Category: ملٹی میڈیا

Audio and video stories from ARY News

اے آر وائی نیوز کی جانب سے آڈیو اور ویڈیو خبریں

  • صدرِمملکت عارف علوی کی غلاف کعبہ تیار کرتے ہوئے ویڈیو وائرل

    صدرِمملکت عارف علوی کی غلاف کعبہ تیار کرتے ہوئے ویڈیو وائرل

    مکہ المکرمہ: صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی ان دنوں سعودی عرب کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے امورِ مملکت نبٹانے کے ساتھ ساتھ غلافِ کعبہ کی تیاری میں بھی حصہ لیا۔

    ڈاکٹر عارف علوی کی ویڈیو اس وقت انٹرنیٹ پر وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ مکے کی الجود فیکٹری میں، جہاں غلاف کعبہ کی تیاری کا عمل سارا سال جاری رہتا ہے، کاریگروں کے ساتھ بیٹھ کر سونے کے تاروں سے غلاف ِ کعبہ پر نقش کاری کررہے ہیں۔

    یاد رہے کہ غلافِ کعبہ پر سونے کے تاروں سے انتہائی عمدگی کے ساتھ قرآنی آیات کڑھی جاتی ہیں اور اس کے لیے الجود نامی قوم کے افراد طویل عرصے سے یہ خدمت انجام دے رہے ہیں، اس غلاف کو کسوہ کہا جاتا ہے۔

    اس کام کے لیے بے پناہ مہارت کی ضرورت ہوتی ہے اور صدر مملکت عارف علوی یہ خد مت علامتی طور پر انجام دے رہے ہیں کہ ان کا شمار بھی ان افراد میں ہوجائے جنہوں نے اس متبرک غلاف کی تیاری میں حصہ لیا۔

    غلاف کعبہ کی لمبائی 50 فٹ اور چوڑائی 40 فٹ تک ہوتی ہے جب کہ اس تیاری پر ایک محتاط تخمینے کے مطابق 60 لاکھ ڈالر تک کی لاگت آتی ہے۔

    غلاف کعبہ کی تیاری کے لیے 30 سال قبل  نئی اور جدید مشینیں لگائی گئی  تھیں جس سے غلاف کعبہ میں مزید نفاست اور خوبصورتی کا اضافہ ہوا ہے۔

  • سابق وزیراعظم کے بیٹے کا کراچی میں چالان

    سابق وزیراعظم کے بیٹے کا کراچی میں چالان

    کراچی: شہرقائد میں ٹریفک پولیس نے بلاامتیاز کارروائی کی ایک اورمثال قائم کرتے ہوئے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کا چالان کردیا، موسی ٰ گیلانی نے پولیس کے موقف کو تسلیم کرتے ہوئے چالان ادا کیا ۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد کی مصروف ترین سڑک شاہراہ فیصل کے علاقے میٹروپول پر فینسی نمبر پلیٹ اور اندھے شیشے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں ملوث شہریوں کو جرمانے کیے گئے ۔

    اسی کارروائی کے دوران ٹریفک پولیس نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے موسیٰ گیلانی کو بھی اندھے شیشوں والی گاڑی کے ساتھ روک لیا اورا ن کا جرمانہ کردیا۔ گاڑی پر فینسی پلیٹ بھی لگی ہوئی تھی جس پر ’سابق وزیراعظم پاکستان ‘ کے الفاظ درج تھے۔

    موسی گیلانی سے بات کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ اچھا ہے قانون سب کے لیے برابر ہونا چاہیے ، گاڑی کے اندھے شیشوں پر ان کا کہنا تھا کہ ’ یہ گاڑی ان کی نہیں بلکہ کسی دوست کی ہے‘۔ جب ان سے فینسی پلیٹ کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ’وہ اس لیے لکھا ہے کہ جب والد کراچی آتے ہیں تو یہ گاڑی استعمال کرتے ہیں اور ابھی اس پر غلاف چڑھا ہوا ہے‘۔

