Category: پاکستان

پاکستان اردو نیوز

ملک پاکستان میں اے آر وائی نیوز کی جانب سے آنے والی تازہ ترین خبریں

Pakistan Urdu News- Daily Pak Urdu News

  • شہبازشریف اگلےہفتےلندن سے وطن واپس پہنچیں گے

    شہبازشریف اگلےہفتےلندن سے وطن واپس پہنچیں گے

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف 12 ستمبر کو لندن سے وطن واپس پہنچیں گے،شہبازشریف کلثوم نواز کی عیادت کے لیے لندن گئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب 12 ستمبر کو پی آئی اے کی پرواز پی کے 758 سے وطن واپس آئیں گے۔ پی آئی اے کی پرواز پی کے 758منگل کو صبح 8:20 پرلاہورایئرپورٹ لینڈ کرے گی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ماہ کلثوم نواز کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے بیٹے حمزہ شہباز نجی دورے پر لندن روانہ ہوگئے تھے۔


    حمزہ شہبازشریف نجی دورے پرلندن روانہ


    لندن روانگی سے قبل پارٹی عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کلثوم نواز میری والدہ ہیں۔

    شہبازشریف کا کہنا تھا کہ الیکشن سے پہلے کلثوم نواز اور میں وطن واپس آجائیں گے اور این اے 120 کا الیکشن ہم سب کا الیکشن ہے اور ہم سب مل اس ضمنی انتخاب میں حصہ لیں گے۔


    شریف خاندان کے افراد اچانک لندن روانہ


    بعدازاں سابق وزیراعظم نوازشریف اور شہبازشریف کے اہل خانہ قومی علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے قومی ایئرلائن کی پرواز پی کے 757 سے اچانک لندن روانہ ہوگئے تھے۔


    وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف لندن روانہ


    واضح رہے کہ چار روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہبازشریف کلثوم نواز کی عیادت کرنے کے لیے لندن روانہ ہوگئے تھے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • مضبوط افغانستان خوشحال پاکستان کا ضامن ہے‘ جنرل زبیرمحمودحیات

    مضبوط افغانستان خوشحال پاکستان کا ضامن ہے‘ جنرل زبیرمحمودحیات

    لندن : چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات کا کہنا ہے کہ پرامن افغانستان پاکستان کے بہترین مفاد میں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لندن میں ورلڈ کانگریس آف اوورسیزپاکستانیزکے تحت تقریب کا انعقاد ہوا جس میں برطانیہ سمیت مختلف ممالک کے عسکری اور سویلین حکام نے شرکت کی۔

    چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیرحیات تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

    چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے کہا کہ مضبوط افغانستان خوشحال پاکستان کا ضامن ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف دنیا کی سب سے بڑی جنگ لڑی ہے۔

    جنرل زبیر محمود حیات کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاک فوج نےعوام کی مدد سے دہشت گردی کو شکست دی ہے۔

    چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے کہا کہ بھارت کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے ایل او سی پر جارحیت کرریا ہے اور عام شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔

    پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے متعلق جنرل زبیرمحمود حیات کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبہ پاکستان کی تاریخ بدل دے گا۔


    بہت ڈو مور کرلیا، اب دنیا ڈو مور کرے، آرمی چیف


    یاد رہے کہ 6 ستمبر کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ افغانستان کی جنگ پاکستان میں نہیں لڑ سکتے، بہت ڈو مور کرلیا اب دنیا ڈو مور کرے،عالمی طاقتیں اپنی ناکامیوں کا ذمہ دار ہمیں نہ ٹھہرائیں۔


    افغانستان کا امن خطے کی سلامتی کےلیے بہت اہم ہے‘ خواجہ آصف


    واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیرخارجہ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان اس بات پر متفق ہیں کہ افغانستان میں امن سے ہی خطے میں امن لایا جا سکتا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • شرجیل خان کودوڈاٹ بالزکھیلنے کی ڈیل پرسزا دی گئی، تفصیلی فیصلہ

