Category: پاکستان الیکشن 2018

پاکستان میں الیکشن 2018 کا طبل بج چکا ہے اور تمام سیاسی جماعتیں اپنی اپنی انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔ پاکستان میں جمہوریت پہلی بار کامیابی سے 10 سال کا عرصہ تسلسل کے ساتھ گزار چکی ہے ۔ اس عرصے میں دو جمہوری حکومتوں نے اپنا دورِ اقتدار مکمل کیا۔ جمہوریت کے اس دوام سے عوام کی امیدیں بے پناہ بڑھ چکی ہیں ۔ اس سال ہونے والے انتخابات کو ایسا الیکشن قرار دیا جارہاہے جس کا پاکستان کے عوام کو شدت سے انتظار تھا۔

4جون 2018انتخابات میں حصہ لینے کے لیے ریٹرننگ افسر کے پاس کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ تھی

11جون2018نامزد امیدواروں کی فہرست شائع کرنے کا دن تھا،الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابات میں حصہ لینے کے خواہش مند افراد کی فہرست جاری کردی۔

19جون2018امید واروں کے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال کا آخری دن تھا،ریٹرننگ افسران نے ایف آئی اے، نیب ، اسٹیٹ بنک آف پاکستان اور ایف بی آر کی مدد سے امید واروں کے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل کی۔

22جون2018ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذاتِ نامزدگی قبول کرنے یا مسترد کرنے کے فیصلے کے خلاف اپیل کا آخری دن تھا،وہ تمام امید وار جن کی اہلیت پر الیکشن کمیشن نے سال اٹھائے تھے، انہوں نے ای سی پی کی جانب سے تشکیل کردہ اپیلٹ ٹریبیونل میں اپیل دائر کی ۔ اپیلٹ ٹریبیونل، الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے تشکیل دیا گیا تھا۔

27جون2018امیدواروں کی جانب سے دائر کی جانے والی اپیلوں پر فیصلے کا آخری دن تھا۔اپیلٹ ٹریبیونل نے دائر کردہ درخواستوں کی اور ریٹرننگ افسران کی جانب سے رد کیے جانے والے امید واروں کی اپیل پر اپنا حتمی فیصلہ سنایا۔

28جون2018 کو الیکشن ٹریبیونل کی جانب سے جاری کردہ فیصلوں کی روشنی میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنی ترمیم شدہ حتمی امیدواروں کی فہرست جاری کی۔

29جون2018کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے کا آخری دن تھا،وہ امید وار جو اپنے کاغذاتِ نامزدگی واپس لینا چاہتے تھے انہوں نے اس کا نوٹس ریٹرننگ افسران کو دیا۔

30جون2018 کوالیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابات میں حصہ لینے والے تمام امید واروں کو انتخابی نشان جاری کردیے۔

25جولائی2018 کو ملک بھر میں 18 سال سے زائد عمر کے شہری اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرتے ہوئے اپنی پسند کے امیدوار کے حق میں ووٹ کاسٹ کریں گے ، ان کا یہ ووٹ آئندہ پانچ سال کے لیے پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا۔

  • الیکشن کی حتمی تیاریاں، ووٹرز کے لیے ضروری ہدایات جاری

    الیکشن کی حتمی تیاریاں، ووٹرز کے لیے ضروری ہدایات جاری

    اسلام آباد: انتخابات 2018 سے ایک روز قبل الیکشن کمیشن نے پولنگ اسٹیشنز کی حتمی تعداد اور ووٹرز کے لیے ضروری ہدایات جاری کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں 85 ہزار 3 سو 7 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔

    سب سے زیادہ پولنگ اسٹیشنز صوبہ پنجاب میں ہیں جن کی تعداد 47 ہزار 8 سو 13 ہے۔ سندھ میں 17 ہزار 7 سو 47 اور خیبر پختونخواہ میں 12 ہزار 6 سو 34 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے۔

