی کے ذریعے ہوگی، قرض دس سالہ کنٹری پارٹنر شپ فریم ورک کا حصہ ہے جبکہ کل قرضوں کا حجم 40 ارب ڈالر تک پہنچے گا۔

  • انڈونیشیا میں عوامی احتجاج رنگ لے آیا، حکومت اراکین پارلیمنٹ کی مراعات کم کرنے پر آمادہ

    انڈونیشیا میں عوامی احتجاج رنگ لے آیا، حکومت اراکین پارلیمنٹ کی مراعات کم کرنے پر آمادہ

    جکارتہ (31 اگست 2025): انڈونیشیا میں عوامی احتجاج رنگ لے آیا جہاں حکومت بالآخر اراکین پارلیمنٹ کی مراعات میں کمی کرنے پر آمادہ ہوگئی۔

    خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو نے اعلان کیا کہ سیاسی جماعتوں نے اراکین پارلیمنٹ کیلیے متعدد مراعات کم یا ختم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

    انڈونیشیا میں مظاہرین نے اراکین پارلیمنٹ کیلیے ضرورت سے زیادہ مراعات کے خلاف پیر کے روز احتجاجی مظاہرہ شروع کیا جبکہ جمعرات کو پولیس کی کارروائی کے دوران ایک شہری جان سے گیا جس سے مظاہروں میں شدت آگئی۔

    مظاہرین نے کچھ سیاسی جماعتوں کے ارکان کے گھروں اور ریاستی تنصیبات کو نقصان پہنچایا یا نذر آتش کیا۔

    صدر پرابوو سوبیانتو نے سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے ہمراہ صدارتی محل میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ میں نے فوج اور پولیس کو حکم دیا ہے کہ وہ فسادیوں اور لٹیروں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔

    انہوں نے خبردار کیا کہ کچھ کارروائیاں دہشتگردی اور غداری کی نشاندہی کرتی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں رہنماؤں نے آگاہ کیا ہے کہ وہ متعدد مراعات کو ختم کریں گے جس میں اراکین کیلیے بیرون ملک کام کے دوروں پر پابندی بھی شامل ہے۔

    پرابوو سوبیانتو نے مزید کہا کہ پولیس اور فوج کو حکم دیا ہے کہ وہ عوامی سہولیات کی تباہی، افراد کے گھروں اور اقتصادی مراکز میں لوٹ مار کے خلاف قانون کے مطابق ممکنہ حد تک سخت کارروائی کریں۔

    واضح رہے کہ یہ احتجاجی مطاہرہ پرابوو سوبیانتو کی حکومت کیلیے اب تک کا سب سے بڑا امتحان ہے، انہوں نے گزشتہ اکتوبر میں اقتدار سنبھالا ہے۔

  • کینیڈا کا ڈیجیٹل نومیڈ ویزا: پاکستانی ریموٹ ورکرز کیلیے سنہری موقع

    کینیڈا کا ڈیجیٹل نومیڈ ویزا: پاکستانی ریموٹ ورکرز کیلیے سنہری موقع

    (31 اگست 2025): وہ پاکستانی پیشہ ور افراد جو کینیڈا میں کام کرنے کے خواہاں ہیں ان کیلیے ڈیجیٹل نومیڈ ویزا سنہری موقع ہے جس کے ذریعے وہ ریموٹ ورکر کی حیثیت سے وہاں کام کر سکتے ہیں۔

    کینیڈا کا ڈیجیٹل نومیڈ ویزا پاکستان کے فری لانسرز اور ریموٹ ورکرز میں خوب مقبولیت سمیٹ رہا ہے لہٰذا اسے حاصل کرنے کا طریقہ اور شرائط کے بارے میں جاننا بھی ضروری ہے۔

