Category: پاکستان

پاکستان اردو نیوز

ملک پاکستان میں اے آر وائی نیوز کی جانب سے آنے والی تازہ ترین خبریں

Pakistan Urdu News- Daily Pak Urdu News

  • کراچی سے اغوا ہونے والی  4 سالہ مائرہ کا  تاحال کچھ پتا نہ چل سکا

    کراچی سے اغوا ہونے والی 4 سالہ مائرہ کا تاحال کچھ پتا نہ چل سکا

    کراچی : ہجرت کالونی سے اغوا ہونے والی چار سالہ ماہر ہ کا کچھ پتا نہ سکا تاہم پولیس نے اغوا کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ہجرت کالونی سے اغوا ہونے والی چار سالہ بچی ماہراہ کو بازیاب کرانے میں پولیس تاحال ناکام ہے، تاہم اغوا کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، پولیس نے تفتیش اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (AVCC) کے سپرد کر دی۔

    چار سالہ مائرہ دختر اسرار گھر کے باہر کھیلتے ہوئے لاپتہ ہوگئی، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ، جس میں بچی کی بڑی بہن کو اغوا کاروں کے پیچھے بھاگتے دیکھا جاسکتا ہے

    والد کے مطابق بچی کی بڑی بہن نے روکنے کی کوشش کی لیکن اغوا کار بیٹی کو لے کر فرار ہوگئے ، اغوا کاروں نے 15 لاکھ روپے تاوان طلب کیا ہے۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں 4 سال کی بچی مبینہ طور پر اغوا، 15 لاکھ روپے تاوان طلب

    حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی تلاش کے لیے تکنیکی بنیادوں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد بچی کو بازیاب کرالیا جائے گا۔

    گذشتہ روز کراچی کے علاقے سر سید تھانے کی حدود میں 4 سالہ بچے کو اغوا کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی تھی۔

    پولیس نے کہا تھا کہ ملزمان چار سالہ موسیٰ کو گاڑی میں لے جا رہے تھے کہ ایک شہری نے واردات دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔

    مددگار 15 اور موٹر سائیکل اسکارڈ نے فوری ملزمان کا پیچھا کیا، اہلکاروں کو دیکھتے ہی ملزمان بچے کو گاڑی میں چھوڑ کر موقع سے فرار ہوگئے تھے۔

  • ب فارم میں والدہ کا نام درست کروانے کا طریقہ

    ب فارم میں والدہ کا نام درست کروانے کا طریقہ

    اسلام آباد (30 اگست 2025): اگر آپ کی والدہ کے ب فارم پر ان کا نام غلط درج ہے تو اسے درست کروانا کا طریقہ انتہائی آسان ہے۔

    نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر معلوماتی ویڈیوز شائع کی جاتی ہیں جن کا مقصد شہریوں کے سوالات کا جواب دینا اور انہیں آسان و مرحلہ وار طریقے سے گائیڈ کرنا ہے۔

    ایک شہری نے سوال کیا کہ ان کی والدہ کے ب فارم (جسے چائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ یا سی آر سی بھی کہا جاتا ہے) پر نام غلط درست کیا جا چکا ہے، اسے ٹھیک کروانے کا طریقہ کیا ہے؟

    یہ بھی پڑھیں: نادرا سے بچے کا ب فارم بنوانے کا آسان طریقہ

    نادرا حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ اگر سی آر سی پر والدہ کا نام غلط درج کیا جا چکا ہے تو اس میں پریشان ہونے والی کوئی بات نہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ والد اور والدہ قریبی نادرا مرکز تشریف لے جائیں اور وہاں والد ب فارم میں نام درست کروانے کیلیے درخواست دیں گے جس کی والدہ تصدیق کریں گی، اس کے بعد انہیں نیا سی آر سی جاری کر دیا جائے گا جس پر وہی نام درج ہوگا جو خاتون کے قومی شناختی کارڈ پر ہے۔

  • وہاڑی کی 133 بستیوں میں ایمرجنسی نافذ

    وہاڑی کی 133 بستیوں میں ایمرجنسی نافذ

    وہاڑی (30 اگست 2025): دریائے ستلج میں اونچے درجے کے سیلاب کے خطرے کے پیش نظر 133 بستیوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے ضلع وہاڑی میں ہیڈ اسلام پر پانی کی آمد 63 ہزار 262 اور اخراج 62 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث انتظامیہ نے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