    صوبہ بلوچستان میں 4 ہزار 4 سو 20، فاٹا میں 1 ہزار 7 سو 36، سرحدی علاقوں یعنی ایف آر 1 سو 60 اور اسلام آباد میں 7 سو 97 پولنگ اسٹینز بنائے گئے ہیں۔

    ملک بھر میں 17 ہزار 7 پولنگ اسٹیشنز کو نہایت حساس قرار دیا گیا ہے۔

    سندھ میں حساس پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 5 ہزار 8 سو 78، پنجاب اور اسلام آباد میں 5 ہزار 4 سو 87، پختونخواہ میں 3 ہزار 8 سو 74 جبکہ بلوچستان کے انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کی تعدا 17 سو 68 ہے۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر کیمرے نصب کر دیے گئے جبکہ ان پر پاک فوج اور پولیس بھی تعینات کی گئی ہے۔


    خواتین پولنگ عملے کے لیے سہولت

    دوسری جانب ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ خواتین پریزائیڈنگ افسر سمیت خواتین عملے کا پولنگ اسٹیشن پر رات رکنا لازمی نہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ خواتین عملے کو پولنگ اسٹیشن روکنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔ زبردستی روکنے کی شکایت پر کارروائی کی جائے گی۔

    ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ کل صبح 6 بجے خواتین عملہ پولنگ اسٹیشن پر موجود ہوگا۔


    انتخابی سامان کی ترسیل کا کام جاری

    ملک بھر میں قائم پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی سامان کی ترسیل کا کام فوج کی نگرانی میں جاری ہے۔

    10 لاکھ کے قریب انک پیڈز اور انمٹ سیاہی پولنگ اسٹیشنز پر پہنچائی جارہی ہے۔ الیکشن کمیشن نے بھی سینٹرل مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول روم قائم کردیے۔

    رزلٹ وصول کرنے کے لیے 6 اسکرینز نصب کی گئی ہے ہیں۔ اسکرینز پر آر ایم ایس اور آر ٹی ایس کے ذریعے رزلٹ موصول ہوں گے۔

    مانیٹرنگ سیل میں 12 ٹیمیں ہوں گی، ہر ٹیم میں 3 افراد جبکہ ٹیم کے سربراہ ایڈیشنل ڈی جی ہوں گے۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پولنگ اسیٹشن میں پولنگ سامان کی حفاظت کے ذمہ دار پریزائڈانگ افسران ہوں گے۔

    پولنگ صبح 8 بجے سے بلا تعطل شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔


    ووٹرز کے لیے ضروری ہدایات

    الیکشن کمیشن نے ووٹرز کے لیے بھی ضروری ہدایات جاری کردیں۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کے دوران غیر جانبدار، پریزائیڈنگ افسر کے قانونی حکم کی تعمیل کریں۔ انتخابی عملہ یا سیکیورٹی اسٹاف کسی کو ووٹ ڈالنے کی ترغیب نہیں دے سکتے۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ووٹ ڈالنے کے لیے اصل قومی شناختی کارڈ ہمراہ لائیں۔ زائد المیعاد قومی شناختی کارڈ قابل قبول ہے، فوٹو کاپی قابل قبول نہیں ہوگی۔

    ووٹرز اور انتخابی عملہ ووٹ کی رازداری کا خیال رکھیں۔ بیلٹ پیپر پر نشان لگانے کے لیے پولنگ حکام کی فراہم کردہ مہر استعمال کریں۔ پولنگ اسٹیشن کے اندر موبائل فون اور کیمرہ لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • این اے60 پرالیکشن سےمتعلق شیخ رشید کی اپیل سماعت کےلیےمقرر

    این اے60 پرالیکشن سےمتعلق شیخ رشید کی اپیل سماعت کےلیےمقرر

    لاہور: این اے 60 پر الیکشن سے متعلق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی اپیل سپریم کورٹ لاہور رجسٹری منتقل کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی این اے 60 پرالیکشن سے متعلق درخواست سپریم کورٹ لاہوررجسٹری میں سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔

    شیخ رشید کی درخواست پرسماعت چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں ہوگی۔

    عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کو لاہورجانے کے لیےفلائٹ نہیں ملی جس کے بعد وہ بذریعہ موٹروے لاہور کے لیے روانہ ہوگئے۔

    شیخ رشید کا لاہورروانگی سے قبل کہنا تھا کہ ہمارا کیس لاہورمنتقل کر دیا گیا، فوراً جانا ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ این اے 60 کے پولنگ ایجنٹ تیاررہیں، شام تک جوفیصلہ ہوگا تسلیم کریں گے، فیصلہ حق میں نہیں آیا توکوئی فرق نہیں پڑتا۔

    شیخ رشید کی این اے 60 کا الیکشن ملتوی کرنے پرسپریم کورٹ میں درخواست

    خیال رہے کہ آج شیخ رشید نے این اے 60 پرالیکشن کے التوا سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

    این اے 60 میں الیکشن ملتوی ہونے کا فیصلہ برقرار

    واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ بینچ نےعوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی پٹیشن خارج کردی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • ووٹ کیسے ڈالا جائے؟ الیکشن کمیشن کی طریقہ کار سے متعلق ویڈیو جاری

    ووٹ کیسے ڈالا جائے؟ الیکشن کمیشن کی طریقہ کار سے متعلق ویڈیو جاری

    اسلام آباد: عام انتخابات کے لیے پولنگ کا وقت قریب آگیا، ووٹ کیسے ڈالا جائے؟ الیکشن کمیشن نے ووٹرز کی رہنمائی کے لئے ووٹ ڈالنے کے طریقہ کار سے متعلق ویڈیو جاری کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے ووٹ ڈالنے کے طریقہ کار سے متعلق ویڈیو جاری کردیا، جس کے مطابق پولنگ اسٹیشن میں ووٹر پولنگ افسرکے پاس جائے گا، باری آنے پر پولنگ افسر کو شناختی کارڈد کھائے گا اور سلسلہ نمبر بتائے گا۔

    پولنگ افسر ووٹرکا نام پولنگ ایجنٹس سے تصدیق کے لیے بلند آواز میں پکارے گا، پولنگ افسر ووٹر کا نام انتخابی فہرست سے کاٹ کر انگھوٹھے کا نشان لگوائے گا، جس کے بعد اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسر ووٹر کو بیلٹ پیپر جاری کرے گا۔

    قومی اسمبلی کے لیے سبز، صوبائی اسمبلی کے لیے سفید بیلٹ پیپر جاری ہوگا، ووٹر یقین کرلے بیلٹ پیپر کی پشت پر مجاز افسر کی مہر اور دستخط موجود ہیں، بیلٹ پیپر پر امیدواروں کے نام اور نشان موجود ہوں گے۔

    ووٹر اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسرن سے مہر لیکر پردے کے پیچھے جائے گا اور پسندیدہ امیدوار کے خانے میں مہر لگائے گا، ووٹر قومی اسمبلی کا بیلٹ پیپرسبز اور صوبائی اسمبلی کا بیلٹ پیپر سفید ڈھکن والے باکس میں ڈالے گا۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹ صرف اصل شناختی کارڈ پر ڈالا جا سکے گا جبکہ زائد المعیاد شناختی کارڈ پر بھی ووٹ ڈالنے کی اجازت ہوگی۔

    یاد رہے کہ ملک بھر میں عام انتخابات کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہے، کل دس کروڑ پچپن لاکھ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے ۔

    ملک بھر  میں پولنگ صبح 8 سے شام 6 بجے تک بلاتعطل جاری رہے گی جبکہ ووٹر پولنگ کی تفصیلات 8300 پر ایس ایم ایس کرکے لے سکتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • میری 22 سالہ جہد مسلسل آج ایک فیصلہ کن موڑ پر آپہنچی ہے: عمران خان

