Category: کھیل

پاکستان اور دنیا بھر سے کھیل کی تازہ ترین خبریں اور معلومات۔ کرکٹ، ہاکی، فٹ بال، پی ایس ایل کی خبریں

کھیلوں کی خبریں آپ کو اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں اور ٹیموں کی کارکردگی کے بارے میں جاننے میں مدد کر سکتی ہیں۔

Sports News In Urdu

Cricket News in Urdu

  • نجم سیٹھی نے آئندہ پی ایس ایل کے لیے اپنے ارادے بتا دیے

    نجم سیٹھی نے آئندہ پی ایس ایل کے لیے اپنے ارادے بتا دیے

    پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے آئندہ پی ایس ایل کے لیے اپنے نیک ارادے ظاہر کر دیے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے پاکستان سپر لیگ 8 کے فائنل کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پی ایس ایل دنیا کی سب سے مشہور لیگ بن چکی ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ اس میں دو ٹیموں کا اضافہ کریں۔

    نجم سیٹھی نے کہا کہ رواں سیزن میں ریکارڈ تعداد میں پی ایس ایل کے ٹکٹ فروخت ہوئے اور ہماری لیگ نے ڈیجیٹل ریٹنگ میں آئی پی ایل کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

    چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کا کہنا تھا کہ آئی سی سی میٹنگ میں ایشیا کپ کے لیے بھارت کے معاملے پر قانونی نقطہ نظر سے بھی تیاری کی ہے اور وہاں اپنا موقف مضبوطی سے پیش کریں گے۔

  • حسیب اللہ اور شاہنواز اسکواڈ میں شامل

    حسیب اللہ اور شاہنواز اسکواڈ میں شامل

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلا دیش اور زمبابوے کے آئندہ دوروں کے لیے سعد بیگ اور عمران بٹ کو بالترتیب پاکستان انڈر 19 اور پاکستان شاہینز کا کپتان مقرر کر دیا ہے۔

    کراچی میں پیدا ہونے والے سعد نے گزشتہ سال ملتان میں بنگلا دیش انڈر 19 کے خلاف پاکستان انڈر 19 کی کپتانی کی تھی۔ اس سیریز میں سعد نے چار روزہ میچوں میں 117 رنز، ایک روزہ میچوں میں 30 رنز اور ٹی ٹوئنٹی میں 107 رنز بنائے تھے۔

    قومی انڈر 19 تین روزہ چیمپئن شپ 2022-23 میں، بائیں ہاتھ کے کھلاڑی نے 200 رنز بنائے تھے، جبکہ نیشنل انڈر 19 ون ڈے کپ 2022-23 میں انہوں نے چار میچوں میں 299 رنز بنائے تھے۔

    فیصل آباد کے علی اسفند گزشتہ سال بنگلا دیش کے خلاف انڈر 19 سیریز میں بھی نمایاں ہوئے تھے۔ انہوں نے چار روزہ میچوں میں اپنے بائیں ہاتھ کے اسپنر کے ساتھ 45 رنز بنائے اور دو وکٹیں حاصل کیں۔

    قومی انڈر 19 تین روزہ چیمپئن شپ 2022-23 میں، علی نے 73 رنز بنائے اور 18 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ قومی انڈر 19 ون ڈے کپ 2022-23 میں، انہوں نے 77 رنز بنائے اور 11 وکٹیں لیں۔

    1 ستمبر 2004 کو یا اس کے بعد پیدا ہونے والے کھلاڑی بنگلا دیش جانے والے اسکواڈ میں شامل کیے گئے۔

    دورہ زمبابوے کے لیے پاکستان شاہینز میں سات ایسے کھلاڑی شامل ہیں جو بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

    عمران بٹ، جنہیں کپتان نامزد کیا گیا ہے نے چھ ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں جبکہ دیگر حسین طلعت (ایک ون ڈے، 18 ٹی ٹوئنٹی)، عامر جمال (20 ٹی ٹوئنٹی)، کامران غلام (ایک ون ڈے)، میر حمزہ (تین ٹیسٹ) )، صاحبزادہ فرحان (تین ٹی ٹوئنٹیز) اور شاہنواز دہانی (2 ون ڈے اور 11 ٹی ٹوئنٹیز)۔

    پہلی بار کوئٹہ کے دو کھلاڑیوں کو قومی اسکواڈ میں منتخب کیا گیا ہے وہ عبدالواحد بنگلزئی اور حسیب اللہ ہیں جبکہ انڈر 19 پاتھ ویز کرکٹ سے گریجویشن کرنے والے کھلاڑی مہران ممتاز، محمد ہریرہ، مبصر خان، قاسم اکرم اور روحیل نذیر ہیں۔

