Category: پاکستان الیکشن 2018

پاکستان میں الیکشن 2018 کا طبل بج چکا ہے اور تمام سیاسی جماعتیں اپنی اپنی انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔ پاکستان میں جمہوریت پہلی بار کامیابی سے 10 سال کا عرصہ تسلسل کے ساتھ گزار چکی ہے ۔ اس عرصے میں دو جمہوری حکومتوں نے اپنا دورِ اقتدار مکمل کیا۔ جمہوریت کے اس دوام سے عوام کی امیدیں بے پناہ بڑھ چکی ہیں ۔ اس سال ہونے والے انتخابات کو ایسا الیکشن قرار دیا جارہاہے جس کا پاکستان کے عوام کو شدت سے انتظار تھا۔

4جون 2018انتخابات میں حصہ لینے کے لیے ریٹرننگ افسر کے پاس کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ تھی

11جون2018نامزد امیدواروں کی فہرست شائع کرنے کا دن تھا،الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابات میں حصہ لینے کے خواہش مند افراد کی فہرست جاری کردی۔

19جون2018امید واروں کے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال کا آخری دن تھا،ریٹرننگ افسران نے ایف آئی اے، نیب ، اسٹیٹ بنک آف پاکستان اور ایف بی آر کی مدد سے امید واروں کے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل کی۔

22جون2018ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذاتِ نامزدگی قبول کرنے یا مسترد کرنے کے فیصلے کے خلاف اپیل کا آخری دن تھا،وہ تمام امید وار جن کی اہلیت پر الیکشن کمیشن نے سال اٹھائے تھے، انہوں نے ای سی پی کی جانب سے تشکیل کردہ اپیلٹ ٹریبیونل میں اپیل دائر کی ۔ اپیلٹ ٹریبیونل، الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے تشکیل دیا گیا تھا۔

27جون2018امیدواروں کی جانب سے دائر کی جانے والی اپیلوں پر فیصلے کا آخری دن تھا۔اپیلٹ ٹریبیونل نے دائر کردہ درخواستوں کی اور ریٹرننگ افسران کی جانب سے رد کیے جانے والے امید واروں کی اپیل پر اپنا حتمی فیصلہ سنایا۔

28جون2018 کو الیکشن ٹریبیونل کی جانب سے جاری کردہ فیصلوں کی روشنی میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنی ترمیم شدہ حتمی امیدواروں کی فہرست جاری کی۔

29جون2018کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے کا آخری دن تھا،وہ امید وار جو اپنے کاغذاتِ نامزدگی واپس لینا چاہتے تھے انہوں نے اس کا نوٹس ریٹرننگ افسران کو دیا۔

30جون2018 کوالیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابات میں حصہ لینے والے تمام امید واروں کو انتخابی نشان جاری کردیے۔

25جولائی2018 کو ملک بھر میں 18 سال سے زائد عمر کے شہری اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرتے ہوئے اپنی پسند کے امیدوار کے حق میں ووٹ کاسٹ کریں گے ، ان کا یہ ووٹ آئندہ پانچ سال کے لیے پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا۔

  • فیصل آباد :قومی اورصوبائی اسمبلی نشست پرآزادامیدوار نے خودکشی کرلی

    فیصل آباد :قومی اورصوبائی اسمبلی نشست پرآزادامیدوار نے خودکشی کرلی

    فیصل آباد : قومی اورصوبائی اسمبلی کی نشست پر آزاد امیدوار مرزا محمد احمد نے مبینہ طورپر خودکشی کرلی، جس کے بعد ین اے 103 اور پی پی 103 پر انتخابات ملتوی ہوگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں قومی اورصوبائی اسمبلی نشست پرآزاد امیدوار محمد احمد مغل نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی، مرزا احمد بیٹوں کے بیٹوں نے باپ کی حمایت سے انکار کیا تھا، جس پر وہ دلبرداشتہ تھے۔

    تاندلیانوالہ کے رہائشی مرزا احمد این اے 103 اور پی پی103 پر آزاد الیکشن لڑ رہے تھے۔

