Category: صحت

Health News in Urdu

صحت سے متعلق خبریں آپ کو تازہ ترین طبی تحقیق، بیماریوں کے پھیلنے، اور صحت مند رہنے کے طریقوں کے بارے میں جاننے میں مدد کر سکتی ہیں۔

  • پاکستان نے یونیسیف سے ویکسین کی جلد سپلائی کا مطالبہ کر دیا

    پاکستان نے یونیسیف سے ویکسین کی جلد سپلائی کا مطالبہ کر دیا

    اسلام آباد (10 اگست 2025): بھارت کی جانب سے پاکستان کے لیے ویکسین کی سپلائی روکنے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد اسلام آباد نے یونیسیف سے جلد سپلائی کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    ذرائع وزارتِ صحت کے مطابق پاکستان نے یونیسیف سے ویکسین کا معاملہ جلد حل کرنے کی درخواست کی ہے، جس پر عالمی ادارے نے یہ معاملہ جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ یونیسیف نے ویکسین سیرم انسٹیٹیوٹ آف انڈیا سے خریدی ہے، پاکستان کے لیے خریدی جانے والی ویکسین کی ڈوزز کی تعداد 17 ملین سے زائد ہے، جس کی مالیت 27 ارب مالیت ہے۔

    ویکسین کی 60 فی صد رقم یونیسیف جب کہ 40 فیصد پاکستان نے ادا کی ہے، پاکستان نے یونیسیف سے ویکسین فراہمی کی درخواست کی تھی، جس کے بعد عالمی ادارے نے بھارت سے ویکسین خرید لی جو اس نے یونیسیف کو جولائی کے آغاز پر سپلائی کرنی تھی۔


    پاکستان کی بڑی کامیابی، عالمی ادارہ صحت سے بچوں کے کینسر کی ادویات کی مفت فراہمی کا معاہدہ


    تاہم اب پاک بھارت ناخوش گوار تعلقات کے پس منظر میں بھارتی کمپنی ویکسین سپلائی میں تاخیری حربے استعمال کرنے لگی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ یونیسیف کی پاکستان کے لیے ویکسین خریداری بھارتی علم میں نہیں تھی، تاہم جب سے اسے علم ہوا ہے وہ دانستہ طور تاخیر کر رہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان کے لیے یونیسیف نے بی سی جی، پینٹا ویلنٹ، نمونیہ ویکسین، پولیو، ٹائیفائیڈ، خسرہ و روبیلا اور ہیضے سے بچاؤ کی ویکیسن خریدی ہے۔

  • وزن میں کمی کیلیے صرف ایک پھل روزانہ ، تندرستی کا ضامن

    وزن میں کمی کیلیے صرف ایک پھل روزانہ ، تندرستی کا ضامن

    وزن کی مقررہ حد سے زیادتی ہو یا موٹاپا یہ انسان کی صحت کی خرابی کی ابتدا ہے جس سے متعدد دائمی امراض کینسر، ذیابیطس اور دیگر کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔

    ویسے تو طبی سائنس میں موٹاپے کو دائمی عارضہ تصور کیا جاتا ہے جس کا علاج ممکن ہے۔ تاہم اچھی خبر یہ ہے کہ ایک پھل کے استعمال سے جسمانی وزن میں کمی لانے میں مدد ملتی ہے۔

    زیر نظر مضمون میں ایسے ہی ایک پھل کے بارے میں بیان کیا گیا ہے جو موٹاپے سے نجات میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

    اس حوالے سے ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ اگر آپ بغیر ورزش کیے تیزی سے وزن کم کرنا چاہتے ہیں تو روزانہ ناریل کھائیں۔

    جانیے اسے کھانے کا طریقہ

    بھارتی میڈیا کی ایک طبی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زیادہ سے زیادہ ناریل کھانے سو وزن میں نمایاں کمی واقع ہوتی ہے کیونکہ اسے کھانے سے جسم کو ضروری توانائی ملتی ہے۔ جسم کے اعضاء فعال طور پر کام کرتے ہیں۔

