Category: پاکستان

پاکستان اردو نیوز

ملک پاکستان میں اے آر وائی نیوز کی جانب سے آنے والی تازہ ترین خبریں

Pakistan Urdu News- Daily Pak Urdu News

  • ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس کی سماعت کیلئے بننے والا نیا بینچ بھی ٹوٹ گیا

    ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس کی سماعت کیلئے بننے والا نیا بینچ بھی ٹوٹ گیا

    اسلام آباد :   میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس کی سماعت کیلئے بننے والا نیا بینچ بھی ٹوٹ گیا، جس کے بعد معاملہ لارجر بینچ کو بھیج دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی صحت اور وطن واپسی کے حوالے سے دائر درخواست پر سماعت کے لیے تشکیل دیا گیا اسلام آباد ہائی کورٹ کا نیا بینچ ٹوٹ گیا۔

    جسٹس انعام امین منہاس نے معاملہ لارجر بینچ کو بھجوا دیا ہے ، سماعت کے دوران درخواست گزار کی وکیل عمران شفیق ایڈوکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ کیس پیچیدہ ہو چکا ہے۔

    جس پر جسٹس انعام امین منہاس نے کہا کہ معاملہ پیچیدہ نہیں، البتہ “ماسٹر آف روسٹر” کے حوالے سے مختلف آرا سامنے آئی ہیں، چیف جسٹس ماسٹر آف روسٹر ہیں جبکہ دوسری رائے اس کے برعکس ہے، اس لیے یہ معاملہ لارجر بینچ طے کرے گا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل یہ کیس جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان کی عدالت میں زیر سماعت تھا، جہاں وزیراعظم اور کابینہ کے ارکان کو عدالتی حکم عدولی پر توہین عدالت کے نوٹس جاری کیے گئے تھے۔

    بعد ازاں جسٹس سردار اعجاز اسحاق سے تمام سنگل بینچ کیسز واپس لے لیے گئے اور انہیں ٹیکس کیسز کے لیے بنائے گئے اسپیشل ڈویژن بینچ میں شامل کر دیا گیا تھا، جبکہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس جسٹس انعام امین منہاس کو منتقل کیا گیا تھا۔

    اب عدالت نے لارجر بینچ کی تشکیل کے لیے فائل چیف جسٹس کو ارسال کر دی ہے۔

  • منظور شدہ رہائشی منصوبے منسوخ، سرمایہ کاروں کے لیے بڑی خبر

    منظور شدہ رہائشی منصوبے منسوخ، سرمایہ کاروں کے لیے بڑی خبر

    پشاور : خیبرپختونخوا میں لینڈ یوز ریگولیشن 2024 سے قبل منظور شدہ رہائشی اور تجارتی منصوبے کالعدم قرار دے دیئے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں مقررہ مدت میں تعمیر اتی کام شروع نہ کرنیوالے تمام رہائشی و تجارتی نقشے منسوخ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    خیبرپختونخوا لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے لینڈ یوز ریگولیشن 2024 سے قبل منظور شدہ تمام رہائشی اور تجارتی منصوبے کالعدم قرار دے دیے ہیں اور اس حوالے سے ڈی جی لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔

    مراسلے میں کہا گیا کہ وہ منصوبے جن پر اب تک تعمیراتی کام کا آغاز نہیں کیا گیا، ان کے نقشے منسوخ تصور ہوں گے۔ تمام کمرشل منصوبوں کے لیے نئی منظوری لازمی قرار دی گئی ہے، جبکہ تعمیر شروع کرنے سے قبل ہر ضلع میں نقشے ازسرِ نو منظور کرانا ہوں گے۔

    مزید پڑھیں : اسلام آباد میں رہائشی منصوبوں میں فراڈ کا شکار متاثرین کو رقوم کی ادائیگی

