Category: پاکستان

پاکستان اردو نیوز

ملک پاکستان میں اے آر وائی نیوز کی جانب سے آنے والی تازہ ترین خبریں

Pakistan Urdu News- Daily Pak Urdu News

  • ورلڈ الیون کی آمد پاکستان میں عالمی کرکٹ لانےمیں پہلا قدم ہے‘ اینڈی فلاور

    ورلڈ الیون کی آمد پاکستان میں عالمی کرکٹ لانےمیں پہلا قدم ہے‘ اینڈی فلاور

    لاہور: ورلڈ الیون ٹیم کے کوچ اینڈی فلاور کا کہنا ہے کہ پاکستان کے عوام اب کرکٹ اپنے ملک میں دیکھیں گے اور یہ خوشی کی بات ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں ورلڈ الیون ٹیم کے کوچ اینڈی فلاور نے کپتان فاف ڈوپلیسی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ الیون میں موجودہ دور کے بہت اچھے کھلاڑی شامل ہیں۔

    اینڈی فلاور کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ نے 8 سال کے عرصے میں کئی اہم سنگ میل عبور کیے اور کوچ کی حیثیت سے مجھے ورلڈ الیون کی نمائندگی کرنے پرخوشی ہے۔


    یہ صرف کرکٹ سیریز نہیں تاریخی قدم ہے‘ نجم سیٹھی


    ورلڈ الیون کےکوچ کا کہنا تھا کہ اپنی طرف سے بہت اچھے کھلاڑی منتخب کرنے کی کوشش کی، امید ہے کہ جو کھلاڑی منتخب کیے وہ پاکستانی ٹیم کو اچھا مقابلہ دیں گے۔

    دوسری جانب ورلڈ الیون کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے پاکستانی قوم کی مہمان نوازی پرشکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان میں آکر بہت مطمہئن ہیں۔


    فاف ڈوپلیسی کی قیادت میں ورلڈ الیون لاہور پہنچ گئی


    واضح رہے کہ ورلڈ الیون کی ٹیم کے 13 کھلاڑی فاف ڈوپلیسی کی قیادت میں آج لاہور ایئرپورٹ پہنچے جہاں چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی، صوبائی وزیرکھیل جہانگیر خانزادہ سمیت اعلیٰ حکام نے ٹیم کا شاندار استقبال کیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کے خلاف درخواستیں سماعت کے لیے منظور

    کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کے خلاف درخواستیں سماعت کے لیے منظور

    لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے این اے 120 کے لیے کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کے خلاف دائر درخواستیں سماعت کے لیے منظور کرلیں۔ عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے کلثوم نواز سمیت فریقین سے جواب طلب کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق جسٹس امین الدین، جسٹس عباد الرحمٰن لودھی اور جسٹس شاہد جمیل پر مشتمل 3رکنی بنچ نے درخواستوں کی سماعت کی۔

    عدالت نے پیپلز پارٹی کے فیصل میر، عوامی تحریک کے اشتیاق چوہدری سمیت 4 درخواستوں کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے 13 ستمبر کو سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز، فیڈریشن اور الیکشن کمیشن سے جواب طلب کر لیا۔

    درخواست گزاروں کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ کلثوم نواز نے اپنے کاغذات نامزدگی میں اقامہ کے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ انہوں نے کاغذات نامزدگی میں اقامہ کا ذکر کیا مگر اس سے حاصل ہونے والی آمدن اور اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

    مزید پڑھیں: کلثوم نوازکی اہلیت جانچنے والا بنچ دوسری بار تحلیل

    درخواست گزاروں کے مطابق کلثوم نواز کے خلاف سندھ میں بغاوت کا مقدمہ بھی درج ہے مگر انہوں نے کاغذات نامزدگی میں اسے جان بوجھ کر ظاہر نہیں کیا۔ کلثوم نواز نے حقائق چھپائے اور جھوٹ بولا لہٰذا وہ الیکشن لڑنے کی اہل نہیں۔

    دائر شدہ درخواستوں میں مزید کہا گیا کہ ریٹرننگ افسر کو ٹھوس شواہد دییے مگر انہوں نے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے لہٰذا عدالت ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دے اور کلثوم نواز کو الیکشن میں حصہ لینے سے روکے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ہائیکورٹ نے مذکورہ درخواستوں کی سماعت کے لیے 2 بار فل بنچ تشکیل دیا تاہم دونوں بنچ تحلیل کردیے گئے اور سماعت نہ ہو سکی جس کے بعد اب یہ تیسرا بنچ تشکیل دیا گیا ہے۔