    یہ نہ صرف مزیدار پھل ہے بلکہ ہماری صحت کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔ کوکونٹ ڈویلپمنٹ بورڈ کے مطابق ناریل غذائیت سے بھرپور ہوتا ہے۔ اس میں موجود غذائی اجزاء اعضاء کو صحیح طریقے سے کام کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ خاص طور پر یہ ہاضمہ کو بہتر کرتا ہے۔

    قبض اور تھائرائیڈ

    ناریل کا استعمال آنتوں کی صحت کو بھی فروغ دیتا ہے۔ یہ جسم میں پانی کی کمی کو دور کرتا ہے۔ جو لوگ ناریل کا باقاعدگی سے استعمال کرتے ہیں انہیں قبض اور تھائیرائیڈ کے مسائل نہیں ہوتے۔

    ناریل کا باقاعدہ استعمال وٹامن اے، بی، سی، تھامین، رائبوفلاوین، نیاسین، کیلشیم، کاربوہائیڈریٹس اور آئرن کی وافر مقدار فراہم کرتا ہے۔

    ناریل اور گڑ ملا کر کھائیں

    ناریل میں موجود صحت بخش چکنائی کولیسٹرول کو کنٹرول کرنے میں فائدہ مند ہے۔ یہ جسم سے فضلہ نکالنے اور جسم کے میٹابولک عمل کو بہتر بنانے میں بھی مدد کرتا ہے۔

    جسم کے اعضاء فعال طور پر کام کرتے ہیں۔ ناریل میں موجود میڈیم چین ٹرائگلیسرائیڈز وزن کم کرنے کے لیے بہت مفید ہیں۔ لہٰذا اسے گڑ کے ساتھ کھانا چاہیے۔

    رپورٹ کے مطابق ناریل جسم میں پانی کی کمی کو پورا کرتا ہے۔ یہ جسم سے نقصان دہ کولیسٹرول کو خارج کرتا ہے۔ یہ جسم سے فضلہ خارج کرتا ہے۔ یہ تباہ شدہ خلیوں کی نشوونما میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔

    ناریل غذائیت سے بھرپور ہوتا ہے جو دل کی بیماری کے خطرے کو کم کرنے میں بھی مؤثر ہے۔ یہ بلڈ شوگر کو بڑھنے سے روکتا ہے۔ ناریل جسم کو توانائی دیتا ہے۔

    ناریل میں فائبر ہوتا ہے جس کی وجہ سے یہ چربی کو پگھلاتا ہے اور نظام ہاضمہ کو ہموار کرتا ہے۔ یہ ان لوگوں کے لیے بہت اچھا ہے جو وزن کم کرنا چاہتے ہیں۔

    اس کے علاوہ ناریل کا پانی غذائیت سے بھرپور ہے اور اس کے بہت سے صحت کے فوائد ہیں۔ ہم گرمیوں میں ناریل کا پانی پی کر اپنی پیاس بجھا سکتے ہیں۔

  • جناح اسپتال مریض کا زبردستی آپریشن، مقدمے کے بعد ڈاکٹر شبیر معطل

    جناح اسپتال مریض کا زبردستی آپریشن، مقدمے کے بعد ڈاکٹر شبیر معطل

    لاہور (09 اگست 2025): جناح اسپتال کے آپریشن تھیٹر میں زبردستی داخل ہونے اور مریض کا زبردستی آپریشن کرنے پر ڈاکٹر شبیر چوہدری کے خلاف مقدمے کے اندراج کے بعد محکمہ صحت نے انھیں معطل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق جناح اسپتال لاہور کے ڈاکٹر شبیر چوہدری کے خلاف دو روز قبل مریض کا زبردستی آپریشن کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس کے بعد اب محکمہ صحت پنجاب نے متحرک ہوتے ہوئے ڈاکٹر شبیر کو پیڈا ایکٹ کے تحت معطل کر دیا ہے۔

    ڈاکٹر شبیر کو محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ ادھر پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر شبیر محکمہ صحت کو رپورٹ کیے بغیر جناح اسپتال میں زبردستی داخل ہوئے تھے، ان پر اسپتال سے 1 کروڑ 21 لاکھ روپے سے زائد کا سامان غائب کرنے کا بھی الزام ہے۔


