Category: پاکستان الیکشن 2018

پاکستان میں الیکشن 2018 کا طبل بج چکا ہے اور تمام سیاسی جماعتیں اپنی اپنی انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔ پاکستان میں جمہوریت پہلی بار کامیابی سے 10 سال کا عرصہ تسلسل کے ساتھ گزار چکی ہے ۔ اس عرصے میں دو جمہوری حکومتوں نے اپنا دورِ اقتدار مکمل کیا۔ جمہوریت کے اس دوام سے عوام کی امیدیں بے پناہ بڑھ چکی ہیں ۔ اس سال ہونے والے انتخابات کو ایسا الیکشن قرار دیا جارہاہے جس کا پاکستان کے عوام کو شدت سے انتظار تھا۔

4جون 2018انتخابات میں حصہ لینے کے لیے ریٹرننگ افسر کے پاس کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ تھی

11جون2018نامزد امیدواروں کی فہرست شائع کرنے کا دن تھا،الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابات میں حصہ لینے کے خواہش مند افراد کی فہرست جاری کردی۔

19جون2018امید واروں کے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال کا آخری دن تھا،ریٹرننگ افسران نے ایف آئی اے، نیب ، اسٹیٹ بنک آف پاکستان اور ایف بی آر کی مدد سے امید واروں کے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل کی۔

22جون2018ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذاتِ نامزدگی قبول کرنے یا مسترد کرنے کے فیصلے کے خلاف اپیل کا آخری دن تھا،وہ تمام امید وار جن کی اہلیت پر الیکشن کمیشن نے سال اٹھائے تھے، انہوں نے ای سی پی کی جانب سے تشکیل کردہ اپیلٹ ٹریبیونل میں اپیل دائر کی ۔ اپیلٹ ٹریبیونل، الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے تشکیل دیا گیا تھا۔

27جون2018امیدواروں کی جانب سے دائر کی جانے والی اپیلوں پر فیصلے کا آخری دن تھا۔اپیلٹ ٹریبیونل نے دائر کردہ درخواستوں کی اور ریٹرننگ افسران کی جانب سے رد کیے جانے والے امید واروں کی اپیل پر اپنا حتمی فیصلہ سنایا۔

28جون2018 کو الیکشن ٹریبیونل کی جانب سے جاری کردہ فیصلوں کی روشنی میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنی ترمیم شدہ حتمی امیدواروں کی فہرست جاری کی۔

29جون2018کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے کا آخری دن تھا،وہ امید وار جو اپنے کاغذاتِ نامزدگی واپس لینا چاہتے تھے انہوں نے اس کا نوٹس ریٹرننگ افسران کو دیا۔

30جون2018 کوالیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابات میں حصہ لینے والے تمام امید واروں کو انتخابی نشان جاری کردیے۔

25جولائی2018 کو ملک بھر میں 18 سال سے زائد عمر کے شہری اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرتے ہوئے اپنی پسند کے امیدوار کے حق میں ووٹ کاسٹ کریں گے ، ان کا یہ ووٹ آئندہ پانچ سال کے لیے پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا۔

  • عمران خان کا انتخابات میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا اعلان

    عمران خان کا انتخابات میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا اعلان

    اسلام آباد : عمران خان نے تمام سیاسی جماعتوں کو پیچھے چھوڑ دیا،  عمران خان نے انتخابات میں بہترین کارکردگی کے لئے جدیدٹیکنالوجی کے استعمال کا اعلان کرتے ہوئے کہا ٹیکنالوجی سے پتہ چلتا ہے آپ کا ووٹر کہاں بیٹھا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے انتخابات میں جدیدٹیکنالوجی کے استعمال کا فیصلہ کیا اور حلقہ میں امیدوار اور ووٹرز کی معلومات کے لئے جدید ترین مینجمنٹ سسٹم متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔

    عمران خان نے پارٹی کے ٹکٹ ہولڈرز کے نام ویڈیو پیغام جاری کیا ، جس میں کپتان نے کہا ہے کہ کانسٹیٹیونسی مینجمنٹ سسٹم بہترین ایجاد ہے،21 ویں صدی ہے، کانسٹیٹیونسی مینجمنٹ سسٹم کو الیکشن کیلئےاستعمال کریں، یہ سسٹم حلقے کی اہم ترین معلومات میں بہت مدد کرے گا۔

