Category: پاکستان

پاکستان اردو نیوز

ملک پاکستان میں اے آر وائی نیوز کی جانب سے آنے والی تازہ ترین خبریں

Pakistan Urdu News- Daily Pak Urdu News

  • امیر بالاج ٹیپو کے قتل کی منصوبہ بندی کس نے کی؟ جے آئی ٹی  رپورٹ میں اہم انکشاف

    امیر بالاج ٹیپو کے قتل کی منصوبہ بندی کس نے کی؟ جے آئی ٹی رپورٹ میں اہم انکشاف

    لاہور : امیر بالاج ٹیپو قتل کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کی رپورٹ میں قتل کی منصوبہ بندی سے متعلق اہم انکشافات سامنے آئے۔

    تفصیلات کے مطابق امیر بالاج ٹیپو قتل کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے گوگی بٹ کو قصور وار قرار دے دیا ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گوگی بٹ نے امیر بالاج کے قتل کی منصوبہ بندی کی اور اس سلسلے میں مرکزی ملزم طیفی بٹ کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گوگی بٹ ماضی میں بھی ٹیپو خاندان کے قتل کیسز میں نامزد رہا ہے، جبکہ امیر بالاج کے قتل کے بعد وہ موقع سے فرار ہوگیا تھا۔

    جے آئی ٹی نے مزید انکشاف کیا ہے کہ کیس کی اگلی پیشی پر گوگی بٹ کی ضمانت منسوخ کرنے کی استدعا عدالت میں کی جائے گی۔

    دوسری جانب، قتل کیس میں مرکزی ملزم طیفی بٹ تاحال اشتہاری قرار دیا گیا ہے۔

    یاد رہے امیر بالاج ٹیپو ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں سابق ڈی ایس پی اکبر اقبال کے بیٹے کی شادی کی تقریب میں شریک تھا، شادی کی تقریب کے دوران وہاں موجود ایک حملہ آور نے فائرنگ کردی جس سے امیر بالاج ٹیپو سمیت تین افراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا تھا۔

    بعد ازاں قتل کیس میں اس کا دوست احسن شاہ ملوث نکلا تھا، پولیس نے احسن سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا۔

  • پنجاب میں ملازمتوں کے مواقع، تنخواہ 50 ہزار سے 3.5 لاکھ روپے تک

    پنجاب میں ملازمتوں کے مواقع، تنخواہ 50 ہزار سے 3.5 لاکھ روپے تک

    لاہور (2 ستمبر 2025): پنجاب حکومت نے ہائر ایجوکیشن کمیشن میں نئی ملازمتوں کا اعلان کر دیا، درخواست جمع کروانے کی آخری تاریخ 25 ستمبر ہے۔

    وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن میں ملازمتوں کا اعلان کیا۔ انہوں نے لکھا کہ درخواست جمع کروائیں اور محکمے کا حصہ بنیں۔

    رانا سکندر حیات نے بتایا کہ درخواست جمع کروانے کی آخری تاریخ 25 ستمبر 2025 ہے۔ انہوں نے درخواست دہندگان کی آسانی کیلیے لنک بھی شیئر کیا۔

    درخواست دہندگان کی عمریں 40 سے 65 سال کے درمیان ہونی چاہئیں جبکہ ماہانہ تنخواہ 50 ہزار سے ساڑھے تین لاکھ روپے کے درمیان ہے۔

