Category: صحت

Health News in Urdu

صحت سے متعلق خبریں آپ کو تازہ ترین طبی تحقیق، بیماریوں کے پھیلنے، اور صحت مند رہنے کے طریقوں کے بارے میں جاننے میں مدد کر سکتی ہیں۔

  • امریکا سے طبی تعلیم کے بعد چائلڈ اسپیشلسٹ نے پبلک پارک میں مفت مشاورت کا سلسلہ شروع کر دیا

    امریکا سے طبی تعلیم کے بعد چائلڈ اسپیشلسٹ نے پبلک پارک میں مفت مشاورت کا سلسلہ شروع کر دیا

    کراچی کے پارکس میں ان دنوں چرچا ہے بچوں کے ماہر ایک ڈاکٹر کا، جو رضاکارانہ طور پہ ماؤں میں بچوں کی صحت کے حوالے سے آگاہی پھیلا رہے ہیں، ڈاکٹر اظہر چغتائی یہ سب کیوں کر رہے ہیں؟ جانتے ہیں اس ویڈیو رپورٹ میں۔

    ماؤں نے بچوں کی صحت کے حوالے سے سوال پوچھے اور ڈاکٹر اظہر چغتائی نے پریزنٹیشن کے ذریعے جوابات دیے۔ مقامی انتطامیہ کے تعاون سے پارکس اور مساجد سمیت عوامی مقامات پر ایسی مہمات شہریوں کے لیے بہت مفید ثابت ہو سکتی ہیں۔

    امریکا سے تعلیم مکمل کر کے گزشتہ 25 برس سے صحت کے شعبے سے وابستہ ڈاکٹر اظہر چغتائی نے شہر کے پارکس میں کھیل کود کے ساتھ صحت کی آگاہی مہم بھی شروع کر رکھی ہے، وہ کہتے ہیں یہ کراچی کا قرض ہے جو لوٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔


    ویڈیو رپورٹ: پاکستان میں کچھ امراض سے اموات میں اضافہ ہو جائے گا، بین الاقوامی جریدے کا انکشاف


    ملٹی میڈیا – ویڈیو خبریں دیکھنے کے لیے کلک کریں


  • جناح اسپتال لاہور کے آپریشن ٹیبل، بیڈز، اے سی، وھیل چیئرز غائب

    جناح اسپتال لاہور کے آپریشن ٹیبل، بیڈز، اے سی، وھیل چیئرز غائب

    لاہور (05 اگست 2025): جناح اسپتال لاہور میں ری ویمپنگ کے دوران قیمتی سامان غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جناح اسپتال لاہور میں آپریشن ٹیبل، بیڈز، اے سی، وھیل چیئرز اور فرنیچر اچانک غائب ہونے پر محکمہ صحت نے نوٹس لیا، تین رکنی کمیٹی نے تحقیقات کے بعد محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کو حیران کن رپورٹ فراہم کی۔

    بتایا گیا کہ اسپتال سے غائب اشیا میں او ٹی ٹیبلز، بیڈز، اے سی، وہیل چیئرز اور فرنیچر شامل ہیں، جن کی مالیت 1 کروڑ 21 لاکھ روپے سے زائد ہے، یعنی قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچایا گیا۔


    کیا پمز میں سانپ کے کاٹے کی ویکسین نہیں ہے؟ زیر گردش ویڈیو کے حقائق سامنے آ گئے


    اس رپورٹ کے بعد محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے ڈاکٹر شبیر حسین کو سامان غائب ہونے پر شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ 7 روز میں وضاحت نہ دی گئی تو ان کے خلاف یک طرفہ کارروائی ہوگی۔

    شوکاز نوٹس کے مطابق محکمے کو 3 رکنی کمیٹی کی جانب سے ڈاکٹر شبیر پر سنگین بدعنوانی کے شواہد دیے گئے ہیں، اور یہ بتایا گیا ہے کہ مہنگا طبی سامان جان بوجھ کر غائب کیا گیا، جس سے قومی خزانے کو 1 کروڑ 21 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان پہنچا۔

