Category: پاکستان

پاکستان اردو نیوز

ملک پاکستان میں اے آر وائی نیوز کی جانب سے آنے والی تازہ ترین خبریں

Pakistan Urdu News- Daily Pak Urdu News

  • پاک بحریہ میں یومِ دفاع روایتی جوش و جذبے سے منایا گیا

    پاک بحریہ میں یومِ دفاع روایتی جوش و جذبے سے منایا گیا

    کراچی : پاک بحریہ میں پاکستان کا 52واں یومِ دفاع نہایت ہی احترام اور روایتی ملی جوش و جذبے سے منا یاگیا، اس موقع پر شہداء کی یاد گاروں پر فاتحہ خوانی کی گئی اور پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔

    یہ دن ہمیں قومی تاریخ کے اس سنہرے باب کی یاد دلاتا ہے جب مسلح افواج کے فقیدالمثال حوصلے اور قوم کے ناقابل تسخیر جذبے نے1965کی جنگ کے دوران اپنے سے کئی گناہ بڑے اور مکار دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔

    خطے میں پیدا ہونے والی تبدیلیوں اور چیلنجز سے باخبر رہنے کی ضرورت ہے، ایڈمرل محمد ذکاءاللہ

    یومِ دفاع کے موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاءاللہ نے اپنے پیغام میں شہداء اورغازیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا، جنہوں نے ارضِ پاک کی سرحدوں کے دفاع کے لئے بیش بہا قربانیاں دیں جبکہ پوری قوم اپنے برّی، بحری اور فضائی جانثاروں کے ساتھ متحد کھڑی تھی۔

    نیول چیف نے کہا کہ پُر امن بقائے باہمی کی دیرینہ خواہش کے ساتھ ساتھ ہمیں خطے میں پیدا ہونے والی تبدیلیوں اور چیلنجز سے باخبر رہنے کی ضرورت ہے چونکہ ہمارے مشرقی پڑوس میں ایک حاکمانہ اور جابرانہ سوچ مستحکم ہو رہی ہے چنانچہ، ہم اپنی خود مختاری اور قومی سلامتی کو لاحق خطرات کو نظر انداز نہیں کرسکتے۔

    پاک بحریہ کے سربراہ نے مزید کہا کہ پاکستان ہر محاذ پر ثابت قدمی اور پُرعزم انداز سے ترقی کر رہا ہے تاہم ترقی کا سفر کبھی بھی چیلنجز سے مبراء نہیں ہوتا۔

    میری ٹائم کے شعبے میں بحری قزاقی، بحری دہشت گردی اور منظم جرائم خطے کے امن و استحکام کے لئے سکیورٹی چیلنجز کی شکل اختیار کئے ہوئے ہیں۔

    ایڈمرل محمد ذکاءاللہ نے کہا کہ پاک بحریہ مختلف اقدامات کے ذریعے میری ٹائم اور ساحلی سیکورٹی کو مضبوط بنا رہی ہے جن میں خصوصی ٹاسک فورس88اورکوسٹل سیکورٹی اور ہاربرڈیفنس فورسز کا قیام قابلِ ذکر ہے۔

    اس کے علاوہ پاک بحریہ پاک آرمی، پاک فضائیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر ”آپریشن ردّالفساد “ میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

    دن کا آغازمساجد میں خصوصی دعاﺅں کے ساتھ ہوا

    دن کا آغاز پاک بحریہ کی مساجد میں ملکی سلامتی و استحکام کی خصوصی دعاﺅں کے ساتھ ہوا، ارضِ پاک کے شہداء کے ابدی سکون کے لئے قرآن خوانی کی گئی، شہداء کی یاد گاروں پر فاتحہ خوانی کی گئی اور پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔

    ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف ریئر ایڈمرل فرخ احمد نے نیول ہیڈ کوارٹرز میں واقع شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ پڑھی۔

    پاک بحریہ کی تمام یونٹس اور اسٹبلشمنٹس میں پرچم کشائی کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن میں یونٹس اوراسٹبلشمنٹس کے کمانڈنگ آفیسرز نے سی پی اوز/سیلرز اور نیوی سویلینز سے خطاب کیا اور آج کے دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

    پاک بحریہ کے جہازوں کو نیوی کے روایتی انداز میں سجایا گیا تھا اور ان پر چراغاں کیا گیا، مزید برآں پاک بحریہ کی مختلف یونٹس اور اسٹبلشمنٹس میں کھیلوں کی سرگرمیوں، تقاریر،ذہنی آزمائش اور ملی نغموں کے مقابلوں کا انعقاد بھی کیا گیا۔

