Category: پاکستان الیکشن 2018

پاکستان میں الیکشن 2018 کا طبل بج چکا ہے اور تمام سیاسی جماعتیں اپنی اپنی انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔ پاکستان میں جمہوریت پہلی بار کامیابی سے 10 سال کا عرصہ تسلسل کے ساتھ گزار چکی ہے ۔ اس عرصے میں دو جمہوری حکومتوں نے اپنا دورِ اقتدار مکمل کیا۔ جمہوریت کے اس دوام سے عوام کی امیدیں بے پناہ بڑھ چکی ہیں ۔ اس سال ہونے والے انتخابات کو ایسا الیکشن قرار دیا جارہاہے جس کا پاکستان کے عوام کو شدت سے انتظار تھا۔

4جون 2018انتخابات میں حصہ لینے کے لیے ریٹرننگ افسر کے پاس کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ تھی

11جون2018نامزد امیدواروں کی فہرست شائع کرنے کا دن تھا،الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابات میں حصہ لینے کے خواہش مند افراد کی فہرست جاری کردی۔

19جون2018امید واروں کے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال کا آخری دن تھا،ریٹرننگ افسران نے ایف آئی اے، نیب ، اسٹیٹ بنک آف پاکستان اور ایف بی آر کی مدد سے امید واروں کے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل کی۔

22جون2018ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذاتِ نامزدگی قبول کرنے یا مسترد کرنے کے فیصلے کے خلاف اپیل کا آخری دن تھا،وہ تمام امید وار جن کی اہلیت پر الیکشن کمیشن نے سال اٹھائے تھے، انہوں نے ای سی پی کی جانب سے تشکیل کردہ اپیلٹ ٹریبیونل میں اپیل دائر کی ۔ اپیلٹ ٹریبیونل، الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے تشکیل دیا گیا تھا۔

27جون2018امیدواروں کی جانب سے دائر کی جانے والی اپیلوں پر فیصلے کا آخری دن تھا۔اپیلٹ ٹریبیونل نے دائر کردہ درخواستوں کی اور ریٹرننگ افسران کی جانب سے رد کیے جانے والے امید واروں کی اپیل پر اپنا حتمی فیصلہ سنایا۔

28جون2018 کو الیکشن ٹریبیونل کی جانب سے جاری کردہ فیصلوں کی روشنی میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنی ترمیم شدہ حتمی امیدواروں کی فہرست جاری کی۔

29جون2018کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے کا آخری دن تھا،وہ امید وار جو اپنے کاغذاتِ نامزدگی واپس لینا چاہتے تھے انہوں نے اس کا نوٹس ریٹرننگ افسران کو دیا۔

30جون2018 کوالیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابات میں حصہ لینے والے تمام امید واروں کو انتخابی نشان جاری کردیے۔

25جولائی2018 کو ملک بھر میں 18 سال سے زائد عمر کے شہری اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرتے ہوئے اپنی پسند کے امیدوار کے حق میں ووٹ کاسٹ کریں گے ، ان کا یہ ووٹ آئندہ پانچ سال کے لیے پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا۔

  • مولانا فضل الرحمان ایک کلو گوشت کیلئے پوری بھینس ذبح کرنا چاہتے ہیں، فواد چوہدری

    مولانا فضل الرحمان ایک کلو گوشت کیلئے پوری بھینس ذبح کرنا چاہتے ہیں، فواد چوہدری

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ منی لانڈرنگ پر سخت پالیسی بنے گی جسے دنیا کا تعاون حاصل ہوگا، حکومت پھولوں کی سیج نہیں کانٹوں کا بستر ہے، مولانا فضل الرحمان اپنے ایک کلو گوشت کےلئے پوری بھینس ذبح کرنا چاہتے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنی گالہ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ عمران خان وزرائے اعلیٰ اور وزراء کے فیصلے11تاریخ تک کرلیں گے، قومی اسمبلی سے8آزاد امیدوار اور 26 آزاد ایم پی ایز پی ٹی آئی میں شامل ہوچکے ہیں، قومی اسمبلی میں ہمارے نمبرز177، پنجاب میں186کےقریب ہیں، گیارہ تاریخ کو ایوان مکمل ہوجائے گا۔

