Category: پاکستان

پاکستان اردو نیوز

ملک پاکستان میں اے آر وائی نیوز کی جانب سے آنے والی تازہ ترین خبریں

Pakistan Urdu News- Daily Pak Urdu News

  • قطر بحران : پاکستانیوں سمیت 490 غیرملکی سعودی عرب میں پھنس گئے،انکشاف

    قطر بحران : پاکستانیوں سمیت 490 غیرملکی سعودی عرب میں پھنس گئے،انکشاف

    لندن : قطری حکومت نے انکشاف کیا ہے کہ حالیہ خلیجی بحران کے بعد  سعودی عرب میں روزگار کے لیے جانے والے پاکستانیوں سمیت مختلف ممالک کے 490 ملازمین وہاں دو ماہ سے پھنسے ہوئے ہیں، بحران کے بعد قطری شہری تو نکل آئے مگر ان کے زرعی فارم کے غیر ملکی ملازمین کو روک لیا گیا۔

    قطر کی قومی کمیٹی برائے انسانی حقوق کے مطابق پاکستان سمیت کئی ممالک سے تعلق رکھنے والے 490 غیر ملکی ملازمین ایسے ہیں جو رواں سال 5 جون کو شروع ہونے والے خلیجی بحران کے آغاز سے اب تک سعودی عرب میں پھنسے ہوئے ہیں، ان افراد میں بڑی تعداد پاکستان، بھارت، نیپال اور سوڈان سے تعلق رکھتی ہے۔

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق کمیٹی کے بین الاقوامی تعاون ڈویژن کے سربراہ سعد سلطان آل عبداللہ نے انہیں بتایا کہ سعودی عرب میں پھنسے ایسے افراد کی اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ قطر سے قطع تعلق کا اعلان کرنے کے ساتھ ہی تینوں خلیجی ممالک نے اپنے ہاں مقیم قطری باشندوں کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا تھا جبکہ وہاں موجود ان کی جائیدادیں اور اثاثے منجمد کر دیئے گئے تھے۔

    انہوں نے بتایا کہ بہت سے قطری باشندوں کے سعودی عرب میں زرعی فارم تھے جن پر ان کے غیرملکی ملازمین کام کرتے تھے، قطر کے محاصرے کے بعد قطری شہری تو وہاں سے بحفاظت نکل آئے مگر ان کے ملازمین کو روک لیا گیا۔

    سعد سلطان ال عبداللہ کے مطابق تین خلیجی ممالک کی جانب سے قطری شہریوں کے بنکوں میں موجود اثاثے منجمد کرنے اور رقم کی ترسیل پر پابندی کے باعث قطری مالکان کی طرف سے سعودی عرب میں پھنسے ان ملازمین کو گذشتہ دو ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی بھی ممکن نہیں ہو پائی ہے۔

    یاد رہے کہ قطر کا واحد زمینی رابطہ صرف سعودی عرب کے ساتھ ہے اور باقی تین اطراف سے اس کو خلیج فارس کے سمندر نے گھیر رکھا ہے۔

  • ن لیگ کی انتخابی مہم دکھانے پرپی ٹی وی کیخلاف کارروائی کی درخواست

    ن لیگ کی انتخابی مہم دکھانے پرپی ٹی وی کیخلاف کارروائی کی درخواست

    اسلام آباد : نون لیگ کی انتخابی مہم دکھانے پر ریٹرننگ افسر نے پی ٹی وی کے خلاف کیس الیکشن کمیشن کو بھیج دیا، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کیپٹن (ر)صفدر کو بھی شو کاز نوٹس جاری کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی وی کو نون لیگ کی انتخابی مہم دکھانا مہنگا پڑ گیا، پاکستان ٹیلی ویژن کو مریم نواز کی ریلی کو کئی گھنٹوں تک لائیو کوریج دینے پر ریٹرننگ افسر نے کیس الیکشن کمیشن کو بھیج دیا۔

    اپنے خط میں آر او کا کہنا تھا کہ قومی ادارہ مسلم لیگ ن کی ریلی کو کوریج دے رہا ہے پی ٹی وی کے خلاف کارروائی کی جائے، ریٹرننگ افسر کا مطالبہ تھا کہ حلقے میں تمام امیدواروں کو یکساں کوریج دی جائے۔

