Category: پاکستان

پاکستان اردو نیوز

ملک پاکستان میں اے آر وائی نیوز کی جانب سے آنے والی تازہ ترین خبریں

Pakistan Urdu News- Daily Pak Urdu News

  • یوم دفاع : کراچی میں جنگی ٹینکوں اورجدید اسلحہ کی نمائش کا انعقاد

    یوم دفاع : کراچی میں جنگی ٹینکوں اورجدید اسلحہ کی نمائش کا انعقاد

    کراچی : یوم دفاع کے موقع پر ملیر گیریژن میں پاک فوج کے زیر اہتمام خصوصی نمائش کا انعقاد کیا جائے گا، نمائش کے دوران آرمی ایوی ایشن کے ایلوٹ اور مشاق طیارے فلائی پاسٹ کریں گے۔

    ۔تفصیلات کے مطابق6دسمبر یوم دفاع کے موقع پر پاک فوج کے زیر اہتمام ملیر گیریژن میں خصوصی نمائش منعقد کی جائے گی، نمائش میں ٹینکوں، اے پی سی اور چاق و چوبند دستوں کا مارچ پاسٹ ہوگا۔

    اس کے علاوہ نمائش میں رکھا گیا مختلف نوعیت کا جدید اسلحہ اور جنگی آلات خصوصی دلچسپی کا باعث ہوں گے، تقریب کے مہمان خصوصی جنرل آفیسر کمانڈنگ ملیر گیریژن میجر جنرل زاہد محمود ہوں گے۔

    ذرائع کے مطابق توقع ہے کہ نمائش میں ریٹائرڈ اور حاضر سروس افسران اپنے اہل خانہ کے ہمراہ بڑی تعداد میں شریک ہونگے۔

    علاوہ ازیں یوم دفاع کے موقع پر حیدرآباد اور پنو عاقل گیریژن میں بھی خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی، ان شہروں میں بھی عوام کی دلچسپی کے لئے جنگی آلات رکھے جائیں گے۔

  • برکس اعلامیہ کو یکسرمسترد کرتے ہیں، ترجمان دفترخارجہ

    برکس اعلامیہ کو یکسرمسترد کرتے ہیں، ترجمان دفترخارجہ

    اسلام آباد : دفتر خارجہ کے ترجمان نے برکس اعلامیہ پر اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ افغانستان سمیت خطے میں کئی دہشت گرد گروپ موجود ہیں، ٹی ٹی پی اور جماعت الاحرار نامی تنظیمیں پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہیں، وزیر دفاع خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ پاکستان کا دفاع محفوظ ہاتھوں ہے۔

    یہ بات انہوں نے اپنے جاری بیان میں کہی، ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا کا برکس اعلامیہ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان کو جنوبی ایشیا اور خطے کو درپیش دہشت گردی کے خطرے پرتشویش ہے۔

    ٹی ٹی پی اور جماعت الاحرار جیسی دہشت گرد تنظیمیں افغانستان میں کام کررہی ہیں، ان تنظیموں کی افغانستان میں موجودگی امن کیلئے خطرہ ہے، خطےمیں بڑھتے انتہا پسندانہ نظریات اور عدم برداشت پر باعث تشویش ہے۔

    پاکستان میں دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہیں نہیں، خرم دستگیر

    علاوہ ازیں وفاقی وزیر دفاع خرم دستگیر نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردوں کی کوئی محفوظ پناہ گاہیں نہیں، چالیس فیصد افغانستان دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہ ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا دفاع محفوظ ہاتھوں ہے، ٹرمپ کے بیان کے بعد پاکستان میں غیرضروری خطرے کی گھنٹیاں بجائی جا رہی ہیں۔

    ہماری خارجہ پالیسی ناکام ہوگئی ہے، سید خورشید شاہ

    دریں اثناء قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے برکس اعلامیہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قربانیوں کے باوجود پاکستان کو دہشت گرد قرار دینا افسوس ناک ہے۔

