Category: پاکستان

پاکستان اردو نیوز

ملک پاکستان میں اے آر وائی نیوز کی جانب سے آنے والی تازہ ترین خبریں

Pakistan Urdu News- Daily Pak Urdu News

  • کراچی میں 27 ہزار والدین کا پولیو ویکسین پلانے سے انکار کا انکشاف

    کراچی میں 27 ہزار والدین کا پولیو ویکسین پلانے سے انکار کا انکشاف

    کراچی : وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے انکشاف کیا ہے کہ کراچی کے ستائیس ہزار والدین نے پولیو ویکیسن پلانے سے انکار کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پولیو مہم کا آغاز وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے سہراب گوٹھ سے بچوں کو قطرے پلا کر کیا، اس موقع پر وزیر صحت نے انکشاف کیا کہ شہر میں ستائیس ہزار والدین نے پولیو ویکسین پلانے سے انکار کر دیا ہے۔

    مصطفیٰ کمال نے والدین کو متنبہ کیا کہ وہ اپنے بچوں کے دشمن نہ بنیں، کیونکہ پولیو کا کوئی علاج نہیں جبکہ کینسر کا علاج موجود ہے۔

    انہوں نے کہا کہ افغانستان میں بھی مسلمان بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا رہے ہیں، لیکن ہمارے ہاں اسے غلط رنگ دے کر بچوں کے مستقبل سے کھیلا جا رہا ہے۔

    وفاقی وزیر صحت نے واضح کیا کہ کسی کو زبردستی پولیو ویکسین نہیں پلائی جائے گی اور نہ ہی پولیس والدین کو مجبور کرنے کے لیے گھروں میں جائے گی، تاہم والدین کو سوچنا ہوگا کہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے بغیر وہ اپنے ہی بچوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

    اس موقع پر افغانی قونصل جنرل عبدالجبار نے بھی والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو معذوری سے بچانے کے لیے پولیو ویکسین لازمی پلائیں۔

    وزیر صحت نے علاقہ عمائدین کو بھی مہم میں شامل کرنے کا اعلان کیا تاکہ والدین کو بہتر انداز میں آگاہی دی جا سکے۔

    این ای او سی کے مطابق ملک بھر میں دو کروڑ اسی لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔

  • آئی ایم ایف کی کرپشن رپورٹ پر پاکستان کیا مؤقف پیش کرنے جا رہا ہے؟

    آئی ایم ایف کی کرپشن رپورٹ پر پاکستان کیا مؤقف پیش کرنے جا رہا ہے؟

    اسلام آباد (02 ستمبر 2025): پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف کی کرپشن اینڈ ڈائیگناسٹک اسسمنٹ رپورٹ کا مفصل جواب جمع کرانے کی تیاریاں جاری ہیں۔

    سرکاری دستاویز کے مطابق آئی ایم ایف کی کرپشن رپورٹ پر پاکستان کا مؤقف ہے کہ ملک میں سرکاری شعبے میں گورننس بہتر ہوئی ہے، اور کرپشن کے خاتمے کے لیے فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کو مزید متحرک کیا گیا ہے۔

    پاکستان کے مؤقف کے مطابق ایف بی آر میں ٹرانسفارمیشن اور فیس لیس کسٹم سے کرپشن میں کمی ہوئی ہے، پولیٹیکلی ایکسپوزڈ پرسن جیسے اقدامات کیے گئے ہیں، اور سول سرونٹس کے اثاثوں کو ڈیکلیئر کرنے کے لیے قانون سازی ہو چکی ہے۔

    پاکستان نے آئی ایم ایف کی کرپشن اینڈ ڈائیگناسٹک اسسمنٹ رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے، اور ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف رپورٹ پر پاکستان اپنا مؤقف پیش کرے گا، جس میں کہا جائے گا کہ آئی ایم ایف گورننس اینڈ کرپشن ڈائگناسٹک مشن کو تمام اقدامات کو پرکھنا چاہیے تھا، ایف بی آر نے آئی ایم ایف اہداف کے مطابق ہی ٹیکس اصلاحات کی ہیں۔

