Category: پاکستان

پاکستان اردو نیوز

ملک پاکستان میں اے آر وائی نیوز کی جانب سے آنے والی تازہ ترین خبریں

Pakistan Urdu News- Daily Pak Urdu News

  • نقد 41 ہزار روپے! خواتین کے لئے بڑی خوشخبری آگئی

    نقد 41 ہزار روپے! خواتین کے لئے بڑی خوشخبری آگئی

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ممتا پروگرام میں خواتین کو نقد امداد 30 ہزار سے بڑھا کر 41 ہزارروپے کرنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے میں جاری سماجی تحفظ کے پروگرامز پر بریفنگ دی گئی۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے ورلڈ بینک کے تعاون سے سوشل پروٹیکشن ڈلیوری سسٹم کا آغاز کیا ہے، جو 2023 میں شروع ہوا اور 2027 میں مکمل ہوگا۔

    انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت کا نمایاں منصوبہ "ممتا پروگرام” اس وقت 15 اضلاع میں جاری ہے، جس سے اب تک 7 لاکھ 70 ہزار خواتین مستفید ہو رہی ہیں۔

    وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ خواتین کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے صوبے کے 800 اسپتالوں اور ڈسپینسریز کو اس پروگرام سے منسلک کیا گیا ہے۔

    اجلاس کو بتایا گیا کہ رجسٹرڈ خواتین کو تین سال کے دوران 30 ہزار روپے نقد امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت دی کہ یہ امداد بڑھا کر 41 ہزار روپے کر دی جائے تاکہ خواتین کو زیادہ فائدہ پہنچ سکے۔

    مزید برآں، وزیراعلیٰ نے مزید 7 اضلاع کو "ممتا پروگرام” میں شامل کرنے کی منظوری بھی دے دی،

     پاکستان میں آج ڈالر اور دیگر کرنسیوں کی قیمت

  • آن لائن قرضہ کمپنیوں کی طرف سے 1800 فیصد سود لیے جانے کا انکشاف

    آن لائن قرضہ کمپنیوں کی طرف سے 1800 فیصد سود لیے جانے کا انکشاف

    اسلام آباد : آن لائن قرضہ کمپنیوں کی طرف سے 1800 فیصد سود لیے جانے کا انکشاف سامنے آیا، حکام نے بتایا کہ نان بینکنگ فنانشل کمپنیاں قرضوں کے فراڈ میں ملوث ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل سائبر کرائمز انویسٹی گیشن ایجنسی کے حکام نے سینٹ کی قائمہ کمیٹی کو بریفنگ میں انکشاف کیا ہے کہ آن لائن قرض دینے والی کمپنیاں شہریوں سے 1800 فیصد تک سود وصول کر رہی تھیں۔

    نقد امداد 30 ہزار سے بڑھا کر 41 ہزارروپے کرنے کی ہدایت

    حکام کا کہنا تھا کہ یہ نان بینکنگ فنانشل کمپنیاں قرضوں کے فراڈ میں ملوث ہیں۔ ان کمپنیوں کو ایس ای سی پی نے 2020 میں لائسنس جاری کیے تھے، تاہم اس وقت ان پر کوئی شرائط عائد نہیں کی گئی تھیں۔

    اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ ان ایپس کو ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعد شہریوں کی گیلری اور رابطہ نمبروں تک رسائی حاصل کر لی جاتی تھی، جس کے باعث قرض لینے والا شہری پھنس جاتا تھا۔

    حکام نے انکشاف کیا کہ بعض افراد نے کھانا کھانے کے لیے صرف 5 ہزار روپے قرض لیا تو وہ بھی سود کے جال میں پھنس گئے، ایک کمپنی کا قرضہ واپس کرنے کے لیے شہری دوسری کمپنی سے قرضہ لینے پر مجبور تھے۔

    کمیٹی کو بتایا گیا کہ ایس ای سی پی نے قرض پر سود کی شرح پہلے مقرر نہیں کی تھی، تاہم اب ریگولیشنز میں بہتری لائی گئی ہے۔ اب کمپنیاں صرف 100 فیصد تک سود وصول کر سکتی ہیں۔