    جناح اسپتال لاہور کے آپریشن ٹیبل، بیڈز، اے سی، وھیل چیئرز غائب


    واضح رہے کہ جناح اسپتال لاہور میں آپریشن ٹیبل، بیڈز، اے سی، وھیل چیئرز اور فرنیچر اچانک غائب ہونے پر محکمہ صحت نے نوٹس لیا تھا، اور تین رکنی کمیٹی نے تحقیقات کے بعد محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کو حیران کن رپورٹ فراہم کی۔

    بتایا گیا کہ اسپتال سے غائب اشیا میں او ٹی ٹیبلز، بیڈز، اے سی، وہیل چیئرز اور فرنیچر شامل ہیں، جن کی مالیت 1 کروڑ 21 لاکھ روپے سے زائد ہے، یعنی قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچایا گیا۔ اس رپورٹ کے بعد محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے ڈاکٹر شبیر حسین کو سامان غائب ہونے پر شوکاز نوٹس جاری کیا، جس میں کہا گیا تھا کہ 7 روز میں وضاحت نہ دی گئی تو ان کے خلاف یک طرفہ کارروائی ہوگی۔

  • پاکستان فارمیسی کونسل میں کرپشن اور بے قاعدگی کی شکایات پر تحقیقات شروع

    پاکستان فارمیسی کونسل میں کرپشن اور بے قاعدگی کی شکایات پر تحقیقات شروع

    اسلام آباد (07 اگست 2025): وفاقی حکومت نے پاکستان فارمیسی کونسل کے حوالے سے تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے، وزیر اعظم معائنہ کمیشن نے پاکستان فارمیسی کونسل سے متعلق تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کرپشن کی شکایات موصول ہونے پر پاکستان فارمیسی کونسل سے متعلق تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، گزشتہ روز وزارت صحت سے متعلق اجلاس میں وزیر اعظم نے سیکریٹری صحت کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور ان کے ہٹانے کے احکامات جاری کیے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے وزارت صحت کے ماتحت اداروں میں کرپشن پر برہمی کا اظہار کیا ہے، اور فارمیسی کونسل میں خلاف ضابطہ تقرریوں کی تحقیقات کی جائیں گی، ملک میں فارمیسی کے تعلیمی اداروں کے قیام کی بھی تحقیقات ہوں گی۔


    جان بچانے والی غیر ملکی ادویات سے متعلق اہم فیصلہ


    ذرائع کے مطابق گزشتہ برسوں میں فارمیسی اسکولوں اور کالجز کی رجسٹریشن کی انکوائری ہوگی، اور صبغت منصور رانا کی اسسٹنٹ سیکریٹری فارمیسی کونسل تقرری کے خلاف انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔

    وزیر اعظم معائنہ کمیشن نے وزارت صحت کو انکوائری کے لیے مراسلہ لکھ دیا ہے، جس میں اسے فارمیسی کونسل پر بریفنگ کی ہدایت کی گئی ہے، کمیشن نے فارمیسی کونسل کے سابق صدور کو بھی طلب کیا، ذرائع کے مطابق انکوائری ٹیم کا اجلاس 11 اگست کو ہوگا۔

  • نکوٹین پاؤچ : سگریٹ سے زیادہ خطرناک کیوں ؟ ہوشربا انکشافات

    نکوٹین پاؤچ : سگریٹ سے زیادہ خطرناک کیوں ؟ ہوشربا انکشافات

    سگریٹ کا متبادل نکوٹین پاؤچ یا وائیٹ سنس ایک ایسا نیا نشہ ہے جو دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بہت تیزی عام ہو رہا ہے، اس نشے کو نسوار کی طرح استعمال کیا جاتا ہے۔

    پاکستان سمیت دنیا بھر میں گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر نکوٹین پاؤچ کی جدید تشہیری مہم کا آغاز کیا گیا جس میں نوجوانوں کو تمباکو فری کے نام پر ان پاؤچز کی جانب راغب کیا جارہا ہے جو انتہائی تشویشناک ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں ڈینٹل ڈاکٹر عبدالقادر بلوچ نے نکوٹین پاؤچ کے نقصانات اور اس کے مضر اثرات سے متعلق تفصیلی گفتگو کی۔