    شرجیل خان کودوڈاٹ بالزکھیلنے کی ڈیل پرسزا دی گئی، تفصیلی فیصلہ

    لاہور : شرجیل فکسنگ کیس کا فیصلہ عوام کے سامنے آگیا۔ شرجیل خان کو دو ڈاٹ بالز کھیلنےکی ڈیل پر سزا دی گئی، خالد لطیف کے کہنے پرشرجیل خان بکی سے ملا دوسرےاوور میں دو ڈاٹ بال کھیلنے کی ڈیل ہوئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق اسپاٹ فکسنگ کیس میں شرجیل خان کو پانچ سال کی سزا کیوں دی گئی۔ تفصیلی فیصلہ سامنے آگیا۔ ٹربیونل کے مطابق شرجیل خان خالد لطیف کے کہنے پر مبینہ بکی سے دس سے پندرہ منٹ ملا۔

    ڈیل یہ ھوئی تھی کہ پہلے میچ میں پہلے اوور کے بعد دو لگاتار ڈاٹ بالز کھیلنی ہیں۔ شرجیل نے اٹھک بیٹھک کے ذریعہ بکی کو اشارہ دیا کہ ڈیل آن ہے۔ پھر دو ڈاٹ بالز کھیلنے سے قبل اٹھک بیٹھک لگا کر بکی کو پیغام دیا۔

    شرجیل خان نے اعتراف کیا کہ وہ مبینہ بکی کی ساکھ سے واقف تھے، ٹربیونل نے شرجیل خان کے اس دعویٰ کو کہ شرجیل بکی کو فین سمجھے تھے مسترد کر دیا، فیصلے میں لکھا کہ فین کھلاڑی سے ملنے جاتا ہے، کھلاڑی نہیں۔


    مزید پڑھیں : اسپاٹ فکسنگ: شرجیل کیخلاف تفصیلی فیصلہ آج سنایا جائےگا


    ٹربیونل نے برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی کی جانب سے فکسنگ کی ٹپ آف کو مان لیا۔ اچھی بیٹنگ وکٹ پر شرجیل نے اپنے انداز سے ہٹ کر بیٹنگ کی تھی۔

    اس کے علاوہ ٹیلی فون پیغامات بھی شرجیل کے خلاف ثبوت بنے۔ کم سزا کا دفاع کرتے ہوئے ٹربیونل نے کہا کہ پی سی بی کھلاڑیوں کو سزا دے ان کی زندگی خراب نہ کرے۔

  • کرپشن کیس: ڈپٹی چیئرمین نیب کی ضمانت میں توسیع

    کرپشن کیس: ڈپٹی چیئرمین نیب کی ضمانت میں توسیع

    اسلام آباد : شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز کی منظوری دینے والے ڈپٹی چئیرمین نیب کو کرپشن کیس میں ضمانت میں توسیع مل گئی،سرکاری پروٹوکول کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز کی منظوری دینے والے ڈپٹی چئیرمین نیب کو بھی کرپشن کے مقدمے کا سامنا ہے، امتیاز تاجور پر نیب کے فنڈز میں ساٹھ لاکھ روپے کی خرد برد کا الزام ہے۔

     شریف خاندان کی کرپشن کی تحقیقات کرنے والے نیب کے ڈپٹی چیئرمین امتیاز تاجور اپنے خلاف کرپشن کیس میں عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

    اسپیشل جج سنٹرل نے ملزم کی عبوری ضمانت میں بیس ستمبرتک توسیع کردی۔ ڈپٹی چیئرمین نیب سرکاری پروٹوکول کے ساتھ عدالت میں حاضر ہوئے تھے۔

    پیشی پرامتیاز تاجور میڈیا کے نمائندوں کو دیکھ کرچھپ گئے، وہ کیمروں سے نظر بچا کرپچھلے دروازےسے نکلنے میں کامیاب گئے۔ اس دوران امتیاز تاجور کے ساتھ آنے والے نیب اہلکاروں نے میڈیا نمائندوں سےہاتھا پائی بھی کی۔

    نیب اہلکاروں نے مقوقع کی ویڈیو بنانے والے میڈیا نمائندوں سے موبائل فون چھیننے کی کوشش بھی کی۔ واضح رہے کہ امتیاز تاجور کےخلاف ایف آئی اے نے کرپشن کا مقدمہ درج کررکھا ہے۔