    شوکاز نوٹس میں کہا گیا کہ محکمہ صحت نے یہ معاملہ پیڈا ایکٹ 2006 کے تحت اٹھایا ہے، اگر وضاحت نہ دی گئی تو محکمہ صحت کی جانب سے ڈاکٹر شبیر حسین کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

  • کراچی: مریضہ کے پیٹ سے بغیر سرجری تالا نکال لیا گیا

    کراچی: مریضہ کے پیٹ سے بغیر سرجری تالا نکال لیا گیا

    کراچی (4 اگست 2025): لیاری جنرل اسپتال میں ایک اور غیر معمولی کیس آیا جس میں ڈاکٹروں نے بغیر سرجری لڑکی کے پیٹ سے تالا نکال لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے لیاری جنرل اسپتال میں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے نوجوان لڑکی کے پیٹ سے بغیر سرجری کے تالا نکالنے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔

    لیاری جنرل اسپتال کی سرپرست ڈاکٹر انجم رحمان کے مطابق ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے لیپرو اسکوپی کے ذریعہ آپریشن کے ذریعہ لڑکی کے پیٹ سے تالا نکالا۔

    ڈاکٹر انجم کے مطابق ملیر کھوکھرا پار کی رہائشی مریضہ 23 سالہ لڑکی ذہنی طور پر مفلوج ہے، جس نے لوہے کا تالا نگل لیا تھا اور اس کو آج صبح تشویشناک حالت میں اسپتال لایا گیا تھا۔

    سرپرست اسپتال کا کہنا ہے کہ یہ کیس انتہائی پیچیدہ تھا تاہم ڈاکٹروں نے مہارت کا ثبوت دیتے ہوئے بغیر آپریشن تالا پیٹ سے نکالا۔ اب مریضہ کی حالت بہتر ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل 30 جولائی کو لیاری اسپتال میں ہی 40 سالہ خاتون کی کامیاب سرجری کر کے ڈاکٹروں نے ان کے پیٹ سے 10 کلو وزنی ٹیومر نکالا گیا تھا۔

    مذکورہ خاتون 6 سال سے پیٹ کے شدید درد میں مبتلا تھیں۔ انہوں نے کئی اسپتالوں کے چکر لگائے لیکن متعدد اسپتالوں میں ان کے ٹیومر کے آپریشن سے انکار کر دیا تھا۔

    https://urdu.arynews.tv/karachi-10kg-tumor-was-removed-from-a-womans-stomach-after-operation/

  • پیروں میں سوجن : کھڑے ہوکر کام کرنے والے افراد کیلیے اہم خبر

    پیروں میں سوجن : کھڑے ہوکر کام کرنے والے افراد کیلیے اہم خبر

    پیروں میں سوجن جسے طبی اصطلاح میں کرونک وینز ان سفیشنسی کہا جاتا ہے، ایک عام طبی حالت ہے جو مختلف وجوہات کی بنا پر ہو سکتی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں ویسکولر سرجن ڈاکٹر فہد میمن نے اس مرض کی وجوہات اس سے بچاؤ کے بارے میں ناظرین کو آگاہ کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ انسان کی ٹانگ میں دو قسم کی شریانیں ہوتی ہیں ایک شریان خون کو اوپر سے نیچے لے جاتی ہے اور دوسری کا کام خون کو واپس اوپر پہچانا ہوتا ہے۔ وہ لوگ جو زیادہ تر کام کھڑے ہوکر کرتے ہیں ان کی ٹانگوں میں خون کی گردش کا عمل سُست ہوجاتا ہے جس کی وجہ سے رگیں پھول جاتی ہیں۔

