Category: سعودی عرب

سعودی عرب سے آنے والی تازہ ترین خبریں اور معلومات۔ سعودی عرب اردو نیوز

سعودی عرب کی وزارت محنت کے مطابق، 2023 میں سعودی عرب میں 1.5 ملین سے زیادہ پاکستانیوں کو ورک ویزا جاری کیا گیا تھا۔

یہ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ سعودی عرب میں پاکستانیوں کی تعداد لاکھوں میں ہے۔ وہ سعودی معیشت میں ایک اہم کردار ادا کرتے ہیں

سعودی عرب سے آنے والی تازہ ترین خبریں اور معلومات۔ سعودی عرب اردو نیوز

  • غار ثور تک سفر کو آسان بنانے کے لیے مونو ریل منصوبے پر کام شروع

    غار ثور تک سفر کو آسان بنانے کے لیے مونو ریل منصوبے پر کام شروع

    مکہ مکرمہ میں ’’غار ثور‘‘ کی زیارت کے لیے زائرین دو گھنٹے پیدل سفر کر کے پہنچتے ہیں تاہم اب ان کے لیے بڑی سہولت متعارف کرائی جا رہی ہے۔

    غار ثور کو تاریخ اسلام میں بڑی اہمیت حاصل ہے۔ یہ وہ تاریخی غار ہے جس میں نبی آخر الزماں ﷺ نے ہجرت مدینہ کے وقت اپنے رفیق حضرت ابوبکر کے ہمراہ تین روز تک قیام فرمایا تھا اور اسی نسبت سے وہ یار غار بھی کہلائے۔ اس ہجرت اور غار کا ذکر قرآن کریم میں بھی موجود ہے۔

    یہ تاریخی اور مقدس غار ثور مکہ سے دائیں جانب تین میل کے فاصلے پر ثور نامی پہاڑ پر واقع ہے اور اسی نسبت سے غار ثور کہلاتا ہے۔ یہ غار پہاڑ کی چوٹی پر واقع اور سطح زمین سے 2490 فٹ بلند ہے۔

    حج وعمرہ کے لیے جانے والے ہر زائر کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ مکہ مکرمہ میں واقع اس غار ثور کو دیکھے، جہاں نبی آخر الزماں ﷺ نے ہجرت مدینہ کے وقت قیام کیا تھا اور کئی معجزات پیش آئے تھے۔

    تاہم غار ثور پہاڑ کی چوٹی پر واقع ہونے اور وہاں جانے کا راستہ دشوار گزار اور طویل ہونے کی وجہ سے عام زائر دو گھنٹے پیدل سفر کر کے غار ثور کی زیارت کر پاتے ہیں جبکہ عمر رسیدہ افراد تو نیچے سے ہی غار کی جھلک دیکھ کر اپنی آنکھیں ٹھنڈی کر لیتے ہیں۔

    تاہم اب سعودی عرب نے غار ثور تک سفر کو آسان اور ہر زائر کی رسائی یقینی بنانے کے لیے انقلابی منصوبہ پیش کیا ہے اور مونو ریل منصوبے پر کام شروع کر دیا ہے۔

    اخبار 24 کے مطابق سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سربراہ ترکی آل الشیخ نے بتایا کہ زائرین کی سہولت اور ٹرانسپورٹیشن کے وسائل کو جدید بنانے کے لیے ’’غار ثور‘‘ پر مونو ریل کے منصوبے پر کام کیا جا رہا ہے۔

    اس منصوبے کی تکمیل کے بعد دو گھنٹے کا پیدل سفر صرف تین منٹ میں اس ریل کے ذریعہ طے ہو سکے گا اور وہ زائرین بھی اب غار ثور کی زیارت کر سکیں گے جو عمر رسیدگی کی وجہ سے پہاڑ پر چڑھنے سے قاصر ہوتے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ ’سیرت النبوی ﷺ کے تاریخی مقامات کے لیے ’علی خطاۃ‘ (نقشِ قدم) کا منصوبہ شروع کیا ہے، جس کا مقصد زائرین کو ٹرانسپورٹیشن کی ہر ممکن اور جدید ترین سہولتیں فراہم کرنا ہے۔ مونو ریل منصوبہ بھی اسی منصوبے کی کڑی ہے۔

    ترکی آل شیخ نے مذکورہ منصوبہ رواں سال نومبر میں تجرباتی بنیادوں پر شروع ہونے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے مزید بتایا کہ زائرین کے لیے پگڈنڈی والے علاقوں کے لیے فورویل ڈرائیو چھوٹی بسوں کا انتظام کیا جائے گا جو انہیں ایک منفرد تجربہ فراہم کریں گی۔

