Category: پاکستان

پاکستان اردو نیوز

ملک پاکستان میں اے آر وائی نیوز کی جانب سے آنے والی تازہ ترین خبریں

Pakistan Urdu News- Daily Pak Urdu News

  • گورنرسندھ کا عہدہ اب غیر سیاسی نہیں رہا، مولا بخش چانڈیو

    گورنرسندھ کا عہدہ اب غیر سیاسی نہیں رہا، مولا بخش چانڈیو

    کراچی : پیپلز پارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ گورنرسندھ کا عہدہ اب غیر سیاسی نہیں رہا، محمد زبیرصوبائی معاملات میں مداخلت کر رہے ہیں، سندھ کے لوگ ن لیگ کو قبول نہیں کریں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں میزبان ارشد شریف سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ محمد زبیر گورنر نہیں بلکہ ن لیگ کراچی ڈویژن کے سربراہ ہیں، وہ سندھ میں ن لیگ کو الیکشن جتوانے کے مشن پرہیں۔

    گورنرسندھ صوبے کےعوام کی نمائندگی نہیں کرتے، وہ کراچی میں اپنے آفس میں بند رہتےہیں، ایسے گورنر کو اپنے صوبے کےعوام کی کیا پرواہ ہوسکتی ہے؟

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پاناما کا کیس ختم نہیں ہوا، ابھی توپارٹی شروع ہوئی ہے، نوازشریف کو عدالت کا فیصلہ تسلیم کرناچاہئےتھا، ان کو عدلیہ پرتنقید نہیں کرنی چاہئے تھی، نوازشریف ایسا ہی کرتے رہے تو آئندہ ان کیلئے مشکلات بڑھیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ شریف خاندان عدالتوں میں شروع سے ہی نہ پیش ہونے کا کہتےرہے، مگر اب شریف خاندان کو پیش ہونا ہوگا، یہ لوگ پیش نہ ہوئے تو عدالت انہیں مفرورقراردےگی، ان کی سیاست ختم ہوچکی ہے۔

    مولابخش چانڈیو نے مزید کہا کہ شہید بینظیر بھٹوکےخلاف باتیں کرنے والوں کواللہ نےسب سکھادیا، نوازشریف نے بویا تھاوہ آج کاٹ رہےہیں۔

  • پی ٹی آئی اورمتحدہ کے درمیان اپوزیشن لیڈرکی تبدیلی کیلئے رابطہ

    پی ٹی آئی اورمتحدہ کے درمیان اپوزیشن لیڈرکی تبدیلی کیلئے رابطہ

    کراچی : قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کیلئے متحدہ قومی موومنٹ اور تحریک انصاف میں رابطہ ہوا ہے، پی ٹی آئی کا وفد جلد ایم کیو ایم کے مرکز کا دورہ کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کے حوالے مشاورت کی گئی ہے۔

    اس کے علاوہ ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اورانتخابی اصلاحات پر بھی مشاورت کی گئی، ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کی زیر قیادت وفد جلد ہی ایم کیوایم کے مرکز کا دورہ کرے گا۔

    ملاقات میں ایم کیو ایم پاکستان اور پی ٹی آئی رہنما آئندہ کی سیاسی حکمت عملی اور نئے اپوزیشن لیڈر کےنام پرغور کریں گے۔

  • سفاک دکاندار نے بسکٹ چوری کرنے پر بچے کو قتل کردیا

    سفاک دکاندار نے بسکٹ چوری کرنے پر بچے کو قتل کردیا

    احمد پور شرقیہ : بسکٹ چوری کرنے کے الزام میں دکاندار نے گیارہ سالہ بچے کو چھری کے اٹھہتروار کرکے قتل کردیا، پولیس نے دروازہ توڑ کر لاش اور ملزم کو باہر نکالا۔

    تفصیلات کے مطابق احمد پورشرقیہ میں دل خراش واقعہ پیش آیا، دکاندار نے محض20روپے کے بسکٹ چوری کرنے کا الزام لگا کر گیارہ سالہ بچے بلال کو دکان میں بند کیا اور چھریوں کے پے در پے وار کر کے بے دردی سے موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    ملزم نے واردات کے بعد لاش سمیت خود کو دکان میں بند کرلیا، اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور دروازہ توڑ کر بچے کی لاش اورملزم کو باہر نکالا۔