    ڈاکٹر فہد نے بتایاکہ ٹانگوں میں خون رکے رہنے سے سوجن پیدا ہوتی ہے، پاکستان میں یہ بیماری 100 میں سے 70 فیصد افراد کو ہوتی ہے جن میں جوان اور بزرگ دونوں شامل ہیں۔ اگر اس بیماری کا فوری علاج نہ کیا جائے یا اس میں سستی کا مظاہرہ کیا جائے تو ٹانگوں کا رنگ کالا سیاہ اور السرز ہوجاتے ہیں۔

    بعض اوقات ٹانگوں کی رگیں پھول جاتی ہیں، شدید صورت میں یہ مرض السرز پیدا کردیتا ہے جس سے ٹانگوں میں زخم ہوجاتے ہیں جسے بھرنے میں بہت زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔

    اس مسئلے کی بنیادی وجوہات کو سمجھنا اور علاج کے اختیارات پر غور کرنا ضروری ہے۔ بیماری کی علامات میں ٹخنوں اور پیروں کے گرد سوجن، ٹانگوں میں بھاری پن یا سن ہونے کا احساس ہوتا ہے ایسی صورت میں فوری طور پر ویسکولر سرجن سے رابطہ کریں۔

  • بلڈ شوگر کنٹرول کیلیے 8 انتہائی مفید مشروب

    بلڈ شوگر کنٹرول کیلیے 8 انتہائی مفید مشروب

    خون میں گلوکوز، جسے بلڈ شوگر بھی کہا جاتا ہے، ہماری مجموعی صحت کے لیے ضروری ہے، یہ گلوکوز عام جسمانی افعال کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

    خون میں گلوکوز کی سطح کو سمجھنا اور اس پر کنٹرول رکھنا صحت کو بہتر طریقے سے منظم کرنے اور مختلف حالات کو روکنے میں مدد دے سکتا ہے۔

    حالیہ برسوں میں توانائی برقرار رکھنے، موٹاپے سے بچنے اور خون میں شوگر کی سطح کو قدرتی طور پر متوازن رکھنے کے لیے صحت مند غذاؤں کی طرف رجحان بڑھ رہا ہے۔

    ایک بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کچھ مشروبات کا استعمال خون میں شوگر کو متوازن رکھنے میں معاون اور مددگار ثٓبت ہوسکتا ہے۔

    مندرجہ ذیل 8مشروبات خون میں شوگر کو کنٹرول رکھتے ہیں۔

    گرم لیموں پانی

    ہاضمے کے عمل کو تیز کرنے اور جسم کو ہائیڈریٹ رکھنے میں مدد کرتا ہے۔ لیموں پانی انسولین کی حساسیت کو بھی بہتر بناتا ہے۔

    میتھی کا پانی

    میتھی کا پانی کاربوہائیڈریٹس کے ہاضمے کو سست کرکے خون میں شوگر کو کنٹرول کرنے کا ایک روایتی علاج ہے۔

    دار چینی کی چائے

    دار چینی کی چائے انسولین کی حساسیت کو بڑھانے اور خالی پیٹ خون میں گلوکوز کی سطح کو کم کرنے کی صلاحیت کے لیے جانی جاتی ہے۔

    سبز چائے

    اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور سبز چائے گلوکوز میٹابولزم اور چربی جلانے کے عمل کو بہتر بناتی ہے۔

    ایلو ویرا جوس

    غیر میٹھے ایلو ویرا جوس کی تھوڑی مقدار خون میں شوگر کی سطح کو کم کر سکتی ہے اور آنتوں کی صحت کو بہتر بنا سکتی ہے۔

    سیب کا سرکہ

    گرم پانی میں صرف ایک چمچ سیب کا سرکہ صبح کے وقت خون میں شوگر کے بڑھنے کو کنٹرول کرنے میں مدد کر سکتا ہے بشرطیکہ اسے کھانے سے پہلے لیا جائے۔

    ہلدی کا پانی

    یہ گولڈن، سوزش کش مشروب انسولین کی مزاحمت کو سنبھالنے اور جگر کے افعال کو سہارا دینے میں مدد کرتا ہے۔

