Category: ملٹی میڈیا

Audio and video stories from ARY News

اے آر وائی نیوز کی جانب سے آڈیو اور ویڈیو خبریں

  • کینسر کے مرض میں مبتلا بچیاں وطن کے دفاع میں کھڑی ہوگئیں… پاک فوج میں‌ شمولیت، ویڈیو دیکھیں

    کینسر کے مرض میں مبتلا بچیاں وطن کے دفاع میں کھڑی ہوگئیں… پاک فوج میں‌ شمولیت، ویڈیو دیکھیں

    راولپنڈی: آرمی چیف آف اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کینسر کے موذی مرض میں مبتلا دو بچیوں کی خواہش پوری کردی۔ جویریہ اور روبا نے ایک روز کے لیے پاک فوج میں شمولیت اختیار کی جس کی ویڈیو سامنے آگئی۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیاہے کہ کینسر میں مبتلا دو بچیوں جوریہ اور روبا نے جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان آرمی کا سپاہی بننے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

    آرمی چیف نے دونوں بچیوں کی خواہش پوری کرنے کے لیے کور کمانڈر لاہور کو ہدایت کی، دونوں بچیاں پاک فوج کی وردی زیب تن کیے کورکمانڈر آفس آئیں جہاں اُن کا استقبال خود کور کمانڈر نے کیا۔

    بعد ازاں دونوں بچیوں نے کور کمانڈر لاہور کے ہمراہ یادگارِ شہدا پر مکمل پروٹوکول کے ساتھ حاضری دی اور پھولوں کی چادر بھی چڑھائی، اس موقع پر انہوں نے شہدا کو روایتی سلیوٹ بھی پیش کیا۔

    بعد ازاں اروبا اور جویریہ نے آرمی میوزیم کا دورہ بھی کیا اور کورکمانڈر نے انہیں دفتر میں بیٹھا کر بات چیت بھی کی۔ اس موقع پر آئی ایس پی آر کی جانب سے ویڈیو بھی شیئر کی گئی۔

    یاد رہے دسمبر 2017 میں آرمی چیف آف اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دو گھنٹے میں ہی پنجاب کے دارالحکومت میں واقع چلڈرن اسپتال میں داخل بچے کی خواہش پوری کی تھی۔

    لاہور کے چلڈرن اسپتال میں داخل نویں جماعت کے طالب علم احسن حسین نے آرمی چیف آف اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے مدد کی اپیل کی تھی، مذکورہ بچے نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا تھا جس میں اُس کا کہنا تھا کہ ’میں چلڈرن اسپتال میں داخل ہوں اور ڈاکٹرز کے مطابق میرا دل صرف 20 فیصد کام کررہا ہے‘۔

    مریض بچے نے اپیل کی تھی کہ ’میں وینٹی لیٹر پر ہوں اور ڈاکٹر نے دل کا ٹرانسپلانٹ کرنے کا مشورہ دیا ہے، اس کے اخراجات ہم برداشت نہیں کرسکتے، میں آپ سب کا انتظار کررہا ہوں‘۔

    بچے کا ویڈیو پیغام جاری ہوئے ابھی دو گھنٹے ہی ہوئے تھے کہ کورکمانڈر لاہور آرمی چیف کی ہدایت پر احسن سے ملنے اسپتال پہنچ گئے اور مریض کو فوری طور پر سی ایم ایچ لاہور منتقل کر کے بہترین علاج کی ہدایات دیں۔

    آرمی چیف کی ہدایت پر کور کمانڈر کی آمد کا سُن کر بچے اور اُس کے اہل خانہ کی آنکھیں خوشی سے بھر آئیں اور انہوں نے سپہ سالار کا تہہ دل سے شکریہ بھی ادا کیا تھا۔

  • ساہیوال : پاگل کتے کے کاٹنے سے چار بچوں کا باپ پاگل ہوگیا

    ساہیوال : پاگل کتے کے کاٹنے سے چار بچوں کا باپ پاگل ہوگیا

    لاہور : پنجاب کے ضلع ساہیوال میں بااثر زمیندار کے پاگل کتے کے کاٹنے کی وجہ سے چار بچوں کا والد پاگل ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق ساہیوال کے علاقے ڈیرہ رحیم کے رہائشی امین کو پاگل کتے نے کاٹا جس کے بعد اُسے  ٹیچنگ اسپتال منتقل کیا گیا البتہ ڈاکٹرز نے غفلت کا مظاہرہ کیا۔