    میری 22 سالہ جہد مسلسل آج ایک فیصلہ کن موڑ پر آپہنچی ہے: عمران خان

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میری 22 سالہ جہد مسلسل آج ایک فیصلہ کن موڑ پر آپہنچی ہے، گرم موسم اور دہشت گردی کے منڈلاتے بادلوں کے سائے میں ہم نے مہم چلائی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کی انتخابی مہم سے متعلق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کیا، عمران خان کا کہنا تھا کہ دیانتداری سے سمجھتا ہوں میں نے تعمیر وطن کے لیے صلاحیتیں اور توانائیاں صرف کیں۔

    انہوں نے کہا کہ میں اپنے رب سے اس محنت کے ثمر کا خواستگار ہوں، ملک بھر سے نکلنے والے پاکستانیوں کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں، الیکشن مہم کے دوران ہم نے بڑی محنت کی۔

    چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ دوران مہم پیر کی رات تک مختلف علاقوں میں 60 جلسے مکمل کیے، ان اجتماعات کی زینت بڑھانے کے لیے لاکھوں پاکستانی نکلے، میں ان کا مشکور ہوں۔


    الیکشن 2018 کے تاریخی لمحات: انتخابی مہم کا وقت ختم


    خیال رہے کہ آج 24 جولائی سے الیکشن 2018 کے سلسلے میں سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم کا وقت ختم ہو گیا ہے، ایک دن بعد قوم اپنے مستقبل کا فیصلہ کرے گی۔

    واضح رہے کہ رات کے بارہ بجتے ہی ملک بھر میں ووٹرز کو مائل اور قائل کرنے کا وقت ختم ہو گیا، سیاسی شخصیات نے انتخابی مہم روک لی ہے۔

    یاد رہے کہ ملک میں جاری الیکشن 2018 کے تاریخی لمحات اپنے اختتام کی جانب بڑھ رہے ہیں، ملکی جمہوری تاریخ کا ایک اور سنگ میل عبور ہونے میں ایک دن رہ گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • الیکشن 2018 کے تاریخی لمحات: انتخابی مہم کا وقت ختم

    الیکشن 2018 کے تاریخی لمحات: انتخابی مہم کا وقت ختم

    اسلام آباد: الیکشن 2018 کے سلسلے میں سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم کا وقت ختم ہو گیا ہے، ایک دن بعد قوم اپنے مستقبل کا فیصلہ کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق رات کے بارہ بجتے ہی ملک بھر میں ووٹرز کو مائل اور قائل کرنے کا وقت ختم ہو گیا، سیاسی شخصیات نے انتخابی مہم روک لی ہیں۔

    ملک میں جاری الیکشن 2018 کے تاریخی لمحات اپنے اختتام کی جانب بڑھ رہے ہیں، ملکی جمہوری تاریخ کا ایک اور سنگ میل عبور ہونے میں ایک دن رہ گیا۔

    انتخابی مہم کے آخری دن لاہور، ڈی جی خان، راولپنڈی، جیکب آباد اور کراچی میں بڑے جلسے منعقد کیے گئے، ووٹرز کو لبھانے کے لیے بڑی سیاسی جماعتوں کی کوششیں عروج پر نظر آئیں۔

    25 جولائی کو بڑی تبدیلی آئے گی یا ملک اپنے معمول کی ڈگر پر یوں ہی چلتا رہے گا، قوم کیا فیصلہ کرے گی، یہ معلوم ہونے میں ایک ہی دن رہ گیا ہے۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کے پُر امن اور شفاف انعقاد کے لیے تمام تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں، فوجی جوان بھی ملک بھر میں تعینات کیے جا چکے ہیں۔

    25 جولائی کو کون سے کام ’جرائم‘ میں شمار ہوں گے؟


    الیکشن کمیشن نے عوام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ محفوظ ماحول میں ووٹ کاسٹ کر سکیں گے چناں چہ وہ بے خوف ہو کر 25 جولائی کو گھروں سے نکل کر ووٹ ڈال کر اپنا جمہوری حق ادا کریں۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق آج رات بارہ بجے کے بعد سے کوئی امیدوار یا سیاسی جماعت انتخابی مہم نہیں چلا سکتی، جلسے، ریلی یا کارنر میٹنگز اور میڈیا تشہیری مہم انتخابی ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی سمجھی جائے گی، جس کی سزا ایک لاکھ روپے جرمانہ یا دو سال قید یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • سیہون: ٹھپہ مافیا سرگرم، مراد علی شاہ کا ردِعمل سامنے آگیا