    مزید یہ کہ قرض لینے کے لیے شہریوں کو اب تین افراد کی تفصیلات فراہم کرنا لازمی ہوگا، جبکہ آن لائن قرض ایپ کمپنیاں صارفین کی گیلری اور نمبرز تک رسائی کی مجاز نہیں ہوں گی۔

    حکام کے مطابق 90 فیصد فراڈ میں ملوث ایپ کمپنیوں کے خلاف کارروائی کی جا چکی ہے اور بڑی حد تک آن لائن قرضہ فراڈ روکنے میں کامیابی حاصل کر لی گئی ہے۔

  • چیئرمین اوگرا کی ماہانہ تنخواہ  کتنی ہے؟ ہوشربا انکشاف

    چیئرمین اوگرا کی ماہانہ تنخواہ کتنی ہے؟ ہوشربا انکشاف

    اسلام آباد : چیئرمین اوگرا کی ماہانہ تنخواہ کے حوالے سے ہوشربا انکشاف سامنے آیا ، وزیر انچارج برائے کابینہ ڈویژن نےتفصیلات پیش کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں چیئرمین اوگرا، ممبران اور ایڈوائزرز کی تنخواہوں کی تفصیلات پیش کر دی گئیں۔

    ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر انچارج برائے کابینہ ڈویژن نے تحریری جواب میں بتایا کہ چیئرمین اوگرا کی ماہانہ تنخواہ 15 لاکھ روپے مقرر ہے، جبکہ ممبر آئل اور ممبر فنانس کی ماہانہ تنخواہ 10 لاکھ روپے سے زائد ہے۔

    وزیر انچارج کابینہ ڈویژن کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر الیاس فضل، اعجاز سڈل اور بریگیڈیئر شہباز ایڈوائزرز کے طور پر تعینات ہیں، جن کا ماہانہ معاوضہ 8 لاکھ روپے مقرر ہے۔

    ایڈوائزرز ابتدائی طور پر ایک سالہ کنٹریکٹ پر تعینات ہوتے ہیں، تاہم کنٹریکٹ میں 3 سال تک توسیع کی جا سکتی ہے۔

    پیش کردہ دستاویز کے مطابق بریگیڈیئر شہباز کا سکیورٹی ایڈوائزر کا کنٹریکٹ 12 فروری 2025 کو ختم ہو چکا ہے۔

    کابینہ ڈویژن نے مزید بتایا گیا کہ چیئرمین اوگرا کی تنخواہ سے 4 لاکھ 97 ہزار روپے سے زائد اور ممبر آئل و فنانس کی تنخواہ سے 2 لاکھ 77 ہزار 500 روپے ٹیکس کی کٹوتی کی جاتی ہے، اوگرا نے آرڈیننس 2002 کی سیکشن 14 کے تحت ایڈوائزرز کے عہدے تخلیق کیے تھے۔

  • ملک میں 2 سے 3 ارب روپے کے آن لائن فراڈ کیسز رپورٹ ہونے کا انکشاف

    ملک میں 2 سے 3 ارب روپے کے آن لائن فراڈ کیسز رپورٹ ہونے کا انکشاف

    اسلام آباد : ملک میں 2 سے 3 ارب روپے کے آن لائن فراڈ کیسز رپورٹ ہونے کا انکشاف سامنے آیا، ہیکرز شہریوں کے دوستوں اور اہل خانہ کے نام استعمال کرتے ہوئے رقوم ہتھیا لیتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) حکام نے انکشاف کیا ہے کہ ملک میں اب تک 2 سے 3 ارب روپے مالیت کے آن لائن مالی فراڈ کے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

    یہ انکشاف سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کے اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت سینیٹر پلوشہ خان کر رہی تھیں۔

    بریفنگ میں حکام نے بتایا کہ غیر قانونی کال سینٹرز کے ذریعے عام شہریوں کو مختلف کالز کی جاتی ہیں، جبکہ واٹس ایپ ہیکنگ کے ذریعے مالی فراڈ کے کیسز سب سے زیادہ رپورٹ ہوئے ہیں۔