    ضلعی انتظامیہ نے نشیبی علاقوں کے افراد کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی ہے، اور بتایا کہ ضلع بھر میں سیلاب سے مجموعی طور پر 49 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔

    پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں بادل پھر برس پڑے

    انتظامیہ کے مطابق سیلابی ریلوں میں 30 ہزار سے زائد ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلیں تباہ ہو چکی ہیں، اور 57 دیہات سے 12 ہزار سے زائد افراد اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ مقامات پر منتقل ہو چکے ہیں۔

    ادھر ضلع جھنگ میں بھی دریائے چناب میں اونچے درجے کا سیلاب ہے جس کے باعث ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

    ریلیف کمشنر پنجاب نے دریائے راوی، ستلج اور چناب میں سیلاب کے باعث نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ تینوں دریاؤں میں 2308 موضع جات متاثر ہوئے ہیں، اور دریاؤں میں سیلابی صورت حال کے باعث 15 لاکھ 16 ہزار لوگ متاثر ہوئے، سیلاب میں پھنسے 4 لاکھ 81 ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

    ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کے مطابق شدید سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں 511 ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں، سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں 351 میڈیکل کیمپس بھی قائم کیے گئے ہیں، ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں میں 4 لاکھ 5 ہزار جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

    ریلیف کمشنر پنجاب نے رپورٹ میں بتایا کہ حالیہ سیلاب میں ڈوبنے سے 30 شہری جاں بحق ہوئے ہیں، لاہور میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 اموات رپورٹ ہوئیں۔ واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ مون سون بارشوں کا 9 واں اسپیل 2 ستمبر تک جاری رہے گا۔

  • کراچی میں بہن پر تیزاب پھینکنے والے شخص کو 14 سال قید کی سزا

    کراچی میں بہن پر تیزاب پھینکنے والے شخص کو 14 سال قید کی سزا

    کراچی: بہن پر تیزاب پھینکنے اور بیٹوں کو زخمی کرنے کے جرم میں ملزم کو 14 سال قید کی سزا سنادی گئی اور 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج جنوبی/جینڈر بیسڈ وائلنس کورٹ نے منظور کالونی میں تیزاب گردی کے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم محمد رمضان کو جرم ثابت ہونے پر 14 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔

    عدالت نے فیصلے میں کہا کہ ملزم متاثرہ خاتون کو 50 ہزار روپے ہرجانہ ادا کرے، جبکہ متاثرہ خاتون کے دو بیٹوں کو زخمی کرنے پر ملزم کو الگ الگ 4، 4 سال قید کی سزا بھی دی گئی ہے۔

    عدالت نے دونوں بیٹوں کو مجموعی طور پر 4 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔

    استغاثہ نے بتایا کہ ملزم محمد رمضان نے 2022 میں اپنی بہن پر تیزاب پھینکا تھا۔ بعدازاں اس نے خاتون کا پیچھا کیا اور گھر کے باہر دوبارہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ بچاؤ کے لیے آنے والے بیٹوں پر بھی ملزم نے چھری سے حملہ کیا تھا، جس سے وہ زخمی ہوگئے تھے۔

  • کرتارپور گوردوارے سے سیلابی پانی نکال دیا گیا

    کرتارپور گوردوارے سے سیلابی پانی نکال دیا گیا

    نارووال: کرتارپور گوردوارے سے سیلابی پانی نکال دیا گیا اور کرتارپور جنم استھان کے تمام حصوں کو مکمل صاف کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی ہدایت پر کرتارپور گردوارہ صاحب میں بڑے پیمانے پر صفائی اور بحالی کا ہنگامی آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔

    تاریخی اور مقدس سکھ عبادت گاہ آئندہ چند دنوں میں بین الاقوامی یاتریوں کے لیے دوبارہ کھول دی جائے گی۔

