Category: سعودی عرب

سعودی عرب سے آنے والی تازہ ترین خبریں اور معلومات۔ سعودی عرب اردو نیوز

سعودی عرب کی وزارت محنت کے مطابق، 2023 میں سعودی عرب میں 1.5 ملین سے زیادہ پاکستانیوں کو ورک ویزا جاری کیا گیا تھا۔

یہ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ سعودی عرب میں پاکستانیوں کی تعداد لاکھوں میں ہے۔ وہ سعودی معیشت میں ایک اہم کردار ادا کرتے ہیں

سعودی عرب سے آنے والی تازہ ترین خبریں اور معلومات۔ سعودی عرب اردو نیوز

  • سعودی عرب: خواتین کے ڈرائیونگ سے متعلق تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں

    سعودی عرب: خواتین کے ڈرائیونگ سے متعلق تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں

    ریاض: سعودی وزیر داخلہ کے معاون سعید بن عبداللہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں خواتین کے گاڑی چلانے کے حوالے سے تمام امور اور تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ خواتین رواں سال 24 جون سے گاڑیاں چلاسکیں گی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹریفک سے متعلق ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، معاون سعید بن عبداللہ کا کہنا تھا کہ جس طرح مرد ٹریفک قوانین کی پاسداری کرتے ہیں اسی طرح خواتین کو بھی کرنا ہوگی، یہ نوبت ہی نہیں آئے گی کہ اس حوالے سے سخت کارروائی کی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ اللہ نے چاہا تو خواتین کی جانب سے ٹریفک کی خلاف ورزیاں نہیں ہوں گی، امید ہے کہ خواتین کی ڈرائیونگ زیادہ سلامتی کی حامل اور محفوظ ہوگی اور اس حوالے سے شاذ و نادر ہی کسی حراست کی نوبت آئے گی، لیکن اگر ایسی صورت حال ہوئی تو قانون کے مطابق فیصلے ہوں گے۔


    سعودی عرب: غیرملکی ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والی خواتین ڈرائیورز کے لیے اہم فیصلہ


    سعید بن عبداللہ کا کہنا تھا کہ سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبد العزیز بن سعود ٹریفک سیکیورٹی کو جدید طرز پر بنا رہے ہیں، تاکہ سڑک پر گاڑیاں چلانے میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے، اس سلسلے میں شاہی فرمان کے مطابق مزید بھی اقدامات کریں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ خواتین کو ہر شعبوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے تاکہ مملکت کی ترقی میں ان کا بھی واضح کردار ہو، سڑک پر گاڑیاں چلاتی خواتین کی عزت کرنا ہم پر لازم ہے، ایسے فیصلے سعودی عرب کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔


    جرمنی میں خواتین ڈرائیور کے نقاب پر پابندی برقرار


    خیال رہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے خواتین ڈرائیورز کے لیے  بھرپور اقدامات کیے جارہے ہیں، غیر مملکی ڈرائیونگ لائسنس کی حامل خواتین کے لیے بھی آسان اور سہل طریقہ متعارف کرایا گیا ہے تاکہ وہ اپنے ڈرائیونگ لائسنس کو سعودی عرب کے ڈرائیونگ لائسنس میں تبدیل کراسکیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سعودی پولیس کی کامیاب کارروائی، تین ڈاکو گرفتار، 25 ملین ریال برآمد

    سعودی پولیس کی کامیاب کارروائی، تین ڈاکو گرفتار، 25 ملین ریال برآمد

    ریاض: سعودی پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ایک یمنی سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرکے 25 ملین ریال کی مسروقہ رقم برآمد کرلی ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق ریاض پولیس کو اطلاع ملی کہ شاہراہ خالد بن ولید پر مسلح ڈاکوؤں نے ایک نجی کمپنی کی گآڑی پر حملہ کرکے اس کے ایک گارڈ کو قتل اور دو کو زخمی کرکے گاڑی سے کم از کم 19 ملین ریال کی خطیر رقم لوٹ لی ہے۔

    اطلاع ملتے ہی ریاض کے پولیس چیف میجر جنرل فہد بن زید المطیری نے کرائسز سیل قائم کرنے کے ساتھ ایک خفیہ ٹیم تشکیل دی جس نے کمال مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلح ڈکیتی میں ملوث ملزمان کا سراغ لگالیا۔