    میڈیکل رپورٹ کے مطابق بچے کےجسم پر چھریوں کے78وار کئے گئے، پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کو قتل کرنے کے بعد ملزم ایاز نے خود کو بھی مارنے کی کوشش کی تھی۔

    بچے کے بہیمانہ قتل پر علاقہ مکین مشتعل ہوگئے اور ملزم پر تشدد کرنے کی کوشش کی، پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کرلیا۔

  • نوازشریف کی نااہلی کا فیصلہ دلیل کےخلاف دیاگیا، گورنرسندھ

    نوازشریف کی نااہلی کا فیصلہ دلیل کےخلاف دیاگیا، گورنرسندھ

    کراچی : گورنرسندھ محمد زبیر نے نواز شریف کی نااہلی کے فیصلے کوغلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بہت افسوس کےساتھ کہتا ہوں کہ فیصلہ دلیل کےخلاف دیاگیا، عدالتی توضیح سےکوئی ماہرمتفق نہیں ہوگا۔

    ان خیالات کا اظہارانہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، تفصیلات کے مطابق پاناما فیصلے کے ڈیڑھ ماہ بعد گورنرسندھ جاگ گئے، گورنرسندھ کوسپریم کورٹ کےفیصلےمیں نقص نظرآنےلگے۔

    انہوں نے سپریم کورٹ کی جانب سے دیا گیا نوازشریف کی نااہلی کا فیصلہ غلط قراردےدیا، صحافیوں سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ تنخواہ پرنااہل قراردینے کی عدالتی توضیح سےکوئی ماہرمتفق نہیں ہوگا، کوئی بھی مالیاتی ماہرججوں کی رائےسےاتفاق نہیں کرسکتا۔

    گورنرسندھ کا مزید کہنا تھا کہ ملکی قانون کےمطابق وصول کی جانےوالی رقم تنخواہ کہلاتی ہے، ججوں نے فیصلے میں کہا کہ نوازشریف نے تنخواہ چھپائی، افسوس کےساتھ کہتا ہوں ججوں کی توضیح غلط ہے، نااہلی کا فیصلہ دلیل کےخلاف دیاگیا۔


    مزید پڑھیں: نوازشریف کی نااہلی قبول نہیں کرتے، خواجہ سعد رفیق


    انکا کہنا تھا کہ کیا کسی نے تنخواہ نہ لیتےہوئے تنخواہ کی وصولی ظاہرکی اوراس پرٹیکس بھی دیا؟ میری رائے کئی دہائیوں پر مبنی اکاؤنٹنگ تجربے کی بنیاد پر ہے کیونکہ میں آئی بی ایم کا چیف فنانشل آفیسر بھی رہ چکا ہوں۔


    مزید پڑھیں: نوازشریف کی نااہلی پر پاکستانی اداکاروں کے تبصرے


    انہوں نے سوال کیا کہ اکاؤنٹنگ کی غلط توجیح پروزیراعظم کو گھر کیسے بھیجا جاسکتا ہے؟

  • پسند کی شادی کرنیوالی خاتون پرسسرالیوں کا تشدد، انصاف کی اپیل

    پسند کی شادی کرنیوالی خاتون پرسسرالیوں کا تشدد، انصاف کی اپیل

    کراچی: پسند کی شادی کرنیوالی خاتون سسرالیوں کے ظلم کی داستان لے کر کراچی آگئی، سسرالیوں بالخصوص شوہر اور نجی ٹی وی چینل کے رپورٹر دیور نے تشدد کے بعد گھر سے نکال دیا، متاثرہ خاتون مدد کیلئے اے آر وائی نیوز کے دفتر پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی رہائشی خیرالنساء نے سانگھڑ کے بااثر شخص سے فیس بک پر دوستی کی، یہ دوستی بعد میں محبت میں بدل گئی اور عہد وپیماں کے بعد دونوں نے عدالت جا کر شادی کرلی۔