    انہوں نے کہا کہ خارجہ پالیسی کی ناکامی کا یہ عالم ہے کہ ہم اپنے دوست ممالک کو بھی قائل کرنے میں ناکام ہو رہے ہیں جبکہ بھارت اپنی خارجہ پالیسی کی وجہ سے آگے بڑھ رہا ہے۔

     


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • پاکستان ایٹمی طاقت ہے روہنگیا مسلمانوں کے لیے اقدامات کرے، طاہرالقادری

    پاکستان ایٹمی طاقت ہے روہنگیا مسلمانوں کے لیے اقدامات کرے، طاہرالقادری

    لاہور : سربراہ پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے جو اسلامی ممالک کی سربراہی کرسکتا ہے اس لیے پاکستان کو آگے بڑھ کر روہنگیا مسلمانوں کا معاملہ اٹھانا چاہیے.

    وہ ماڈل ٹاؤن میں اپنی جماعت کے ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سمیت اسلامی ممالک کے ضمیروں کوجھنجوڑنے کی ضرورت ہے.

    ڈاکٹرطاہرالقادری نے کہا کہ ملی حمیت اورغیرت کا تقاضہ یہ ہے کہ اپنے مسلامن بھائیوں کی مدد اور دلجوئی کرنے کے لیے مسلمان حکمراں بغیر کسی دباؤ کو قبول کیے بڑے اورانتہائی قدم اُٹھائیں اور اس روہنگیا مسلمانوں کی آبادکاری پر خصوصی توجہ دیں.

    انہوں نے کہا کہ روہنگیا مسلمان ایک عرصے سے برما کی زمین پرآباد ہیں آزادی ہند کے بعد 1948 میں جبرآ ہجرت پر مجبور کیے گئے جس کے بعد سے اب تک نسلی اورمذہبی تعصب کی بنیاد پرروہنگیا پرہردورمیں ظلم ڈھائے گئے اور ان کی آباد بستیاں جلائی گئیں جس میں انسان بھی جل کر خاکستر ہو گئے.

    ڈاکٹر طاہر القادری نے ترک صدر طیب اردگان کی جرات اور ہمت کوخراک تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلم حکمرانوں میں ایک اکیلے ترک صدر تھے جنہوں نے اس ظلم کے خلاف نہ صرف یہ کہ آواز اٹھائی بلکہ ان مظلموں کی آباد کاری کے لیے اپنی تمام تر خدمات دینے کی پیشکش کی.

    سربراہ پاکستان عوامی تحریک کا کہنا تھا کہ میڈیا اوربالخصوص سوشل میڈیا کے ذریعے اب ظلم دنیا کو نظر آ رہا ہے تاہم اب بھی کئی واقعات میڈیا کی دسترس سے باہر ہے میں سوال کرتا ہوں کہ آخربرما میں میڈیا کا داخلہ کیوں بند ہے اورکیوں غیر جانبدار رپوٹنگ کرنے نہیں دی جا رہی ہیں.


     *گزشتہ چند ہفتوں میں میانمارمیں ہلاک افراد کی تعداد 1000 ہوگئی،اقوام متحدہ 


    طاہرالقادری نے کہا کہ برما میں انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کا داخلہ بند ہے تاکہ برمی حکومت کے مظالم دنیا کے سامنے آشکار نہ ہوجائیں اگر برمی حکومت کا موقف درست ہے اور دونوں طرف سے واقعات ہو رہے ہیں توعالمی اداروں کو کیوں روکا جاتا ہے؟

    انہوں نے مزید کہا کہ اگر یہ دو طرفہ فسادات ہیں توعالمی برادری کو برما جانے کی اجازت دی جائے تاکہ حقائق کا پتہ چلا جایا جاسکے اور نقصانات کا ازالہ کرتے ہوئے اس مسئلے کا موثر اور پائیدار حل ڈھونڈا جا سکے جب کہ پاکستان کی حکومت بھی اقوام متحدہ میں قرارداد لانے کے لیے اقدامات کرے.

  • کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف سماعت، فل بینچ تشکیل

    کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف سماعت، فل بینچ تشکیل

    اسلام آباد: سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف درخواست کی سماعت کے لیے فل بینچ تشکیل دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق یہ فل بینچ کل کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کے خلاف درخواست کی سماعت کرے گا۔ بینچ میں جسٹس قاضی امین الدین، جسٹس شمس محمود مرزا، جسٹس عبید الرحمٰن شامل ہیں۔

    کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف حلقہ این اے 120 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل میر نے درخواست دی تھی۔

    یاد رہے کہ کلثوم نواز اپنی علالت کے باعث آج کل لندن میں زیر علاج ہیں۔

    این اے 120 کی انتخابی مہم فی الحال ان کی صاحبزادی مریم نواز چلا رہی ہیں، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ 7 ستمبر کو سابق وزیر اعظم نواز شریف وطن واپس آرہے ہیں جو آتے ہی انتخابی مہم کا میدان سنبھال لیں گے۔


     

  • سابق وزیر اعظم نواز شریف کا 7 ستمبر کو وطن واپسی کا امکان

    سابق وزیر اعظم نواز شریف کا 7 ستمبر کو وطن واپسی کا امکان

    لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف کا 7 ستمبر کو لندن سے وطن واپس پہنچنے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بیمار اہلیہ کلثوم نواز کی تیمار داری کے بعد سابق وزیر اعظم نواز شریف کا 7 ستمبر کو لندن سے لاہور پہنچنے کا امکان ہے۔

    ذرائع کے مطابق نواز شریف وطن آتے ہی این اے 120 کے ضمنی معرکے اور عوامی رابطہ مہم کا آغاز کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ شریف خاندان نواز شریف کی وطن واپسی کے حق میں نہیں ہے تاہم وطن واپسی سے پہلے نواز شریف چھوٹے بھائی اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے تبادلہ خیال کریں گے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف آج صبح ہی پی کے 757 سے 3 روزہ دورے پر لندن روانہ ہوئے ہیں۔


     

  • بلوچستان میں ایف سی کےقافلے پرحملہ‘ 3 شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا

    بلوچستان میں ایف سی کےقافلے پرحملہ‘ 3 شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا

    پنجگور: بلوچستان کے ضلع پنجگور میں ایف سی کے قافلے پردہشت گردوں کے حملے میں کرنل سمیت 3 شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع پنجگور میں گزشتہ شب فرنٹیئر کور کے قافلے پر دہشت گردوں کے حملے میں کرنل سمیت 3 شہید اہلکاروں کی نمازجنازہ ادا کردی گئی۔

    آئی جی ایف سی سمیت دیگرحکام نے شہید ایف سی اہلکاروں کی نمازجنازہ میں شرکت کی۔ شہید اہلکاروں کے جسد خاکی آبائی علاقوں کوروانہ کردیے گئے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع پنجگور میں ایف سی کے قافلے پر حملے میں کرنل سمیت 3 اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہوگئے تھے۔


    سیکورٹی فورسزکے قافلے پرحملہ، کرنل سمیت تین اہلکارشہید


    وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سیکورٹی اہلکاروں کی شہادت پر اپنے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا تھا، وزیراعظم نے بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کے بہترین علاج کی ہدایت کی تھی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 24 اگست کو دہشت گردوں نے ضلع کیچ میں ایف سی کے قافلے پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید ہوگئے تھے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • روہنگیا مسلمانوں کا قتل عام: مختلف اسمبلیوں میں مذمتی قراردادیں

    روہنگیا مسلمانوں کا قتل عام: مختلف اسمبلیوں میں مذمتی قراردادیں

    اسلام آباد: میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام اور لرزہ خیز مظام کے خلاف سینیٹ، قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں مذمتی قراردادیں جمع کروائی گئیں۔ قراردادوں میں اقوام متحدہ کے ذریعے میانمار میں مسلمانوں کی نسل کشی رکوانے کا مطالبہ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق روہنگیا مسلمانوں پر ظلم کے خلاف متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے قومی اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع کروائی۔