    سربراہ پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ 5حلقوں میں الیکشن لڑنے کیلئے یہی سسٹم استعمال کررہا ہوں، ٹیکنالوجی سے پتہ چلتا ہے آپ کا ووٹر کہاں بیٹھا ہے، تمام امیدواروں کی انتخابی مہم کو خود مانیٹر کروں گا۔

    گذشہ سال بھی تحریک انصاف نے آئندہ انتخابی مہم میں جدید ٹیکنالوجی ‘ہولو گرام ’کی مدد لینے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے ذریعے عمران خان خطاب تو کریں گے کسی ایک مقام پر لیکن دکھائی کئی جگہ دیں گے۔

    الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق امیدوارآج سے تیئس جولائی تک انتخابی مہم چلاسکیں گے جبکہ امیدوار پولنگ سےاڑتالیس گھنٹے قبل انتخابی مہم ختم  کرنے کے پابند ہوں گے۔

    واضح رہےکہ ملک میں 25 جولائی کو عام انتخابات ہوں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • عمران خان کے ملک بھر میں طوفانی دورے کا شیڈول تیار، سونامی آج سرگودھا سے ٹکرائے گا

    عمران خان کے ملک بھر میں طوفانی دورے کا شیڈول تیار، سونامی آج سرگودھا سے ٹکرائے گا

    اسلام آباد: پاکستان  تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے ملک بھر میں طوفانی دورے کو حتمی شکل دے دی گئی، پی ٹی آئی کا سونامی آج سرگودھا سے ٹکرائے گا جبکہ منگل اور بدھ عمران خان کراچی میں گزاریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نئے پاکستان کیلئے بھرپور انتخابی مہم جاری ہے، عمران خان کے طوفانی دوروں کو حتمی شکل دے دی گئی، بنوں کے شاندار جلسے کے بعد کپتان آج سرگودھا میں رنگ جمائیں گے، اگلا پڑاؤ تین اور چار جولائی کو کراچی میں ہوگا۔

    پانچ جولائی کو صوابی اور چارسدہ ، چھ جولائی کو سوات، سات جولائی کو جہلم اور گجرات، آٹھ جولائی کو ایبٹ آباد اور ہری پور، نو اور دس جولائی کو اندرون سندھ اور گیارہ جولائی کو رحیم یار خان میں جلسہ ہوگا۔

    بارہ جولائی کو گوجرانوالہ اور قصور، تیرہ جولائی کو راولپنڈی، چودہ جولائی پشاور اور مردان، پندرہ جولائی کو سیالکوٹ اور فیصل آباد، سولہ جولائی میانوالی اور بنوں میں جلسہ ہوگا، اٹھارہ اور انیس جولائی عمران خان لاہور میں گزاریں گے۔

    بیس جولائی کو بہاولپور اور ملتان، اکیس جولائی کو لاہور کے نو مقامات پر جلسے ہوں گے جبکہ 22 جولائی کا دن عمران خان کراچی میں گزاریں گے۔

    دھواں دھار انتخابی مہم کے آخری دن 23 جولائی کو پی ٹی آئی کا فیصلہ کن انتخابی اجتماع اسلام آباد میں ہوگا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا عمل 20 جولائی کو مکمل ہوگا، الیکشن کمیشن

    بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا عمل 20 جولائی کو مکمل ہوگا، الیکشن کمیشن

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے انتخابات 2018 کے سلسلے میں بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا عمل آج سے شروع ہو رہا ہے جو بیس تاریخ کو مکمل ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن (پی آئی اے) نے 14 ٹن بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ پریس میں بر وقت ترسیل کو ممکن بنا دیا ہے، جس کی وجہ سے چھپائی کا عمل بر وقت مکمل ہونے کا امکان ہے۔

    دریں اثنا سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے پرنٹنگ پریس آف پاکستان کا دورہ کیا، انھوں نے پرنٹنگ پریس میں بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

    سیکریٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 55 ہزار پولنگ اسٹیشنز پر بیلٹ پیپرز وقت پر پہنچانے کی کوشش کی جائے گی، خیال رہے کہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی فوج کی نگرانی میں ہو رہی ہے۔

    بابر یعقوب نے بتایا کہ انتخابات میں خاص سیکورٹی والا بیلٹ پیپر استعمال کیا جاتا ہے، پرنٹنگ پریس میں پہنچائے گئے کاغذ میں سیکورٹی کے تمام فیچرز موجود ہیں۔ واٹر مارکڈ بیلٹ پیپرز تاریخ کے مہنگے ترین بیلٹ پیپرز ہیں۔

    سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ قومی ایئر لائن نے بیلٹ پیپرز کی بر وقت ترسیل میں بہت مدد کی، چھپائی کا عمل بر وقت مکمل ہو جائے گا۔

    انھوں نے ٹرانسفر کے حوالے سے کہا کہ کسی بھی ٹرانسفر اور پوسٹنگ سے متعلق آر او قانون کے مطابق دیا جاتا ہے، 2014 کی جوڈیشنل انکوائری کے بعد مانیٹرنگ کا نظام بھی بہتربنایا گیا۔

    بابر یعقوب کا کہنا تھا کہ قانون کی خلاف ورزی پر بینرز اور پوسٹرز اتارے جا رہے ہیں، خلاف ورزیاں دہرانے پر امیدواروں کو نا اہل بھی کیا جا سکتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • "شیر نہیں جیپ چاہئے” ن لیگ کا ٹکٹ واپس کرنے والے امیدواروں کی لائن لگ گئی

    "شیر نہیں جیپ چاہئے” ن لیگ کا ٹکٹ واپس کرنے والے امیدواروں کی لائن لگ گئی

    لاہور : جنوبی پنجاب میں گیارہ سے زائد لیگی امیدواروں نے پارٹی ٹکٹ مسترد کردیا، ٹکٹ واپس کرنے والے تمام امیدواروں نے جیپ کا انتخابی نشان مانگ لیا ہے۔ 

    تفصیلات کے مطابق ن لیگ کے منحرف رہنما چوہدری نثار کو جیپ کا انتخابی نشان الاٹ ہونے کے بعد ن لیگ کے ناراض اور آزادا میدواروں میں جیپ کا نشان اہمیت اختیار کرگیا ہے اور امیدواروں نے انتخابی نشان جیپ کیلئے الیکشن کمیشن میں درخواستیں دائر کردی ہیں۔

    جیپ کانشان مانگنے والوں میں این اے 190ڈی جی خان سے سردار امجد فاروق، حلقہ پی پی 287اور 288 سے محسن عطا کھوسہ، این اے193راجن پور سے لیگی امیدوار شیر علی گورچانی، این اے 194 راجن پور سے ڈاکٹرحفیظ الرحمان شامل ہیں۔

    راجن پور کی صوبائی نشستوں کے امیدوار یوسف دریشک، عاطف مزاری، این اے181 سے لیگی امیدوار سلطان محمود ہنجر، این اے 166 بہاولنگر ، لیگی امیدوار اصغر شاہ، پی پی 237 اور 238 سے شوکت لالیکا، میاں فدا حسین بھی بھی شیر کے بجائے جیپ کے خواہشمند ہیں۔

    اوکاڑہ سے رضاعلی جیلانی نے پی پی 184 سے ن لیگ ٹکٹ پر الیکشن لڑنے سے انکار کردیا ہے ، اب وہ پی پی 184 اور 185 سے آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑیں گے، سید رضا علی جیلانی سابق حکوت میں صوبائی وزیر ہائرایجوکیشن رہ چکے ہیں۔

    ڈی جی خان سے این اے 190 پر لیگی امیدوار اور سردارامجدفاروق کھوسہ نے بھی جیپ کانشان مانگ لیا ہے۔

    یاد رہے اس سے قبل الیکشن کمیشن نے چوہدری نثار کو’جیپ‘ کا انتخابی نشان الاٹ کیا تھا جبکہ ان کےحمایت یافتہ امیدوار عمرفاروق اورفیصل اقبال بھی جیپ کے انتخابی نشان پرانتخابات لڑیں گے۔

    چوہدری نثار این اے 59 اور این اے 63 سے الیکشن لڑیں گے جبکہ پی پی 10، 12، 19 اور 20 کے لئے بھی میدان میں ہیں۔

    خیال رہے کہ عام انتخابات 2018 کیلئے امیدواروں کو انتخابی نشان بھی آج جاری کیےجائیں گے۔

    الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق امیدوارآج سے تیئس جولائی تک انتخابی مہم چلاسکیں گے جبکہ امیدوار پولنگ سےاڑتالیس گھنٹے قبل انتخابی مہم ختم کرنے کے پابند ہوں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • کراچی سے قومی اسمبلی کی40 نشستیں ہونی چاہییں‘ فاروق ستار