    پاکستان کا مؤقف ہے کہ ٹیکس نظام میں پیچیدگیوں کو دور کرنے کے لیے ٹرانسفارمیشن پلان پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے، اور پارلیمنٹ کی اجازت کے بغیر سپلیمنٹری گرانٹس کے لیے بجٹ ایڈجسٹمنٹ پر پابندی عائد کی گئی ہے، ایف بی آر نے بھی ٹیکس چھوٹ ختم کر دی ہیں، ٹیکس چھوٹ صرف وہی رہ گئی ہیں جو آئی ایم ایف کے ساتھ موجودہ قرض پروگرام میں طے شدہ ہیں۔

  • کالا باغ ڈیم بن گیا تو بھی سیلاب آئیں گے، شیری رحمان

    کالا باغ ڈیم بن گیا تو بھی سیلاب آئیں گے، شیری رحمان

    اسلام آباد (2 ستمبر 2025): رہنما پاکستان پیپلز پارٹی شیری رحمان کا کہنا ہے کہ کسی معجزے کے تحت کالا باغ ڈیم بن گیا تو بھی سیلاب آئیں گے۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں شیری رحمان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے صوبے نے ہمیشہ ڈیم بنانے کی مخالفت کی ہے تاہم اگر وہ کوئی پیشرفت چاہتے ہیں تو ڈیم والی میٹنگ میں آئیں، ان کے صوبے نے کالا باغ ڈیم کو مسترد کیا ہے۔

    شیری رحمان نے بتایا کہ ماحولیاتی تبدیلی آتی ہے تو ڈیم بنانے سے مسئلہ حل نہیں ہوتا، ملک کے تینوں دریا سب کے سامنے ہیں جبکہ کالا باغ کی لوکیشن بھی دیکھ لیں۔

    یہ بھی پڑھیں: کالا باغ ڈیم کے علاوہ دیگر ڈیموں کی تعمیر میں تاخیر کیوں؟

    انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اس وقت سیلاب آیا ہوا ہے، ڈیم پانی کی اسٹوریج اور ہائیڈل کیلیے ہوتے ہیں صرف ڈیم بنانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے، چترال، سوات اور مالاکنڈ کے علاقے گرین ہوتے تھے وہ خالی ہو چکے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ آبی گزر گاہوں کے اطراف کہاں کہاں تجاوزات ہیں کمیٹی میں بات کروں گی، آپ سے بڑے ڈیم بن بھی نہیں سکتے پہلے اسٹڈی کر لیں تربیلا اور منگلا ڈیم کیسے بنے تھے۔

    رہنما پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ سیلاب ضرور آئیں گے کوئی ڈیم نہیں روک سکے گا، سب سے زیادہ گرین کلر کا نقشہ تھا وہ کے پی تھا کچھ حد تک جی بی بھی تھا۔

  • دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید

    دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید

    لکی مروت: بیگوخیل روڈ میلہ شہاب خیل کے قریب دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے 2 پولیس اہلکاروں کو شہید کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق دونوں پولیس اہلکار ڈیوٹی پر جانے کے لئے نکلے تھے کہ دہشت گردوں کی فائرنگ کا نشانہ بن گئے۔ جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بیگوخیل روڈ میلہ شہاب خیل کے قریب دہشت گردوں نے حملہ کیا، شہید اہلکار سمیع اللہ اور اسد خان کے جسد خاکی گورنمنٹ سٹی اسپتال منتقل کردیئے گئے ہیں۔

    دونوں شہید اہلکار گاؤں بیگو خیل سے پولیس لائنز جا رہے تھے، افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں پولیس کی بھاری نفری نے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

    اس سے قبل بنوں میں تھانہ کینٹ کی حدود میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا تھا۔

    کراچی: 10 سے زائد ڈاکوؤں نے فیکٹری لوٹ لی

    پولیس حکام مطابق شہید اہلکار کی شناخت ریاض شاہ کے نام سے ہوئی، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کردی ہے۔