    اس حوالے سے موقع پر موجود ایس ایس پی ٹریفک ساؤ تھ زون آصف بوگھیو نے کہا کہ یہ ایک اچھی مثال قائم ہورہی ہے کہ قانون بلا تفریق سب کے خلا ف حرکت میں آرہا ہے ، اس سے معاشرے پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے موسی ٰ گیلانی کے عمل کو بھی سراہا کہ انہوں نے خوشدلی سے چالان قبول کیا اور اب اسے جمع کراکر آگے اپنی منزل کی طرف جائیں گے ۔ تمام با اثر افراد کو اسی طرح قانون کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل بھی کراچی میں ایک ٹریفک اہلکار عرب سفارتی عملے کا چالان کرچکا ہے، جسے سوشل میڈیا پر بے پناہ پذیرائی ملی تھی اور حکومت کی جانب سے سراہا گیا تھا۔

  • مسئلہ چھپائیں نہیں، سامنے لائیں: غیرواضح جنس کے بچوں‌ کا علاج ممکن ہے

    مسئلہ چھپائیں نہیں، سامنے لائیں: غیرواضح جنس کے بچوں‌ کا علاج ممکن ہے

    لاہور:  غیر واضح جنس کے بچے خواجہ سراؤں کی زندگی گزارنے کے بجائے  عام زندگی کی سمت لوٹ سکتے ہیں.

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں سرگرم ایک طبی تنظیم ایسے بچوں‌ کو علاج کی سہولیات فراہم کر رہی ہے، جس سے وہ خواجہ سرا بننے کے بجائے عام زندگی کی سمت لوٹ سکتے ہیں.

    بس، ضرورت اس امر کی ہے کہ والدین ایسے بچوں کو چھپانے کے بجائے سامنے لائیں‌اور ان کا علاج کروائیں.

  • پشاور: دو خواتین اراکین اسمبلی کا چالان

    پشاور: دو خواتین اراکین اسمبلی کا چالان

    پشاور: خیبرپختونخواہ کے محکمہ پولیس نے قانون کی خلاف ورزی کرنے پر دو خواتین اراکین اسمبلی کی گاڑی کا چالان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں واقع رنگ روڈ پر ڈیوٹی دینے والے ٹریفک پولیس اہلکاروں نے قانون کی خلاف ورزی کرنے پر ایک گاڑی کو روکا جس میں دو خواتین صوبائی اراکین اسمبلی بھی موجود تھیں۔

    پولیس حکام کے مطابق گاڑی خاتون رکن اسمبلی کے شوہر چلا رہے تھے اور انہوں نے ڈرائیونگ کے دوران سیٹ بیلٹ نہیں باندھی ہوئی تھی۔

    مزید پڑھیں: لاہور: تیز رفتاری پر موٹروے پولیس نے سعد رفیق کا چالان کردیا

    گاڑی میں رکن صوبائی اسمبلی فلک ناز اور اُن کی ساتھی بیٹھی تھیں جنہوں نے اپنا تعارف کروایا مگر فرض شناس اہلکار نے قانون کی خلاف ورزی کرنے پر 200 روپے کا چالان کاٹ دیا۔

    پولیس حکام کے مطابق پشاور کے رنگ روڈ پر اب تک قانون کی خلاف ورزی کرنے والے 50 پارلیمنٹیرین کے چالان کیے جاچکے ہیں۔

  • ساہیوال: بچے کو ایک گھنٹے بعد زندہ نکال لیا گیا

    ساہیوال: بچے کو ایک گھنٹے بعد زندہ نکال لیا گیا

    ساہیوال: ریسکیو اہلکاروں نے ایک گھنٹے کی طویل جدوجہد کے بعد ٹیوب ویل کے گڑھے میں گرے بچے کو زندہ نکال لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ساہیوال کے علاقے میں چار سال کا بچہ ٹیوب ویل کے لیے کھودے جانے والے 10 انچ چوڑے اور 12 فٹ گہرے گڑھے میں اچانک گر گیا تھا۔

    بجے کے گرنے کی اطلاع علاقہ مکینوں کو ملی تو انہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت اُسے نکالنے کی کوشش کی مگر کامیابی نہ مل سکی اُس کے بعد ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے جدوجہد شروع کی۔