    کراچی سے قومی اسمبلی کی40 نشستیں ہونی چاہییں‘ فاروق ستار

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ کراچی 60 سے 70 فیصد ریونیودیتا ہے، وفاق سے 2 فیصد خیرات ملتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹرفاروق ستار نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھی چاہتے ہیں انصاف سستا اورآسان ہو۔

    فاروق ستار نے کہا کہ این اے245 کے ریٹرننگ افسرنے مجھے بلایا تھا، شناختی کارڈ اورنامزدگی فارم میں نام میں فرق تھا۔

    ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں وسائل کی منصفانہ تقسیم ہو، کراچی 60 سے 70 فیصد ریونیودیتاہے، اسے وفاق سے 2 فیصد کی خیرات ملتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کیا آصف زرداری اورعمران خان کہیں گے کراچی کوپیسہ زیادہ دیا جائے، دونوں رہنما یہ وعدہ کریں تو ہو سکتا ہےان کی نشستوں سے ہم دستبردارہوجائیں۔

    فاروق ستار نے کہا کہ شرط یہ ہے وہ کہیں کہ پنجاب اورخیبرپختونخواہ کے وسائل سے کراچی کوحق دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی میں سیمپل مردم شماری نہیں ہوئی،آبادی کی ٹھیک گنتی نہیں ہوئی، کراچی اورسندھ کے لوگوں کوان کے حقوق ملنے چاہییں اور کراچی سے قومی اسمبلی کی40 نشستیں ہونی چاہییں۔

    ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ سلیکٹرکوئی اورہے میں صرف کپتان ہوں، امیدواروں کے انتخاب میں میراکوئی کردارنہیں ہے، میں نے اپنی طرف سے فہرست رابطہ کمیٹی کودے دی ہے۔

    متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فاروق ستار نے کہا کہ امن اورجمہوری استحکام کے لیے ایم کیوایم جیسی قربانیاں کسی نے نہیں دیں


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • الیکشن کمیشن امیدواروں کی حتمی فہرست آج جاری کرے گا

    الیکشن کمیشن امیدواروں کی حتمی فہرست آج جاری کرے گا

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سےعام انتخابات کے امیدواروں کی حتمی فہرست آج جاری کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن عام انتخابات 2018 کے امیدواروں کی حتمی فہرست آج جاری کرے گا اور امیدواروں کو انتخابی نشان بھی آج دیے جائیں گے۔

    ترجمان الیکشن کمیشن آف پاکستان الطاف احمد کے مطابق امیدواروں کے لیے کاغذات نامزدگی واپس لینے کا گزشتہ روز آخری دن تھا۔ انہوں نے کہا کہ امیدواروں کو اپنے پارٹی ٹکٹ بھی ریٹرننگ افسران کے پاس جمع کرانا تھے۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ امیدواروں کوانتخابی نشان آج دیے جائیں گے اور اس کے بعد الیکشن کمیشن امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کرے گا۔

    الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق انتخابی مہم کے لیے امیدواروں کو 23 دن ملیں گے اور شیڈول کے مطابق امیدوار پولنگ سے 48 گھنٹے قبل انتخابی مہم ختم کرنے کے پابند ہوں گے۔

    عام انتخابات 2018، الیکشن کمیشن نے پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھا دیا

    خیال رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے پولنگ کے وقت میں ایک گھنٹے اضافے کا اعلان کیا تھا۔

    الیکشن ایکٹ کے مطابق پولنگ کا وقت کم از کم 8 گھنٹے مقرر ہے تاہم ملکی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ پولنگ کے روز سے قبل ہی پولنگ کے اوقات بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • پنجاب ہمارا گھر ہے کسی کو ایک سیٹ بھی لینے نہیں دیں گے،شاہد خاقان عباسی

    پنجاب ہمارا گھر ہے کسی کو ایک سیٹ بھی لینے نہیں دیں گے،شاہد خاقان عباسی

    لاہور : سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی کا کہنا ہے کہ دونوں حلقوں سے الیکشن لڑوں گا، پنجاب ہمارا گھر ہے، کسی کو ایک سیٹ بھی نہیں لینے دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نااہلی کے فیصلے کی معطلی کے بعد سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب ہمارا گھر ہے، کسی کو ایک سیٹ بھی لینے نہیں دیں گے، دونوں حلقوں سے الیکشن لڑوں گا۔