    ڈائریکٹر انفورسمنٹ نے تمام افسران کو ہدایت کی ہے کہ نئی درخواستیں صرف اپڈیٹڈ قواعد و ضوابط کے مطابق ہی قبول کی جائیں۔

    مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ مکمل دستاویزات اور قانونی تقاضوں کی عدم تکمیل کی صورت میں کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • شیر کشمیر سید علی شاہ گیلانی کی چوتھی برسی ، مقبوضہ وادی میں شٹر ڈاؤن ہڑتال

    شیر کشمیر سید علی شاہ گیلانی کی چوتھی برسی ، مقبوضہ وادی میں شٹر ڈاؤن ہڑتال

    سری نگر : شیر کشمیر حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی کی چوتھی برسی کے موقع پر مقبوضہ وادی میں شٹرڈاؤن ہڑتال ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی کی چوتھی برسی آج منائی جارہی ہے، اس موقع پر وادی بھر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے۔

    مظفرآباد میں برہان وانی چوک پر حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی کی برسی کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی، جس میں مرحوم کی تحریکِ آزادی کشمیر کے لیے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

    سید علی گیلانی 1929 میں ضلع بانڈی پورہ کے گاؤں زڑی منج میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم مسجد وزیر خان سے ملحقہ مدرسے میں حاصل کی جبکہ لاہور کے اورینٹل کالج سے بھی تعلیم حاصل کی, وہ اخبارات میں صحافت اور مختلف تعلیمی اداروں میں تدریسی فرائض بھی سرانجام دیتے رہے۔

    سیاسی میدان میں وہ نیشنل کانفرنس، جماعت اسلامی اور تحریک حریت کے رکن رہے۔ 1972، 1977 اور 1987 میں مقبوضہ کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ 1993 میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کی بنیاد رکھی اور 1998 سے 2006 تک تین مرتبہ چیئرمین منتخب ہوئے۔ 2015 میں انہیں تاحیات چیئرمین بنایا گیا۔

    سید علی گیلانی نے اپنی زندگی کے آخری گیارہ سال بھارتی حکومت کے حکم پر نظر بندی میں گزارے، ان کا پاسپورٹ 1981 سے ضبط رکھا گیا۔ یکم ستمبر 2021 کو وہ سرینگر کے علاقے حیدرپورہ میں وفات پا گئے۔ ان کی وفات کی خبر پر بھارتی حکومت نے وادی بھر میں کرفیو نافذ کر دیا اور انٹرنیٹ و ذرائع ابلاغ معطل کر دیے۔ ان کے جسد خاکی کو پاکستانی پرچم میں لپیٹ کر سپردِ خاک کیا گیا۔

    سید علی گیلانی کشمیر کے پاکستان سے الحاق کے بڑے حامی تھے اور عمر بھر بھارتی فوج کے مظالم، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور تحریکِ آزادی کے لیے آواز بلند کرتے رہے۔ انہوں نے تحریکِ آزادی پر 21 سے زائد کتب تصنیف کیں جن میں رودادِ قفس، نوائے حریت، صدائے درد، ملتِ مظلوم اور پیام آخرین شامل ہیں۔

    تحریکِ آزادی کشمیر میں ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان نے انہیں اعلیٰ ترین سول اعزاز "نشانِ پاکستان” سے نوازا۔ قومی اسمبلی میں ان کی غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کی گئی اور ملک بھر میں قومی پرچم سرنگوں کیا گیا۔

  • اقوام متحدہ نے پاکستان میں سیلاب سے متعلق ابتدائی رپورٹ تیار کر لی

    اقوام متحدہ نے پاکستان میں سیلاب سے متعلق ابتدائی رپورٹ تیار کر لی

    اسلام آباد (01 ستمبر 2025): اقوام متحدہ نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات سے متعلق ابتدائی رپورٹ تیار کر لی۔

