مظفرآباد : وادی نیلم میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا ، جس کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی اور موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز بھی متاثر ہوئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وادی نیلم میں 132 کے وی ٹرانسمیشن لائن میں خرابی کے باعث بڑے پیمانے پر بجلی کا بریک ڈاؤن ہو گیا، جس کے نتیجے میں متعدد علاقے کئی گھنٹوں سے بجلی سے محروم ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ تحصیل اٹھ مقام میں جاگراں پاور ہاؤس سے نیشنل گرڈ کو جانے والی ٹرانسمیشن لائن بٹ منگ کے مقام پر ٹوٹ گئی، جس کے باعث سب ڈویژن پٹہکہ اور قریبی علاقوں میں بجلی معطل ہو گئی۔
بجلی کی بندش کے باعث کئی علاقوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز بھی متاثر ہوئی ہیں۔
محکمہ برقیات کا کہنا ہے واپڈا کی ٹیمیں مرمت کے کام میں مصروف ہیں اور چند گھنٹوں میں ٹرانسمیشن لائن بحال ہونے کی توقع ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ شام تک مکمل بجلی بحالی ممکن ہو جائے گی۔
اسلام آباد: نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کے لیے کال سینٹر سہولت کے حوالے سے بڑا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے اعلان کیا ہے کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں آج رات نادرا کال سینٹر سہولت معطل رہے گی تکنیکی وجوہات کے باعث کال سینٹر کی سروسز عارضی طور پر معطل ہوگی۔
نادرا کا کہنا تھا کہ ہیلپ لائن نمبر 051-111-786-100 اور موبائل صارفین کے لیے مختص نمبر 1777 آج رات 12 بجے سے کل صبح 8 بجے تک دستیاب نہیں ہوں گے۔
ادارے نے شہریوں سے ہونے والی اس عارضی تکنیکی خرابی پر معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خدمات صبح 8 بجے بحال کر دی جائیں گی۔
نادرا نے شہریوں کو مزید معلومات کے لیے اپنی آفیشل ویب سائٹ www.nadra.gov.pk اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے رابطہ رکھنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
خیال رہے نادراحکومت پاکستان کا ایک اہم ادارہ ہے جس کا آغاز 2000ء میں کیا گیا، اس ادارے کا کام عوام کی رجسٹریشن کرنا اور ان کو قومی شناختی کارڈ جاری کرنا ہے۔
کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (CNIC) ایک جدید کمپیوٹرائزڈ نظام سے مربوط کارڈ ہے، جو ہر پاکستانی شہری کی معلومات کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ایک ابتدائی قدم ہے۔
جس کے تحت 2012ء تک 89ء5 ملین لوگوں کو یہ کارڈ جاری کیے جا چکے ہيں ۔ یہ کارڈ ہر اٹھارہ سال سے زائد عمر کے شہری کو جاری کیے جاتے ہیں ۔
پشاور (2 ستمبر 2025): وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے الزام عائد کیا ہے کہ سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان نے مال لے کر 26ویں ترمیم میں ووٹ دیا۔
صحافیوں سے ملاقات کے دوران گفتگو میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ میں نے اپنی جماعت پی ٹی آئی کو کہا تھا کہ مولانا فضل الرحمان پر اعتبار نہ کریں لیکن پارٹی نے درخواست کی کہ آپ خاموشی اختیار کر لیں، جماعت کے اصرار پر مولانا فضل الرحمان کو میں نے خوش آمدید کہا تھا۔
واضح رہے کہ 25 جنوری 2025 کو سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ 26ویں آئینی ترمیم پی ٹی آئی کی حمایت سے منظور ہوئی۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ انہوں نے میرے کہنے پر ووٹ نہیں دیا، اب اگر کوئی عدالت جانا چاہتا ہے تو کیا کر سکتے ہیں؟
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ حکومت اور پی ٹی آئی مذاکرات شروع کب ہوئے تھے؟ ہمارے پاس آنا چاہتے ہیں تو آ جائیں بات کریں گے۔
’کالا باغ ڈیم ملک کیلیے ضروری ہے‘