    امیدوار کی مبینہ خود کشی کے بعد این اے ایک سو تین اور پی پی ایک سو تین پرانتخابات ملتوی ہوگئے، عام انتخابات کے بعد حلقوں میں ضمنی انتخاب ہوگا۔

    واضح رہے کہ ملک بھر میں 25 جولائی کو عام انتخابات کا انعقاد کیا جارہا ہے ، جس کی تیاریوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے اور اس روز عام تعطیل کا بھی اعلان کر رکھا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ہم صرف 6 مہینوں میں کراچی کو ٹھیک کر دیں گے: مصطفیٰ کمال

    ہم صرف 6 مہینوں میں کراچی کو ٹھیک کر دیں گے: مصطفیٰ کمال

    کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ہم صرف 6 مہینوں میں کراچی کو ٹھیک کردیں گے، یہاں کے شہریوں کے پاس ہمارے سوا کوئی آپشن ہی نہیں ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ آخری بار کراچی ہمارے ہاتھوں سے بنا،آئندہ بھی ہم بنائیں گے، یہ ہم ہی کو پتہ ہے کہ اس شہر کو فکس کیسے کرنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نظریاتی اختلافات کو دشمنی میں نہیں بدلنا چاہیے، ہم دشمن کو بھی گلے لگانا چاہتےہیں، ڈولفن کو اللہ نے انسان دوست بنایا ہے۔


    ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کچرے پر کھڑے ہو کر ووٹ مانگ رہی ہیں، مصطفیٰ کمال


    چیئرمین پاک سرزمین پارٹی کا کہنا تھا کہ لوگ کہتے ہیں ایم کیو ایم کی وجہ سے مصطفیٰ کمال نے کام کرائے، ایم کیو ایم تو حیدر آباد میں بھی تھی، وہاں کام کیوں نہ ہوئے؟

    مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام کے لیے پاک سرزمین واحد امید ہے، کراچی کے مسائل کا حل ہمارے پاس ہے، لوگ واضح اکثریت سے ہمیں کامیاب بنائیں گے، ہم نفرت کی سیاست ختم کرنا چاہتے ہیں۔

    ان کا مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چودہ سال گورنر رہنے والا ہٹنے کے بعد 5 دن بھی شہر میں نہ رکا، اپنے آپ کو شہر کا وارث کہنے والی جماعت نے کراچی کے لیے کچھ نہیں کیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • صرف پیپلز پارٹی کراچی کی تقدیر بدل سکتی ہے: بلاول بھٹو

    صرف پیپلز پارٹی کراچی کی تقدیر بدل سکتی ہے: بلاول بھٹو

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ صرف پیپلز پارٹی کراچی کی تقدیر بدل سکتی ہے، اپنی سیاست کا آغاز اسی شہر سے کر رہا ہوں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا، بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو کراچی میں روکنے کی کوشش کی گئی، کراچی کے وارث بننے والے نہ خود کام کرتے ہیں نہ کسی کو کرنے دیتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور میں جو کام ہوئے کسی نے نہیں کیے، ہم نے اسٹیل ملز کو بچانا ہے، اسٹیل ملز کی زمین سندھ حکومت کی ملکیت ہے، ہم کسی کو اسٹیل ملز نہیں بیچنے دیں گے۔


    ن لیگ اور پی ٹی آئی نے دہشت گردوں سے مل کر ہم پر حملے کیے، بلاول بھٹو


    سربراہ پی پی کا کہنا تھا کہ ہم اصولوں کی اور دیگر جماعتیں نفرت کی سیاست کررہی ہیں، جو کام رہتا ہے وہ میں پورا کروں گا، پی پی کا مقابلہ دہشت گردی، غربت اور بے روزگاری سے ہے، ہماری جدوجہد محترمہ کا نامکمل مشن پورا کرنے کے لیے ہے۔

