Category: پاکستان

پاکستان اردو نیوز

ملک پاکستان میں اے آر وائی نیوز کی جانب سے آنے والی تازہ ترین خبریں

Pakistan Urdu News- Daily Pak Urdu News

  • 2 یا 3 ستمبر کی رات سیلاب سندھ میں داخل ہوگا

    2 یا 3 ستمبر کی رات سیلاب سندھ میں داخل ہوگا

    کراچی (31 اگست 2025): سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ 2 یا 3 ستمبر کی رات سیلاب سندھ میں داخل ہوگا، صوبے میں 16 لاکھ افراد سیلاب سے متاثر ہو سکتے ہیں۔

    شرجیل میمن کے مطابق سیلاب سے نمٹنے کے لیے تیاریاں کر لی گئی ہیں اور 102 حساس مقامات پر مشینری پہنچا دی گئی ہے، صدر زرداری اور بلاول بھٹو خود صورت حال کی نگرانی کر رہے ہیں۔

    دریا کنارے آبادیوں سے نقل مکانی شروع ہو چکی ہے، کچے کے علاقے سے بڑی تعداد میں لوگوں کا انخلا ہو گیا، سینئر وزیر نے کہا کوئی نہیں چاہتا کہ اپنے گھر چھوڑ کر امدادی کیمپوں میں رہیں، تاہم عوام سے اپیل ہے کہ سیلاب والے علاقوں سے نکل جائیں۔

    انھوں نے کہا انتظامیہ کی پوری توجہ انسانی جانوں کو بچانے پر ہے، گدو بیراج 12 لاکھ کیوسک تک ریلا برداشت کر سکتا ہے، توقع ہے اتنا ہی پانی آئے گا جتنا بیراج برداشت کر سکتے ہیں۔

    سیلاب : ایک گھر سے 13 جنازے، صوابی سانحے کا دلخراش واقعہ

    ادھر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سیلابی صورت حال کی مانیٹرنگ کے لیے مقرر وزرا سے رابطہ کر کے ہدایت کی ہے کہ منگل اور بدھ کی رات دریائے سندھ میں سیلاب کا خدشہ ہے، اس لیے دریا کنارے بندوں کے نہری نظام کی کڑی نگرانی کی جائے۔ وزیر اعلیٰ سندھ صوبائی وزرا کے ساتھ آج صبح گدو بیراج کا دورہ بھی کریں گے۔

    خیال رہے کہ اگلے دو سے تین روز تک مزید بارشیں ہوں گی، ڈی جی پی ڈی ایم اے نے پنجاب کے دریاؤں میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا ہے، اور کہا کہ دو سے تین ستمبر کے دوران دریاؤں کے بالائی حصوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے، بارش کے بعد راوی، ستلج اور بیاس میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

    اگلے چوبیس گھنٹوں میں دریائے چناب میں ہیڈ تریموں کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہوگا، جب کہ ہفتے تک 10 لاکھ کیوسک کا ریلا سندھ پہنچے گا۔

  • اسکول دوبارہ کھلنے کے حوالے سے اہم خبر

    اسکول دوبارہ کھلنے کے حوالے سے اہم خبر

    لاہور (31 اگست 2025): ڈپٹی کمشنر لاہور نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں تعلیمی سرگرمیاں یکم ستمبر سے بحال ہو جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق شدید بارشوں اور سیلاب کے بعد لاہور میں اسکول دوبارہ کھل رہے ہیں، ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام اسکول یکم ستمبر سے دوبارہ کھل جائیں گے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے اسکول اور ریلیف کیمپس بدستور بند رہیں گے، والدین اور طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اسکول انتظامیہ سے رابطے میں رہیں۔

    ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ تمام اسکول محکمہ تعلیم کی ہدایات پر عمل درآمد کے پابند ہوں گے۔

    تعلیمی ادارے 5 ستمبر تک بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری

    واضح رہے کہ آج بھی لاہور اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے، جب کہ محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

    پنجاب کے سیلاب متاثرہ اضلاع میں طوفانی بارشیں ہو رہی ہیں، آج دن بھر وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی ہے، قصور اور اوکاڑہ میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، ننکانہ صاحب میں بارش سے گلیاں بازار تالاب کا منظر پیش کرنے لگے ہیں۔ ننکانہ کے نواحی گاؤں میں مکان کی چھت گرنے سے خاتون اور دو بچیاں جاں بحق ہو گئیں جب کہ تین افراد زخمی ہو گئے، ملکوال میں شدید بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے 9 ماہ کا بچہ جاں بحق دو افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