    دوسری جانب کیپٹن (ر)صفدر پر بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا وار ہوگیا، الیکشن کمیشن نے ان کیخلاف بھی شو کاز نوٹس جاری کردیا، جس میں ان سے 2 روز میں وضاحت طلب کی گئی ہے۔

    اس کے علاوہ پی ٹی آئی کے رہنما محمودالرشید، سعدیہ سہیل اورڈپٹی مئیر لاہورمیاں طارق کو بھی نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔

    الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے تحت کسی ممبر قومی و صوبائی اسمبلی کو انتخابی مہم چلانے کی اجازت نہیں ہے۔

     واضح رہے کہ نواز شریف کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی این اے 120 کی نشست پر الیکشن17ستمبر کو ہوگا جس کے لیے مسلم لیگ نواز اور تحریک انصاف کی جانب سے بھرپور مہم چلائی جارہی ہے۔

  • سترہ ستمبر کو لاہور میں عدالت سجے گی اورعوام فیصلہ سنائیں گے، مریم نواز

    سترہ ستمبر کو لاہور میں عدالت سجے گی اورعوام فیصلہ سنائیں گے، مریم نواز

    لاہور : مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف نے سپریم کورٹ کا فیصلہ مان لیا لیکن عوام نے یہ فیصلہ قبول نہیں کیا ہے اور عوام کی عدالت کا فیصلہ ہر کسی کو ماننا پڑے گا.

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں ورکز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا ہر چاہنے والا وکیل بن کر مقدمہ لڑ رہا ہے اور لوگوں نے بتا دیا ہے کہ نواز شریف کے ساتھ ظلم منظور نہیں.

    مریم نواز نے کہا کہ کیس پاناما لیکس پر چلا اور فیصلہ اقامہ پر نوازشریف کے خلاف آیا لیکن اس سے اور تو کچھ نہیں ہوا لیکن سازش کرنے والوں کی چھٹی ہوگئی جب کہ نواز شریف آج بھی لوگوں کے دلوں کا حکمراں ہے.

    انہوں نے تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جلسے کی خالی کرسیاں کسی کی ناکامی کی داستان سنا رہی ہیں اور یہ خالی کرسیاں بتا رہی ہیں کہ سازش کی سیاست اور مہروں کا مستقبل تاریک ہے.

    مریم نواز نے مخالفین پر سوالات کی بوچھاڑ کرتے ہوئے پوچھا کہ سوال کیا کہ 20 کروڑ کے پاکستانوں کا فیصلہ سازشی عناصر کریں گے یا منتخب وزیراعظم ؟ 17 ستمبر کے ضمنی الیکشن کے نتائج بعد سازشیوں اور ان کے مہروں سے پوچھنا کہ ن لیگ جیتی تو کیا معافی مانگو گے ؟ نواز شریف کے خلاف فیصلہ غلط تسلیم کرو گے یاعوام کو بھی نااہل کرو گے ؟

    انہوں نے کہا کہ اب نواز شریف کی پرواز کو کوئی نہیں روک سکتا پاناما کیس میں منصف مدعی بن گئے تھے لیکن آج میں عوام کی جے آئی ٹی میں کھڑی ہوں اور 17 ستمبر کوعوام کی جے آئی ٹی میں مدعی عوام ہوں گے اورجج بھی عوام ہوں گے اور فیصلہ عوام کی عدالت دے گی.


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • پاناما کیس نظرثانی: شریف خاندان کی سماعت مؤخرکرنے کی اپیل

    پاناما کیس نظرثانی: شریف خاندان کی سماعت مؤخرکرنے کی اپیل

    اسلام آباد : سابق وزیراعظم نوازشریف کے بعد ان کے بچوں نے بھی سپریم کورٹ میں پاناما کیس کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست پر سماعت مؤخر کرنے کی اپیل کردی، سماعت کے لیےپانچ رکنی لارجر بینچ تشکیل دینےکی استدعاکی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نااہل ہونے والے وزیراعظم نوازشریف کے بعد ان کے بچوں کی جانب سے بھی پانامہ کیس کے فیصلے پرنظرثانی کی درخواست پر سماعت موخر کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق اپیل میں سماعت کے لیے پانچ رکنی لارجر بینچ تشکیل دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ اپیل میں مؤقف اختیار کیا ہے گیا کہ تین اور پانچ رکنی بینچ کے فیصلے کیخلاف نظرثانی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔

    درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ بارہ ستمبر کو صرف تین رکنی بینچ کے فیصلے کیخلاف اپیلیں مقررکی گئیں۔ پانچ رکنی بینچ کے فیصلے کیخلاف اپیلیں بھی سماعت کیلئے مقررکی جائیں۔


    مزید پڑھیں: نوازشریف نے نظرثانی کی درخواستیں دائر کردیں


    درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ دائر اپیلوں کو ایک ہی بینچ کے سامنے سماعت کیلئے مقرر کیا جائے، پاناما کیس کا فیصلہ پانچ رکنی بینچ نے دیا تھا۔


    مزید پڑھیں: شریف خاندان کی نظرثانی درخواستیں سماعت کے لیےمنظور


    تین رکنی بنچ لارجر بینچ کے فیصلے کو بدل نہیں سکتا، پانچ رکنی بینچ نے تین رکنی بینچ کے فیصلے کی توثیق کی تھی۔

  • آزادی کپ ٹرافی کی تقریب رونمائی، سرفرازاحمد فتح کے لیے پُرعزم

    آزادی کپ ٹرافی کی تقریب رونمائی، سرفرازاحمد فتح کے لیے پُرعزم

    لاہور: آزادی کپ ٹرافی کی تقریب رونمائی میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اور ورلڈ الیون کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے ٹرافی کی رونمائی کی جب کہ پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ کل کھیلا جائے گا.

    آزادی کپ ٹرافی کی تقریب رونمائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ کل کے میچ کے لیے ہماری تیاریاں اچھی ہیں اور ٹرافی جینتے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے.

    سرفراز احمد نے کہا کہ ورلڈ الیون میں دنیا کے بہترین کھلاڑی شاامل ہیں جو ہمیں ٹف ٹائم دینے کی مکمل صلاحیت بھی رکھتے ہیں تاہم پاکستان بھی پوری تیاری کر کے میدان میں اترے گی اور ورلڈالیون کے خلاف بھر پور کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے.

    سرفراز احمد نے کہا کہ ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے کا موقع مل رہا ہے اگر اچھا کھیلیں گے تو داد بھی ملے گی، امید ہے مقابلہ سخت ہوگا اور شائقین کرکٹ کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی اور ہماری بھی کوشش ہوگی عالمی منتخب پلیئرزکی ٹیم کوٹف ٹائم دیں گے.

    انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کی رینکنگ اچھی ہے اور ہماری کوشش ہوگی کہ اپنی پوزیشن برقرار رکھیں تاہم ٹی ٹوئنٹی میں کوئی ٹیم بڑی نہیں جواچھا کھیلتی ہے وہی فاتح ٹیم بنتی ہے.

    ٹیم اسکواڈ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ فاسٹ بولر محمد عامردستیاب نہیں ہیں لیکن ہمارے پاس ان کا متبادل موجود ہے اور میں کسی ایک بالر پر انحصار نہیں کر رہا ہوں ٹیم کا مورال بلند ہے.

    سرفراز احمد لکا کہنا تھا کہ ورلڈ الیون میں میرے پسندیدہ کھلاڑی ہاشم آملہ ہیں اور چیمپئنز ٹرافی کے بعد ذمے داری بڑھ گئی ہے اس لیے کوشش ہوگی کہ ایونٹ جیتیں اور قوم کے اعتماد پر اتریں.

    کپتان قومی کرکٹ ٹیم سرفرازاحمد نے کہا کہ کراچی میرا ہوم گراؤنڈ ہے اور وہاں حالات اب بہتر ہو رہے ہیں جس کے بعد امید ہوچلی ہے کہ پی ایس ایل کے میچز کراچی میں بھی ہوں گے بعد ازاں کراچی کے بعد پورے ملک میں انٹرنیشنل میچز ہوں گے.

    انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ، انگلینڈ، بنگلہ دیش اور سری لنکا سمیت تمام بورڈز کا شکر گزار ہوں اور اب بھارت کی ٹیم بھی بہت جلد پاکستان آئے گی جس سے پاکستان میں کرکٹ کو مزید فروغ ملے گا.