    بلاول بھٹو کا مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کے پی میں 5 سال میں کوئی بھی اسپتال یا یونیورسٹی نہیں بنائی گئی، نیا پاکستان کا نعرہ لگانے والوں نے اپنے صوبے میں کچھ نہیں کیا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم پورے سندھ میں آر او پلانٹس لگائیں گے، کراچی کے شہریوں کے لیے صاف پانی لائیں گے، سمندر کے پانی کو میٹھا کرنا پڑا تو کریں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ووٹ کو عزت دو، یہی مسلم لیگ (ن) کا نعرہ ہے: شہباز شریف

    ووٹ کو عزت دو، یہی مسلم لیگ (ن) کا نعرہ ہے: شہباز شریف

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ ووٹ کو عزت دو یہی ن لیگی نعرہ ہے، 26 جولائی کا سورج ہماری فتح کا ہوگا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا، شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمارے کارکنوں پر نیب کے ذریعے دباؤ ڈالا گیا، کوئی بھی ہمارے خلاف کرپشن کا ثبوت نہیں دے سکا۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان نے خیبرپختونخوا کا بیڑا غرق کر دیا، چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ کے پی میں نہیں بلکہ پورے پاکستان کو بجلی دیں گے، کے پی کا یہ حال ہے کہ تحریک انصاف کے دور میں پچھلی حکومت کا 80 میگاواٹ پلانٹ خراب ہوگیا۔


    اگر موقع ملا تو پاکستان کو ترکی اور ملیشیا بنادوں گا، شہبازشریف


    صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ کے پی حکومت نے اصل میں منفی 8 میگا واٹ بجلی پیدا کی جبکہ ن لیگ دور میں 11 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوئی، ڈینگی آیا تو خان صاحب نتھیا گلی کے پہاڑوں پر جاکر سو گئے۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان عام آدمی سے ہاتھ ملانا بھی پسند نہیں کرتا، ایسے لوگ عوامی نمائندے نہیں ہوتے، ن لیگ نے ملک کے لیے عظیم کام کیے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ لاہور میٹرو 30 ارب میں بنی تھی، پشاور میٹرو 68 ارب پر چلی گئی، ہائیکورٹ نے کہا پشاور میٹرو کا ٹھیکہ بلیک لسٹ کمپنی کو دیا گیا تھا، صورت حال جیسی بھی ہو ن لیگ انتخابات میں واضح کامیابی حاصل کرے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • الیکشن 2018: کراچی کے تاجر اس بار کسے ووٹ دیں گے اور کیوں؟

    الیکشن 2018: کراچی کے تاجر اس بار کسے ووٹ دیں گے اور کیوں؟

    کراچی : الیکشن2018کی آمد آمد ہے، اس حوالے سے دیگر شہروں کے علاوہ شہر کراچی کی اہمیت کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، کراچی کے تاجر اس بار کیا سوچ رہے ہیں ؟

    اس سلسلے میں اے آر وائی نیوز کے پروگرام سر عام کے میزبان اقرار الحسن نے کراچی میں مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد سے تعلق رکھنے والے افراد سے ان کے خیالات جاننے کی کوشش کی جسے ہم ویب سائٹ کے قارئین تک پہنچا رہے ہیں۔

    کراچی کا تاجر طبقہ الیکشن کے بارے میں کیا سوچ رکھتا ہے، بھتہ خوری اور دہشت گردی سے متاثرہ تاجر کسے نجات دہندہ سمجھتے ہیں؟ یہ جاننے کیلئے اقرار الحسن نے کراچی کے مرکز صدر میں تاجر رہنماؤں سے ملاقات کی۔

    آل کراچی تاجر اتحاد کے مرکزی صدر عتیق میر نے سرعام ٹیم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو انتخابات میں جو کراچی کی صورتحال رہی اس کو دیکھتے ہوئے ہم کبھی دوبارہ ایسی غلطی نہیں کریں گے کہ جس یہ شہر دوبارہ بھتہ خوروں یا دہشت گردوں کے ہاتھوں میں چلا جائے، ان کا کہنا تھا کہ اس بار ہم ان جماعتوں کو مینڈیٹ نہیں دیں گے۔