    شاہدخاقان عباسی کا کہنا تھا کہ میاں نوازشریف نے 100 سے زائد پیشیاں بھگتیں، شرم کی بات ہے سابق وزیراعظم کو مقدمات میں گھسیٹا گیا اور ایسے مقدمات میں گھسیٹا گیا جس میں ان کانام تک نہیں تھا۔

    سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کے لیے انصاف کی کوئی توقع نہیں۔

    خیال رہے کہ لاہور میں ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو این اے 57 الیکشن ٹریبونل کی جانب سے نااہل قرار دیے جانے کا فیصلہ معطل کردیا اور الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔

    اس سے قبل شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا الیکشن سے متعلق فیصلے عوام کے پاس ہونا چاہئیے عدالتوں کے پاس نہیں، دس مرتبہ آنتخابات میں کاغذات جمع کروانے ٹیکنیکل بنیادوں پرکبھی کاغذات مسترد نہیں ہوئے اب ہورہے ہیں۔ یہ بھی منظور ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ فیصلہ عوام کو دیں دے، عوام پچیس جولائی کو فیصلہ کرے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ڈاکٹر فاروق ستار کا  الیکشن لڑنے کا فیصلہ

    ڈاکٹر فاروق ستار کا الیکشن لڑنے کا فیصلہ

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کرلیا اور این اے 245 اور 247 سے پارٹی ٹکٹ جمع کرا دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا اور این اے 245 اور 247 سے پارٹی ٹکٹ جمع کرا دئے جبکہ این اے 241 سے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے۔

    اس سے قبل میمن مسجد کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ عوام سےاپنےماضی میں کی غلطیوں پرمعافی مانگیں گے، یقین دلائیں گے ہم سب کوصرف عوام کی خدمت کرنی ہے، 10 سال سے ایک بوند اضافی پانی کراچی کو نہیں دیاگیا، کچرا اٹھانے کے اختیارات اور وسائل نہیں دیئے گئے، نکاسی آب کے وسائل، بلڈنگ کنٹرول کے اختیارات نہیں ملے۔

    ایم کیو ایم کے سینئر رہنما نے کہا کہ 3 کروڑ سے زائد آبادی کے شہرمیں پبلک ٹرانسپورٹ نہیں، شہبازشریف بتائیں مسائل کے حل کیلئے اسمبلی میں آواز اٹھائی؟

    ان کا کہنا تھا کہ کراچی سے جو بھی الیکشن لڑے ہم انہیں ووٹ نہیں دیں گے، مردم شماری میں ہمیں کم گنا گیا، آدھے شہر کی آبادی کو گم کر دیا گیا، شہبازشریف مردم شماری میں کم گنتی پر آواز اٹھائیں۔

    فاروق ستار نے مزید کہا کہ شہری مطالبہ کریں یہاں کی مردم شماری درست ہونی چاہئے، حلقہ بندیاں غلط کی گئیں، 21 نہیں کراچی سے40 سیٹیں ہونی چاہئیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ کراچی 70 فیصد ٹیکس دے،واپس 2 فیصد ملے یہ ہمیں نہیں چاہئے،70 فیصد میں سے 35 پنجاب، 15 سے 20 دوسرے صوبوں کو جارہا ہے۔

    رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ میمن مسجد میں 3لوگوں نے عوام سے ملاقات سبوتاژ کرنے کی کوشش کی، 3 لوگوں نے ہمارے خلاف پروپیگنڈا کیا وہ تینوں جماعت اسلامی کےتھے، جماعت اسلامی والے اگر یہ نہ کریں گے تو کون کرے گا۔

    اس سے قبل فاروق ستار کا کہنا تھا 39سالہ سیاسی کیریئرمیں صرف عزت کمائی، الیکشن لڑنا ہے یا نہیں فیصلہ آج کروں گا، کچھ ساتھی اصرار کر رہے ہیں اور کچھ منع کر رہے ہیں، ذاتی رائے یہ ہے کہ الیکشن نہیں لڑنا چاہئیے، اگرالیکشن لڑنا ہوا تو حلقہ 245 اور 247سے لڑوں گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • ایم کیوایم پاکستان کی انتخابی مہم کا آغاز، کراچی میں اتحاد یا سیٹ ایڈجسمنٹ نہ کرنے کا اعلان