    قرارداد میں کہا گیا کہ روہنگیا کے مسلمانوں پر مظالم کی انتہا کر دی گئی۔ اقوام متحدہ کے ذریعے برما میں مظالم کا سلسلہ رکوایا جائے۔

    قرارداد کے متن میں مطالبہ کیا گیا کہ روہنگیا متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے۔ متاثرین کو ہمسایہ ممالک میں داخلے کی اجازت دی جائے۔

    ایم کیو ایم پاکستان نے اسی نوعیت کی تحریک التوا سینیٹ میں بھی جمع کروائی۔


    سندھ اسمبلی

    روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف صوبہ سندھ کی اسمبلی میں 2 قراردادیں جمع کروائی گئیں جن میں سے ایک متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور دوسری پاکستان تحریک انصاف نے جمع کروائی۔

    ایم کیو ایم کی جانب سے جمع کروائی گئی قرارداد میں کہا گیا کہ روہنگیا کے مسلمانوں پر مظالم کی انتہا کردی گئی۔ اقوام متحدہ کے ذریعے برما میں مظالم کا سلسلہ رکوایا جائے۔

    پاکستان تحریک انصاف نے بھی اپنی قرارداد میں برما کے مسلمانوں پر لرزہ خیز مظالم کی مذمت کی۔ قرارداد میں حکومت سے برما میں مسلمانوں کے قتل عام کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھانے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔


    پنجاب اسمبلی

    صوبہ پنجاب کی اسمبلی میں بھی پاکستان تحریک انصاف نے میانمار میں روہنگیا مسلمانوں پر لرزہ خیز ظلم کے خلاف قرارداد جمع کروائی۔

    مذمتی قرارداد تحریک انصاف کے شعیب صدیقی کی جانب سے جمع کرائی گئی جس میں برما کی حکومت کے خلاف اقوام متحدہ میں بھر پور آواز اٹھانے کا مطالبہ کیا گیا۔


    خیبر پختونخواہ اسمبلی

    صوبہ خیبر پختونخواہ کی اسمبلی میں بھی روہنگیا مسلمانوں پر دردناک مظالم کے خلاف مذمتی قرارداد جمع کروائی گئی۔

    قرارداد میں وفاقی حکومت سے برما کی مسلمانوں کی بھرپور مدد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان، او آئی سی اور سیکیورٹی کونسل میں برمی مظالم کے خلاف آواز اٹھائے۔

    قرارداد میں مزید کہا گیا کہ پاکستان بھی ترک حکومت کے اقدمات کی تقلید کرے۔

    یاد رہے کہ ترکی نے بنگلہ دیش سے روہنگیا مسلمانوں کے لیے اپنی سرحدیں کھولنے کی اپیل کرتے ہوئے یقین دہانی کروائی ہے کہ پناہ گزینوں کے تمام اخراجات ترک حکومت برداشت کرے گی۔


     

  • بہادر دریائی گھوڑوں نے مگر مچھ کے منہ سے اس کا نوالہ چھین لیا

    بہادر دریائی گھوڑوں نے مگر مچھ کے منہ سے اس کا نوالہ چھین لیا

    گو کہ انسان کو اشرف المخلوقات کا درجہ حاصل ہے، لیکن جانور، جانور ہونے کے باوجود محبت، ’انسانیت‘ اور ہمدردی کی ایسی مثالیں قائم کر جاتے ہیں جنہیں دیکھ کر عقل دنگ رہ جاتی ہے۔

    حال ہی میں یوٹیوب پر اپ لوڈ کی جانے والی ایک ویڈیو نے سب کی توجہ حاصل کرلی جس میں 2 دریائی گھوڑے نہایت بہادرانہ انداز میں ایک جانور کو مگر مچھ کے خطرناک جبڑوں سے چھڑا رہے ہیں۔