    درخواست دینے کا طریقہ

    • دلچسپی رکھنے والے امیدوار 25 ستمبر 2025 تک آن لائن درخواست فارم جمع کرائیں
    • آن لائن درخواست فارم کی صحیح دستخط شدہ ہارڈ کاپی سی وی، قومی شناختی کارڈ کی کاپی، تعلیمی و پیشہ ورانہ سرٹیفکیٹس کی کاپی اور حالیہ رنگین تصاویر کے ساتھ 26 ستمبر 2025 شام 5 بجے تک رجسٹرڈ کورئیر یا پوسٹ کے ذریعے دیے گئے پتے پر جمع کروائیں
    • درست بینک ڈرافٹ یا پے آرڈر یا ڈپازٹ سلپ موصول ہونے کے بعد ہی درخواست پر غور کیا جائے گا
    • ڈائرکٹر جنرل اور ڈائریکٹر کے عہدے کیلیے 2000 روپے، ڈپٹی ڈائریکٹر کیلیے 1500 روپے، پرسنل اسٹاف آفیسر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر، اکاؤنٹنٹ، نیٹ ورک اسسٹنٹ اور ریسرچ اسسٹنٹ کی پوسٹ کیلیے 1000 روپے ہیں
    • بینک آف پنجاب اکاؤنٹ نمبر 6580045615700054 برانچ کوڈ 0320
    • درخواست دہندگان کو ہر پوسٹ کیلیے علیحدہ علیحدہ درخواست دینی ہوگی جس میں پوسٹ کا نام لفافے پر واضح طور پر درج ہے
    • پہلے سے سروس میں موجود افراد کو چاہیے کہ وہ اپنی درخواستیں مناسب چینل (یعنی ڈپارٹمنٹ این او سی) کے ذریعے جمع کرائیں
    • امیدواروں کا پنجاب ڈومیسائل ہونا ضروری ہے
    • صرف مختصر فہرست والے امیدواروں کو ٹیسٹ یا انٹرویو کیلیے بلایا جائے گا
  • بانی پی ٹی آئی کی نئی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی

    بانی پی ٹی آئی کی نئی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی

    راولپنڈی : میڈیکل بورڈ نے بانی پی ٹی آئی کی صحت کو درست قرار دے دیا اور کان اور دانتوں کے لئے”سپورٹیومینجمنٹ” تجویز کردی۔

    تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی نئی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی ، جس میں میڈیکل بورڈ نے بانی پی ٹی آئی کی صحت کو درست قرار دے دیا

    رپورٹ میں کہا گیا کہ کان اور دانت حساس ہونے پر”سپورٹیومینجمنٹ” تجویز کی جا رہی ہے، جنوری 2024 سے عمران خان کے کان کو اسپیشلسٹ چیک کر رہے ہیں۔

    رپورٹ میں کہنا تھا کہ پمز میڈیکل بورڈ نے پہلی بار کان اور دانتوں کے لئے سپورٹیو مینجمنٹ تجویز کی۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ اکتوبر 2024 سے اگست 2025 تک پمز میڈیکل بورڈ بانی کا چیک اپ کر رہا ہے، ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل نے جولائی2024 میں جیل کا آخری وزٹ کیا۔

    عمران خان کے جیل میں اب تک 15 سے زائد مختلف ڈاکٹرز چیک اپ کر چکے ہیں، پمزمیڈیکل بورڈ نے گزشتہ دنوں بانی پی ٹی آئی کا اڈیالہ جیل میں میڈیکل چیک اپ کیا تھا۔

    پی ٹی آئی سے متعلق خبریں

  • بونیر میں طوفانی بارشیں، آسمانی بجلی گرنے سے بچہ جاں بحق، چار افراد زخمی

    بونیر میں طوفانی بارشیں، آسمانی بجلی گرنے سے بچہ جاں بحق، چار افراد زخمی

    بونیر: خیبر پختونخوا کے ضلع بونیر میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک بچہ جاں بحق اور چار افراد زخمی ہوگئے تاہم زخمیوں کواسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع بونیر میں شدید بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ نے تباہی مچا دی۔ گیرو بگڑا میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک بچہ جاں بحق جبکہ چار افراد زخمی ہوگئے، جنہیں ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈگر منتقل کر دیا گیا ہے۔

    پولیس نے بتایا کہ گزشتہ رات ہونے والی طوفانی بارش کے باعث پیربابا میں سیلابی ریلے گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگئے، جبکہ قادر نگر اور ٹانثابٹئی سمیت متعدد علاقوں میں پانی کا تیز بہاؤ جاری ہے، پیربابا بازار اور ملحقہ علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔

    ضلعی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ غازی خانہ اور سلطان وس کے مقام سے گزرنے والے ریلے کے بعد سڑک ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے، تاہم چغرزی بامے روڈ پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث آمدورفت متاثر ہوئی۔

    ڈپٹی کمشنر کاشف قیوم نے بتایا کہ ضلع بھر میں مسلسل بارشوں کے بعد ہائی الرٹ جاری ہے، پیربابا کھوڑ میں پانی کی سطح بلند ہو کر مرکزی بازار کے عقب اور سڑک تک پہنچ گئی ہے جبکہ مساجد اور لاؤڈ اسپیکرز کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کے اعلانات جاری ہیں۔

