Category: پاکستان

پاکستان اردو نیوز

ملک پاکستان میں اے آر وائی نیوز کی جانب سے آنے والی تازہ ترین خبریں

Pakistan Urdu News- Daily Pak Urdu News

  • پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ نے فتوحات سیلاب متاثرین کے نام کر دیں

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ نے فتوحات سیلاب متاثرین کے نام کر دیں

    شارجہ (31 اگست 2025) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے سہ ملکی سیریز میں مسلسل دو فتوحات پاکستان کے سیلاب متاثرین کے نام کر دیں۔

    شارجہ میں کھیلی جا رہی سہ ملکی سیریز میں پاکستان نے پہلے افغانستان اور پھر یو اے ای کو زیر کیا اور فائنل تک پہنچنے کے لیے رستہ آسان کر لیا۔

    مسلسل دو فتوحات کو قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے نام کر دیا اور اس حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ایک جذباتی پیغام پوسٹ کیا ہے۔

    مائیک ہیسن نے اپنی پوسٹ میں فتوحات کو سیلاب متاثرین کے نام کرتے ہوئے مزید لکھا کہ پاکستان میں کچھ لوگ اس وقت بہت مشکل میں ہیں۔ ہم ان کی حفاظت اور ہمت کے لیے دعاگو ہیں۔

     

    واضح رہے کہ پاکستان نے ٹرائی نیشن سیریز کے افتتاحی میچ میں افغانستان کو 39 رنز جب کہ میزبان یو اے ای کو 31 رنز سے شکست دے کر لگاتار دو فتوحات حاصل کی ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/shahid-afridi-wants-psl-and-international-matches-held-in-peshawar-31-august-2025/

  • انٹرمیڈیٹ بورڈ 2025 کے نتائج کا اعلان، طالبات نے بازی مارلی

    انٹرمیڈیٹ بورڈ 2025 کے نتائج کا اعلان، طالبات نے بازی مارلی

    آزادجموں وکشمیر: انٹرمیڈیٹ بورڈ میرپور کے سالانہ امتحانات 2025 کے نتائج کا اعلان کردیا گیا، طالبات نے ایک بار پھر بازی مارلی۔

    ترجمان تعلیمی بورڈ آزاد کشمیر میرپور نے بتایا کہ انٹرمیڈیٹ بورڈ کے سالانہ امتحانات میں طالبات لڑکوں پر بازی لے گئیں، اسرا عمر نے 1200 میں سے 1161 نمبر لےکر پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔

    حنا بابر نے 1200 میں سے 1159 نمبر لےکر دوسری پوزیشن حاصل کی، اقرا اظہر نے 1200 میں سے 1158 نمبر لےکر تیسری پوزیشن لی۔

    گزشتہ دنوں بی آئی ایس ای سوات بورڈ نے بھی گیارہویں جماعت (ایچ ایس ایس سی پارٹ ون) کے سالانہ نتائج کا اعلان کیا تھا۔

    بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (بی آئی ایس ای) نے 30 اگست 2025 کو جن طلبا کا رزلٹ جاری کیا ان کا تعلق سوات اور شانگلہ کے اضلاع سے ہے جنھوں نے اس سال انٹرمیڈیٹ کے امتحانات دیے تھے۔

    https://urdu.arynews.tv/intermediate-2nd-year-results-students-2025/

  • پاکستان اور آرمینیا کے درمیان سفارتی تعلقات میں بڑی پیشرفت

    پاکستان اور آرمینیا کے درمیان سفارتی تعلقات میں بڑی پیشرفت

    پاکستان اور آرمینیا کے درمیان سفارتی تعلقات میں بڑی پیشرفت ہوئی ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور آرمینیا کے درمیان سفارتی تعلقات قائم ہو گئے ہیں۔ یہ پیش رفت نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی آرمینیائی وزیر خارجہ سے ملاقات میں ہوئی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ چین کے شہر تیانجن میں دونوں رہنماؤں کی تاریخی ملاقات ہوئی جس میں سفارتی تعلقات قائم کیے گئے۔