  • دھواں دھار بیٹنگ کے بعد والد نے کیوں ڈانٹا؟ اعظم خان کا دلچسپ جواب

    دھواں دھار بیٹنگ کے بعد والد نے کیوں ڈانٹا؟ اعظم خان کا دلچسپ جواب

    قومی کرکٹر اعظم خان نے پی ایس ایل 8 میں اسلام آباد کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنی سابقہ فرنچائز کوئٹہ کے خلاف دھواں دھار اننگز سے متعلق دلچسپ واقعہ سنایا ہے۔

    قومی ٹیم کے جارح مزاج بیٹر اعظم خان نے پروگرام دی فورتھ امپائر میں شرکت کی اور میزبان فہد مصطفیٰ کی جانب سے پوچھے گئے دلچسپ سوالات کے جوابات دیے۔

    اعظم خان نے بتایا کہ اس دن 70 پر 4 آؤٹ ہونے کے بعد لگتا نہیں تھا کہ بڑا اسکور کریں گے لیکن میری اور آصف علی کی پارٹنرشپ لگ گئی اور پھر جو بیٹنگ ہوئی تو اسکور بڑا ہو گیا۔

    بلے باز نے بتایا کہ والد معین خان جو کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کوچ تھے انہوں نے ڈانٹا کہ تم ہمیشہ ہمارے خلاف ہی اسکور کر دیتے ہو۔

    میزبان نے پوچھا کہ قومی ٹیم میں بہترین وکٹ کیپر بیٹر کون ہیں، کامران اکمل، سرفراز احمد یا پھر اعظم خان؟

    اعظم خان نے ان سب کو چھوڑ کر کر کہا کہ میرے ابا (معین خان۔)

    ان سے سوال کیا گیا کہ ان میں کس ہیروئن کا بھائی بننے سے انکار کردیں گے؟ مایا علی، اشنا شاہ، یا پھر ہانیہ عامر؟

    اعظم خان نے کہا کہ ’ہانیہ عامر کا بھائی بننے سے انکار کردیں گے۔‘

  • بریٹ لی بھی بابراعظم کے بارے میں بول پڑے

    بریٹ لی بھی بابراعظم کے بارے میں بول پڑے

    سابق آسٹریلوی فاسٹ باؤلر بریٹ لی نے پاکستانی کپتان بابر اعظم کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عالمی کرکٹ میں ان کے پسندیدہ بلے باز ہیں.

    مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق اسپیڈ اسٹار نے کرکٹ کے میدان میں بابر کی شاندار صلاحیتوں اور ٹیلنٹ کی وجہ سے ان کی تعریف کی ہے۔

    بریٹ نے بابراعظم کی کور ڈرائیو کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میرا پسندیدہ بلے باز بابر اعظم ہے وہ خوبصورت کور ڈرائیو کھیلتا ہے۔

    اس سے قبل جنوبی افریقا کے جارح مزاج بلے باز ڈیوڈ ملر نے بھی بابراعظم کی کورڈرائیو کو پسندیدہ قرار دیا تھا۔

    ڈیوڈ ملر نے ESPNCricinfo پر ‘آپ کو جواب دینا ہے’ نامی سیگمنٹ میں ویرات کوہلی کی کور ڈرائیو پر بابر اعظم کی کور ڈرائیو کا انتخاب کیا۔

    بائیں ہاتھ کے کھلاڑی کو مذکورہ بالا بلے بازوں میں سے انتخاب کرنے کو کہا گیا تو ملر نے پاکستانی کپتان کے کھیلے گئے کلاسیکل شاٹ کو ترجیح دی۔

    بابراعظم شاٹس کھیلتے ہوئے اپنی کلاس اور خوبصورتی کے لیے جانے جاتے ہیں اور ان کی بلے بازی کی تکنیک پر ایک لیکچر جو بطور مثال یونائیٹڈ کنگڈم (برطانیہ) کے انٹرنیشنل کوچنگ کرکٹ سینٹر میں ایک کوچ نے بھی دیا تھا۔

  • پی ایس ایل 8 کی ٹیم کا اعلان، کپتان کون بنا؟

    پی ایس ایل 8 کی ٹیم کا اعلان، کپتان کون بنا؟

    لاہور قلندرز کی فتح کے بعد پی ایس ایل ایٹ کی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا چیمپئن کپتان شاہین شاہ آفریدی کو پی ایس ایل ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

    انڈیپنڈینٹ پینل چیئرمین ہارون رشید، بازید خان ،ڈیرن گنگا، نک نائٹ اور ثنامیر نے ٹیم کا انتخاب کیا ہے۔

    Image

    ایونٹ میں شاندار پرفارمنس دکھانے والے کھلاڑیوں پر مشتمل بہترین ٹیم بنائی گئی ہے۔

    محمدرضوان، بابراعظم، محمد حارث، رائلی روسو، اعظم خان، پولارڈ، عماد وسیم، راشد خان، عباس آفریدی اور احسان اللہ اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

    صائم ایوب بارہویں کھلاڑی ہوں گے۔ سب سے زیادہ ملتان سلطانز سے پانچ کھلاڑیوں کو پی ایس ایل ایٹ کی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

  • آسٹریلیا کا پلٹ کر وار، بھارت کو عبرتناک شکست

    آسٹریلیا کا پلٹ کر وار، بھارت کو عبرتناک شکست

    آسٹریلیا نے دوسرے ون ڈے میں بھارت کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے سیریز میں شاندار کم بیک کیا ہے۔

    کینگروز نے پلٹ کر وار کرتے ہوئے بھارت سے شکست کا بدلہ لے لیا۔ مچل اسٹارک کی تباہ کن بولنگ کی بدولت بھارت کو صرف 117 رنز پر آل آؤٹ کرنے کے بعد بغیر کوئی وکٹ گنوائے مطلوبہ ہدف 10 وکٹوں پر حاصل کر لیا۔

    مچل اسٹارک نے 8 اوورز میں 5 وکٹیں لے کر بھارتی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کیا جب کہ سین ایبٹ نے 3 اور نیتھن ایلس نے 2 وکٹیں لے کر بھارت کو 117 تک محدود کیا۔

    Image

    روہت شرما 13، ویرات کوہلی 31 اور اشرا پٹیل نے 29 رنز کی باری کھیلی۔ بھارت کے 4 بلے باز صفر پر آؤٹ ہوئے۔

    ہدف کے تعاقب میں کینگروز بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپنایا اور صرف 11 اوورز میں میچ کو پار لگا دیا۔ مچل مارش نے 66 اور ٹریوس ہیڈ نے 51 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

  • وڈیو: پی ایس ایل فائنل میں قلندرز کے مداح کا جشن منانے کا منفرد انداز

    وڈیو: پی ایس ایل فائنل میں قلندرز کے مداح کا جشن منانے کا منفرد انداز

    ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 8 کا فائنل جیت کر لاہور قلندرز اپنے اعزاز کا دفاع کرنے میں کامیاب رہا شاندار کارکردگی پر اسٹیڈیم میں اس کے ایک پرستار نے منفرد انداز میں جشن منایا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 8 کے فائنل میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے ایک سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو ایک رنز سے شکست دے کر نہ صرف اپنے اعزاز کا کامیاب دفاع کیا بلکہ 2022 کے فائنل کی تاریخ کو بھی دہرایا۔

    لاہور قلندرز کی میچ میں شاندار کامیابی پر قذافی اسٹیڈیم میں موجود اس کے مداح بھی بے حد پر جوش اور خوش نظر آئے وہیں ایک مداح نے اپنی ٹیم کی فاتحانہ پرفارمنس کا جشن اس انداز سے منایا کہ وہاں موجود شائقین کرکٹ بھی اس سے محظوظ ہوئے اور اس والہانہ جشن کی ویڈیو کو لاہور قلندرز نے ٹوئٹر پر اپنی آفیشل سائٹ پر بھی پوسٹ کیا۔

    اس مختصر ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شائقین کرکٹ کے ایک اسٹینڈ کے اندر لاہور قلندرز کا ایک پرجوش مداح قلندرز کی ٹی شرٹ پہنے حفاظتی جالیوں کے قریب آکر ڈانس کرتا ہے۔

    مذکورہ شائق اس دوران باجا بجاتے ہوئے ٹھمکے لگاتا ہے اور کرکٹرز کو سلام تحسین پیش کرنے کے ساتھ ناگن ڈانس جیسا انداز بھی اختیار کرتا ہے۔

    نوجوان کے اس انداز جشن کو دیکھ کر اسٹیڈیم میں موجود شائقین بے حد محظوظ ہوئے اور چند لمحوں کے لیے تو شائقین کرکٹ کی نظریں گراؤنڈ سے ہٹ کر اس پرجوش شائق کی جانب مبذول ہوگئی تھیں۔

    اس دلچسپ ویڈیو کو اب تک لاکھوں صارفین دیکھ کر پسندیدگی کا اظہار کر چکے ہیں اور اس پر دلچسپ تبصرے بھی جاری ہیں۔