    واضح رہے کہ امتیاز تاجور پر نیب کےفنڈزمیں ساٹھ لاکھ روپےکی خورد برد کا الزام ہے۔

  • فاٹا کوقومی دھارے میں لانےکیلئے قانون سازی تیزکی جائے، وزیراعظم

    فاٹا کوقومی دھارے میں لانےکیلئے قانون سازی تیزکی جائے، وزیراعظم

    اسلام آباد : وزیراعظم شاھد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ فاٹا کو قومی دھارے میں لانےکیلئے قانون سازی تیز کی جائے، اصلاحات کا مقصد فاٹا کے عوام کی زندگی میں بہتری لانا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں فاٹا اصلاحات پر عملدرآمد کی قومی کمیٹی کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

    وزیراعظم نے کہا کہ اصلاحات کا مقصد فاٹا کے عوام کی زندگی میں بہتری لانا ہے، اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، گورنر خیبرپختونخوا پرویز خٹک، وفاقی وزیرسیفران عبدالقادر بلوچ، وزیرقانون زاہدحامد، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن سرتاج عزیز، عسکری وسول حکام اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

    اجلا س میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ فاٹامیں ایک مناسب انتظامی میکنزم کو برقرار رکھنے اور منتقلی کی مدت کے دوران چیف آپریٹنگ آفیسر کی حیثیت سے تعیناتی کی جائے۔

    فاٹا اصلاحات پیکج پرمثبت ردعمل پر کمیٹی نے اطمینان کا اظہار کیا، اس موقع پر فاٹااصلاحات پرعملدرآمد تیز کرنے کیلئےکمیٹی نے متعدد فیصلےکئے.

    کمیٹی کا کہنا تھا کہ فاٹااصلاحات پر پارلیمنٹ، قبائلی عوام نے مثبت رائےکااظہارکیا ہے، یاد رہے کہ کابینہ نے فاٹااصلاحات پیکج کی منظوری مارچ2017میں دی تھی۔

    اجلاس میں کمیٹی کی تربیت کے بعد ایف سی کی تعیناتی کی بھی منظوری دی گئی اور اصلاحات کے نفاذ تک مناسب انتظامی طریقہ کار وضع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجو ہ نے فاٹا میں حکومتی رٹ کی بحالی میں کامیابیوں پربریفنگ دی، انہوں نے فاٹا بھر میں ریاست کی رٹ کو قائم کرنے اور گزشتہ چند سالوں کے دوران سیکورٹی، سرحدی بنیادی ڈھانچے اور ترقیاتی کوششوں کو مضبوط کرنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر حاصل ہونی والی کامیابیوں پر کمیٹی کو آگاہ کیا۔

  • این اے 120کے ضمنی انتخاب میں ملک کے مستقبل کا فیصلہ ہوگا، عمران خان

    این اے 120کے ضمنی انتخاب میں ملک کے مستقبل کا فیصلہ ہوگا، عمران خان

    لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ این اے ایک سو بیس کے ضمنی انتخاب میں پاکستان کا فیصلہ ہوگا، لوگ ووٹ دے کر سب سے بڑے چور کا احتساب کرنے پرسپریم کورٹ کا شکریہ ادا کریں گے، نوازشریف کو ووٹ دینے والے پہلے بار بار سوچیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں قرطبہ چوک پر ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، عمران خان نے اپنے خطاب میں سابق اناہل وزیر اعظم کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عدالت نے نوازشریف کو ثبوتوں کیلئے ایک سال دیا لیکن انہوں نے عدالتوں میں جھوٹ بولا اور جعلی کاغذات جمع کرائے۔

    جھوٹ کے بعد قطری شہزادے کو لے کرآگئے، قطری شہزادہ خود ایک بہت بڑا فراڈ تھا، جب سپریم کورٹ نے اسے باہر نکال دیا تو یہ طاقتور ڈاکو جی ٹی روڈ پر معصومیت سے کہتا پھررہا تھا کہ مجھے کیوں نکالا؟

    پاکستان میں کبھی کسی کمزور کو انصاف نہیں ملا

    انہوں نے کہا کہ17ستمبر کو ہونے والا الیکشن کوئی عام الیکشن نہیں ہے بلکہ این اے120کے انتخاب میں پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہوگا۔ آج پاکستان کے کمزور طبقے کو پیغام دینے آیا ہوں۔