    سیلاب کے نقصانات سے متعلق رپورٹ یو این او سی ایچ اے کی تیار کردہ ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ یو این او سی ایچ اے نے رپورٹ حکومت پاکستان کو بھجوا دی ہے، جو 26 جون سے 30 اگست تک ہونے والے نقصانات پر مشتمل ہے۔

    رپورٹ کے مطابق 26 جون تا 30 اگست سیلاب سے 829 اموات ہوئیں، اور 1116 افراد زخمی ہوئے، اس دوران سیلاب سے 8975 گھروں کو نقصان پہنچا، اور 6138 مویشی ہلاک ہوئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 26 جون تا 30 اگست سیلاب سے 655 کلومیٹر سڑکوں، اور 238 پلوں کو نقصان پہنچا، خیبرپختونخوا میں 432، آزاد کشمیر میں 201 کلو میٹر شاہرات کو نقصان پہنچا، گلگت بلتستان میں 17.6، بلوچستان میں 3.6 کلو میٹر شاہرات کو سیلاب سے نقصان پہنچا، آزاد کشمیر 94، جی بی 87، کے پی 52، اسلام آباد 3 پلوں کو نقصان ہوا۔

    ممکنہ سیلاب کا خدشہ ، سندھ کے حساس اضلاع کیلئے امدادی سامان روانہ

    سیلاب سے خیبرپختونخوا میں 5406 مویشی، آزادکشمیر میں 237 مویشی، سندھ میں 231، پنجاب میں 121، جی بی میں 67، بلوچستان میں 22 مویشی ہلاک ہوئے۔

    سیلاب سے کے پی میں 4659 گھروں، آزادکشمیر میں 2010 مکانات، گلگت بلستان میں 1253، بلوچستان 671، پنجاب میں 226، سندھ میں سیلاب سے 91، اور اسلام آباد میں 65 مکانات کو نقصانات پہنچا۔

    رپورٹ کے مطابق کے پی میں سیلاب سے 479 اموات ہوئیں، اور 350 زخمی ہوئے، اسلام آباد میں سیلاب سے 8 اموات، 3 شہری زخمی، پنجاب میں 191 اموات، 599 زخمی، سندھ میں 57 اموات، 78 زخمی، بلوچستان میں 24 اموات، 5 زخمی، جی بی میں 41 اموات، 52 زخمی، اور آزاد کشمیر میں سیلاب سے 29 اموات، 28 زخمی ہوئے۔

  • بھارت کیخلاف شاندار فتح کی یاد میں  ’’معرکہ حق ‘‘ یادگار کی تعمیر کا آغاز

    بھارت کیخلاف شاندار فتح کی یاد میں ’’معرکہ حق ‘‘ یادگار کی تعمیر کا آغاز

    اسلام آباد : بھارت کیخلاف شاندار فتح کی یاد میں ’’معرکہ حق ‘‘یادگار کی تعمیر کا آغاز کردیا گیا، یادگار کا تھیم قرآن پاک کی آیت "بنیان مرصوص” سے لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کے خلاف شاندار فتح کی یاد میں اسلام آباد کے سیکٹر ایچ-8 میں قومی یادگار ’’معرکہ حق‘‘ کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا۔ یہ یادگار زیرِ استعمال پارک میں تعمیر کی جارہی ہے جسے جدید اور پرکشش عوامی مقام میں تبدیل کیا جائے گا۔

    یادگار کا تھیم قرآن پاک کی آیت "بنیان مرصوص” سے لیا گیا ہے جس کا مفہوم "سیسہ پلائی ہوئی دیوار” ہے۔ یہ علامت قوم کے اجتماعی غیر متزلزل عزم اور اتحاد کو ظاہر کرتی ہے۔

    منصوبے کے ڈیزائن اور تعمیر کی ذمہ داری فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کو سونپی گئی ہے جبکہ کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے یادگار کے لیے مختص جگہ ایف ڈبلیو او کو فراہم کر دی ہے۔ وزیراعظم کی خصوصی ہدایت اور حکومتی مالی معاونت سے منصوبے پر عملی کام شروع کر دیا گیا ہے۔