  • پی ایس ایل فائنل میں انسداد پولیو تقریب، شاہین شاہ اور راشد خان نے قطرے پلائے

    پی ایس ایل فائنل میں انسداد پولیو تقریب، شاہین شاہ اور راشد خان نے قطرے پلائے

    ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 8 گزشتہ روز اختتام پذیر ہوگیا فائنل میچ سے قبل قذافی اسٹیڈیم میں انسداد پولیو مہم کے حوالے سے تقریب منعقد ہوئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 8 کا کامیاب ٹورنامنٹ شاندار انداز میں گزشتہ شب لاہور قلندرز کی فتح کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔

    یہ ایونٹ جہاں اپنے سنسنی خیز اور اعصاب شکن دلچسپ میچز کی بدولت یاد رہے گا وہیں فائنل میچ کے موقع پر انسداد پولیو مہم کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب بھی شائقین کرکٹ کو یاد رہے گی جو پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے عزم کے حوالے سے منعقد کی گئی۔

    میچ سے قبل پی سی بی کی جانب سے انسداد پولیو مہم کے حوالے سے تقریب منعقد ہوئی جس میں لاہور قلندرز کے کھلاڑیوں نے شرکت کی اور پولیو ٹیموں سے اظہار یکجہتی کیا۔

    اس موقع پر لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی اور افغان آل راؤنڈر راشد خان نے 5 سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے۔

     

    اس موقع پر پولیو ورکرز نے بتایا کہ ملک میں اب تک ایک کروڑ بارہ لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔

  • پی ایس ایل 8 کے شاندار اختتام پر وزیراعظم کا ٹویٹ

    پی ایس ایل 8 کے شاندار اختتام پر وزیراعظم کا ٹویٹ

    ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 8 کے شاندار طریقے سے اختتام پذیر ہونے پر وزیراعظم شہباز شریف نے ٹویٹ پر اظہار خیال کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ ایک ماہ تک دنیا بھر کے شائقین کرکٹ کو دلچسپ اور سنسنی خیز میچوں کے ذریعے محظوظ کرنے کے بعد گزشتہ شب لاہور قلندر اور ملتان سلطانز کے ایک اور سنسنی خیز فائنل کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔

    پاکستان سپر لیگ 8 کے شاندار انعقاد پر وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اظہار خیال کیا ہے۔

    وزیراعظم نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ پاکستان سپر لیگ کے 8 ویں ایڈیشن کا شاندار اختتام ہوا۔ اس موقع پر میں چیئرمین پی سی بی، سندھ اور پنجاب کے وزرائےاعلیٰ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

     

    شہباز شریف نے کہا کہ ایونٹ کی کامیابی پر انتظامیہ، پولیس اور ٹیموں کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ شائقین کرکٹ نے اپنے جوش وجذبے سے پی ایس ایل کو متحرک رکھا۔

    اس سے قبل لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کی شاندار بیٹنگ پر بھی وزیراعظم نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک اور آفریدی کی پاور ہٹنگ۔

     

    واضح رہے کہ پی ایس ایل 8 کے فائنل میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز سے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو صرف ایک رنز سے شکست دے کر اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا۔

  • سب کھلاڑیوں کو یقین تھا کہ فائنل جیتیں گے، شاہین شاہ

    پی ایس ایل 8 کے چیمپئن کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ ٹیم کے سب کھلاڑیوں کو یقین تھا کہ ہم فائنل میچ جیتیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ شب دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل 8 کا فائنل سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رنز سے جیت کا اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا اور دوسری بار ٹورنامنٹ کا فاتح بن گیا۔

    اس تاریخی فتح کے بعد لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آخری گیند تک ہمت نہیں ہاری کیونکہ سب کھلاڑیوں کو یقین تھا ہم فائنل جیتیں گے۔

    شاہین شاہ آفریدی نے مزید کہا کہ یہ جیت والدین کی دعاؤں سے ملی اور اُن ہی کے نام کرتا ہوں۔ شروع میں وکٹ نہیں لے سکا تو یہی کوشش تھی کہ آخر میں وکٹیں لے کر میچ جیتیں۔

    قلندرز کے کپتان نے کہا کہ محمد زمان کو بھی کریڈٹ جاتا ہے کہ انہوں نے میچ میں اچھی بولنگ کی جب کہ حارث رؤف دنیا کا بہترین بولر ہے، مجھے اس پر اندھا اعتماد رہتا ہے، اگر اس نے 22 رنز دیے ہیں تو پھر بھی اچھا بولر ہے اور مجھے اس پر اعتماد ہے۔

    شاہین آفریدی نے ملتان سلطانز کے کپتان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ محمد رضوان ایک الگ انسان ہیں، میں انہیں جنتی کہتا ہوں، وہ خاص انسان ہیں اور خاص کام کرتے ہیں۔