    کراچی کے ساحل پر خصوصی تقریب کا انعقاد

    پاک بحریہ میں منعقد ہونے والی مختلف تقریبات کے علاوہ کلفٹن کراچی کے ساحل پر خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں پاک نیوی ایوی ایشن اور اسپیشل فورسز نے پیشہ ورانہ مہارتوں کا بھرپورمظاہر ہ کیا۔ وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

    پاک بحریہ کے کمانڈوز نےاپنی فنی مہارت کا مظاہرہ کیا

    تقریب کے دوران پاک بحریہ کے کمانڈوز نے مغویوں کو بازیاب کرانے کا بھی مظاہرہ کیا۔ پاک نیوی کے اسپیشل سروس گروپ نے پاک بحریہ کے سی کنگ ہیلی کاپٹرز سے رسوں کی مدد سے اترنے کی مہارت کو استعمال کرتے ہوئے اپنے فرضی ہدف تک رسائی حاصل کی۔

    پاک بحریہ کے کمانڈوز کے مظاہرے کے بعد پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹرز نے فضائی کرتب اور سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز کا شاندار مظاہرہ کیا۔

    پاک بحریہ کے فکسڈ ونگ ایئر کرافٹ اور روٹری ونگ ہیلی کاپٹرز کا فلائی پاسٹ بھی تقریب کا حصہ تھا۔ آخر میں تینوں مسلح افواج کے اسپیشل سروسز ونگز نے تقریب گاہ میں موجود مجمع کے عین سامنے فری فال جمپ کا مظاہرہ بھی کیا۔

  • ڈی جی رینجرز نے فٹ پاتھ اسکول کے بچے کو گود لے لیا

    ڈی جی رینجرز نے فٹ پاتھ اسکول کے بچے کو گود لے لیا

    کراچی: یوم دفاع کی مناسبت سے ایک تقریب کے موقع پرڈی جی رینجرز سندھ محمد سعید نے فٹ پاتھ اسکول سے بچے کو گود لے لیا اور بچے کے والدین کو رینجرز کی جانب سے گھر فراہم کیا جائے گا.

    تفصیلات کے مطابق یومِ دفاع کے موقع پر ڈی جی رینجرز سندھ محمد سعید نے بے آسرا اور بے گھر بچوں کے فٹ پاتھ اسکول سے 4 سالہ بچے غلام مصطفیٰ کو گود لیتے ہوئے بچے اور اس کے اہل خانہ کی کفالت کا ذمہ لیا ہے.

    اے آر وائی نیوز کے رپورٹر عاجز جمالی کے مطابق ڈی جی رینجرز سندھ نے بچے اور والدین کو رینجرز کی جانب سے گھر فراہم کرنے اور بچے کے والد کو سندھ رینجرز میں ملازمت دینے کا بھی وعدہ کیا ہے.

    اوشین ویلفیئر آرگنائیزیشن کی صدر انفاس علی شاہ بتایا کہ سندھ رینجرز کے ونگ کمانڈرعمر کلفٹن فلائی اوور کے نیچے موجود فٹ پاتھ اسکول پہنچے وہاں باقاعدہ چھوٹی تقریب کا انعقاد کیا گیا اور بچے کو رینجرز حکام کے حوالے کیا گیا۔

    اس موقع پر 4 سالہ غلام مصطفیٰ کے والدین نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی جی رینجرز میجرجنرل محمد سعید کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے بے گھر خاندان کو گھر دینے اور بچے کی تمام کفالت اور تعلیم کے اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کیا.

  • روہنگیا مسلمانوں کے قتلِ عام پرمسلم دنیا پر قبرستان جیسی خاموشی طاری ہے، سراج الحق

    روہنگیا مسلمانوں کے قتلِ عام پرمسلم دنیا پر قبرستان جیسی خاموشی طاری ہے، سراج الحق

    مردان : امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ برما میں مسلمانوں کے قتل عام پرحکمرانوں کی خاموشی مجرمانہ ہے اور اس وقت مسلم دنیا پر قبرستان جیسی خاموشی طاری ہے.