    ایم کیوایم پاکستان کی انتخابی مہم کا آغاز، کراچی میں اتحاد یا سیٹ ایڈجسمنٹ نہ کرنے کا اعلان

    کراچی : ایم کیوایم پاکستان نے الیکشن کی تیاری اورانتخابی مہم کا آغاز کر دیا اور کراچی میں اتحاد یا سیٹ ایڈجسمنٹ نہ کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ اندرون سندھ میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ سے متعلق آپشن کھلا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے زور و شور سے الیکشن کی تیاری شروع کردیں اور انتخابی مہم کا آغازکر دیا، ایم کیو ایم کا مرکزی الیکشن سیل عارضی مرکز بہادر آباد میں قائم کیا گیا۔

    حمید الظفر کو مرکزی الیکشن سیل کا نگراں انچارج  مقرر کیا گیا ہے  جبکہ امیدوار کے حلقے، کل آبادی، ووٹرز کی تعداد، حلقہ بندیوں کی تفصیلات آویزاں کردی گئی۔

    سندھ بھر میں قومی وصوبائی اسمبلی کی نگرانی کے لیے کمیٹیاں تشکیل کردی، کمیٹیوں کو این اے اور پی ایس کمیٹیوں کا نام دیا گیا ہے، کمیٹیوں میں مرکزی الیکشن سیل ، رابطہ کمیٹی کے اراکین ، شعبہ جات ، خواتین ونگ اور ٹاؤن کے ذمہ داران شامل ہوں گے۔

    پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم نے کراچی میں اتحاد یا سیٹ ایڈجسمنٹ نہ کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ اندرون سندھ میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ سے متعلق آپشن کھلا ہے، پارٹی چاہتی ہے فاروق ستار ضرور الیکشن لڑیں۔

    ایم کیو ایم پاکستان ذرائع کے مطابق 6 ڈسٹرکٹ میں ٹاؤن اور یو سی کی سطح پر بھی الیکشن آفس کھولنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا گیا ہے کہ  کراچی سمیت سندھ بھر  میں یکم جولائی سے کارنر میٹنگ ، جلسے اور ریلیاں کالی جائیں گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • عام انتخابات 2018، الیکشن کمیشن نے پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھا دیا

    عام انتخابات 2018، الیکشن کمیشن نے پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھا دیا

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے عام انتخابات2018 کے لئے پولنگ کاوقت ایک گھنٹہ بڑھادیا ، اب پولنگ صبح 8سے شام 6بجے تک جاری رہے گی۔

    تفصیلات کے مطابق عام انتخابات2018 کی تیاریاں عروج پر ہیں ، الیکشن کمیشن نے پولنگ کاوقت ایک گھنٹہ بڑھا دیا، پولنگ صبح 8سے شام 6بجے تک جاری رہے گی۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ عوام کی سہولت کیلئے پولنگ کے اوقات میں اضافہ کیا گیا۔

    یاد رہے دو روز قبل الیکشن کمیشن نے کی 8بجےتک وقت بڑھانےکی درخواست مسترد کی تھی اور کہا تھا کہ پولنگ کا وقت قانون کے مطابق 8 گھنٹے مقرر
    ہے،  پولنگ کے اوقات صبح 8 تا 5سے زیادہ نہیں بڑھا سکتے۔


    مزید پڑھیں :  الیکشن کمیشن کا پی ٹی آئی کا پولنگ کا وقت بڑھانے کا مطالبہ مسترد


    لیکشن کمیشن حکام کا کہنا تھا کہ وقت بڑھانے کا اختیار کمیشن کا ہے فی الحال ضرورت نہیں، وقت میں انتہائی مجبوری اورضرورت کےتحت اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

    خیال رہے کہ پی ٹی آئی نے پولنگ کاوقت 5سےبڑھاکر8بجےتک کرنے کا مطالبہ کیا تھا اور عمران خان کی خصوصی ہدایت پر پارٹی کی جانب سے الیکشن کمیشن کی خط ارسال کیا گیا تھا۔

    خط میں‌ مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ موسم گرما کی وجہ سے پولنگ کاوقت صبح 7 سے رات 8 بجے تک کیا جائے، گرمی کی وجہ سے پولنگ متاثر ہوگی، دوپہر کے وقت ٹرن آوٹ کم ہوتا ہے، جس کی وجہ سے الیکشن کی سرگرمی اثر انداز ہوگی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں