Category: پاکستان

پاکستان اردو نیوز

ملک پاکستان میں اے آر وائی نیوز کی جانب سے آنے والی تازہ ترین خبریں

Pakistan Urdu News- Daily Pak Urdu News

  • مون سون کا 9 واں اسپیشل شروع، طوفانی بارشوں کی پیشگوئی

    مون سون کا 9 واں اسپیشل شروع، طوفانی بارشوں کی پیشگوئی

    ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مون سون کا 9واں اسپیشل شروع ہوگیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ترجمان پی ڈی ایم کا کہنا ہے کہ دریاؤں کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کی پیشگوئی ہے، آج سے 2 ستمبر تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔

    راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، لاہور، گجرات اور سیالکوٹ میں بارشیں متوقع ہیں۔

    یہ پڑھیں: پنجاب کے سیلاب متاثرین میں وبائی امراض تیزی سے پھیلنے لگے

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ لاہور، نارووال، حافظ آباد، منڈٖی بہاؤ الدین، اوکاڑہ میں بارشوں کا امکان ہے، ساہیوال، قصور، جھنگ، سرگودھا اور میانوالی میں بارشوں کی پیشگوئی ہے۔

    ترجمان کے مطابق ڈیرہ غازی خان، ملتان اور راجن پور میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔

    ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

    ریلیف کمشنر کا کہنا ہے کہ بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث ندی ندی نالے بپھر سکتے ہیں، ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن، 1129 پر رابطہ کریں۔

  • 14 دن میں 10کروڑ کا منافع ، پاکستان کی کرپٹو مارکیٹ میں تاریخ ساز کامیابی

    14 دن میں 10کروڑ کا منافع ، پاکستان کی کرپٹو مارکیٹ میں تاریخ ساز کامیابی

    بائنینس کی جانب سے منعقدہ مقابلے میں پاکستانی کمیونٹی ابوکارٹل نے کرپٹو کنگ آف پاکستان کا اعزاز اپنے نام کرلیا، اس ایونٹ کے لیے 50 ہزار ڈالر سے زائد کا انعامی فنڈ رکھا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی کرپٹو مارکیٹ میں ایک اہم سنگ میل عبور کرلیا گیا، جہاں پاکستانی کرپٹو کمیونٹی ابو کارٹل نے عالمی شہرت یافتہ کرپٹو ایکسچینج بائنینس کے ملک گیر مقابلے میں نمایاں کامیابی حاصل کی۔

    بائنینس کی جانب سے منعقدہ اس مقابلے میں ملک بھر سے 10 سے 15 ٹیموں نے حصہ لیا، تاہم دو ہزار ممبران پر مشتمل کمیونٹی ابو کارٹل نے سب کو پیچھے چھوڑتے ہوئے کامیابی اپنے نام کرلی۔

    کمیونٹی نے صرف 14 دن کے قلیل عرصے میں 2 لاکھ ڈالر (تقریباً 10 کروڑ روپے) منافع کما کر نئی تاریخ رقم کی، اس شاندار کارکردگی پر ابو کارٹل کو "کرپٹو کنگ آف پاکستان” کا اعزاز بھی دیا گیا۔

    بائنینس کی جانب سے اس ایونٹ کے لیے 50 ہزار ڈالر سے زائد کا انعامی فنڈ رکھا گیا تھا، جس میں کامیاب ٹیموں کو انعامات سے نوازا گیا۔

    کرپٹو ماہرین کے مطابق اس کامیابی سے پاکستان میں ڈیجیٹل کرنسی اور کرپٹو ٹریڈنگ کے شعبے میں نئی راہیں کھلنے کا امکان ہے۔

  • خاتون کو بہانے سے  ہوٹل لے جا کر زیادتی اور نازیبا ویڈیو بنانے والا ملزم گرفتار

    خاتون کو بہانے سے ہوٹل لے جا کر زیادتی اور نازیبا ویڈیو بنانے والا ملزم گرفتار

    راولپنڈی : خاتون کو بہانے سے ہوٹل لے جا کر زیادتی اور نازیبا ویڈیو بنانے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا، واقعے کا مقدمہ دو روز قبل درج کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں تھانہ سٹی پولیس نے خاتون سے زیادتی اور نازیبا ویڈیو بنانے والے ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔

    پولیس نے بتایا کہ ملزم نے بہانے سے متاثرہ خاتون کو ہوٹل لے جا کر زیادتی کی اور نازیبا ویڈیو بنائی، ساتھ ہی جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ واقعے کا مقدمہ دو روز قبل درج کیا گیا تھا۔

    ایس پی راول سعد ارشد نے بتایا کہ تھانہ سٹی پولیس نے جدید وسائل بروئے کار لا کر ملزم کو گرفتار کیا، جب کہ میڈیکل پراسیس بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔

    پولیس نے کہا ہے کہ زیرِ حراست ملزم کے دوسرے ساتھی کو بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

    پولیس حکام نے مزید بتایا کہ ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، اور چالان عدالت میں پیش کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔

  • الیکٹرک بائیکس کن ملازمین کو ملیں گی؟ اعلان ہوگیا

    الیکٹرک بائیکس کن ملازمین کو ملیں گی؟ اعلان ہوگیا

    کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کے ایم سی ملازمین کو الیکٹرک بائیکس دینے کا اعلان کردیا اور کہا ہلے مرحلے میں ڈسپیچ رائیڈرز کو بائیکس دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے اخراجات کم کرنے اور ماحول دوست اقدامات کے تحت مرحلہ وار اپنی موٹربائیکس کو بجلی پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں ڈسپیچ رائیڈرز کو الیکٹرک بائیکس فراہم کی جائیں گی جبکہ خواتین ملازمین میں بھی یہ بائیکس تقسیم کی جائیں گی۔

    میئر کراچی کا کہنا تھا کہ ایک بائیک کی قیمت 2 لاکھ 40 ہزار روپے تھی لیکن 2 لاکھ 15 ہزار روپے میں خریدی گئی ہے، پہلے مرحلے میں 20 الیکٹرک بائیکس خریدی گئی ہیں جو بلدیہ عظمیٰ کے ورکرز میں تقسیم ہوں گی۔

    انھوں نے مزید بتایا کہ اس مقصد کے لیے بلدیہ عظمیٰ کی عمارت میں چارجنگ اسٹیشن بھی قائم کیا گیا ہے جبکہ مستقبل میں کراچی کے مختلف مقامات پر مزید چارجنگ اسٹیشنز بنانے کا منصوبہ ہے، ان اسٹیشنز کو موبائل ایپ کے ذریعے مانیٹر کیا جائے گا۔

    انھوں نے کہا کہ یہ منصوبہ ماحول دوست، بچت اور اسمارٹ ٹیکنالوجی کی جانب ایک اہم قدم ہے، کے ایم سی پاکستان کی واحد کاؤنسل ہے جو مکمل طور پر سولر انرجی پر چل رہی ہے اور اخراجات کے ساتھ ساتھ کاربن فٹ پرنٹ کم کرنے کے لیے حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ شارع فیصل، شاہراہ ایران اور شاہراہ غالب کو بھی شمسی توانائی پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

    بارشوں کے حوالے سے میئر کراچی نے کہا کہ 30 اگست سے 2 ستمبر تک بارشوں کی پیشگوئی ہے، اس دوران نکاسی آب کے لیے چوکنگ پوائنٹس پر مشینری موجود ہوگی جبکہ ٹریفک پولیس اور وارڈنز بھی سڑکوں پر تعینات ہوں گے اور مختلف مقامات پر کیمپس قائم کیے جائیں گے تاکہ اگر کوئی فیملی پھنس جائے تو انہیں فوری سہولت فراہم کی جا سکے۔

    مرتضیٰ وہاب نے شہریوں سے اپیل کی کہ بارش کے دوران افراتفری سے گریز کریں کیونکہ ایسی صورتحال میں سڑکیں بلاک ہو جاتی ہیں۔

    Nadra- CNIC, B-Form, FRC, NICOP and other Information

  • امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں ہر ممکن سہولتیں فراہم کرنے کی یقین دہانی

    امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں ہر ممکن سہولتیں فراہم کرنے کی یقین دہانی

    اسلام آباد (29 اگست 2025): وزیر داخلہ محسن نقوی نے امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں ہر ممکن سہولتیں فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی سے امریکا کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے دوبارہ ملاقات کی۔ اس موقع پر دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔

    وزیر داخلہ اور امریکی قائم مقام سفیر کے درمیان پاکستان کو امریکا میں مطلوب پاکستانیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، جب کہ بارڈر سیکیورٹی، انسداد منشیات، کوسٹ گارڈز اور فرانزک شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

    محسن نقوی نے کہا کہ صدر ٹرمپ کا پاکستان میں تیل کے ذخائر بڑھنے کے لیے کام کرنے کا بیان خوش آئند ہے۔ امریکی سرمایہ کار پاکستان میں تیل سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

    وزیر داخلہ نے امریکا کی سفیر نیٹلی بیکر کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے امریکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

    اس موقع پر قائم مقام سفیر نے خیبر پختونخوا اور پنجاب میں سیلاب کے باعث جانی اور مالی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/pakistan-us-trade-deal-islamabad-pakistan/

  • راولپنڈی :   ہولی فیملی اسپتال  میں ڈاکٹرز کی غفلت سے 11 سالہ بچی جاں بحق

    راولپنڈی : ہولی فیملی اسپتال میں ڈاکٹرز کی غفلت سے 11 سالہ بچی جاں بحق

    راولپنڈی: ہولی فیملی اسپتال میں ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت سے 11 سالہ بچی جاں بحق ہوگئیں، بچی کو دو روز قبل اسپتال لایا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں ہولی فیملی اسپتال میں زیرِ علاج 11 سالہ کائنات مبینہ طور پر ڈاکٹرز کی غفلت کے باعث دم توڑ گئی۔

    اہلِ خانہ نے بتایا کہ بچی کو دو روز قبل پیٹ میں شدید درد کے باعث اسپتال لایا گیا تھا جہاں اپینڈکس کا آپریشن کیا گیا۔

    ورثاء نے الزام لگایا کہ ڈاکٹرز نے کائنات کو ضرورت سے زیادہ ادویات دیں، جبکہ آپریشن کے بعد پیٹ میں کسی چیز کے رہ جانے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا۔

    والدین کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز نے پیٹ میں رہ جانے والی چیز کو ادویات کے ذریعے ختم کرنے کی کوشش کی، تاہم بچی جانبر نہ ہو سکی۔

    غم سے نڈھال ورثاء نے اسپتال انتظامیہ سے متعلقہ ڈاکٹرز کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

    دوسری جانب ہولی فیملی اسپتال کی انتظامیہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعے کی انکوائری رپورٹ جلد ایم ایس ہولی فیملی اسپتال کو پیش کی جائے گی۔

  • پاکستان کی کرپٹو سفارت کاری نے عالمی سطح پر مضبوط مقام حاصل کرلیا

    پاکستان کی کرپٹو سفارت کاری نے عالمی سطح پر مضبوط مقام حاصل کرلیا

    اسلام آباد : پاکستان کی کرپٹو سفارت کاری نے عالمی سطح پر مضبوط مقام حاصل کرلیا اور ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی قائم کر کے کرپٹو اور ڈیجیٹل اثاثوں کی نگرانی اور ریگولیشن کا آغاز کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے کرپٹو اور ڈیجیٹل فنانس کے میدان میں ایک اور بڑی پیش رفت کرتے ہوئے ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی قائم کر دی ہے، جو ملک میں ڈیجیٹل اثاثوں کی نگرانی اور ریگولیشن کا ذمہ سنبھالے گی۔

    یہ اقدام پاکستان کی کرپٹو سفارت کاری اور عالمی ڈیجیٹل فنانس میں داخلے کا اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

    کرپٹو انڈسٹری سے وابستہ بلال بن ثاقب نے کہا کہ پاکستان کی کرپٹو پالیسی عالمی وژن کی پیروی میں نئے بین الاقوامی اقتصادی مواقع کھول رہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کہ پاکستان کا اسٹریٹجک بٹ کوائن ریزرو مستقبل میں عملی سرمایہ کاری اور مالی استحکام کی علامت ہے۔

    فنانشل ٹائمز کی ایک رپورٹ میں بھی پاکستان کی کرپٹو توانائی اور حکمت عملی کو سراہا گیا ہے، جسے عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی اہمیت اور فعال کردار کا اعتراف قرار دیا گیا۔

    بلال بن ثاقب نے مزید کہا کہ پاکستان آخرکار عالمی جدت کے میدان میں ایک فعال شراکت دار کے طور پر ابھر رہا ہے،