    کےپی میں بھی دوتہائی اکثریت سے حکومت بنائیں گے، فاٹا کے دو آزاد ارکان پی ٹی آئی کو ووٹ دے رہے ہیں، پرویزخٹک ان سے رابطے میں ہیں، جبکہ بلوچستان میں اتحادیوں سے مل کر مخلوط حکومت تشکیل دیں گے، حکومت سازی کا یہ عمل ایک سے ڈیڑھ ہفتےمیں مکمل ہوجائے گا، تاہم اب تک حلف برداری کی کوئی تاریخ مقررنہیں کی گئی ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ملک کے48حلقوں میں دوبارہ گنتی ہوئی لیکن اس سے زیادہ فرق نہیں پڑا، عمران خان نے کہا ہے کہ جو حلقے کھلوانے ہیں کھلوالیں، اپوزیشن اپنے اعتراضات لائے، ہم آئین کے مطابق انہیں حل کرینگے۔

    ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ اپوزیشن اپنے مطالبات تو سامنے لے کر آئے، الیکشن ہم نے نہیں کرائے بلکہ الیکشن کمیشن نے کرائے ہیں، جس کو بھی کوئی شکایت ہے ان سے رابطہ کرے ہماری طرف سے کوئی رکاوٹ نہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان دو نشستوں سے الیکشن ہارے ہیں، وہ دس دفعہ بھی الیکشن لڑلیں پھر بھی ہاریں گے، مولانا صاحب اپنے ایک کلو گوشت کے لئے پوری بھینس ذبح کرنا چاہتے ہیں، حکومت میں میرٹ پر لوگ ہونگے، کوئی سفارش نہیں چلے گی۔

    ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ حکومت پھولوں کی سیج نہیں کانٹوں کا بستر ہے، عوام کی جو توقعات ہیں ان پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے، عمران خان محل میں رہ رہے ہیں نہ پروٹوکول لے رہےہیں۔

    ملاقات کیلئے آنے والے سفیروں سے کہا ہے کہ وہ بیرون ممالک سے رقم لانے کیلئے ہماری مدد کریں، پاکستان سے باہر منی لانڈرنگ کیا گیا پیسہ واپس لانا ملک کے مفاد میں ہے، پاکستان کے لوگوں کاپیسہ لندن، یواےای میں گیا ہے، منی لانڈرنگ پر سخت پالیسی بنے گی اور اسے دنیا کا تعاون حاصل ہوگا۔

    فواد چوہدری نے مزید بتایا کہ پاکستان کے دنیا کے ممالک سے برابری کی بنیاد پر تعلقات ہوں گے، نوازشریف کی طرح ذاتی تعلقات نہیں بنائیں گے، نوازشریف سے عمران خان کی کوئی ذاتی لڑائی نہیں۔

    ایون فیلڈ پراپرٹیز کا معاملہ برطانوی حکومت سے اٹھایا جائے گا، برطانوی حکومت سے کہیں گے کہ ایون فیلڈ پراپرٹیز پاکستانیوں کی ملکیت ہے، اس کا پیسہ پاکستانی عوام کا ہے جو واپس لانا حکومت کا فرض ہے۔

  • این اے 108: عابد شیرعلی کا ہار ماننے سے انکار، دوبارہ گنتی کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست

    این اے 108: عابد شیرعلی کا ہار ماننے سے انکار، دوبارہ گنتی کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست

    لاہور : عابد شیرعلی دوبارہ گنتی میں بھی ہار گئے لیکن ہارماننے کو تیارنہیں، لیگی رہنما نے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کو فرخ حبیب کی کامیابی کا نوٹی فیکشن روکنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے لیگی رہنما عابد شیر علی کی این اے 108میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی ہے۔

    عابد شیر علی نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ الیکشن کی رات پولنگ ایجنٹس کو گنتی کے وقت باہر نکال دیا گیا تھا اور مخالف امیدوار کو جتوانے کے لئے جعلی فارم 45 بنائے گئے۔ عابد شیر علی نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت حلقے میں دوبارہ گنتی کا حکم دے اور عدالتی فیصلے تک فرخ حبیب کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کا بھی حکم دے جسے منظور کر لیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے پی ٹی آئی کے امیدوار فرخ حبیب نے کہا ہے کہ شکست کے بعد ن لیگ نے رونا دھونا شروع کردیا ہے، عابد شیرعلی جہاں چاہیں دوڑیں لگائیں انہیں شکست ضرور ہوگی، جس طرف جائیں گے وہاں بلا نظر آئے گا۔

    انہوں نے کہا کہ عابد شیر علی220پولنگ اسٹیشنز میں برتری حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں، اپنے مینڈیٹ پرکسی کو ڈاکا مارنے نہیں دیں گے اور نہ ہی عمران خان کے خلاف کسی سازش کو کامیاب ہونے دیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: عابد شیرعلی ووٹوں کی دوبارہ گنتی پر ناکام، فرخ حبیب کی جیت برقرار