    پاکستان میں کبھی کسی کمزور کو انصاف نہیں ملا، ہمیشہ طاقتور ناجائز کام کرتا اور بچ جاتا ہے لیکن سپریم کورٹ نے طاقتوروں کے خلاف فیصلہ دے کر قوم کو ایک بہترین پیغام دیا ہے۔ این اے120میں بڑےبڑےغنڈےہیں جوظلم کرتےہیں۔

    ظالم لوگوں کو اسمبلیوں میں نہیں اڈیالہ جیل میں ڈالا جائے

    آپ کاووٹ سپریم کورٹ کو مضبوط کرے گا، چاہتے ہیں ان ظالم لوگوں کو اسمبلیوں میں نہیں اڈیالہ جیل میں ڈالا جائے، الیکشن کے بعد نیا پاکستان بننے جارہا ہے، آپ کا ووٹ فیصلہ کرے گا، پاکستان کس طرف جائے گا، این اے120میں الیکشن جیتنے کے بعد شاندار آتشبازی کریں گے۔

    عوام ووٹ یاسمین راشد کوہی ووٹ دینگے

    عمران خان نے پی ٹی آئی کی امیدوار یاسمین راشد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کامقابلہ ریاست کےساتھ ہے، مریم نوازجو کچھ کرلیں، لاہورکے عوام ووٹ یاسمین راشد کوہی ووٹ دینگے، این اے120میں ڈسٹرکٹ ناظم اور پولیس مریم بی بی کی مدد کررہی ہے۔

    نواز لیگ والے ووٹ مانگنے کیلئےآئیں توعوام ان سے پوچھے کہ ان کے بچےاربوں پتی کیسے بن گئے، ان کےپاس اربوں کےفلیٹ کہاں سےآگئے؟ عوام کا پیسہ چوری کرکے باہر منتقل کیا گیا اورفلیٹس خریدے، نوازشریف کو ووٹ دینے والے ملک کا مستقبل تباہ کررہے ہیں۔

    اسحاق ڈار نے ملکی معیشت کو تباہ کردیا

    عمران خان نے کہا کہ موٹرسائیکل پر گھومنے والااسحاق ڈار اربوں پتی کیسے بن گیا، اسحاق ڈار نے ملکی معیشت کو تباہ کردیا، اس شخص نے ملکی معیشت کے ساتھ وہ کیا جو کوئی دشمن بھی نہیں کرتا، کوئی جنگ ہوجاتی تب بھی اتنا بڑا نقصان نہ ہوتا۔

    نیب ریفرنس کے بعد اسحاق ڈار کو اپنے عہدے سے استعفٰی دے دینا چاہئیے، کرپشن کی وجہ سے بیرونی سرمایہ کاری تاریخ میں سب سےکم ہوگئی اور بیرونی سرمایہ کار پاکستان آنے کو تیار نہیں ہیں، نیب کا چیئرمین خود ایک کرپٹ آدمی ہے، نیب کے چیئرمین کو اپنی چوری چھپانے کیلئےلایا گیا ہے۔

  • معاہدہ ختم : شاہد آفریدی افغان کرکٹ لیگ سے دستبردار

    معاہدہ ختم : شاہد آفریدی افغان کرکٹ لیگ سے دستبردار

    لاہور : قومی ٹی ٹوینٹی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی افغان کرکٹ لیگ سے دستبردار ہوگئے، ان کا کہنا ہے کہ افغان بورڈ کا شکر گزار ہوں ، ذاتی مصروفیات کے باعث ایونٹ نہیں کھیل سکتا۔

    یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے تازہ پیغام میں کہی۔ تفصیلات کے مطابق دنیائے کرکٹ کے مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے افغانستان کی ’’اسپاغیزا کرکٹ لیگ ‘‘ کے ساتھ معاہدہ ختم کردیا ہے۔

    ٹوئٹر پیغام میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی لیگ میں بلانے پرافغان بورڈ کا تہہ دل سے شکرگزار ہوں جنہوں نے مجھے وہاں کھیلنے کی دعوت دی، تاہم میں اپنی ذاتی مصروفیات کی وجہ سے افغان کرکٹ لیگ میں شرکت نہیں کر سکتا۔