  • کٹی پہاڑی کے پاس میڈیکل اسٹور پر فائرنگ، نوجوان جاں بحق

    کٹی پہاڑی کے پاس میڈیکل اسٹور پر فائرنگ، نوجوان جاں بحق

    کراچی : قصبہ کالونی کٹی پہاڑی کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے مسلح ملزم نے میڈیکل اسٹور پر کھڑے ایک شخص کو گولیوں سے بھون ڈالا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کٹی پہاڑی کے علاقے میں میڈیکل اسٹور پر فائرنگ سے احسان اللہ نامی شخص موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا تھا۔

    واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی، مقتول احسان اللہ میڈیکل اسٹور کے باہر فون پر کسی سے بات کر رہا تھا۔

    اس دوران اچانک ایک مسلح شخص نے پیچھے سے فائرنگ کردی، گولی لگنے سے احسان اللہ موقع پر ہی گر کر پڑا ملزم اس کے گرنے باوجود اس پر دو گولیاں اور چلائیں جس سے وہ جاں بحق ہوگیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واردات کے بعد مسلح ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، مقتول احسان اللہ کو 3 گولیاں ماری گئیں، آبائی تعلق سوات سے تھا۔

    پولیس کے مطابق کٹی پہاڑی واقعہ کا مقدمہ نامعلوم شخص کیخلاف درج کرکے واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

  • پاگل خانہ : مینٹل اسپتال لاہور کے اندر کی دنیا کیسی ہے؟ ویڈیو میں ہوشربا انکشاف

    پاگل خانہ : مینٹل اسپتال لاہور کے اندر کی دنیا کیسی ہے؟ ویڈیو میں ہوشربا انکشاف

    پاگل خانہ اپنی نوعیت کی ایک ایسی جگہ ہے جہاں جانے والوں کے سامنے ایک علیحدہ اور عجیب و غریب زندگی ہوتی ہے جس کا تصور یا موازنہ باہر کی دنیا سے کرنا بہت مشکل ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام سرعام کی ٹیم نے لاہور کے مینٹل اسپتال جا کر وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات اور علاج معالجے کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔

    ایک پاگل خانے (مینٹل ہسپتال) کے مریض دن رات کیسے گزارتے ہیں؟ مینٹل اسپتال کو عام اسپتال سے الگ کیوں سمجھا جاتا ہے؟ کیا حقیقت واقعی وہی ہے جو ہم جانتے ہیں یا اس کے پیچھے کوئی اور کہانی ہے؟ گھر والے ایسے مریضوں کو بوجھ کیوں سمجھتے ہیں؟

    ٹیم سرعام جب لاہور کے پاگل خانہ (مینٹل اسپتال) پہنچی تو وہاں ایسی کہانیاں سامنے آئیں جنہیں جاننا لوگوں کے لیے بے حد ضروری ہے۔

    اگر لاہور کے مینٹل اسپتال کی بات کی جائے تو یہاں بہت بہترین اور تسلی بخش علاج کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں، مریضوں کیلیے ادویات اور ان کے کھانے کیلیے بہترین اور اعلیٰ معیار کے پکوان تیار کیے جاتے ہیں۔

    دس سال سے کوئی ملنے نہیں آیا

    پاگل خانے میں تین ایسی ضعیف خواتین بھی تھیں جو گزشتہ دس سال سے یہاں زیر علاج ہیں لیکن انہیں کوئی ملنے نہیں آتا، تاہم اسپتال کا عملہ ان خواتین کا ہر لحاظ سے خیال رکھتا ہے۔

    ٹیم سرعام نے ایک اور مریض سے بات کی لیکن اس دوران کہیں سے بھی ایسا نہیں لگا کہ وہ کوئی نفسیاتی مریض ہے بلکہ بظاہر وہ بہت سمجھدار اور سلجھا ہوا لگ رہا تھا، اس کے بارے میں ڈاکٹر نے بتایا کہ ڈس آرڈر کا مریض ہے اور اس کی طبیعت میں بتدریج بہتری آرہی ہے۔

    مجھے اکثر کوئی آوازیں دیتا ہے

    ایک خاتون نے بتایا کہ میں 16 سال سے ایک بیماری کا شکار ہوں، میرے ہاں جب بیٹے کی پیدائش ہوئی تو اس کے بعد سے مجھے ایسا لگتا تھا کہ جیسے کوئی باہر سے کوئی مجھے آوازیں دے رہا ہے۔

    ایک بار میں وہ آواز سن کر گھر سے ایسے ہی باہر بغیر دوپٹے کے نکل آئی جس کے بعد میرے شوہر علاج کیلیے یہاں لے آئے، مجھے اب بھی آوازیں آتی ہیں کہ ایسا کرلو ویسا کرلو لیکن میں وہی کرتی ہوں جو میرا دل چاہتا ہے۔

    آپ اگر کسی پاگل سے ملیں تو آپ کو اس کا یقین حیران کر دے گا وہ اپنی بات کا یقین دلانے کیلیے بڑی سے بڑی قسم کھا جائے گا۔

    دنیا کا ہر پاگل دن میں خواب دیکھتا ہے اور وہ اس خواب کو حقیقت سمجھتا رہتا ہے اور دنیا کا ہر پاگل بحث کا استاد ہوتا ہے اگر وہ اپنی پر آجائے تو آپ اسے بحث میں نہیں ہرا سکتے۔

    گزشتہ سال کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان کی آبادی کا 34 فیصد حصہ ذہنی دباؤ اور ڈپریشن کا شکار ہے۔ پاکستان میں 30ہزار ذہنی مریضوں کے لئے صرف ایک ڈاکٹر ہے۔ ذہنی امراض میں مینٹل ڈس آرڈر کی شرح 12۔7 فیصد سالانہ ہے۔

  • ڈالرز میں آمدنی، چوکیدار کی قسمت بدل گئی، ویڈیو دیکھیں

    ڈالرز میں آمدنی، چوکیدار کی قسمت بدل گئی، ویڈیو دیکھیں

    انٹرنیٹ پر آج کل جزو وقتی کام کرکے لوگ عام نوکریوں کی نسبت کہیں زیادہ آمدنی حاصل کررہے ہیں اور یہ ذریعہ آمدن لوگوں میں خاصا مقبول بھی ہو رہا ہے، ایک ایسے ہی چوکیدار  نے سب کو حیران کر ڈالا۔

    لاہور کے ایک سرکاری کالج میں سیکیورٹی گارڈ کی نوکری کرنے والے نذیر احمد نے اپنے شوق اور لگن کی بدولت تھوڑی سی محنت سے نہ صرف امریکی ڈالر کمائے بلکہ ایک نئی مثال بھی قائم کی۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے نذیر احمد نے بتایا کہ میں چوکیدار کی نوکری کے ساتھ گزشتہ 6 سال سے فری لانسنگ کا کام بھی کرتا ہوں، اس سے قبل ایک سافٹ ویئر ہاؤس میں چوکیدار کی ملازمت کے دوران وہاں کے لڑکوں سے کمپیوٹر چلانا سیکھا۔

    انہوں نے بتایا کہ میں نے اس وقت ایک لیپ ٹاپ لیا تھا جس کے بعد اب چھٹی کے بعد آن لائن فوٹو شاپ کا کام کرتا ہوں۔

    فری لانسنگ

    چوکیدار نذیر احمد نے نوجوانوں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ جب میں کم تعلیم یافتہ ہوکر ملک میں ڈالر لاسکتا ہوں تو وہ لڑکے جو تعلیم یافتہ ہیں بیرون ملک جانے کے بجائے یہاں بیٹھ کر بھی اچھی آمدنی حاصل کرسکتے ہیں۔

  • شادی کے جھانسے میں آکر 65 سالہ شخص ہنی ٹریپ کا شکار

    شادی کے جھانسے میں آکر 65 سالہ شخص ہنی ٹریپ کا شکار

    ہری پور : شادی کے جھانسے میں آکر ہنی ٹریپ کا شکار ہونے والا ہری پور کا 65 سالہ شہری کشمور میں کچے کے ڈاکوؤں کے ہتھے چڑھ گیا۔

    سوشل میڈیا یا کسی اور ذریعے سے شادی یا رشتے کا جھانسہ دینے کیلیے رابطہ کرنے والوں سے ہوشیار رہیں، اسی سلسلے میں ایک اور شہری ہنی ٹریپ کا شکار ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ہری پور کارہائشی 65سالہ شخص شادی کے دھوکے میں آکر گاڑی سمیت اغوا کرلیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق کچے کے ڈاکوؤں نے افضل خان کو شادی کا جھانسہ دے کر اغوا کیا، مغوی ہری پور میں تربیلہ غازی کے علاقے کنڈی عمر خانہ کا رہائشی ہے۔

    کشمور میں کچے کے ڈاکوؤں نے مغوی کے اہل خانہ سے رابطہ کرکے ایک کروڑ روپے تاوان طلب کرلیا۔

    ڈاکوؤں نے مغوی افضل خان کی زنجیروں میں جکڑی تشدد زدہ ویڈیو بھیج دی، مغوی کے بھتیجے نے فوری کارروائی کیلیے تھانہ غازی میں درخواست جمع کرا دی ہے۔

    پولیس حکام کاکہنا ہے کہ متاثرہ شہری کو بازیاب کرانے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی جارہی ہے۔

    مزید پڑھیں : رشتے کیلئے جانے والا شہری ہنی ٹریپ کا شکار، گھوٹکی سے اغواء

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی شادی کے جھانسے میں آکر ہنی ٹریپ کا شکار ہونے والا کراچی کا شہری ڈاکوؤں کے ہتھے چڑھ گیا تھا جسے پولیس نے فوری کارروائی کرکے بازیاب کرالیا۔

    رپورٹ کے مطابق ڈاکوؤں نے کراچی کے شہری شعیب کو ہنی ٹریپ کرکے گھوٹکی بلایا اور راستے میں کہا کہ اوباڑو پر اتر جاؤ جہاں سے اسے اغوا کرلیا گیا۔

  • سیلاب : ایک گھر سے 13 جنازے، صوابی سانحے کا دلخراش واقعہ

    سیلاب : ایک گھر سے 13 جنازے، صوابی سانحے کا دلخراش واقعہ

    صوابی میں سیلابی پانی تو اتر گیا لیکن علاقے میں سوگ کی فضا اب بھی قائم ہے، اپنے خاندان کے 13جنازے اٹھانے والے ضعیف شخص نے سانحے کو اللہ کی رضا قرار دے دیا۔

    اے آر وائی نیوز صوابی کے نمائندے محمد ریاض کی رپورٹ کے مطابق دالوڑی کے علاقے سے سیلاب تو اپنی آب و تاب سے گزر گیا لیکن اپنے ساتھ کئی لوگوں کی جانیں بھی لے گیا۔

    اس ناگہانی آفت میں کئی گھر تباہ ہوئے علاقہ مکین اپنی مدد آپ کے تحت گھروں اور راستوں کی تعمیر و مرمت میں مصروف عمل ہیں اور جن لوگوں کی جان بچ گئی وہ اپنے پیاروں کا غم منا رہے ہیں۔

    صوابی کے ان گھروں میں ایک گھر ایسا بھی ہے جہاں سے 13 جنازے ایک ساتھ اٹھائے گئے اس گھر کے بزرگ سربراہ کا صبر و تحمل اور اللہ کی ذات پر بھروسہ قابل دید ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ میرے بیٹے بہوؤں اور بچوں سمیت 13 افراد سیلاب میں ڈوب کر جان سے چلے گئے لیکن میرے اللہ کو یہی منظور تھا، میں علاقے کے ہر اس شخص کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ جنہوں نے اس وقت میری مدد کی۔

    دوسری جانب علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ زندگی معمول پر آنے میں ابھی وقت لگے گا مقامی انتظامیہ بھی امدادی کاموں میں مصروف ہے لیکن مستقل بحالی کے بغیر ہمارے مسائل حل نہیں ہوسکیں گے۔

  • کراچی : گارڈن انٹر چینج کے قریب فائرنگ کی فوٹیج سامنے آگئی

    کراچی : گارڈن انٹر چینج کے قریب فائرنگ کی فوٹیج سامنے آگئی

    کراچی (30 اگست 2025) شہر قائد کے علاقے گارڈن میں لیاری ایکسپریس وے کے انٹرچینج کے قریب زیر تعمیر عمارت میں ہونے والی فائرنگ کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔

    مسلح ملزمان نے زیر تعمیر عمارت کے مزدور کو بھتے کی پرچیاں دیں اور پھر فائرنگ کردی، سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کو بھتے کی پرچیاں دیتے اور اسلحہ کے زور پر یرغمال بناتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوئے، گارڈن تھانے میں واردات کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جس میں بھتہ خوری، اقدام قتل اور انسداد دہشت گردی کی دفعات کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

    فوٹیج فائرنگ

    مزید پڑھیں : گارڈن میں بھتہ نہ دینے پر فائرنگ سے 2 مزدور زخمی

    یاد رہے کہ گزشتہ روز صبح کے وقت ایک زیر تعمیر عمارت میں مسلح ملزمان نے ٹانگ پر گولی مار کر 2 مزدوروں کو زخمی کردیا تھا، عمارت کے مالک سے ایک سال پہلے بھی بھتہ طلب کیا گیا تھا۔

    زخمی مزدوروں کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ ملزمان آئے اور پرچہ دے کر کہا اس نمبر پر فون کرو۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے سپروائزر کو گولی ماری جو اس کو لگ کر دوسرے مزدور کو جا لگی۔

    پولیس مقابلے کے بعد دو ڈاکو گرفتار

    علاوہ ازیں پولیس نے اجمیر نگری میں مقابلے کے بعد 2 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ و موٹر سائیکل برآمد کرلی۔