    وزیراعظم نے 13 اور 14 اگست کی درمیانی شب اس یادگار کے ڈیزائن کی نقاب کشائی کی تھی، منصوبے پر تیزی سے عمل درآمد جاری ہے جبکہ تعمیر میں عالمی معیار کے مٹیریل اور اعلیٰ بین الاقوامی تعمیراتی تقاضوں کو مدنظر رکھا جا رہا ہے۔

    ’’معرکہ حق‘‘ یادگار کا مقصد قومی اتحاد و یکجہتی کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے، جو عوامی شعور، فخر اور اجتماعی قربانیوں کی علامت کے طور پر سامنے آئے گی۔ یہ یادگار اسلام آباد کے منظرنامے میں باوقار قومی اضافہ اور قوم کے اتحاد کا مظہر ہوگی۔

  • سیلاب کا بڑا ریلا آج ملتان میں داخل ہونے کا امکان، انتظامیہ، فوج اور ریسکیو ادارے الرٹ

    سیلاب کا بڑا ریلا آج ملتان میں داخل ہونے کا امکان، انتظامیہ، فوج اور ریسکیو ادارے الرٹ

    لاہور : ملتان کی حدود میں آج آٹھ لاکھ کیوسک کا بڑا سیلابی داخل ہونے کا امکان ہے، جس سے پیش نظر انتظامیہ، فوج اور ریسکیو ادارے الرٹ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے دریائے چناب میں آبی جارحیت جاری ہے، سلال ڈیم کے تمام گیٹ کھولنے کے بعد دریائے چناب میں آٹھ لاکھ کیوسک پانی چھوڑ دیا گیا، جس کے باعث پنجاب کے نشیبی علاقے شدید سیلابی صورتحال سے دوچار ہوگئے ہیں۔

    فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریائے چناب میں ہیڈ تریموں پر پانی کا بہاؤ پانچ لاکھ پچاس ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا جو انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کے زمرے میں آتا ہے۔

    آج شام تک یہ ریلا ملتان کی حدود میں داخل ہوگا، کمشنر ملتان کا کہنا ہے کہ ملتان میں چالیس ہزار کیوسک کا ریلا داخل ہوچکا ہے جب کہ آج دریائے چناب میں ملتان سے تقریباً آٹھ لاکھ کیوسک کا ریلا گزرنے کا خدشہ ہے۔

    کمشنر ملتان کا کہنا تھا کہ ہیڈ تریموں سے سات لاکھ کیوسک اور دریائے راوی سے نوے ہزار کیوسک پانی ملتان میں داخل ہوگا، ہیڈ محمد والا کی گنجائش دس لاکھ کیوسک ہے تاہم ضرورت پڑنے پر ہیڈ محمد والا پر شگاف ڈالا جائے گا۔ ملتان میں مشنریز پنچا دی گئی ہیں، انتظامیہ،فوج اور ریسکیو ادارے الرٹ ہیں۔

    دریائے راوی میں بھی صورتحال تشویشناک ہے۔ ہیڈ بلوکی پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ باسٹھ ہزار کیوسک جبکہ ہیڈ سدھنائی پر بہاؤ نواسی ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا، دونوں مقامات پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ جسڑ کے مقام پر نچلے درجے اور شاہدرہ پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔

    دوسری جانب دریائے ستلج میں بھی پانی کی سطح بلند ہے۔ اوکاڑہ کے ماڑی پتن کے مقام پر دو لاکھ 15 ہزار کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے جس سے 35 دیہات زیرِ آب آگئے ہیں۔ سید والا ننکانہ روڈ ٹریفک کے لیے بند ہو گئی ہے اور کئی دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔

    بہاولپور میں ستلج ایمپریس برج کے قریب زمیندارہ بند ٹوٹنے سے پانی قریبی آبادیوں میں داخل ہوگیا۔ ریسکیو ادارے متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔

    سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کے مطابق اب تک صوبے میں سیلابی ریلوں کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 35 ہو گئی ہے۔ انتظامیہ، ریسکیو ادارے اور پاک فوج متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

  • ممکنہ سیلاب کا خدشہ ،  سندھ  کے حساس اضلاع کیلئے امدادی سامان روانہ

    ممکنہ سیلاب کا خدشہ ، سندھ کے حساس اضلاع کیلئے امدادی سامان روانہ

    کراچی : ممکنہ سیلاب کے پیش نظر سندھ کے حساس اضلاع کیلئے امدادی سامان روانہ کردیا گیا ، سامان میں مچھردانی، میٹرس، فرسٹ ایڈکٹس، کولرز، پورٹ ایبل ٹوائلٹ، ترپال، خیمے و دیگر سامان شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر اضلاع میں امدادی سامان روانہ کرنا شروع کر دیا ہے۔

    پی ڈی ایم اے ترجمان نے بتایا کہ حساس قرار دیے گئے اضلاع میں ابتدائی طور پر پسکھر، لاڑکانہ اور شکارپور کے لیے امدادی سامان بھیج دیا گیا ہے، جبکہ نوشہروفیروز، گھوٹکی اور کشمور کے لیے سامان جلد روانہ کیا جائے گا۔

    امدادی سامان میں مچھر دانیاں، میٹرس، ہائجین کٹس، فرسٹ ایڈ کٹس، پانی کے کولرز، پورٹ ایبل ٹوائلٹس، ترپال، خیمے اور دیگر ضروری اشیاء شامل ہیں۔

    مزید پڑھیں : سندھ میں سیلاب کا ممکنہ خطرہ، بیراجوں کی مانیٹرنگ

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بروقت اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں، دریاؤں کی صورتحال اور ممکنہ خطرات کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطہ برقرار ہے۔

    خیال رہے سندھ میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر صوبائی حکومت کا ارین اینڈ فلڈ ایمرجنسی مانیٹرنگ سیل متحرک ہوگیا، بیراجوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

    حکام کے مطابق آئندہ 4 روز تک پنجند سے پانی کا ریلا گڈو بیراج کے مقام پر پہنچے گا جس کے بعد مزید سطح بلند ہونے کا امکان ہے، 4 سے 5 ستمبر کے درمیان بڑا ریلا پہنچے گا۔

  • پی ٹی آئی رہنماؤں کو دوسری جماعت سے اپوزیشن لیڈر بنانے پر اعتراض ہے: عاطف خان کا انٹرویو میں انکشاف

    پی ٹی آئی رہنماؤں کو دوسری جماعت سے اپوزیشن لیڈر بنانے پر اعتراض ہے: عاطف خان کا انٹرویو میں انکشاف

    (یکم ستمبر 2025): پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما عاطف خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں کافی لوگوں کو اپوزیشن لیڈر دوسری جماعت سے بنانے پر اعتراض ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما عاطف خان نے اے آر وائی نیوز  سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ محمود اچکزئی کی صرف ایک سیٹ جبکہ اکثریت پی ٹی آئی کی ہے لیکن بانی کا فیصلہ سب کو ماننا پڑتا ہے۔

    انپوں نے کہا کہ اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر بنانے پر کافی لوگوں کو اعتراض ہے، کیوںکہ اچکزئی کی ایک سیٹ ہے جبکہ اکثریت پی ٹی آئی کی ہے لیکن یہ فیصلہ بانی کا ہے تو ماننا پڑتا ہے، محمود اچکزئی مضبوط، اسٹینڈ لینے والے اور آئین وقانون کی بات کرتے ہیں۔

    عاطف خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے پیغامات بہت ہی عجیب طریقے سے باہر آتے ہیں، مرضی کے وکلا، سیاسی لوگوں کو بانی سے ملنے دیا جاتا ہے۔