    واضح رہے ’علی خطاۃ‘ منصوبہ ان مقامات پر ٹرانسپورٹیشن کی جدید سہولتیں فراہم کرنے کے لیے شروع کیا جا رہا ہے جس میں مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ ہجرت نبوی ﷺ کے مقامات کو نمایاں کیا جائے گا۔

  • سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کیلئے نادرا کا اہم اعلان

    سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کیلئے نادرا کا اہم اعلان

    سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کو سہولت فراہم کرنے کے سلسلے میں نادرا کا اہم اعلان سامنے آگیا، مزید آسانیاں فراہم کی جائیں گے۔

    نادرا نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کیلئے خصوصی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، نئی شناختی دستاویزات، یا اپنے شناختی کارڈ میں تبدیلی یا تجدید کے خواہشمند پاکستانی آئندہ ہفتے دمام میں سہولت سے استفادہ کرسکتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری آگئی

    دمام میں 25 اور 26 جولائی بروز جمعہ اور ہفتہ کو صبح 9 بجے تا 3 بجے تک نادرا موبائل رجسٹریشن ٹیم پاکستان ایمبیسی ٹیم کے ہمراہ دورہ کریگی۔

    سعودی عرب میں مقیم پاکستانی خواتین و حضرات جو اپنی نئی شناختی دستاویزات بنوانا چاہتے ہیں یا شناختی کارڈ میں کسی قسم کی تبدیلی یا تجدید کرانا چاہتے ہوں تو وہ تمام ترکارروائی آسانی سے کرواسکتے ہیں۔

    نادرا نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں لوگوں کو تمیمی نیو کیمپ ظھران ایسٹرن پراونس آنے کا کہا ہے جبکہ لوکیشن بھی فراہم کی گئی ہے۔

  • سعودی شہزادہ الولید بن خالد 20 سال کومہ میں رہنے کے بعد انتقال کرگئے

    سعودی شہزادہ الولید بن خالد 20 سال کومہ میں رہنے کے بعد انتقال کرگئے

    ریاض: سعودی شہزادہ الولید بن خالد 20 سال کومہ میں رہنے کے بعد انتقال کرگئے ہیں۔

    عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شہزادہ الولید سعودی شہزادہ خالد بن طلال کے صاحبزادے تھے اور 2005 میں برطانیہ میں ٹریفک حادثے میں سرپر چوٹ لگنے کے بعد کومہ میں تھے۔

    شہزاد الولید بن خالد کی عمر 38 برس تھی اور وہ مسلسل کنگ فیصل اسپتال میں زیر علاج رہے۔

    شہزاد خالد نے بتایا کہ ان کے بیٹے کی نماز جنازہ اتوار کو ریاض کی امام ترکی بن عبداللہ مسجد میں بعد نماز عصر ادا کی جائے گی۔

    واضح رہے کہ شہزادہ الولید برطانیہ میں تعلیم کے دوران حادثے کے بعد کوما میں چلے گئے تھے۔

    شہزادہ الولید سعودی عرب کے بانی شاہ عبدالعزیز کے پڑپوتے ہیں، وہ اپنے خاندان اور ان کے چاہنے والوں کے لیے صبر، محبت اور امید کی علامت بن چکے ہیں، دنیا بھر میں ان کے ساتھ پیش آنے والے حادثے کو ہمدردی اور احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

    سعودی شاہی خاندان نے شہزادہ ولید کے انتقال پر اظہار رنج و غم کرتے ہوئے اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی ہے۔

  • حج سیزن کے دوران کتنے حاجیوں نے ریاض الجنہ میں نماز ادا کی؟

    حج سیزن کے دوران کتنے حاجیوں نے ریاض الجنہ میں نماز ادا کی؟

    مدینہ(19 جولائی 2025): حج سیزن میں مسجد نبوی ریاض الجنہ میں نمازیوں کی تعداد میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

    ادارہ امور حرمین کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق حج سیزن میں مسجد نبوی ریاض الجنہ میں آنے والے زائرین کی تعداد 19 لاکھ 58 ہزار 76 رہی، اسی عرصے میں روضہ اقدس پر سلام عرض کرنے والوں کی تعداد 34 لاکھ 47 ہزار 799 ریکارڈ کی گئی۔