    پولیس نے ریاض میں مسلح ڈاکوؤں کے ایک ٹھکانے پر چھاپہ مارا جہاں سے ایک یمنی شہری پکڑا گیا، ٹھکانے کی تلاشی کے دوران لوہے کے صندوقوں میں چھپائی گئی رقم برآمد کی گئی، گرفتار ملزم کی نشاندہی پر اس کے دو ساتھیوں کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

    گرفتار ملزمان نے تفتیش کے دوران اپنی مزید تین ڈکیتیوں کا اعتراف کیا، ایک ڈکیتی میں انہوں نے دو ملین، دوسری میں کم از کم چار ملین کی رقم لوٹی تھی جبکہ تیسری ڈکیتی میں لوٹی گئی رقم کی مالیت ایک ملین ریال سے زائد تھی۔

    ملزمان کے قبضے سے دو پستول، 31 گولیاں، نو موبائل فونز، یمن کے پاسپورٹس، دو لیپ ٹاپ، موبائل فون کی سمیں اور بینک کی چیک بکس بھی برآمد کرلی گئیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سورج خانہ کعبہ کے عین اوپر آگیا

    سورج خانہ کعبہ کے عین اوپر آگیا

    ریاض: سورج خانہ کعبہ کےعین اوپر آگیا، جس سے کعبہ اور مسجد الحرام میں تمام چیزوں کا سایہ نہیں رہا، اس وقت دنیا بھرکے مسلمان قبلے کی درست سمت کا تعین کرسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سورج عین بیت اللہ کے اوپر عمودی زاویے پرچمک رہا ، جس سے کعبہ اور مسجد الحرام میں موجود تمام چیزوں کا سایہ نہیں رہا اور دنیا بھر میں ہرجاندار و بے جان اشیاء کے سایوں کا رخ بیت اللہ شریف کی طرف ہوگیا۔

    دنیا بھر کے مسلمان اس وقت قبلہ شریف کی درست سمت کا تعین کرسکتے ہیں۔

    خیال رہے کہ ہر سال ماہرین فلکیات کی جانب سے قبلہ رخ کا صحیح سمت میں تعین کرنے کے لیے ایک تاریخ مقرر کی جاتی ہے کیونکہ جب سورج عین اُس وقت بیت اللہ شریف کے اوپر ہوتا ہے۔

    واضح رہے خانہ کعبہ زمین کے عین مرکز میں واقع ہے، اسی لئے جب سورج اپنی گردش مکمل کرتے ہوئے خانہ کعبہ کے اوپر پہنچتا ہے تواس کا سایہ نہیں ہوتا، ایسی صورت حال سال میں 2 مرتبہ ہوتی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا شیئر کریں۔

  • سعودی شہری ماں کی تدفین کے چار گھنٹے بعد خود بھی چل بسا

    سعودی شہری ماں کی تدفین کے چار گھنٹے بعد خود بھی چل بسا

    ریاض: سعودی شہری ماں کی تدفین کے چار گھنٹے بعد خود بھی دار فانی سے کوچ کرگئے۔

    عرب میڈیا کے مطابق انتقال کرجانے والے سعودی شہری کے بیٹے محمد القنیطیر نے غم کی اس رات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ النسیم قبرستان میں میری دادی کو دفن کرنے کے بعد میرے والد اسی جگہ گر کر بے ہوش ہوگئے، ان کی روح نے قبرستان سے کوچ کرنے سے انکار کردیا، انہیں نماز تراویح کے بعد ماں کے پہلو میں ہی دفن کیا گیا۔

    القنیطیر کے مطابق میری دادی اور والد کی تدفین کے درمیان صرف چار گھنٹوں کا فرق تھا، وہ والدہ کے ساتھ برتاؤ میں اتنے نیک تھے کہ مقدر نے بھی ان کو علیحدہ کرنے سے انکار کردیا۔

    سعودی شہری کا کہنا ہے کہ ان کے والد کی عمر 60 برس تھی وہ قرآن کریم کے معلم اور السلام مسجد کے امام کے طور پر اپنے فرائض انجام دیتے تھے، ان کے والد کے دس بچے ہیں اور والد سے آخری ملاقات ان کی دادی کی تدفین سے پہلے ہوئی تھی جب والد نے تمام لوگوں کو دعا کی ہدایت کی تھی۔

    اس حیرت انگیز واقعے سے متعلق ڈاکٹر حمزہ الطیار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاک ہے اللہ کی ذات جس کو فنا نہیں، سلیمان القنیطیر نے میرے ساتھ عصر میں اپنی ماں کا جنازہ پڑھا اور اسی روز نماز تراویح کے بعد میں نے اس کا جنازہ پڑھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سعودی عرب سنہ2020 میں طیاروں کی پرزہ سازی شروع کرنے کا اعلان کردیا