    حالیہ شدید سیلاب کے باعث گردوارہ کمپلیکس 10 سے 12 فٹ تک پانی میں ڈوب گیا تھا، ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر موٹر بوٹس کے ذریعے یاتریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا، جس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے فوری بحالی اور صفائی کے لیے خصوصی آپریشن کا حکم دیا۔

    ان کی ہدایت پر ستھرا پنجاب ٹیموں اور متعلقہ سرکاری محکموں نے دن رات محنت کر کے پانی نکالا، احاطے کی مکمل صفائی کی اور درشن دیوڑی سمیت گردوارے کے تمام حصے دوبارہ قابلِ عبادت حالت میں بحال کر دیے اور وسیع و عریض صحن کو بھی مکمل طور پر دھو کر صاف کیا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب نے خود آپریشن کی نگرانی کی اور اس بات کو یقینی بنایا کہ بحالی کا عمل تیزی اور مؤثر انداز میں مکمل ہو تاہم گردوارہ آئندہ تین سے چار دن میں یاتریوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔

    مقامی افراد اور سکھ برادری نے گردوارے کی فوری بحالی پر اطمینان اور شکرگزاری کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ اس تیز رفتار کام سے حیران رہ گئے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا: "کرتارپور — سیلاب سے ایمان تک۔ ہمارے سکھ بھائیوں کے احترام میں گردوارہ دربار صاحب میں خصوصی ڈی واٹرنگ آپریشن کیا گیا ہے، جو مکمل طور پر زیرِ آب آچکا تھا۔ اب اسے خشک اور محفوظ حالت میں بحال کر دیا گیا ہے۔

  • بانی پی ٹی آئی کے بھانجے شاہ ریز خان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

    بانی پی ٹی آئی کے بھانجے شاہ ریز خان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

    لاہور : انسدادِ دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کے بھانجے شاہ ریز خان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

    تفصیلات کے مطابق انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے علیمہ خانم کے بیٹے شاہ ریز خان کے جسمانی ریمانڈ سماعت کی، پولیس نے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ملزم شاہ ریز خان کو عدالت میں پیش کیا اور مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

    تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ شاہ ریز خان سے ڈنڈا برآمد کیا گیا ہے جبکہ فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ بھی کرایا جا چکا ہے، اس لیے وقوعہ کی مزید تفتیش کے لیے مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

    دورانِ سماعت شاہ ریز خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے مؤقف اپنایا کہ ملزم 9 مئی کو لاہور میں موجود نہیں تھے بلکہ دوستوں کے ہمراہ چترال گئے ہوئے تھے۔ اس سلسلے میں شاہ ریز خان کے دوستوں کے بیان حلفی بھی عدالت میں جمع کرائے گئے۔

    وکیل کے مطابق عمران خان کے بھانجے ملک کے بہترین ایتھلیٹ ہیں اور انہیں صرف بانی پی ٹی آئی کا بھانجا ہونے کی وجہ سے مقدمے میں ملوث کیا گیا ہے استدعا ہے کہ شاہ ریز خان کو مقدمے سے ڈسچارج کیا جائے۔

    عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد عمران خان کے بھانجے کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

    سماعت کے موقع پر شاہ ریز خان کی والدہ علیمہ خانم، خالہ عظمیٰ خانم اور تحریک انصاف کے دیگر رہنما بھی عدالت میں موجود تھے

  • کراچی میں بارش کی پیشگوئی پر متضاد دعوے سامنے آگئے

    کراچی میں بارش کی پیشگوئی پر متضاد دعوے سامنے آگئے

    کراچی : شہر قائد میں بارش کی پیشگوئی کے حوالے سے این ڈی ایم اے اور محکمہ موسمیات کے بیانات میں تضاد سامنے آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی کے موسم کی صورتحال کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ شہر میں رواں ہفتے تیز بارش کا کوئی امکان نہیں، تاہم صبح اور رات کے اوقات میں ہلکی بوندا باندی ہوسکتی ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ آج کراچی کا موسم جزوی ابر آلود رہے گا، جبکہ تیز دھوپ کے ساتھ موسم گرم و مرطوب ہوگا۔ شہر میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے کے باعث گرمی کی شدت معمول سے زیادہ محسوس کی جا رہی ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