    سیہون: ٹھپہ مافیا سرگرم، مراد علی شاہ کا ردِعمل سامنے آگیا

    سیہون: سابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پوسٹل بیلٹ پیپرریٹرننگ افسر کی ذمہ داری ہے، حلقے سے انتخاب لڑنے کا یہ مقصد نہیں کہ ٹھپوں کا کام میں نے ہی کروایا۔

    اے آر وائی کی الیکشن کے حوالے سے خصوصی ٹرانسمیشن میں گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پوسٹل بیلٹ پیپر کے معاملے پر بلاکر انکوائری کرنی چاہیے تھی مگر گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

    اُن کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت کی پھرتیاں قابلِ دید ہیں کہ ایف آئی آر کے بغیر گرفتاری کی گئی،  پوسٹل بیلٹس پیپرز پر میرا نام خراب نہ کریں بلکہ پہلے تحقیقات مکمل کرلیں کیونکہ حلقے سے انتخاب لڑنے کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ یہ کام میرا ہی ہے۔

    سابق وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ پوسٹل بیلٹس ریٹرننگ افسر کی ذمہ داری ہے اس سے میرا کیا لینا دینا، یہ اُن لوگوں کا کام ہے جو سندھ تقسیم کرنے کی باتیں کررہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: سیہون میں دھاندلی پر اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کی گرفتاری کا حکم

    مراد علی شاہ نے دعویٰ کیاکہ پیپلزپارٹی سندھ سے ماضی کے مقابلے میں زیادہ نشستیں حاصل کرے گی،گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس پچھلے الیکشن میں بھی تھی جس کا نتیجہ سب کےسامنےہے۔

    کراچی کو انتظامی یونٹ بنانے کے حوالے سے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پنجاب کے حقیقی لوگ نئے صوبے کی بات کرتے ہیں جبکہ سندھ میں نئے صوبے کے لیے جنوبی پنجاب جیسی صورتحال نہیں ہے۔

    واضح رہے کہ صوبائی اسمبلی کے حلقے پی ایس 80 سیہون کے ایجوکیشن آفس میں ٹھپے لگانے کا انکشاف سامنے آیا تھا جسے اے آر وائی نے بے نقاب کیا جس کے بعد پانچ افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

    الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اے آر وائی کی خبر کا نوٹس لیا اور سیہون میں پوسٹل بیلٹ پیپرز کے ذریعے دھاندلی کے واقعے پر اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کی گرفتاری کا حکم جاری کیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • انتخابی موسم، پی پی جیالے کا متحدہ کے ترانے پر والہانہ رقص

    انتخابی موسم، پی پی جیالے کا متحدہ کے ترانے پر والہانہ رقص

    کراچی: شہر قائد کے علاقے قائد آباد میں پیپلزپارٹی کے انتخابی کیمپ میں ایم کیو ایم کے پارٹی ترانے پر جیالے نے رقص کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    یہ مثال تو آپ نے سُنی ہوگی بے گانی شادی میں عبداللہ دیوانہ، اس کا عمل نمونہ کراچی میں جاری الیکشن مہم میں اُس وقت نظر آیا کہ جب قائد آباد میں پی پی کے انتخابی دفتر کے باہر جیالا متحدہ کے گانے پر والہانہ رقص کرتا دکھائی دیا۔

    پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکن چند سال قبل ’بولو ایم کیو ایم جیتے‘ گانے پر رقص کررہے تھے کہ اسی دوران کسی شہری نے جیالے کی ویڈیو بنا لی۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں 25 جولائی کو عام انتخابات کا انعقاد ہونے جارہا ہے، قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر مختلف سیاسی جماعتوں و آزاد امیدواران مقابلے کے لیے میدان میں اترے ہیں۔