    کینیڈا کا ڈیجیٹل نومیڈ ویزا کیا ہے؟

    یہ ویزا اُن ریموٹ ورکرز کیلیے ہے جو دنیا کے کسی بھی حصے میں رہ کر بیرون ملک خدمات فراہم کر کر سکتے ہیں۔ پاکستان کے بڑھتے ہوئے فری لانسرز، آئی ٹی پروفیشنلز، کنٹینٹ کری ایٹرز اور ڈیجیٹل مارکیٹرز کیلیے یہ ایک سنہری موقع ہے۔

    ویزا اور امیگریشن سے متعلق مزید خبریں

    روایتی ورک ویزا کے برعکس یہ افراد کو کینیڈا میں عارضی طور پر رہنے کی اجازت دیتا ہے جس سے وہ ٹورنٹو، وینکوور، اور مونٹریال جیسے شہروں کو دریافت کرنے کی آزادی حاصل کر سکتے ہیں جبکہ وہ کینیڈا کی معیشت میں حصہ ڈالتے ہیں۔ یہ اُن پیشہ ور افراد کیلیے موزوں ہے جو غیر ملکی کمپنیوں کیلیے کام کرتے ہیں یا اپنے ریموٹ کاروبار کو سنبھالتے ہیں۔

    درخواست دہندگان کیلیے اہلیت کا معیار

    کینیڈا کا ڈیجیٹل نومیڈ ویزا حاصل کرنے کیلیے پاکستانی درخواست دہندگان کو کئی اہم معیارات پر پورا اترنا ہوگا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ وہاں رہتے ہوئے اپنے اخراجات خود برداشت کر سکیں جو یہ ہیں:

    • کم از کم ایک سال کیلیے درست پاسپورٹ
    • غیر ملکی کمپنی کے ساتھ ریموٹ ورک یا خود روزگار ہونے کی تصدیق کیلیے دستاویزات (جیسے کہ آجر سے خط یا کلائنٹ کے معاہدے)
    • رہائشی اخراجات پورے کرنے کیلیے موجود رقم کا ثبوت (فی مہینہ 2 ہزار سے 2500 کینیڈین ڈالر ہیں)
    • درخواست دہندگان کو پاکستان میں مقامی درخواست مرکز پر بائیو میٹرک ڈیٹا فراہم کرنا ہوگا

    یہ تقاضے اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ غیر ملکی کینیڈا میں مقامی روزگار پر انحصار کیے بغیر خود کو سہارا دے سکتے ہیں جو اس ویزا کے مقصد کے مطابق ہے۔

    درخواست دینے کا طریقہ

    درخواست کا عمل مکمل طور پر آن لائن ہے جو پاکستانیوں کیلیے قابل رسائی ہے۔ اس عمل کو مؤثر طریقے سے مکمل کرنے کیلیے ایک رجسٹرڈ کینیڈین ایمیگریشن کنسلٹنٹ کی ضرورت ہے، مرحلہ وار رہنمائی ملاحظہ کیجیے:

    • پاسپورٹ، ملازمت کا ثبوت، مالی دستاویزات اور دیگر کاغذات تیار کریں
    • کینیڈا کے سرکاری ایمیگریشن پورٹل کے ذریعے درخواست مکمل کریں یا پیشہ ور افراد کی مدد لیں
    • اگر ضرورت ہو تو بائیو میٹرک اپائنٹمنٹ شیڈول کریں اور اپ ڈیٹس کیلیے اپنا ای میل چیک کریں
    • منظوری کے بعد اپنی فلائٹس بک کریں اور رہائش کا انتظام کریں

    ان مراحل پر عمل کر کے پاکستانی درخواست دہندگان عام نقائص سے بچ سکتے ہیں اور درخواست کے عمل کو آسان بنا سکتے ہیں۔

