Category: کھیل

پاکستان اور دنیا بھر سے کھیل کی تازہ ترین خبریں اور معلومات۔ کرکٹ، ہاکی، فٹ بال، پی ایس ایل کی خبریں

کھیلوں کی خبریں آپ کو اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں اور ٹیموں کی کارکردگی کے بارے میں جاننے میں مدد کر سکتی ہیں۔

Sports News In Urdu

Cricket News in Urdu

  • افغانستان کے خلاف ہدف کا تعاقب کیوں مشکل ہوا؟ سلمان آغا نے بتا دیا

    افغانستان کے خلاف ہدف کا تعاقب کیوں مشکل ہوا؟ سلمان آغا نے بتا دیا

    قومی ٹی 20 ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے افغانستان کے خلاف شکست کی وجہ جلد وکٹیں گرنے کو قرار دے دیا۔

    شارجہ میں سہ ملکی سیریز کے چوتھے میچ میں افغانستان سے شکست کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے کہا کہ 170 رنز کا ہدف حاصل کرنا چاہیے تھا، ہم نے مڈل اوورز میں زیادہ وکٹیں گنوائیں۔

    انہوں نے کہا کہ جلدی وکٹیں گرنے سے کسی بھی ہدف کا تعاقب مشکل ہوجاتا ہے، بولرز کی کارکردگی کافی اچھی رہی۔

    یہ پڑھیں: سہ ملکی سیریز: افغانستان نے پاکستان کو 18 رنز سے ہرا دیا

    دوسری جانب افغانستان کے کپتان راشد خان نے کہا کہ کھلاڑیوں کو کنڈیشن اور حریف دیکھ کر موقع دے رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ جس کھلاڑی کو بھی موقع دے رہے ہیں وہ پرفارم کررہا ہے، صدیق اور زدران نے زبردست بیٹنگ کی، نور اور غضنفر نے بھی اپنا انتخاب درست ثابت کردیا۔

    واضح رہے کہ شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان کی جانب سے دیے گئے 170 رنز کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بناسکی اور افغان ٹیم نے پاکستان کو 18 رنز سے شکست دی۔

    حارث رؤف 34 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، فخر زمان 25، کپتان سلمان علی آغا 20 اور صاحبزادہ فرحان 18 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

    افغانستان کی جانب سے نور احمد، محمد نبی اور راشد خان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

  • سہ ملکی سیریز: افغانستان نے پاکستان کو 18 رنز سے ہرا دیا

    سہ ملکی سیریز: افغانستان نے پاکستان کو 18 رنز سے ہرا دیا

    سہ ملکی سیریز کے چوتھے میچ میں افغانستان نے پاکستان کو 18 رنز سے شکست دے دی۔

    شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان کی جانب سے دیے گئے 170 رنز کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بناسکی۔

    حارث رؤف 34 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، فخر زمان 25، کپتان سلمان علی آغا 20 اور صاحبزادہ فرحان 18 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

    افغانستان کی جانب سے نور احمد، محمد نبی اور راشد خان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

    قبل ازیں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 170 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    ابراہیم زدران 65 اور صدیق اللہ اتل 64 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

    فہیم اشرف نے کیریئر بیسٹ بولنگ کرتے ہوئے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، صائم ایوب نے 18 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل راشد خان نے ٹاس جیت کر سلمان علی آغا الیون کو پہلے بولنگ کی دعوت دی تھی۔

    Image

    گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے یو اے ای کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی۔

    پاکستان نے سیریز میں اپنے دونوں میچز جیتے ہیں، گرین شرٹس نے پہلے میچ میں افغانستان اور دوسرے میچ میں یو اے ای کو شکست دی تھی۔

  • فخر زمان نے افغانستان کے خلاف میچ میں سنگ میل عبور کرلیا

    فخر زمان نے افغانستان کے خلاف میچ میں سنگ میل عبور کرلیا

    پاکستان کے مڈل آرڈر بیٹر فخر زمان نے افغانستان کے خلاف میچ میں سنگ میل عبور کرلیا۔

    شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں افغانستان کے خلاف سہ فریقی سیریز کے چوتھے میچ کے دوران فخر زمان نے اپنا 100 واں ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیل کر سنگ میل عبور کیا۔

    انہوں نے 2017 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی 20 ڈیبیو کیا تھا، بابر اعظم، محمد حفیظ ، شعیب ملک کی فہرست میں شامل ہوکر 100 ٹی 20 کھیلنے والے چھٹے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔

    بابر اعظم پاکستان کے لیے سب سے زیادہ ٹی 20 کھیلنے والے کھلاڑی ہیں اور انہوں نے 128 میچز کھیلے ہیں۔

    شعیب ملک 125 اور محمد حفیظ پاکستان کی جانب سے 119 میچز کھیل چکے ہیں، فہرست میں شاداب خان 112 میچ اور محمد رضوان 106 میچ کھیل کر بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں۔

    فخر زمان کو 100واں ٹی 20 کھیلنے سے قبل ساتھی کھلاڑیوں نے مبارکباد بھی پیش کی۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں فاسٹ باؤلر حارث رؤف ٹاپ آرڈر بلے باز کو گلے لگاتے ہوئے نظر آئے جب کہ آل راؤنڈر خوشدل شاہ نے انہیں داد دی۔

    یہ پڑھیں: افغانستان کا پاکستان کو جیت کے لیے 170 رنز کا ہدف

    پی سی بی نے ویڈیو کے کیپشن میں کہا کہ پاکستانی بلے باز فخر زمان کو پاکستان بمقابلہ افغانستان میچ سے قبل ان کے ساتھیوں نے 100 ٹی 20 مقابلوں کا سنگ میل عبور کرنے پر مبارکباد دی۔

    فخر زمان نے 99 ٹی 20 میں 11 نصف سنچریوں کی مدد سے 22.44 کی اوسط سے 1975 رنز بنائے ہیں۔

    مڈل آرڈر بیٹر افغانستان کے خلاف میچ میں 18 گیندوں پر 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ گرین شرٹس 170 رنز کا تعاقب کررہے ہیں۔

  • پاک افغان میچ: پلیئرز نے پاکستان میں سیلاب، افغانستان میں زلزلہ متاثرین کےلیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی

    پاک افغان میچ: پلیئرز نے پاکستان میں سیلاب، افغانستان میں زلزلہ متاثرین کےلیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی

    شارجہ: پاک اور افغانستان کے میچ میں پلیئرز نے پاکستان میں سیلاب اور افغانستان میں زلزلہ متاثرین کےلیے ایک منٹ خاموشی اختیار کی۔

    ٹرائی سیریز میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان چوتھے میچ کے آغاز سے قبل دونوں ٹیموں کے کرکٹرز نے پاکستان میں سیلاب اور افغانستان میں زلزلہ سے متاثرہ لوگوں کے ساتھ اظہاریکجہتی کیا۔

    پاکستان اور افغانستان کا دوسرا میچ شروع ہونے سے پہلے دنوں ٹیموں کی جانب سے سیلاب اور زلزلہ متاثرین کےلیے ایک منٹ خاموشی اختیارکی گئی۔

    خیال رہے کہ سہ ملکی سیریز نے چوتھے میچ میں افغانستان نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    شارجہ میں کھیلے جارہے میچ میں راشد خان نے ٹاس جیت کر سلمان علی آغا الیون کو پہلے بولنگ کی دعوت دی ہے، گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے یو اے ای کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی۔

    پاکستان نے سیریز میں اپنے دونوں میچز جیتے ہیں، گرین شرٹس نے پہلے میچ میں افغانستان اور دوسرے میچ میں یو اے ای کو شکست دی تھی۔