    ان کا کہنا ہے کہ مستقبل میں افغان لیگ ضرور کھیلوں گا، میں ذاتی طور پر کھیلوں کے ذریعے مختلف ممالک کے درمیان تعلقات بہتر کرنے کا حامی ہوں۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ گیارہ ستمبر سے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں شروع ہونے والی اسپاغیزا کرکٹ لیگ میں 6 فرنچائز کی ٹیموں کے مابین مقابلے ہوں گے۔

    ہر ٹیم نے افغان کرکٹرز سمیت بین الاقوامی کرکٹرز کی بھی خدمات حاصل کی ہیں اس سلسلے میں اسپنگار ٹائیگرز نے بطور بین الاقوامی کرکٹر شاہد آفریدی کے ساتھ معاہدہ کیا تھا۔

    یہ بات بھی پیش نظر رہے کہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے سابق کپتان انگلش سیزن میں ہمشائر کاونٹی کلب کی نمائندگی کررہے ہیں اور ان کی ٹیم مایہ ناز آل راؤنڈر کی شاندار سنچری کی بدولت سیمی فائنل میں جگہ بنا چکی ہے۔

  • کوئٹہ : مولانا علی محمد ابو تراب بیٹے اور محافظ سمیت اغواء

    کوئٹہ : مولانا علی محمد ابو تراب بیٹے اور محافظ سمیت اغواء

    کوئٹہ : مرکزی جمعیت اہلحدیث بلوچستان کے امیر مولانا علی محمد ابو تراب کو بیٹے سیکرٹری اور محافظ سمیت کوئٹہ سے اغواء کرلیا گیا، مغویان کی گاڑی لاوارث حالت میں ایئرپورٹ روڈ سے ملی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں مرکزی جمعیت اہلحدیث بلوچستان کے امیر مولانا علی محمد ابوتراب کو بیٹے ،پرسنل سیکرٹری اور محافظ سمیت اغواء کرلیا گیا،واقعہ کی اطلاع اہل خانہ اور پولیس کو اس وقت ملی جب مغوی مذہبی رہنما کی گاڑی لاوارث حالت میں ایئرپورٹ روڈ پر کھڑی پائی گئی۔

    جمعیت اہلحدیث کے رہنما عصمت اللہ سالم کے مطابق مولانا ابوتراب کوئٹہ سے کراچی جانے کیلئے اپنے بیٹے عبدالحمید ،پرسنل سیکرٹری اور سرکاری محافظ کے ہمراہ اپنی رہائش گاہ واقع سلفیہ کالونی شیخ ماندہ سے ایئر پورٹ جارہے تھے کہ ائیرپورٹ پولیس تھانہ کے قریب چاروں کو گاڑی سے اتارکر اغواء کیا گیا۔

    گاڑی میں مولانا علی محمد ابو تراب کے ساتھ ان کا بیٹا عبد الحمید ،سیکرٹری عبد الستار اور ایک محافظ بھی موجود تھا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مغویوں کی بازیابی کیلئے کوششیں شروع کردی گئیں ہیں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی صوبائی وزیر داخلہ سمیت صوبائی وزراء اراکین اسمبلی اور سیاستدانوں کے علاوہ قبائلی شخصیات بھی مغوی رہنما کی رہائش گاہ پہنچ گئیں۔

    وزیرداخلہ سرفراز بگٹی نے اس موقع پر متاثرہ خاندانوں کو یقین دلایا کہ مغویوں کی بازیابی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

    خیال رہے کہ مولانا ابو تراب کے بھائی اور پرنسپل سلفیہ ریزیڈنشل کالج حبیب اللہ مجاہد کو بھی پانچ سال قبل اغواء کیا گیا تھا جو مبینہ طور پر تاوان کی ادائیگی کے بعد بازیاب ہوئے تھے۔

  • پیپلزپارٹی ایم کیوایم کیخلاف سازش کررہی ہے، ڈاکٹرفاروق ستار

    پیپلزپارٹی ایم کیوایم کیخلاف سازش کررہی ہے، ڈاکٹرفاروق ستار

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کےرہنماؤں کو سیکیورٹی نہ دینا پیپلزپارٹی کی سازش ہے، اس کی کراچی کی نشستوں پررال ٹپک رہی ہے۔ ہم لوہے کےچنے ثابت ہوں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایم کیو ایم پاکستان کے خلاف سازش کررہی ہے، متحدہ رہنماؤں کو سیکیورٹی فراہم نہ کرنا اسی سازش کا حصہ ہے، دہشت گردوں کو متحدہ کیخلاف چھوٹ دے رکھی ہے، ہماری سیاسی آزادی کو سلب کیا جا رہا ہے۔