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • میانمار حکومت نے ایکشن نہ لیا تو بدھا روہنگیا مسلمانوں کی مدد کریں گے، دلائی لامہ

    میانمار حکومت نے ایکشن نہ لیا تو بدھا روہنگیا مسلمانوں کی مدد کریں گے، دلائی لامہ

    نئی دہلی : چین کے مذہبی رہنما دلائی لامہ نے سان سو کے کو روہنگیا مسلمانوں کے خلاف جبر اور تشدد کو ختم کرنے کی نصیحت کرتے ہوئے برمی حکومت کو راخائن میں جاری فسادات کا پُرامن حل ڈھونڈنے کی تجویز دی ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی میں چھپنے والے اپنے ایک آرٹیکل میں چینی بدھ مت کے چودہویں دلائی لامہ نے میانمار میں جاری تشدد کے باعث ہجرت پر مجبور 3 لاکھ سے زائد رہنگیا مسلمانوں کی حالت زار پر دکھ کا اظہار کیا.

    دلائی لامہ برمی حکومت کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ سماجیات کے زریں اصولوں کو اپناتے ہوئے شناخت سے محروم روہنگیا مسلمانوں کے تنازعے کو پُرامن اور غیرجانبداری سے حل کیا جائے یہ ایک افسوسناک انسانی المیہ ہے۔

    انہوں نے برمی حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ نے بدھ مت کے آفاقی پیغام کو نظر انداز کرتے ہوئے اقلیتوں کے حقوق کا پاس نہ رکھا اور روہنگیا مسلمانوں پر جبر و تشدد جاری رکھا تو یقینی طور بدھا خود روہنگیا مسلمانوں کی مدد کریں گے.

    انہوں نے کہا کہ جو بدھسٹ روہنگیا مسلمانوں پر ظلم کرنے کے مرتکب ہورہے ہیں انہیں بدھا کو یاد کرنا چاہیے جن کی تعلیمات امن اور سلامتی کے سوا کچھ نہیں اور جو حقیر سے جانور پر بھی تشدد کے خلاف تھے۔

    دلائی لامہ نے مزید کہا کہ کیوں کہ ایسی سرزمین پر جہاں بدھا کے ماننے والوں کی تعداد زیادہ ہو اور بدھا کے پیروکاروں کی حکومت بھی ہو وہاں ایسی نا انصافی ہونا نہایت افسوسناک ہے۔

    بدھوں کے مذہبی پیشوا کا کہنا تھا کہ بدھا کے ماننے والے ملک میں کسی اقلیت کے ساتھ انسانیت سوز سلوک خود اس ملک کے اخلاقی اور مذہبی حالت زار کو بیان کرنے کے لیے کافی ہے.

    انہوں نے کہا کہ ان تما حقائق کی بنیاد پر میں اپیل کرتا ہوں کہ ملک میں موجود دیگر اقلیتوں کے ساتھ برادرانہ سلوک کیا جائے، انہیں بنیادی انسانی حقوق سے محروم نہ رکھا جائے اور مفاہمت کو دوام کو بخشا جائے۔

    دلائی لامہ نے مزید کہا کہ لاکھوں کی تعداد میں رونگیا مسلمان بنگلہ دیش پناہ لینے کے لیے پہنچے ہیں یہ انسانی المیہ ہے اور نہایت دکھ بھری داستان ہے اور بدھا کے پیروکار حکومت کے لیے سوچنے کا مقام ہے۔

    دلائی لامہ کون ہیں ؟

    تبت میں رہنے والے بدھ مت کے پیروکاروں کے روحانی شخصیت کو دلائی لاما کہا جاتا ہے اور موجودہ دلائی لاما ان کے چودہویں دلائی لاما ہیں جن کا نام  تنزن گیاتسو یا تنزن گستاؤ ہے جو 6 جولائی 1935 کو تبت کے چھوٹے سے گاؤں میں پیدا ہوئے اور دو سال کی عمر میں دلائی لاما کا رتبہ پایا وہ اعلیٰ تعلیم یافتہ ہے اور اس وقت بھارت میں مقیم ہیں

    تبت میں رہائش پذیر بدھ مت کے پیروکاروں کی اس شاخ کا خیال ہے کہ دلائی لامہ کی وفات کے تقریباً ڈیڑھ مہینہ بعد اس کی روح ایک نوزائیدہ بچے میں منتقل ہو جاتی ہے جس کی کا اشارہ دلائی لامہ اپنی موت سے قبل کر جاتے ہیں۔