    اہلکاروں نے گڑھے میں سریے کے اگلے حصے کو موڑ کر ڈالا اور اُس میں بچے کی قیمص کو پھنسا کر اوپر کھینچنا شروع کیا، کافی دیر جدوجہد کے بعد بچے کو باحفاظت زندہ نکال لیا گیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سرعام کے جانباز نے واقعے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اقرار الحسن کو بتایا کہ اُس نے ریسکیو اہلکاروں کے ساتھ مل کر بچے کی جان بچائے۔

    اقرار الحسن نے سرعام کے جانباز کو شاباش دیتے ہوئے انسانیت کے جذبے کو جاری رکھنے کا مشورہ بھی دیا۔

  • پولیس کا ہے فرض مدد آپ کی: کراچی پولیس نے گمشدہ موبائل فون مالک تک پہنچادیا

    پولیس کا ہے فرض مدد آپ کی: کراچی پولیس نے گمشدہ موبائل فون مالک تک پہنچادیا

    کراچی: شہر قائد میں پولیس نے بھاری مالیت کا فون مالک تک پہنچا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شیرشاہ میں پولیس کو دوران گشت ہوٹل کے قریب سام سنگ موبائل مالیت تقریبا 35 ہزار روپے سڑک پر ملا، اہلکاروں نے آدھے گھنٹے کے اندر اس کے مالک کو تلاش کرکے باحفاظت موبائل فون اس کے حوالے کردیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس آفیسر نے شہری کو موبائل فون دینے سے قبل اس سے معلومات لیں اور پھر شہری کے حوالے موبائل کیا۔

    موبائل فون ملنے پر شہری نے پولیس افسران کا شکریہ ادا کیا۔

  • عمر رسیدہ خاتون نے ڈیم فنڈ میں‌ پینشن کی رقم عطیہ کردی

    عمر رسیدہ خاتون نے ڈیم فنڈ میں‌ پینشن کی رقم عطیہ کردی

    ملتان: عمر رسیدہ خاتون نے دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کے لیے اپنی پینشن کی ایک لاکھ روپے رقم عطیہ کردی۔

    تفصیلات کے  مطابق ملتان سے تعلق رکھنے والی بزرگ خاتون نے جمع ہونے والی پینشن میں سے ایک لاکھ روپے کی خطیر رقم ڈیم فنڈ میں دی۔ اُن کا کہنا تھا کہ ’میں نے پیسے اپنے ملک کے لیے جمع کرائے‘۔

    دیامربھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے قائم فنڈ میں اب تک اسٹیٹ بینک و دیگر و نجی بینکوں سمیت دیگر سرکاری و پرائیوٹ اداروں کے ملازمین اور عوام نے کروڑوں روپے عطیہ کیے جس کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

    مزید پڑھیں: ڈیم فنڈ : سی ای او اے آر وائی سلمان اقبال نے ایک لاکھ ڈالرکا چیک چیف جسٹس کو پیش کردیا

    قومی بینک دولت (اسٹیٹ بینک) کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق پاکستانیوں نے فراخ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈ کے ذریعے ڈیم فنڈ میں اب تک چھ ارب چھیاسٹھ کروڑ چار لاکھ 12 ہزار 500 روپے عطیہ کیے۔

    سپریم کورٹ کی جانب سے قائم کیے جانے والے ڈیم فنڈ میں اب تک پاک فوج کی جانب سے سب سے زیادہ 58 کروڑ سے زائد کی رقم جمع کرائی گئی جبکہ اے آر وائی کے سی ای او سلمان اقبال نے بھی ایک لاکھ ڈالر کی خطیر رقم عطیہ کی۔

    ڈیم فنڈ کھولنے کا حکم

    یاد رہے کہ 6 جولائی کو کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے متعلق ہونے والی سماعت میں چیف جسٹس آف پاکستان نے پانی کی قلت کو دور کرنے کے لیے فوری طور پر دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کے احکامات اور فنڈز قائم کرنے کا حکم بھی جاری کیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: ڈیم فنڈ کے نام پر ریلوے مسافروں سے زائد رقم وصولی کا انکشاف