     یاد رہے کہ اس سے قبل این اے 108 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی بھی عابد شیر علی کے کام نہیں آسکی تھی، مسلم لیگ ن کے رہنما کے مزید سات سو ایک ووٹ کم ہوگئے، جس جکے بعد تحریک انصاف کے فرخ حبیب کی جیت برقرار  ہے۔

  • ووٹوں کی دوبارہ گنتی ، پی ٹی آئی امیدوار شاہ فرمان کی جیت ہار میں بدل گئی

    ووٹوں کی دوبارہ گنتی ، پی ٹی آئی امیدوار شاہ فرمان کی جیت ہار میں بدل گئی

    پشاور : خیبرپختونخوا میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی نے بازی پلٹ دی، پی ٹی آئی کے رہنما شاہ فرمان کی جیت ہارمیں بدل گئی اور اے این پی کے خوشدل خان کامیاب قرار پائے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کے حلقہ پی کے 70 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی نے خیبرپختونخوا سے پی ٹی آئی کے رہنما شاہ فرمان ہار گئے جبکہ اے این پی کے خوشدل خان کامیاب ہوئے۔

    خوشدل خان نے پی کے 70 سے 15 ہزار 544 ووٹ حاصل کرکے پی ٹی آئی امیدوار کو 187 ووٹوں سے شکست دے دی۔

    فتح کے بعد خیبر پختونخوا اسمبلی میں اے این پی نے ایک اور نشست اپنے نام کرلی اور سیٹیوں کی تعداد سات ہوگئی ہے۔

    یاد رہے 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے شاہ فرمان 47 ووٹوں سے کامیاب ہوئے تھے۔

    جس کے بعد حلقے میں خوشدل خان کی جانب سے دوبارہ گنتی کی درخواست دی تھی، حلقے میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی چھ روز سے جاری تھی جو کہ آج مکمل ہوگئی ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا میں 66 نشستوں کے ساتھ حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے تاہم شاہ فرمان کی شکست کے بعد ایک نشست کم ہوگئی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • پی ٹی آئی کا دارومدار ایم کیوایم پر ہے، اپوزیشن متفقہ امیدوار لائے گی، خورشید شاہ

    پی ٹی آئی کا دارومدار ایم کیوایم پر ہے، اپوزیشن متفقہ امیدوار لائے گی، خورشید شاہ

    اسلام آباد : پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی پوری سیاست کا دارومدار ایم کیوایم پر ہے، وزیراعظم اور اسپیکر کیلئے اپوزیشن کا مشترکہ امیدوار ہوگا۔

    یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، خورشید شاہ نے کہا کہ حکومت سازی کیلئے تحریک انصاف اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی۔

    نمبر گیم پی ٹی آئی کے حق میں نہیں بہت کم فرق ہے، پی ٹی آئی کی ساری سیاست کا دارومدارایم کیوایم پر ہے، اب دیکھتے ہیں ایم کیوایم کیا فیصلہ کرتی ہے۔

    سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن قومی اسمبلی میں وزیراعظم اور اسپیکر کیلئے متفقہ امیدوار لائے گی، حلف برداری سے پہلے یہ تمام معاملات طے ہوجائیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ملکی معیشت کی بہتری کیلئے اسد عمر نے ابھی سے تیاریاں شروع کردیں، نعیم الحق

    ملکی معیشت کی بہتری کیلئے اسد عمر نے ابھی سے تیاریاں شروع کردیں، نعیم الحق

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے مرکزی رہنما نعیم الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت شدید بحران کا شکار ہے، جس کی بہتری کیلئے اسد عمر نے ابھی سے تیاریاں شروع کردی ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، نعیم الحق نے کہا کہ الیکشن کے بعد پی ٹی آئی سندھ کی دوسری بڑی سیاسی جماعت بن چکی ہے، عمران خان کی خواہش ہے حکومت میں آکرعوامی مسائل حل کریں، حکومت میں آکر عوامی مسائل کےحل کیلئےانقلابی اقدامات کرینگے۔

    نعیم الحق کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت شدید بحران کاشکار ہے، ملکی معیشت کو بحران سے نکالنے کیلئے اسدعمر مشاورت کررہے ہیں، عوام کیلئے خوشخبری ہے کہ قومی وسائل ان پر ہی خرچ ہوں گے، اسد عمر نےابھی سےمعیشت کی بہتری کیلئےتیاریاں شروع کردی ہیں،5سال میں ایک کروڑنوکریوں کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔حکومت فوری طور پر ایسے اقدامات اٹھائے گی کہ جس سے مسائل میں کمی واقع ہو۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کی تقریب حلف برداری کی تیاری موجودہ حکومت کرے گی، حلف برداری میں غیرملکی سربراہان کی شرکت پرابھی کچھ نہیں کہہ سکتا، تاہم سارک ممالک کے سربراہان کی شرکت متوقع ہے۔