    چنانچہ ان ہدایات کے پیش نظر بدھ مت کے پیروکار پہلے سے نشاندہی کیے گئے خاندان کے نوزائیدہ بچے کو دلائی لامہ کی مسند اقتدار پر بٹھا دیتے ہیں، اس طریق کا آغاز  سب سے پہلے منگول بادشاہ التان خان نے کیا اور بعد ازاں منگولوں نے پانچویں دلائی لامہ گوانگ لوپ سانگ گیاتسو کو تبت کے روحانی اور سیاسی رہنماء کے مرتبے پر فائز کیا۔

    یہ سلسلہ چلتے چلتے موجودہ چودہویں دلائی لامہ( تیزین گیاتسو) تک آن پہنچا ہے جو اس وقت بدھ ازم کی شاخ تبتی بدھ مت کے چودھویں دلائی لامہ ہیں اور تا حال موجودہ تبت کے سربراہ اور بدھ مت کے پیروکاروں کے موجودہ روحانی پیشوا ہیں۔

    موجودہ دلائی لامہ 1950 کے بعد بھارت منتقل ہوگئے تھے ان کا موقف تھا کہ تبت ایک علیحدہ ریاست ہے جس پر چین نے قبضہ کیا ہوا ہے چنانچہ انہوں نے بھارت ہی میں اپنی ایم عارضی ریاست کا مرکزی دفتر بنا رکھا ہے جہاں سے وہ تبت اور دنیا بھر میں موجود اپنے پیروکاروں کی رہنمائی کرتے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • تہران: خواجہ آصف کی ایرانی صدر و وزیر خارجہ سے ملاقات

    تہران: خواجہ آصف کی ایرانی صدر و وزیر خارجہ سے ملاقات

    تہران: وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف نے ایرانی دارالحکومت تہران میں ایرانی ہم منصب جواد ظریف اور ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ خواجہ آصف آج صبح ہی ایران پہنچے جہاں ان کا پر تپاک استقبال کیا گیا۔ ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے خواجہ آصف کا استقبال کیا۔

    بعد ازاں دونوں رہنماؤں نے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

    ملاقات میں امریکا کی افغانستان اور جنوبی ایشیا کے لیے پالیسی اور اس کے خطے پر اثرات کا جائزہ بھی لیا گیا۔ اس موقع پر قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ اور سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ بھی شریک تھیں۔

    ایرانی ہم منصب سے ملاقات کے بعد خواجہ آصف نے ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کی۔

    ملاقات میں پاک ایران باہمی تعلقات، بین الاقوامی اورخطے کی صورتحال اور امریکا کی نئی افغان پالیسی اور خطے پر اس کے اثرات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

    یاد رہے کہ وزیر خارجہ خواجہ آصف اس سے قبل چین کا دورہ بھی کر چکے ہیں۔ چین کے دورے پر روانگی سے قبل انہوں نے خارجہ پالیسی کے بنیادی خدوخال میں تبدیلی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ دنیا کو بتائیں گے کہ ہم نے کتنی قربانیاں دی ہیں۔

    انہوں نے کہا تھا کہ قربانیوں کا اعتراف کرنے والے ممالک کے ساتھ پاکستان آگے بڑھے گا۔


     

  • ورلڈ 11 میں کوئی پھٹیچرکھلاڑی نہیں، سیاسی رنگ نہ دیا جائے: وزیر داخلہ

    ورلڈ 11 میں کوئی پھٹیچرکھلاڑی نہیں، سیاسی رنگ نہ دیا جائے: وزیر داخلہ

    کراچی: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ورلڈ 11 میں کوئی پھٹیچر کھلاڑی نہیں۔ انہوں نے اپیل کی کہ لاہور میں میچز کے انعقاد کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے۔ انہوں نے نواز شریف اور ایم کیو ایم لندن کے رہنماؤں میں ملاقات کی بھی تردید کردی۔

    تفصیلات کے مطابق بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم وفات کے موقع پر وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے مزار قائد پر حاضری دی۔ انہوں نے بانی پاکستان کی آخری آرام گاہ پر پھول چڑ ھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

    بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ ورلڈ 11 میں کوئی پھٹیچر کھلاڑی نہیں۔ انہوں نے اپیل کی کہ لاہور میں میچز کے انعقاد کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے اور کرکٹ کی واپسی پر تعصب نہیں پھیلانا چاہیئے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر بھرپور طریقے سے عملدر آمد ہو رہا ہے۔ ملک میں فرقہ واریت کا خاتمہ ہو چکا ہے۔ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خلاف کام کر رہے ہیں۔