    وہ خیبر پختونخوا کے شہر مردان میں ایک اجتماع سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے جمعہ کو برما کے سفارت خانے کے سامنے احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مسلم ممالک فوری طور پر برما کے سفیروں کو ملک بدرکردیں.

    سراج الحق نے کہا کہ مسلم ممالک حق وباطل کی جنگ میں غیرجانبداری ختم کریں اور برما کے خلاف سخت سے سخت سے ایکشن لیتے ہوئے سفارتی تعلقات منقطع کردیں اور روہنگیا مسلمانوں کی آباد کاری کے لیے اپنا کردار ادا کریں.

    انہوں نے کہا کہ برما میں مسلمانوں کی نہ تو عزت محفوظ ہے اور نہ ہی جان و مال کی کوئی ضمانت ہے وہاں مسلمانوں کی بستیاں کی بستیاں جلا دی گئی ہے جس میں جل کئی مسلمان خاکستر ہوگئے.

    امیرِ جماعت اسلامی نے کہا کہ غیرت مند مسلمان اپنے روہنگیا بھائیوں کی مدد کے لیے اُٹھ کھڑے ہوں اور بعد نماز جمعہ اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں تاکہ عالمی برادری تک ہماری آواز پہنچ سکے.

  • پوری قوم ملکی دفاع کے لیے متحد ہے، سعد رفیق

    پوری قوم ملکی دفاع کے لیے متحد ہے، سعد رفیق

    لاہور : وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سپرپاور کہلوانے والوں سے کہتے ہیں کہ پاکستان کو دھمکیاں نہ دیں، ہماری قربانیوں کا اعتراف کیا جائے، پوری قوم ملکی سالمیت اوردفاع کے لیے متحد ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں یادگار شہداء پر پھول ڈالنے کے بعد یوم دفاع پرتقریب سےخطاب کرتے ہوئے کہی۔

    اس موقع پر ان کے ہمراہ وزیر تجارت ملک پرویز، خواجہ عمران نذیر، مبشرجاوید اور دیگر اراکین اسمبلی بھی موجود تھے، انہوں نے شہداء کے بلند درجات کے لیے بھی دعا کی۔

    خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہماری افواج ایک عرصے سے دہشت گردی کے خلاف لڑررہی ہیں، پاک افواج کے جوان ہمارے لیےجانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں، پوری قوم آج یوم دفاع پراپنے شہداء کوسلام پیش کرتی ہے، پاکستان کی سالمیت اوردفاع کے لیے ملک کی تمام سیاسی جماعتیں اور قوم متحد ہے۔

    انہوں نے کہا کہ 1965 کے بعد پاکستان پر 1971 میں جارحیت مسلط کی گئی،1971 میں سازش کی گئی ورنہ پاکستان کبھی نہ ٹوٹتا۔

    خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ سپرپاور کہلوانے والے پاکستان کودھمکیاں نہ دیں، دہشت گردی کےبیج وہی بوتے ہیں جو دنیا پرحکمرانی کی خواہش رکھتےہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری قربانیوں کا اعتراف کیا جائے، پاکستان کو دبانےکی کوشش کی جارہی ہے، پاکستان کی طرف میلی آنکھ سےدیکھنےکی اجازت نہیں دیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج منظم اور طاقتور ہے، ہمیں کسی کے لال قلعے پر جا کر اپنا جھنڈا نہیں لہرانا، پاکستان کسی سے لڑنا نہیں چاہتا مگر تھکتا بھی نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ امریکا کی فوج کو افغانستان سے واپس جانا چاہیے، خطےمیں امن کے لیے بھارت کو برابری کی سطح پر بات کرنا ہوگی، بھارت دہشت گردوں کی سرپرستی کرے گا تو یہ لڑائی چلتی رہے گی۔

  • انصار الشریعہ کا سربراہ بھی افغانستان سے تربیت یافتہ نکلا

    انصار الشریعہ کا سربراہ بھی افغانستان سے تربیت یافتہ نکلا

    کراچی : خواجہ اظہار پر حملے اور پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث دہشت گرد تنظیم انصار الشریعہ کا گرفتار سربراہ عبداللہ ہاشمی افغانستان سے تربیت یافتہ نکلا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب حراست میں لیے گئے انصار الشریعہ کے سربراہ عبداللہ ہاشمی نے تحقیقاتی ٹیم کے سامنے ہولناک انکشافات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ایک سال قبل انصار الشریعہ نامی جماعت کی داغ بیل ڈالی اور دہشت گردی کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی بھی میں خود کیا کرتا تھا۔