    انتظامیہ کے مطابق ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، پولیس اور دیگر ادارے فیلڈ میں متحرک ہیں جبکہ سرکاری رہائش گاہوں کو ہنگامی پناہ گاہوں میں تبدیل کر دیا گیا ہے، عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

  • گندم کی 30 ہزار بوریاں چوری کا اسکینڈل : اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر   کی ضمانت مسترد

    گندم کی 30 ہزار بوریاں چوری کا اسکینڈل : اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر کی ضمانت مسترد

    اسلام آباد : خیبر پختونخوا میں گندم کی 30 ہزار بوریاں چوری کے اسکینڈل میں گرفتار اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر خالد خان کی ضمانت مسترد کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے خیبر پختونخوا میں گندم کی 30 ہزار بوریاں چوری ہونے کے اسکینڈل میں گرفتار اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر خالد خان کی ضمانت مسترد کر دی۔

    ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ ملزمان پر قومی خزانے کو 19 کروڑ 77 لاکھ 52 ہزار روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے اور شریک دیگر ملزمان کی ضمانت بھی اس سے قبل مسترد کی جا چکی ہے۔

    عدالت کو بتایا گیا کہ کیس کا چالان جمع کرایا جا چکا ہے اور معاملہ اس وقت اینٹی کرپشن نوشہرہ میں زیرِ سماعت ہے۔

    سپریم کورٹ میں جسٹس حسن اظہر رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی اور ضمانت مسترد کرنے کا حکم سنایا۔

  • پاکستان تحریک انصاف  کا قومی اسمبلی اجلاس سے بائیکاٹ

    پاکستان تحریک انصاف کا قومی اسمبلی اجلاس سے بائیکاٹ

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی اجلاس سے بائیکاٹ کردیا اور قائمہ کمیٹیوں سے بھی علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران سیلابی صورتحال پر بحث کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ ارکان نے ایوان سے واک آؤٹ کر دیا۔

    اسد قیصر نے واک آؤٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں وہ پنجاب کے عوام کے ساتھ ہیں لیکن انہیں ایوان میں آئینی اور قانونی حقوق حاصل نہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اسی ناانصافی کے باعث ہم نے نہ صرف اجلاس کا بائیکاٹ کیا ہے بلکہ ہم نے قائمہ کمیٹیوں سےبھی علیحدگی اختیار کرلی ہے۔

    اسپیکر ایاز صادق نے واک آؤٹ کرنے والے ارکان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب پر بحث جاری تھی، جن ارکان کے علاقے ڈوبے ہوئے ہیں انہیں اس میں بات کرنی چاہیے تھی۔

    انہوں نے اقبال آفریدی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا اپنا علاقہ زیرِ آب ہے، آپ اس پر اظہارِ خیال کریں۔

    اسپیکر نے افسوس کا اظہار کیا کہ واک آؤٹ کرنے والے ارکان کم از کم سیلابی صورتحال پر بحث میں تو شریک ہو سکتے تھے۔

    قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسلم گھمن نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کالا باغ ڈیم کی تعمیر کا مطالبہ کیا ہے، ان کا حلقہ سیلاب سے متاثر ہوا لیکن کوئی حکومتی رکن وہاں نہیں پہنچا۔

    جس پر انتظار حیدری نے کہا کہ ملک کو بانی پی ٹی آئی جیسے ایماندار قیادت کی ضرورت ہے۔

    یاد رہے سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور شبلی فراز کو مئی 9 واقعات سے متعلق مقدمات میں سزا کے بعد نااہل قرار دیا جا چکا ہے، جس سے پی ٹی آئی کو قانونی مشکلات کا مزید سامنا ہے۔

    دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل (ایس آئی سی) ارکان کے قائمہ کمیٹیوں سے استعفوں پر افسوس کا اظہار کیا تھا اور ایوان کی بزنس ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ یہ ارکان قائمہ کمیٹیوں کا حصہ رہیں تاکہ پارلیمانی عمل کو بہتر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔

  • پنجاب میں کتنے قیدی ایڈز میں مبتلا ہیں؟ حیران کن اعداد و شمار جاری

    پنجاب میں کتنے قیدی ایڈز میں مبتلا ہیں؟ حیران کن اعداد و شمار جاری

    لاہور (2 ستمبر 2025): پنجاب کی جیلوں میں قید قیدیوں کے ایڈز میں مبتلا ہونے کے حیران کن اعداد و شمار سامنے آگئے۔

    محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق صوبے کی جیلوں میں ایڈز میں مبتلا 673 قیدی موجود ہیں، سب سے زیادہ 143 ایڈز کے مریض سنٹرل جیل راولپنڈی میں موجود ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: قیدیوں کے اہل خانہ کی آسانی کیلیے زبردست سہولت کا آغاز

    ترجمان محکمہ داخلہ نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ جیل لاہور میں ایڈز کے مرض میں مبتلا 83 قیدی موجود ہیں، جیلوں میں قیام کے دوران کسی قیدی کو ایڈز نہیں ہوا، مریضوں کی اکثریت منشیات کے مقدمات میں جیل آئی۔

    انہوں نے بتایا کہ اسکریننگ کی بدولت بہت سے مریضوں کو مرض کا علم ہوا، جیل داخلے کے وقت اسکریننگ سے مرض کی تشخیص ہوئی۔

    ترجمان کے مطابق پنجاب کی جیلوں میں ایڈز کے تمام 673 مریضوں کا علاج جاری ہے، مریضوں کو الگ مختص کردہ بیرکس میں رکھا جاتا ہے۔

  • بھارت سے آنے والا نیا سیلابی ریلہ :  اگلے 24 سے 48 گھنٹے بہت اہم قرار

    بھارت سے آنے والا نیا سیلابی ریلہ : اگلے 24 سے 48 گھنٹے بہت اہم قرار

    لاہور : ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے اگلے 24 سے 48 گھنٹے ہمارے لئے بہت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج شام تک ہیڈ محمد والا پر سیلاب آنے کا خدشہ ہے، اگر ہیڈ محمد والا کو بریچ کرنا پڑا تو 16 موضع جات متاثر ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا کی طرف سے آنیوالے پانی کے ریلے کی اطلاع دی گئی ہے، ستلج میں مزید پانی چھوڑا گیا ہے،پانی کا فلو مسلسل بڑھ رہا ہے اور بارشوں کے باعث ریسکیو کام متاثر ہوا ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ پنجاب کے مختلف ہیڈ ورکس پر پانی کی سطح تیزی سے بلند ہو رہی ہے اور کئی مقامات پر اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔

    ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ بلوکی ہیڈ ورکس پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 30 ہزار کیوسک ہے جبکہ دریائے چناب میں بڑا سیلابی ریلا جنوبی پنجاب کی طرف بڑھ رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہیڈ محمد والا کو ہر طرح کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے اور شام تک اس مقام پر سیلاب آنے کا خدشہ ہے، اگر ہیڈ محمد والا کو بریک کرنا پڑا تو 16 موضع جات زیرِ آب آ سکتے ہیں جبکہ 7 سے 10 ہزار کے قریب گھر متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔

    ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ دریائے ستلج کا پانی پنجند کے مقام پر آ کر جمع ہوگا جہاں یہ باقی دریاؤں کے پانی سے ملے گا، پانی پہلے ہی بہاولنگر اور بہاولپور کے اضلاع میں داخل ہو چکا ہے، انڈیا سے آنے والا تمام پانی اس وقت پاکستان میں داخل ہو رہا ہے۔

    ڈی جی نے بتایا کہ گزشتہ روز بھی تربیلا ڈیم کے اسپل ویز دوسرے حصے میں کھولے گئے تھے اور آنے والے 24 سے 48 گھنٹے صورتحال کے لحاظ سے نہایت اہم ہیں، پانی کے بہاؤ کو لمحہ بہ لمحہ مانیٹر کیا جا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب، افواجِ پاکستان اور تمام ادارے صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں اور کسی بھی خطرناک صورتحال میں عوام کی جان و مال کی حفاظت کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے گا۔

    ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے تمام اضلاع میں 395 ریلیف کیمپس قائم کیے جا چکے ہیں تاکہ متاثرہ عوام کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

  • سعید غنی کے بھائی فرحان غنی کو عمرہ ادائیگی کی اجازت مل گئی

    سعید غنی کے بھائی فرحان غنی کو عمرہ ادائیگی کی اجازت مل گئی

    کراچی : انسداد دہشت گردی عدالت نے تشدد اور دھمکانے کے کیس میں صوبائی وزیر سعید غنی کے بھائی  ٹاؤن چیئرمین فرحان غنی کو عمرہ ادائیگی کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی انسداد دہشت گردی منتظم عدالت میں ٹاؤن چیئرمین فرحان غنی اور دیگر کے خلاف تشدد اور دھمکانے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران تفتیشی افسر محمد وسیم، ملزم فرحان غنی اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔

    عدالت نے ریمارکس دیے کہ اے ٹی اے کی دفعہ حذف کرنے کی درخواست دی گئی ہے تو پھر یہ دفعہ لگائی ہی کیوں گئی؟ عدالت نے کہا کہ دفعہ انسداد دہشت گردی کی بجائے سیدھا مجسٹریٹ کے پاس بھیجی جانی چاہیے تھی۔

    جس پر وکیل صفائی نے عدالت سے استدعا کی کہ مجسٹریٹ کو آرڈر کیا جائے تاکہ وہ معاملے کو دیکھ سکے۔

    سماعت کے دوران وکیل صفائی نے مؤقف اپنایا کہ ان کے موکل کو عمرہ کی ادائیگی کے لیے جانا ہے، اس لیے انہیں اجازت دی جائے، عدالت نے فرحان غنی سے پوچھا کہ وہ کب جا رہے ہیں اور کب واپس آئیں گے، جس پر ملزم نے بتایا کہ وہ کل صبح روانہ ہوں گے اور 19 ستمبر کو وطن واپس آ جائیں گے۔

    عدالت نے اس پر ریمارکس دیے کہ آئندہ سماعت 20 ستمبر کو رکھی جاتی ہے، تاہم ملزم کی درخواست پر سماعت پیر 22 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔

    عدالت نے وکیل صفائی کی آئندہ سماعت پر ملزم کو حاضری سے استثنیٰ دینے کی زبانی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پولیس رپورٹس پر قانون کے مطابق فیصلہ آئندہ سماعت پر سنایا جائے گا۔

  • وزیر اعظم  کی چینی صدر شی جن پنگ کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف

    وزیر اعظم کی چینی صدر شی جن پنگ کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف

    بیجنگ : وزیر اعظم شہباز شریف نے چین کے صدر شی جن پنگ کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور کہا آپ نے دنیا بھر کے آٹھ سو ملین افراد کو غربت سے نکلنے میں رہنمائی کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بیجنگ میں چین کے صدر شی جن پنگ سے اعلیٰ سطح کی ملاقات کی، ملاقات میں ملاقات میں آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرا احسن اقبال،عطا تارڑ، محسن نقوی بھی شریک تھے۔

    ملاقات میں خطے کی صورتحال اور دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعظم شہباز شریف نے چین کے صدر شی جن پنگ کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور کہا آپ نے دنیا بھر کے آٹھ سو ملین افراد کو غربت سے نکلنے میں رہنمائی کی۔

    وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ کو "طاقت اور استحکام کی علامت” قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو جیسے منصوبے دونوں ممالک کے درمیان ترقی اور تعاون کی مشترکہ مثال ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ ہم چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کریں گے۔۔ پاکستان کے بیس کروڑ سے زائد عوام چین کی دوستی کو اپنے دل کے قریب سمجھتے ہیں۔

    خیال رہے وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورۂ چین کے دوران روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور تاجک صدر امام علی رحمان سے بھی ملاقات کریں گے۔

    اس کے علاوہ وہ فاشزم کے خلاف جدوجہد کی 80ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت اور پاک-چین بزنس ٹو بزنس کانفرنس سے خطاب بھی کریں گے تاکہ سرمایہ کاری اور دوطرفہ تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔

    یاد رہے گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے تیانجن، چین میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس سے خطاب کیا تھا۔

    وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ ایس سی او کے لیے تیانجن میں موجود ہونا میرے لیے باعثِ مسرت ہے۔ میں چینی صدر شی جن پنگ کا ان کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے ازبکستان اور کرغزستان کو ان کے قومی دن پر مبارکباد بھی پیش کی۔