    تعلقات کی بنیاد اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کےمطابق  رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

    ترجمان کے مطابق معیشت، تعلیم، ثقافت، سیاحت میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے اور دوطرفہ و کثیرالجہتی فورمز پر قریبی تعاون کا فیصلہ ہوا ہے۔ دونوں ممالک نے عوامی خوشحالی اور ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کا بھی عزم کیا ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ پاکستان اور آرمینیا کے درمیان کسی بھی سطح پر ہونے والی پہلی ملاقات ہے۔

  • 40سال سے پی پی، ایم کیو ایم مفادات کا سودا کررہے ہیں، منعم ظفر کا "حقوق کراچی مارچ” سے خطاب

    40سال سے پی پی، ایم کیو ایم مفادات کا سودا کررہے ہیں، منعم ظفر کا "حقوق کراچی مارچ” سے خطاب

    کراچی: منعم ظفر نے کہا ہے کہ 40 سال سے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم مل کر مفادات کا سودا کررہے ہیں اور عوام کی کوئی فکر نہیں ہے۔

    جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر خان نے وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر حقوق کراچی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کو ڈبونے والے وہ لوگ ہیں جنھوں نے کرپشن اور لوٹ مار کرکے کراچی کو تباہ کردیا، شہر کراچی پاکستان کی امیدوں کا مرکز تھا۔

    انھوں نے کہا کہ ظالم حکمرانوں کے ماتھے پر کوئی شکن تک نہیں آتی، کراچی کی عوام کو ہزاروں کی تعداد میں وزیر اعلی ہاؤس پہنچنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، اہل کراچی نے ثابت کردیا کہ کراچی جاگ رہا ہے۔

    امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ شہر میں اس وقت قابض مئیر مسلط ہے، قابض مئیر مرتضیٰ وہاب وڈیروں اور جاگیر داروں کی ربڑ اسٹیمپ ہے، سندھ حکومت شہر کو پانی ،بجلی ، سڑکیں صحت ، تعلیم اور ٹرانسپورٹ دینے کے لیے تیار نہیں ہے۔

    منعم ظفر نے کہا کہ 1 ہزار ووٹ لینے والے لوگوں کو فارم 47 کے ذریعے عوام پر مسلط کردیا گیا ہے، بلدیاتی انتخابات میں نمبر پورے نہ ہونے پر بندے اٹھالیے جاتے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کہا تھا کہ این ایف سی اور اٹھارویں ترمیم کے بعد اختیارات منتقل کیے جائیں گے، جعلی طریقے سے مسلط ہونے والے اقتدار کے مزے کے رہے ہیں۔

    جمہوریت کا راگ الاپنے والے بانی آمر جو ڈیڈی کہنے والے جمہوریت کی بات کرتے ہیں، پیپلز پارٹی کی ذہنیت کراچی دشمنی ہے۔

    منعم ظفر نے کہا کہ شہر کا مستقبل جماعت اسلامی سے وابستہ ہے، پیپلز پارٹی کی سیاست میں سعید غنی اور مرتضیٰ وہاب نکل کر آئے ہیں جو عوام کے حقوق غصب کررہے ہیں، آج ہم کراچی کے حقوق کے حصول کے لیے وزیر اعلی ہاؤس میں موجود ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ جدوجہد اور مزاحمت کے ذریعے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیں گے، وزیراعلیٰ ہاؤس پر دھرنا ابھی شروع ہوا ہے، ہم جانے کے لیے نہیں آئے بلکہ حقوق کے حصول کے لیے آئیں ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/jamaat-e-islami-opposes-raising-salaries-of-assembly-members/