    علاقہ مکین کے مطابق جب وہ امین کو اسپتال لے کر پہنچے تو ڈاکٹرز نے کہا کہ اُن کے پاس انجیکشن یا کوئی دوا نہیں اور پھر وہ مریض کو لے کر واپس گھر آگئے۔قریبی رشتے دار نے بتایا کہ امین کو گھر لانے کے بعد اُس کی طبیعت بہت زیادہ خراب ہوئی اور پھر وہ سب کو کاٹنے لگا جس کے بعد اُسے زنجیروں سے باندھنا پڑا۔

    نوجوان کا کہنا تھا کہ اسپتال لے کر گئے تو معلوم ہوا کہ امین اب مکمل پاگل ہوچکا اور اب اُس کا کوئی علاج بھی ممکن نہیں ہے۔ پاگل کتے کو علاقہ مکینوں نے مل کر ہلاک کیا تو  بااثر زمیندار نے الٹا اہل خانہ کے خلاف مقدمہ درج کروایا اور پنجائیت سے امین کے اہل خانہ کے خلاف فیصلہ کروایا۔

    علاقہ مکینوں نے بتایا کہ پاگل کتا بااثر زمیندار کا تھا جس کو مارنے پر اُس نے ڈیرہ رحیم ضلع ساہیوال تھانے میں مقدمہ درج کرایا اور پنجائیت نے کتے کے مرنے کے عوض پچاس ہزار روپے ادا کرنے کا حکم دیا۔

    امین کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ اُن کی تین بیٹیاں اور ایک معذور بیٹا ہے، وہ خود ٹی بی کی مریضہ ہیں اور بمشکل گزارا کرنا پڑتا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے بھینس فروخت کر کے پنجائیت کو 50 ہزار روپے جرمانہ ادا کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ خاوند کو رسیوں سے باندھ کر رکھا ہوا ہے، اگر اُسے کھولا جائے تو وہ کسی کو بھی کاٹ لیتا ہے۔  متاثرہ خاندان اور اہل علاقہ نے حکام سے انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بااثر زمیندار نے علاج و معالجے کے بجائے الٹا مقدمہ درج کراویا اور پچاس ہزار روپے بھی ہتھیا لیے، ہمیں فوری انصاف فراہم کیا جائے۔

  • مقصد کے ساتھ جینا ہی اصل جینا ہے: معروف موٹیویشنل اسپیکر قاسم علی شاہ کا خصوصی انٹرویو

    مقصد کے ساتھ جینا ہی اصل جینا ہے: معروف موٹیویشنل اسپیکر قاسم علی شاہ کا خصوصی انٹرویو

    پاکستان ایک زرخیز خطہ ہے، جس نے ہمیشہ ہی ایسے ہیروز پیدا کیے، جنھوں‌ نے ہزاروں زندگیاں تبدیل کیں، عبدالستار  ایدھی اور ادیب رضوی ایسی ہی شخصیات ہیں، ڈاکٹر رتھ فاؤ نے بھی جرمنی سے آ کر  یہی نیک کام کیا.

    ممتاز ٹرینر، پبلک اسپیکر اور مصنف جناب قاسم علی شاہ بھی ایسی ہی شخصیت ہیں، جو اپنی اساس میں ایک استاد ہیں، جنھوں نے ہزاروں زندگیوں کو اپنے الفاظ سے بہتر بنایا.

    قاسم علی شاہ قدرت اللہ شہاب کی کتاب اور شخصیت کو اپنے لیے رول ماڈل تصور کرتے ہیں، بانو قدسیہ کے ناول ’’راجہ گدھ‘‘ نے انھیں بہت متاثر کیا، اشفاق احمد کی صحبت سے فیض یاب ہوئے. ان کے مطابق اشفاق صاحب ایک گھنے اور پھل دار درخت تھے، وہ ایک مقناطیس تھے.

    قاسم علی شاہ کا کہنا ہے کہ اگر اللہ سو زندگیاں دے، تب بھی استاد بنیں گے، ان کے مطابق ہر قصبہ، ہر شہر میں ایک ہیرو کی ضرورت ہوتی ہے، مقصد کے ساتھ جینا اصل جینا ہے.