    جو کا پانی

    جو کا پانی ایک تازگی بخش مشروب ہے جو ریشے سے بھرپور ہوتا ہے۔ یہ خون میں شوگر کو مستحکم رکھتا ہے اور پیٹ بھرنے کے احساس کو بہتر بناتا ہے۔

  • کیا دودھ اور آئس کریم سے ڈراؤنے خواب آتے ہیں؟

    کیا دودھ اور آئس کریم سے ڈراؤنے خواب آتے ہیں؟

    ڈراؤنے خواب دیکھ کر لوگ ہمیشہ پریشان ہو جاتے ہیں اور سوچتے ہیں کہ ان کی تعبیر بھلا کیا ہوگی، تاہم اب اس سلسلے میں ایک نئی اور حیران کن سائنسی تحقیق سامنے آئی ہے۔

    یہ تحقیق 30 جون کو نفسیات کے جریدے ’فرنٹیئرز‘ میں شائع ہوئی، جس میں خوراک، نیند کے معیار اور خوابوں کے درمیان تعلق کو دیکھا گیا۔ تحقیق کے دوران کینیڈا کے محققین نے 1,082 انڈرگریجویٹ سائیکالوجی طلبہ سے ایک سروے کیا۔

    ہم جانتے ہیں کہ لوگوں کی بڑی تعداد اکثر ڈراؤنے خواب کے سبب نیند سے جاگ جاتی ہے، اب اس ضمن میں محققین نے انکشاف کیا ہے کہ اس کی اصل وجہ وہ غذا ہے جو وہ سونے سے قبل کھاتے ہیں۔ انھوں نے کہا ڈیری مصنوعات جیسے کہ دودھ اور پنیر ایسی غذائیں ہیں جو دوران نیند ڈراؤنے خواب کا سبب بنتی ہیں۔

    ریسرچ اسٹڈی میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ ایسے تمام افراد جو لیکٹوز کو برداشت نہیں کر پاتے وہ زیادہ ڈراؤنے خواب دیکھتے ہیں، ’لیکٹوز انٹولیرنس‘ میں مبتلا افراد جب سونے سے قبل آئس کریم یا پنیر کھاتے ہیں تو انھیں اکثر ڈراؤنے خواب آتے ہیں۔ محققین کے مطابق لیکٹوز کی وجہ سے جب معدے میں گیس یا تیزابیت جنم لینے لگتی ہے تو اس کی علامت ڈراؤنے خواب کی صورت میں ظاہر ہوتی ہے۔


    کیا پمز میں سانپ کے کاٹے کی ویکسین نہیں ہے؟ زیر گردش ویڈیو کے حقائق سامنے آ گئے


    نئی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ جن افراد کو لیکٹوز عدم برداشت (lactose intolerance) کی علامات شدید ہوتی ہیں، وہ اکثر ڈراؤنے خوابوں کی شکایت کرتے ہیں۔ تحقیق میں شامل تمام شرکا سے ایک فارم پر کروایا گیا، جس یہ بات سامنے آئی کہ ایسے تمام افراد جنھیں دودھ یا ڈیری مصنوعات سے شدید ہاضمے کے مسائل تھے ان میں ڈراؤنے خواب کی شرح کافی زیادہ تھی۔

    ان افراد نے نہ صرف خوابوں کی زیادتی کی شکایت کی بلکہ ان کے خواب جذباتی طور پر زیادہ پریشان کن تھے اور ان کے اثرات روزمرہ زندگی پر بھی مرتب ہو رہے تھے۔ ڈیری کے ساتھ ساتھ، ڈراؤنے خوابوں سے منسلک کھانے کی دوسری قسمیں مٹھائیاں، گوشت اور مسالہ دار غذائیں تھیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ معدے کی خرابی دوران نیند نہ صرف خلل کا سبب بن سکتی ہے، بلکہ خوابوں کو بھی متاثر کرتی ہے۔