    اس موقع پر پاکستان کو سوئٹزرلینڈ اور ایل سلواڈور جیسے ممالک کے ساتھ بٹ کوائن ریزرو کو قانونی ٹینڈر کے طور پر اپنانے والے ممالک کی فہرست میں بھی شامل کیا گیا ہے۔

    اکستان کی کرپٹو سفارت کاری نے عالمی سطح پر مضبوط مقام حاصل کرلیا۔۔ پاکستان نے ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی قائم کردی۔۔ پاکستان میں کرپٹو اور ڈیجیٹل اثاثوں کی نگرانی اور ریگولیشن شروع۔۔ بلال بن ثاقب کا کہنا ہے پاکستان کی کرپٹو پالیسی نئے بین الاقوامی اقتصادی مواقع کھول رہی ہے۔۔ ہمارے اسٹریٹجک بٹ کوائن ریزرو مستقبل میں عملی سرمایہ کاری کی علامت ہے۔۔ کرپٹو توانائی میں تیزی سے پیشرفت کو فنانشل ٹائمز نے بھی سراہا ہے۔۔ یہ پہچان پاکستان کی کرپٹو میں بڑھتی ہوئی عالمی اہمیت کی عکاسی کرتی ہے۔۔ ہم عالمی جدت کے میدان میں اپنا مقام حاصل کررہے ہیں

  • فیلڈ مارشل کا پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ، سکھ برادری سے ملاقات

    فیلڈ مارشل کا پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ، سکھ برادری سے ملاقات

    راولپنڈی (29 اگست 2025): فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور سکھ برادری سے ملاقات کی۔

    فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ریسکیو اور ریلیف آپریشنز میں سول انتظامیہ اور فوجی جوانوں کی مشترکہ و انتھک کوششوں کو سراہا۔

    سپہ سالار جنرل عاصم منیر نے کہا کہ مشکل حالات میں عوام کی خدمت اور جان و مال کو محفوظ بنانے کیلیے اٹھائے گئے اقدامات لائقِ تحسین ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: پاک فوج بلوچستان کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

    انہوں نے سیلاب سے متاثرہ سکھ برادری سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے یقین دلایا کہ ریاست اقلیتوں اور ان کے مذہبی مقامات کے تحفظ کی ذمہ داری پوری کرے گی۔

    فیلڈ مارشل نے اعلان کیا کہ سیلاب سے متاثرہ تمام مذہبی مقامات، بشمول گوردوارہ دربار صاحب کرتاپور، کو اصل حالت میں ترجیحی بنیادوں پر بحال کیا جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ریاست اور ادارے اقلیتوں کے حقوق کے نگہبان ہیں اور ان کے مقدس مقامات کے تحفظ کیلیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

    سکھ برادری نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا پرتپاک استقبال کیا اور اس مشکل وقت میں سول انتظامیہ اور پاک فوج کی خدمات پر شکریہ ادا کیا۔

    آرمی چیف نے گوردوارہ دربار صاحب کرتاپور کا فضائی جائزہ بھی لیا تاکہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا براہ راست معائنہ کیا جا سکے۔

    بعدازاں، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سول انتظامیہ کے نمائندوں سے ملاقات کی اور ان کے بروقت ردعمل اور اقدامات کی تعریف کی جس سے جانی اور مالی نقصان کم سے کم ہوا۔

    جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ان کے بلند حوصلے، آپریشنل تیاری اور عوامی خدمت کے جذبے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ قوم مشکل کی اس گھڑی میں اپنی فوج کو اپنے ساتھ کھڑا پائے گی۔

    دورے کے موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کا استقبال کور کمانڈر گوجرانوالہ نے کیا۔

  • پنجاب کے سیلاب متاثرین میں وبائی امراض تیزی سے پھیلنے لگے

    پنجاب کے سیلاب متاثرین میں وبائی امراض تیزی سے پھیلنے لگے

    لاہور (29 اگست 2025): پنجاب میں سیلاب کے باعث متاثرین ایک اور بڑی مشکل کا شکار ہو گئے متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بھارت کی جانب سے آبی جارحیت اور ڈیموں سے پانی پاکستان میں چھوڑے جانے کے باعث صوبہ پنجاب کے بیشتر اضلاع اور شہر سیلاب کی زد میں آ چکے ہیں۔ دریائے چناب، ستلج، راوی میں طغیانی کے باعث سیالکوٹ، نارووال سمیت کئی اضلاع میں صورتحال انتہائی خراب ہو چکی ہے۔