    سوشل میڈیا کو وہ ایک بڑا ہتھیار سمجھتے ہیں، جو انقلاب لاسکتے ہیں، یقین رکھتے ہیں کہ اس کی مزید افادیت سامنے آئے گی.

    ان کے نزدیک کامیاب ہونا آسان ہے، کامیاب رہنا مشکل ہے اور اوپر اٹھنا ہے، تو انسان کو جھکنا پڑتا ہے.

    ان کا مکمل انٹرویوز لنک میں ملاحظہ فرمائیں:

    https://www.facebook.com/arynewsud/videos/1971234006518651/

  • بھارت نے جنگ مسلط کی تو شہیدوں‌ کی مائیں فوج کے شانہ بشانہ ہوں گی، والدہ اے پی ایس شہید

    بھارت نے جنگ مسلط کی تو شہیدوں‌ کی مائیں فوج کے شانہ بشانہ ہوں گی، والدہ اے پی ایس شہید

    پشاور: سانحہ آرمی پبلک اسکول میں شہید ہونے والے طالب علم محمد یاسین کی والدہ نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم قربانی دے کر جنگ میں فتح حاصل کرنا جانتے ہیں، ہماری فوج نے چوڑیاں نہیں پہن رکھیں۔

    اپنے ویڈیو پیغام میں شہید کی والدہ کا کہنا تھا کہ ہم شہیدوں کی مائیں ہیں، اگر بھارت نے جنگ مسلط کی تو شہداء کی مائیں پاک فوج کے شانہ بشانہ ہوں گی۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ہم جانتے قربانی دے کرجنگ کیسےجیتی جاتی ہے، ہماری بہادر فوج نے چوڑیاں نہیں پہن رکھیں، اگر تھوڑی بہت بھی جارحیت ہوئی تو ہماری فوج بھارت کی سرزمین پر چڑھ کر وار کرے گی۔

    والدہ کا کہنا تھا کہ ملکی سلامتی کیلئےایک بیٹا قربان کر چکی ہوں، 2 بیٹیاں بھی قوم کے لیے قربانی دے سکتی ہیں، جب تک پاک سرزمین کی مائیں زندہ ہیں کوئی پاکستان کی طرف بری نگاہ سے نہیں دیکھ سکتا۔

    مزید پڑھیں: وزیر اعظم نے مسلح افواج کو کسی بھی بھارتی جارحیت کے بھرپور جواب کا اختیار دے دیا

    شہید محمد یاسین کی والدہ کا کہنا تھا کہ بھارت نےمیلی آنکھ سےدیکھا توپاک فوج کاہر سپاہی اُن کی اینٹ سےاینٹ بجادےگا،ہم بہادر قوم کے سپوت ہیں پیٹھ دکھا کر بھاگنے والے نہیں بلکہ دشمن کو منہ توڑ جواب دینا جانتے ہیں۔

    اُن کا مزید کہنا تھا کہ بھارت نے اگر جنگ کا اعلان کیا تو ہم وزیر اعظم کے کہنے پر جنگ میں حصہ لیں گے اور دشمن کو اچھی طرح سے سبق سکھائیں گے۔

  • کبھی شہرت کو سنجیدہ نہیں‌ لیا: ممتاز ادیب مستنصر حسین تارڑ‌ کا خصوصی انٹرویو

    کبھی شہرت کو سنجیدہ نہیں‌ لیا: ممتاز ادیب مستنصر حسین تارڑ‌ کا خصوصی انٹرویو

    کراچی: عہد ساز ادیب مستنصر حسین تارڑ‌ کا کہنا ہے کہ وہ اپنی ذات کے لیے لکھتے ہیں، لکھتے ہوئے کبھی شہرت کا دباؤ محسوس نہیں‌ ہوا، کیوں‌ کہ انھوں نے کبھی شہرت کو سنجیدہ نہیں‌ لیا.

    ان خیالات کا اظہار انھوں‌ نے کراچی میں اے آر وائی نیوز کی ویب سائٹ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا.

    مستنصر حسین تارڑ کا کہنا ہے کہ دیگر اصناف کے برعکس وہ ناول لکھتے ہوئے خود کو زیادہ مطمئن محسوس کرتے ہیں.