    محققین نے کہا کہ اس سلسلے (یعنی کھانے کا برے سپنوں سے تعلق) میں غیر متوقع طور پر اگرچہ تازہ ترین نتائج نے کچھ جوابات فراہم کیے ہیں، لیکن ابھی مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

  • کیا پمز میں سانپ کے کاٹے کی ویکسین نہیں ہے؟ زیر گردش ویڈیو کے حقائق سامنے آ گئے

    کیا پمز میں سانپ کے کاٹے کی ویکسین نہیں ہے؟ زیر گردش ویڈیو کے حقائق سامنے آ گئے

    اسلام آباد (02 اگست 2025): وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے سوشل میڈیا پر پمز اسپتال سے متعلق سانپ کے کاٹے کی زیر گردش ویڈیو کا نوٹس لے لیا ہے، اور اسپتال انتظامیہ سے واقعے پر رپورٹ طلب کر لی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ پمز انتظامیہ نے واقعے کی انکوائری رپورٹ تیار کر لی جو وزیر اعظم آفس کو جمع کرائی جائے گی۔

    دوسری طرف سوشل میڈیا پر پمز اسپتال کی زیر گردش ویڈیو کے حقائق بھی سامنے آ گئے ہیں، سانپ کے کاٹے کے کیس سے متعلق اسپتال کا الیکٹرانک ریکارڈ اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق سانپ کے کاٹے سے متاثرہ بچہ شاہ اللہ دتہ کے علاقے سے 31 جولائی صبح 8:35 پر پمز لایا گیا تھا، شعبہ ایمرجنسی میں ڈاکٹرز نے بچے کا معائنہ کیا، اور 17 منٹ کے اندر بچے کا معائنہ اور ٹیسٹ کے لیے سیمپلز بھجوائے جا چکے تھے۔

    متاثرہ بچے کو اینٹی وینم ویکسین کے 10 انجکشن لگائے گئے، بچے کو دیگر ادویات بھی شروع کرائی گئی تھیں، اور بچے کی حالت بگڑنے پر مزید 10 اینٹی وینم ویکسین انجکشن لگائے گئے، جب کہ اس ویکسینیشن کے دوران سینئر فزیشن اور آئی سی یو ٹیم نے بچے کا معائنہ کیا۔

    ڈاکٹرز نے حالت بگڑنے پر بچے کو وینٹی لیٹر پر ڈالنے کا فیصلہ کیا، بچے کو سانس لینے میں شدید دشواری کا سامنا تھا، لیکن پمز اسپتال میں وینٹی لیٹر خالی نہ ہونے پر بچے کو ریفر کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اور پھر ریفرنگ سے قبل نجی اسپتال سے وینٹی لیٹر دستیابی کی تصدیق لی گئی۔

    ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز نے وینٹی لیٹر کی عدم دستیابی پر بچے کو ریفرل لیٹر جاری کیا تھا، جب کہ پمز کے اسٹاک میں اینٹی وینم ویکسین کے 680 سے زائد وائلز موجود ہیں۔

  • پھیپھڑوں کا کینسر :  یہ موذی مرض اپنی علامات کب ظاہر کرتا ہے؟

    پھیپھڑوں کا کینسر : یہ موذی مرض اپنی علامات کب ظاہر کرتا ہے؟

    پاکستان میں اموات کی سب سے بڑی وجہ پھیپھڑوں اور دل کے امراض بن رہے ہیں، پھیپھڑوں کا کینسر دنیا بھر میں سب سے زیادہ عام کینسر ہے۔

    اسے طبی طور پر برونکجینک کارسنوما کے نام سے جانا جاتا ہے، فضائی آلودگی پھیپھڑوں کا کینسر کا بہت بڑا سبب بن رہی ہے۔