    چیف جسٹس آف پاکستان کی ہدایت پر کھولے جانے والے ڈیم فنڈ میں ہر پاکستانی اپنی استطاعت کے مطابق حصہ لے رہا ہے جبکہ بہت سے صارفین موبائل میسج کے ذریعے 10 روپے کی رقم بھی عطیہ کررہے ہیں۔

    فنانس ڈویژن نے ایک قدم مزید اور بڑھاتے ہوئے دیامربھاشا ڈیم فنڈز قائم کرنے کیلئے مختلف اداروں کو خط ارسال کیا تھا، جس میں آڈیٹر جنرل، کنٹرولرجنرل اکاؤنٹس، اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان اور دیگر اداروں کے حکام سے لوگوں کی رقوم اسٹیٹ بینک اورنیشنل بینک کی برانچزمیں جمع کرانے کا انتظامات کے حوالے سے اقدامات کرنے کا کہا گیا تھا۔

    سیکیورٹی ایکسچینج آف پاکستان نے ڈیمز کی تعمیر کے حوالے سے 14 جولائی کو اہم فیصلہ کرتے ہوئے سرکلر جاری کیا تھا جس میں تمام رجسٹرڈ کمپنیوں کو کمرشل سماجی ذمہ داری کے تحت ڈیموں کی تعمیر میں عطیات دینے کی ہدایت کی گئی تھی۔

    اسے بھی پڑھیں: پیرس میں ڈیم فنڈ ریزنگ تقریب: اوورسیز پاکستانیوں نے دو لاکھ یورو چندہ دیا

    دیامربھاشا اورمہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے قائم  فنڈ میں اب اسٹیٹ بینک و دیگر و نجی بینکوں سمیت دیگر سرکاری و پرائیوٹ اداروں کے ملازمین اور عوام نے کروڑوں روپے عطیہ کیے جس کا سلسلہ جاری ہے۔

  • مشن پرواز: فخر عالم دنیا کا چکر لگاتے ہوئے کراچی پہنچ گئے

    مشن پرواز: فخر عالم دنیا کا چکر لگاتے ہوئے کراچی پہنچ گئے

    کراچی: پاکستان کا نام روشن کرنے کے لیے معروف گلوکار فخرعالم پوری دنیا کا چکر لگانے کے مشن پروازمیں کراچی پہنچ گئے ہیں، یہاں انہوں نے اس موقع پر گورنرسندھ سے بھی خصوصی ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق فخر عالم ان دنوں مشن پرواز پر ہیں اور اسی سلسلے میں دبئی سے آج کراچی پہنچے ہیں ۔ اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل اور ان کے درمیان خصوصی ملاقات کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

    گورنر سندھ عمران اسماعیل نے معروف گلوکار کی اس کاوش کوسراہتے ہوئے کہا کہ ’فخر عالم پورے ملک کا فخر ہیں، ہمیں ان کی اس کاوش پر فخر ہے‘۔

    فخر عالم نے مشن پرواز کا آغاز امریکی ریاست فلورویڈا سے 10 اکتوبر کو کیا تھا ۔ انہیں چھ اکتوبر کو اپنے اس مشن پر روانہ ہونا تھا تاہم جہاز میں پیدا ہونے والی تکنیکی خرابی کے سبب وہ مقررہ تاریخ کو اڑان نہیں بھر سکے اور چار روز کی تاخیر سے اس مشن کاا ٓغاز ہوا۔

    اس مشن کے دوران فخر عالم خود جہاز اڑا کر پوری دنیا کا چکر لگائیں گے۔ ان کا یہ سفر 28 دنوں پر مشتمل ہو گا جس میں وہ 25 ممالک کے31 شہروں سے ہوتے ہوئے گزریں گے ۔

    اے آروائی نیوز کے لیے خصوصی پیغام میں انہوں نے ہمارے ناظرین کو بتایا کہ وہ پلاٹیس پی سی 12 نامی طیارے میں دنیا بھر کا سفر طے کریں گے، انہوں نے اپنے ساتھ طیارے میں دو ٹیڈی بیئر بھی رکھے ہوئے ہیں جن سے تعارف کراتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ان کے نام جوجو اور ٹوٹو ہیں اور ’مشن پرواز‘ کے اختتام پر وہ یہ اپنے بیٹے اور بیٹی کو تحفے میں دیں گے۔