     

  • طوفان ہاروے سے زندہ نکل آنے والی بہادر اور باہمت بلی

    طوفان ہاروے سے زندہ نکل آنے والی بہادر اور باہمت بلی

    امریکی ریاست ٹیکسس میں چند روز قبل سمندری طوفان ہاروے نے بے تحاشہ تباہی مچائی۔

    ٹیکسس کا شہر ہیوسٹن ہاروے سے سب زیادہ متاثر ہوا۔ امریکی حکام کے مطابق طوفان اور شدید بارشوں سے 1 لاکھ مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ طوفان میں 47 افراد ہلاک ہوئے۔

    ایسے موقع پر انسانی ہمدردی کی کئی نئی مثالیں بھی قائم ہوئیں جب ریسکیو اہلکاروں اور عام افراد نے اپنی جانوں پر کھیل کر مصیبت زدہ افراد کی جانیں بچائیں، لیکن ایک معصوم بلی ان سب میں بازی لے گئی۔

    سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس بلی کی کچھ تصاویر سامنے آئیں جن میں یہ مکمل طور پر پانی میں ڈوبی ہوئی ہے لیکن اس کی آنکھوں سے جھلکتا عزم اسے زندگی کی جانب کھینچے لیے جارہا ہے۔

    مزید پڑھیں: خشک لیکچر نے کلاس میں موجود بلی کو سلا دیا

    بعض ٹوئٹر صارفین کا کہنا ہے کہ یہ بلی شدید غصے میں ہے، جیسے وہ اس طوفان کو غصے میں بتانا چاہ رہی ہو کہ تم چاہے کتنے ہی خطرناک کیوں نہ ہو، میری زندگی مجھ سے نہیں چھین سکتے۔

    بعض افراد نے اسے حالات سے مطابقت، حوصلے، اور جدوجہد کی نئی مثال قرار دیا۔

    کچھ لوگوں نے یہ بھی کہا کہ متاثرہ علاقے سے جب سینکڑوں افراد کو نکالا گیا تو یہ بلی بھی باآسانی وہاں سے نکل سکتی تھی، لیکن شاید یہ مہم جوئی اور طوفان سے لڑنے کے موڈ میں تھی۔

    اس بلی کے طوفان میں ٹہرنے کی وجہ جو بھی ہو، بہرحال اب اس بلی کو ٹوئٹر پر نہایت محبت اور ہمدردی کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • سمندری طوفان ارما فلوریڈا سے ٹکرا گیا، بجلی معطل، 4 افراد ہلاک

    سمندری طوفان ارما فلوریڈا سے ٹکرا گیا، بجلی معطل، 4 افراد ہلاک

    واشنگٹن: بحر اوقیانوس میں بننے والا سمندری طوفان ارما امریکی ریاست فلوریڈا سے ٹکرا گیا جس کے باعث شہر میامی کے کچھ علاقے زیر آب آگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جزائر کیریبیئن اور کیوبا میں تباہی مچانے کے بعد تاریخ کا بد ترین طوفان ارما فلوریڈا کے ساحل سے ٹکرا گیا۔ طوفان کے پیش نظر میامی کے ساحلوں اور ٹامپا شہر میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے جبکہ شہر میں 72 گھنٹوں کے لیے ہنگامی صورتحال نافذ کردی گئی ہے۔

    طوفان کے فلوریڈا سے ٹکرانے کے بعد درخت اکھڑ گئے، مکانات تباہ ہوگئے، سڑکیں دریا بن گئیں اور متعدد علاقے زیر آب آگئے۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ریاست میں 30 لاکھ افراد بجلی کی فراہمی سے محروم ہوچکے ہیں۔ مختلف حادثات میں اب تک 4 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ ہزاروں بے گھر ہوگئے۔

    میامی میں ائیر پورٹ بھی بند کردیا گیا ہے۔

    امریکی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان کے باعث 209 کلو میٹر فی گھنٹہ سے زیادہ رفتار کی تیزہوائیں چلنے اور 15 فٹ تک اٹھنے والی طوفانی لہروں سے علاقے میں سیلاب کا خدشہ ہے۔

    فلوریڈا کے گورنر رک اسکاٹ کا کہنا ہے کہ انہیں ریاست کی مغربی خلیجی ساحل کے حوالے سے تشویش لاحق ہے جو اس طوفان کا اگلا نشانہ ہوگی۔