    وفاقی وزیر احسن اقبال نے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ایم کیو ایم لندن کے رہنماؤں میں ملاقات کی تردید بھی کردی۔


     

  • خودکشی پر مجبور کرنے والے بلیو وہیل سے نمٹنے کے لیے فیس بک میدان میں

    خودکشی پر مجبور کرنے والے بلیو وہیل سے نمٹنے کے لیے فیس بک میدان میں

    نئی دہلی: انٹرنیٹ پر تیزی سے مشہور ہونے والے بدنام زمانہ اسمارٹ فون گیم بلیو وہیل کے خطرات کی روک تھام کے لیے فیس بک نے عملی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک کے بھارت میں موجود آفس کا کہنا ہے کہ وہ بلیو وہیل گیم کی جانب سے دیے جانے والے خطرناک چیلنجز سے صارفین کو روکنے کے لیے خودکشی یا خود کو نقصان پہنچانے سے محفوظ رکھنے کے طریقوں کو فیس بک پر فروغ دیں گے۔

    اس مقصد کے لیے فیس بک ان ہیش ٹیگز اور مختلف فیس بک گروپس کو استعمال کرے گا جن میں لوگوں کو خود کو نقصان پہنچانے کی ترغیب دی جارہی ہو۔

    ان کے مطابق وہ فیس بک سے ایسا مواد ہٹانے پر بھی کام کر رہے ہیں جس میں خود کو یا کسی دوسرے کو نقصان پہنچانے کے خیالات کا اظہار یا فروغ کیا جارہا ہو۔

    مزید پڑھیں: فیس بک کا جعلی خبروں کے صفحات کی بندش کا فیصلہ

    فیس بک نے یہ کام ایک روز قبل سے شروع کیا ہے جب 10 ستمبر کو دنیا بھر میں خودکشی سے تحفظ کا عالمی دن منایا جارہا تھا۔

    فیس بک کے مطابق ان نئے اقدامات کے ذریعے نہ صرف لوگ خود بھی خودکش خیالات سے محفوظ رہ سکیں گے بلکہ اگر وہ اپنے کسی دوست یا عزیز کو اس قسم کی صورتحال سے دو چار دیکھیں گے تو فوری طور پر اس کی بھی مدد کرسکیں گے۔

    یاد رہے کہ انٹرنیٹ پر تیزی سے مقبول ہونے والا گیم بلیو وہیل نہایت خطرناک چیلنجز پر مبنی ہے جس کی شروعات ہی صارف کو بلیڈ سے اپنی کلائی پر وہیل کی تصویر بنانے کی ہدایت سے ہوتی ہے۔

    یہ گیم صارف سے اس کی قابل اعتراض تصاویر بھی سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے کو کہتا ہے۔ 50 چیلنجز پر مبنی اس کھیل کا آخری چیلنج خودکشی کرنا ہے۔

    دنیا بھر میں اب تک درجنوں افراد اس کھیل کو کھیلنے کے باعث موت کے گھاٹ اتر چکے ہیں۔

    اس کھیل کا تخلیق کار 22 سالہ روسی نوجوان فلپ ہے جو فی الحال پولیس کی حراست میں ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • عید کی دعوتیں نمٹانے کے بعد آج سبزیوں کی یہ لذیذ ڈش بنائیں

    عید کی دعوتیں نمٹانے کے بعد آج سبزیوں کی یہ لذیذ ڈش بنائیں

    گزشتہ ہفتہ عید الاضحیٰ کا ہفتہ تھا جس کے دوران آپ نے یقیناً مختلف دعوتوں میں شرکت کی ہوگی۔ گھر میں رہنے والے افراد نے بھی گوشت کے مزے مزے کے لیکن مرغن کھانے بنائے ہوں گے جنہیں کھانے کے بعد اب یقیناً آپ کا گوشت کی طرف دیکھنے کو بھی دل نہیں چاہ رہا ہوگا۔

    اسی لیے منہ کا ذائقہ بدلنے، اور معدے اور نظام ہضم کو آرام پہنچانے کے لیے آج ہم آپ کو سبزیوں کا ٹیمپورا بنانے کی ترکیب بتارہے ہیں۔