    اے آر وائی نیوز کے دفتر پہنچ کر نمائندہ عبدالحسیب سے گفتگو کرتے ہوئے مذکورہ خاتون نے بتایا کہ ان کی پسند کی شادی پر دونوں خاندان ناخوش تھے۔

    چند دن اچھے گزرے پھر شوہر نے بھی آنکھیں پھیرلیں، تشدد کی شکار خاتون نے کہا کہ جہیز نہ لانے پر سسرالیوں نے ظلم کی انتہا کردی، شادی کے بعد مبینہ طور پر شوہر اوراس کے صحافی دیور اور سسرالیوں نے شدید تشدد کرکے گھر سے نکال دیا۔

    خاتون کا کہنا تھا کہ سسرالیوں کے بااثر ہونے کی وجہ سے پولیس مقدمہ واپس لینے کیلئے دباؤ ڈال رہی ہے، مظلوم خاتون نے انصاف کے حصول کیلئے اےآر وائی نیوز کے توسط سے وزیراعلیٰ سندھ، وزیر داخلہ اور آئی جی سندھ سے انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔

  • دوسرا ٹی ٹوئنٹی: ہاشم آملہ کی شاندار بیٹنگ، ورلڈ الیون کو فتح

    دوسرا ٹی ٹوئنٹی: ہاشم آملہ کی شاندار بیٹنگ، ورلڈ الیون کو فتح

    لاہور : ہاشم آملہ اور پریرا کی شاندار بیٹنگ کی بدولت ورلڈ الیون نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی، پریرا کو شاندار بیٹنگ کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق آزادی کپ کا دوسرا میچ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، ورلڈ الیون سیریز برابر کرنے کے لیے مکمل تیاری کے ساتھ میدان میں اتری جبکہ شاہین بھی جیت کا عزم لیے اسٹیڈیم میں موجود تھے۔

    پاکستان نے ٹاس جیتنے پر پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 20 اوورز میں 174 رنز اسکور کر کے ورلڈ الیون کو جیت کے لیے 175 رنز کا ہدف دیا، پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 45 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ احمد شہزاد 45 رنز بنا کر دوسرے اور شعیب ملک 39 رنز بنا کر تیسرے نمایاں بلے باز رہے۔

    پہلی اننگز کی جھلکیاں

    ورلڈ الیون کی جانب سے سیموئل بدری اور پریرا نے دو دو جبکہ عمران طاہر نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی، پاکستان کو اوپننگ شراکت اچھی ملی تاہم سرفراز الیون کو 41 کے مجموعی اسکور پر پہلی وکٹ کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

    ہدف کے تعاقب میں ورلڈ الیون نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو 47 کے مجموعی اسکور پر تیمیم اقبال پویلین روانہ ہوئے جبکہ 71 کے مجموعی اسکور پر پین اور 106 کے مجموعی اسکور پر ڈوپلسی پویلین لوٹے۔

    ورلڈ الیون کے اوپنر ہاشم آملہ نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 55 بالز پر 72 رنز بنائے جبکہ اُن کا ساتھ دینے والے پریرا نے بھی جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 19 گیندوں پر 46 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کو شکست سے بچایا۔

    دوسرے میچ میں ورلڈ الیون کی جیت کے بعد سیریز ایک ایک سے برایر ہوگئی، سیریز کا اگلا میچ 15 ستمبر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

    ورلڈ الیون اننگز

    بیسویں اور آخری اوور میں میچ سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہوا تاہم پریرا اور ہاشم آملہ کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت ورلڈ الیون نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔

    انیسویں اوور میں ورلڈ الیون کے بلے بازوں نے سہیل خان کی فل ٹاس کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور مجموعی اسکور کو 162 تک پہنچایا۔

    اٹھارویں اوور میں ورلڈ الیون کا مجموعی اسکور 142 تک پہنچا، آخری دو اوورز میں مخالف ٹیم کو جیت کے لیے 33 رنز درکار تھے۔