    نواز شریف نے اپنی تقریب حلف برداری میں کسی کو نہیں بلایاتھا، عمران خان جلد وفاقی،صوبائی وزرا کےحوالے سےآگاہ کرینگے، بیرون ملک سے پاکستانی سرمایہ کاری کیلئے آرہےہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کامیاب امیدواروں کو انتخابی اخراجات کی تفصیلات جمع کروانے کی ہدایت

    کامیاب امیدواروں کو انتخابی اخراجات کی تفصیلات جمع کروانے کی ہدایت

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے انتخابات 2018 میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو انتخابی اخراجات کے گوشوارے جمع کروانے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے ہدایات جاری کی ہیں کہ الیکشن 2018 میں کامیاب ہونے والے امیدوار 4 اگست تک انتخابی اخراجات کی تفصیلات جمع کروادیں۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اخراجات کی تفصیلات جمع کروانے کے بعد امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے گا۔

    تاحال کسی بھی کامیاب امیدوار نے اخراجات کی تفصیلات جمع نہیں کروائی ہیں۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق 9 اگست تک تمام امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا جائے گا تاہم اس سے قبل امیدواروں کو انتخابی اخراجات کی تفصیلات جمع کروانی ہوں گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • مولانا فضل الرحمان نے آرمی چیف کے بیان سے اپنی مرضی کا مطلب نکال لیا

    مولانا فضل الرحمان نے آرمی چیف کے بیان سے اپنی مرضی کا مطلب نکال لیا

    اسلام آباد : جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آرمی چیف کا بیان سمجھے بغیر اپنی مرضی کا مطلب نکال لیا، سپہ سالار کا بیان الیکشن مہم کے دوران ہونے والے دہشت گردی میں ملوث قوتوں کیخلاف تھا۔

    تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان کو الیکشن میں بد ترین شکست کا جھٹکا تھا یا کچھ اور۔ آرمی چیف کےدہشت گردوں کےخلاف دیئے گئے بیان کو اپنا مطلب پہنادیا۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا تھا کہ پاکستانیوں نے ووٹ کا فرض نبھا کر دشمن طاقتوں کو ہرا دیا۔ آرمی چیف نے ووٹ کی طاقت سے دہشت گردوں کو شکست دینے کی بات کی۔

    فضل الرحمان نے بیان کو اپنی شکست سے جوڑ دیا جبکہ ان کا بیان الیکشن کے پرامن انعقاد کے حوالے سے تھا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کا بیان واضح اور اُن الیکشن مخالف دشمن قوتوں سے متعلق تھا جنہوں نے انتخابی مہم کے دوران ملک میں دہشت پھیلانے کی کوشش کی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پی ٹی آئی پنجاب میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی، وزیراعلیٰ کون ہوگا؟

    پی ٹی آئی پنجاب میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی، وزیراعلیٰ کون ہوگا؟

    اسلام آباد : آزاد امیدواروں اور مسلم لیگ (ق) کی حمایت کے بعد پاکستان تحریک انصاف پنجاب میں حکومت سازی کی پوزیشن میں آگئی، پنجاب میں حکومت سازی کیلئے میاں اسلم کے بعد شاہ محمود قریشی اور یاسمین راشد کا نام بھی پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے امیداواروں میں شامل ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن 2018کے بعد بنی گالہ سیاسی سرگرمیوں کا اہم مرکز بن گیا، پنجاب میں وزارت اعلیٰ کا اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا، حکومت سازی کے لیے سوچ بچار کیلئے بنی گالہ میں مشاورت جاری ہے۔

    میاں اسلم کے بعد شاہ محمود قریشی کا نام بھی سامنے آیا ہے، اس کے علاوہ یاسمین راشد بھی فیورٹ قرار پائی ہیں، پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین نے عبوری وزیراعلیٰ پنجاب لانے کی بھی تجویز پیش کی ہے۔

    دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے لیے عاطف خان کا نام فائنل کرلیا گیا، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پرویز خٹک کو اپنی کابینہ میں شامل کرنے کے لئے راضی کر لیا۔

    جس کے بعد یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پرویز خٹک کو وفاقی وزیر داخلہ بنایا جائے گا، پرویز خٹک کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کیلئے عاطف خان مضبوط امیدوار ہیں۔

    علاوہ ازیں بلوچستان میں مخلوط حکومت کے قیام پراتفاق کرلیا گیا ہے، بلوچستان عوامی پارٹی کے وفد نے بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات کی۔

