Category: پاکستان

پاکستان اردو نیوز

ملک پاکستان میں اے آر وائی نیوز کی جانب سے آنے والی تازہ ترین خبریں

Pakistan Urdu News- Daily Pak Urdu News

  • جنرل اسمبلی میں وزیراعظم نے قوم کی ترجمانی کی،پرویز رشید

    جنرل اسمبلی میں وزیراعظم نے قوم کی ترجمانی کی،پرویز رشید

    لاہور : وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ اگر ملک کو ترقی دینا اگر جرم ہے تو یہ جرم بار بار کرتے رہیں گے،جنرل اسمبلی میں وزیراعظم نے قوم کی ترجمانی کی۔

    وفاقی وزیر پرویز رشید لاہور میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اُن کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان کی جنرل اسمبلی میں کی گئی تقریر پاکستانی اور کشمیری عوام کی ترجمانی کرتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو ایک آمر نے ترجیحات سے ہٹایا جس کے باعث مسئلہ کشمیر کب کا دب چکا تھا لیکن ایک عوامی رہنما نواز شریف نے آکر اسے دوبارہ سے اُٹھادیا۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیر اعظم پاکستان نے قوم کی ترجمانی کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو دنیا کے سامنے اُجاگر کیا۔

    پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے رائے ونڈ مارچ کرنے پر پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جو درد ملک کی تعمیر اور ترقی کرنے والی قیادت ہو تا ہے وہ درد ’’بلاّ‘‘ اُٹھانے والوں کو نہیں ہو سکتا ہے اس لیے ہم اپنا کام یعنی ملک کی ترقی کا عمل جاری رکھیں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف اصل لیڈر ہیں جنہوں نے ملک بھر میں سڑکوں اور پلوں کا جال بچھا رہا ہے،کراچی میں امن قائم کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کا آغاز بھی نواز شریف نے کیا۔

  • قیام امن کیلئے کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا، وزیراعلیٰ بلوچستان

    قیام امن کیلئے کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا، وزیراعلیٰ بلوچستان

    کوئٹہ :  وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے ، دہشت گردوں سے ڈرنے والے سابقہ حکمرانوں کو شرم آنی چاہیئے،صوبے میں قیام امن کیلئے کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں چیمبرآف کامرس بلوچستان کے جنرل باڈی اجلاس کے موقع پر تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    انہوں نے کہا کہ میں نہ کسی سے ڈرتاہوں اور نہ صوبے کے امن پر سمجھوتہ کروں گا، اپنے بیٹے، بھائی اور بھتیجے کی شہادت کے دن یہ تہیہ کیا تھا کہ بلوچستان کو ہر صورت میں امن دوں گا۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ وہ وقت گیا جب تاجروں سمیت ہر طبقہ کے لوگ خوف اور دہشت کے ماحول میں زندگی بسرکرتے تھے۔

    بلوچستان میں ماضی قریب کی نسبت امن وامان کی صورتحال کافی بہتر ہوئی ہے، انہوں نے تاجروں کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کوئٹہ میں ایکسپو سینٹر کے لئے اراضی فراہم کرنے کا اعلان کیا۔

    انہوں نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ سی پیک کی کامیابی کے لئے دن رات ایک کرکے کام کریں ،انہوں نے بھارتی جارحیت اور دھمکیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کسی خوش فہمی میں نہ رہے اس نے کسی جارحیت کی کوشش کی کہ تو اسے منہ کی کھانی پڑیگی۔

     

  • بھارت کو جواب دینے کیلئے قوم کو اٹھنا ہوگا،فضل الرحمٰن

    بھارت کو جواب دینے کیلئے قوم کو اٹھنا ہوگا،فضل الرحمٰن

     

    چارسدہ : جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ پوری قوم بھارتی جارحیت کے خلاف متحد ہے  تاہم پوری قوم کو بھارتی جارحیت کے خلاف متحد ہو کر اٹھنا ہوگا۔

    چارسدہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ بھارت کو جواب دینے کے لیے قوم کو ایک نئے عزم اور ولولے کے ساتھ اٹھنا ہوگا اور بھارت پر واضح کردینا ہو گا کہ پوری پاکستانی قوم متحد ہے۔

    مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ بھارت خطے میں کشیدگی پیدا کر تا ہے اور بھر خود کو مظلوم ثابت کرنے کی کوشش بھی کرتا ہے جب کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی تاریخ کے بدترین مظالم ڈھاتا ہے اور نہتے کشمیریوں کو پیلیٹ گن سے شکار کرتا ہے۔

    انہوں نے علما کے کردار کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قوم کی رہنمائی کےلیے تمام علما کو متحد ہونا ہوگا،اسلام کی پہلی ترجیح انسان کی آزادی ہے اور ہم نے پہلے بھی غلامی کاانکار کیا تھااور اب بھی غلامی کا انکار کریں گے۔

    سربراہ جمعیت علمائے پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ آزادی انسان کا پیدائشی حق ہے لیکن امریکا نے افغانستان میں آگ برسائی اور ملک تباہ کردیا جس کے بعد عراق میں غلط اطلاع پر داخل ہوکر تباہی مچائی اور شام میں اپنے منفی کردار سے دنیا کو نہ ختم ہونے والی جنگ کی جانب دھکیل دیا  جس سے دہشت گردی کے سوا کچھ اور برآمد نہیں ہو سکا۔

  • بختاور اور آصفہ بھٹو کی لیاری آمد،پرتپاک استقبال

    بختاور اور آصفہ بھٹو کی لیاری آمد،پرتپاک استقبال

    کراچی : پاکستان پیپلز پارٹی کی شہید چیرمین بے نظیر بھٹو زرداری کی صاحبزادیاں بختاور بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری نے لیاری کا دورہ کیا،عوام نے پرتپاک استقبال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی شہید سربراہ بے نظیر بھٹو کی دونوں صاحبزادیاں بختاور بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری نے بغیر پروٹوکول کے لیاری کا دورہ کیا،وہ عوام میں گُھل مل گئیں اور پیدل ہی عوام کے ہمراہ لیاری کے گلی کوچوں کا دورہ کیا۔

    رکن صوبائی اسمبلی جاوید ناگوری اور نادیہ گبول کے ساتھ عوام کی بڑی تعداد نے لیاری کے روایتی رقص ،موسیقی اور پارٹی نغموں کی دھنوں میں بختاور بھٹو اور آصفہ بھٹو پر گُل پاشی کرتے ہوئے شاندار استقبال کیا۔

    ppp-post

    اس موقع پر لیاری کی خواتین کا جذبہ دیدنی تھا انہوں نے دونوں بہنوں کو گلے لگایا ماتھے چومے اور دعائیں دیں،عوام کا کہنا تھا کہ دونوں صاحبزادیوں کی آمد نے شہید ذوالفقار بھٹو اور بے نظیر بھٹو کی یاد تازہ کردی۔

    اس موقع پر لیاری کے عوام نے آصفہ بھٹو اور بختاور بھٹو کو لیاری کے مسائل سے آگاہ کیا اور بلدیاتی محکموں،کے الیکٹرک،پولیس سمیت دیگر صحت کی ناکافی سہولیات سے متعلق تحریری شکایات پیش کیں۔

  • بھارتی جارحیت : ڈی جی ایم او کی مختلف ممالک کے سفیروں کو بریفنگ

    بھارتی جارحیت : ڈی جی ایم او کی مختلف ممالک کے سفیروں کو بریفنگ

    اسلام آباد : پاکستان نے بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں کا معاملہ اقوام متحدہ کے مستقل اراکین کے سامنے اٹھا دیا، دفترخارجہ میں ڈی جی ایم او نے سلامتی کونسل کے مستقل ارکان ممالک کے سفیروں کو بریفنگ دی۔

    تفصیلات کے مطابق دفترخارجہ میں ڈائرکٹر جنرل مکلٹری آپریشن نے مختلف ممالک کے سفیروں کو اب تک بھارت کی جانب سے کی جانے والی ریاستی دہشت گردی اور پاک بھارت سرحدی خلاف ورزیوں کے بارے میں آگاہ کیا، اور پاک فوج کی جوابی کاروائیوں سے متعلق بھی تفصیلی بریفنگ دی۔

    سیکریٹری خارجہ اور ڈی جی ایم او کی جانب سے سلامتی کونسل کے مستقل ارکان ممالک کے سفیروں کو بریفنگ کے موقع پرامریکا ،چین، روس، برطانیہ اور فرانس کے سفیر موجود تھے۔

    ڈی جی ملٹری آپریشن نے اپنی بریفنگ میں بھارت کے سرجیکل اسٹرائیک کے بھونڈے دعوے کو مسترد کردیا، بریفنگ میں بتایا گیا کہ 28 اور 29 ستمبر کی درمیانی شب بھارتی افواج نے ایل او سی کے مختلف پوائنٹس پر بلااشتعال فائرنگ کی،

    ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی فائرنگ کے نتیجے میں دو پاکستانی فوجی جوان شہید ہوئے، بعد ازاں پاکستانی افواج نے بھرپور جوابی کارروائی کی

    غیر ملکی سفیروں کو خاردار تاروں، بارڈر فورس، بنکرز اور دیگر رکاوٹوں سے بھی آگاہ کیا گیا، ترجمان سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے سفیروں کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بھی بریفنگ دی،

    ڈی جی ایم او نے بریفنگ میں بتایا کہ بھارت مسلسل ایل او سی پرسیز فائر کی خلاف ورزی کر رہا ہے، انہوں نے بتایا کہ سرجیکل اسٹرائیک کا بھارتی دعویٰٰ جھوٹ کا پلندہ ہے۔

    بھارت نے فائرنگ میں پہل کی جس کا پاکستان نے بھرپور جواب دیا، بریفنگ کے دوران سیکریٹری خارجہ اعزازچوہدری نے بتایا کہ بھارت کشمیر اورپاکستان میں ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے۔

    عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم بند کرائے، اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ سیزفائر کی خلاف ورزیوں پرشدید تحفظات ہیں۔

    بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی کر رہا ہے، انہوں نے بتایا کہ بھارت اس طرح کی کارروائیاں کر کے مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم اور جبر سے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔

    ترجمان نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی غیر سنجیدگی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا، ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان خود دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار ہے، انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کے مستقل ممالک خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

     

  • پاک فضائیہ جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گی، ایئرچیف

    پاک فضائیہ جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گی، ایئرچیف

    اسلام آباد : ایئر چیف سہیل امان نے کہا ہے کہ مشرقی اور مغربی سرحد پر کڑی نظر رکھی ہوئی ہے کسی بھی قسم کی جارحیت کا جواب دینے کی اہلیت رکھتے ہیں۔


    ایئر چیف سہیل امان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاک سرزمین کی حفاظت کے لیے تیار ہیں پاک وطن کے ایک ایک انچ کی حفاظت کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ مشرقی اورمغربی سرحدوں کی کڑی نگرانی کر رہے ہیں وہاں حالات نہایت حساس ہیں تا ہم پاک فضائیہ کسی بھی جارحیت کامنہ توڑجواب دینےکے لیے مستعد ہے۔

    سہیل امان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ اور بری فوج پاکستانی قوم کی توقعات پر پورا اترے گی اور دشمن کے ہر حملے کو ناکام بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

    پاک فضائیہ کے سربراہ سہیل امان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام غیور اور بہادر ہیں، پاک فضائیہ بلوچستان سے ترجیحی بنیادوں پر لوگوں کو بھرتی کرتی ہے،محب وطن بلوچ قوم جواں مردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک و قوم کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتی آئی ہے۔

  • ملزمان کا پولیس پر حملہ، گرفتار ساتھی کو چھڑا لیا، ایک اہلکار جاں بحق

    ملزمان کا پولیس پر حملہ، گرفتار ساتھی کو چھڑا لیا، ایک اہلکار جاں بحق

    کراچی: کورنگی بلوچ کالونی میں مسلح ملزمان پولیس پر حملہ کرکے اپنے گرفتار ساتھی کو چھڑا کر لے گئے، فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا جس کی حالت تشویش ناک ہے، وزیراعلیٰ سندھ اور آئی جی سندھ نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچ کالونی سے کورنگی ندی جانے والے راستے پر مسلح افراد نے پولیس اہلکاروں پر حملہ کردیا اور اپنے گرفتار ساتھی کو چھڑا کر لے گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے رپورٹر سلمان لودھی کے مطابق دواہکار گرفتار ملزم کو عدالت میں پیشی کے بعد واپس لے کر جارہے تھے کہ ملزموں نے دھاوا بولتے ہوئے فائرنگ کردی نتیجے میں ملزمان کی فائرنگ سے دونوں اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ایک اہلکار دوران علاج دم توڑ گیا دوسرے کی حالت تشویش ناک ہے۔

    اطلاعات ہیں کہ ملزم ہیڈ کانسٹیبل کے قتل میں ملوث تھا اور اسے لانے والے اہلکار کورنگی تھانے کے تھے، قتل کے اس اہم ملزم کو صرف دو اہلکار اپنے ہمراہ پرائیوٹ گاڑی واپس لے جارہے تھے اور کوئی پولیس موبائل ملزم کو واپسی لے جانے کے لیے موجود نہیں تھی۔

    پولیس کے مطابق عینی شاہدین سے معلومات حاصل کرکے ملزمان کے خاکے تیار کیے جائیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے رپورٹر ارباب چانڈیو کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ ٹارگٹ کلر کو محض دو اہلکار کیوں لے کر جارہے تھے، دہشت گردوں کو لانے لے جانے میں آسان ہدف کیوں بنایا ہوا ہے اور پولیس ملزموں کو لانے لے جانے میں سخت سیکیورٹی کے اقدامات کیوں نہیں کرہی۔

    جناح اسپتال کی ایگزیکیٹیو ڈائریکٹر سیمی جمالی کا کہنا ہے کہ زخمی پولیس اہلکار دائم کی حالت اب بہتر ہے اُسے سر اور سینے پر گولیاں لگی ہیں،پولیس اہلکار کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے۔

    پولیس چیف مشتاق مہر نے واقعہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ تحقیقات کررہے ہیں کہ انتے خطرناک ملزمان کو کیسے پرائیویٹ وین میں لے جایا جارہا تھا فائرنگ کے مقام سے نائن ایم ایم کے 2 خول ملے ہیں جنہیں فرانزک لیب بھیج دیا گیا ہے۔

    تفتیشی حکام نے کہا ہے کہ ملزموں کے پاس ایس ایم جی تھی اور ملزمان کار میں آئے تھے اور بائیک چھین کر اس پر فرار ہوگئے، ملزمان نے پولیس افسر عبدالوسیع کا پسٹل گاڑی سے چوری کیا تھا۔


    ARY News obtains pictures of Korangi’s gun… by arynews

    دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حکم دیا کہ حملہ کرنے والے اور رہا کروائے گئے ملزمان کو ہر صورت گرفتار کرنے کا حکم دے دیا ہےجس کے بعد آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر کو تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

    واضح رہے کہ ملزم کو ہیڈ کانسٹیبل کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور عدالت میں اس کے خلاف مقدمے کی سماعت جاری ہے۔

  • میجر جنرل سرفرازستار کی ترقی، لیفٹیننٹ جنرل مقرر

    میجر جنرل سرفرازستار کی ترقی، لیفٹیننٹ جنرل مقرر

    اسلام آباد : میجر جنرل سرفرازستار کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دیدی گئی ہے۔

    آئی ایس پی آر کے ترجمان کی جانب سے جاری کیے گئے ایک اعلامیے کے مطابق میجر جنرل سرفراز ستار کو اُن کی اعلیٰ پیشہ ورانہ خدمات ،مہارت اور صلاحیتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے،اعلامیہ کا اطلاق فوری طور پر کیا جائے گا۔

    لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی پانے والے میجر جنرل سرفراز ستار اس وقت بطور جی او سی انفنٹری ڈویژن سیالکوٹ میں اپنے فرائض انجام دے رہے تھے جو اب لیفٹیننٹ جنرل کے فرائض انجام دیں گے۔

    لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستار اس سے قبل بھارت میں ڈیفنس اتاشی بھی رہ چکے ہیں جب کہ بطور ڈی جی ملٹری انٹیلی جینس بھی اپنے فرائض سے بخوبی عہدہ براء ہو چکے ہیں، انہوں نے 1984 میں آرمڈ کورڈ میں کمیشن حاصل کیا۔

     

  • ‘عدنان سمیع نہ گھر کے رہے نہ گھاٹ کے’

    ‘عدنان سمیع نہ گھر کے رہے نہ گھاٹ کے’

    ممبئی: حال ہی میں بھارتی شہریت حاصل کرنے والے پاکستانی گلوکار عدنان سمیع نے متنازعہ ٹویٹ کر کے بھارتیوں کی توجہ اور پاکستانیوں کی توپوں کا رخ اپنی جانب کرلیا۔

    بھارت کی جانب سے سرحدی دراندازی پر جہاں بھارتی اداکاروں نے اسے ’بہادری کا مظاہرہ‘ قرار دیتے ہوئے اپنی فوج کو خراج تحسین پیش کیا وہیں گلوکار عدنان سمیع بھی کسی سے پیچھے نہ رہے۔

    انہوں نے بھی بھارتی وزیر اعظم مودی کو مبارکباد دیتے ہوئے انڈین آرمی کو خراج تحسین پیش کیا تاہم ان کے اس ٹویٹ نے نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی طوفان کھڑا کردیا۔

    عدنان سمیع کے اس ٹویٹ کے بعد سوشل میڈیا پر فوراً ہی پاکستانیوں کی جانب سے انہیں لعن طعن کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ ایک شخص نے ٹویٹ کیا کہ یہی وجہ ہے کہ گوگل نے بھارت کو نمک حرام ملک قرار دیا ہے۔

    اس کے بعد عدنان سمیع نے ایک اور ٹویٹ کر ڈالی۔

    دوسری جانب بھارتیوں نے بھی اس ٹویٹ کے پیچھے چھپے خوشامدانہ اور دوغلے جذبات کو بھانپ لیا اور انہوں نے ٹوئٹر پر عدنان سمیع کا مذاق اڑانا شروع کردیا۔

    ایک شخص نے ان کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا، ’عدنان سمیع نہ گھر کے رہے نہ گھاٹ کے‘۔

    عدنان سمیع کو رواں برس یکم جنوری سے بھارتی شہریت دی گئی جس کے بعد ان کا پاکستانی پاسپورٹ منسوخ کردیا گیا تھا۔ وہ 13 مارچ 2001 میں ایک سال کے وزٹ ویزا پر بھارت پہنچے تھے جس کے بعد وقتاً فوقتاً ان کے ویزے میں توسیع کی جاتی رہی۔

    شیو سینا اور دیگر ہندو انتہا پسند تنظیموں نے عدنان سمیع کو بھارتی شہریت دینے کی مخالفت بھی کی تھی۔

  • کسی بھی جارحیت کامنہ توڑ جواب دیا جائے گا، آرمی چیف

    کسی بھی جارحیت کامنہ توڑ جواب دیا جائے گا، آرمی چیف

    لاہور: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاک فوج لائن آف کنٹرول ،ورکنگ باؤنڈری سمیت بین الاقوامی سرحد پرمکمل طور پرتیار ہے، کسی بھی جارحیت کامنہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے لاہور میں کمبیٹ ری ایکشن ٹریننگ سینٹر کا دورہ کیا اور جونیئرکیمپس آف گریژن اکیڈمی کا افتتاح کیا۔

    دورے کے دوران آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج لائن آف کنٹرول ،ورکنگ باؤنڈری سمیت بین الاقوامی سرحد پرمکمل طور پرتیار ہے،آرمی چیف کسی بھی جارحیت کامنہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

    جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ بدنیتی پر مبنی کسی بھی پروپیگنڈے سے پاکستان کو بدنام نہیں کیا جا سکتا،آرمی چیف آرمی چیف نے جونیئرکیمپس آف گریژن اکیڈمی کا افتتاح کیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل راحیل شریف44سال پہلے مارچ 72-1967اکیڈمی کے طالب علم رہے ہیں، آرمی چیف نے نوتعمیر شدہ اسکول کی پہلی اسمبلی میں بھی شرکت کی۔