    انہوں نے بتایا کہ یہ سراسر دھوکہ ہے کیونکہ یہ چیز کسی بھی صورت صحت کیلیے اچھی نہیں ہے، اس میں اور سگریٹ میں کوئی فرق نہیں سوائے اس کے کہ سگریٹ کو سلگا کر پیا جاتا ہے اور اسے براہ راست منہ میں رکھ لیتے ہیں۔

    ڈاکٹر عبدالقادر بلوچ کا کہنا تھا کہ نکوٹین پاؤچ میں تمباکو کے پتوں سے کشید کردہ نکوٹین، سوڈیم کاربونیٹ، فلیورنگز اور مٹھاس شامل ہوتی ہے۔

    ایک نکوٹین پاؤچ میں ایک سو پچاس گرام تک نکوٹین موجود ہوتی ہے، یہ مسوڑھوں کی نرم تہہ سے نکوٹین کو تیزی سے جذب کرکے خون میں شامل کردیتی ہے جس سے نکوٹین کا اثر زیادہ شدید ہوتا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ مسوڑھوں میں جذب ہوکر وہ اسے سُن کر دیتی ہے، یہ پاؤچز دانتوں اور مسوڑوں کی مختلف کی بیماریوں کا بھی سبب بن رہے ہیں، اس کا زیادہ استعمال منہ کے کینسر کا بھی سبب بن سکتا ہے۔

    یاد رہے کہ سگریٹ نوشی ایک ایسا شوق ہے، جس سے سالانہ 8 ملین افراد موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔

    ARY News Urdu- صحت سے متعلق خبریں اور معلومات

    ایک جانب میڈیا چینلز پر نکوٹین کی مصنوعات کی تشہیر پر پابندی ہے لیکن سوشل میڈیا پر بڑی خاموشی سے اس کی تشہیر جاری ہے جو ایک بڑا سوالیہ نشان ہے؟

  • جان بچانے والی غیر ملکی ادویات سے متعلق اہم فیصلہ

    جان بچانے والی غیر ملکی ادویات سے متعلق اہم فیصلہ

    اسلام آباد (6 اگست 2025): حکومت نے جان بچانے والی غیر ملکی ادویات سے متعلق اہم فیصلہ کر لیا ہے اور امپورٹرز کیلیے شرائط عائد کر دی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کو ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق جان بچانے والی درآمدی ادویات کے اجازت نامہ میں توسیع کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اس حوالے سے جان بچانے والی غیر ملکی ادویات کو استثنیٰ دینے کا نیا حکم نامہ تیار کیا گیا ہے جس میں مذکورہ ادویات کی درآمد میں پانچ سال کی توسیع کی گئی ہے اور یہ فیصلہ عوامی مفاد میں کیا گیا ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ جان بچانے والی ناپید ادویات مشروط طور پر منگوائی جا سکیں گی۔ کینسر، امراض قلب، جان بچانے والی ادویات کی امپورٹ پر استثنی ہو گا۔ تاہم ادویات کی امپورٹ ڈریپ کی پیشگی اجازت سے مشروط ہوگی۔

    ڈرگز ایکٹ 1976 کی سیکشن 36 کے تحت ایس آر او کا اجرا ہوا ہے جس کے تحت سرکاری اور نجی اسپتال غیر رجسٹرڈ یا ناپید ادویات درآمد کر سکیں گے ۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس آر او کے مطابق اسپتال درآمد شدہ غیر ملکی ادویات علاج کے لیے صرف اسپتال میں استعمال کرنے کے پابند ہوں گے۔ وہ یہ ادویہ مارکیٹ میں فروخت اور تقسیم نہیں کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ درآمد شدہ ادویات کے کلینیکل ٹرائل، ٹیسٹ اور تحقیق کیلئے استعمال پر پابندی ہو گی۔

    امپورٹڈ ادویات کی کسٹم کلیئرنس سے قبل ڈریپ سے سرٹیفکیٹ لیا جائے گا۔ درآمد کنندگان ادویات کے استعمال کا ریکارڈ مرتب کرنے کے پابند ہوں گے اور وہ صرف ڈبلیو ایچ او کوالیفائڈ ادویات ہی درآمد کر سکیں گے۔