    دریائے راوی کا پانی بے قابو ہو کر لاہور کے رہائشی علاقوں میں داخل ہو رہا ہے، جس کے باعث علاقہ مکین موٹر وے پر پناہ لینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ سیلاب کے باعث اب تک درجنوں اموات ہو چکی ہیں اور ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔

    سیلاب متاثرین ابھی سیلاب کی تباہ کاریوں اور نقل مکانی کے مشکلات برداشت کر رہے تھے کہ ان کی پریشانی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ سیلاب متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض ڈینگی، ڈائریا، میلریا اور جلد کے امراض سر اٹھانے لگے ہیں۔

    صرف لاہور میں 24 گھنٹے کے دوران مختلف وبائی امراض کے 9 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہو چکے ہیں جب کہ دیگر شدید متاثرہ شہروں اور دیہات کا ڈیٹا صورتحال کو تشویشناک بنا رہا ہے۔

    اس حوالے سے صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے محکمہ صحت و آبادی کی ٹیموں کو ہر وقت الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس لگا دیے گئے ہیں۔

    وزیر صحت نے بتایا کہ تمام متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کی دوائیں وافر مقدار میں موجود ہیں جب کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز ریلیف آپریشن کی خود نگرانی کر رہی ہیں۔

    دوسری جانب فلڈ فور کاسٹنگ نے بتایا ہے کہ بھارت سے ایک اور سیلابی ریلا آج شام دریائے چناب ہیڈ تریموں بیراج پہنچے گا۔ یہ ریلا آنے کے بعد ہیڈ تریموں بیراج پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہوگا۔ جب کہ 2 ستمبر کو ہیڈ پنجند کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلابی ریلا پہنچے گا۔

    بھارت سے ایک اور سیلابی ریلا آج شام پاکستان پہنچے گا، نیا مراسلہ جاری

    بھارت کی جانب سے نیا سیلابی ریلا آنے کی اطلاعات پر متاثرین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور وہ مزید تباہ کاریوں کے خدشات سے خوفزدہ ہیں۔

  • پیٹرول  کتنے روپے سستا ہوگا؟  عوام کے لئے بڑی خبر آگئی

    پیٹرول کتنے روپے سستا ہوگا؟ عوام کے لئے بڑی خبر آگئی

    اسلام آباد : پاکستان میں پیٹرول کی قیمت میں کمی کا امکان ہے ، تاہم کتنے روپے کم ہوں گے، اس حوالے سے عوام کے لیے اہم خبر آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان کل کیا جائے گا ، جس میں عوام کو ریلیف ملنے کا امکان ہے۔

    انڈسٹری ذرائع نے بتایا کہ قیمتوں میں کمی کے حوالے سے ابتدائی ورکنگ تیار کر لی گئی ہے ، جس میں ایک لیٹر پیٹرول 61 پیسے سستاکرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 3 روپے 13 پیسے فی لیٹر، مٹی کا تیل 1 روپے 57 پیسے فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل 2 روپے 61 پیسے فی لیٹر سستا ہونے کی تجویز دی گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا 31 اگست کو قیمتوں کی ورکنگ پٹرولیم ڈویژن کو بھجوائے گا جس کے بعد وزیراعظم حتمی منظوری دیں گے۔

    پاکستان میں آج ڈالر اور دیگر کرنسیوں کی قیمت

    منظوری کی صورت میں پیٹرول کی قیمت 264.61 روپے سے کم ہوکر 264 روپے فی لیٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل 272.99 روپے سے کم ہوکر 269.86 روپے فی لیٹر، مٹی کا تیل 178.27 روپے سے کم ہوکر 176.70 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل 162.16 روپے سے کم ہوکر 159.55 روپے فی لیٹر ہونے کا امکان ہے۔

    ذرائع کے مطابق حکومت اس وقت فی لیٹر پیٹرول پر لیوی اور کلائمیٹ سپورٹ لیوی کی مد میں 80.52 روپے اور ڈیزل پر 79.51 روپے وصول کر رہی ہے۔

    منظوری کے بعد یکم ستمبر 2025 سے نئی قیمتوں پر عمل درآمد ہوگا، جو اگلے 15 روز تک برقرار رہیں گی۔