    سترہویں اوور میں ورلڈ الیون کے بلے بازوں نے مجموعی اسکور میں 10 رنز کا اضافہ کیا جس کے بعد مجموعی اسکو تین وکٹوں کے نقصان پر 134 تک پہنچا۔

    سولہویں اوور میں ہاشم آملہ نے دو بار گیند کو باؤنڈری کی راہ دکھائی جس کے بعد مجموعی اسکور 12 رنز اضافے کے بعد 124 تک پہنچا۔

    پندرہویں اوور میں ورلڈ الیون کا مجموعی اسکور 6 رنز اضافے کے بعد 112 تک پہنچا۔

    چودہویں اوور کی دوسری بال پر ہاشم آملہ نے نصف سنچری مکمل کی انہوں نے 38 گیندوں کا سامنا کر کے 51 رنز بنائے، گیند کو باؤنڈری کے باہر بھیجنے کے چکر میں ڈوپلسی 20 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے، یوں ورلڈ الیون کو 106 کے مجموعی اسکور پر 3 وکٹوں کا سامنا کرنا پڑا۔

    تیرہویں اوور میں بھی ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور اسکور کو 96 تک پہنچایا۔

    بارہویں اوور میں ورلڈ الیون کے بلے بازوں نے ایک 6 کی مدد سے 8 رنز حاصل کیے جس کے بعد مجموعی اسکور دو وکٹوں کے نقصان پر 89 تک پہنچا۔

    شاہینوں نے گیارہویں اوور میں بھی ورلڈ الیون کو پریشر میں رکھا اس لیے مخالف ٹیم صرف 6 رنز حاصل کرسکی، اوور اختتام پر مجموعی اسکور دو وکٹوں کے نقصان پر 78 تک پہنچا۔

    دسویں اوور میں عماد وسیم نے ٹم پین کو چکما دیا اور کلین بولڑ کر کے پویلین کی راہ دکھائی، انہوں نے 12 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 10 رنز اسکور کیے، اوور اختتام پر ورلڈ الیون نے دو وکٹوں کے نقصان پر 72 رنز اسکور کیے۔

    شاداب خان کے پہلے اور اننگز کے 9ویں اوور میں ہاشم آملہ کے ایک چھکے کے باعث 10 رنز کا اضافہ ہوا، یوں اس کے اختتام پر مخالف ٹیم نے 1 وکٹ کے نقصان پر 70 رنز بنائے۔

    اننگز کا 8واں اوور عماد وسیم نے کیا جس میں صرف 4 رنز کا اضافہ ہوا، اوور اختتام پر ورلڈ الیون نے 60 رنز اسکور کیے۔

    ساتواں اوور محمد نواز نے کیا جس میں ورلڈ الیون 7 رنز بنا سکی، اوور اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر مجموعی اسکور 56 تک پہنچا۔

    چھٹے اوور میں 45 کے مجموعی اسکور پر ورلڈ الیون کی پہلی وکٹ گری، سہیل خان کی گیند پر شعیب ملک نے عمدہ کیچ کر کے تمیم اقبال کو پویلین کی راہ دکھائی انہوں نے 19 گیندوں کا سامنا کر کے 23 رنز اسکور کیے، اوور اختتام پر مخالف ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر 49 رنز اسکور کیے۔

    رومان رئیس نے اننگز کا پانچواں اوور کیا جس میں ورلڈ الیون صرف چار رنز بنانے میں کامیاب رہی، اوور اختتام پر ٹیم کا مجموعی اسکور بغیر کسی نقصان کے 44 تک پہنچا۔

    چوتھے اوور میں 11 رنز کا اضافہ ہوا جس کے بعد مجموعی اسکور بغیر کسی نقصان کے 41 تک پہنچا۔

    تیسرے اوور میں 16 رنز اضافے کے بعد ورلڈ الیون کا مجموعی اسکور 30 تک پہنچا۔

    پاکستان کی جانب سے اننگز کا دوسرا اوور سہیل خان نے کیا، اوور میں 9 رنز اضافے کے بعد ورلڈ الیون کا مجموعی اسکور بغیر کسی نقصان کے 14 تک پہنچا۔