    وفاق میں پی ٹی آئی کی غیرمشروط حمایت کااعلان کرتے ہوئے جام کمال کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے ساتھ اتحاد کیا ہے اور مطلوبہ حمایت بھی حاصل ہوگئی ہے۔

    انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اب صوبے میں تبدیلی آئے گی۔جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں ہمارے امیدوار جام کمال ہی ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پیپلز پارٹی پنجاب میں اپوزیشن بینچوں پر بیٹھے گی، بلاول بھٹو زرداری

    پیپلز پارٹی پنجاب میں اپوزیشن بینچوں پر بیٹھے گی، بلاول بھٹو زرداری

    کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وفاق کے بعد پیپلزپارٹی پنجاب میں بھی اپوزیشن بینچوں پر بیٹھے گی، کسی کی غیر مشروط حمایت نہیں کریں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب کے نو منتخب ارکان صوبائی اسمبلی سے ملاقات کے موقع پر کیا، چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ اگرچہ ہمارے نمائندوں کی تعداد کم ہے تو کیا ہوا، پنجاب میں ڈٹ کر اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔

    جنوبی پنجاب صوبہ کوئی کٹھ پتلی جماعت نہیں صرف پیپلزپارٹی ہی بنا سکتی ہے، انہوں نے دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ہم کسی کی غیرمشروط حمایت نہیں کریں گے ہماری حمایت اور مخالفت صرف عوامی مسائل کی بنیاد پر ہوگی۔

    ؎بلاول بھٹو سے ملاقات کرنے والوں میں حسن مرتضیٰ، علی حیدر گیلانی اور دیگر شامل تھے، اراکین نے پنجاب میں حکومت سازی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

    واضح رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری الیکشن کی شفافیت پر اعتراض کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر کے استعفیٰ کا مطالبہ کر چکے ہیں۔

    مزید پڑھیں: انتخابات مسترد، بلاول کا ڈٹ کر اپوزیشن کرنے کا اعلان

    ان کا کہنا ہے کہ ہم انتخابات کے نتائج کو مسترد کرتے ہیں مگر پارلیمنٹ جاکر بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کینیڈین وزیر نے عمران خان کے خطاب اور الیکشن 2018 کو بہترین قراردے دیا

    کینیڈین وزیر نے عمران خان کے خطاب اور الیکشن 2018 کو بہترین قراردے دیا

    ٹورنٹو: کینڈا کے امیگریشن وزیر احمد حسین نے پاکستان میں ہونے والے حالیہ انتخابات اور ممکنہ وزیراعظم عمران خان کے فاتحانہ خطاب کو سراہا اور اُس کی تعریف کی۔

    تفصیلات کے مطابق ہفتے کی رات کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں نجی چینل کی جانب سے ایوارڈ شو کا انعقاد کیا گیا جس میں سرکاری حکام نے بھی شرکت کی۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بہترین الیکشن ہوئے اور میں نے خود عمران خان کی تقریر سنی جس میں انہوں نے زبردست باتیں کیں۔

    احمد حسین کا کہنا تھا کہ عمران خان کی وجہ سے کینیڈا پاکستان میں سرمایہ کاری کرے گا کیونکہ ہم عمران خان کی تقریر اور اُن کے وژن سے متاثر ہوئے جسے انہوں نے تقریر میں بیان کیا۔

    انہوں نے اعتراف کیا کہ ملکی ترقی میں کینڈا کی ترقی میں یہاں بسنے والے پاکستانیوں کی خدمات بھی قابل تعریف ہیں، ہم پاکستان کے ساتھ مستقبل میں اپنے ثقافتی تعلقات کو مزید بہتر بنائیں گے کیونکہ دونوں ممالک کا اتحاد ہی اصل طاقت ہے۔

    کینڈا کے امیگریشن وزیر نے اپنی تقریر کا اختتام پاکستان زندہ باد کے نعرے کے ساتھ کیا۔ پاکستان تحریک انصاف نے ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شیئر کی۔

    واضح رہے کہ عمران خان نے الیکشن 2018 میں پاکستان تحریک انصاف کی واضح اکثریت کے بعد قوم سے پہلا خطاب کیا تھا جس میں انہوں نے خارجہ پالیسی اور بالخصوص پڑوسی ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات پر تفصیلی گفتگو کی تھی۔

    پی ٹی آئی چیئرمین اور پاکستان کے ممکنہ وزیراعظم کی تقریر کو نہ صرف پاکستانیوں سے قابلِ تعریف قرار دیا بلکہ افغانستان، چین، بھارت، سعودی عرب، آسٹریلیا سمیت دیگر ممالک نے بھی سراہا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