    افریقہ میں پایا جانے والا بکری اور بھیڑ کی نسل کا ایک جانور وائلڈ بیسٹ اس وقت مگر مچھ کے شکنجے میں آگیا جب وہ دریا سے پانی پی رہا تھا۔ مگر مچھ نے مضبوطی سے اس کی ٹانگ اپنے خوفناک جبڑوں میں جکڑ لی۔

    گو کہ وہاں زیبروں اور وائلڈ بیسٹس کا اچھا خاصا جھنڈ موجود تھا مگر انہوں نے اس جھگڑے میں اپنی ٹانگ پھنسانے سے گریز کیا اور آرام سے گھاس چرتے رہے۔

    بے بس جانور کئی منٹوں تک پوری قوت سے مگر مچھ سے بچنے کی کوشش کرتا رہا، اور قریب تھا کہ وہ ناکام ہوجاتا، کہ اچانک کہیں سے 2 دریائی گھوڑے نمودار ہوئے۔

    انہوں نے جب یہ منظر دیکھا تو فوراً اس جانور کی مدد کے لیے دوڑے۔ ایک دریائی گھوڑے نے مگر مچھ کے اوپر چھلانگ لگائی جس سے بالآخر اس نے وائلڈ بیسٹ کی ٹانگ چھوڑ دی۔

    دو جثیم دریائی گھوڑوں کو اپنے مدمقابل دیکھ کر مگر مچھ نے بھی واپس پانی میں جانے میں ہی اپنی عافیت سمجھی اور سطح آب سے غائب ہوگیا۔

    بے چارہ وائلڈ بیسٹ پانی سے دور جا کر لیٹ گیا اور گہرے سانس لینے لگا جبکہ دریائی گھوڑے بھی خوشی سے اسے دیکھنے لگے۔

    یوٹیوب پر اس انوکھی ویڈیو کو اب تک 20 لاکھ سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • خیبر پختونخواہ میں ڈینگی کا کاری وار، 15 افراد ہلاک

    خیبر پختونخواہ میں ڈینگی کا کاری وار، 15 افراد ہلاک

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ میں ڈینگی وائرس نے خطرناک طریقے سے اپنے پنجے گاڑ لیے اور اب تک 15 افراد اس مرض کے ہاتھوں جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ میں گزشتہ 2 ماہ سے ڈینگی کا وائرس سینکڑوں افراد کو اپنا نشانہ بنا چکا ہے اور اب تک 15 افراد اس کا شکار ہو کر جاں بحق ہوچکے ہیں۔

    صوبے بھر کے مختلف اسپتالوں میں ڈینگی سے متاثرہ 400 سے زائد افراد زیر علاج ہیں۔

    مزید پڑھیں: ڈینگی کی علامات سے باخبر رہیں

    ڈینگی رسپانس یونٹ کے مطابق 1500 سے زائد افراد کے ڈینگی وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں 300 کے قریب میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔

    خیبر پختونخواہ کے شہر ایبٹ آباد میں ایوب ٹیچنگ اسپتال میں زیر علاج 2 افراد اس وائرس کے باعث ہلاک ہوئے جبکہ صوبائی دارالحکومت پشاور کا علاقہ تہکال سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔

    ڈینگی کے دیگر مریض ایبٹ آباد، صوابی اور مردان سے آرہے ہیں۔

    ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پشاور میں گھر گھر اسپرے کی مہم شروع کردی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں: مچھروں سے بچنے کے طریقے

    اس سے قبل پنجاب کی صوبائی حکومت نے ڈینگی سے نمٹنے کے لیے محکمہ صحت کی ٹیمیں بھی خیبر پختونخواہ روانہ کی تھیں جنہوں نے مختلف مقامات پر میڈیکل کیمپس لگا رکھے ہیں۔


    ڈینگی کے علاج کے لیے آنے والا ڈاکٹر بھی ڈینگی کا شکار

    دوسری جانب میانوالی سے پشاور آنے والے ایک ڈاکٹر، ڈاکٹر عابد خود بھی اس وائرس کا شکار ہوگئے۔ ڈاکٹر عابد کو پشاور کے علاقے تہکال میں تعینات کیا گیا تھا جہاں وہ خود بھی ڈینگی وائرس کا شکار ہوگئے جس کے بعد انہیں واپس میانوالی بھجوا دیا گیا۔