صحافیوں سے ملاقات کے دوران علی امین گنڈاپور نے کہا کہ کالا باغ سمیت سارے کے سارے ڈیم بننے چاہئیں، ہم نے ماضی میں اپنے پوٹینشل پر انویسٹ نہیں کیا کالا باغ ڈیم تین صوبوں کیلیے ہے، اگر سندھ سمجھتا ہے حقوق متاثر ہو رہے ہیں تو بیٹھ کر بات کریں۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صوبے میں اے این پی کو تحفظات ہیں وہ بھی بات کریں، یہ کہنا کہ ڈیم ہماری لاش پر بنے گا یہ ملک کے ساتھ زیادتی ہے، کالا باغ ڈیم اس ملک کیلیے ضروری ہے مگر سیاست کی نذر ہوا۔
وزیر اعلیٰ کے پی نے بتایا کہ صوبے میں سیلاب سے نقصان کا ازالہ کر رہے ہیں، زخمیوں کو دی جانے والی رقم ایک لاکھ سے بڑھا کر 5 لاکھ کر دی ہے، صوبائی حکومت ریسکیو اینڈ ریلیف اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے، اسکولوں اور سڑکوں کی جلد بحالی اور تعمیر نو کیلیے فوری اقدامات ہوں گے۔
کراچی: گلشن معمار پولیس کا موٹروے پولیس افسر کے خلاف مبینہ جھوٹا مقدمہ درج کیے جانے کا انکشاف سامنے آیا، مقدمہ 11 اگست کو سب انسپکٹر ندیم کے والد کے سالے کی مدعیت میں درج کروایا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں گلشن معمار پولیس کی جانب سے موٹروے پولیس کے سب انسپکٹر ندیم سولنگی اور ان کے اہلخانہ کے خلاف مبینہ طور پر جھوٹا مقدمہ درج کرنے کا انکشاف ہوا۔
سب انسپکٹر ندیم انصاف کے حصول کے لیے اے وی ایل سی دفتر پہنچ گئے ، ذرائع نے بتایا کہ یہ مقدمہ 11 اگست کو سب انسپکٹر ندیم کے والد کے سالے کی مدعیت میں درج کروایا گیا تھا۔
ایف آئی آر میں ندیم کے بھائی (جیل کانسٹیبل) اور بہنوئی (ہیڈ کانسٹیبل) کو بھی نامزد کیا گیا۔ مقدمے میں الزام عائد کیا گیا کہ ملزمان نے اسلحے کے زور پر کار اور والد کا اسلحہ و گولیاں چھین لیں۔
درج شدہ ایف آئی آر میں مدعی روشن علی نے مؤقف اپنایا کہ وہ سودا سلف لینے جارہا تھا کہ اچانک سفید کار میں سوار چار افراد نے اسے روک کر اس پر پستول تان لیا، تین افراد نے مبینہ طور پر اسے اپنی گاڑی میں بٹھایا اور بعد ازاں سلفیہ ٹاؤن میں اتار کر اس کی کار اور والد کا اسلحہ ساتھ لے گئے۔
سب انسپکٹر ندیم نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ یہ مقدمہ گھریلو رنجش اور ذاتی جھگڑے کی بنیاد پر والد کے سالے نے سیاسی اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے درج کروایا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ وقوعہ کے وقت چاروں نامزد افراد مختلف مقامات پر موجود تھے، جن کے ثبوت بھی جمع کرادیے گئے ہیں۔
ایس ایس پی اے وی ایل سی امجد شیخ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری افسر کو فوری تحقیقات کی ہدایت جاری کردی ہے۔
راولپنڈی: آئی ایس پی آر نے یوم دفاع وشہدا کا نیا پرومو جاری کردیا، جس میں افواج پاکستان کی جرات و شجاعت کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے یوم دفاع و شہدا کے موقع پر نیا پرومو جاری کر دیا۔
"معرکہ حق” کے عنوان سے جاری اس پرومو میں مسلح افواج پاکستان کی جرات، شجاعت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بری، فضائی اور بحری افواج کی لازوال قربانیاں قوم کے حوصلے اور ایمان کی روشن علامت ہیں۔ پرومو میں شہدا کے خون کو وطن کی سرحدوں کی حفاظت کی اصل ضمانت قرار دیا گیا ہے۔
ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ پرومو وطن کے دفاع کی انمول داستان اجاگر کرتا ہے اور یہ اس بات کا عہد ہے کہ یوم دفاع کے موقع پر دشمن کے ناپاک عزائم کو ہمیشہ کی طرح ناکام بنایا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج ہر دور میں دشمن کے لیے سیسہ پلائی دیوار بنی رہیں، جبکہ افواج کی بہادری اور قربانیوں نے تاریخ میں روشن باب رقم کیا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ دفاع وطن ہی بقائے وطن کی ضمانت ہے اور پوری قوم اپنے شہدا اور افواج پاکستان کو سلام پیش کرتی ہے۔