    اس موقع پر دیگر تاجر رہنماؤں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام ووٹ ضرور ڈالیں اور اس کا صحیح استعمال کریں، بعد ازاں سرعام ٹیم کی جانب سے مارکیٹ سروے میں دکانداروں نے ووٹ دینے سے متعلق ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • چیلنجز سے نمٹنے کیلئے طاقتور حکومت ہی بڑے فیصلے کرسکتی ہے، عمران خان

    چیلنجز سے نمٹنے کیلئے طاقتور حکومت ہی بڑے فیصلے کرسکتی ہے، عمران خان

    بہاولپور : تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے طاقتور حکومت ہی بڑے فیصلے کرسکتی ہے،25جولائی کو آپ نے صرف نظریے اور ملک کے لئے سوچنا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے بہاولپور میں پی ٹی آئی کے زیر اہتمام ایک بڑے جسلہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، عمران خان نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت شدید معاشی بحران اور مشکلات کا سامنا ہے، ملک کی معاشی صورتحال کو بہتر کرنا ہماری اولین ترجیح ہوگی۔

    چیلنجز سے نمٹنے کیلئے طاقتور حکومت ہی بڑے فیصلے کرسکتی ہے، انشااللہ بدھ کو پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہونے جارہا ہے، اسی پاکستان سے آپ کو قرضوں کی دلدل سے نکال کر دکھاؤں گا، بہاولپور کے لوگ25جولائی کیلئے تیار رہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کے بعد پیپلزپارٹی سے اتحاد کے بجائے اپوزیشن بینچوں پر بیٹھنے کو ترجیح دینگے، ن لیگ اورپیپلز پارٹی سے کوئی اتحاد نہیں ہوگا، یہ لوگ30سال سے بار بار باریاں لے رہے ہیں، ملک کو مقروض کر کے عوام پر ظلم کیا گیا، قرضہ حکومت پر نہیں عوام پر چڑھتا ہے جس سے مہنگائی بڑھتی ہے، جب بھی حکومت جاتی ہے خزانہ خالی اور فضل الرحمان چھوڑ کرجاتی ہے۔

    چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ن لیگ کو ڈر ہے کہ یہ الیکشن ہارنے جا رہے ہیں، ان کو یہ بھی ڈر ہے کہ اس بار ایمپائر ان کے اپنے نہیں ہیں، گزشتہ انتخابات میں انہوں نے اپنے ایمپائر کے ساتھ میچ کھیلا تھا اور ہم نے الیکشن 2013میں مبینہ دھاندلی کیخلاف احتجاج کیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ25جولائی کو ووٹ نہ دینے والے کو صرف اپنی فکر ہوگی ملک کی نہیں، معاشرے میں ظلم ہوگا تو سب کو اس کے آگے کھڑا ہونا ہوگا، ظلم کامقابلہ کرنیوالا ہی اپنے لئے آسانی پیدا کرتا ہے، کفر کا نظام چل جائے گا مگر ظلم اورناانصافی کا نظام نہیں چل سکتا، بزدل اور خود غرض لوگ ظلم کیخلاف کھڑے نہیں ہوتے، اللہ کا حکم ہے جہاں ظلم ہو رہا ہے اس کے خلاف کھڑے ہوجاؤ۔

    عمران خان نے کہا کہ اقتدار میں آنے کے بعد سب سے پہلے میں پنجاب کی پولیس کو ٹھیک کروں گا، پنجاب پولیس میں بھی کے پی کی طرح میرٹ لائیں گے، انہیں عزت دینگے، کے پی میں کسی کیخلاف سیاسی انتقامی کارروائی نہیں کی جاتی، اب پنجاب پولیس کو حمزہ یا شہباز شریف جیسا طاقتور شخص کوئی حکم نہیں دے سکے گا۔