    یہ جہاز سوئزرلینڈ ساختہ ہے اور اس میں ایک انجن ہوتا ہے، عموماً یہ جہاز بزنس مقاصد میں استعمال ہوتا ہے تاہم امریکا کی ایئر فور س کے استعمال میں بھی ہے جبکہ آسٹریلیا میں فلائنگ ڈاکٹر سروس کے لیے بھی اس طیارے کا استعمال کیا جاتا ہے۔ اس طیارے کی تعمیر سنہ 1991 میں شروع ہوئی تھی اور تب سے اب تک یہ ایک محفوظ طیارہ سمجھا جاتا ہے۔

    فخرِعالم اپنے جہاز کے ہمراہ

    فخر عالم نے یہ بھی بتایا کہ امریکی اور روسی قونصل خانہ نے ویزا جاری کرنے میں کافی تعاون کیا جس کے لیے وہ ان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے دوست کرٹ رائے کاشکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جواس مشن میں تسلسل سے معاونت فراہم کررہے ہیں۔

    واضح رہے کہ تین سال قبل 2015 میں فخرعالم کو امریکا میں پرائیوٹ پائلٹ لائسنس ملا تھا، فخر کا بچپن کا خواب تھا کہ وہ خود جہاز اُڑا کر پوری دنیا کا چکر لگائیں۔

    دنیا کاچکر لگانے کی تاریخ


    یاد رہے کہ سب سے پہلے دنیا کا چکر لگانے کا تصور فرانسیسی مصنف جیولز ورنے کے ناول ’اراؤنڈ دی ورلڈ ان ایٹی ڈیز‘ سے منظرِ عام پر آیا تھا۔ یہ ناول 1873 میں شائع ہوا تھا اور اس کے بعد کئی افراد نے دنیا کا چکر لگانے کی کوشش کی جن میں سے بہت سے کامیاب بھی ہوئے۔

    کہا جاتا ہے کہ اس ناول کا آئیڈیا ایک امریکی شہری ولیم پیری فوگ کے تین سال پر محیط دنیا کے سفر کے دوران لکھے گئے خطوط سے لیا گیا تھا۔ اسی لیے ناول کے مرکزی کردار کا نام بھی فلیس فوگ رکھا گیا تھا۔

    اس سے بھی بہت عرصہ قبل یعنی دوسری صدی بعد ِ مسیح میں ایک یونانی سیاح اور جغرافیہ داں پوسانیاس نے دنیا کا سفر کیا تھا اور ایک سفر نامہ بھی مرتب کیا تھا ۔

  • انڈونیشیا میں سونامی آنے سے چند لمحے پہلے کی ویڈیو

    انڈونیشیا میں سونامی آنے سے چند لمحے پہلے کی ویڈیو

    گزشتہ ہفتے انڈونیشیا میں سونامی نے تباہی مچادی تھی ، وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی اور ہزارو ں افراد لاپتہ ہوگئے، سونامی سے چند لمحے قبل کی یہ ویڈیو آپ کے دل کی دھڑکنیں روک دے گی۔

    کیا ہوتا ہے جب بپھرا ہوا سمندر اپنی حدود سے چیختا چنگھاڑتا باہر آجاتا ہے اور راستے میں آنے والی ہر چیز کسی تنکے کی طرح پانی کے ریلے میں بہنے لگتی ہے ، سونامی آنے سے چند سیکنڈ پہلے اور اس کے بعد کی ویڈیو دیکھئے۔

    حکومتی ترجمان کا کہنا تھا کہ سونامی کے نتیجے میں انڈونیشیا کے دو جزیرے سولاویسی اور شہر پالو کے ہزاروں رہائشی افراد متاثر ہوئے اور اس کی وجہ سے سیکڑوں گاؤں بھی تباہ ہوگئے۔

    ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی کہ 5 ہزار سے زائد افراد کا ابھی تک کچھ پتہ نہیں چل سکا جن کے بارے میں امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ وہ شاید تباہ کاریوں کے نتیجے میں ہلاک ہوگئے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ گمشدہ افراد کی تعداد ابتدائی شکایات موصول ہونے کے بعد سامنے آئی البتہ ابھی حکومت متاثرہ شہروں میں شکایتی مراکز قائم کرے گی تاکہ تباہ کاریوں کا اندازہ ہوسکے۔