    ماہرین صحت کے مطابق پھیپھڑوں کے کینسر کی وجوہات میں منفی طرز زندگی، مختلف منفی عادات جیسے کہ گلی محلوں میں کچرا جلانا، درختوں کا نہ لگانا، سبزہ کم ہونا، تمباکو نوشی، زیادہ چربی والی اور مرغن غذاؤں کا استعمال بھی ہے۔

    پھیپھڑوں کے کینسر کے لیے یہ عام بات ہے کہ اس میں ابتدائی علامات ظاہر نہیں ہوتیں جیسے جیسے حالت بگڑتی ہے، پھیپھڑوں کے کینسر کی زیادہ تر علامات پھر ظاہر ہونا شروع ہوتی ہیں۔

    پھیپھڑوں کے کینسر کی علامات میں مسلسل کھانسی جو وقت کے ساتھ ساتھ خراب ہوتی جاتی ہے۔ سینے میں درد یا تکلیف۔ سانس کی قلت۔ غیر معمولی وزن میں کمی۔ تھکاوٹ۔ کھانسی سے خون یا زنگ آلود تھوک۔ اوپری سینے، بازوؤں، گردن یا چہرے میں سوجن شامل ہیں۔

    مرض کی پہچان کیلیے ڈاکٹرز کا مشورہ ہے کہ مختلف کام کاج کرتے وقت یا سیڑھیاں چڑھتے وقت اگرآپ کو سانس لینے میں کوئی دشواری ہو یا وزن میں کمی محسوس کریں یا ریڑھ کی ہڈی میں درد ہو تو جتنی جلدی ممکن ہو سکے اپنے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

    اس کے علاوہ جو لوگ سگریٹ نوشی کے عادی ہیں ان کو یہ عادت بھی کافی نقصان پہنچاسکتی ہے، لہٰذا پھیپھڑوں اور دل کے امراض سے بچاؤ کیلیے صحت مند عادات اپنانے پر توجہ دینا ضروری ہے۔

  • پاکستان میں ایک اور مریض میں کانگو وائرس کی تصدیق ہو گئی

    پاکستان میں ایک اور مریض میں کانگو وائرس کی تصدیق ہو گئی

    ملتان (31 جولائی 2025): پاکستان میں ایک اور مریض میں کانگو وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان کے نشتر اسپتال میں ایک مریض میں کانگو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 15 سالہ متاثرہ مریض کا تعلق وہاڑی کی تحصیل میلسی سے ہے۔

    زیر علاج مریض بخار میں مبتلا تھا، اسکریننگ کرنے پر کانگو وائرس سے متاثرہ ہونے کی تصدیق ہوئی، مریض کو آئیسولیش وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے، اور اس کی ٹریول ہسٹری کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 18 جون کو محکمہ صحت سندھ کے ترجمان کے مطابق صوبہ سندھ میں رواں برس کا پہلا کیس سامنے آیا، جس میں کراچی میں وائرس سے متاثرہ 42 سالا مریض انتقال کر گیا تھا۔


    کراچی میں کانگو وائرس کے باعث مریض انتقال کر گیا


    ترجمان کے مطابق کانگو سے متاثرہ شخص ملیر کا رہائشی تھا اور فیکٹری میں کام کرتا تھا، وہ 15 جون کو انڈس اسپتال لایا گیا تھا۔ واضح رہے کہ رواں برس پاکستان کا پہلا کانگو وائرس کیس 2 اپریل کو کوئٹہ کے فاطمہ جناح اسپتال میں سامنے آیا تھا، مریض 29 مارچ کو پشین سے تشویش ناک حالت میں لایا گیا تھا جسے کانگو وائرس کی تصدیق ہونے پر آئسولیشن وارڈ میں داخل کیا گیا تھا، لیکن وہ جاں بر نہ ہو سکا تھا۔

    کانگو وائرس کیا ہے؟


    یہ وائرس مویشی گائے، بیل، بکری، بکرا، بھینس اور اونٹ، دنبوں اور بھیڑ کی کھال سے چپکی چیچڑوں میں پایا جاتا ہے، چیچڑی کے کاٹنے سے وائرس انسان میں منتقل ہو جاتا ہے۔ اس بیماری میں جسم سے خون نکلنا شروع ہو جاتا ہے۔ خون بہنے کے سبب ہی مریض کی موت بھی واقع ہو سکتی ہے۔