    نیب، ایف آئی اے، ایف بی آر سمیت دیگر اداروں کوٹھیک کرینگے، کرپشن پر قابو پانے کیلئے احتساب مجھ سے شروع ہوگا، اس کے بعد ہمارے وزیروں سے ہوکر نیچے تک جائیگا، پاکستان میں کبھی کسی جماعت نے کرپشن کے الزام پر20ایم پی اے کو نہیں نکالا گیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • بیرون ملک پاکستانیوں کے آن لائن ووٹ سے متعلق جعلسازی پکڑی گئی

    بیرون ملک پاکستانیوں کے آن لائن ووٹ سے متعلق جعلسازی پکڑی گئی

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے انکشاف کیا ہے کہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کے ووٹ سے متعلق جعلسازی اور آن لائن ووٹ سسٹم کا نیا فراڈ پکڑا گیا۔

    ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق نادرا اور ای سی پی کے نام پر بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے شناختی کارڈ، پاسپورٹ نمبر سمیت دیگر  دستاویزات کا ریکارڈ حاصل کر کے اُن کا باقاعدہ بینک اکاؤنٹ کھولا جارہا ہے۔

    ای سی پی نے اوورسیز پاکستانیوں کو متنبہ کیا ہے کہ یہ سب فراڈ ہے اور اس سے الیکشن کمیشن کا کوئی تعلق نہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنی ذاتی معلومات کسی کونہ دیں۔

    ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ بیرون ملک پاکستانیوں سےمتعلق ٹاسک فورس نےعدالت میں رپورٹ دی تھی جس میں اس فراڈ کا انکشاف سامنے آیا تھا۔

    ای سی پی ترجمان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں بیرونِ ملک پاکستانیوں کے ووٹ ڈالنے پر کوئی پیشرفت نہیں ہوئی، الیکشن کے بعد پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر کام کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ کچھ روز قبل سوشل میڈیا پر خبریں  زیر گردش تھیں کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے کا حق دے دیا گیا تاہم الیکشن کمیشن نے اس بات کی تردید کی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سرکاری ملازمین کو معطل کیا جائے، چیف سیکریٹری سندھ

    ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سرکاری ملازمین کو معطل کیا جائے، چیف سیکریٹری سندھ

    کراچی : چیف سیکریٹری سندھ اعظم سلیمان نے کہا ہے کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے سرکاری ملازمین کو معطل کرکے ان ملازمین کو الیکشن کے دن بھی ڈیوٹی پر بلایا جائے۔

    یہ بات انہوں نے الیکشن 2018کے سلسلے میں انتخابی ضابطہ اخلاق کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، چیف سیکریٹری اعظم سلیمان کی زیر صدارت انتخابی ضابطہ اخلاق پر اجلاس کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر متعلقہ حکام کی جانب سے اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ بھی دی گئی.

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضانطہ اخلاق کی خلاف ورزی پرمحکمہ تعلیم کے48،صحت کے18نو بلدیاتی ملازمین اور22منتخب نمائندگان کے خلاف ایکشن لیا گیا۔

    خلاف ورزی کرنیوالوں میں بورڈ آف ریونیو کے14اور اوقاف کے چھ ملازمین بھی شامل ہیں، بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ محکمہ داخلہ کے ڈی ایس پی سمیت5اہلکاروں نے بھی خلاف ورزی کی، انتخابی ظابطے کی خلاف ورزی پر ریجنل ڈائریکٹر کالجز سکھر معطل کئے گئے، اس کے علاوہ چار ضلعی زکوۃ چیئرمینوں کو بھی برطرف کردیا گیا۔

    اس موقع پر چیف سیکریٹری سندھ نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سرکاری ملازمین کو معطل کیا جائے، الیکشن کے انعقاد تک زکوۃ چیئرمینوں کے اختیارات معطل کئے جائیں، اور معطل ملازمین کی الیکشن کے دن بھی دفاتر میں حاضری یقینی بنائی جائے ۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کراچی میں انتظامی یونٹس بڑھائیں گے، صدرالدین شاہ کا اعلان