    تاہم ان کے ساتھ کام کرنے والے دیگر ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عابد ڈینگی نہیں ملیریا کا شکار ہوئے ہیں۔

    ڈینگی کے خطرناک پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ضلعی و صوبائی انتظامیہ کی بھرپور کوششیں جاری ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • عید کی تعطیلات کے بعد کام میں دل نہیں لگ رہا؟

    عید کی تعطیلات کے بعد کام میں دل نہیں لگ رہا؟

    عید کی تعطیلات کے بعد بہت سے لوگ سست ہوگئے ہیں۔ انہیں اپنے کام دوبارہ سے شروع کرنے میں دشواری پیش آرہی ہے۔

    اگر آپ بھی ایسے ہی افراد میں شامل ہیں جنہیں عید کے بعد 8 گھنٹے کی نوکری دشوار معلوم ہورہی ہے تو آپ کے لیے اپنے جسم کو کام کی طرف مائل کرنے کی کچھ تجاویز دی جارہی ہیں۔


    اپنے مقاصد کو یاد کریں

    زندگی میں طے کیے ہوئے مقاصد کو پھر سے دہرائیں۔ ان کے نتائج اور ان سے ملنے والے فائدوں کو یاد کریں۔

    ان احباب کا رویہ یاد کریں جو آپ کو صرف آپ کے اچھے وقت میں یاد رکھتے ہیں اور برے وقت میں بھول جاتے ہیں۔

    یہ سوچیں آپ کو پھر سے کام کرنے اور کامیاب ہونے کی طرف متوجہ کریں گی۔


    نیند پوری کریں

    نیند پوری کرنا چاق و چوبند رہنے کے لیے بہت ضروری ہے۔

    اگر آپ کی نیند پوری نہیں ہوگی تو آپ بڑے سے بڑے فائدے میں بھی کوئی دلچسپی نہیں دکھا سکیں گے۔ کتنا ہی دلچسپ کام کیوں نہ ہو آپ اسے نہیں کرسکیں گے۔

    یہ زیادہ ضروری اس لیے بھی ہے کیونکہ عید کی چھٹیوں میں آپ بہت گھومے پھرے ہوں گے اور اب تھکن کا شکار ہوں گے۔ اپنے مقررہ وقت سے جلدی سوئیں تاکہ آپ کی نیند پوری ہوسکے۔


    غذا پر دھیان دیں

    اپنے آپ کو جگانے کے لیے اضافی چائے کافی کا استعمال مت کریں۔ یہ آپ کو مزید تھکا دے گا۔ بھرپور ناشتہ کریں اور اتنی ہی چائے کافی استعمال کریں جتنی آپ رمضان سے قبل استعمال کرتے تھے۔

    اور ہاں عید کے موقع پر مرغن غذائیں کھانے کے بعد اب وقت ہے کہ آپ ہلکی پھلکی اور سادہ غذائیں کھائیں اور پانی، سلاد اور پھلوں کا استعمال بڑھا دیں۔

    مزید پڑھیں: عید کے دنوں میں پیٹ اور معدے کی تکلیف سے بچیں


    ورزش کریں

    ہلکی پھلکی ورزش آپ کے تھکے ہوئے جسم کو چاق و چوبند کر سکتی ہے۔ 15 منٹ کی چہل قدمی اس سلسلے میں نہایت مددگار ثابت ہوگی۔


    پانی پئیں

    پانی آپ کی کھوئی ہوئی توانائی کو بحال کرتا ہے۔ اکثر اوقات دن کے کسی وقت میں آپ تھکان محسوس کریں تو یہ ڈی ہائیڈریشن کی نشانی ہے۔ اس صورت میں ایک گلاس پانی بہترین دوا ثابت ہوسکتا ہے۔

    تو ان تجاویز پر عمل کریں اور پھر سے دنیا فتح کرنے کے لیے تیار ہوجائیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