    یہ دراصل جاپانی ڈش ہے جسے یاسائی نو تیمپورا کہا جاتا ہے۔ اس ڈش کو بنانے کا آغاز تو پرتگال سے ہوا تاہم اس کا پھیلاؤ اور مقبولیت جاپان میں ہوئی لہٰذا اب اسے جاپانی پکوان کہا جاتا ہے۔


    اجزا

    ٹیمپورا کا آمیزہ بنانے کے لیے

    انڈا: نصف پھینٹا ہوا

    سرد پانی: ملی لیٹر

    میدہ: 150 گرام

    مزید اجزا

    گاجر: عدد

    آلو: 2 عدد

    پیاز: 100 گرام

    تیل: حسب ضرروت

    میدہ: حسب ضرورت

    لیموں: ایک عدد

    نمک: حسب ذائقہ


    ترکیب

    گاجر کو چھیل کر اوپری سرے کو کاٹ دیں۔ اب اسے 5 سینٹی میٹر لمبے ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔

    ہر ٹکڑے کو 5 ملی میٹر موٹائی کے قتلوں میں کاٹ کر 5 ملی میٹر چوڑے لمبے ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔

    آلو چھیل لیں اور اگر ان پر کسی بھی قسم کی کونپلیں موجود ہوں تو انہیں ہٹا دیں۔ اب 8 ملی میٹر موٹے ٹکڑوں میں کاٹ کر انہیں فوراً پانی میں بھگو دیں۔

    پیاز چھیل کر جڑ والا حصہ کاٹ دیں اور یکساں طور پر پیاز کی پرتوں کے ساتھ ساتھ 5 ملی میٹر موٹے قتلے بنا لیں۔

    ذائقہ کے طور پر استعمال کیے جانے والے لیموں کو 8 ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔

    اس کے بعد آمیزہ تیار کریں۔ ایک برتن میں پھینٹا ہوا انڈا اور ٹھنڈا پانی اچھی طرح ملا کر میدہ شامل کریں اور دوبارہ ملائیں۔

    سبزیوں پر تھوڑا سا میدہ چھڑکیں۔ تقریباً 1 کھانے کا چمچ میدہ 1 کاغذ پر پھیلائیں اور ہاتھوں کی مدد سے سبزیوں پر اچھی طرح میدہ لگا دیں۔ آلو پر میدہ لگانے سے قبل ان کا پانی اچھی طرح سے خشک کر لیں۔

    تیل کو 160 ڈگری تک گرم کریں۔ تیل میں آمیزہ کا ایک قطرہ ڈالیں۔ اگر آمیزہ تیل میں ڈوب جائے لیکن فوراً ہی تیل کی سطح پر آ جائے تو سمجھ لیں کہ تیل 160 ڈگری تک گرم ہو چکا ہے۔

    سب سے پہلے آلو کے ٹکڑوں کو تلیں۔ ٹکڑوں پر اچھی طرح آمیزہ لگا لیں اور 3 سے 4 منٹ تک تلیں۔

    سبزیاں سطح پر آ جائیں اور تیل کی سطح پر کسی بھی قسم کے بلبلے بننا تقریباً ختم ہو جائیں تو سبزیوں کو تیل سے اوپر اٹھائیں اور اچھی طرح تیل نکل جانے دیں۔ پھر انہیں فرائنگ پین سے نکال لیں۔

    اب پیاز پر آمیزہ لگائیں۔ ایک بڑے چمچ میں آمیزہ لگے ہوئے پیاز کے ٹکڑوں کو اکٹھا اٹھائیں اور آہستگی سے 160 ڈگری گرم تیل میں ڈالیں۔ اس کے بعد چوپ اسٹک کی مدد سے پیاز کے درمیانی حصے کو ایک بار ہلائیں۔

    اس کے بعد حدت سے آمیزہ پک کر نسبتاً ٹھوس حالت میں آ جائے اور اس کی ایک شکل بن جائے تو اسے پلٹیں۔

    جب سطح سے بلبلے غائب ہو جائیں اور پیاز اوپر آ جائے تو انہیں تیل سے اوپر اٹھائیں اور اچھی طرح تیل نکل جانے دیں۔ پھر انہیں فرائنگ پین سے نکال لیں۔

    گاجر کے ٹکڑوں کو بھی اسی طرح تل لیں۔

    تازہ تلے گئے ٹیمپورا کو ایک پلیٹ میں نکالیں، ان پر نمک اور لیموں ڈال کر لذیذ ٹیمپورا سے لطف اٹھائیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