    ادارہ حرمین کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے حوالے سے بتایا گیا کہ ریاض الجنہ میں نوافل ادا کرنے والوں کی تعداد کا تعین یکم ذی القعدہ سے 29 محرم تک کیا گیا ہے۔

    ادارہ کی جانب سے زائرین حرمین کو ہرممکن سہولت فراہم کرنے کی کوشش کی جاتی ہے جس کا مقصد زائرین اطمینان و سکون اور روحانی فضا میں مسجد نبوی میں زیادہ سے زیادہ وقت گزار سکیں۔

    یاد رہے روضہ شریفہ(ریاض الجنہ) کا رقبہ 330 مربع میٹر ہے جس میں فی گھنٹہ 800 افراد کی گنجائش ہے۔ اوسطا ہر وزیٹر کو دس مننٹ ملتے ہیں۔

     روضہ شریفہ میں زائرین کے داخلے کو آسان بنانے کے لیے چار مراحل ہیں۔ نسک اور توکلنا ایپلیکیشن کے ذریعے اپائنمنٹ کی تصدیق، ای ڈیوائسزسے کیو آر کوڈ اسکین کرنا پھر زائرین کو کچھ دیر انتظار کے بعد بھیجا جاتا ہے۔

  • سعودی عرب کا دوسرا طیارہ امداد لے کر شام پہنچ گیا

    سعودی عرب کا دوسرا طیارہ امداد لے کر شام پہنچ گیا

    جدہ(19 جولائی 2025): سعودی عرب کا دوسرا امدادی طیارہ امداد لے کر شامی عرب جمہوریہ کے حلب بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچ گیا۔

    عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب کا دوسرا امدادی طیارہ شام کے الاذقیہ گورنریٹ میں جنگل کی آگ سے متاثرہ افراد کے لیے شیلٹرز سمیت دیگر سامان لے کر جمعے کو حلب کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ گیا۔

    رپورٹ کے مطابق ریلیف آپریشن کی سربراہی شاہ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سنٹر نے وزارت دفاع کے تعاون سے کی ہے، جو کہ شامی عوام کی مدد کے لیے وقف ہے۔

    یہ اقدام شامی عوام کے مصائب کو کم کرنے کےلیے مملکت کی امدادی اور انسانی ہمدردی کی کوششوں کا حصہ ہے، یاد رہے کہ شاہ سلمان مرکز اور شام کی وزارت ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ساتھ تعاون کے ایک معاہدے پر بھی دستخط کیے ہیں تاکہ جنگل کی آگ سے نمٹنے کےلیے ضروری سامان اور مشینری فراہم کی جا سکے۔

    اس معاہدے کا مقصد فیلڈ فائر فائٹنگ ٹیموں کے لیے تکنیکی اور لاجسٹک سپورٹ کے ذریعے موثر رسپانس کی صلاحیت کو بڑھانا ہے۔

    یاد رہے کہ شام کے مغربی جنگلات میں آگ لگ گئی تھی، آتشزدگی کے نتیجے میں 100 مربع کلومیٹر اراضی تباہ ہوگئی ہے تاہم 10 روز کی جدوجہد کے بعد قابو پالیا گیا ہے۔

    شام برسوں سے خانہ جنگی، معاشی بحران اور بنیادی ڈھانچے کی تباہی کا شکار ہے، اب موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں شدید گرمی، خشک سالی اور جنگلات کی آگ جیسے قدرتی خطرات سے بھی نبرد آزما ہے۔

    اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت نے جون میں خبردار کیا تھا کہ شام کو گزشتہ 60 برسوں میں اتنے شدید موسمی حالات کا سامنا نہیں ہوا۔

  • سعودی عرب: پاکستانی شہری کو سزائے موت

    سعودی عرب: پاکستانی شہری کو سزائے موت

    سعودی عرب میں ایک پاکستانی شہری کو منشیات اسمگلنگ کے الزام میں سزائے موت دے دی گئی۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزارتِ داخلہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اس پاکستانی شہری کو منشیات اسمگلنگ کے الزام میں سزائے موت دی گئی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز بھی دہشت گردی اور وطن دشمنی پر سعودی شہری کو بھی سزائے موت دی گئی تھی۔

    سعودی وزارتِ داخلہ کے مطابق سعودی شہری علی بن علوی بن محمد العلوی نے متعدد دہشت گردانہ جرائم کا ارتکاب کیا۔