    انھوں نے اپنے عصروں سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اشفاق احمد کو پاکستانی ٹیلی ویژن کی تاریخ‌ کا سب سے بڑا ڈراما نگار قرار دیا. ان کا کہنا تھا کہ انتظار حسین کے بغیر اردو ادب کی تاریخ مکمل نہیں ہوسکتی. عبداللہ حسین کے پاس وہ تمام تجربات تھے، جو بڑے ادیب تخلیق کرنے کے لیے درکار ہوسکتے ہیں.

    انھوں نے روحی بانو کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کا خلا واقعی کبھی پورا نہیں ہوگا.

    مزید پڑھیں: ناول دھماکا نہیں کرتا، بلکہ آہستہ آہستہ قاری میں سرایت کر جاتا ہے: مستنصر حسین تارڑ

    ان کا اپنی تخلیقات سے متعلق کہنا تھا کہ ’’بہاؤ‘‘  جیسا ناول اب خود بھی نہیں لکھ سکتا، اپنا آخری ناول ’’منطق الطیر جدید‘‘ لکھتے ہوئے اسی تخلیق تجربے سے گزرا، جس سے بہاؤ کے وقت گزرا تھا۔

    تفصیلی انٹرویو ویڈیو میں ملاحظہ کیا جاسکتا ہے۔

    https://www.facebook.com/arynewsud/videos/554215328412841/

  • جب شیخ رشید نے سیٹیاں بجائیں

    جب شیخ رشید نے سیٹیاں بجائیں

    لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کے مزدوروں سے خطاب کے دوران مزدوروں نے سیٹیاں بجائیں تو وفاقی وزیر نے بھی ان کا ساتھ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق شیخ رشید نے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے مزدوروں کو 3 ہزار روپے تحفہ دینے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر مزدوروں نے خوشی سے سیٹیاں بجائیں تو شیخ رشید نے بھی ان کا ساتھ دیا۔

    شیخ رشید نے خوشی سے بے قابو مزدوروں کے ساتھ مل کر خوب سیٹیاں بجائیں۔

    اپنے خطاب کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ 2 مال گاڑیاں چلائی ہیں اور مزید کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، غریب مسافروں کو سہولت دینے کے لیے بھی اقدامات کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا تھا کہ ریلوے بجٹ اور ریلوے کے وسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے مزدوروں کی سہولت کے لیے بھی اقدامات کریں گے۔

    شیخ رشید نے مزید کہا تھا کہ 11 فروری شام 5 بجے وزیر اعظم تھل ایکسپریس کا افتتاح کریں گے، ’وعدہ کرتا ہوں پاکستان میں ریلوں کا جال بچھا دوں گا‘۔

  • کراچی میں رضاکارنے کتے کو گندے نالے میں ڈوبنے سے بچالیا، ویڈیو دیکھئے

    کراچی میں رضاکارنے کتے کو گندے نالے میں ڈوبنے سے بچالیا، ویڈیو دیکھئے

    کراچی: شہر قائد میں ایک رضا کار نے نالے میں گرے ہوئے کتے کے پلے کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے ڈوبنے سے بچا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے لسبیلہ میں پیش آیا جب ایک شہری نے نالے میں گرے ہوئے کتے کی نشاندہی چھیپا کے ایمرجنسی رسپانس سینٹر پر کی۔

    یہ ایمرجنسی رسپانس سنٹر شہر میں مریضوں کی بروقت اسپتال منتقلی کے لیے بنائے گئے ہیں، جہاں ایمبولنس اور اس کا ڈرائیور ہر وقت موجود رہتے ہیں۔

    شہری کی نشاندہی پر موقع پر موجود ایمبولینس ڈرائیور نے اپنی جان خطرے میں ڈالتے ہوئے نالے میں اتر کر کتے کے پلے کی جان بچانے کا فیصلہ کیا۔

    قریب تھا کہ یہ جانور ڈوب جاتا کہ چھیپا رضاکاربروقت گندے نالے میں اتر کر اس تک پہنچ گیا اور اس گندے نالے میں ڈوب کر مرنے سے بچا لیا۔