    ورلڈ الیون کی جانب سے اوپننگ کا آغاز تمیم اقبال اور ہاشم آملہ نے کیا، عماد وسیم اور اننگز کے پہلے اوور میں صرف پانچ رن بنے۔

    پاکستانی ٹیم کی اننگز

    بیسویں اوور میں شعیب ملک نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے گیند کو دو بار باؤنڈری سے باہر پھینکا تاہم آخری بال پر کیچ آوٹ ہوگئے، اوور اختتام پر پاکستان نے 174 رنز اسکور کیے۔

    انیسویں اوور کی پہلی بال پر عماد وسیم کیچ آؤٹ ہوئے تاہم نوبال ہونے کی وجہ سے وہ محفوظ رہے تاہم دو گیندیں کھیلنے کے بعد عماد وسیم کیچ ہاتھوں میں تھما کر پویلین روانہ ہوئے، انہوں نے گیارہ گیندوں کا سامنا کر کے 15 رنز اسکور کیے، اگلی ہی بال پر نئے آنے والے کھلاڑی سرفراز بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے، اوور اختتام پر مجموعی اسکور پانچ وکٹوں کے نقصان پر 157 تک پہنچا۔

    اٹھارویں اوور میں عماد وسیم نے دو چوکے مارے جس کے باعث مجموعی اسکور 151 تک پہنچا۔

    سترہواں اوور ورلڈ الیون کی جانب سے سیموئل بدری نے پھینکا، دوسری ہی گیند پر بابر اعظم گیند سمجھنے سے قاصر رہے اور ملر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوکر پویلین لوٹے، انہوں نے 38 گیندوں کا سامنا کر کے 45 رنز اسکور کیے، اوور کے اختتام پر سرفراز الیون نے تین وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز اسکور کیے۔

    سولہویں اوور کی دوسری بال کو شعیب ملک نے باؤنڈری کے باہر پھینک کر 6 رنز حاصل کیے تاہم عمران طاہر کی اگلی ہی گیند پر وہ اسٹمپ ہوتے ہوتے بچے، ایک بال کے بعد شعیب ملک نے گیند کو پھر باؤنڈری کی راہ دکھائی اور اس طرح اوور اختتام پر پاکستان کا مجموعی اسکور دو وکٹوں کے نقصان پر 134 تک پہنچا۔

    پندرہ اوور کا کھیل مکمل ہونے پر سرفراز الیون کا مجموعی اسکور دو وکٹ کے نقصان پر 115 تک پہنچا۔

    چودہ اوور میں پاکستان کا مجموعی اسکور 115 تک پہنچا۔

    ورلڈ الیون کے باؤلر عمران طاہر نے اننگز کے تیرہویں اور اپنے پہلے اوور کی دوسری گیند پر احمد شہزاد کو پویلین کی راہ دکھائی، ڈیوڈ میلر نے اُن کا زبردست کیچ پکڑا، احمد شہزاد نے 34 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 43 رنز بنائے، اوور اختتام پر مجموعی اسکور 2 وکٹ کے نقصان پر 106 تک پہنچا۔

    بارہویں اوور میں میں مجموعی اسکور میں 12 رنز کا اضافہ ہوا، اوور اختتام پر سرفراز الیون نے ایک وکٹ کے نقصان پر 99 رنز بنائے۔

    گیارہویں اوور میں ایک چوکے کی مدد سے مجموعی اسکور ایک وکٹ کے نقصان پر 87 تک پہنچا۔

    دسویں اوور میں اسکور ایک وکٹ کے نقصان پر 78 تک پہنچا۔

    نویں اوور میں مجموعی اسکور 69 تک پہنچا۔

    آٹھویں اوور میں مجموعی اسکور ایک وکٹ کے نقصان پر 55 تک پہنچا۔

    ساتویں اوور میں چار رنز کا اضافہ ہوا۔

    چھٹے اوور میں میں صرف ایک رن کا اضافہ ہوا۔

    پانچویں اوور میں پاکستان کو پہلے نقصان کا سامنا کرنا پڑا جب فخر زمان 21 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، اوور میں مجموعی اسکور میں 7 رنز کا اضافہ ہوا۔