    یاد رہے کہ امریکی ریاست فلوریڈا سے پہلے ہی 63 لاکھ لوگوں کو ساحلی علاقے چھوڑ دینے کے لیے کہا جا چکا ہے۔

    طوفان کے باعث ڈزنی لینڈ بھی بند ہے جبکہ ٹامپا بے ایڈونچر پارک کی انتظامیہ نے نایاب گلابی راج ہنسوں کے جوڑوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا شروع کردیا ہے۔

    دو روز قبل سمندری طوفان ارما کیوبا کے ساحل سے ٹکرایا تھا جس کے بعد مختلف حادثات میں 20 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • یہ صرف کرکٹ سیریز نہیں تاریخی قدم ہے‘ نجم سیٹھی

    یہ صرف کرکٹ سیریز نہیں تاریخی قدم ہے‘ نجم سیٹھی

    لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ ورلڈ الیون کی آمد کو یقینی بنانے کے لیےغیر معمولی کوششیں کی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔

    پی سی بی چیئرمین کا کہنا تھا کہ مختلف ممالک کے کرکٹ بورڈز کی اجازت کے بغیر کھلاڑیوں کی آمد ممکن نہ تھی۔

    نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے لاہور میں فائنل نے ورلڈ الیون ٹیم کے پاکستان آنے میں اہم کردار اد اکیا، پی ایس ایل کے فائنل کےلیے پنجاب حکومت،آرمی چیف کا اہم کردارتھا۔


    ورلڈ الیون کولاہورآمد پرخوش آمدید کہتےہیں‘ شہبازشریف


    چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ یہ صرف کرکٹ سیریزنہیں عالمی کرکٹ کے لیے بھی اہم قدم دیکھ رہے ہیں۔

    دوسری جانب آئی سی سی ٹاسک فورس کے سربراہ جائلز کلارک کا کہنا تھا کہ ورلڈ الیون کی آمد پرپاکستان کے تمام اداروں کا شکرگزار ہوں، پاکستان کی آرمی، پولیس اوردیگراداروں نے بھرپورتعاون کیا۔

    جائلزکلارک کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل فائنل نہیں ہوتا تومجھےنہیں پتہ یہ سب کیسےہوتا جبکہ اینڈی فلاورکے بغیرہم اس ٹیم کو بنانےمیں کامیاب نہیں ہوتے۔

    آئی سی سی ٹاسک فورس کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم کی مدد کےبغیرعالمی کرکٹ پاکستان میں نہیں ہوسکتی تھی۔


    آزادی کپ : فاف ڈوپلیسی کی قیادت میں ورلڈ الیون لاہور پہنچ گئی


    واضح رہے کہ ورلڈ الیون کی ٹیم کے 13 کھلاڑی فاف ڈوپلیسی کی قیادت میں آج لاہور ایئرپورٹ پہنچے جہاں چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی، صوبائی وزیرکھیل جہانگیر خانزادہ سمیت اعلیٰ حکام نے ٹیم کا شاندار استقبال کیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • کیا آپ نے کسی بالی ووڈ گانے کو چینی لہجے میں سنا ہے؟

    کیا آپ نے کسی بالی ووڈ گانے کو چینی لہجے میں سنا ہے؟

    ویسے تو چین اور بھارت کے درمیان کشیدگی آج کل عروج پر ہے لیکن فن اور ثقافت ان تمام تنازعوں اور سرحدوں سے بالاتر ہوتے ہیں۔ فن و ثقافت سے تعلق رکھنے والے افراد، اور عام لوگ بھی جنگ نہیں چاہتے۔ وہ امن و سکون سے رہنا چاہتے ہیں اور اپنے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں۔

    ایسی ہی ایک کوشش ایک چینی خاتون نے کی جب انہوں نے ایک بالی ووڈ گانا گا کر سب کو حیران کر دیا۔

    چند روز قبل جب بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی برکس کے اجلاس میں شرکت کے لیے چین پہنچے تو ایک بھارتی صحافی نے ایک چینی خاتون سے حالیہ چین و بھارت کشیدگی کے متعلق سوالات کرنے شروع کردیے۔

    یہ خاتون خود بھی کوئی معمولی شخصیت نہیں تھیں بلکہ چین کے سرکاری ریڈیو کی صحافی تھیں اور جانتی تھیں کہ ان کا ایک بھی منفی یا مثبت لفظ حالات کو مزید کشیدہ کرسکتا ہے۔

    چنانچہ تانگ یونگائی نامی ان خاتون نے بھارتی صحافی سے ہلکے پھلکے انداز میں گفتگو کی۔

