Category: پاکستان

پاکستان اردو نیوز

ملک پاکستان میں اے آر وائی نیوز کی جانب سے آنے والی تازہ ترین خبریں

Pakistan Urdu News- Daily Pak Urdu News

  • سیلاب میں بہہ کر آنے والی مچھلیاں مال غنیمت بن گئیں

    سیلاب میں بہہ کر آنے والی مچھلیاں مال غنیمت بن گئیں

    پھالیہ : پنجاب میں آنے والے تباہ کن سیلاب میں نہروں سے مچھلیاں بھی بہہ کر آگئیں، دھان کے کھیت فش فارمز میں تبدیل ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق منڈی بہاؤالدین کے مکینوں کی چاندی ہوگئی، بہت بڑی تعداد میں سیلاب میں بہہ کر آنے والی مچھلیاں پکڑ کر فروخت کرنے لگے۔

    سیلابی ریلے کے ساتھ بہہ کر آنے والی مچھلیاں دھان کے کھیتوں میں محصور ہوگئیں، مقامی افراد نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کھیتوں میں موجود مچھلیاں پکڑ کر بازاروں میں بیچنا شروع کردیں۔

    کسی نے جال سے مچھلیاں پکڑیں تو کوئی کپڑے کی چادریں لے آیا شکاریوں نے مچھلیوں سے اپنے بڑے بڑے تھیلے بھر لیے۔

    دریائے چناب میں دو افراد ڈوب کر جاں بحق

    علاوہ ازیں دریائے چناب میں ہیڈ قادر آباد کے سیلابی ریلے میں ڈوب کر دو افراد جاں بحق ہوگئے، جن کی لاشیں مقامی اسپتال لائی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق دریائے چناب میں ہیڈ قادرآباد کے سیلابی ریلے میں دو افراد ڈوب کر جاں بحق ہوگئے ہیں۔ نواحی گاؤں میلو کہنہ میں معمر شخص بے رحم موجوں کی نذر ہوگیا جس کی شناخت اسلم گوندل کے نام سے ہوئی ہے۔

    مقامی افراد نے مذکورہ شخص کی لاش پانی سے ڈھونڈ کر نکالی۔ دوسرے حادثہ میں نواحی گاؤں بھیکھو کا رہائشی 34سالہ نوجوان جس کی شناخت شہزاد کے نام سے ہوئی ہے ڈوب کر جاں بحق ہو گیا ہے۔

     

  • نالہ ڈیک میں دوبارہ طغیانی کا خطرہ، نقل مکانی کی ہدایات جاری

    نالہ ڈیک میں دوبارہ طغیانی کا خطرہ، نقل مکانی کی ہدایات جاری

    نارووال کے علاقے ظفر وال کے مقام پر نالہ ڈیک میں دوبارہ طغیانی کا خطرہ ہے 4 روز قبل نالہ ڈیک میں تاریخ کا  بلند ترین 80 ہزار کیوسک کا ریلہ گزرا تھا۔

    لہڑی ،سکروڑ گاؤں کو فوری خالی کرنے کےاعلانات کیے جارہے ہیں، انتظامیہ مساجد اور مختلف مقامات پر اعلانات کررہی ہے۔

    اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے کی طرف سے شدید بارشوں کا بھی الرٹ ہے، نالہ ڈیک کے نزدیکی گاؤں لہڑی، سکروڑ کو مکمل طور پر خالی کرایا جارہا ہے۔

    دوسری جانب جلالپوربھٹیاں میں متعدد دیہات میں سیلاب کا پانی جمع ہوگیا جسکے باعث علاقہ مکین اپنے گھر بار چھوڑ کر جانے لگے، راشن ختم ہونے اور بیماریوں کی وجہ سے دیہات کے مکینوں کی بڑی تعداد پریشانی کا شکار ہے۔

    رپورٹ کے مطابق لاہور میں سیلابی صورتحال کے باعث پولیس کو مکمل الرٹ کردیا گیا ہے، ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران رات گئے راوی پل شاہدرہ پہنچ گئے۔

    فیصل کامران نے امدادی و حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا، انہوں نے بتایا کہ دریائے راوی سے متعلقہ تھانے ہائی الرٹ پر ہیں۔