  • بھارت نے دریائے ستلج میں بڑے پیمانے پر پانی چھوڑ دیا، ذرائع آبپاشی

    بھارت نے دریائے ستلج میں بڑے پیمانے پر پانی چھوڑ دیا، ذرائع آبپاشی

    لاہور (2 ستمبر 2025): بھارت نے دریائے ستلج میں بھی بڑے پیمانے پر پانی چھوڑ دیا جو آئندہ 48 گھنٹے میں پاکستان میں داخل ہوگا۔

    ذرائع آبپاشی نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ بھارت نے ستلج میں ڈھائی سے 3 لاکھ کیوسک کے قریب پانی چھوڑا ہے، چھوڑا گیا سیلابی ریلا آئندہ 48 گھنٹے میں پاکستان پہنچے گا۔

    ذرائع نے مزید بتایا کہ بھارت میں پونگ اور باکھڑا ڈیموں سے پانی خارج کیا گیا ہے، گنڈا سنگھ والا پر ستلج میں ایک ماہ سے انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: دریائے ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب

    گزشتہ روز بھارت نے پاکستان کو دریائے ستلج میں دو مقامات پر سیلاب سے متعلق آگاہ کیا تھا جس کے بعد پی ڈی ایم اے نے اضلاع کو الرٹ جاری کیا تھا۔

    بھارتی ہائی کمیشن نے دریائے ستلج میں دو مقامات پر سیلابی صورتحال سے متعلق پاکستان کو آگاہ کیا، ہریک اور فیروزپور سے نیچے ہائی فلڈ کی اطلاع موصول ہونے پر وزارت آبی وسائل نے فوری طور پر چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز کو آگاہ کیا۔

    دوسری جانب پی ڈی ایم اے کی جانب سے کہا گیا کہ دریائے ستلج ہریکے کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس کے باعث ڈاؤن اسٹریم پر اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کر دی گئی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ دریائے ستلج اور اس سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

  • کراچی میں بارش سے متعلق محکمہ موسمیات کا اہم بیان

    کراچی میں بارش سے متعلق محکمہ موسمیات کا اہم بیان

    کراچی: محکمہ موسمیات کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ کراچی میں رواں ہفتے تیز بارش کا کوئی امکان نہیں ہے، شہر کا موسم مرطوب، مطلع ابر آلود ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری ہوائیں بحال ہوچکی ہیں، جبکہ ہوا میں نمی کا موجودہ تناسب 78 فیصد ہے۔

    دن کے اوقات میں درجہ حرارت 33 ڈگری تک جا سکتا ہے، ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے سے گرمی محسوس کی جائے گی، جبکہ کراچی میں رواں ہفتے تیز بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

    سیلاب کا ایک اور الرٹ جاری، شدید طغیانی کا خطرہ، این ڈی ایم اے

    اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے یکم سے 3 ستمبر ممکنہ بارشوں کے باعث متعدد علاقوں کے لیے سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا۔

    این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق مشرقی دریاؤں کے بہاؤ میں شدید اضافے کا خدشہ ہے۔

    دریائے ستلج میں اس وقت 2 لاکھ 53 ہزار کیوسک کا غیر معمولی بہاؤ ہے، مزید 3 لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلہ دریائے ستلج میں متوقع ہے۔

    دریائے راوی جسر کے مقام پر بہاؤ60ہزار کیوسک ہے جو 1.5 لاکھ تک جاسکتا ہے جبکہ نالہ بین، ڈیک اور بسنتَر میں شدید طغیانی کا خدشہ ہے۔

    این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریائے چناب مرالہ پر بہاؤ 94 ہزار کیوسک ہے جس میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

    مقبوضہ کشمیر، جموں و ڈیموں سے اخراج دریاؤں میں سیلاب کا سبب بن سکتا ہے، دریائے چناب کے معاون نالوں پلکو، جموں توی، منورتوی میں بھی شدید طغیانی خطرہ ہے۔

    سیلاب کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے، فصلیں و بستیاں متاثر ہونے کا قوی امکان ہے مقامی آبادی و کسان ہائی الرٹ رہیں، حفاظتی اقدامات کریں۔

    دریائے ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب، ضلع بہاولنگر میں صورت حال سنگین ہو گئی