  • بکی لینچ نے سی ایم پنک کو تھپڑ جڑ دیا، ویڈیو وائرل

    بکی لینچ نے سی ایم پنک کو تھپڑ جڑ دیا، ویڈیو وائرل

    ڈبلیو ڈبلیو ای کی ویمنز انٹرکانٹینینٹل چیمپئن بکی لینچ نے ریسلر سی ایم پنک کو تھپڑ جڑ دیا۔

    ڈبلیو ڈبلیو ای ’را‘ میں سابق ہیوی ویٹ چیمپئن سی ایم پنک کو خواتین کی انٹرکانٹینینٹل چیمپئن بکی لنچ نے تھپڑ مار دیے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    بکی لنچ کے تھپڑ مارنے کے بعد سی ایم پنک اور سیٹھ رولنز کی دشمنی نئی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

    یہ سیگمنٹ ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپیئن شپ میچ کے متنازعہ اختتام کا براہ راست نتیجہ تھا جہاں لنچ کی نے مداخلت کی تھی۔

    سیگمنٹ کا آغاز پنک نے رولنز کو کال کرنے سے کیا۔ چیمپیئن کے بجائے یہ اس کی بیوی تھی، لنچ رولنز کے داخلے کے تھیم پر نمودار ہوئی۔ لنچ نے اعلان کیا کہ وہ، وہ شخص ہے جس سے پنک کو نمٹنا پڑے گا یہ کہتے ہوئے کہ اس مسئلے کا اس کے خاندان سے تعلق ہے۔

    پنک نے کوئی وقت ضائع نہیں کیا اور اشارہ کیا کہ اسے یقین ہے کہ اس کا شوہر بزدل ہے۔ لنچ نے جاری رکھتے ہوئے کہا کہ رولنز نے کاروبار کے لیے اس سے زیادہ قربانیاں دی ہیں جتنا کہ پنک سمجھ سکتا تھا۔

    اس موقع پر ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپیئن سیٹھ رولنز داخلی اسٹیج پر نمودار ہوئے اور پنک کو طعنہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ میرے چہرے پر جو کہنا ہے آکر کہہ دیں۔ جیسے ہی پنک نے اس کا سامنا کرنے کے لیے رنگ چھوڑنے کی کوشش کی، لنچ نے اس کا راستہ روک دیا۔

    جب پنک مڑا تو لنچ نے اس کے چہرے پر تھپڑ مارا۔ وہ اسے تھپڑ مارتی رہیں اور یہ پوچھتی رہی کہ وہ اس کے بارے میں کیا کرنے جا رہا ہے، جب بھیڑ نے "اے جے لی” کا نعرہ شروع کیا۔

    لنچ نے یہ کہتے ہوئے گانا بند کر دیا کہ وہ ڈبلیو ڈبلیو ای میں کام نہیں کرتی۔ پنک نے آخر میں لنچ کو ایک حتمی انتباہ دیا کہ مجھ پر ہاتھ اٹھانے پر تمہیں افسوس ہوگا۔

  • اے بی ڈیویلیئرز کے ٹاپ 5 کرکٹرز کی فہرست میں پاکستانی کھلاڑی شامل

    اے بی ڈیویلیئرز کے ٹاپ 5 کرکٹرز کی فہرست میں پاکستانی کھلاڑی شامل

    جنوبی افریقا کے سابق کپتان اے بی ڈیویلیئرز نے اپنے ٹاپ 5 کرکٹرز کی فہرست میں سابق پاکستانی فاسٹ بولر کو شامل کرلیا۔

    جنوبی افریقا کے سابق کپتان اے بی ڈیویلیئرز نے اپنے ٹاپ کرکٹرز کی فہرست جاری کی ہے جن کے خلاف وہ کھیلے ہیں ان میں پاکستان کے فاسٹ بولر محمد آصف کو بھی شال کیا گیا ہے۔

    انہوں نے اپنے قریبی دوست اور سابق رائل چیلنجرز بنگلور کے ساتھی ویرات کوہلی کو فہرست میں شامل نہیں کیا۔