    اس کے بعد انہوں نے ہندی میں ہی بتایا کہ انہیں ایک پرانی بالی ووڈ فلم کا گانا بہت پسند ہے، اور اس کے بعد انہوں نے بالکل درست الفاظ اور لہجے کے ساتھ وہ گانا گا کر سب کو دنگ کردیا۔

    سنہ 1979 میں بنائی گئی بالی ووڈ فلم نوری میں لتا منگیشکر کا گایا ہو گانا ’آجا رے او دلبر آجا‘ گا کر چینی صحافی نے ایک طرف تو جنگ اور طاقت کے نشے میں چور بھارتیوں کو امن کا پیغام دیا تو دوسری جانب بھارتی صحافی بھی ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دوہرا ہوگیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ورلڈ الیون کولاہورآمد پرخوش آمدید کہتےہیں‘ شہبازشریف

    ورلڈ الیون کولاہورآمد پرخوش آمدید کہتےہیں‘ شہبازشریف

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی کرکٹرز کی لاہور آمد ہمارے لیے مسرت کا باعث ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے ورلڈ الیون کی ٹیم کو لاہور آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹرزکی آمد پوری قوم کےلیے خوشی کا باعث ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹرزکی آمد سے کرکٹ کی بحالی میں مدد ملے گی جبکہ تین میچز کی سیریز سے شائقین کواچھا کھیل دیکھنےکو ملے گا۔

    خیال رہے کہ ورلڈ الیون کی ٹیم کے 13 کھلاڑی فاف ڈوپلیسی کی قیادت میں آج لاہور ایئرپورٹ پہنچے جہاں چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی، صوبائی وزیرکھیل جہانگیر خانزادہ سمیت اعلیٰ حکام نے ٹیم کا شاندار استقبال کیا۔


    فاف ڈوپلیسی کی قیادت میں ورلڈ الیون لاہور پہنچ گئی


    ورلڈ الیون کے کوچ اینڈی فلاور نے لاہور پہنچنے پر پاکستانی شائقین کے نام ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آکر خوشی ہوئی۔

    واضح رہے کہ ورلڈ الیون اور پاکستان کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 12 ستمبر کو کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا اور تیسرا میچ 15،13 کھیلا جائے گا۔ پاکستانی وقت کے مطابق میچز رات 8 بجے شروع ہوں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • آزادی کپ : فاف ڈوپلیسی کی قیادت میں ورلڈ الیون لاہور پہنچ گئی

    آزادی کپ : فاف ڈوپلیسی کی قیادت میں ورلڈ الیون لاہور پہنچ گئی

    لاہور: جنوبی افریقہ کے فاف ڈوپلیسی کی قیادت میں ورلڈ الیون کی ٹیم لاہور پہنچ گئی، یہ ٹیم پاکستان کے خلاف لاہورمیں 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ الیون کی ٹیم کے 13 کھلاڑی فاف ڈوپلیسی کی قیادت میں لاہور ایئرپورٹ پہنچے جہاں چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی، صوبائی وزیرکھیل جہانگیر خانزادہ سمیت اعلیٰ حکام نے ٹیم کا شاندار استقبال کیا۔

    لاہورایئرپورٹ سے کھلاڑیوں کو انتہائی سخت سیکورٹی کے حصار میں ہوٹل پہنچایا گیا۔ ورلڈ الیون کے کوچ اینڈی فلاور نے ہوٹل پہنچنے پر پاکستانی شائقین کے نام ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آکر خوشی ہوئی۔

    اینڈی فلاور کا کہنا تھا کہ ورلڈ الیون اور پاکستان کی ٹیم کے درمیان اچھے میچز ہوں گے اور شائقین اس سے لطف اندوز ہوں گے۔

    خیال رہے کہ ورلڈ الیون ٹیم کے ایک کھلاڑی سیموئل بدری کیربیئن لیگ میں مصروف ہونے کی وجہ سے ٹیم کے ساتھ نہیں پہنچے وہ آج شام لاہور پہنچیں گے۔

    پاکستان کے دورے پر آنے والی ورلڈ الیون کی ٹیم میں فاف ڈوپلیسی (کپتان)، ہاشم آملا، مورنی مورکل، ڈیوڈ ملر، عمران طاہر، تمیم اقبال، تشار پریرا، ڈیرن سیمی، سیموئل بدری، پال کالنگ ووڈ، بین کٹنگ، ٹم پی، جارج بیلی اور گرانٹ ایلیٹ شامل ہیں۔

    دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے 16 رکنی اسکواڈ میں سرفراز احمد (کپتان)، احمد شہزاد، فخرزمان، بابراعظم، شعیب ملک، عمادوسیم، عمرامین، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، حسن علی، عامر یامین، رومان رئیس، محمد عامر، عثمان خان، سہیل خان شامل ہیں۔


    آزادی کپ: آئی سی سی میچ ریفری رچی رچرڈسن لاہور پہنچ گئے


    واضح رہے کہ ورلڈ الیون اور پاکستان کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 12 ستمبر کو کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا اور تیسرا میچ 15،13 کھیلا جائے گا۔ پاکستانی وقت کے مطابق میچز رات 8 بجے شروع ہوں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • قائد اعظمؒ کی 69ویں برسی آج منائی جارہی ہے

    قائد اعظمؒ کی 69ویں برسی آج منائی جارہی ہے

    کراچی : مملکت خداداد پاکستان کے بانی اور ہر دلعزیز رہنماء بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کا انہترواں یوم وفات آج عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قائد اعظم محمد علی جناح 25 دسمبر 1876 کو کراچی میں پیدا ہوئے، مسلمانوں کے حقوق اورعلیحدہ وطن کے حصول کے لئے انتھک جدوجہد نے ان کی صحت پر منفی اثرات مرتب کئے۔

    سن 1930 میں انہیں تپِ دق جیسا موزی مرض لاحق ہوا، جسے انہوں نے اپنی بہن محترمہ فاطمہ جناح اور چند قریبی رفقاء کے علاوہ سب سے پوشیدہ رکھا، قیام پاکستان کے ایک سال بعد 11 ستمبر 1948 کو قائد اعظم اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔

    بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کو اس جہان فانی سے گزرے انہتر برس بیت گئے، آج ان کی69ویں برسی منائی جائے گی۔

    اس موقع پر ملک بھر میں مختلف مقامات پر قوم کے عظیم قائد کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی جائے گی۔ کراچی میں واقع قائد اعظم کے مزار پر اہم شخصیات اور شہری حاضری دیں گے اور اپنے عظیم قائد کو خراج عقیدت پیش کریں گی۔


    قائد اعظم کے اہم اقوال


    شہریوں کے مخلتف طبقات مزار قائد پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں گے اور فاتحہ پڑھیں گے، قائد اعظم کے یوم وفات کے سلسلے میں مختلف تنظیموں کی جانب سے ملک بھر میں سیمینارز اور دیگر تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا جائےگا۔

    قائد اعظم کی وفات کے69سال بعد بھی ان کی تاریخ وفات کے موقع پر ہزاروں افراد کی ان کی لحد پر حاضری اورشہرشہرمنعقد ہونے والی تقریبات اس امر کی گواہی دیتی ہیں کہ پاکستانی قوم ان سے آج بھی والہانہ عقیدت رکھتی ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • مریم نوازکو لیڈر تسلیم نہیں کرتا، بچے بچے ہوتے ہیں، چوہدری نثار

    مریم نوازکو لیڈر تسلیم نہیں کرتا، بچے بچے ہوتے ہیں، چوہدری نثار

    اسلام آباد : سابق وزیر داخلہ اورمسلم لیگ نون کے رہنما چوہدری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ مریم نواز کو لیڈر تسلیم نہیں کرتا، بچے بچے ہوتے ہیں انہیں لیڈر کیسے مانا جاسکتا ہے، اختلافات کے باوجود نواز شریف کے ساتھ چلا جاسکتا ہے۔

    مریم نواز اور بے نظیر بھٹو میں بہت فرق ہے

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، چوہدری نثار نے کہا کہ مریم نواز کا کردارصرف نوازشریف کی بیٹی کا ہے، جب مریم باضابطہ سیاست میں آئیں گی، ان کا پروفائل بنے گا تو لوگ فیصلہ کرینگے، مریم نواز اور بے نظیر بھٹو میں بہت فرق ہے، بےنظیر بھٹو کا معاملہ مریم نواز سے قطعاً مختلف ہے، بےنظیر بھٹو نے ذوالفقار علی بھٹو کے قتل کے بعد گیارہ سال تک مصبیتیں جھیلیں۔

    مخصوص وجہ پر وزارت چھوڑنے کا فیصلہ کیا

    چوہدری نثار نے انکشاف کیا کہ شاہد خاقان عباسی کو ان کی مشاورت سے وزیر اعظم بنایا گیا, ان کا کہنا تھا کہ مخصوص وجہ پر میں نے وزارت چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا، ایک خاص موقع پر بہت مایوس ہوا تو سیاست چھوڑنے کا کہہ دیا تھا.