    سعودی عرب سنہ2020 میں طیاروں کی پرزہ سازی شروع کرنے کا اعلان کردیا

    ریاض : سعودی عرب کی فوجی ساز و سامان تیار کرنے والی کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ سنہ 2020 میں جدہ میں طیاروں کے پرزوں کی تیاری شروع کی جائے، جس کے بعد سعودی عرب طیاروں کی پرزہ سازی میں خود کفیل ہوجائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی طیارہ ساز کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ سنہ 2020 میں فضائی کمپنی ’اے سی سی اے‘ کے ہمراہ طیاروں کے بنیادی ڈھانچے اور پُرزوں کی تیاری شروع کی جائے گی۔

    سعودی عرب کی فوجی ساز و سامان تیار کرنے والی کمپنی ’ایس اے ایم آئی‘ کی جانب سے جدہ میں طیاروں کے پُرزوں کی تیاری کا کام تیزی سے جاری ہے۔

    فوجی ساز و سامان تیار کرنے والی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو منصور العید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سعودی عرب سنہ 2020 تک ’ٹائفون’ طایرے کے پُرزے کا کام شروع کردے گا جبکہ مسافر بردار طیاروں کے پرزوں کی تیاری کا کام سنہ 2019 میں ہی شروع کردیا جائے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کا کہنا تھا کہ طیاروں کے پرزے سعودی عرب میں تیار کرنے سے ملکی اخراجات میں کمی آئے گی جبکہ پرزوں کو درآمد کرکے ان سے منافع حاصل کیا جاسکے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ’ایس اے ایم ای‘ کی جانب سے جہازوں کے پرزوں کی تیاری سے مملکت کی پیداوار اضافہ ہوگا، جبکہ سعودی افواج کو دیگر ممالک کو سے طیاروں کے پرزے خریدنے کی ضرورت نہیں رہے گی اور سعودی عوام کو روز گار کے مواقع مہیا ہوں گے۔

    منصور العید کا کہنا تھا کہ سعودی عرب 3 برسوں میں 450 شہریوں مذکورہ شعبے میں کو برسر روز گار لایا ہے۔ مملکت مزید شعبوں میں عوام کے لیے ملازمتیں نکالے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سمندری طوفان سعودی عرب کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا گیا

    سمندری طوفان سعودی عرب کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا گیا

    ریاض: یمن اور عمان میں تباہی مچانے کے بعد سمندری طوفان ’مکونو‘ سعودی عرب کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق یمن کے بعد گذشتہ روز عمان میں تباہی مچانے والا سمندری طوفان ’مکونو‘ اب سعودی عرب کے ساحلی علاقوں سے جاٹکرایا ہے جس کے باعث ساحلی علاقوں میں ایمرجنسی نافذ ہے۔

    عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان سے نمٹنے اور بڑے پیمانے پر نقصانات سے بچنے کے لیے ساحلی علاقوں پر ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے جبکہ سعودی حکام نے عوام کو تلقین کی ہے وہ اپنی حفاظت خود بھی یقینی بنائیں۔

    قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے نے سعودی صوبے نجران میں مکونو طوفان کے نتیجےمیں کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور وہاں اضافی امدادی ٹیمیں بھی بھیج دی ہیں۔


    سمندری طوفان مکونو عمان کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا گیا


    ادارے کی جانب سے نجران کے مکینوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ آئندہ چند روز کے دوران میں مکونو طوفان کے نتیجے میں رونما ہونے والی موسمی تبدیلیوں میں محتاط رہیں، وہ اپنے گھروں میں ہی مقیم رہیں اور باہر نکلنے سے گریز کریں۔

    خیال رہے کہ مکونو طوفان دو روز قبل یمن کے جزیرہ سقطری سے ٹکرایا تھا اور اس کے متعدد دیہات زیر آب آگئے تھے جس کے بعد یمنی حکام نے سقطری میں ہنگامی حالت کا اعلان کردیا تھا۔

    علاوہ ازیں مکونو نے یمن کے ساحلی علاقوں میں تباہی پھیلانے کے بعد آج عمان میں صوبہ ظفار کے ساحلی علاقوں کا رُخ کیا تھا جس کے باعث ایک شخص جاں بحق جبکہ دس سے زائد افراد لاپتہ ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سعودی عرب: غیرملکی ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والی خواتین ڈرائیورز کے لیے اہم فیصلہ