  • معروف اینٹی بایوٹک دوا کا بیچ  کمپنی کی جانب سے واپس منگوالیا گیا

    معروف اینٹی بایوٹک دوا کا بیچ کمپنی کی جانب سے واپس منگوالیا گیا

    اسلام آباد : ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے معروف اینٹی بایوٹک سیرپ کے حوالے سے ری کال الرٹ جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے دوا ساز کمپنی گلاکسو اسمتھ کلائن (GSK) کی مشہور اینٹی بایوٹک دوا "اموکسل فورٹ (Amoxil Forte)” کی جانب سے آگاہ کیے جانے پر دو اقسام کو فوری طور پر مارکیٹ سے واپس منگوانے (ری کال) الرٹ جاری کردیا۔

     اموکسل فورٹ 250 ملی گرام اور 125 ملی گرام سیرپ جو کہ عام طور پر ٹائیفائیڈ دیگر انفیکشنز کے علاج میں استعمال ہوتے ہیں، ان کے ڈھکن اور سیل میں پیکجنگ کے نقائص پائے گئے ہیں جو دوا کی تاثیر اور حفاظت کو متاثر  کر سکتے ہیں جس بنا پر گلیکسو نے ڈریپ کو خود ہی آگاہ کیا۔

    گلاکسو اسمتھ کلائن کی جانب سے سب سے پہلے ان نقائص کی نشاندہی کی گئی تھی، جس کے بعد ڈی آر اے پی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملک بھر کے تمام اسپتالوں، فارمیسیز اور ڈسٹری بیوٹرز کو ہدایت جاری کی کہ متاثرہ بیچز کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔

    متاثرہ بیچز کی تفصیلات میں بتایا گیا اموکسل فورٹ 250 ملی گرام کا 58 بیچز اور 125 ملی گرام 111 بیچز متاثرہ ہے۔

    ڈریپ نے مریضوں اور والدین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ فی الحال اموکسل فورٹ استعمال نہ کریں اور اپنے معالج یا فارماسسٹ سے متبادل دوا تجویز کرنے کی ہدایت لیں۔

    ARY News Urdu- صحت سے متعلق خبریں اور معلومات

    دوسری جانب زافا فارماسیوٹیکلز کی مانع حمل گولی "فیملا 28 ایف” کو بھی مارکیٹ سے ہٹانے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔

    کراچی میں واقع سینٹرل ڈرگ لیبارٹری نے اپنی معمول کی نگرانی کے دوران دوا کے معیار پر سوالات اٹھائے اور بتایا کہ یہ دوا معیاری تقاضوں پر پوری نہیں اترتی۔

    ترجمان نے بیان میں کہا "جونہی ہمیں خامی کا علم ہوا، ہم نے فوری کارروائی کی۔ عوامی صحت کے تحفظ اور دوا کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔”

    تمام صحت کے اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متاثرہ بیچز کی شناخت کر کے انہیں فوری طور پر اسٹاک سے نکال دیں تاکہ عوام کو ممکنہ نقصان سے بچایا جا سکے۔

  • ہیئر ٹرانسپلانٹ کرانا جان لیوا ہے؟ برطانوی شہری کی ہلاکت نے سوالات کھڑے کردیے

    ہیئر ٹرانسپلانٹ کرانا جان لیوا ہے؟ برطانوی شہری کی ہلاکت نے سوالات کھڑے کردیے

    بڑھتی عمر یا کسی سنگین بیماری کے سبب گنج پن کی شکایت اکثر ہوجاتی ہے جس کیلیے ہیئر ٹرانسپلانٹ یعنی بالوں کی پیوند کاری کرانا عام ہوچکا ہے۔

    ترکی ہیئر ٹرانسپلانٹ کے لیے ایک مقبول ملک بن گیا ہے جہاں دنیا بھر سے بڑی تعداد میں گنج پن کے شکار افراد علاج کی غرض سے آتے ہیں۔