    اس بیان کو سیاق وسباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، اس وقت مجھے کہا گیا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے دیں، میں نے کہا تھا کہ فیصلہ نوازشریف کےحق میں آئے یا ان کے خلاف، استعفیٰ دے دونگا، پہلے مجھے آسمان پر پہنچایا گیا، پھر تنقید شروع ہوگئی، وزارت داخلہ کس کواچھی نہیں لگتی؟

    شہبازشریف پارٹی صدارت کیلئے موزوں امیدوار ہیں

    چوہدری نثار کے بقول وہ نواز شریف کے بعد پارٹی کا سینیر ترین رکن ہیں، پارٹی میں گروپ بندی کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ چوہدری نثار نے کہا کہ نوازشریف کے بعد شہبازشریف پارٹی صدارت کیلئے موزوں امیدوار ہیں۔ ووٹ کے تقدس پر نواز شریف کے ساتھ ہوں لیکن طریقہ کارسے متفق نہیں، میری کوشش رہی ہے کہ نوازشریف کو صحیح ان پٹ دیا جائے۔

    عمران خان پرانے دوست اور شریف آدمی ہیں

    چوہدری نثار نے عمران خان کو پرانا دوست اور شریف آدمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان سے کافی قربت رہی ہے اسکول کے زمانے سے ہم ساتھ ہیں، ہماری بہت سی چیزیں مشترک ہیں، اس بات پر پارٹی میں بھی مجھے پیٹھ پیچھے تنقید کا سامنا رہا۔

    پرویز مشرف کو ہم نے باہر نہیں جانےدیا

    ایک سوال کے جواب میں چوہدری نثار نے بتایا کہ پرویز مشرف کو سب سے پہلےٹرائل کورٹ نے باہرجانےکی اجازت دی، سپریم کورٹ نے بھی مشرف کو باہرجانے کی اجازت دے دی تھی، اس فیصلے کے اگلے روز مشرف نے باہر جانے کی تیاری کی، تیاری کےباوجود مشرف کو ہم نے باہر نہیں جانےدیا۔

    نیشنل ایکشن پلان اور کراچی آپریشن میں نے شروع کیا

    چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان کسی نے نہیں بلکہ میں نے بنایا، پلان کی تیاری کیلیے ایک ہفتہ ملا،5 دن میں کام مکمل کیا، وزیرستان کا آپریشن نیشنل ایکشن پلان میں نہیں ہے، اس کے علاوہ کراچی کا آپریشن فوج یا رینجرز نے نہیں بلکہ میں نے ہی شروع کیا، پہلےجنرل رضوان اختر اور پھر میجر جنرل بلال اکبر کراچی آپریشن کو اچھے طریقے سے آگے لے کرگئے۔

    پاکستان کی سالمیت کو اندرونی و بیرونی دونوں خطرات لاحق ہیں

    چوہدری نثار کا مزید کہنا تھا کہ آرمی چیف اگر میرا بھائی بھی آئے تو وہ پہلا کام ادارے کےمفاد میں کرے گا۔
    آرمی چیف کو ادارے کیلیے بھی کام کرنا پڑتاہے اور حکومت کےساتھ بھی ۔نوازشریف کو سمجھانے کی کوشش کی تھی کہ کوئی آرمی چیف’اپنابندا‘نہیں ہوسکتا، سول ملٹری تعلقات کو مشاورت سے بہتری کی طرف لے جا سکتےہیں، وزیراعظم سمیت 5 افراد جانتےہیں کہ پاکستان کی سالمیت کو اندرونی و بیرونی دونوں خطرات لاحق ہیں، یہ بلیک اینڈ وائٹ ہائی پروفائل انٹیلی جنس رپورٹ ہے۔

    وزیر خارجہ کے بیان کے بعد ملک کو کسی دشمن کی ضرورت نہیں

    وزیرخارجہ کے اپنے گھر کی درستگی سے متعلق بیان سے اختلاف ہے، ایسے بیان کے بعد پاکستان کو کسی دشمن کی کیاضرورت رہ گئی، میرا بطور وزیرداخلہ سب سے رابطہ رہتا تھا، سب سےتعلقات ہیں، کبھی وزارت خارجہ کا امیدوارنہیں رہا، میں نے کبھی نوازشریف سے وزارت خارجہ کی ڈیمانڈ نہیں کی۔

     


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