    ذرائع کے مطابق عبداللہ ہاشمی 6 سے 8 رکنی گروہ کا سرغنہ اور ترجمان بھی تھا جس نے انصار الشریعہ نامی دہشت گرد تنظیم ایک سال پہلے بنائی تھی جن میں سے 4 سے 5 لڑکے عسکری کارروائیاں کیا کرتے تھے جس کے احکامات خود عبداللہ ہاشمی دیا کرتا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرعبداللہ ہاشمی افغانستان میں دہشت گردی کی تربیت حاصل کر کے پاکستان آیا جب کہ 4 سے 5 دہشت گردوں کو تربیت بلوچستان کے کسی نامعلوم مقام پردلوائی۔

    کسی بھی کارروائی کا فیصلہ اور منصوبہ بندی عبداللہ کیا کرتا تھا جس کے لیے ریکی بھی خود عبداللہ ہاشمی دیا کرتا تھا اور قتل کرنے کے احکامات دیتا تھا جس کی تعمیل کے لیے سروش، مزمل اور حسان پر مشتمل ٹارگٹ کلنگ گروپ کیا کرتا تھا جب کہ تنظیم کے فیس بک اور ٹوئٹر اکاؤنٹ عبداللہ اور سروش خود آپریٹ کیا کرتے تھے۔


      خواجہ اظہار قاتلانہ حملے کے مرکزی ملزم سروش سے متعلق اہم معلومات* 


    ذرائع کا کہنا ہے کہ انصار الشریعہ نے اپنے امیر عبداللہ ہاشمی سے ناروا سلوک کے باعث پولیس کو ٹارگٹ کرنا شروع کیا اور انتقاماً کئی پولیس والوں کو نشانہ بنایا اور بعد ازاں اگلے مرحلے میں سیکیورٹی فورسز کو ٹارگٹ کرنے جا رہے تھے جس کے لیے رینجرزکی ایک چوکی کی ریکی بھی کر رکھی تھی۔

    سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار کو ٹارگٹ کرنے کا مقصد ان کی مغربی تعلقات اور روشن خیالی تھی جس کے باعث انہیں نشانہ بنانے کے لیے باقاعدہ ریکی کی گئی اور سروش صدیقی، مزمل اور حسان نے مسجد سے باہر انہیں نشانہ بنایا تاہم وہ خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔

    ذرائع کے مطابق انصار الشریعہ کے تمام دہشت گرد خوشحال گھرانوں سے تعلق رکھتے ہیں جو فنڈز کا بندوبست اپنے ہی خاندان کے لوگوں سے کیا کرتے تھے اور اپنے اہل خانہ سے غریبوں کی مدد کے نام پر زکوۃ، قربانی کی کھالیں اور دیگرفنڈز اکٹھا کیا کرتے تھے جس کی مدد سے اپنی کارروائیاں کرتے تھے۔


     خواجہ اظہار الحسن پر قاتلانہ حملہ کرنے والے مرکزی ملزم کے گھر چھاپا*


    ذرائع کے مطابق سروش صدیقی نے نارتھ کراچی کے ایک اسکول سے میٹرک کیا اور سرسید یونیورسٹی سے ڈپلومہ کرنے کے بعد جامعہ کراچی کے اپلائیڈ فزکس ڈپارٹمنٹ میں داخلہ لیا۔

    سروش صدیقی انصارالشریعہ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس چلانے کے علاوہ تنظیم کا تمام اسلحہ رکھنے کا بھی ذمہ دارتھا اور ہتھیار واردات سے پہلے اور بعد میں سروش کے پاس ہی جمع ہوتا تھا، ملزمان سے مزید تحقیقات کا عمل جاری ہے۔

  • گورنرسندھ ہوش میں رہیں ورنہ عدالت سے رجوع کریں گے، نثارکھوڑو

    گورنرسندھ ہوش میں رہیں ورنہ عدالت سے رجوع کریں گے، نثارکھوڑو

    لاڑکانہ : پیپلز پارٹی سندھ کے صدر اور صوبائی وزیر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ گورنرسندھ محمد زبیر بہت زیادہ بول رہے ہیں، ہوش میں رہیں، زیادہ آگے بڑھے تو ان کے خلاف عدالت سے رجوع کریں گے، عمران خان کی ذاتی زندگی پربہت سے سوالات ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاڑکانہ میں ایوان صنعت وتجارت کی جانب سے اپنے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    نثار کھوڑو نے کہا کہ سابق گورنر ڈاکٹرعشرت العباد نے بھی اپنی سیاسی جماعت سے لاتعلقی ظاہرکی تھی، لہٰذا محمد زبیر جماعتی وابستگی سے بالا ترہوکر اپنے عہدے کا پاس رکھیں۔