    مذکورہ شخص نے دہشت گرد تنظیم میں شمولیت اختیار کی جس کا مقصد سعودی عرب کے امن و امان کو نقصان پہنچانا اور دہشت گردی کی کارروائیوں کی حمایت کرنا تھا۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں منشیات کی نقل و حمل یا ان کی تجارت کرنا ایک سنگین جرم سمجھا جاتا ہے، اور اس کے لیے انتہائی سخت سزائیں رکھی گئی ہیں۔ سعودی قوانین کے مطابق، منشیات کے ساتھ پکڑے جانے کی صورت میں درج ذیل سزائیں ہو سکتی ہیں:

    موت کی سزا:

    مملکت میں منشیات کی اسمگلنگ یا بڑی مقدار میں منشیات رکھنے پر موت کی سزا دی جا سکتی ہے۔ یہ سزا زیادہ تر اس وقت دی جاتی ہے جب کسی شخص کو 50 گرام سے زیادہ ہیروئن، کوکین، یا دیگر منشیات کے ساتھ پکڑا جائے۔

    طویل قید:

    اگر کسی شخص کو منشیات کے ساتھ پکڑا جائے لیکن مقدار کم ہو، تو اس کے بدلے میں کئی سالوں کی قید ہو سکتی ہے۔ یہ قید کئی سالوں سے لے کر کئی دہائیوں تک ہو سکتی ہے، اور جیل کی حالت سخت ہوتی ہے۔

    جرمانہ: کچھ صورتوں میں مجرم سے بھاری جرمانہ بھی وصول کیا جا سکتا ہے، خاص طور پر اگر منشیات کی مقدار کم ہو یا یہ پہلی دفعہ ہو۔

    سزاؤں کا نفاذ:

    مملکت میں ان سزاؤں کو بہت سختی سے نافذ کیا جاتا ہے اور وہاں کے قوانین کے مطابق منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کو بہت کم موقع ملتا ہے۔ ان قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو فوری طور پر گرفتار کر لیا جاتا ہے، اور ان پر تیز رفتار ٹرائل کیا جاتا ہے۔ یہ ٹرائل عموماً عدالت میں ایک سے دو ہفتوں میں مکمل ہو جاتے ہیں، اور اس کے بعد سزا دی جاتی ہے۔

    سعودی عرب کے اقامہ قوانین، ہزاروں افراد کے خلاف فیصلے جاری

    مثال: اگر کوئی شخص مملکت میں منشیات کے ساتھ پکڑا جائے، تو اس پر تیزی سے مقدمہ چلایا جاتا ہے اور فیصلہ جلدی کیا جاتا ہے۔ اکثر ملزمان کو عدالت سے موت کی سزا یا طویل قید کی سزا ملتی ہے۔

  • سعودی عرب: سورج آج خانہ کعبہ کے عین اوپر ہوگا

    سعودی عرب: سورج آج خانہ کعبہ کے عین اوپر ہوگا

    مکہ مکرمہ (15 جولائی 2025) سعودی عرب میں جدہ فلکیاتی سوسائٹی کا کہنا ہے آج دوپہر کے وقت سورج عین خانہ کعبہ کے اوپر ہوگا۔ سال رواں میں یہ دوسرا موقع ہوگا۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میں سورج کے خانہ کعبہ کے عین اوپر آنے کا وقت دوپہر 12 بجکر27 منٹ ہوگا۔

    رپورٹس کے مطابق جدہ فلکیاتی سوسائٹی کے سربراہ ماجد ابو زہرہ نے کہا کہ یہ واقعہ اس وقت ہوتا ہے جب سورج خط استوا سے جنوب کی طرف بڑھتا ہے۔

    سورج تقریبا 89.5 ڈگری پر ہو گا جس کی وجہ سے خانہ کعبہ اور کسی بھی مجسم عمارت یا دیگر اشیا کا سایہ نہیں ہوگا۔

    فلکیاتی ماہرین کے مطابق سورج کے خانہ کعبہ کے عین اوپر آنے سے قبلہ رخ کا درست تعین کیا جاسکتا ہے۔

    سورج کا تعین کرنے کے لیے دنیا کے کسی بھی مقام سے مکہ وقت کے مطابق سورج کو دیکھا جائے اور جس سمت میں اس وقت سورج دکھائی دے گا وہ قبلہ کی سمت ہوگی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سعودی عرب میں کعبۃ اللہ کو غسل دینے کی روح پرور تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا، خانہ کعبہ کو عرقِ گلاب، اودھ، عطر اور آبِ زم زم سے غسل دیا گیا۔