    پولیس حکان کے مطابق اہلکاروں نے موٹر سائیکل سوار 2 افراد کو مشکوک جان کر رکنے کا اشارہ کیا، ملزمان نے رکنے کی بجائے فائرنگ کرکے فرار ہونے کی کوشش کی۔

    جوابی فائرنگ سے موٹر سائیکل سوار ڈاکو موٹر سائیکل سلپ ہونے سے گرگئے، پولیس نے دونوں ملزمان کو اسلحہ اور موٹر سائیکل سمیت گرفتار کر لیا۔

  • پنجاب میں مفت وائس منٹس کی سہولت میں توسیع

    پنجاب میں مفت وائس منٹس کی سہولت میں توسیع

    اسلام آباد (30 اگست 2025) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بتایا کہ پنجاب میں سیلاب متاثرین کے لیے مفت وائس منٹس کی سہولت میں توسیع کر دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف علاقوں میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ عوام کی سہولت کے لیے موبائل فون آپریٹروں (سی ایم اوز) نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے تعاون سے خصوصی ریلیف اقدامات کا آغاز کیا ہے۔

    اس اقدام کے تحت پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں صارفین کو مفت وائس منٹس فراہم کیے جا رہے ہیں۔ پی ٹی اے کے مطابق صارفین اکاؤنٹ بیلنس صفر ہونے کے باوجود کال کر سکیں گے۔

    ہفتہ کو پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ سہولت اُن صارفین کے لیے بھی دستیاب ہوگی جن کے اکاؤنٹ میں بیلنس صفر ہے تاکہ وہ اس مشکل وقت میں اپنے اہل خانہ سے رابطے میں رہ سکیں اور ایمرجنسی خدمات تک باآسانی رسائی کر سکیں۔

    واضح رہے کہ پی ٹی اے نے سی ایم اوز کے تعاون کو سراہتے ہوئے عوام کو اس امر کی یقین دہانی کرائی ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مواصلاتی خدمات کی نگرانی جاری رہے گی تاکہ روابط میں کسی قسم کا تعطل نہ آئے۔

  • ورلڈ بینک نے پاکستان کے لیے 20 ارب ڈالر کا رعایتی قرض منظور کرلیا

    ورلڈ بینک نے پاکستان کے لیے 20 ارب ڈالر کا رعایتی قرض منظور کرلیا

    عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 20 ارب ڈالر کا رعایتی قرض منظور کرلیا ہے۔

    ورلڈ بینک پاکستان کو 20 ارب ڈالر کا رعایتی قرض فراہم کرے گا، قرضے پر 2 فیصد سود ہوگا اور مدت 10 سال کی ہوگی۔

    نجی شعبے کے لیے مزید 20 ارب ڈالر بھی متوقع ہیں جبکہ فنڈنگ آئی ایف سی کے ذریعے ہوگی، قرض دس سالہ کنٹری پارٹنر شپ فریم ورک کا حصہ ہے جبکہ کل قرضوں کا حجم 40 ارب ڈالر تک پہنچے گا۔

    چھ ترجیحی شعبے نئی فنڈنگ پیکیج میں شامل ہیں، ماحولیاتی تحفظ اور غربت میں کمی اولین ہدف ہے، صحت اور تعلیم کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

    بچوں کی نشوونما میں بہتری بھی منصوبے کا حصہ ہے، شمولیتی ترقی کو ترجیحی منصوبوں میں شامل کیا گیا ہے، صاف توانائی اور فضائی معیار کی بہتری بھی اہم ہدف ہے۔

    یہ پڑھیں: ایشیائی ترقیاتی بینک کا سیلاب متاثرین کیلئے ہنگامی امداد کا اعلان

    نجی سرمایہ کاری کے فروغ کو بھی ترجیح دی گئی، قومی نفاذ کا منصوبہ تیاری کے آخری مراحل میں ہے، پاکستان کو خود مختار قرضے آئی ڈی اے کے ذریعے ملیں گے۔

    دو روز قبل ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر نے سیلاب متاثرین کیلئے 3 ملین ڈالر کی ہنگامی امداد کا اعلان کیا تھا۔

    ایشیائی ترقیاتی بینک  کے صدر ماساٹوکانڈا نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جانی نقصان پر تعزیت کی تھی۔

    اعلامیہ کے مطابق ایشیا پیسفک ڈیزاسٹر رسپانس فنڈ سے 3ملین ڈالر کی گرانٹ فراہم کی جائے گی جو کہ حکومت پاکستان کی جانب سے درخواست پر دی جارہی ہے۔