    علامات

    تیز بخار سے جسم میں سفید خلیات کی تعداد انتہائی کم ہو جاتی ہے جس سے خون جمنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔ متاثرہ مریض کے جسم سے خون نکلنے لگتا ہے اورکچھ ہی عرصے میں اس کے پھیپھڑے تک متاثر ہو جاتے ہیں، جب کہ جگر اور گردے بھی کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں اور یوں مریض موت کے منہ میں چلا جاتا ہے۔

    احتیاطی تدابیر

    کانگو سے متاثرہ مریض سے ہاتھ نہ ملائیں، مریض کی دیکھ بھال کرتے وقت دستانے پہنیں، مریض کی عیادت کے بعد ہاتھ اچھی طرح دھوئیں، لمبی آستینوں والی قمیض پہنیں، جانور منڈی میں بچوں کو تفریح کرانے کی غرض سے بھی نہ لے جایا جائے۔

  • نہانے کیلیے کون سا وقت بہترین ہے؟ ماہرین کا اہم مشورہ

    نہانے کیلیے کون سا وقت بہترین ہے؟ ماہرین کا اہم مشورہ

    بہت سے لوگ اس سوچ میں فکرمند رہتے ہیں کہ غسل کرنے یا نہانے کیلیے بہترین وقت کیا ہے؟ صبح سویرے یا پھر رات کو سونے سے پہلے؟ ۔

    اس حوالے سے امریکی محققین نے اس سوال کا تحقیقی جواب دے دیا ہے، معروف ویب سائٹ "ویری ویل ہیلتھ”مین شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آپ سونے سے ایک یا دو گھنٹے قبل نیم گرم پانی سے غسل کرلیں تو آپ کو جلد اور پرسکون نیند آئے گی۔

    ان کا کہنا ہے کہ رات کو نہانا نیند کے لیے کئی حوالوں سے مفید ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ قدرتی طور پر جسم کا درجہ حرارت دن میں بڑھتا ہے اور رات کو بتدریج کم ہونے لگتا ہے جو دماغ کو سونے کا اشارہ دیتا ہے، نیم گرم پانی سے نہانا اس عمل کو تیز کر دیتا ہے۔

    تحقیقی رپورٹ کے مطابق سونے سے پہلے نہانے سے نہ صرف نیند جلد آتی ہے بلکہ اس کا معیار بھی بہتر ہوتا ہے، یعنی آپ گہری اور متواتر نیند سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

    نہانے کے بعد جسم میں آنے والی ٹھنڈک نیند کے لیے مطلوبہ جسمانی درجہ حرارت کو حاصل کرنے میں مدد دیتی ہے، صرف 10 منٹ کا نیم گرم غسل بھی یہ اثر پیدا کر سکتا ہے۔

    اس کے علاوہ اگر کوئی شخص صبح کے اوقات میں نہانا پسند کرتا ہے تو یہ بھی غلط نہیں، صبح کا نہانا تازگی دیتا ہے، مردہ جلد کو صاف کرتا ہے اور دن کی شروعات کو بہتر بناتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر آپ صبح کے وقت ورزش کرتے ہیں تو نہانا لازمی ہو جاتا ہے۔

    "ویری ویل ہیلتھ” نے تجویز دی کہ اگر آپ کو نیند آنے میں دشواری ہوتی ہے، صبح سستی محسوس ہوتی ہے یا دن بھر تناؤ کا شکار رہتے ہیں، تو سونے سے کچھ دیر قبل نیم گرم پانی سے نہانے کی عادت اپنائیں۔ یہ آپ کے جسم اور دماغ دونوں کو سکون دے گا اور نیند میں بہتری لائے گا۔