  • وفاقی وزیر کے والد کے نام سے منسوب سڑک بھی تباہ، گڑھے پڑ گئے

    وفاقی وزیر کے والد کے نام سے منسوب سڑک بھی تباہ، گڑھے پڑ گئے

    سیالکوٹ (31 اگست 2025): وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کے والد کے نام سے منسوب سڑک بھی سیلاب میں برباد ہو گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سیالکوٹ میں جہاں طوفانی بارش اور سیلابی ریلوں نے ہر چیز تہس نہس کی۔ وہیں اس علاقے سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر اور ن لیگ کے مرکزی رہنما خواجہ آصف کے والد کے نام سے منسوب خواجہ صفدر روڈ بھی برباد ہو گیا اور اس میں گڑھے پڑ گئے ہیں۔

    مذکورہ شاہراہ 2019 میں بنائی گئی تھی جب کہ پانی کی نکاسی کے لیے شہر میں کروڑوں ڈالر (پاکستانی ارب سے زائد) کے پائپ ڈالے گئے تھے۔

    خواجہ آصف اپنے والد کے نام سے منسوب یہ سڑک دیکھ کر برہم ہوئے اور کہا کہ کروڑوں ڈالر کے پائپ یہاں ڈالے گئے تھے، جو ایک بارش کا بوجھ بھی برداشت نہ کر سکے۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ جو بھی اس کا ذمہ دار ہے، اسے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور پنجاب حکومت ان مجرموں کا احتساب ضرور کرے گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سیالکوٹ میں طوفانی بارش سے بیشتر سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ سب کا تخمینہ لگا رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ خواجہ آصف نے اس سے قبل بھی سیالکوٹ کے طوفانی بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔

    وفاقی وزیر دفاع نے ضلعی انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ کرپشن کی حد ہے کہ تمام سڑکیں بارش میں بہہ گئیں۔ ایس ڈی او، ایکسین یا ٹھیکیدار سے کوئی سوال نہیں کرتا۔ کرپشن کی صورتحال یہ ہے کہ ذاتی طور پر کام کراؤ تو 50 ہزار لگتے ہیں، جب کہ سرکاری فنڈز سے وہی کام 5 کروڑ کا ہوتا ہے۔

    خواجہ آصف نے تباہی کی بڑی وجہ نالوں پر تجاوزات اور کرپشن کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ پانی کے بہاؤ کی جگہ پر تجاوزات ہیں، جو سٹی گورنمنٹ اور بلدیاتی اداروں کی ناکامی ہے۔ سرکاری اہلکار بھی تجاوزات میں ملوث ہوتے ہیں۔ شہر کا اسٹرکچر تباہ ہو گیا۔

     

  • وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ہے، انھوں نے متاثرین سے بات چیت میں ان کے مسائل دریافت کیے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کی وزیراعلیٰ نے صوبے کے میں درپیش سیلابی صورتحال کے بعد متاثرہو علاقوں کا دورہ کیا، مریم نواز قصور میں قائم فلڈ ریلیف کیمپ پہنچیں، وزیراعلیٰ پنجاب نے عارضی اسپتال میں مریضوں کی عیادت کی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے سیلاب متاثرین سے گفتگو میں ان کے مسائل دریافت کیے گئے، مریم نے بہترین کارکردگی پر ریسکیو 1122 کو شاباشی دی۔

    اس موقع پر پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ تمام ادارے بہترین انداز میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

    دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے تلوار پوسٹ پر تھرمل ڈرون سرویلنس کا مظاہرہ دیکھا، انھوں نے تھرمل ڈرون آپریٹ بھی کیا اور ویڈیو کا مشاہدہ کیا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پولیس، ریسکیو اور سول ڈیفنس کیمپوں کا جائزہ لیا، انھوں نے ریسکیو 1122، پولیس، پی ڈی ایم اے اور دیگر اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔

    https://urdu.arynews.tv/pakistan-flood-2025-groom-and-procession-got-stuck-in-the-flood/

  • دولہا سمیت بارات سیلاب میں پھنس گئی!

    دولہا سمیت بارات سیلاب میں پھنس گئی!