    ڈی ویلیئرز نے کوہلی کے بجائے سچن ٹنڈولکر فہرست میں منتخب کیا ہے۔

    ان کے ٹاپ فائیو کرکٹرز میں جیک کیلس، اینڈریو فلنٹوف، محمد آصف، شین وارن اور سچن ٹنڈولکر شامل ہیں،

    اے بی نے کہا کہ کیلس بہترین آل راؤنڈر ہے یا شاید اب تک کا بہترین کرکٹر ہے۔ محمد آصف وہ بہترین سیمر تھا جس کا میں نے کبھی سامنا کیا ہے۔ مجھے وارن کے خلاف کھیلنا پسند تھا، لیکن مجھے کبھی مشکل نہیں لگی۔ مجھے ان کی مجموعی شخصیت پسند تھی، فلاپی ہیٹ، زنک کریم، سنہرے بال ہوتے تھے۔

    اینڈریو فلنٹوف، جو ایک بڑے میچ پرفارمر تھے۔ ایجبسٹن میں کیلس کے لیے وہ یارکر جو میں نے کبھی دیکھا ہے سب سے بہترین ہے۔

    یہ پڑھیں: اے بی ڈیولیرز نے بابر اعظم کو آسان مشورہ دے دیا

    واضح رہے کہ ڈی ویلیئرز خود جدید کرکٹ کی سب سے مشہور شخصیات میں سے ایک ہیں۔ 14 سالہ بین الاقوامی کیریئر کے دوران انہوں نے جنوبی افریقہ کے لیے 114 ٹیسٹ میں 50.66 اور 228 ون ڈے میچوں میں 53.50 کی اوسط سے اسکور کیا۔

    ابھی حال ہی میں انہوں  نے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (ڈبلیو سی ایل) 2025 میں جنوبی افریقا چیمپئنز کی کپتانی کی، 220 کے حیران کن اسٹرائیک ریٹ پر چھ اننگز میں 429 رنز کے ساتھ ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی رہے۔

    ان کی قیادت میں ٹیم نے فائنل میں پاکستان کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔

    محمد آصف نے 23 ٹیسٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی جہاں انہوں نے 2.99 کے اکانومی ریٹ سے 106 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے 38 ون ڈے میں بھی حصہ لیا اور 4.71 رنز فی اوور کی اوسط سے 46 وکٹیں حاصل کیں، اس کے ساتھ ساتھ 11 ٹی ٹوئنٹی میں 8.00 کی اکانومی میں 13 وکٹیں حاصل کیں۔

  • کوہلی اور روہت کے ون ڈے میں مستقبل پر سابق کرکٹر نے خاموشی توڑ دی

    کوہلی اور روہت کے ون ڈے میں مستقبل پر سابق کرکٹر نے خاموشی توڑ دی

    سابق بھارتی بیٹر چیتشور پجارا نے ویرات کوہلی اور روہت شرما کے ون ڈے کرکٹ میں مستقبل پر خاموشی توڑ دی۔

    بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کرکٹر چتشور پجارا نے کہا کہ ویرات اور روہت کے پاس بیرونی مشورے کے بغیر اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا تجربہ اور قد موجود ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے انہیں کوئی مشورہ دینے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ وہ وائٹ بال کرکٹ کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ہیں یہاں تک کہ اگر وہ کسی ایک فارمیٹ پر توجہ مرکوز کررہے ہیں تو وہ جانتے ہیں کہ ان سے کیا توقع کی جاتی ہے۔

    پجارا نے کہا کہ کوہلی اور روہت اپنی شرائط پر کھیل سے الگ ہوجائیں گے جب انہیں لگتا ہے کہ وہ اب پر تعاون نہیں کرسکتے ہیں۔

    سابق کرکٹر نے کہا کہ ویرات اور روہت کے ریکارڈ کو دیکھیں، وہ یہ بھی جانتے ہیں کہ ان کے لیے کرکٹ چھوڑنے کا صحیح وقت کب ہے۔ وہ مطلوبہ عزم کی سطح کو سمجھتے ہیں، اور اگر وہ فٹ ہیں تو وہ طویل عرصے تک کھیلنا جاری رکھ سکتے ہیں۔