    میچ کے چوتھے اوور میں صرف پانچ رنز کا اضافہ ہوسکا۔

    تیسرا اوور

     اس اوور میں بھی چودہ رنز کا اضافہ ہوا، تین شاندار چوکوں کے ساتھ مجموعی اسکور30 ہوگیا۔

    دوسرا اوور

    دوسرے اوور کے اختتتام پر قومی ٹیم کا اسکور میں 14 رنز کا اضافہ ہوا جس میں فحر زمان کے تین شاندار چوکے بھی شامل ہیں، پاکستان کا مجموعی اسکور 16 ہوگیا۔

    پہلا اوور قومی ٹیم کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز اوپنر فخر زمان اور احمد شہزاد نے کیا۔ ورلڈ الیون کےمورنی مورکل پہلااوورکرایا، میچ کے پہلے اوور میں پاکستان کا اسکور بغیر کسی نقصان کے دو رنز ہے۔

    ٹاس

    ٹاس جیتنے کے بعد قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ آج زیادہ رنزبنانے کی کوشش کریں گے ان کا کہنا تھا کہ فہیم اشرف کی جگہ محمد نواز کو جبکہ حسن علی کی جگہ عثمان شنواری کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

    اس موقع پر ورلڈ الیون ٹیم کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے کہا کہ وکٹ آج بہت اچھی ہے،ٹاس جیتتے تو ہم بھی پہلےبیٹنگ ہی کرتے۔

    پاکستان ٹیم 

    قومی ٹیم کی قیادت کپتان سرفراز احمد کررہے ہیں، جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، احمد شہزاد، بابراعظم، شعیب ملک، رومان رئیس، عماد وسیم، شاداب خان، سہیل خان، عثمان شنواری، محمد نوازبھی قومی ٹیم میں شامل ہیں۔

    ورلڈ الیون : 

    ورلڈ الیون ٹیم کے کپتان فاف ڈیوپلیسی تمیم اقبال، ہاشم آملہ ٹم پینی، ڈیوڈ ملر، پاؤل کولن ووڈ، تھریسا پریرا، بین کٹنگ، سیموئیل بدری، مورن مورکل، اور عمران طاہر شامل ہیں۔

    پڑھیں: آزادی کپ، پاکستان نے ورلڈ الیون کو شکست دے دی

    یاد رہے گزشتہ روز قذافی اسٹیڈیم میں آزادی کپ کا پہلا میچ کھیلا گیا جس میں پاکستانی ٹیم نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ورلڈ الیون کو 20 رنز سے شکست دی تھی، میچ میں عمدہ کارکردگی دکھانے پر بابر اعظم کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • کلبھوشن کیس: بھارت نے عالمی عدالت میں تفصیلی جواب جمع کرادیا

    کلبھوشن کیس: بھارت نے عالمی عدالت میں تفصیلی جواب جمع کرادیا

    اسلام آباد : کلبھوشن کیس پر بھارت نے عالمی عدالت میں تفصیلی جواب جمع کرادیا، پاکستان مذکورہ کیس میں اپنا جواب13دسمبر کو جمع کرائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت اپنے دہشت گرد افسر کو بچانے کے لیے سرگرم ہے، بھارتی وزارت داخلہ نے عالمی عدالت میں اپنے جاسوس حاضر سروس افسر کلبھوشن یادیو کے حق میں تفصیلی جواب جمع کرادیا ہے جبکہ اس سلسلے میں پاکستان اپنا جواب13دسمبر کو جمع کرائے گا۔

    دوسری جانب بھارتی میڈیا کلبھوشن کو معصوم قرار دینے میں مصروف ہے جبکہ کلبھوشن یادیو پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں کا اعتراف کرچکا ہے۔

    بھارتی خفیہ ایجنسی را کا حاضر سروس افسر کلبھوشن یادیو پاکستان میں رنگے ہاتھوں پکڑا گیا تھا، کلبھوشن یادیو بلوچستان، کراچی میں دہشت گردی کا نیٹ ورک چلارہاتھا۔