    اگر بالوں کی پیوند کاری صحیح طریقے یا معیاری انداز سے نہ ہو تو یہ علاج جان لیوا بھی ہوسکتا ہے۔ گزشتہ دنوں ہیئر ٹرانسپلانٹ کے لیے ترکی جانے والے ایک برطانوی شہری کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑگئے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق 38 سالہ برطانوی شہری مارٹن لیچمن ہیئر ٹرانسپلانٹ کے لیے ترکی گیا جہاں بالوں کی پیوند کاری کے عمل کے دوران اس کی طبیعت اچانک بگڑ گئی اور اسپتال میں دوران علاج اس کی موت واقع ہوگئی۔

    دوسری جانب جس کلینک میں وہ زیر علاج تھا اس کی جانب سے جاری ایک بیان میں وضاحت کی گئی ہے کہ مارٹن لیچمن کا علاج ابھی شروع بھی نہیں ہوا تھا کہ اس کی طبیعت اچانک بگڑی جس کے سبب اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

    دوسری جانب ہیئر ٹرانسپلانٹ کے بعد ہونے والی پیچیدگیوں کے علاج کیلیے غیر ملکی خصوصاً برطانوی شہری واپس ترکی جانے کے بجائے مقامی کلینکس سے علاج کرواتے ہیں۔

    برطانوی این ایچ ایس کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 3 سال کے دوران ملک سے باہر کرائی جانے والی بالوں کی پیوند کاری کے بعد ہونے والی پیچیدگیوں میں 94 فیصد اضافہ ہوا ہے جو تشویشناک ہے اس کے علاج پر فی کس 15 ہزار پاؤنڈ کے اخراجات آتے ہیں۔

    ترک ٹریول کاؤنسل کی رپورٹ کے مطابق ہر سال دنیا بھر سے 11 لاکھ افراد بالوں کی پیوند کاری کیلیے ترکی آتے ہیں۔ اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کے آنے وجہ یہ ہے کہ یہاں ہیئر ٹرانسپلانٹ پر آنے والے اخراجات دیگر ممالک کی نسبت بہت کم ہیں۔

  • پاکستان میں پولیو وائرس کے ایک اور کیس کی تصدیق

    پاکستان میں پولیو وائرس کے ایک اور کیس کی تصدیق

    اسلام آباد : پاکستان میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا، لکی مروت میں 5 ماہ کے بچے میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ویکسینیشن کے ذریعے کی جانے والی مسلسل کوششوں کے باوجود پولیو وائرس کیسز کا سلسلہ رک نہیں سکا ہے اور ملک میں ایک اور کیس سامنے آگیا۔

    نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کی رپورٹ کے مطابق اس کیس کی تصدیق کے بعد رواں سال کیسز کی تعداد 19 ہوگئی ہے۔

    اس حوالے سے این ای او سی ترجمان کا کہنا ہے کہ جنوبی خیبر پختونخوا میں اس موذی مرض کی موجودہ صورتحال تشویشناک ہے۔

    چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی قیادت میں جنوبی اضلاع کے لیے انسداد پولیو کا خصوصی منصوبہ تشکیل دیا گیا ہے، اس سلسلے میں ہائی رسک اضلاع میں رسائی کے مسائل کے حل کے لیے مربوط حکمت عملی پر عمل جاری ہے۔

    ترجمان این ای او سی کے مطابق آئندہ ماہ ملک بھر میں خصوصی انسدادِ پولیو مہم کا انعقاد کیا جائے گا،
    انسداد پولیو مہم میں جنوبی خیبرپختونخوا پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

    واضح رہے کہ پولیو ایک سنگین اور ممکنہ طور پر مہلک متعدی بیماری ہے۔ یہ وائرس ایک شخص سے دوسرے شخص میں پھیلتا ہے اور دوسرے شخص کو متاثر کرتا ہے۔

    مزید پڑھیں : "کینسر کا علاج ہے لیکن پولیو کا نہیں”

    یہ خطرناک وائرس متاثرہ شخص کے دماغ اور ریڑھ کی ہڈی پر اثر انداز ہوتا ہے، جس کے نتیجے میں فالج بھی ہو سکتا ہے۔