    کراچی میں انتظامی یونٹس بڑھائیں گے، صدرالدین شاہ کا اعلان

    خیرپور: گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس اور مسلم لیگ ن فنکشنل کے سربراہ صدر الدین شاہ نے کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم گھوڑا اور بچھو کی مانند ہے جو کبھی تعمیر نہیں ہوسکتا، حکومت میں آنے کے بعد کراچی میں بھی انتظامی یونٹس بڑھائیں گے۔

    خیرپور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر الدین شاہ کا کہنا تھا کہ بھاشا ڈیم وقت کی ضرورت ہے اور یہ تعمیر بھی ہوجائے گا، چھوٹے ڈیموں کی تعمیر جلد از جلد مکمل ہونی چاہیے۔

    اُن کاکہنا تھا کہ سندھ میں پہلے بھی اضلاع بنے جس پر کسی کو اعتراض نہیں تھا، ہم کراچی میں بھی انتظامی یونٹس بنائیں گے البتہ دھرتی کی جغرافیائی حدود پر کبھی سمجھوتا نہیں ہوگا، ملک مضبوط ہوگا تو صوبے بھی مضبوط ہوں  گے۔

    گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے سربراہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں کسی کو لوٹ مار نہیں کرنے دیں گے، زرداری نے خود کہا بے نظیر کے قاتلوں کو وہ جانتے ہیں تو اقتدار میں آکر اُن سے قاتلوں کا ضرور پوچھا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: آصف زرداری کو شکست دینے کے لیے ایم کیو ایم اور جی ڈی اے نے ہاتھ ملا لیے

    واضح رہے کہ پیرصدرالدین شاہ راشدی کی سربراہی میں سندھ کی قوم پرست جماعتوں اور معروف سیاسی شخصیات نے جی ڈی اے نامی گروپ تشکیل دیا جو ستارے کےنشان پر الیکشن لڑ رہا ہے۔

    پیپلزپارٹی کی جانب سے جی ڈی اے پر الزامات عائد کیے گئے جبکہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس اپنی انتخابی مہم میں پی پی قیادت کی مبینہ کرپشن کا ذکر کرتی نظر آرہی ہے۔

    قبل ازیں ایم کیو ایم اور جے ڈی اے نے نوابشاہ میں آصف علی زرداری کو شکست دینے اور پیپلزپارٹی کو ٹف ٹائم دینے کا اعلان کرتے ہوئے میدان میں مشترکہ امیدوار کھڑے کیے۔

    پی پی شریک چیئرمین کے مدقابل متحدہ کے حلقہ این اے 213 پر نامزد امیدوار عبدالرؤف صدیقی گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے امیدوار کے حق میں دستبردار ہوئے جس کے بعد دونوں جماعتوں نے مشترکہ طور پر سردار بشیر محمد رند کو امیدوار نامزد کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کا حصہ بننے کا اعلان

    اسی طرح گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 38 پر متحدہ کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا، دونوں جماعتوں کے مشترکہ امیدوار نعیم اختر ہیں جن کا تعلق ایم کیو ایم پاکستان سے ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • الیکشن کے دن ملک بھر میں شدید بارشوں کا امکان

    الیکشن کے دن ملک بھر میں شدید بارشوں کا امکان

    اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے الیکشن کے دن بارش کی نوید سنا دی، 25 جولائی کو ملک بھر میں بارش کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ الیکشن 2018 کے روز 25 جولائی بروز بدھ کو پاکستان کے مختلف شہروں میں شدید بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا نیا اسپیل ملک بھر میں 21 جولائی سے شروع ہوگا اور 25 جولائی کے روز تیز بارشیں ہوں گی۔

    جن شہروں میں بارشیں ہوں گی ان میں راولپنڈی، اسلام آباد، مری، لاہور، فیصل آباد، پشاور، ایبٹ آباد، ساہیوال، سرگودھا گوجرانوالہ، میانوالی، اٹک، ڈیرہ اسمعٰیل خان، بہاولپور، رحیم یار خان، سکھر، لاڑکانہ، جھنگ، ڈیرہ غازی خان اور ملتان شامل ہیں۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں 25 جولائی کو عام انتخابات کا انعقاد ہونے جارہا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