    کلبھوشن بلوچ انتہا پسندوں کو فنڈنگ میں ملوث تھا، بھارتی جاسوس نے پاکستان میں دہشتگرد کارروائیوں کا اعتراف بھی کیا ہے۔

    پاکستان کی فوجی عدالت نےکلبھوشن کوپھانسی کی سزاسنارکھی ہے، جس پر بھارت نے دس مئی کو عالمی عدالتِ انصاف کا دروازہ کھٹکھٹایا اور سزائے موت پر عملدرآمد روکنے کی درخواست دائر کی تھی۔

    بھارتی جاسوس پر الزام ہے کہ مہران ایئر بیس پر حملے کی منصوبہ بندی بھی اس کےعلم میں تھی، کلبھوشن را کے جوائنٹ سیکریٹری کے ماتحت کام کرتاتھا، یہ بھارتی مشیر قومی سلامتی اور را کےسربراہ سے بھی رابطے میں تھا، بھارتی دہشت گرد کلبھوشن یادیو گوادرمیں ہوٹل میں بم دھماکے میں بھی ملوث تھا۔


    مزید پڑھیں: کلبھوشن عالمی عدالت کیس: بھارت مطمئن نہیں کرپایا‘ پاکستان قونصلر رسائی دے‘ مکمل فیصلے تک پھانسی نہ دے


    یاد رہے کہ ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں عالمی عدالت کے جج نے 13جون کو ایک حکم کے ذریعے بھارت کو 13ستمبر کو درخواست دینے کا پابند کیا تھا جبکہ مذکورہ عدالت نے پاکستان کو 13دسمبر کو اس کا جواب دینے کا حکم دیا تھا۔

  • بھارتی فوج کی ورکنگ باؤنڈری پر فائرنگ سے ایک شہری شہید

    بھارتی فوج کی ورکنگ باؤنڈری پر فائرنگ سے ایک شہری شہید

    راولپنڈی : بھارتی فوج نے ایک بار پھر ورکنگ باونڈری پر بلا اشتعال فائرنگ کرکے ایک پاکستانی شہری کو شہید کردیا، پاک فوج کی جوابی کارروائی میں بھارتی توپیں خاموش ہوگئیں۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق جنگی جنون میں مبتلا بھارت ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول پر پھر آؤٹ آف کنٹرول ہوگیا۔

    پکھیال سیکٹر پر بھارتی فوج کی شر انگیزی سے پاکستانی شہری محمد ظہور شہید ہوگیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پنجاب رینجرز نے موقع پربھارتی اشتعال انگیزی کا مؤثرجواب دیا۔

    جوانوں نے منہ توڑجواب میں بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا، بھارتی فوج نے چری کوٹ اور کیلر سیکٹر میں بھی آبادی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

    پاک فوج کے جوابی وارمیں دشمن کو سانپ سونگھ گیا، مؤثرجواب میں بھارتی مورچوں کو نقصان پہنچا۔

  • آدھے سرکے درد کی علامات اوراس کا آسان علاج

    آدھے سرکے درد کی علامات اوراس کا آسان علاج

    سرکے درد کی کئی اقسام ہیں جن میں ایک آدھے سر کا درد بھی ہے جسے درد شقیقہ جبکہ جدید ایلوپیتھی اصطلاح میں مگرین Migraine بھی کہتے ہیں، بعض اوقات یہ پورے سر میں ہوتا ہے مگر آدھے سر میں کم اور آدھے میں زیادہ ہوتا ہے۔

    درد شقیقہ شدید نوعیت کا درد ہے جو مریض کو کسی کام کاج کا نہیں چھوڑتا، بھنوؤں کے اوپر اور ملحقہ حصے کا درد بھی درد شقیقہ ہی کی ایک قسم ہے۔

    آدھے سر کا درد خون کی شریانوں کے بڑھنے اور اعصاب سے کیمیائی مادوں کے ان شریانوں میں ملنے سے پیدا ہوتا ہے اس کے دورے کے دوران ہوتا یہ ہے کہ کنپٹی کے مقام پر جلد کے نیچے رگ پھول جاتی ہے۔