  • 2 سر، 4 ہاتھ اور 2 پاؤں کے ساتھ پیدا ہونے والی بچی! ڈاکٹرز بھی دنگ رہ گئے

    2 سر، 4 ہاتھ اور 2 پاؤں کے ساتھ پیدا ہونے والی بچی! ڈاکٹرز بھی دنگ رہ گئے

    بعض اوقات قدرت کے ایسے مظاہر سامنے آتے ہیں کہ یقین نہیں آتا دو سر چار ہاتھ اور دو پاؤں کے ساتھ پیدا بچی کو دیکھ کر سب دنگ رہ گئے۔

    اس خبر میں موجود تصاویر بعض افراد کے لئے تکلیف دہ ہوسکتی ہیں

    بھارت میں ہی ایسا منفرد واقعہ پیش آیا جس نے نہ صرف عام افراد بلکہ ڈاکٹروں کو بھی حیران کر دیا ہے۔ مظفر پور میں دو سر، چار ہاتھوں اور دو پاؤں کے ساتھ پیدا ہونے والی بچی کو دیکھنے والے قدرت کا کرشمہ قرار دے رہے ہیں جب کہ ڈاکٹرز اس کو سائنسی بے ضابطگی اور طب کی دنیا کا نایاب واقعہ کہہ رہے ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق راگھوپور پنچایت کے موشاچک گاؤں میں شمسہ خاتون زوجہ شوکت علی نے مظفرپور کے سری کرشنا میڈیکل کالج اینڈ اسپتال ایک ایسی بچی کو جنم دیا جس کے دو سر، چار ہاتھ اور دو پاؤں ہیں۔

    بچی کی پیدائش نارمل ڈیلیوری کے ذریعہ ہوئی لیکن بچی کی پیدائش کے بعد ہی لیبر روم میں خاموشی چھا گئی اور وہاں موجود ہر ڈاکٹر اور طبی عملے کے چہرے پر حیرت کے آثار نمایاں تھے۔ ڈاکٹرز اور اہلخانہ دو سر، چار ہاتھوں اور دو پیروں والی بچی کو دیکھ کر دنگ رہ گئے۔

    غیر معمولی جسامت اور اعضا کے ساتھ بچی کی پیدائش کی اطلاع پورے گاؤں میں پھیل گئی اور لوگوں کی بڑی تعداد اس کو دیکھنے کے لیے اسپتال کے باہر جمع ہو گئی۔

    گاؤں والے اس واقعہ کو قدرت کا کرشمہ قرار دے رہے ہیں، دوسری جانب ڈاکٹرز اس کو طبی دنیا کا نایاب واقعہ قرار دے رہے ہیں جو لاکھوں ڈیلیوریز میں ایک بار ہوتا ہے۔

    ڈاکٹروں نے تصدیق کر دی ہے کہ بچی کی پیدائش ایک نایاب ’’کنجوائنڈ ٹوئنز‘‘ کا کیس ہے۔ ایسے کیس میں رحمِ مادر میں جنین کی مکمل تقسیم نہیں ہو پاتی اور دونوں ایمبریو ایک ہی جسم میں جُڑے رہتے ہیں۔ فی الحال بچی اسپتال کے نوزائیدہ انتہائی نگہداشت یونٹ میں داخل ہے، جہاں اس کی مکمل نگرانی کی جا رہی ہے۔

    کرشنا اسپتال انتظامیہ کے مطابق ماہرین کی ایک ٹیم اس انوکھی پیدائش کا باریک بینی سے طبی مطالعہ کر رہی ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں بچی کے کئی میڈیکل ٹیسٹ کیے جائیں گے تاکہ یہ جانچا جا سکے کہ اس کے جسم کے کون سے اعضا فعال طور پر کام کر رہے ہیں۔

    دوسری جانب سوشل میڈیا پر اس بچی کی تصاویر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں اور یہ خبر جنگل کی آگ کی طرح پورے شہر میں پھیل گئی ہے۔ صارفین ڈاکٹرز سے اس نایاب کیس سے متعلق مختلف نوعیت کے سوالات کر رہے ہیں۔