    الرٹ میں کہا گیا ہے کہ دریا کے کنارے اور واٹر ویز پر رہنے والے فوری محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں، انخلا کے بعد واپسی کیلئے اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔

    علاوہ ازیں ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے افسران ریسکیو و ریلیف سرگرمیوں کی کڑی نگرانی کر رہے ہیں۔

  • دریائے ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب، ضلع بہاولنگر میں صورت حال سنگین ہو گئی

    دریائے ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب، ضلع بہاولنگر میں صورت حال سنگین ہو گئی

    چشتیاں (02 ستمبر 2025): پنجاب میں دریائے ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب ہے، جس کے باعث ضلع بہاولنگر میں صورت حال سنگین ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بہاولنگر کے شہر چشتیاں میں اس وقت دریائے ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب ہے، جس کی وجہ سے صورت حال خطرناک ہو گئی ہے، چشتیاں میں پانی کے تیز بہاؤ سے زمینی کٹاؤ جاری ہے، جب کہ موتیاں والا پتن اور موضع عظیم کے حفاظتی بند ٹوٹ گئے ہیں۔

    بند ٹوٹنے سے 100 دیہات زیر آب آ گئے ہیں، اور سیکڑوں گھر تباہ ہو گئے، 10 ہزار ایکڑ زرعی رقبے پر تیار فصلیں دریا برد ہو گئیں، بستیوں کو ملانے والی مرکزی سڑکیں پانی میں بہہ گئیں، مزید بستیوں میں سیلابی پانی داخل ہونے کا خطرہ ہے۔

    سیلاب کا ایک اور الرٹ جاری، شدید طغیانی کا خطرہ، این ڈی ایم اے

    ہزاروں افراد نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں، جنھوں نے ریلیف کی اپیل کی ہے، ڈی ایس پی کی زیر قیادت ریسکیو ٹیم کا آپریشن جاری ہے، 80 فی صد سے زائد افراد اور مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کر دیے گئے ہیں۔

    بہاولنگر میں بابا فرید پل اور بھوکاں پتن پل کے نیچے بھی پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، سیلابی ریلے سے چاویکا اور بہادرکا کے بند ٹوٹ گئے ہیں، چک چاویکا، چک بہادرکا سمیت متعدد آبادیاں زیرِ آب آ گئی ہیں اور فصلیں تباہ ہو گئیں۔

    چاویکا دریائے ستلج روڈ ٹوٹنے سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے، متاثرہ علاقوں سے نقل مکانی کا سلسلہ جاری ہے، ہیڈ سلیمانکی سے ڈیڑھ لاکھ کیوسک سے زائد کا ریلا داخل ہو رہا ہے۔

  • کراچی: 10 سے زائد ڈاکوؤں نے فیکٹری لوٹ لی

    کراچی: 10 سے زائد ڈاکوؤں نے فیکٹری لوٹ لی

    کراچی (02 ستمبر 2025): شہر قائد کے علاقے احسن آباد میں 10 سے زائد ڈاکوؤں نے ایک فیکٹری لوٹ لی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں احسن آباد فیز ون میں فیکٹری میں 10 سے زائد لٹیروں نے لوٹ مار کی واردات کی ہے، ڈاکوؤں نے فیکٹری کے چوکیدار کو کئی گھنٹے یرغمال بنا کر تشدد بھی کیا۔

    فیکٹری مالک نے بتایا کہ ڈاکو 25 مشینیں، 3 لیپ ٹاپ اور دیگر سامان لے کر فرار ہوئے، قیمتی سامان کو گاڑیوں میں لوڈ کر کے لے جایا گیا، واقعے کی اطلاع سائٹ سپر ہائی وے تھانے کو دے دی ہے۔

    سی سی ڈی پنجاب کی ایک اور کارروائی، پشاور سے تعلق رکھنے والے ملزمان گولیاں لگنے سے ہلاک

    ادھر کراچی کے علاقے ماڈل کالونی ریلوے لائن کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوا جب کہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا، ملزم کی شناخت شہریار کے نام سے ہوئی ہے جس سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔

    کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں ایک واردات کے دوران شہری کی فائرنگ سے ایک ڈاکو زخمی ہوا جب کہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ملزم سے چھینے گئے موبائل فون برآمد ہوئے، پولیس اس سے مزید تفتیش کر رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم ساتھی کے ہمراہ ایک شہری سے ڈکیتی کی واردات کر رہا تھا، زخمی ڈاکو کی شناخت وسیم کے نام سے ہوئی ہے جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

  • سی سی ڈی پنجاب کی ایک اور کارروائی، پشاور سے تعلق رکھنے والے ملزمان گولیاں لگنے سے ہلاک

    سی سی ڈی پنجاب کی ایک اور کارروائی، پشاور سے تعلق رکھنے والے ملزمان گولیاں لگنے سے ہلاک

    جہلم (02 ستمبر 2025): صوبہ پنجاب کے شہر جہلم میں سی سی ڈی نے ایک اور کارروائی میں پشاور سے تعلق رکھنے والے 2 ملزمان کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سی سی ڈی پولیس نے کہا ہے کہ جہلم میں گولپور کے قریب مشکوک کار سواروں نے سی سی ڈی ٹیم پر حملہ کیا، ٹیم نے رکنے کا اشارہ کیا تھا جس پر کار سواروں نے فائرنگ کر دی۔

    پولیس کے مطابق گولپور پل پر فائرنگ سے سرکاری گاڑی کو نقصان پہنچا، فائرنگ سے کانسٹیبل کو گولی لگی جو بلٹ پروف جیکٹ کے باعث محفوظ رہا، جب کہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ملزمان کاریں چھوڑ کر جنگل کی جانب فرار ہو گئے۔

    سوشل میڈیا پر سی سی ڈی سے بدلہ لینے کی دھمکیاں دینے والے ملزمان مقابلے میں ہلاک

    سی سی ڈی ٹیم نے تعاقب کر کے 2 ملزمان کو زخمی حالت میں پکڑ لیا، تاہم زخمی سعید احمد اور رحیم خان اسپتال میں دم توڑ گئے، دونوں کا تعلق پشاور سے تھا، اور دونوں سابقہ ریکارڈ یافتہ نکلے۔

    پولیس ترجمان کے مطابق دیگر ملزمان تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گئے جن کا تعاقب جاری ہے، ملزمان کے ذریعے استعمال کاریں چوری شدہ نکلیں، ملزمان سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان دہشت گردی، قتل اور ڈکیتی سمیت سنگین جرائم میں مطلوب تھے۔

  • چپ تعزیہ کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد

    چپ تعزیہ کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد

    کراچی : نماز فجر کے بعد نشتر پارک میں چپ تعزیہ کی مجلس کا اہتمام کیا گیا جس کے بعد چپ تعزیے کے مرکزی جلوس کا نشتر پارک سے آغاز ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایم اے جناح روڈ پر جلوس کے روٹ طرف آنے والی سڑکوں اور گلیوں کو بند کیا جارہا ہے۔

    اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری سیکیورٹی کیلئے تعینات کی گئی ہے۔

    کراچی میں ایام عزاء کے آخری مرکزی چپ تعزیہ کے جلوس منگل 8ربیع الاول کومرکزی جلوس نشتر پارک جبکہ دوسرا جلوس قصر مسیب رضویہ سوسائٹی سے برآمد ہوگا۔

    ، نشتر پارک سے برآمد ہونے والا جلوس نمائش، ایم اے جناح روڈ، صدر، تبت سینٹر، عید گاہ، لائٹ ہاؤس اور بولٹن مارکیٹ، امام بارگاہ حسینیاں ایرانیاں کھارادر سے ہوتا ہوا نور باغ مسافر خانہ پر اختتام پذیر ہوگا۔

    چپ تعزیہ کا دوسرا جلوس بعد نماز ظہرین قصر مسیب رضویہ سے برآمد ہوکر لسبیلہ، پرانا لیاقت آباد، جیل روڈ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ شاہ نجف مارٹن کواٹرز پر اختتام پذیر ہوگا۔