    عارف والا (31 اگست 2025) پنجاب میں اس وقت سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں ایک گاؤں میں دولہا سمیت بارات سیلابی پانی میں پھنس گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے عارف والا میں نمائندے محمد اسلم چوہدری نے علاقے میں سیلاب کی صورتحال کے حوالے سے خبر دیتے ہوئے بتایا کہ گاؤں بلاڑا میں ایک بارات دلہن کے گھر جا رہی تھی کہ سیلابی پانی میں پھنس گئی۔

    اس موقع پر باراتی پریشان ہو گئے۔ تاہم دولہا کے بھائی نے ریسکیو 1122 رابطہ کر کے صورتحال سے آگاہ کیا۔

    ریسکیو 1122 فوری طور پر کشتیوں ساتھ لے کر مدد کے لیے پہنچی اور دولہا سمیت بارات کو کشتیوں کے ذریعہ منزل مقصود تک پہنچایا۔

    اس موقع پر کشتیوں میں سوار باراتیوں نے ڈھول بجا کر رقص کر کے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ریسکیو 1122 اور حکومت کے حق میں نعرے بھی لگائے۔

    اس موقع پر دولہا کے بھائی نے بتایا کہ آج ان کے بھائی کی شادی تھی۔ ہم بارات لے کر جا رہے تھے، کہ سیلابی پانی میں پھنس گئے۔ رابطہ کرنے پر ریسکیو 1122 والے فوری مدد کو پہنچے اور ہمیں کشتیوں کے ذریعہ ہمیں وہاں تک پہنچایا۔

     

  • سیلاب متاثرین سے پیسے لےکر کشیوں میں لے جانے کا انکشاف

    سیلاب متاثرین سے پیسے لےکر کشیوں میں لے جانے کا انکشاف

    بورےوالا: سیلاب متاثرین سے پیسے لےکر انھیں کشیوں میں لے جانے کا انکشاف ہوا، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملاحوں کو حراست میں لےلیا۔

    ڈی ایس پی رانا عمران ٹیپو نے بتایا کہ سیلاب متاثرین سے پیسے لینے والے ملاحوں کو حراست میں لےلیا گیا ہے، متاثرین سے پیسے لےکر ملاح انھیں پرائیویٹ کشتیوں میں لےکر جارہے تھے۔

    انھوں نے بتایا کہ ہر کشتی پر ایک ایس ایچ او، 3 جوانوں سمیت ریسکیو اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا ہے۔

    ڈی ایس پی نے بتایا کہ ملاح بھاری معاوضہ لےکر متاثرین کا مال مویشی و دیگر سامان منتقل کررہے ہیں، کسی کو متاثرین کیساتھ لوٹ مارکرنے کی اجازت نہیں دینگے۔

    رانا محمد عمران نے بتایا کہ ایس ایچ اوز اور پولیس جوانوں کو دو شفٹوں میں تعینات کیا ہے، ساہوکا میں پولیس کا عارضی کنٹرول روم بھی قائم کردیا ہے۔

  • آئندہ 36 گھنٹے میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری

    آئندہ 36 گھنٹے میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری

    پی ڈی ایم اے پنجاب نے آئندہ 36 گھنٹے میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا۔

    پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق بھارت کی جانب سے سلال ڈیم کے تمام اسپل ویز کھولے جانے کی اطلاعات ہیں جب کہ بھارت نے دریائے چناب میں پانی چھوڑے جانے کی وارننگ نہیں دی۔

    ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے پنجاب نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا ہے آئندہ 2روز میں بڑا سیلابی ریلا ہیڈ مرالہ کے مقام تک پہنچ سکتا ہے، ریلے سے چناب میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھنے کا خدشہ ہے۔

    ڈی جی نے ہدایت کی کہ تمام اضلاع کی انتظامیہ کسی بھی ناگہانی صورتحال کے لیے ہائی الرٹ رہے اور کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز تمام افسران کی موجودگی کو فیلڈ میں یقینی بنائیں۔

    بھارت کی آبی جارحیت کا سلسلہ دراز ہو گیا۔ مودی سرکار کی جانب سے ایک بار پھر بڑا سیلابی ریلا دریائے چناب میں چھوڑ دیا گیا ہے۔ پہلے سیلابی پانی چھوڑنے سے قبل بھارت نے اس کی اطلاع دی تھی۔ تاہم اس بار اس نے بغیر اطلاع کے پانی چھوڑا ہے۔