    یہ پڑھیں: ’ویرات کوہلی کا ون ڈے کیریئر ختم ہوگیا‘

    واضح رہے کہ 2024 ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے کے بعد ویرات کوہلی اور روہت شرما نے ریٹائرمنٹ لے لی تھی اور مئی 2025 کے شروع میں دونوں نے ٹیسٹ کرکٹ کو بھی خیرباد کہہ دیا تھا۔

    اگرچہ رپورٹس بتاتی ہیں کہ کوہلی اور روہت 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ تک جاری رکھنے کے خواہاں ہیں، لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ آیا وہ انتظامیہ کے طویل مدتی منصوبوں میں جگہ رکھتے ہیں یا نہیں۔

    دونوں آخری مرتبہ مارچ 2025 میں ہندوستان کی چیمپئنز ٹرافی کی فتح کے دوران ون ڈے میں شامل ہوئے تھے، جہاں ان کی قیادت اور تجربے نے اہم کردار ادا کیا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق توقع ہے کہ دونوں کھلاڑی کیریئر میں آخری بار آسٹریلیا کے خلاف اکتوبر 2025 میں شیڈول ون ڈے سیریز میں دکھائی دیں گے۔

  • آصف علی کی ریٹائرمنٹ پر سرفراز احمد اور شاداب خان  نے کیا کہا؟

    آصف علی کی ریٹائرمنٹ پر سرفراز احمد اور شاداب خان  نے کیا کہا؟

    پاکستان کے ہارڈ ہٹر بیٹر آصٖف علی کی ریٹائرمنٹ پر سابق کپتان سرفراز احمد اور شاداب خان کا ردعمل بھی آگیا۔

    سابق کپتان سرفراز احمد اور ٹی 20 کے نائب کپتان شاداب خان نے آصف علی کو ریٹائرمنٹ پر خراج تحسین پیش کیا ہے اور ان کی پاکستان کرکٹ کے لیے خدمات کا اعتراف کیا اور ان کی زندگی کے اگلے سفر میں کامیابی کی خواہش ظاہر کی۔

    سرفراز نے لکھا کہ اچی کو شاندار بین الاقوامی کیریئر پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، آپ نے فخر اور جذبے کے ساتھ گرین شرٹس کو پہنا ہے۔ امید ہے کہ آپ آصف علی کے سامنے آنے والی تمام چیزوں میں کامیابی حاصل کرتے رہیں۔

    یہ پڑھیں: آصف علی نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

    علاوہ ازیں شاداب نے 33 سالہ کھلاڑی کو صرف ایک ساتھی کے طور پر بیان کیا، انہیں بھائی کہا اور مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    شاداب نے لکھا کہ ایک بہترین ساتھی اور ایک بھائی کو ریٹائرمنٹ مبارک، آپ کے کیریئر کے اگلے باب کے لیے نیک خواہشات کا ظہار کرتا ہوں۔

    آصف نے یہ اعلان پیر کو ایک انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے کیا جس میں انہوں نے پاکستان کی نمائندگی کرنے کے اپنے وقت کو اپنی زندگی کا "فخر ترین باب” قرار دیا۔

    آصف نے لکھا کہ آج میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتا ہوں۔

    انہوں نے لکھا تھا کہ الحمدللہ، پاکستان کی جرسی پہننا میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا ہے اور کرکٹ کے میدان میں اپنے ملک کی خدمت کرنا میرا فخر کا باب ہے۔

    واضح رہے کہ آصف علی نے 58 ٹی ٹوئنٹی اور 21 ون ڈے میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے دو فارمیٹس میں 959 رنز بنائے جس میں تین نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔

    وہ 2021 میں آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل اور 2022 میں فائنل تک پہنچنے والے پاکستانی اسکواڈ کا حصہ تھے۔