    کراچی کی نشستوں پر پی پی  کی رال ٹپک رہی ہے

    فاروق ستار نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کی کراچی کی نشستوں پررال ٹپک رہی ہے، پیپلزپارٹی ہمیں حلوہ نہ سمجھے ہم لوہے کے چنے ثابت ہونگے، خواجہ اظہار پرحملے کے وقت سیکیورٹی ناقص تھی، سندھ حکومت کو متحدہ رہنماؤں کی سیکیورٹی سے کوئی غرض نہیں۔

    ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم پاکستان ملک کی چوتھی بڑی سیاسی جماعت ہے، ہم سندھ کے شہروں اور متوسط طبقے کی نمائندگی کرتے ہیں، گزشتہ چند ہفتے سے جو غیر یقینی صورتحال ہے اس پرسوالات اٹھتے ہیں۔

    ہمارے کئی سیکیورٹی خدشات ہیں، ہم عوام کو متحرک کررہے تھے کہ خواجہ اظہار پرحملہ ہوگیا، بنیادی حقوق اور سلامتی کے معاملات کیلئے ہردروازہ کھٹکھٹایا، ہماری کہیں شنوائی نہیں ہورہی۔

    وفاقی اور صوبائی حکومتیں ناکام ہوچکی ہیں

    سربراہ ایم کیوایم پاکستان فاروق ستارنے کہا کہ ہم وفاقی اور صوبائی حکومت سے مایوس ہوچکے ہیں، اس لئے چیف جسٹس، آرمی چیف، ڈی جی رینجرز اوردیگر کو خط لکھا ہے، چند ہفتےسے ہماری زندگیوں کو جو خطرات لاحق ہیں ان سے آگاہ کیا گیا ہے، اس خط کی کاپیاں وفاق صوبائی حکومت کو اس لیے بھیجی کہ ان پر اعتماد نہیں، وفاقی اور صوبائی حکومتیں ناکام ہوچکی ہیں۔

    ٹیکس لے کر بھی ہمیں حقوق سے محروم رکھا جارہا ہے

    ڈاکٹرفاروق ستار نے کہا کہ میں مانتا ہوں بلدیاتی اداروں کی کارکردگی تسلی بخش نہیں، بلدیاتی اداروں کی کارکردگی درست کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ٹیکس ہم سے لے کر ہمیں ہی حقوق سے محروم رکھا جارہا ہے، صوبائی حکومت کی کرپشن نے کراچی کو تباہ کردیا ہے، میئراور ڈپٹی میئر کی کارکردگی اچھی نہیں لیکن وسائل کتنے ہیں یہ بھی دیکھیں، جتنے وسائل ہیں اسی میں کام کرکے کارکردگی بہتر بنارہے ہیں۔

    خواجہ اظہار کی سیکیورٹی سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے

    وزیراعلیٰ کا فرض تھا کہ خواجہ اظہار سے سیکیورٹی کا پوچھتے، خواجہ اظہارکو عیدگاہ کے باہرسیکیورٹی دینا وزیراعلیٰ کاکام تھا، ہمیں تواپنی سیکیورٹی پر تعینات اہلکاروں کی جانوں کی فکرہے، ہم توبلٹ پروف گاڑی میں ہوتے ہیں، اہلکاروں کاکیاہوگا، وزیراعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ ہمارے رہنماؤں کو زیادہ سیکیورٹی دی گئی ہے، وزیراعلیٰ مناظرہ کرلیں ایم کیوایم پاکستان کوکتنی سیکیورٹی دی گئی ، ایم کیوایم پاکستان کےمرکزی دفتر پر ایک بھی پولیس اہلکار تعینات نہیں۔

    دہشت گردوں کوایم کیوایم پاکستان کیخلاف چھوٹ دے رکھی ہے۔ خدا کے لیے ہمارے بارے میں بھی سوچیں، ہمیں کثیرالدھاری تلوار سے کاٹاجارہا ہے، آئین کا بنیادی نکتہ ہے کہ حکومت ہر شہری کی حفاظت کرے، حکومت یہ کام نہ کرسکے تو حکومت کو استعفیٰ دے دینا چاہئیے۔