    بھارت نے سلال ڈیم کے تمام گیٹ کھول دیے ہیں، جس کے ذریعہ 8 لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلا دریائے چناب کے ذریعہ پاکستان پہنچے گا۔

    پنجاب میں تباہی پھیلانے کے بعد یہ سیلابی ریلا دریائے سندھ میں جا گرے گا۔ بھارت کی جانب سے بغیر اطلاع بڑا سیلابی ریلا چھوڑے جانے کے بعد صورتحال تشویشناک ہو چکی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے جاری الرٹ کے مطابق ملک میں شدید بارشوں کے باعث دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

    محکمہ موسمیات نے جاری وارننگ میں کہا ہے کہ دریائے ستلج، بیاس، راوی اور چناب میں اونچے سے انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔

    محکمے کا کہنا ہے کہ 1 سے 3 ستمبر کے دوران لاہور، گوجرانوالہ اور گجرات ڈویژن میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، وسطی اور شمالی پنجاب میں بھاری سے انتہائی تیز بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

  • ’وزیراعظم کا یوٹیلٹی اسٹورز ملازمین کیلیے بڑے پیکیج کا اعلان‘

    ’وزیراعظم کا یوٹیلٹی اسٹورز ملازمین کیلیے بڑے پیکیج کا اعلان‘

    اسلام آباد (31 اگست 2025): وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں بند جانے والے یوٹیلٹی اسٹورز کے ہزاروں ملازمین کیلیے بڑے پیکیج کا اعلان کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ آج سے یوٹیلٹی اسٹورز کی تمام سروسز کو ملک بھر میں بند کر دیا جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے یوٹیلٹی اسٹورز کے ملازمین کے لیے بڑے پیکیج کا اعلان کیا ہے۔

    وفاقی وزیر نے بتایا کہ ملک بھر میں یوٹیلٹی اسٹورز کے ملازمین کی تعداد 11 ہزار سے زائد ہے، ان کے لیے وزیراعظم کی جانب سے 19.5 ارب روپے کی مجموعی گرانٹ کی منظوری دی گئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ یوٹیلٹی اسٹورز 1971 میں قائم کیے گئے تھے اور 2009 میں انہیں یونین کونسل کی سطح پر پورے ملک میں پھیلایا گیا۔ یوٹیلٹی اسٹورز پاکستانی معیشت میں اہم کردار ادا کرتے رہے۔

    وفاقی حکومت نے گزشتہ برس ملک بھر میں یوٹیلٹی اسٹورز بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس فیصلے کے خلاف اسٹورز کے ملازمین نے وفاقی دارالحکومت میں کئی روز تک احتجاج بھی کیا، مگر ان کا مطالبہ پورا نہ ہوا۔

    گزشتہ دنوں وفاقی کابینہ اور کل اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بھی اس کی منظوری دے دی جس کے بعد آج سے یہ یوٹیلٹی اسٹورز کی تمام سروسز مکمل طور پر بند کی جا رہی ہیں۔

    واضح رہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن 1971 میں قائم کی گئی تھی۔ جس کا مقصد کم آمدنی والے طبقے کو اشیا خورو نوش کی قیمتوں میں ریلیف دینا تھا۔

    ابتدا میں ملک میں صرف 20 اسٹور کھولے گئے تھے، جو اسٹاف ویلفیئر آرگنائزیشن نامی تنظیم سے حاصل کیے گئے تھے۔ تاہم نصف صدی کے دوران ان کی تعداد میں اضافہ ہوتا گیا اور یہ ملک کے گوشے گوشے میں پھیل گئے۔

    ایک رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں چار ہزار سے زائد یوٹیلٹی اسٹورز قائم تھے اور مجموعی طور پر 17 ہزار ملازمین کام کر رہے تھے۔

    https://urdu.arynews.tv/utility-stores-employees-laid-off-imf/