    حکام کا کہنا تھا کہ ہیکرز شہریوں کے دوستوں اور اہل خانہ کے نام استعمال کرتے ہوئے رقوم ہتھیا لیتے ہیں۔

    حکام کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 63 غیر قانونی کال سینٹرز پر چھاپے مارے گئے ہیں اور 7 کروڑ 20 لاکھ روپے کے فراڈ کے کیسز رجسٹرڈ کیے جا چکے ہیں۔

    حکام نے مزید بتایا گیا کہ مجرمان بیرون ملک ملازمتوں کا جھانسہ دے کر بھی شہریوں کو لوٹتے ہیں، جبکہ سوشل میڈیا پر پرتعیش لائف اسٹائل دکھا کر لوگوں کو متاثر کرتے ہیں۔

  • کاروباری افراد کے لئے بڑی خبر آگئی

    کاروباری افراد کے لئے بڑی خبر آگئی

    پشاور: آسان کاروبار بل 2025 اسمبلی میں پیش کردیا گیا ، جس کے تحت ہر کاروباری شخص کو ڈیجیٹل آئی ڈی دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی میں کو "آسان کاروبار بل 2025” پیش کر دیا گیا، جس کا مقصد صوبے میں کاروباری برادری کو سہولت فراہم کرنا ہے۔

    مجوزہ بل کے تحت کاروباری افراد کے لیے ون ونڈو آپریشن کی سہولت فراہم کی جائے گی، جبکہ رجسٹریشن، لائسنسنگ، پرمٹس اور ریگولرائزیشن کے لیے آسان کاروبار پورٹل قائم کیا جائے گا۔

    بل کے تحت صوبے کے تمام چھوٹے اور بڑے کاروبار اس پورٹل پر رجسٹرڈ ہوں گے اور ہر کاروباری شخص کو ڈیجیٹل آئی ڈی دی جائے گی۔

    اس کے ساتھ رجسٹریشن، پرمٹس اور لائسنس سمیت تمام امور ای پیمنٹ سسٹم کے ذریعے مکمل کیے جائیں گے۔

    قانون کے تحت ایز آف ڈوئنگ بزنس ڈائریکٹوریٹ (EDBD) قائم کیا جائے گا، جو تمام سروسز کی ڈویلپمنٹ، اپ گریڈیشن اور مینٹیننس کی ذمہ دار ہوگی۔ اس کے ساتھ ساتھ کے پی ریگولیٹری رجسٹری کا قیام بھی اسی ڈائریکٹوریٹ کے تحت عمل میں لایا جائے گا۔

    بل کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا ایز آف ڈوئنگ بزنس اسٹیئرنگ کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے۔

    ایوان میں اپوزیشن کے اصرار پر اسپیکر نے بل کی منظوری کو کل تک مؤخر کر دیا۔

    علاوہ ازیں صوبائی اسمبلی میں موٹر وہیکلز آرڈیننس ترمیمی بل 2025 پیش کیا گیا، بل وزیر ایکسائز خلیق الزمان نے پیش کیا۔

  • ایلون مسک کے ریمارکس : سینیٹر افنان اللہ  کی اسٹار لنک کو پاکستان میں لائسنس نہ دینے کی تجویز

    ایلون مسک کے ریمارکس : سینیٹر افنان اللہ کی اسٹار لنک کو پاکستان میں لائسنس نہ دینے کی تجویز

    اسلام آباد: سینیٹر افنان اللہ نے ایلون مسک کے پاکستانیوں کے خلاف ریمارکس پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسٹارلنک کو پاکستان میں لائسنس نہ دینے کی تجویز دیدی۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹر پلوشہ خان کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونی کیشن کا اجلاس ہوا، جس میں اسٹار لنک کے لائسنس اور سیکیورٹی کلیئرنس کا معاملہ زیر بحث آیا۔

    اجلاس میں سینیٹر افنان اللہ نے ایلون مسک کے پاکستانیوں کے خلاف ریمارکس پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایلون مسک پاکستان اور عوام کے خلاف نسل پرستانہ رویہ رکھتے ہیں، ان کے بیانات اور ٹویٹس اس بات کا ثبوت ہیں۔

    اس موقع پر سینیٹر افنان اللہ نے تجویز دی کہ اسٹار لنک کو پاکستان میں لائسنس نہ دیا جائے، ایلون مسک کا ٹویٹر دیکھ لیں وہ نان وائٹ لوگوں کےبارےمیں کیا کہتا ہے۔

    چیئرپرسن کمیٹی سینیٹر پلوشہ خان نے کہا کہ "ہم صرف یہ جاننا چاہتے ہیں کہ اسٹار لنک کا پاکستان میں موجودہ اسٹیٹس کیا ہے”۔ اس پر پی ٹی اے حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ابھی تک کمپنی کو لائسنس اور سیکیورٹی کلیئرنس نہیں ملی۔

    اجلاس میں اسپیکٹرم آکشن کے معاملے پر بھی غور کیا گیا۔ آئی ٹی حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ اس وقت پاکستان میں 600 میگا ہرٹز اسپیکٹرم موجود ہے جو ناکافی ہے۔

    حکام کے مطابق، بنگلہ دیش کی آبادی 130 ملین ہے اور وہاں بھی اسپیکٹرم صرف 600 میگا ہرٹز ہے، جب کہ سعودی عرب اس وقت 1200 میگا ہرٹز اسپیکٹرم پر کام کر رہا ہے۔

    سینیٹر افنان اللہ نے کہا کہ دنیا تیزی سے 6G کی جانب جا رہی ہے، اور اگر یہی صورتحال رہی تو پاکستان کو وہاں پہنچنے میں 25 سال لگ جائیں گے۔

    سینیٹر ہمایوں مہمند نے اسپیکٹرم آکشن میں تاخیر پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ رکاوٹیں کیا ہیں اور تاخیر کیوں ہو رہی ہے۔

    آئی ٹی حکام نے وضاحت کی کہ اسپیکٹرم آکشن میں تاخیر کی بڑی وجہ عدالتوں کی جانب سے دیے گئے اسٹے آرڈرز ہیں، تاہم وزارت قانون کے تعاون سے انہیں ختم کرانے کی کوشش جاری ہے۔

    حکام نے مزید بتایا کہ اسپیکٹرم آکشن کے لیے کنسلٹنٹ ہائر کیا جا چکا ہے اور دسمبر تک آکشن کرانے کی کوشش کی جائے گی۔

  • پانڈا بانڈز کا اجرا  ، چین کے بینکوں کی پاکستان کو مکمل  تعاون کی یقین دہانی

    پانڈا بانڈز کا اجرا ، چین کے بینکوں کی پاکستان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی

    اسلام آباد : بینک آف چائنا اور انڈسٹریل کمرشل بینک آف چائنا نے پانڈا بانڈز کے اجرا کیلئے پاکستان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کو پانڈا بانڈز کے اجرا کے لیے بینک آف چائنا اور انڈسٹریل کمرشل بینک آف چائنا کی مکمل تعاون کی یقین دہانی حاصل ہو گئی۔

    ذرائع نے بتایا کہ پانڈا بانڈز کا اجرا تین مختلف مراحل میں کیا جائے گا، جس کے تحت 2028 تک ایک ارب ڈالر تک کے بانڈز جاری ہوں گے۔

    وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو اس حوالے سے دونوں بینکوں کے حکام نے تعاون کی یقین دہانی کرائی، ملاقات میں پاک چین مالی تعاون کو مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

    پہلے مرحلے میں 25 سے 30 کروڑ ڈالر مالیت کے پانڈا بانڈز جاری کیے جائیں گے، جبکہ وزارت خزانہ نے اس سلسلے میں تیاریاں مکمل کر لی ہیں جو آخری مراحل میں ہیں۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ موڈیز، فِچ اور ایس اینڈ پی گلوبل کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کے بعد بانڈز کے اجرا کے لیے سازگار صورتحال پیدا ہوئی ہے، جس سے پانڈا بانڈز کے اجرا کو سہولت ملے گی۔

    ذرائع کے مطابق اسی لئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران پانڈا بانڈز جاری کر دیے جائیں گے۔

  • ’پانی کا بڑا ریلہ آ رہا ہے‘: سندھ حکومت کی کچے کا علاقہ خالی کرنے کی باضابطہ درخواست

    ’پانی کا بڑا ریلہ آ رہا ہے‘: سندھ حکومت کی کچے کا علاقہ خالی کرنے کی باضابطہ درخواست

    کراچی (2 ستمبر 2025): سندھ حکومت نے ممکنہ سیلاب کے پیشِ نظر کچے کے رہائشیوں کو علاقہ خالی کرنے کی باضابطہ درخواست کر دی۔

    سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے اپنے بیان میں کہا کہ سندھ میں سُپر فلڈ آ رہا ہے لہٰذا کچے کے رہائشیوں سے درخواست ہے کہ وہ گھر چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں، سُپر فلڈ کے پیش نظر رہائشیوں کا کچا چھوڑنا ہی فائدہ مند ہوگا۔

    شرجیل میمن نے کہا کہ سیلاب نے پورے ملک میں تباہی مچائی ہے، گڈو بیراج پر پانی کا بڑا ریلہ آ رہا ہے، مکین فوری طور پر کچے کا علاقہ چھوڑ کر ریلیف کیمپ منتقل ہو جائیں۔

    یہ بھی پڑھیں: سندھ میں سُپر فلڈ کا خطرہ

    گزشتہ روز وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے خبردار کیا کہ بھارت کی جانب سے دریائے چناب میں بڑے پیمانے پر پانی چھوڑنے کے بعد سندھ میں سپر فلڈ کا خطرہ ہے۔

    کراچی میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے بتایا کہ کہ نو لاکھ کیوسک سے زائد بہاؤ کو سپر فلڈ قرار دیا جاتا ہے، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے پیش گوئی کی ہے کہ پانچ ستمبر کے قریب گڈو بیراج پر آٹھ لاکھ سے گیارہ لاکھ کیوسک پانی پہنچ سکتا ہے۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت نے پشتوں کو محفوظ کر لیا ہے، دو ہزار دس کے سیلاب کے بعد ہم نے انہیں تقریباً چھ فٹ بلند کر دیا تھا، دو ہزار دس کے سپر فلڈ کے دوران گڈو بیراج پر ایک اعشاریہ ایک چار آٹھ ملین کیوسک پانی گزرا تھا جبکہ دو ہزار چودہ میں تریموں بیراج سے پانچ لاکھ نوے ہزار کیوسک بہاؤ محفوظ طریقے سے گزر گیا تھا۔

    انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں چوبیس اگست کو گڈو بیراج سے پانچ لاکھ پچاس ہزار کیوسک پانی بغیر کسی تشویشناک صورتحال کے گزرا۔ آج ہم نو لاکھ دس ہزار کیوسک تک کے بہاؤ کے لیے تیار ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو مکمل طور پر تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے دیہاتیوں اور مویشی مالکان کو آگاہ کیا جا چکا ہے جبکہ محکمہ صحت کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے ساتھ ہی ساتھ وہ خود چیف سیکریٹری اور صوبائی وزراء کے ساتھ صورتِ حال کی نگرانی کر رہے ہیں۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی ایک ناقابل تردید حقیقت ہے۔ ہمیں تسلیم کرنا ہوگا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات انتہائی خطرناک ہیں۔ فی الحال میری توجہ اس بات پر ہے کہ سندھ آئندہ 10 سے 15 دن بحفاظت گزار لے لیکن قومی سطح پر ہمیں ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے ایک جامع پالیسی وضع کرنی ہوگی۔

  • نوکری کے خواہشمند امیدواروں کے انٹرویوز کی تاریخوں کا اعلان

    نوکری کے خواہشمند امیدواروں کے انٹرویوز کی تاریخوں کا اعلان

    پشاور : خیبرپختونخوا ریسکیو 1122 میں بھرتیوں کے امیدواروں کے انٹرویو کی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایمرجنسی ریسکیو سروس (ریسکیو 1122) خیبرپختونخوا نے بھرتی کے امیدواروں کے انٹرویو شیڈول کا اعلان کر دیا۔

    جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھرتیوں کے لیے اہل امیدواروں کے انٹرویوز 15 جنوری 2025 سے شروع ہوں گے۔

    ایجوکیشنل ٹیسٹنگ اینڈ ایویلیوایشن ایجنسی (ETEA) کے ذریعے کامیاب امیدواروں کو انٹرویو کے لیے بلایا جائے گا، جس کے بعد اہل امیدواروں کے نام اور شیڈول ای ٹی ای اے کی ویب سائٹ پر جاری کر دیے جائیں گے۔

    اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ جن امیدواروں نے 2022 میں ریسکیو 1122 میں بھرتیوں کے لیے درخواستیں جمع کرائی تھیں، ان کے انٹرویوز بھی جنوری 2025 میں ہوں گے۔

    تمام امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اصل اسناد، ڈومیسائل اور دیگر ضروری دستاویزات کے ساتھ مقررہ تاریخ کو انٹرویو میں شریک ہوں۔ امیدواروں کے لیے انٹرویو شیڈول اور دیگر تفصیلات ریسکیو 1122 کی ویب سائٹ پر فراہم کر دی جائیں گی۔

    مزید پڑھیں : پنجاب میں ملازمتوں کے مواقع، تنخواہ 50 ہزار سے 3.5 لاکھ روپے تک

  • کراچی میں  بینک سے رقم لیکر نکلنے والے شہریوں کو لوٹنے والا 3 رکنی گروہ پکڑا گیا

    کراچی میں بینک سے رقم لیکر نکلنے والے شہریوں کو لوٹنے والا 3 رکنی گروہ پکڑا گیا

    کراچی : شہر قائد میں بینک سے رقم لیکر نکلنے والے شہریوں کو لوٹنے والا 3 رکنی گروہ پکڑا گیا ، ملزمان کا گروہ دکانوں پر ڈکیتی میں بھی ملوث ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے جمشید کوارٹر میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے بینک سے رقم لیکر نکلنے والے شہریوں کو لوٹنے والے 3 رکنی ڈکیت گروہ کو گرفتار کر لیا۔

    ایس ایس پی ایس آئی یو نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں گروہ کا سرغنہ شہباز، شہزاد اور ہدایت اللہ شامل ہیں۔

    ایس ایس پی نے بتایا کہ گرفتار ملزمان بینک سے رقم لے کر نکلنے والے شہریوں کو نشانہ بناتے تھے جبکہ یہ گروہ مختلف دکانوں اور بیکریوں پر ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں بھی ملوث ہے تاہم ملزمان کے قبضے سے 3 پستول، 7 موبائل فون اور ایک موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے۔

    پولیس کا کہنا تھاکہ کچھ روز قبل شاہ لطیف میں بیکری پر ڈکیتی کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی تھی، جس میں یہ گروہ ملوث پایا گیا۔

    سرغنہ شہباز نے دوران تفتیش درجنوں وارداتوں کا انکشاف کیا ہے، جن میں ناظم آباد میں مصالحہ فروش کو لوٹنا، طارق روڈ پر شہری سے 12 لاکھ روپے چھیننا، نیپا پل پر بینک سے رقم لے کر نکلنے والے شہری کو لوٹنا اور سہراب گوٹھ میں بیکری سے 14 لاکھ روپے کی ڈکیتی شامل ہیں۔

    اسی طرح گلشن اقبال کے علاقے ڈسکو موڑ پر بیکری سے 12 لاکھ روپے لوٹنے کی واردات میں بھی یہی گروہ ملوث تھا، پولیس کے مطابق ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