    مردم شماری میں دھاندلی کیخلاف احتجاج سے روکا جا رہا ہے

    کراچی کےایک کڑور40لاکھ لوگوں کو گمشدہ کردیا گیا ہے، دھاندلی کے خلاف احتجاج کا فیصلہ کیا تو ہمیں روکا جارہا ہے، اس کی ایک کڑی خواجہ اظہار پرحملہ بھی ہے، عوامی رابطہ مہم یا لوگوں میں جانے کی کوشش کی تو روکا جارہا ہے، ہماری شرافت کا کب تک فائدہ اٹھایا جائےگا، وفاق صوبائی حکومت سیکیورٹی کی ذمہ داری نہیں لے سکتی تو بتا دے۔


    مزید پڑھیں: لندن سے دھمکیاں مل رہی ہیں، حکومت تعاون کرے، فاروق ستار


     

  • نیب نے شریف خاندان اوراسحاق ڈار کے خلاف ریفرنسز دائر کردیے

    نیب نے شریف خاندان اوراسحاق ڈار کے خلاف ریفرنسز دائر کردیے

    اسلام آباد: قومی احتساب بیور نے نااہل سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کے بچوں اور اسحاق ڈار کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنسز دائر کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ڈپٹی پراسیکیوٹرجنرل نیب کی سربراہی میں نیب پراسیکیوشن ونگ نے سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کے بچوں ، داماد اور اسحاق ڈار کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنسزدائرکیے۔

    قومی احتساب بیورو کی ٹیم نے شریف خاندان کے خلاف 3 اور وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے خلاف 1 ریفرنس دائر کیا۔

    ذرائع کے مطابق نوازشریف کے خلاف 3 ریفرنسز میں نیب کی سیکشن 9 اے لگائی گئی ہے۔ نیب سیکشن 9 اے غیر قانونی رقوم، تحائف کی ترسیل سے متعلق ہے۔

    نیب راولپنڈی نے 9 اے کی تمام 14 ذیلی دفعات کو شامل کیا ہے اور سیکشن 9 اے کی دفعات کی سزا 14 سال قید مقرر ہے۔

    وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے خلاف سیکشن 14 سی لگائی گئی ہے جو آمدن سے زائد اثاثے رکھنے سے متعلق ہے۔ نیب کی دفعہ 14 سی کی سزا 14 سال مقرر ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ عوامی نمائندوں کے لیےسزا کےبعد عمربھرکی نا اہلی ہوتی ہے۔ مریم نوازپرجعلی دستاویزات دینے پرالگ سے شیڈول 2 کاحوالہ دیا گیا ہے۔

    نوازشریف کی صاحبزادی کے خلاف تحقیقات کونقصان پہنچانے کی دفعہ31 اے بھی شامل ہے اور ان کے خلاف الزام کے جرم میں 3 سال قید کی سزا ہے۔

    قانونی طور پر ریفرنس فائل ہونے کے بعد ملزم کو کم از کم ایک بار احتساب عدالت کے جج کے روبرو پیش ہونا لازم ہے، جس کے بعد وہ ذاتی طور پر پیش ہونے سے استثنیٰ کی درخواست کرسکتا ہے۔


    نیب لاہور کی شریف فیملی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے اور اثاثے منجمد کرنے کی سفارش


    خیال رہے کہ گزشتہ دنوں نیب لاہور نے شریف خاندان کے خلاف ریفرنس نیب ہیڈ کوارٹرز بھجوایا تھا، ریفرنس میں نوازشریف اوران کے بچوں کے اثاثے ضبط کرنے اور ان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش بھی کی گئی تھی۔


    پاناما کیس: وزیراعظم نوازشریف نا اہل قرار


    یاد رہے کہ 28 جولائی کوسپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے پاناما کیس کے فیصلے میں سابق وزیراعظم نوازشریف کو نااہل قرار دیتے ہوئے ان کے اور ان کے خاندان کے افراد کے خلاف نیب میں ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا تھا۔

    واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے نیب کو حکم دیا تھا کہ وہ 6 ہفتے کے اندر نوازشریف اور ان کے بچوں مریم نواز، حسین نواز، حسن نواز اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس دائر کرے اور 6 ماہ میں ان پر کارروائی مکمل کی جائے۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