    خیال رہے نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے کراچی سمیت سندھ بھر میں 30 اگست سے 2 ستمبر تک بارشوں کا امکان ظاہر کیا تھا۔

    مزید پڑھیں : کراچی کے لیے نیا الرٹ جاری: شدید بارشوں اور اربن فلڈنگ کی پیشگوئی

    این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری الرٹ میں کراچی کے علاوہ حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، تھرپارکر، سکھر، گھوٹکی، لاڑکانہ، جیکب آباد، کشمور اور دادو سمیت دیگر علاقوں میں بھی اسی دوران بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

    نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے کراچی میں شدید بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا تھا۔

  • ’دنیا بھر کے سکھوں کا سر فخر سے بلند ہوگیا‘: سکھ برادری کا فیلڈ مارشل کو خراج تحسین

    ’دنیا بھر کے سکھوں کا سر فخر سے بلند ہوگیا‘: سکھ برادری کا فیلڈ مارشل کو خراج تحسین

    (30 اگست 2025): سکھ برادری نے فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ کرتارپور کا دورہ کرنے اور پاک فوج کی بروقت امدادی کارروائیوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

    فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے دربار صاحب کرتارپور دورے کے موقع پر سکھ برادری سے خطاب کیا اور ان کی عبادت گاہوں کی جلد مکمل بحالی کی یقین دہانی کروائی۔ اس پر سکھ کمیونٹی نے سپہ سالار کو نہ صرف خراج تحسین پیش کیا بلکہ ان کے دورے اور بروقت امدادی کارروائیوں کو بھرپور الفاظ میں سراہا۔

    سکھ رہنما رمیش سنگھ نے کہا کہ بروقت امدادی کارروائیوں پر فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں، دورے کے دوران انہوں نے کہا کہ جہاں ضرورت ہوگی ہمارے ہیلی کاپٹر موجود ہوں گے۔

    یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل کا پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ، سکھ برادری سے ملاقات

    رمیش سنگھ نے کہا کہ پاکستان ہماری دھرتی اور ہماری جان ہے، پاکستان اور سکھ برادری کا رشتہ ایسے ہے جیسے ناخن کا گوشت کے ساتھ، پاکستان اور سکھوں کا رشتہ ہمیشہ قائم و دائم رہے گا، فیلڈ مارشل کے سکھ برادری کے ساتھ بیٹھنے سے پوری دنیا کے سکھوں کا سر فخر سے بلند ہوگیا۔

    انہوں نے کہا کہ دنیا کو پتا چلے گا کہ سپہ سالار نے خود کرتارپور کا دورہ کیا تو سکھوں کامان مزید بڑھے گا، دنیا بھر کے سکھ آ کر کہتے ہیں کہ پاکستان اقلیتوں کیلیے محفوظ ترین ملک ہے، سکھ یاتری جب پاکستان سے واپس جاتے ہیں تو ان کی آنکھوں میں آنسو ہوتے ہیں، سکھ یاتری کہتے ہیں کہ جتنا پیار ملا ہے دل نہیں کرتا کہ پاکستان چھوڑ کر واپس جائیں۔

    دیگر سکھ رہنماؤں نے بھی بروقت امدادی کارروائیوں پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔

    انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل نے جو سکھ برادری کا مان بڑھایا ہے پوری دنیا کے سکھوں کی طرف سے ان کا تہہ دل سے شکریہ کرتے ہیں، سیلاب کے بعد 24 گھنٹے کے دوران جو انہوں نے کیا اس کیلیے ہمارے پاس الفاظ نہیں، دنیا بھر کے سکھوں کا سر پاکستان کی طرف عقیدت و احترام کے ساتھ جھکتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے سکھوں کا پیار اور ہمدردیاں پاکستان کے ساتھ ہیں، پوری دنیا کے سکھ آپ کے شکرگزار ہیں، پاکستان ہمارے لیے حقیقی طور پر جنت ہے، پاک فوج قدرتی آفت میں عوام کی ہر ممکن مدد کیلیے ہمیشہ پیش پیش رہتی ہے۔

  • ’مریم نواز سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلیے علی امین گنڈاپور سے ٹیوشن لیں‘