    واقعے کی ویڈیو موقع پر موجود شہریوں نے بنائی اور انہوں نے اس کا م کو ثواب قرار دیتے ہوئے ایمبولنس ڈرائیور کو بے پناہ سراہا۔

  • بس روکنے کا انوکھا انداز ۔ ۔ ویڈیو وائرل

    بس روکنے کا انوکھا انداز ۔ ۔ ویڈیو وائرل

    اگر آپ پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرتے ہیں تو اس بات سے بھی بخوبی واقف ہوں گے کہ بس کو روکنا کتنا مشکل ہوتا ہے مگر جہلم کے طالب علم نے انوکھے انداز سے بس کو روک لیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک نوجوان طالب علم اچانک درمیان سڑک پر آکر پش اپس لگا رہا ہے جس کے گرد اُس کے ساتھی بھی موجود ہیں۔

    اب تک موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق نوجوان کی شناخت ناصر کے نام سے ہوئی جو گورنمنٹ کالج جہلم میں گیارہویں جماعت کا طالب علم ہے۔

    کالج انتظامیہ نے ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے نوجوان کو ورننگ بھی دی۔

    طالب علم کے مطابق اُس کی ساتھیوں سے شرط لگی تھی کہ وہ جی ٹی روڈ پر پش اپس لگا کر ہی بس روک کر دکھائے گا جسے اُس نے پورا کردکھایا۔

  • موسمِ سرما میں گڑ کی مانگ میں اضافہ

    موسمِ سرما میں گڑ کی مانگ میں اضافہ

    زمانہ قدیم سے کھانے پینے کی اشیا میں مٹھاس شامل کرنے کے لیے گڑ کا استعمال کیا جاتا رہا ہے ، جدید دور میں چینی نے اس کی جگہ لے لی، لیکن اب ایک بار پھر گڑ کی مانگ میں اضافہ ہورہا ہے۔

    اب کی بار دیکھنے میں آیا ہے کہ گنے کے کاشت کار ا سے بیچنے کے بجائے اس کا گڑ بنا کر قریبی منڈیوں میں فروخت کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں ، جہاں یہ انسانی صحت کے لیے بہتر ہے ، وہیں کاشت کاروں کے لیے بھی یہ ایک نفع بخش سودا ہے۔

    آئیے دیکھتے ہیں گنے کا رس نکالنے سے لے کر منڈیوں تک  پہنچنے تک گڑ اپنی تیاری کے لیے کن کن مراحل سے گزر کر ہم تک پہنچتا ہے۔

  • کھانوں کا شوقین بھارتی جوڑا لاہور پہنچ گیا

    کھانوں کا شوقین بھارتی جوڑا لاہور پہنچ گیا

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر لاہور کے کھانے صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ پڑوسی ملک میں بھی مشہور ہیں، پنجاب کے کھانوں کا شوقین بھارتی جوڑا لاہور پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا گھومنے کے لیے نکلنے والا بھارتی نوجوان لاہور کے مقامی کھانوں سے لطف اندوز ہونے لاہور پہنچ گیا، وہ صرف لاہور کے کھانے کھانے کے لیے لاہور پہنچے ہیں۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز الماس خان کے مطابق مسز سجائے کا کہنا تھا کہ 118 ممالک گھوم کر آئے ہیں لیکن انہیں لاہور کا کھانا سب سے زیادہ اچھا لگا۔

    مسز سجائے کے مطابق لاہور کی مٹن اور مچھلی ہم نے کھائی جو بہت ہی زیادہ ذائقہ دار ہے کسی بھی ملک میں اس طرح کی مٹن اور مچھلی نہیں کھائی۔

    مذکورہ جوڑا صرف تین گھنٹے کے وزٹ پر لاہور پہنچا، خاتون کے شوہر کا کہنا تھا کہ ہم نے لاہور کے کھانوں کی تعریف سن رکھی تھی اس لیے شارٹ وزٹ پر اپنے لاہور کا انتخاب کیا۔

    یاد رہے کہ بھارت کے مشہور گلوکار ہنس راج ہنس بھی جب لاہور پہنچے تھے تو انہوں نے کہا تھا کہ دونوں ممالک کے عوام میں کوئی فرق نہیں ہے، لاہور کے کھانے بہت ہی مزیدار ہوتے ہیں۔