    سعودی عرب: غیرملکی ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والی خواتین ڈرائیورز کے لیے اہم فیصلہ

    ریاض: سعودی عرب میں بین الاقوامی یا غیرملکی ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والی خواتین ڈرائیورز کو ایک سال تک کاریں چلانے کی اجازت ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی ٹریفک ڈپارٹمنٹ کی جانب سے غیرملکی یا بین القوامی لائسنس کو سعودی عرب کے ڈرائیونگ لائسنس میں تبدیل کرنے کا عمل جاری ہے تاہم وہ خواتین جن کے پاس دیگر ممالک کے ڈرائیونگ لائسنس ہے وہ ایک سال تک سعودی عرب میں ڈرائیونگ کر سکیں گی۔

    سعودی میڈیا کا کہنا ہے کہ غیرملکی ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والی خواتین کو ملک میں داخلے کے بعد سے ایک سال تک ڈرائیونگ کرنے کی اجازت دی جائے گی تاہم انہیں اپنے لائسنس سعودی عرب کے ڈرائیونگ لائسنس میں تبدیل کرانا ضروری ہوگا۔


    سعودی عرب: ٹریفک ڈپارٹمنٹ کا خواتین ڈرائیور کے لیے اہم فیصلہ


    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں سعودی ٹریفک ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ ڈرائیونگ کرنے کی وہ خواہش مند خواتین جن کے پاس غیرملکی ڈرائیونگ لائسنس ہے تو وہ اپنے لائسنس باآسانی سعودی لائسنس سے تبدیل کراسکتی ہیں۔

    جاری کردہ بیان میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ لائسنس کی تبدیلی کے لیے باقاعدہ حکمت علمی تیار کی ہے جس کے تحت ٹریفک ڈپارٹمنٹ کی ویب سائٹ پر فارم پُر کرنا ہوگا تاکہ اس عمل کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے اور تمام خواتین ڈرائیور کو سعودی عرب کا ڈرائیونگ لائسنس دیا جائے۔


    سعودی عرب کے پانچ شہروں میں خواتین کے لیے ڈرائیونگ اسکولز قائم


    واضح رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے متعارف کرائی گئیں اصلاحات کے اثرات مملکت میں تیزی سے پھیلتے جارہے ہیں، گزشتہ دنوں خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت ملنے کے بعد پانچ شہروں میں خواتین کے لیے ڈرائیونگ اسکول بھی قائم کردیے گئے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سعودی ولی عہد اور فرانسیسی صدر میں رابطہ، خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال

    سعودی ولی عہد اور فرانسیسی صدر میں رابطہ، خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال

    ریاض: سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے فرانسیسی صدر سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے.

    تفصیلات کے مطابق محمد بن سلمان اور عمانوایل ماکروں کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، جس میں‌ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے تبادلہ خیال کیا گیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق اس گفتگو میں خطے میں ہونے والی تازہ پیش رفت کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا ہے۔ یاد رہے کہ سعودی ولی عہد کے پاس نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع کا قلم دان بھی موجود ہے.

    خیال رہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان نے ماہ اپریل میں امریکا کے تین ہفتے کے طویل دورے کے بعد سرکاری دعوت پر فرانس کا دورہ کیا تھا، جہاں انھوں نے فرانسیسی صدر عمانوایل ماکروں اور دوسرے اعلیٰ عہدے داروں سے ملاقاتیں کیں.

    یاد رہے کہ 21 اپریل کو سعودی شاہی محل کے نزدیک فائرنگ کی آوازیں سنائی دی تھیں، جس کے بعد ولی عہد محمد بن سلمان کئی روز تک میڈیا سے دور رہے، اس پراسرار گمشدگی نے کئی قیاس آرائیوں کو جنم دیا، روسی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ 21 اپریل کی مبینہ بغاوت میں سعودی ولی عہد شدید زخمی ہوگئے ہیں.

    سعودی حکام نے جلد ہی اس دعویٰ کی تردید کر دی اور محمد بن سلمان کی مصری صدر السیسی کے ساتھ ایک تصویر جاری کی. گذشتہ دونوں سعودی عرب کے سرکاری میڈیا نےمحمد بن سلمان کی حالیہ تصویر جاری کی تھی، جس میں وہ کونسل برائے اقتصادی کونسل کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

    اب سعودی ولی عہد نے اور فرانسیسی صدر سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، جس میں دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا.


    سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے متعلق قیاس آرائیاں جھوٹی ثابت ہوئیں


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سعودی عرب میں کمسن بچی کو سیگریٹ نوشی کی تربیت دینے پر والد گرفتار

    سعودی عرب میں کمسن بچی کو سیگریٹ نوشی کی تربیت دینے پر والد گرفتار

    ریاض : سعودی عرب کے سیکیورٹی اداروں نے کمسن بیٹی کو سیگریٹ نوشی کی تربیت دینے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سعودی والد کو حراست میں لے لیا.

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں سوشل میڈیا پر چھوٹی بچی کو سیگریٹ نوشی سکھانے کی ویڈیو وائرل ہونے پر سیکیورٹی اداروں نے سیگریٹ نوشی سکھانے والے شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی شہری کی جانب سے اپنی کمسن بیٹی کو سیگریٹ نوشی کی تربیت دینے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر  عوام کی جانب سے بھی بچی کو سیگریٹ نوشی کروانے والے سعودی والد کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

    سعودی عرب کے اٹارنی جنرل شیخ سعود بن عبداللہ الموجیب نے سماجی رابطوں کی ویب سایٹ پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بچی کے والد کی گرفتاری کے لیے وارنٹ جاری کیے تھے۔

    شیخ سعود بن عبداللہ الموجیب کا کہنا تھا کہ والد کی جانب سے اپنی کمسن بیٹی کو سیگریٹ نوشی کی تربیت دینا،  بچی کی صحت کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔

    سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق پبلک پراسٹیکیوٹر کا کہنا تھا کہ معاشرے، سماج، اور عوام کی حفاظت کرنا اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کا احتساب کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے پبلک پراسیکیوشن نے حال ہی میں بدسلوکی اور قانون کی خلاف ورزی کے مقدمات کے تمام معاملات کی نگرانی شروع کی ہے تاکہ عوام کی سلامتی اور حفاظت کو برقرار رکھا جائے۔

  • سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے متعلق قیاس آرائیاں جھوٹی ثابت ہوئیں

    سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے متعلق قیاس آرائیاں جھوٹی ثابت ہوئیں

    ریاض: سعودی عرب کے  ولی عہد محمد بن سلمان کی پراسرار گمشدگی کے حوالے سے جاری تمام قیاس آرائیاں ختم ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں غیرملکی میڈیا میں یہ افواہیں زیرگردش تھیں کہ سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان پراسرار طور پر گمشدہ ہوگئے اور وہ منظر عام پر نہیں آرہے۔

    بین الاقوامی تعلقات کے ماہرین اور مبصرین کا خیال تھا کہ شہزادہ محمد بن سلمان امریکا میں مبینہ طور پر اسرائیل کی حمایت میں دیے جانے والے بعد سے منظر عام پر نہیں آرہے تاہم جلد دوبارہ اپنی سرگرمیوں کا آغاز کریں گے۔

    یہ بات بھی سامنے آئی تھی کہ ایک ماہ قبل سعودی شاہی محل کے قریب 21 اپریل کو ایک ڈرون دیکھا گیا تھا جس پر شاہی محافظوں نے فائرنگ کی تھی، افواہ تھی کہ ڈرون نے شاہی محل کو نشانہ بنایا تھا تاہم حکام نے اس مضحکہ خیز دعویٰ کی تردید کردی تھی اور اپنے جاری بیان میں کہا تھا کہ واقعے میں سعودی نائب ولی عہد شاہ سلمان محفوظ رہے تھے اور انہیں محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی تازہ ترین تصویرعالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز

    قبل ازیں سعوی ولی عہد  شہزادہ محمد بن سلمان کی پراسرار گمشدگی پر خاموشی توڑتے ہوئے سرکاری ادارے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک تصویرجاری کی تھی جس میں  سعودی وزیردفاع مصری صدر عبد الفتح السیسی، امیر بحرین حماد بن عیسیٰ اور متحدہ عرب امارات کے ولی عہد کے ساتھ موجود تھے۔

    مگر اب سعودی عرب کے سرکاری میڈیا نے تمام افواہوں کو ایک بار پھر غلط ثابت کرتے ہوئے محمد بن سلمان کی حالیہ تصویر جاری کردی جس میں وہ کونسل برائے اقتصادی کونسل کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی ولی عہد کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور مملکت کے لیے اقتصادی اقدامات اٹھانے پر سامنے آنے والی سفارشات پر بھی غور کیا گیا۔

    واضح رہے کہ محمد بن سلمان وزیر دفاع کے ساتھ ساتھ کونسل برائے اقتصادی اور ترقیاتی امور کے چیئرمین کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