بیجنگ : چین کے صدر شی جن پنگ نے اقتصادی ترقی کے تمام شعبوں میں پاکستان کی مدد جاری رکھنے کا اعلان کردیا اور کہا پاکستان کےاہم ترین اقتصادی شعبوں پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ چین پاکستان کی معاشی ترقی کے تمام شعبوں میں مدد جاری رکھے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران چینی صدر نے کہا کہ سی پیک منصوبہ دوسرے مرحلے میں داخل ہوچکا ہے اور اب توجہ پاکستان کے اہم اقتصادی شعبوں پر مرکوز کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چین دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی پاکستان کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات منفرد اور بے مثال ہیں اور ان تعلقات کی عکاسی باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے سے ہونی چاہیے۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے رہنماؤں نے اہم علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سی پیک کے دوسرے مرحلے پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ پانچ نئے کوریڈورز پاکستان کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے صدر شی جن پنگ کی وژنری قیادت کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان چین کی ترقی پر فخر کرتا ہے اور ہر سطح پر بیجنگ کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔
وزیراعظم نے صدر شی کو اگلے سال پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی، جب دونوں ممالک اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منائیں گے۔
اسلام آباد : آشنا کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کرنے والی سفاک بیوی کو گرفتار کرلیا گیا ، ملزمان نے تیز دھار آلہ سے وار کرکے تنویر انجم کو قتل کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس نے شوہر کو آشنا کے ساتھ مل کر قتل کرنے والی سفاک خاتون سمیت دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان اسلام آباد پولیس نےبتایا کہ تھانہ سمبل اور ہومی سائیڈ یونٹ پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ملزمان شاہین بی بی عرف مسکان اور عابد علی کو گرفتار کیا۔
ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے تھانہ سمبل کی حدود میں تنویر انجم کو تیز دھار آلے سے وار کرکے قتل کیا۔
ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے۔
جس کے بعد ایس پی صدر زون کی نگرانی میں پولیس ٹیم نے جدید تکنیکی اور سائنسی بنیادوں پر تفتیش کرتے ہوئے خاتون سمیت دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ڈی آئی جی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد کی بنیاد پر چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔
اسلام آباد (2 ستمبر 2025): جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رکن قومی اسمبلی نور عالم خان نے ہاؤسنگ سوسائٹیز کو این او سی (نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ) دینے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔
اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں نور عالم خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہاؤسنگ سوسائٹیز کو این او سی کس نے دیے؟ دریا کبھی اپنی زمین نہیں چھوڑتا، دریا کے اطراف ہاؤسنگ سوسائٹیز کو این او سی دینے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
نور عالم خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور پنجاب کے بعد اب سندھ میں تباہی آنے والی ہے لیکن وزرا ایوان میں باتوں میں مصروف ہیں کسی کو احساس نہیں، خیبر پختونخوا کی پی ڈی ایم اے 12 لوگوں کو نہیں بچا سکی۔
انہوں نے کہا کہ اراکین قومی اسمبلی کی سنتا کون ہے؟ خیبر پختونخوا میں یہ اپوزیشن والے حکومت میں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے سیکٹرز میں دیکھ لیں کہ گھروں کے آگے کیسے تجاوزات قائم کی گئیں، اصل چور وہ ہیں جنہوں نے این او سی دیے ہیں، مجھے حیرانی ہے کہ وزیر یہاں موجود ہوتے ہیں مگر نوٹس کون لے رہا ہے۔
نور عالم خان نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کا وزیر کہاں ہے، وزیر پارلیمانی امور کہاں نوٹس لے رہا ہے، واٹر اینڈ پاور کا وزیر کہاں ہے؟ وہ یہاں نقشے پیش کرے کہاں کہاں این او سی دیے۔
رہنما جے یو آئی (ف) کا کہنا تھا کہ ہاؤسنگ سوسائٹیز کو این او سی دینے والوں نے اربوں روپے کمائے اور بیرون ملک شہریت لیں، آپ بھارت کے ساتھ حالت جنگ میں ہیں وہ پانی کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے۔
اسلام آباد : پی ٹی آئی اراکین نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر اسمبلی لگا لی ، چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جب تک پارلیمنٹ کا اجلاس جاری رہے گا، اپنی اسمبلی باہر لگائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین قومی اسمبلی نے بیرسٹر گوہر علی خان کی قیادت میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر متوازی اسمبلی لگا لی۔ احتجاجی اراکین نے نااہل ہونے والے ایم این ایز کی تصاویر والے پمفلٹ بھی اٹھا رکھے تھے۔
بیرسٹر گوہر علی نے احتجاجی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک قومی اسمبلی کا اجلاس جاری رہے گا، تحریک انصاف اپنی اسمبلی باہر لگائے گی۔
سابق اسپیکر اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ارکان اب ایوان کے اندر نہیں بلکہ پارلیمنٹ کے باہر ہی خطاب کریں گے، جہاں جلد ایک قرارداد بھی پیش کی جائے گی۔
عامر ڈوگر نے خطاب میں کہا کہ ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے کہ "جعلی فارم 47 کی حکومت” کو تسلیم نہیں کرتے، ہمارے ارکان کو نااہل کیا گیا اور ان پر جھوٹے الزامات لگائے گئے ہیں۔
انہوں نے علیمہ خانم کے بیٹوں کی 24 ماہ بعد مئی 9 کے کیسز میں گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے پورے خاندان کے ساتھ ہیں جو صوبیتیں برداشت کر رہا ہے، ہم ان تمام کی پر زور مذمت کر رہے ہیں۔
پی ٹی آئی ارکان کا کہنا ہے کہ جب تک قومی اسمبلی کے اجلاس جاری رہیں گے، ہم پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاجی اجلاس منعقد کرتے رہیں گے۔
پشاور (02 ستمبر 2025): خیبرپختونخوا میں دریا کنارے غیر تعمیر شدہ ہوٹلوں اور کمرشل اراضی کے این او سیز منسوخ کر دیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ کے پی میں دریا کنارے پر متعلقہ تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز نے جانچ پڑتال کے بغیر ہوٹلوں اور کمرشل اراضی کی تعمیر کے این او سیز جاری کیے تھے، جنھیں منسوخ کر دیا گیا۔
ڈی جی لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے تمام چیف پلاننگ کنٹرول افسران کو خط لکھ کر مطلع کیا ہے کہ کمرشل تعمیرات کے لیے جاری تمام این او سیز منسوخ کر دیے گئے ہیں، خط میں لکھا گیا کہ جن عمارتوں پر تعمیراتی کام شروع نہیں ہوا، ان کے این او سیز منسوخ کیے گئے ہیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ سوات، ہزارہ میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
دریں اثنا، قومی اسمبلی کے اجلاس میں جے یو آئی کے رکن نے سوال اٹھایا کہ ہاؤسنگ سوسائٹیز کو این او سی کس نے دیے ہیں، دریا کبھی اپنی زمین نہیں چھوڑتا، انھوں نے مطالبہ کیا کہ دریا کے اطراف سوسائٹیز کو این او سی دینے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی پی ڈی ایم اے 12 لوگوں کو نہ بچا سکی۔
نور عالم خان نے کہا اسلام آباد کے سیکٹرز میں بھی دیکھ لیں کہ گھروں کے آگے کیسے تجاوز ات قائم کی گئی ہیں، اصل چور وہ ہیں جنھوں نے یہ این او سیز دیے ہیں، وزیر موسمیاتی تبدیلی کہاں ہے؟ واٹر اینڈ پاور کا وزیر کہاں ہے؟ وہ یہاں نقشے پیش کرے کہاں کہاں این او سی دیے گئے، این او سی دینے والوں نے اربوں روپے کمائے اور بیرون ملک شہریت لی۔