    ایک سوال کے جواب میں نثار کھوڑو نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان فرشتے کوئی نہیں ہیں، ان کی ذاتی زندگی پر بھی بہت سے سوالات ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان یہ اعتراف کرچکے ہیں کہ وہ درست لوکل باڈیز کا نظام نہیں لاسکے، عمران خان کے پاس اب گو نواز گو کا نعرہ بھی نہیں رہا۔

    سابق وزیر اعظم نواز شریف کی نااہلی سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو ان کے عہدے سے نااہل کسی شخصیت نے نہیں بلکہ عدالت عظمیٰ نے کیا ہے۔

    عدالت میں سب سے پہلے شیخ رشید اور جماعت اسلامی گئی تھی، انہوں نے کہا کہ سیاست میں مقابلہ ہوتا ہے اورعوام کے پاس جانے کا حق ہرایک جماعت کو حاصل ہے۔

    واضح رہے کہ گورنر سندھ محمد زبیر نے اپنے حالیہ بیان میں گزشتہ دنوں کراچی میں ہونے والی بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر سندھ حکومت کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • متحدہ لندن عسکری ونگ کے 2 کارندے گرفتار

    متحدہ لندن عسکری ونگ کے 2 کارندے گرفتار

    کراچی : رینجرز نے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم لندن کے عسکری ونگ سے تعلق رکھنے والے 2 کارندوں سمیت 10 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ رینجرز نے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی، ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائمز میں ملوث 10 ملزمان کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ 10 ملزمان میں سے سعود آباد اور درخشاں سے عاطف عرف ببلی اور عامرعلی عرف باہے کو حراست میں لے لیا گیا ہے، دونوں ملزمان کا تعلق ایم کیوایم لندن کے عسکری ونگ سے ہے جو وال چاکنگ سمیت جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

    علاوہ ازیں کراچی کے علاقے پریڈی اور عزیز بھٹی کے علاقوں سے 2 ڈکیت، سرسید کے علاقے سے 2 اسٹریٹ کرمنلز اور شاہ لطیف، ایئرپورٹ ٹاؤن اور بغدادی سے 4جرائم پیشہ ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جنہیں ابتدائی تفتیش کے بعد علاقہ پولیس کے حوالے کردیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ سال 2013 سے جاری رینجرز آپریشن کے نتیجے میں کراچی میں امن و امان کی صورت حال کافی بہتر ہوئی ہے اور دہشت گردی کے ستائے ہوئے شہریوں نے سُکھ کا سانس لیتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہا ہے۔

  • ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ

    ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ

    اسلام آباد : حکومت نے عوام پر مہنگائی کا ایک اور بم گرانے کا منصوبہ بنالیا، پیٹرول کی قیمتوں کے بعد اب ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کے لیےاجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ادویہ ساز کمپنیوں کی جانب سے کیے گئے مطالبے کے بعد حکومت نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے پر غور شروع کردیا۔

    اس حوالے سے اسلام آباد میں ڈریپ پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس 8 ستمبرکو طلب کرلیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پرائس کمیٹی کا 23 واں اجلاس ڈریپ کے مرکزی دفتر میں ڈائریکٹر کاسٹنگ و پرائسنگ ڈریپ کی زیر صدارت منعقد ہوگا۔


    مزید پڑھیں: پنجاب میں‌ 40 فیصد جعلی ادویات کی فروخت عالمی ادارہ صحت


    اجلاس میں 200سے زائد ادویات کی قیمتوں میں تبدیلی کا معاملہ بھی زیرغور آئے گا، ذرائع کے مطابق مختلف ادویات کی قیمتوں میں ڈھائی سے 10 فیصد اضافہ متوقع ہے۔


    مزید پڑھیں: غیر قانونی ادویات فروخت کرنے والوں کیخلاف آپریشن شروع


    ادویات کی قیمتیں بڑھانے کے لیے 50 فارما کمپنیز نے عدلیہ سے رجوع کیا تھا، 50 کمپنیوں میں سے 30 کمپنیاں مقامی جبکہ،20 کمپنیاں ملٹی نیشنل ہیں۔