    خاص طور پر، اس نے گروپ مرحلے میں نیوزی لینڈ اور افغانستان کے خلاف میچ وننگ کارکردگی پیش کرتے ہوئے 2021 میں اہم کردار ادا کیا۔

    انہوں نے آخری بین الاقوامی میچ 2023 کے ایشین گیمز میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلا تھا۔

  • پولارڈ کی سی پی ایل میں دھواں دار بیٹنگ، 8 گیندوں پر 7 چھکے (ویڈیو)

    پولارڈ کی سی پی ایل میں دھواں دار بیٹنگ، 8 گیندوں پر 7 چھکے (ویڈیو)

    ویسٹ انڈیز کے سابق آل راؤنڈر کیرون پولارڈ نے کیریبیئن پریمیئر لیگ (سی پی ایل) 2025 میں دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے بولرز کو دھو ڈالا۔

    رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز کیریبیئن پریمیئر لیگ میں ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز اور کٹس اینڈ نیوس پیٹریوٹس کے مابین میچ کھیلا گیا۔

    نائٹ رائیڈرز نے پیٹریوٹس کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 179 رنز بنائے۔

    کیرون پولارڈ نے نائٹ رائیڈرز کی جانب سے دھوا دھار بیٹنگ کی، جارح مزاج بلے باز نے 29 گیندوں پر 65 رنز بنائے جس میں 8 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔

    پولارڈ کی اننگز کی خاص بات یہ تھی کہ انہوں نے اننگز کے دوران ایک موقع پر 8 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 7 چھکے لگا کر شائقین کرکٹ کو حیران کردیا۔

    ویسٹ انڈیز کے سابق کھلاڑی نے نائٹ رائیڈرز کی اننگز کے 15 ویں اوور کی آخری 4 گیندوں پر 3 چھکے لگائے جبکہ اگلے اوور کی آخری 4 گیندوں پر بھی 4 چھکے لگا دیئے۔

    مچل اسٹارک کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

    پیٹریوٹس کی ٹیم 180 رنز کے ہدف کے جواب میں مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 167 رنز بناسکی اور یوں نائٹ رائیڈرز 12 رنز سے میچ میں فتح یاب ہوگیا۔

    پولارڈ کو شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

  • محمد وسیم نے روہت شرما کا ٹی ٹوئنٹی کا ریکارڈ چکنا چور کردیا

    محمد وسیم نے روہت شرما کا ٹی ٹوئنٹی کا ریکارڈ چکنا چور کردیا

    متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے کپتان محمد وسیم نے بھارتی بلے باز روہت شرما کا بطور کپتان ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ توڑ دیا۔

    متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے کپتان محمد وسیم نے شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں افغانستان کے خلاف سہ ملکی سیریز کے میچ کے دوران روہت شرما کا ریکارڈ توڑتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بطور کپتان سب سے زیادہ چھکے لگانے کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔

    یو اے ای کے کپتان نے 54 ٹی ٹوئنٹی اننگز میں 110 چھکے لگاکر روہت شرما کا ریکارڈ توڑا، روہت نے بحیثیت کپتان 62 اننگز میں 105 چھکے مارے تھے۔

    واضح رہے کہ بطور بلے باز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ اب بھی روہت کے پاس ہے جنہوں نے 159 میچز میں 205 چھکے لگائے ہیں۔

    یو اے ای کے کپتان محمد وسیم اس فہرست میں دوسرے نمبر پر براجمان ہیں، انہوں نے 80 میچز میں 176 چھکے لگائے ہیں۔

    مچل اسٹارک کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

    گزشتہ روز شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں محمد وسیم نے افغانستان کے 189 رنز کے ہدف کے جواب میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 37 گیندوں پر 67 رنز بنائے تھے، جس میں 6 بلند و بالا چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔

    یو اے ای کی ٹیم محمد وسیم کی شاندار بیٹنگ کے باوجود 189 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 150 رنز اسکور کرسکی۔