    ڈیجیٹل نومیڈ ویزا کے فوائد

    • کینیڈین ورک پرمٹ کی ضرورت کے بغیر غیر ملکی کلائنٹس یا آجروں کیلیے ریموٹ طور پر کام کریں
    • ایک متنوع اور خوش آئند ملک میں رہ کر عالمی برادریوں سے رابطہ قائم کرنے کے مواقع حاصل کریں
    • وینکوور اور مونٹریال جیسے ٹیک ایڈوانس شہروں میں کو-ورکنگ اسپیسز تک رسائی
    • کینیڈا کے اعلیٰ معیار زندگی سے لطف اندوز ہوں بشمول بہترین صحت کی دیکھ بھال اور حفاظت

    ممکنہ چیلنجز

    اگرچہ ڈیجیٹل نومیڈ ویزا ایک دلچسپ موقع ہے لیکن پاکستانی درخواست دہندگان کو کچھ چیلنجز کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے جیسے کہ مقامی مراکز پر زیادہ مانگ کی وجہ سے بائیو میٹرک اپائنٹمنٹس کا بروقت حصول۔

    اس کے علاوہ مالی وسائل اور ریموٹ ملازمت کا ثبوت دینا لازمی ہو سکتا ہے جس کیلیے مکمل دستاویزات کی ضرورت ہوتی ہے۔ تجربہ کار ایمیگریشن کنسلٹنٹس کے ساتھ شراکت داری سے اس عمل کو ہموار کیا جا سکتا ہے اور ان رکاوٹوں کو مؤثر طریقے سے حل کیا جا سکتا ہے۔

  • حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ شہید

    حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ شہید

    اسرائیل نے ایک حملے میں حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ کو شہید کر دیا۔

    العربیہ کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی ذرائع نے اتوار کو کہا ہے کہ حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ اسرائیلی حملے میں مارے گئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق اسرائیل نے ایک فلیٹ کو نشانہ بنایا جس میں ابو عبیدہ موجود تھے، اور اس فضائی حملے میں اپارٹمنٹ میں موجود تمام افراد شہید ہو گئے، فلسطینی ذریعے نے مزید کہا کہ ابو عبیدہ کے اہلِ خانہ اور القسام قیادت نے لاش کی شناخت کے بعد ان کی شہادت کی تصدیق کر دی ہے۔

    یاد رہے کہ اسرائیلی فوج کے ترجمان نے ہفتے کو اعلان کیا تھا کہ اس نے غزہ میں حماس کی ایک نمایاں شخصیت کو نشانہ بنایا ہے، اسرائیلی فوج کے ترجمان نے’ایکس‘ پلیٹ فارم پر لکھا تھا کہ غزہ شہر کے شمالی حصے میں حماس کے ایک ’مرکزی رکن‘ پر فضائی حملہ کیا گیا ہے۔

    حماس نے اپنے رہنما محمد سنوار کی شہادت کی تصدیق کر دی

    انصاراللّٰہ نے حوثی وزیراعظم کی شہادت کی تصدیق کر دی

    اسرائیلی میڈیا کے مطابق اس کارروائی کا ہدف القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ تھے اور ان کے مطابق 95 فی صد امکان ہے کہ یہ کارروائی کامیاب رہی۔ اسرائیلی چینل 12 نے بتایا ھتا کہ ابو عبیدہ کی موجودگی کی ابتدائی معلومات جمعہ کی شام ملی تھیں اور ہفتہ کی شام ساڑھے پانچ بجے یہ کارروائی انجام دی گئی۔

    واضح رہے کہ اسرائیل نے اس سے قبل جمعرات کو صنعا میں فضائی حملے میں قبل یمن کے حوثی وزیر اعظم احمد الرحاوی کو بھی نشانہ بنا کر شہید کر دیا ہے، جس پر یمن کے حوثی باغیوں نے اسرائیل سے انتقام لینے کا عہد کیا ہے۔

    اسرائیل کی جانب سے غزہ پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 70 سے زائد فلسطینی شہید کر دیے گئے ہیں، جب کہ غذائی قلت سے 10 فلسطینی زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