  • واہگہ بارڈر پر قومی پرچم اتارنے کی باوقار تقریب

    واہگہ بارڈر پر قومی پرچم اتارنے کی باوقار تقریب

    لاہور : یوم دفاع پر واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی تقریب میں شہریوں کی بڑی تعداد نے پورے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی جہاں رینجرز کے جوانوں کی شاندار پریڈ نے حاضرین کا لہو گرمادیا اور فضا پاکستان زندہ باد ، پاک فوج پائندہ باد اور اللہ اکبر کے نعروں سے گونج اٹھی۔

    اس موقع پر پاکستان رینجرز کے شیر دل جوانوں کے بوٹوں کی گھن گھرج اور وطن کی حفاظت کے جذبے سے مامور پریڈ پاکستانیوں کا لہو خوب گرماتی رہی، واہگہ پر موجود کیا بچے، بزرگ، خواتین سب ہی بہت پُرجوش اور بھرپور انداز میں اپنے سپاہیوں کا حوصلہ بڑھاتے رہے۔

    اس دوران پاکستان زندہ باد، نعرہ تکبیر اللہ اکبر اور جیوے جیوے پاکستان کے فلک شگاف نعروں سے فضا گونجتی رہی اور ملی نغموں اور قومی ترانوں پر لوگ والہانہ انداز میں رقص کرتے رہے اور بھنگڑا ڈالتے رہے اور اپنے جوانوں کو خراج تحسین پیش کی۔

    تقریب میں‌ بالخصوص نوجوانوں اور بچوں کاجو ش و جذبہ دیدنی تھا، منچلوں کے بھنگڑوں اور نعرے بازی نے ماحول کو گرمائے رکھا، فلک شگاف نعروں کی گونج، جوش وجذبے سے جگمگاتے چہروں اورلہراتے پرچموں کے ساتھ واہگہ بارڈرپرہونے والی تقریب نے 1965 کی تاریخی فتح کی یادیں تازہ کردیں.

  • آئی جی سندھ نے دینی مدارس کے لیے اصلاحات ترتیب دے دیں

    آئی جی سندھ نے دینی مدارس کے لیے اصلاحات ترتیب دے دیں

    کراچی : آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے کہا ہے کہ مدرسے کے قیام سے قبل حکومت کی اجازت لازمی لینا ہوگی اور مدرسہ کے نصاب، اساتذہ، معلمین، طلبہ اور اسٹاف کی تفصیلات فراہم کرنا ضروری ہوگا.

    تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی زیرصدارت ہونے والے اہم اجلاس میں دینی مدارس میں اصلاحات متعارف کرانے سے متعلق امورکا جائزہ لیا گیا اور اصلاحاتی سفارشات پر مبنی مسودہ ترتیب دینے کا فیصلہ کیا گیا جسے منظوری لیے حکام بالا کے پاس بھیجا جائے گا.

    آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ دینی مدارس میں اصلاحات کے لیے جو سفارشات دی گئی ہیں اُس کے تحت سرکاری اراضی پر مدرسے کا قیام حکومت کی اجازت سے مشروط ہوگا اور مدارس کی رجسٹریشن کے لیے اجازت نامہ رجسٹرار ڈویڑنل کمشنر جاری کرے گا اور اس کی تصدیق متعلقہ ڈپٹی کمشنر کی ذمہ داری ہوگی.

    آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے کہا کہ مدرسے کے قیام کے اجازت نامے سے پہلے ذرائع آمدن اور مالی امداد کرنے والوں کی تفصیل دینا لازمی ہوگی جب کہ مہتمم مدرسے کے قومی شناختی کارڈ کی تصدیق شدہ کاپی، رابطہ نمبر، مدرسے کا نصاب، اساتذہ، معلمین،طلبہ اور اسٹاف کےکوائف بھی لازماً جمع کرانا ہوں گے.

    آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کا کہنا تھا کہ مدارس میں ہونے والی سرگرمیوں کو بھی مانیٹر کیا جائے گا اور واچ لسٹ اقدامات کی ذمہ داری ضلعی ایس ایس پی کی ہوگی جو بذات خود مدارس کی کڑی نگرانی کوغیرمعمولی بنائے گا اور ان اقدامات کو عملہ جامہ پہنانے کا ذمہ دار ہوگا.