    ڈی آئی جی آپریشنز لاہور پولیس کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مکمل تیار ہے، راوی پل پر ٹریفک کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، کسی شہری کو بھی فلائی اوور پر بلاوجہ ٹھہرنے کی اجازت نہیں ہے۔

    اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز نے راوی ناکہ پر سیکیورٹی کی صورتحال بھی چیک کی، انہوں نے شہر میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی چیکنگ کے عمل کا بھی معائنہ کیا۔

  • کراچی : سنگین وارداتوں میں ملوث انتہائی مطلوب ملزم ابرار جادو گرفتار

    کراچی : سنگین وارداتوں میں ملوث انتہائی مطلوب ملزم ابرار جادو گرفتار

    کراچی : رینجرز  نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اورنگی ٹاؤن نمبر 10 سے انتہائی مطلوب ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    اس حوالے سے ترجمان رینجرز حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی شناخت ابرار عرف جادو ولد مختیار کے نام سے ہوئی ہے۔

    مطلوب ملزم ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم، بھتہ خوری اور منشیات فروشی کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ہے، ملزم نے 2017 میں لیاری گینگ وار کارندے امجد کے ساتھ مل کر تاجروں کو بھتے کی پرچیاں دیں۔

    ترجمان نے بتایا کہ ملزم نے ابتدائی تفتیش میں اورنگی ٹاؤن ایرانی کیمپ سے 75ہزار روپے سے زائد بھتہ وصول کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

    اس کے علاوہ ملزم نے رواں سال جون میں زیڈ ایم سی پارک سے 10 موبائل فون، 80ہزار روپے نقدی لوٹنے کا بھی انکشاف کیا ہے۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم نے 25 سے زائد ڈکیتیوں میں 55 موبائل فونز اور 5 لاکھ روپے لوٹے، ملزم اور اس کا ساتھی امجد کراچی میں منشیات فروشی میں بھی ملوث رہے ہیں۔

    مطلوب ملزم عادی مجرم ہے، دستی بم سمیت متعدد مقدمات میں جیل جا چکا ہے، ملزم کے خلاف 15 سے زائد مقدمات درج ہیں جبکہ ایک مقدمے میں سندھ ہائی کورٹ سے بھی مفرور ہے، ملزم کو مزید کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔

  • کراچی میں 6 سالہ بیٹی نے ماں کے مبینہ قاتل باپ کو پکڑوا دیا

    کراچی میں 6 سالہ بیٹی نے ماں کے مبینہ قاتل باپ کو پکڑوا دیا

    کراچی کے علاقے سولجر بازار میں خاتون کے قتل کے شبے میں پولیس نے شوہر کو حراست میں لے لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس کا بتانا ہے کہ خاتون کے شوہر قمر عابدی کا بیان مشکوک ہے کہ 2 دن سے گھر نہیں آیا جبکہ 6 سالہ بیٹی نے بتایا کہ والد گھر پر ہی تھے، بیٹی کی نشاندہی پر والد کے خون کے نشان زدہ کپڑے برآمد کیے ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بچی کا بھی میڈیکل کرانے کا فیصلہ کیا ہے، میڈیکل میں دیکھا جائے گا کہ واردات کے وقت بچی کو نشہ آور چیز تو نہیں دی گئی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خاتون کا شوہر آئس کے نشے کا عادی ہے اور صحت جرم سے انکار کررہا ہے۔

    تفتیشی حکام کے مطابق شوہر کا کہنا ہے کہ صبح 7 بجے ڈیوٹی پر جاتے ہوئے گھر کو تالہ لگاتا تھا جس دن واقعہ ہوا تالہ نہیں لگایا تھا۔

  • گڈو، سکھر کے مقام پر سیلاب کا خدشہ

    گڈو، سکھر کے مقام پر سیلاب کا خدشہ

    پی ڈی ایم اے سندھ نے 4 سے 5 ستمبر کے دوران گڈو، سکھر کے مقام پر سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے کے مطابق ڈی جی پی ڈی ایم اے سندھ نے گڈو، سکھر کے مقام پر سیلاب کے خدشے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو پیشگی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

    یہ پڑھیں: گھر اور عمر بھر کی کمائی سب بہہ گئی، سوات کے سیلاب متاثرین کھلے آسمان تلے (ویڈیو)

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈی جی پی ڈی ایم سندھ نے سیلاب سے نمٹنے کی تیاریاں یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔

    پی ڈی ایم اے سندھ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے امدادی سامان، مشینری، کشتیاں روانہ کریں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ پروونشل ایمرجنسی آپریشن کا عملہ 24 گھنٹے الرٹ رہے، ضلعی انتظامیہ کو ریلیف اور میڈیکل کیمپ قائم کرنے اور حساس علاقے خالی کرانے کی ہدایت کی ہے۔

  • گھر اور عمر بھر کی کمائی سب بہہ گئی، سوات کے سیلاب متاثرین کھلے آسمان تلے (ویڈیو)

    گھر اور عمر بھر کی کمائی سب بہہ گئی، سوات کے سیلاب متاثرین کھلے آسمان تلے (ویڈیو)

    سوات (29 اگست 2025) کے پی میں آنے والے تباہ کن سیلاب نے بربادی کی نئی داستان رقم کی سوات میں متاثرین کی مشکلات ختم نہ ہوئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کے پی میں گزشتہ دنوں آنے والے تاریخ کے بدترین سیلاب اور کلاؤڈ برسٹ نے ہر طرف تباہی مچا دی۔ سیاحوں کے لیے پاکستان کا پیرس کہلانے والی وادی سوات کا حسن بھی سیلاب نے ماند کر دیا۔

    اسی سوات کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں بربادی کے مناظر آج بھی لوگوں کے دل دہلا رہے ہیں اور لوگ اپنی زندگی بھر کی جمع پونچی سیلاب کی نذر ہونے کے بعد اب کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں۔

    ان ہی میں ایک عمر زادہ ہیں، جنہوں نے دن رات محنت کر کے چار کمروں کا گھر بنا کر اپنے خوابوں کی تعبیر پائی تھی۔ لیکن بے رحم سیلاب کی موجیں اس کا گھر بہا کر لے گئیں، اب یہاں صرف ویران چوکھٹیں بچی ہیں جب کہ دیواریں مٹی میں دب چکی ہیں۔

    سیلاب صرف عمر زادہ کا گھر ہی نہیں بلکہ کمائی کا واحد ذریعہ رکشا، 4 بھینسیں، فرنیچر اور دیگر سامان بھی اپنے ساتھ بہا کر لے گیا۔

    کھلے آسمان تلے اپنے گھر کے ملبے پر ٹینٹ لگا کر بیٹھے عمر زادہ آہ بھر کر کہتے ہیں کہ لوگ تو کبھی ہزار اور کبھی پندرہ سو روپے دے جاتے ہیں، لیکن حکومت کی طرف سے اب تک کوئی امداد نہیں دی گئی ہے۔

    عمر زادہ کا کہنا ہے کہ ہم اپنا سب کچھ سیلاب میں گنوا کر اس ویران جگہ پر بیٹھے ہیں، مگر اب تک حکومت کی جانب سے کوئی امداد نہیں آئی ہے۔

    عمر زادے کا کزن شیر محمد خان بھی اپنی کمائی کا ذریعہ سیلاب کی نذر کر چکا ہے۔ شیر محمد کا کہنا ہے کہ اس کی ایک دکان یہاں تھی، جس میں تقریباً 10 لاکھ روپے کا سامان تھا، سب سیلاب کی لہریں بہا کر لے گئیں۔ حکومت سے اپیل ہے کہ وہ ہماری دادرسی کرے۔

    سیلاب کی ان کی زندگی بھر کی کمائی خوشیاں اور امیدیں سب چھین لیں۔ یہ بے آسرا اور بے چھت متاثرین اب حکومت کی طرف آس لگائے بیٹھے ہیں کہ کوئی آئے اور ان کے زخموں پر مرہم رکھے۔

     

  • اوورسیز پاکستانی سے 6 کروڑ کا فراڈ کرنے والا ٹک ٹاکر گرفتار

    اوورسیز پاکستانی سے 6 کروڑ کا فراڈ کرنے والا ٹک ٹاکر گرفتار

    لاہور (29 اگست 2025) بیرون ملک مقیم پاکستانی کو جھانسہ دے کر 6 کروڑ روپے سے زائد کا فراڈ کرنے والے ٹک ٹاکر کو گرفتار کر لیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانی ارسلان کو پلاٹ کی خریداری کا جھانسہ دے کر 2 لاکھ یورو (6 کروڑ 56 لاکھ 40 ہزار روپے پاکستانی) کا فراڈ کیا۔