    ہر سال کی طرح اس برس بھی محرم الحرام کی 15 تاریخ کو خانہ کعبہ کے اندرونی حصے کو غسل دیا گیا، کعبہ کی اندرونی دیواروں، فرش اور دروازے کو آب زم زم اور عرق گلاب سے دھویا گیا۔

    اس بابرکت عمل کے لیے خانہ کعبہ کے کلید بردار نے نماز فجر کے بعد بیت اللہ کا دروازہ کھولا اور پھر حکام اندر داخل ہوئے۔ خانہ کعبہ کی اندرونی دیواروں، فرش اور دروازے کو آب زم زم اور عرق گلاب سے دھویا گیا۔ غسل کے بعد اسے عود، عرق گلاب اور بخوز سمیت دیگر خوشبوؤں سے معطر کیا گیا۔

  • سعودی عرب: فضائی ٹکٹوں کی قیمت کیوں بڑھ رہی ہے؟ وجہ سامنے آگئی

    سعودی عرب: فضائی ٹکٹوں کی قیمت کیوں بڑھ رہی ہے؟ وجہ سامنے آگئی

    سعودی عرب میں رواں ماہ کے دوران فضائی ٹکٹوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فضائی ٹکٹوں کی قیمت میں اس اضافے کی وجہ مقامی اور بین الاقوامی عوامل کا مجموعہ ہے جنہوں نے مارکیٹ پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق سال 2025 کی پہلی ششماہی میں بین الاقوامی ٹکٹ کی اوسط لاگت میں تقریباً 20 فیصد اضافہ ہوا ہے جو 2024 کی اسی مدت کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے۔

    اس کے اہم اسباب میں ہوائی اڈوں کی فیسوں میں اضافہ، آپریٹنگ اخراجات، اجرتیں اور دیکھ بھال کے اخراجات شامل ہیں۔

    ایئرلائنز کی تجزیاتی رپورٹس کے مطابق سعودی مارکیٹ میں ٹکٹوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کی بنیادی وجہ عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتیں بڑھنا ہے۔

    ساتھ ہی گرمیوں، حج اور عمرہ کے سیزن میں سفر کی مانگ میں اضافہ بھی قیمتوں کے بڑھنے کا باعث بنا ہے جس نے ایئرلائنز کو آپریٹنگ اخراجات پورے کرنے کے لیے کرایوں میں اضافہ کرنے پر مجبور کیا ہے۔

    سعودی عرب میں ہوابازی کے ماہرین کے مطابق فضائی ٹکٹوں کی قیمت میں مسلسل اضافہ جاری رہے گا اور یہ رجحان سال کی تیسری سہ ماہی کے اختتام تک برقرار رہ سکتا ہے جبکہ گرمیوں اور عمرہ کے سیزن کے بعد اس میں معمولی کمی ہوسکتی ہے۔

    جاپانی ایئر لائن کا مسافر طیارہ خوفناک حادثے سے بال بال بچ گیا

    مسافروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ سفر کی پیشگی منصوبہ بندی کریں اور روانگی سے کم از کم 6 سے 8 ہفتے قبل بکنگ کروائیں تاکہ ممکنہ اضافے سے محفوظ رہ سکیں اور فائدہ اُٹھا سکیں۔

  • سعودی عرب: مکہ مکرمہ سے 6 غیر ملکی گرفتار

    سعودی عرب: مکہ مکرمہ سے 6 غیر ملکی گرفتار

    سعودی عرب مکہ مکرمہ میں پولیس نے ایک عوامی مقام پر اجتماعی جھگڑے میں ملوث چھ غیرملکیوں کو حراست میں لے لیا۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق محکمہ امن عامہ کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ ایک وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پاکستانی اور بنگلہ دیشی شہری کسی تنازع پر جھگڑا کررہے تھے۔

    رپورٹس کے مطابق مکہ مکرمہ سے زیر حراست ملزمان کو ابتدائی قانونی کارروائی کے بعد پبلک پراسیکوشن کے حوالے کردیا گیا۔

    علاوہ ازیں قصیم ریجن میں پولیس نے جنرل ڈیپارٹمنٹ آف کمیونٹی سکیورٹی اینڈ کامبیٹنگ ہیومن ٹریفکنگ کرائمز کے تعاون سے ایک خاتون کو ہراساں کرنے کے الزام میں غیرملکی کو گرفتار کیا ہے۔