    ’مریم نواز سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلیے علی امین گنڈاپور سے ٹیوشن لیں‘

    پشاور (30 اگست 2025): مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلیے علی امین گنڈاپور سے ٹیوشن لینے کا مشورہ دے دیا۔

    ترجمان کے پی حکومت بیرسٹر سیف نے اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف عملی کارروائی کریں، اثاثے منجمد کر کے عوام کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔

    انہوں نے مشورہ دیا کہ مریم نواز علی امین گنڈاپور سے سیلابی صورتحال سے نمٹنے کی ٹیوشن لیں۔

    یہ بھی پڑھیں: ’مریم نواز عوامی خدمت علی امین گنڈاپور سے سیکھیں‘

    یاد رہے کہ جولائی 2025 میں بھی بیرسٹر سیف نے مریم نواز کو ترقیاتی کاموں کیلیے علی امین گنڈاپور سے ٹیوشن لینے کا مشورہ دیا تھا۔

    انہوں نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ مریم نواز ترقیاتی کاموں کیلیے علی امین گنڈاپور سے ٹیوشن لیں۔ پنجاب میں ہونے والی بارشوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ لاہور ایک بار پھر پانی میں ڈوبا ہوا ہے وزیر اعلیٰ پنجاب پر تنقید کرنا بھی اب جرم بن چکا ہے۔

    بیرسٹر سیف نے مشورہ دیا تھا کہ زبردستی نعرے لگوانے کے بجائے اپنی کارکردگی پر توجہ دیں، علی امین گنڈاپور اور کابینہ نے دورہ لاہور میں سڑکوں کی حالت زار دیکھی، تعفن اور بدبو کے باعث سڑکوں پر سانس لینا بھی دشوار ہو چکا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ چند گھنٹوں کی بارش نے مریم نواز کے پیرس کا پول کھول دیا ہے، اقتدار میں کئی بار آنے کے باوجود لاہور کی حالت آج بھی ابتر ہے۔

  • پنجاب میں سیلاب سے جاں بحق افراد کی تعداد 30 ہوگئی، 15 لاکھ سے زائد متاثر

    پنجاب میں سیلاب سے جاں بحق افراد کی تعداد 30 ہوگئی، 15 لاکھ سے زائد متاثر

    لاہور : سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پنجاب میں سیلاب سے 30 افراد جاں بحق اور 15 لاکھ سے زائد متاثر ہوئے تاہم پیشگی اقدامات سے پنجاب بڑے جانی نقصان سے بچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ پنجاب میں سیلاب کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 30 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ تین دریاؤں کے سیلابی پانی سے 2 ہزار 38 موضع جات متاثر ہوئے ہیں۔

    صوبائی وزیر نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے پیشگی اقدامات کے باعث صوبہ بڑے جانی نقصان سے بچ گیا۔ وزیراعلیٰ براہِ راست گرینڈ ریسکیو آپریشن کی نگرانی کر رہی ہیں اور تمام ادارے ایک مٹھی بن کر عوام کی مدد میں مصروف ہیں۔

    مریم اورنگزیب نے کہا اب تک سیلاب سے 15 لاکھ 16 ہزار 603 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ 4 لاکھ 81 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں 511 ریلیف کیمپس اور 351 میڈیکل کیمپس 24 گھنٹے متاثرین کی دیکھ بھال کر رہے ہیں، جہاں اس وقت 6 ہزار 373 افراد مقیم ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ 4 لاکھ 5 ہزار سے زائد مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے، جن کے علاج کے لیے 321 ویٹرنری کیمپس قائم کیے گئے ہیں اور ریسکیو مشن میں حصہ لینے والی کشتیوں کی تعداد بڑھا کر 808 کر دی گئی ہے۔

    مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اب تباہی کی شکل اختیار کر چکی ہے، سیلاب سے بحالی کے بعد تجاوزات کے خاتمے کا آپریشن کیا جائے گا جبکہ پیشگی خبردار کرنے والے جدید ترین نظام پنجاب میں متعارف کرائے جائیں گے۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ حالیہ سیلاب کے دوران ہونے والے تجربات کی روشنی میں ایک جامع حکمت عملی تیار کی جائے گی تاکہ مستقبل میں نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکے۔