    رقم کی واپسی کا مطالبہ کرنے پر ٹک ٹاکر خرم گجر نے اوورسیز پاکستانی ارسلان کو دھمکیاں دیں، جس کے بعد رانا ارسلان تھانہ ڈیفنس پہنچ گیا اور اس کی درخواست پر پولیس نے اس کو گرفتار کر لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ خرم گجر نے رانا ارسلان سے کمرشل پلاٹ کی خریداری کی مد میں اتنا بڑا مالی فراڈ کیا۔ اوورسیز پاکستانی کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے کارروائی کی اور ملزم کو گرفتار کیا۔

    واضح رہے کہ سوشل میڈیا کے فروغ کے بعد دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی ٹک ٹاک نشے کی طرح لوگوں بالخصوص نوجوانوں میں سرایت کرتا جا رہا ہے۔

    مختلف تنازعات میں اب تک کئی ٹک ٹاکر قتل ہو چکے ہیں جب کہ مختلف الزامات میں گرفتاریاں بھی ہو چکی ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/karachi-police-arrest-tik-toker-over-durgs-suppy/

  • ’پی آئی اے و دیگر اداروں کی نجکاری آئندہ ہفتوں میں متوقع ہے‘

    ’پی آئی اے و دیگر اداروں کی نجکاری آئندہ ہفتوں میں متوقع ہے‘

    وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پی آئی اے و دیگر اداروں کی نجکاری آئندہ ہفتوں میں متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ سے یواےای کے بزنس لیڈرز نے ملاقات کی جس میں معاشی اصلاحات اور سرمایہ کاری پر بریفنگ دی گئی۔

    وزیر خزانہ نے کہا کہ معیشت میں بنیادی سرپلس، ایکسچینج ریٹ اور زرمبادلہ ذخائر مستحکم ہیں عالمی ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کی معیشت پر اعتماد بحال کیا ہے جب کہ 70ہزار سے زائد نئے سرمایہ کار اسٹاک مارکیٹ میں داخل ہوئے۔

    وزیرخزانہ نے کہا کہ ریکوڈک سمیت کان کنی کے شعبے میں بڑے مواقع موجود ہیں، پی آئی اے و دیگر اداروں کی نجکاری آئندہ ہفتوں میں متوقع ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جلد پہلا پانڈا بانڈ جاری کرے گا جب کہ صنعتی پالیسی اور ایکسپورٹ پروموشن پالیسی جلد متعارف کرائی جائے گی، ٹیکس نیٹ کو خدمات، ہول سیل، ریٹیل اور زراعت تک بڑھایا جا رہا ہے۔

    یواےای کے سرمایہ کاروں نے پاکستان کی معاشی اصلاحات اور مواقع کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور یو اےای میں معاشی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

  • ایشیائی ترقیاتی بینک کا سیلاب متاثرین کیلئے ہنگامی امداد کا اعلان

    ایشیائی ترقیاتی بینک کا سیلاب متاثرین کیلئے ہنگامی امداد کا اعلان

    ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر نے سیلاب متاثرین کیلئے 3 ملین ڈالر کی ہنگامی امداد کا اعلان کر دیا۔

    ایشیائی ترقیاتی بینک  کے صدر ماساٹوکانڈا نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جانی نقصان پر تعزیت کی ہے۔

    اعلامیہ کے مطابق ایشیا پیسفک ڈیزاسٹر رسپانس فنڈ سے 3ملین ڈالر کی گرانٹ فراہم کی جائے گی جو کہ حکومت پاکستان کی جانب سے درخواست پر دی جارہی ہے۔

    صدر ایشیائی ترقیاتی بینک ماساٹوکانڈا کا کہنا ہے کہ پاکستان تباہ کن سیلاب کاسامنا کر رہا ہے سیلاب  نے خاندانوں اور برادریوں کو بےگھر کر دیا ہے، اےڈی بی بحران کےدوران پاکستان کےساتھ مضبوطی سےکھڑا ہے۔

    بل گیٹس

    بل گیٹس کی ’’گیٹس فاؤنڈیشن‘‘ نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے ایک ملین ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے۔

    مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کی فلاحی تنظیم ’’گیٹس فاؤنڈیشن‘‘ نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے ایک ملین ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے۔ یہ امداد عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ذریعہ پاکستان کو فراہم کی جائے گی۔

    گیٹس فاؤنڈیشن کی یہ امداد چاروں صوبوں کے 33 متاثرہ اضلاع کے 4 لاکھ 65 ہزار متاثرین کے لیے ہے۔ اس امداد سے سیلاب متاثرین کو طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

    ڈبلیو ایچ او پاکستان کے نمائندہ ڈاپنگ لو نے بروقت امداد فراہمی پر گیٹس فاونڈیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس امداد سے متاثرین کی زندگیاں بچانے میں مدد ملے گی۔ ڈبلیو ایچ او انسانی جانوں کے تحفظ کیلیے پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

    ڈاپنگ لو نے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلی سے مون سون شدت اختیار کر رہا ہے اور قدرتی آفات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ صحت عامہ کے تحفظ کیلیے بہتر تیاری و بروقت ردعمل ضروری ہے۔

    کے پی

    رواں ماہ خیبر پختونخوا میں آنے والے تباہ کن سیلاب نے تباہی کے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے۔ تاریخ کے بدترین سیلاب نے 400 کے قریب انسانی جانیں نگل لیں۔ ہزاروں مویشی پانی میں بہہ گئے۔ سینکڑوں مکانات، ہوٹلز، اسکولز، مساجد اور سرکاری انفراسٹرکچر بھی سیلابی موجوں کے ساتھ بہہ گیا۔

    صوبے میں سیلاب میں اپنے پیاروں کو کھونے والے اور تباہ حال متاثرین کو کے پی حکومت مالی امداد فراہم کر رہی ہے۔ کس کو کتنی امداد دی جا رہی ہے۔ اس حوالے سے مشیر خزانہ کے پی مزمل اسلم نے اعداد وشمار بتا دیے۔

    مزمل اسلم نے بتایا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت سیلاب میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو 20 لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کر رہی ہے۔

  • سیلاب سے بچنے کی کوشش، ریلوے لائن کو تین مقامات پر دھماکے سے اڑا دیا گیا

    سیلاب سے بچنے کی کوشش، ریلوے لائن کو تین مقامات پر دھماکے سے اڑا دیا گیا

    جھنگ: سیلاب سے بچنے کی کوشش کے لیے ریلوے لائن کو تین مقامات پر دھماکے سے اڑا دیا گیا ہے۔

    این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ریلوے لائن کے تین سیکشنز کو دھماکا خیز مواد سے توڑا گیا ہے، بلاسٹنگ ٹیم نے تینوں سیکشنز کو کامیابی سے توڑ کر سیلاب کے لیے راستہ بنایا ہے۔

    ترجمان این ڈی ایم کا کہنا ہے کہ جھنگ پل سے ڈیڑھ لاکھ کیوسک سیلابی ریلے کا رخ موڑ دیا گیا ہے۔

    اس سے پہلے جھنگ پل سے گزرنے والا سیلاب 4 لاکھ 96 ہزار کیوسک تھا، سیلاب کا رخ موڑنے سے 30 دیہات کی آبادی کو محفوظ کرلیا گیا ہے۔

    یہ پڑھیں: پنجاب میں تباہی مچاتے سیلابی ریلے سندھ کی جانب بڑھنے لگے ، ایمرجنسی نافذ

    علاوہ ازیں جھنگ شہر کو بچانے کے لیے دریائے چناب کا بند توڑ دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز دریائے چناب میں ضلعی انتظامیہ نے ہیڈ قادر آباد کا حفاظتی بند توڑ دیا تھا۔

    بارودی سرنگ بچھا کر رائٹ ڈاؤن اسٹریم بند میں شگاف ڈالا گیا تھا۔پاک فوج اور مقامی انتظامیہ کی موجودگی میں بند توڑا گیا تھا۔

    انتظامیہ کےمطابق بیراج کو بچانے کے لیےحفاظتی بند توڑا گیا،دریائے چناب میں قادر آباد کے مقام پر سیلاب انتہائی خطرناک سطح پر پہنچ گیا، پانی کی آمد 9 لاکھ35 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا جارہا ہے، ہیڈ ورکس کی موجودہ صلاحیت صرف 8 لاکھ کیوسک ہے۔