    الیکشن کمیشن قوانین کے تحت امیدوار کو انتخابی دن سے 48 گھنٹے قبل اپنی مہم ہر صورت ختم کرنا ہوگی، آج یعنی 23 جولائی کو رات 12 بجتے ہی ملک بھر میں انتخابی سرگرمیاں ختم ہوجائیں گی۔

    نگراں حکومت نے عام انتخابات کے موقع پر حق رائے دہی استعمال کرنے کے لیے عوام کو 25 جولائی کو سرکاری تعطیل دی جبکہ وہ ملازمین جن کی الیکشن کے روز ڈیوٹیاں لگائیں گئیں وہ اپنے امور متعلقہ پولنگ اسٹیشنز میں انجام دیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • خواتین ووٹرز کی تعداد 10 فیصد لازمی قرار، ورنہ نتائج کالعدم ہوں گے، ای سی پی

    خواتین ووٹرز کی تعداد 10 فیصد لازمی قرار، ورنہ نتائج کالعدم ہوں گے، ای سی پی

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے اعلان کیا ہے کہ جن حلقوں میں خواتین ووٹرز کی تعداد 10 فیصد سے کم ہوئی وہاں کے نتائج کالعدم قرار دے دیے جائیں گے۔

    الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق انتخابات 2018 کی تیاریاں مکمل ہوچکیں، 25 جولائی کو 10 کروڑ 55 لاکھ سے زائد ووٹر امیدواران کو منتخب کرنے کے لیے اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے انتخابی دن کے لیے سینٹرل مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول روم قائم کردیا جو 25 جولائی کی صبح 6 بجے سے کام شروع کردے گا، سیل میں 12 ٹیمیں تشکیل دی گئیں جن میں سے ہر ٹیم میں 3 افراد ہیں جبکہ اس کی سربراہی ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل کے سپرد کی گئی۔

    مزید پڑھیں: الیکشن کے دن قیام امن کو یقینی بنایا جائے گا: آئی جی سندھ

    ای سی پی ذرائع کے مطابق 25 جولائی کو پاک فوج کے ساٹھے 3 لاکھ اور پولیس کے چار لاکھ جوان اپنی ڈیوٹیاں انجام دیں گے جبکہ پی سی ایس آئی آر نے 10 لاکھ سیاہی پیڈ اور انمٹ انک بھی حوالے کردی۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں 25 جولائی کو عام انتخابات کا انعقاد ہونے جارہا ہے، قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر مختلف سیاسی جماعتوں و آزاد امیدواران مقابلے کے لیے میدان میں اترے ہیں۔

    الیکشن کمیشن قوانین کے تحت امیدوار کو انتخابی دن سے 48 گھنٹے قبل اپنی مہم ہر صورت ختم کرنا ہوگی، آج یعنی 23 جولائی کو رات 12 بجتے ہی ملک بھر میں انتخابی سرگرمیاں ختم ہوجائیں گی۔

    یہ بھی پڑھیں: آج رات 12 بجے الیکشن مہم کا وقت ختم ہو جائے گا

    نگراں حکومت نے عام انتخابات کے موقع پر حق رائے دہی استعمال کرنے کے لیے عوام کو 25 جولائی کو سرکاری تعطیل دی جبکہ وہ ملازمین جن کی الیکشن کے روز ڈیوٹیاں لگائیں گئیں وہ اپنے امور متعلقہ پولنگ اسٹیشنز میں انجام دیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ایم کیو ایم کا نام بدنام ہوچکا، مصطفیٰ کمال

    ایم کیو ایم کا نام بدنام ہوچکا، مصطفیٰ کمال

    کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ مہاجروں نے ایم کیو ایم کو اپنا سب دیا مگر انہیں بدلے میں کچھ بھی نہیں ملا، ایم کیو ایم کا نام بدنام ہوچکا۔