    اس کے نتیجے میں کچھ کیمیائی مادے پیدا ہوکرسوجن اور درد کے ذریعے رگ کو اور پُھلا دیتے ہیں جس سے دفاع میں اعصابی نظام متلی، پیٹ کی خرابی اور قے کا احساس پیدا کرتا ہے علاوہ ازیں اس کی وجہ سے خوراک کے ہضم ہونے کا عمل بھی سست پڑ جاتا ہے۔

    دوران خون کے سست پڑنے سے ہاتھ اور پاؤں ٹھنڈے پڑ سکتے ہیں اور روشنی اور آواز کی حساسیت میں اضافہ ہوسکتا ہے جسم کو ایک طرف کمزوری کا احساس بھی ہوسکتا ہے۔


    مزید پڑھیں: اسمارٹ فون کا استعمال گردن میں درد کا باعث


    درد شقیقہ کی علامتوں میں سے ایک علامت یہ بھی ہے کہ مریض کے سر کے پچھلے حصے میں درد ہوتا ہے، اس کی وجہ پرانا بلڈ پریشر بھی ہوتا ہے۔

     درد شقیقہ کا علاج :

    درد کے علاج کے لیے مریض دماغ کو قوت دینے والی غذائیں کھائے، بازار سے چاروں مغز لیں اور اس میں 25 گرام بادام اور اخروٹ, 10 گرام ملا کر پیسنے کے بعد دودھ کے ساتھ اس کا حریرہ بنا کر صبح اور شام کے اوقات میں کھائیں۔


    مزید پڑھیں: سر درد سے 5 منٹ میں چھٹکارہ حاصل کریں


    علاوہ ازیں روغن لبوب صبا جو پانچ تیلوں کا ایک مرکب ہے، یہ بازار میں بآسانی دستیاب ہے، یہ تیل بھی سر میں روزانہ دو مرتبہ لگائیں، اس کے استعمال سے مرض جلد ختم ہوجائے گا۔

  • چاول کی ایکسپورٹ، یورپی منڈیاں حاصل کرنے کا بہترین موقع

    چاول کی ایکسپورٹ، یورپی منڈیاں حاصل کرنے کا بہترین موقع

    کراچی: رائس ایکسپورٹر ایسوی ایشن کے چئیرمین محمود مولوی نے کہا ہے کہ یورپی یونین نے بھارتی چاول کی امپورٹ پر پابندی لگا دی ہے، پاکستان یورپ اور دیگر ایکسپورٹ منڈیاں دوبارہ حاصل کرکے چاول کی ایکسپورٹ میں 30 تا 35 فیصد تک اضافہ کرسکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کی جانب سے بھارتی چاول کی امپورٹ پر پابندی کی وجہ سے پاکستانی ایکسپورٹرز رواں سال یورپی منڈی دوبارہ ایکسپورٹر ز قبضہ کرسکتے ہیں، بھارتی چاول کی ایکسپورٹ پر پابندی کے باعث پاکستانی باسمتی چاول کی ایکسپورٹ میں 30 فیصد تک اضافہ ممکن ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی چاول منڈی کے مطابق بھارت میں چاول کی فصل کم ہونے کی وجہ سے بھارتی حکومت رواں سال چاول کی ایکسپورٹ پر پابندی عائد کر سکتی ہے، اس صورتحال میں پاکستانی چاول کی ایکسپورٹ میں 40 فیصد تک اضافہ ممکن ہے۔

    چئیرمین نے مزید کہا کہ 2008 بھارتی حکومت چاول کی ایکسپورٹ پر پابندی عائد کرچکی ہے، رواں سال پاکستان میں چاول کی بمپر فصل ہوئی ہے اب حکومت کی ذمہ داری ہے کہ پوری دنیا میں موجود پاکستانی کمرشل قونصلرز کے ذریعے اپنے چاول کی ایکسپورٹ میں اضافے کے لیے کام کرے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بھارت 8 ملین ٹن چاول ایکسپورٹ کرتا ہے جو چاول کی عالمی ایکسپورٹ کا 25 فیصد ہے۔