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پارٹی کے لوگ جذباتی ہیں اس وجہ سے اختلافات باہر آتے ہیں، پارٹی عہدیداران سب کو بٹھا کر اختلافات دور کرائیں لیکن ایسا نہیں ہوتا، پی ٹی آئی کو اس وقت کوئی راستہ نکالنے کی ضرورت ہے، پی ٹی آئی کو چاہیے مضبوط اپوزیشن الائنس بنا کر حکومت سے بات کریں۔

  • وزیراعظم  کی  ایرانی  صدر سے تیانجن میں ملاقات ، سیلاب  سے قیمتی جانی ومالی نقصانات پر اظہار افسوس

    وزیراعظم کی ایرانی صدر سے تیانجن میں ملاقات ، سیلاب سے قیمتی جانی ومالی نقصانات پر اظہار افسوس

    تیانجن : ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں پاکستان میں سیلاب سے قیمتی جانی ومالی نقصانات پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے شہر تیانجن میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، جس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزرا بھی موجود تھے۔

    ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیا اور تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایرانی صدر کا اگست میں پاکستان کا دورہ تعلقات کو مزید بہتر اور مضبوط بنانے میں سنگ میل ثابت ہوا، پاکستانی عوام ایرانی صدر کے حالیہ دورے پر بے حد خوش تھے۔

    انہوں نے سیاسی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا اور ایران کے عوام و حکومت سے پاکستان کی غیرمتزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا۔

    وزیراعظم نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ مذاکرات اور سفارت کاری ہی تناؤ میں کمی اور استحکام کی واحد قابلِ عمل راہ ہیں۔

    ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان کی جانب سے ایران کی مسلسل حمایت کو سراہا اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    انہوں نے پاکستان میں حالیہ سیلاب کے باعث قیمتی جانی و مالی نقصانات پر گہرے افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ایران مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

    خیال رہے وزیراعظم شہباز شریف نے تیانجن میں دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں ترک صدر رجب طیب ایردوان، روس، ملائشیا، بیلاروس، آذربائیجان، تاجکستان، ترکمانستان، کرغستان اور مالدیپ کے صدور شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے بھی غیر رسمی ملاقات کی۔

    وزیراعظم شہباز شریف اپنی تیانجن مصروفیات کے بعد بیجنگ روانہ ہوں گے، جہاں وہ چین کے یومِ فتح کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔

  • کراچی: گمشدہ شہریوں کی بازیابی سے متعلق کیس میں اہم پیش رفت

    کراچی: گمشدہ شہریوں کی بازیابی سے متعلق کیس میں اہم پیش رفت

    کراچی(یکم ستمبر 2025): گمشدہ شہریوں کی بازیابی سے متعلق  سماعت میں اہم پیش رفت ہوئی ہے 4 میں سے 2 شہری گھر واپس پہنچ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں 4 گمشدہ شہریوں کی بازیابی سے متعلق  سماعت ہوئی، پولیس نے عدالت کو بتایا کہ شعیب اور محمد عارف نامی 2 شہری گھر واپس پہنچ گئے ہیں۔

    عدالت نے بتایا کہ دونوں شہری سپر سائٹ تھانے کی حدود سے گم ہوئے تھے،کیماڑی سے گمشدہ شہری پر مقدمہ درج ہے اور کیس  زیر سماعت ہے۔

    عدالت نے تینوں گمشدہ افراد سے متعلق معلومات ریکارڈ پر آنے پر درخواستیں نمٹا دیں اور سندھ ہائیکورٹ نے نعمت اللہ اور محمد اکمل نامی شہریوں کی بازیابی کیلئے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

    سندھ ہائیکورٹ نے ہدایت جاری کرتے ہوئے دونوں شہریوں کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ایک ماہ کیلئے ملتوی کردی۔