    یاد رہے کہ  چار روز قبل انڈونیشیا کے جزیرے سولاویسی اور شہر پالو میں شدید نوعیت کا زلزلہ آیا تھا جس کے بعد سمندر بھی بپھر گیا تھا اور اور پھر طوفان آیا تھا جس کی زد میں آکر اب 1500 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔

    سونامی کے نتیجے میں 70 ہزار سے زائد عمارتیں زمین بوس ہوگئیں تھی، زلزلے کے بعد آنے والے آفٹر شاکس کے بعد سمندر سے 10 ، 10 فٹ اونچی لہریں بنی تھیں جس کا پانی مختلف علاقوں میں داخل ہوگیا تھا۔

  • غفارذکری کی ہلاکت، کراچی پولیس اب کیا کرےگی؟

    غفارذکری کی ہلاکت، کراچی پولیس اب کیا کرےگی؟

    لیاری گینگ وار کا اہم کردار غفار ذکری آج علی محمد محلےمیں ہونے والے پولیس مقابلے میں مارا گیا ہے، تین پولیس اہلکار بھی اس مقابلے میں زخمی ہوگئے ہیں، اس حوالےسے ڈی آئی جی پولیس کا کہنا ہے کہ یہ نام خوف کی علامت تھے جو اپنے انجام کو پہنچے۔

    اس حوالے سے ڈی آئی جی پولیس جاوید عالم اوڈھو کا کہنا تھا کہ طویل عرصے سے دہشت گردوں کی بیخ کنی جاری ہے اور اب کوئی بھی گینگ آپریشنل نہیں ہے، پرانے ناموں میں سے یہ آخری نام تھا جو کیفر کردار تک پہنچا۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ گینگ کی ورکنگ ختم ہوچکی ہے ، اب کوئی بھتہ نہیں لے رہا ، نہ ہی ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ اب چل رہا ہے ، بس یہ نام خوف کی علامت تھےجنہیں ختم کیا گیا ہے۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان لوگوں کے سبب لیاری ایک خوف کی فضا تھی ، حال یہ تھا کہ غفار جہاں رہ رہا تھا وہاں ارد گرد سے کسی نے اطلاع دینے کی ہمت نہیں کی ، غفار کی ہلاکت سے یہ باب ختم ہوگیا اور اب ہماری کوشش ہوگی کہ کوئی ایسا نام پیدا نہ ہوسکے۔

    جاوید اوڈھو کے مطابق پولیس کا اگلا ٹاسک یہ ہے کہ عوام کے ذہنوں سے خوف ختم کرنا ہے تاکہ وہ ایسے کسی کردار کی موجودگی کی اطلاع پولیس یا رینجرز کو دے سکیں، تاکہ کراچی کے شہری جو آزاد ہوا میں سانس لے رہے ہیں یہ ماحول قائم رہے۔

    لیاری گینگ وار کے پانچ بڑے کرداروں میں سے یہ چوتھا بڑا کردار ہےجو مارا جاچکا ہے جبکہ پانچواں شخص عذیر بلوچ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تحویل میں ہے۔

     اس کے باوجود بھی کراچی میں ابھی جرائم کا سلسلہ ختم نہیں ہوا، سی پی ایل سی کے مطابق رواں سال اب تک 24 ہزار موبائل فون اور 20 ہزار موٹر سائیکلیں چھینی گئی ہیں۔

    اس حوالے سے ڈی آئی جی جاوید کا کہنا تھا کہ شہر میں سے سنگین جرائم کا خاتمہ ہوچکا ہے ، اور اب جرائم پیشہ افراد اپنےگزر اوقات کے لیے چھوٹے کرائم کررہے ہیں۔ پولیس نے ان پر بھی کام کردیا ہے اور گزشتہ دو ہفتے میں اسٹریٹ کرائم کی شرح میں بے حد کمی آئی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد ہی کراچی جرائم سےپاک شہر ہوگا۔