    بیان کے مطابق یمنی باشندے صادق سعید فرحان کو ابتدائی قانونی کارروائی کے بعد پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا۔

    اس سے قبل سعودی عرب میں سکیورٹی حکام کی جانب سے ریاض اور حائل سے منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث کریمنل گینگ کے 37 ارکان کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کے سرکاری ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ گرفتار شدگان میں وزارت داخلہ کے 6 ملازمین شامل ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق زیر حراست افراد میں 28 سعودی، 5 شامی، دو ایتھوپین، اور دو یمنی شہری شامل ہیں، جو نشہ آور اشیا اور منشیات کے حصول اور اسمگلنگ میں ملوث پائے گئے۔

    سعودی عرب: سنگین جرم میں دو غیر ملکیوں کو سزائے موت

    اس کے علاوہ سعودی شہریوں میں وزارت دفاع اور وزارت نیشنل گارڈ کے دو، دو جبکہ وزارت داخلہ اور وزارت صحت کا ایک اہلکار شامل ہے۔

    وزارت داخلہ کی جانب سے حراست میں لئے گئے افراد کو ضروری قانونی کارروائی کے بعد پبلک پراسیکوشن کے حوالے کردیا گیا ہے۔

    بیان کے مطابق سکیورٹی ایجنسیاں منشیات کے ذریعے مملکت اور اس کے نوجوانوں کو ہدف بنانے کی تمام مجرمانہ سازشوں کے خلاف چوکس ہیں۔

  • سعودی عرب: فضائی کمپنی السعودیہ کا بعد ازحج آپریشن مکمل

    سعودی عرب: فضائی کمپنی السعودیہ کا بعد ازحج آپریشن مکمل

    سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی السعودیہ کا بعد ازحج آپریشن مکمل ہو گیا۔ ایئر لائن کی آخری فلائٹ گزشتہ روز مدینہ منورہ سے انڈونیشی حجاج کو لے کرروانہ ہوئی۔

    خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودیہ ایئرلائن کے ڈائریکٹر گراونڈ آپریشن محمد عبدالرزاق نے کہا کہ رواں برس حج سیزن کے دونوں مراحل 74 دن پر مشتمل تھے۔

    رپورٹس کے مطابق سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی السعودیہ کے ذریعے 8 لاکھ 8 ہزار سے زیادہ حجاج کو دوطرفہ سفری سہولت فراہم کی گئیں۔

    اُنہوں نے کہا کہ ایئرلائن کے ذریعے 145 ممالک سے حجاج کو سفری سہولت فراہم کی گئی جس میں 147 طیاروں کے ذریعے 4400 پروازوں کو آپریٹ کیا گیا۔

    السعودیہ کا ’حج بغیرسامان‘ کا اقدام کافی کامیاب رہا جس سے حجاج کو سہولت ہوئی اور ایئرپورٹس پر حجاج کو آمد و رفت میں کسی قسم کی پریشانی نہیں اُٹھانا پڑی۔

    رپورٹس کے مطابق آپریشن کے دوران 2 لاکھ 40 ہزار آب زم زم کی بوتلین حجاج کو فراہم کی گئی ہیں۔

    دوسری جانب سال 2026 میں حج کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے بڑی خبر آگئی، رجسٹریشن کے حوالے سے اہم فیصلہ کرلیا گیا۔

    حج 2026 کی رجسٹریشن کی آخری تاریخ میں دو دن کی توسیع کر دی گئی ہے، توسیع کے بعد نامزد بینکوں اور وزارت کے آن لائن پورٹل پ رجسٹریشن 11 جولائی تک جاری رہے گی۔

    عازمین حج کی درخواست پر رجسٹریشن کا عمل جمعہ کے روز تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    اب تک 313,000 افراد حج 2026 کے لیے اپنی رجسٹریشن مکمل کر چکے ہیں تاہم حج اخراجات اور دیگر شرائط و ضوابط کا اعلان حج پالیسی کے مطابق الگ سے کیا جائے گا۔

    حج 2026 کے لیے لازمی رجسٹریشن کا عمل جاری

    یاد رہے حج 2026 کے لیے عازمین کی قبل از وقت رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی تاہم کوئی فیس ادا نہیں کرنی ہوگی۔

    رجسٹریشن کروانے والے درخواست گزار ہی حج 2026 کے اہل تصور ہوں گے، حج رجسٹریشن ملک بھرمیں منظور شدہ 15 بینکوں سے کرائی جا سکتی ہے۔