    اورنگی ٹاؤن میں کارنر مٹینگ سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ آج شہر کا منظر دیکھ کردل خون کےآنسورورہاہے، جو سی این جی بسیں عوام کے لیے لایا وہ اینٹوں پر کھڑی ہیں۔

    اُن کا کہنا تھا کہ  کراچی کے لیے جو میں نے کیا ایم کیو ایم کے پاس بتانے کے لیے وہی کچھ ہے اس کے علاوہ اُن کی کارکردگی صفر ہے، مہاجروں نے سب کچھ دیا مگر ایم کیو ایم نے انہیں کچھ بھی نہیں دیا۔

    مزید پڑھیں: ہم صرف 6 مہینوں میں کراچی کو ٹھیک کر دیں گے: مصطفیٰ کمال

    مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کا نام بدنام ہوچکا، حکومتوں میں رہنے والے ووٹ مانگنےآرہےہیں عوام ایک بار،پھردھوکاکھائیں گے۔

    پی ایس پی چیئرمین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انتخابات میں فتح حاصل کرکے ہم شہر کو پھر سے 2005 سے 2010 والا کراچی بنائیں گے، 2 روز بعد شہر کے لوگوں الیکشن کے زریعے 7 نسلوں کا فیصلہ کریں گی۔

    مصطفیٰ کمال نے دعویٰ کیا کہ عوامی سطح پر ہمیں جو مقبولیت مل رہی ہے اُسے دیکھ کر یہ بات کہی جاسکتی ہے کہ ’25 جولائی ہماری فتح اور 26 جولائی شہر سے غربت اور مظلوموں کی مظلومیت کے خاتمے کا دن ہوگا‘۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ن لیگ کو ووٹ دینا نریندرمودی کو ووٹ دینے کے مترادف ہے،پرویزالٰہی

    ن لیگ کو ووٹ دینا نریندرمودی کو ووٹ دینے کے مترادف ہے،پرویزالٰہی

    اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ق کے سینئرمرکزی رہنما چوہدری پرویزالٰہی کا کہنا ہے کہ ن لیگ کو ووٹ دینا نریندرمودی کو ووٹ دینے کے مترادف ہے، عوام پاک فوج کے ساتھ ہے، بھارتی بیانیہ مسترد کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ق کے سینئرمرکزی رہنما چوہدری پرویزالٰہی نے این اے65 تلہ گنگ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف پاک فوج کے خلاف عالمی سازش کا حصہ ہیں، ن لیگ کو ووٹ دینا نریندرمودی کو ووٹ دینے کے مترادف ہے۔

    پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ فوج آئین کے تحت الیکشن کمیشن کی مدد کرنے کی پابند ہے، عوام پاک فوج کے ساتھ ہے، بھارتی بیانیہ مسترد کرتے ہیں۔

    انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور بقا کی علامت پاک فوج ہے، سیاست کا مقصد لوگوں کو بنیادی سہولتیں دینا ہے۔


    مزید پڑھیں : نواز شریف مودی کے منشور پر کام کرتے رہے ہیں، پرویز الہیٰ


    یاد رہے چند روز قبل کے سینئر رہنما چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ عوام 25 جولائی کو نواز شریف کی سیاست کو دفن کردیں، الیکشن کے دن عوام ٹریکٹر اور بلے پر مہر لگائیں۔

    رہنما مسلم لیگ ق نے کہا کہ شریفوں نے شوخی سے کہا تھا لندن فلیٹس ہمارے ہیں، نواز شریف نے ملکی ترقی کے نام پر عوام کو بیوقوف بنایا ہے، وہ مودی کے منشور پر کام کرتے رہے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ شریف فیملی اب جب پکڑ میں آئی ہے تو کہتی ہے گرمی لگ رہی ہے، نواز شریف کہتے ہیں جیل میں بیمار ہوگیا ہوں، میاں صاحب جیل میں کم کھائیں تو پیٹ نہیں بڑھے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